Tag: پی ایس ایل 9

  • پی ایس ایل پاکستان کرکٹ ٹیم کے ’’مستقبل‘‘ کا تعین کرے گی؟

    پی ایس ایل پاکستان کرکٹ ٹیم کے ’’مستقبل‘‘ کا تعین کرے گی؟

    پاکستان سپر لیگ جو دنیا کی مقبول ترین کرکٹ لیگز میں شامل ہے جس میں دنیائے کرکٹ کے نامور کھلاڑی شریک ہوتے ہیں۔ پی ایس ایل کا 9 واں ایڈیشن اپنی پوری آب وتاب کے ساتھ لگ بھگ ایک ماہ تک کرکٹ شائقین کو اپنے سحر میں جکڑے رکھنے کے بعد اسلام آباد کے چیمپئن بننے کے ساتھ اختتام پذیر ہو گیا۔ ماہ رمضان المبارک کے تقدس میں روایتی رنگا رنگ اختتامی تقریب تو نہ ہو سکی مگر اسلام آباد نے ریکارڈ تیسری بار پی ایس ایل کی حکمرانی کا تاج اپنے سر پر سجایا۔

    پی ایس ایل کے اس نتیجے کے ساتھ ہی پاکستان کرکٹ ٹیم میں کپتانی کی بحث نے ایک بار پھر جنم لے لیا ہے۔ میڈیا اور کرکٹ حلقوں میں شاہین شاہ آفریدی کی قائدانہ صلاحیتوں، حالیہ ناکامیوں اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے قبل قیادت کسی اور کھلاڑی کو سونپنے کی باتیں کی جانے لگی ہیں۔

    پی ایس ایل ختم ہونے کے بعد اب پاکستان کرکٹ ٹیم کی نان اسٹاپ انٹرنیشنل مصروفیات شروع ہو رہی ہیں۔ آئندہ ماہ نیوزی لینڈ کے خلاف پانچ ٹی ٹوئنٹی میچوں کی ہوم سیریز کھیلنی ہے، اسکے بعد انگلینڈ اور آئرلینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز ہیں جس کے بعد ٹیم کا اصل امتحان جون میں ویسٹ انڈیز اور امریکا کی مشترکہ میزبانی میں ہونے والا آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ ہے لیکن یہاں حال یہ ہے کہ قومی ٹیم ہیڈ کوچ کے بغیر ہے، کپتان کے سر پر تلوار لٹکی ہوئی ہے اور ٹیم کا ورلڈ کپ کمبینیشن اب تک نہیں بن سکا ہے تو ٹیم سے اس میگا ایونٹ میں کیا توقعات رکھی جا سکتی ہیں۔

    گزشتہ سال ایشیا کپ اور پھر ورلڈ کپ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی ناقص پرفارمنس کے بعد کپتان بابر اعظم نے استعفیٰ دے دیا تھا اور پاکستان کرکٹ بورڈ نے شاہین شاہ آفریدی کو ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں قیادت کے لیے منتخب کیا اور ان کی وجہ انتخاب پی ایس ایل میں لاہور قلندرز کو اپنی قیادت میں مسلسل دوسری بار چیمپئن بنوانا تھا تاہم کپتان بنتے ہی ایسا لگا کہ شاہین شاہ آفریدی کے بُرے دن شروع ہوگئے۔ پہلا امتحان نیوزی لینڈ میں پانچ ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز تھی جس میں پاکستان پہلی بار کیویز سے وائٹ واش ہونے سے بال بال بچی اور آخری میچ میں گرتے پڑتے فتح حاصل کی یوں نیوزی لینڈ نے یہ سیریز چار ایک سے اپنے نام کی۔

    دورۂ نیوزی لینڈ کے فوری بعد پی ایس ایل شروع ہو گیا اور یہاں بھی لاہور قلندر کے کپتان کے طور وہ اس سیزن میں مکمل ناکام نظر آئے۔ نہ صرف بطور قائد ان کے کئی فیصلوں پر تنقید ہوئی بلکہ ان کی انفرادی کارکردگی بھی ماضی جیسی نہ تھی جس نے ان پر دباؤ بڑھایا اور اس پر طرہ یہ کہ لاہور کو ورلڈ کلاس افغان اسپنر راشد خان کا ساتھ میسر نہ تھا یوں لاہور قلندرز ایونٹ کے دس میچز میں سے صرف ایک میچ ہی جیت پائی اور خالی ہاتھ گھر واپس آئی۔

    دورہ نیوزی لینڈ کی ناکامی کے بعد پی ایس ایل میں شاہین کی ناکامی نے ان کے ناقدین کے ساتھ عام کرکٹ مبصرین کو بھی اس ناکامی کی وجوہات تلاش کرنے پر مجبور کر دیا اور اب لوگ کھل کر اس حوالے سے رائے کا اظہار کر رہے ہیں اور یہاں دو متضاد رائے پائی جاتی ہیں۔ ایک وہ ہیں جو کہتے ہیں کہ شاہین شاہ آفریدی کو قیادت کے لیے ابھی صرف ایک انٹرنیشنل سیریز ملی ہے انہیں وقت دینا چاہیے اور یہ بات معقول بھی لگتی ہے کہ کسی کی قائدانہ صلاحیتوں کا موازنہ صرف ایک سیریز سے نہیں کیا جا سکتا ہے کہ سونے کو کندن بننے میں اور ہیرے کو تراشنے میں وقت تو لگتا ہے۔ لیکن دوسری جانب شاہین شاہ کو قیادت سے ہٹا کر ٹی ٹوئنٹی کی قیادت محمد رضوان کو دینے کی باتیں بھی کی جا رہی ہیں اور اس کے لیے مضبوط حوالہ رضوان کی قیادت میں ملتان سلطانز کا مسلسل چوتھی بار پی ایس ایل فائنل کھیلنا، ایک بار چیمپئن بننا اور تسلسل سے انفرادی کارکردگی بھی دکھانے کو جواز کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے جب کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کے چیمپئن بننے کے بعد شاداب خان کا نام بھی اس فہرست میں شامل ہو گیا ہے۔

    پاکستان کرکٹ بورڈ اس وقت دو مخمصوں کا شکار ہے ایک جانب اسے ٹیم کے لیے ہیڈ کوچ کی تلاش ہے جس کے لیے پی سی بی چیئرمین محسن نقوی غیر ملکی ہیڈ کوچ چاہتے ہیں چاہے اس کا سپورٹنگ اسٹاف ملکی ہو۔ اس کے لیے شین واٹسن، ڈیرن سیمی، اسلام آباد یونائیٹیڈ کو پی ایس ایل کا چیمپئن بنوانے والے مائیک ہیسن سمیت دیگر کئی غیر ملکی سابق کرکٹرز اور موجودہ کوچز سے بات ہوئی مگر تاحال کسی بڑے نام سے قومی ٹیم کو کوچنگ کے لیے گرین سگنل نہیں دیا ہے۔ دوسری جانب پی سی بی پے در پے شکست کی پٹری پر چلتی قومی ٹیم کی گاڑی کو جیت کی ٹریک پر ڈالنے کی خواہاں ہے جس کے لیے چند ماہ قبل کپتان اور منیجمنٹ بھی بدل لی لیکن نتیجہ وہی دھاک کے تین پات رہا۔

    پی سی بی نے یوں تو شاہین شاہ کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ تک کے لیے قیادت کی ذمے داری سونپی تھی لیکن یہاں عموماً حالیہ نتائج سابقہ فیصلوں کو تبدیل کرا دیتے ہیں۔ پاکستان ٹی ٹوئنٹی کی ایک مضبوط ٹیم ہے جو کسی بھی ٹیم کو کہیں بھی ہرانے کی صلاحیت رکھتی ہے لیکن جب تک ٹیم کو مضبوط اور مستقبل کپتان کا ساتھ میسر نہیں ہوگا ٹیم یونہی افراتفری کا شکار رہے گی اور پھر ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھی شاید ون ڈے ورلڈ کپ کی کہانی دہرائی جائے گی۔

    اس حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ ابہام ختم کرے۔ ہیڈ کوچ کے جلد تقرر کے ساتھ پی سی بی یا تو واضح طور پر شاہین شاہ کو گرین سگنل دے کہ وہ ورلڈ کپ تک قیادت کریں گے تاکہ نیوزی لینڈ اور پی ایس ایل میں ان کی ٹیم کی حالیہ کارکردگی سے جو ان کا اعتماد متزلزل ہوا ہے وہ واپس آئے یا اگر بورڈ کپتان کی تبدیلی سے متعلق سنجیدگی سے سوچ رہا ہے تو کئی سابق کرکٹرز کا یہی مشورہ ہے کہ وہ پھر ورلڈ کپ کا انتظار نہ کرے اور بولڈ فیصلہ کرتے ہوئے قیادت کو تبدیل کرے کیونکہ ورلڈ کپ میں اب بمشکل تین ساڑھے تین ماہ رہ گئے ہیں۔ اگر درست فیصلے بروقت نہ ہوں تو وہ نتائج بھی درست نہیں لاتے۔

    پی ایس ایل کی بات ہو رہی تھی تو چلتے چلتے پی ایس ایل 9 اور گزشتہ سال کھیلے گئے ورلڈ کپ 2023 کی حیران کن مماثلت پر بھی بات کرتے چلیں کہ جس کے آغاز سے اختتام تک کہیں کہیں تو یوں گمان ہوا کہ کہیں پی ایس ایل 9، ورلڈ کپ 2023 کو سیکوئل تو نہیں۔

    ورلڈ کپ 2023 میں کرکٹ کے بانی کہلانے والا ملک انگلینڈ ٹائٹل جیتنے کی فیورٹ ٹیموں میں شامل تھا اور دفاعی چیمپئن کی حیثیت سے ورلڈ کپ میں شرکت کی، لیکن دفاعی چیمپئن کو اس میگا ایونٹ میں ٹرافی کا دفاع تو دور اگلے برس چیمپئنز ٹرافی میں رسائی تک کے لالے پڑ گئے تھے۔ اسی طرح لاہور قلندرز بھی پی ایس ایل 9 میں فیورٹ اور دفاعی چیمپئن کی حیثیت سے شریک تھی لیکن انگلینڈ کی طرح لاہور قلندرز کی کامیابیوں کو بھی ایسا ریورس گیئر لگا کہ پھر ٹریک پر نہ آسکی۔

    ورلڈ کپ میں اگر انگلینڈ نے ٹورنامنٹ کا آغاز ناکامی سے کیا اور صرف آخری میچ ہی جیت سکی تو پی ایس ایل 9 میں بھی لاہور قلندر نے ایونٹ کا آغاز اسلام آباد یونائیٹڈ سے شکست کے ساتھ کیا اور پھر پے در پے شکستیں اس کا مقدر بنی رہیں اور انگلینڈ کی طرح صرف آخری میچ میں ہی فتح نصیب ہو سکی یوں یہ بھی انگلش ٹیم کی طرح بڑے بے آبرو ہو کر ترے کوچے سے ہم نکلے کے مترادف خالی ہاتھ واپس لوٹ گئی۔

    دوسری مماثلت ورلڈ کپ سے یہ رہی کہ بھارت پورے ورلڈ کپ میں ناقابل شکست اور پوائنٹس ٹیبل پر سر فہرست رہا لیکن فائنل میں آسٹریلیا نے شکست دے دی۔ پی ایس ایل 9 میں اگرچہ ملتان سلطانز ناقابل شکست نہیں رہی مگر پوائنٹس ٹیبل پر سر فہرست رہی لیکن فائنل میں آکر غبارے سے ایسے ہی ہوا نکل گئی جیسے بھارت کی نکلی تھی۔

    تیسری مماثلت یہ رہی کہ ورلڈ کپ 2023 جیتنے والی ٹیم آسٹریلیا نے ٹورنامنٹ کا آغاز دو شکستوں سے کیا اور راؤنڈ میچ میں فائنلسٹ بھارت سے شکست ہوئی تھی لیکن پھر سب کو پچھاڑتی ہوئی آخر میں میزبان کو شکار کر کے آسٹریلیا نے ورلڈ کپ کی تاریخ میں ریکارڈ چھٹی بار ٹرافی اٹھائی۔ پی ایس ایل 9 کو دیکھیں تو چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ نے اگرچہ ٹورنامنٹ کا آغاز لاہور قلندرز کو زیر کر کے کیا لیکن پھر پے در پے دو شکستوں سے مورال ڈاؤن ہوا معاملات اوپر نیچے ہونے کے بعد ٹیم نے آسٹریلیا کی طرح دوبارہ دم پکڑا اور اایلیمنیٹرز میں پہلے کوئٹہ اور پھر پشاور کو دھول چٹا کر فائنل میں پہنچی اور حتمی مقابلے میں ملتان سے راؤنڈ میچ کی شکست کا بدلہ ایسا چکایا کہ پھر شاداب خان نے ٹرافی اٹھائی اور یوں پی ایس ایل کی تاریخ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کو تیسری بار چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل ہوا۔
    صرف میچز کے نتائج ہی نہیں بلکہ ٹورنامنٹ کے بہترین بولر میں بھی یکسانیت رہی۔ ورلڈ کپ میں بہترین بولر فائنل ہارنے والی ٹیم بھارت کے بولر محمد شامی تھے جن کی حاصل کردہ وکٹوں کی تعداد 24 تھی جب کہ پی ایس ایل 9 کے بہترین بولر بھی فائنل کی رنر اپ ٹیم ملتان سلطانز کے اسامہ میر رہے اور ان کی وکٹوں کی تعداد بھی 24 ہی رہی۔

  • ڈیوڈ ولی نے پاکستانی فاسٹ بولرز کے بارے میں کیا کہا؟

    ڈیوڈ ولی نے پاکستانی فاسٹ بولرز کے بارے میں کیا کہا؟

    کراچی: ملتان سلطانز کے فاسٹ بولر ڈیوڈولی نے پاکستان سے تعلق رکھنے والے فاسٹ بولرز کے بارے میں اظہار خیال کیا ہے۔

    پاکستان سپر لیگ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف فتح کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق انگلش پیسر کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ہمیشہ سے اچھے فاسٹ بولرز نکلتے آئے ہیں۔

    ڈیوڈولی نے کہا کہ میں اپنی گیم پرتوجہ دیتا ہوں کوچزسے اتنا فرق نہیں پڑتا۔ میں کوشش کرتا ہوں دونوں انداز سے سوئنگ کروں، ان پچز پر مجھے اچھی سپورٹ مل رہی ہے۔

    انھوں نے کہا کہ ایلکسا بہت اچھی کوچ ہے، مثبت بات ہے کہ خواتین کو بھی موقع مل رہا ہے، ہم نے میچ میں اچھے رنز بنائے جس سے ہمیں فائدہ ملا۔

    ڈیوڈ ولی نے کہا کہ ہم مختلف ثقافت کو دیکھتے ہیں اور اس سے خوش ہوتے ہیں۔ قوالی نائٹ میں انجوائے کر رہے تھے، دھانی نے مجھے ٹوپی بولنا اور بوٹ بولنا سکھایا ہے۔

  • لاہور قلندرز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کیخلاف ٹاس جیت لیا

    لاہور قلندرز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کیخلاف ٹاس جیت لیا

    کراچی: پی ایس ایل کے 28 ویں مقابلے میں لاہور قلندرز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کیخلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

    پاکستان سپر لیگ کے نویں ایڈیشن میں آج ہونے والے دوسرے میچ میں قلندرز کی ٹیم نے گلیڈی ایٹرز کیخلاف ٹاس جیت کر پہلے اپنے بلے بازوں کی صلاحیتوں کو آزمانے کا فیصلہ کیا ہے۔

    صاحبزادہ فرحان اور جارج لنڈے کی لاہور کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔ کوئٹہ کی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے، محمد وسیم جونیئرکو پلیئنگ الیون کا حصہ بنایا گیا ہے۔

    ٹاس جیتنے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے شاہین شاہ آفریدی کا کہنا تھا کہ آج کا میچ جیت کر ایونٹ کا اچھا اختتام کریں گے۔

    لاہور قلندرز کے قائد کا مزید کہنا تھا کہ بطور ٹیم ہم نے فائٹ کی لیکن بدقسمتی سے نتائج ہمارے حق میں نہیں آئے۔

    اس سے قبل آج ہونے والے سنسنی خیز مقابلے میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطانز کو آخری بال پر شکست سے دوچار کیا تھا۔

  • پی ایس ایل 9: لاہور قلندرز کو بڑا دھچکا

    پی ایس ایل 9: لاہور قلندرز کو بڑا دھچکا

    لاہور قلندرز کے فاسٹ بولر حارث رؤف کراچی کنگز کیخلاف میچ میں انجری کے باعث پی ایس ایل سے باہر ہوگئے۔

    گزشتہ روز قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ میں لاہور قلندرز کے فاسٹ بولر حارث رؤف میچ کے اختتام لمحات میں کراچی کنگز کے بیٹر حسن علی کا کیچ لینے کے دوران کندھے کے بَل گر کر زخمی ہوگئے تھے۔

     جس کے بعد انہیں فوری طبی امداد فراہم کیا گیا اور وہ گراؤنڈ سے باہر چلے گئے جبکہ سی ٹی اسکین بھی کروایا گیا تھا۔

    تاہم اب لاہور قلندرز کے آفیشل ویب سائٹ پر بتایا گیا کہ فاسٹ بولر حارث روف  پی ایس ایل سے باہر ہوگئے وہ پی ایس ایل کے بقیہ میچز میں دستیاب نہیں ہوں گے۔

     لاہور قلندرز کے مطابق ڈاکٹرز نے فاسٹ بولر حارث روف کو 4 سے 6 ہفتوں کا آرام کا مشورہ دیا ہے، اس ضمن میں لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ افسوس ہے کہ حارث روف ایونٹ سے باہر ہوگئے۔

    قبل ازیں ملتان سلطانز کے انگلش فاسٹ بولر اولی اسٹون کمر کے دائیں حصے میں انجری کے باعث رواں پی ایس ایل ایڈیشن سے باہر ہوگئے تھے۔

  • پی ایس ایل 9: کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ملتان سلطانز کیخلاف ٹاس جیت لیا

    پی ایس ایل 9: کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ملتان سلطانز کیخلاف ٹاس جیت لیا

    ملتان: پاکستان سپر لیگ سیزن 9 کے آج کے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ملتان سلطانز کیخلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے۔

    پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) سیزن 9 کا 11 واں میچ ملتان میں کھیلا جارہا ہے جہاں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ملتان سلطانز کیخلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے۔

    آج کے میچ میں ملتان سلطانز کی ٹیم میں 3 تبدیلیاں کی گئی ہے عثمان خان، طیب طاہر اور آفتاب ابراہیم کو ٹیم  شامل کیا گیا ہے جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم میں بھی ایک تبدیلی  کی گئی، بولر حسنین کی جگہ عثمان طارق کو ٹیم میں لیا گیا۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 9 ویں ایڈیشن کے 10 ویں میچ میں کراچی کنگز نے لاہور قلندرز کو دلچسپ مقابلے کے بعد 2 وکٹوں سے شکست دی تھی۔

  • پی ایس ایل 9 میں کراچی کنگز کی پہلی فتح، زلمی کو شکست

    پی ایس ایل 9 میں کراچی کنگز کی پہلی فتح، زلمی کو شکست

    پی ایس ایل 9 کے چھٹے میچ میں کراچی کنگز نے پشاور زلمی کو باآسانی 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔

    لاہور میں کھیلے گئے میچ میں کراچی کنگز نے پشاور زلمی کی جانب سے دیا گیا 155 رنز کا ہدف 16.5 اوورز میں باآسانی 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

    کیرون پولارڈ نے 21 گیندوں پر 49 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی، ان کی اننگ میں چار چوکے اور چار بلند و بالا چھکے شامل تھے۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Pakistan Super League (@thepsl)

    جیمز ونس 38 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے، کپتان شان مسعود 12 اور محمد اخلاق 24 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، شعیب ملک 29 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Pakistan Super League (@thepsl)

    پشاور زلمی کی جانب سے لک ووڈ نے دو اور وقار سلام خیل نے ایک وکٹ حاصل کی۔

    اس سے قبل  کراچی کنگز کے کپتان شان مسعود نے ٹاس جیتا اور زلمی کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔

    پشاور زلمی کی پوری ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے 154 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی، زلمی کے کپتان بابر اعظم  72 رنز بنا کر نمایا رہے  جبکہ رومین پاول نے39 اور آصف علی نے 23 رنز کی اننگز کھلی۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Pakistan Super League (@thepsl)

    دوسری جانب کراچی کنگز کے فاسٹ بولر حسن علی اور میرحمزہ نے 3، 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ ڈینیئل سیمز نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

    ٹاس کے موقع پر کراچی کنگز کے کپتان شان مسعود نے کہا تھا کہ پشاور زلمی کو کم سے کم اسکور پر روکنے کی کوشش کرینگے، ملتان کی کنڈیشن مختلف تھیں اس لیے مشکل ہوئی۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Pakistan Super League (@thepsl)

    واضح رے کہ پشاور زلمی اپنا پہلا میچ کوئٹی گلیڈی ایٹرز  سے ہار چکی ہے جبکہ کراچی کنگز کو بھی اپنے پہلے میچ میں ملتان سلطانز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

  • پی ایس ایل 9: ’اللہ ھو، اللہ ھو‘ شاہنواز دھانی اور ڈیوڈ ولی نے قوالی نائٹ میں رنگ جمادیا

    پی ایس ایل 9: ’اللہ ھو، اللہ ھو‘ شاہنواز دھانی اور ڈیوڈ ولی نے قوالی نائٹ میں رنگ جمادیا

    پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) سیزن 9 میں ملتان سلطانز کے کھلاڑی شاہنواز دھانی اور ڈیوڈ ولی نے قوالی نائٹ میں رنگ جمادیا۔

    گزشتہ روز کے میچ سے قبل میزبان ٹیم نے پیر کی شب نجی ہوٹل میں قوالی نائٹ کا اہتمام کیا جس میں اسلام آباد یونائٹیڈ کی ٹیم کو بھی مدعو کیا گیا۔

    سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں شاہنواز دھانی اور برطانیہ سے آنے والے آل راونڈر ڈیوڈ ولی کو  قوالی نائٹ سے لطف اندوز ہوتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

    https://www.youtube.com/watch?v=evTK9X4xERQ

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ڈیوڈ ولی کو جب قوالی سمجھنے میں مشکل پیش آئی تو شاہنواز دھانی  نے ان کی مدد کی اور انہیں قوالی کے بول بھی سکھائے۔

    سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز میں یہ بھی دیکھا جاسکتا ہے کہ ڈیوڈ ولی شاہنواز دھانی کے ساتھ ’اللہ ھو، اللہ ھو‘ گنگنا رہے ہیں، اس ویڈیو کو صارفین کی جانب سے خوب پسند کیا جارہا ہے۔

  • پی ایس ایل 9: آج کوئٹہ کے جنگجو اور لاہور کے قلندرز ٹکرائیں گے

    پی ایس ایل 9: آج کوئٹہ کے جنگجو اور لاہور کے قلندرز ٹکرائیں گے

    لاہور: ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 9 کے چوتھے میچ میں آج دفاعی چیمپیئن لاہور قلندرز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیمیں ٹکرائیں گے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ سیزن 9 کے سنسنی خیز مقابلے جاری ہیں۔ آج ایونٹ کا چوتھا میچ کھیلا جائے گا اور لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان مقابلہ ہوگا۔

    پشاور کو جہاں گزشتہ میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا وہیں لاہور قلندرز کو گزشتہ میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے با آسانی قابو کیا۔

    گلیڈی ایٹرز نے اپنے پہلے میچ میں پشاور زلمی کو 16 رنز سے شکست دی جبکہ لاہور قلندرز کو افتتاحی میچ میں 8 وکٹ سے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

    واضح رہے کہ دونوں ٹیمیں شام 7  بجے قذافی اسٹیڈیم میں ٹکرائیں گی۔ پی ایس ایل 9 کے تمام میچز اے اسپورٹس پر براہ راست دکھائے جا رہے ہیں۔

  • پی ایس ایل 9: کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا جیت کیلئے پشاور زلمی کو 207 رنز کا ہدف

    پی ایس ایل 9: کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا جیت کیلئے پشاور زلمی کو 207 رنز کا ہدف

    ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کے نوین ایڈیشن کے دوسرے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پہلے کھیلتے ہوئے پشاور زلمی کو 207 رنز کا ہدف دیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 9 کے کرکٹ میلے میں آج دو میچز کھیلے جارہے ہیں، پہلے میچ میں پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں مدمقابل ہے۔

    پہلے میچ میں پشاورل زلمی کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی، جس کے بعد گلیڈی ایٹرز نے جارحانہ بیٹنگ کا آغاز کیا ہے۔

    کوئٹہ گلیڈی ایٹرز  کے اوپنر جیسن روئے اور سعود شکیل نے 157 رنز سے آغاز کیا جس میں جیسن نے 75 اور سعود شکیل نے 74 رنز کی اننگز کھیلی۔

     کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 5 وکٹوں پر 206 رنز اسکور کیے، پشاور زلمی کی جانب سے لیوک ووڈ، محمد ذیشان نے ایک ایک سلمان ارشاد نے 3 وکٹیں لیں۔

    واضح رہے کہ کوئٹہ کی ٹیم نئی قیادت کے ساتھ میدان میں اتری ہے، باہمی مقابلوں میں اب تک پشاور زلمی کا پلڑا بھاری رہا ہے۔ دونوں ٹیمیں اب تک 22 بار ایک دوسرے کے مدمقابل آئی ہیں جس  میں 12 بار زلمی نے میدان مارا تو گلیڈیئٹرز 9 بار فاتح رہے۔

    ایچ بی ایل پی ایس ایل کے گزشتہ روز ایونٹ کے افتتاحی میچ میں  اسلام آباد یونائیٹڈ نے لاہور قلندرز کو 8 وکٹوں سے شکست دی تھی۔

  • پی ایس ایل 9 میں بابراعظم کونسا اہم ترین ریکارڈ بنا سکتے ہیں؟

    پی ایس ایل 9 میں بابراعظم کونسا اہم ترین ریکارڈ بنا سکتے ہیں؟

    کرکٹ کی دنیا میں کئی برسوں سے کامیابیاں حاصل کرنے والے پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان بابر اعظم اس سال پی ایس ایل میں 2 اہم ریکارڈز بنا سکتے ہیں۔

    پاکستان کے مایہ ناز بلے باز بابر اعظم نے اپنے کیرئیر میں اب تک کئی اہم ریکارڈز اپنے نام کیے، اس دوران انہوں نے ویرات کوہلی سمیت پاکستان کے لیجینڈز کھلاڑیوں کے ریکارڈ توڑے، تاہم ان کی پرفارمنس میں ورلڈ کپ کے دوران نمایاں کمی دیکھی گئی جس کے بعد انہوں نے کپتانی سے دستبردار ہونے کا اعلان کیا۔

    پاکستان کی سب سے بڑی لیگ ایچ بی ایل پی ایس ایل کا نواں سیزن کا آغاز آج لاہور میں شروع ہورہا ہے تاہم اس سیزن میں پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم کھیل کے مختصر ترین فارمیٹ ٹی ٹوئنٹی میں 10 ہزار رنز مکمل کرنے کا اعزاز حاصل کرسکتے ہیں۔

    بابر اعظم ٹی 20 کرکٹ میں 10 ہزار رنز مکمل کرنے سے صرف 74 رنز دور ہیں اس سے قبل کرکٹ کی دنیا میں صرف 12 بلے باز ہی یہ سنگ میل عبور کرچکے ہیں جس میں کرس گیل، شعیب ملک، کیرون پولارڈ، ایلکس ہیلز، ڈیوڈ وارنر، ویرات کوہلی، ایرون فنچ، روہت شرما، جوش بٹلر، کولن منرو، جیمز ونس اور ڈیوڈ ملر شامل ہیں۔

    بابر اعظم اب تک ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں 279 میچز میں 9926 رنز بنا چکے ہیں، انہوں نے کھیل کے مختصر ترین فارمیٹ ٹی ٹوئنٹی میں مختلف لیگز کھیلتے ہوئے 10 سنچریاں اسکور کی ہیں۔

    دوسری جانب بابر اعظم پی ایس ایل کا آٹھ سیزن کھیل چکے ہیں، وہ پی ایس ایل میں رنز بنانے کی دوڑ میں سب سے آگے ہیں، انہوں نے 79 میچوں میں 2935 رنز بنائے اس دوران انہوں نے 8 نصف سنچریاں اور ایک سنچری بھی اسکور کی۔

    ایچ بی ایل پی ایس ایل کی فرنچائز پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم کو 3000 رنز مکمل کرنے کے لیے اب 65 رنز بنانے ہیں جس کے بعد وہ پی ایس ایل کی تاریخ میں 3000 رنز بنانے والے پہلے کھلاڑی بن جائیں گے۔

    واضح رہے کہ بابر اعظم پی ایس ایل کی اس ایڈیشن میں دونوں سنگ میل عبور کرسکتے ہیں، پشاور زلمی کا پہلا مقابلہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ساتھ اتوار 18 فروری کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں ہوگا۔