Tag: پی ایس ایل

  • "پی ایس ایل کے میچز کراچی میں ہوں گے”

    "پی ایس ایل کے میچز کراچی میں ہوں گے”

    کراچی: وزیراطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ انشااللہ پی ایس ایل کے میچز کراچی میں ہوں گے۔

    کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کے کراچی میں میچز شیڈول کے مطابق کھلیے جائیں گے، نیشنل اسٹیڈیم میں تھرمل اسکریننگ بھی کی جائےگی۔

    ناصر حسین شاہ نے کہا کہ اسٹیڈیم میں اسپرے کے بعد ہر جگہ سنیٹائزر رکھے جائیں گے اور اسٹیڈیم میں آنے والوں کی اسکریننگ کی جائےگی۔

    ان کا کہنا تھا کہ ایران سے 1500لوگ سندھ آئے اور ہماری ٹیمیں تمام 1500لوگوں تک پہنچی ہیں، تمام افراد تک رسائی ممکن بنائی اور اسکریننگ کی گئی۔

    یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل: نیشنل اسٹیڈیم میں سیکورٹی انتظامات مزید سخت کر دیے گئے

    وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کے خاتمے کیلئے وفاقی حکومت کو مزید سنجیدہ اقدامات کرناہوں گے، کراچی میں کورونا کا پہلا کیس صحت یاب ہوگیا ہے۔

    دوسری جانب گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ پی ایس ایل شیڈول کے مطابق پورے ملک میں ہوں گے، لوگوں کو مایوس ہونے کی ضرورت نہیں ہے، اسٹیڈیم کو بھی سنیٹائز کیا جائے گا، عوام بلا خوف گراؤنڈ میں میچ دیکھنے آئیں۔

    واضح رہے کہ محکمہ صحت سندھ نے صوبائی حکومت نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر پی ایس ایل پر پابندی اور تعلیمی اداروں کی چھٹیاں طویل کرنے کی سفارش کی تھی جسے مسترد کر دیا گیا۔

  • پی ایس ایل: نیشنل اسٹیڈیم میں سیکورٹی انتظامات مزید سخت کر دیے گئے

    پی ایس ایل: نیشنل اسٹیڈیم میں سیکورٹی انتظامات مزید سخت کر دیے گئے

    کراچی: پاکستان سپر لیگ سیزن 5 کے سلسلے میں نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں سیکورٹی انتظامات مزید سخت کر دیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پی ایس ایل فائیو کے میچز کے انعقاد کے سلسلے میں سیکورٹی انتظامات مزید سخت کیے گئے ہیں، رینجرز کی جانب سے آج گراؤنڈ، ڈریسنگ رومز اور انکلوژر کی خصوصی چیکنگ کی گئی۔

    سراغ رساں کتوں کے ذریعے وکٹ اور اطراف کی جگہ کی بھی چیکنگ کی گئی۔ خیال رہے کہ کراچی کنگز اور لاہور قلندرز کے درمیان میچ 12 مارچ کو نیشنل اسٹیڈیم میں شیڈول ہے، یہ سیریز کا 26 واں میچ ہوگا، اور شام 7 بجے شروع ہوگا۔

    کوشش کریں گے بین ڈنک کی چیونگم واپس لے لیں، وہاب ریاض

    دوسری طرف غیر ملکی براڈ کاسٹنگ کمپنی کے ارکان بھی نیشنل اسٹیڈیم پہنچ گئے ہیں، گراؤنڈ کے اطراف ایل ای ڈی بورڈز کی تنصیب کا کام شروع کر دیا گیا۔

    ادھر گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ پی ایس ایل شیڈول کے مطابق پورے ملک میں ہوں گے، لوگوں کو مایوس ہونے کی ضرورت نہیں ہے، اسٹیڈیم کو بھی سنیٹائز کیا جائے گا، عوام بلا خوف گراؤنڈ میں میچ دیکھنے آئیں۔

    ادھر وزیر صحت سندھ نے کہا ہے کہ اسکول بند کرنے اور پی ایس ایل میچز پر کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا، حتمی فیصلہ وزیر اعلیٰ سندھ کی زیر صدارت ٹاسک فورس اجلاس میں ہوگا۔

  • کوشش کریں گے بین ڈنک کی چیونگم واپس لے لیں، وہاب ریاض

    کوشش کریں گے بین ڈنک کی چیونگم واپس لے لیں، وہاب ریاض

    لاہور: پی ایس ایل سیزن فائیو میں پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض نے کہا ہے کہ کوشش کریں گے بین ڈنک سے چیونگم واپس لے لیں۔

    تفصیلات کے مطابق پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی ٹیم فائنل 4 میں آسکتی ہے، کوشش ہے کل کا میچ جیت کر فائنل 4 میں جگہ پکی کریں۔

    وہاب ریاض کا کہنا تھا کہ بین ڈنک نے جتنی اننگز کھیلی ہیں بڑی اچھی کھیلی ہیں۔

    صحافی نے سوال کیا کہ بین ڈنک بہت فارم میں ہیں ان کے خلاف کیا پلان ہے جس پر وہاب ریاض کا کہنا تھا کہ ’کوشش کریں گے بین ڈنک کی چیونگم واپس لے لیں۔‘

    مزید پڑھیں: لاہور قلندرز کی کامیابی نے پوائنٹس ٹیبل پر ہلچل مچادی

    دوسری جانب بین ڈنک کا کہنا تھا کہ چیونگم کھانے میں کچھ خاص نہیں ہے، میں بس گراؤنڈ کے اندر پرسکون رہنے کی کوشش کرتا ہوں، اسے شاید ویڈیوز میں زیادہ دکھایا جارہا ہے۔

    بین ڈنک کا کہنا تھا کہ ببل گم بری عادت ہے، مجھے اسے روکنا چاہئے لیکن میں صرف پرسکون رہنے کے لیے ایسا کرتا ہوں تاکہ جو ٹارگٹ ہے اس پر فوکس کرسکوں۔

    انہوں نے کہا کہ فوکس اگلے تین میچز پر ہے، ٹیم نے ایک گروپ بننے کے لیے بہت محنت کی ہے، مینجمنٹ اور کھلاڑیوں نے یہی کوشش کی کہ ایک یونٹ بن جائے اور پھر گروپ کی شکل میں سب اچھا کھیلیں۔

    واضح رہے کہ کل پشاور زلمی اور لاہور قلندرز کے درمیان مقابلہ ہوگا، پوائنٹس ٹیبل پر پشاور زلمی 9 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے اور لاہور قلندرز 6 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر موجود ہے۔

  • لاہور قلندرز کی کامیابی نے پوائنٹس ٹیبل پر ہلچل مچادی

    لاہور قلندرز کی کامیابی نے پوائنٹس ٹیبل پر ہلچل مچادی

    لاہور: پی ایس ایل سیزن فائیو میں سنسنی خیز مقابلوں کا سلسلہ جاری ہے، گزشتہ روز لاہور قلندرز کی کامیابی نے پوائنٹس ٹیبل پر ہلچل مچادی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل فائیو کے 23ویں میچ میں گزشتہ روز لاہور قلندرز نے کراچی کنگز کو 8 وکٹوں سے شکست دی، لاہور کی کامیابی کے بعد ٹاپ فور میں جگہ بنانے کے لیے پانچ ٹیموں کے تمام میچز اب ڈو اور ڈائی کی صورت اختیار کرچکے ہیں۔

    ملتان سلطانز گیارہ پوائنٹس کے ساتھ پلے آف میں انٹری دینے والی پہلی ٹیم بن گئی ہے، باقی تین پوزیشن کے لیے پانچ ٹیموں میں مقابلہ ہے۔

    پوائنٹس ٹیبل پر پشاور زلمی کی ٹیم نو پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہے، اسلام آباد یونائیٹڈ اور کراچی کنگز سات، سات پوائنٹس کے ساتھ تیسرے اور چوتھے نمبر پر براجمان ہیں۔

    لاہور قلندرز کی ٹیم دو میچز لگاتار جیتنے کے بعد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو پیچھے دھکیلتے ہوئے پانچویں پوزیشن پر آگئی ہے۔

    پی ایس ایل سیزن فور کی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا ہے، گلیڈی ایٹرز کی ٹیم 6 پوائنٹس کے ساتھ آخری نمبر پر موجود ہے۔

    واضح رہے کہ کل لاہور قلندرز اور پشاور زلمی کے درمیان میچ کھیلا جائے گا جبکہ 12 مارچ کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کراچی کنگز اور لاہور قلندرز کی ٹیمیں ایک بار پھر مدمقابل آئیں گی۔

  • کراچی کنگز سے آج لاہور قلندرز پہلی بار ٹکرائیں گے

    کراچی کنگز سے آج لاہور قلندرز پہلی بار ٹکرائیں گے

    لاہور: قذافی اسٹیڈیم میں پہلی بار آج لاہور قلندرز کا ٹاکرا کراچی کنگز سے ہوگا، میچ شام 7 بجے شروع ہوگا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پی ایس ایل 5 میں آج ایک اور اہم ترین میچ کھیلا جا رہا ہے، یہ میچ ہے پاکستان سپر لیگ کی سب سے بڑی ٹیم کراچی کنگز اور سیریز کی سب سے پیچھے رہ جانے والی ٹیم لاہور قلندرز کے درمیان۔

    پی ایس ایل فائیو کے اس 23 ویں میچ میں پہلی بار دونوں ٹیمیں آمنا سامنا کر رہی ہیں، اب تک کراچی کنگز اور لاہور قلندرز 6،6 میچز کھیل چکی ہیں۔ کنگز نے 3 میچز جیتے 2 ہارے اور 1 ڈرا ہوا۔ قلندرز نے 2 میچز جیتے اور 4 ہارے، کراچی کنگز پوائنٹس ٹیبل پر 7 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے جب کہ لاہور قلندرز 4 پوائنٹس کے ساتھ چھٹے نمبر پر ہے۔

    قلندرز کی دوسری کامیابی، گلیڈی ایٹرز کو 8 وکٹوں سے ہرادیا

    کراچی کنگز کے بابر اعظم اور محمد عامر کارکردگی دکھانے کے لیے پرجوش ہیں، لاہور قلندرز کے محمد حفیظ اور شاہین آفریدی بھی میچ کا پھانسا پلٹنے کے لیے بے تاب ہیں۔

    خیال رہے کہ آج راولپنڈی اسٹیڈیم میں ملتان سلطانز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کا بھی میچ شیڈول ہے، جو تاخیر کا شکار ہے۔ پچ اور آؤٹ فیلڈ گیلی ہونے کے باعث میچ تاخیر کا شکار ہوا ہے۔ آج بارش کے بعد پچ پر کورز ڈال دیے گئے تھے جنھیں بارش تھمنے کے بعد ہٹا دیا گیا ہے۔

    راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پی ایس ایل کے 8 میچز رکھے گئے تھے جن میں 3 میچز بارش سے متاثر ہوئے۔

  • گلیڈی ایٹرز کے خلاف کامیابی کے بعد حفیظ کی ویڈیو وائرل

    گلیڈی ایٹرز کے خلاف کامیابی کے بعد حفیظ کی ویڈیو وائرل

    لاہور: پی ایس ایل فائیو کے 21ویں میچ میں گلیڈی ایٹرز کے خلاف کامیابی کے فوری بعد ہی حفیظ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں کھیلے جانے والے میچ میں گلیڈی ایٹرز کے خلاف لاہور قلندرز نے دوسری کامیابی اپنے نام کی، محمد حفیظ کی میچ میں کامیابی کے بعد لاہور قلندرز کے مداح بچے کو گلے لگانے کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ محمد حفیظ بچے کو گلے لگا رہے ہیں اور کمسن بچہ کہہ رہا ہے کہ ’لاہور قلندرز چیمپئن۔‘ سوشل میڈیا پر ویڈیو کو اب تک 16 ہزار سے زائد افراد پسند کرچکے ہیں۔

    واضح رہے کہ میچ میں محمد حفیظ نے ناقابل شکست 39 رنز کی اننگز کھیلی اور اپنی ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا، حفیظ کی اننگز میں ایک چھکا اور چار چوکے شامل تھے۔

    یاد رہے کہ لاہور قلندرز کی شکستوں کے بعد مذکورہ بچے کی رونے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس کے بعد لاہور قلندرز کی انتظامیہ کی جانب سے بچے کو میچ دیکھنے کے لیے اسٹیڈیم میں مدعو کیا گیا تھا۔

    مزید پڑھیں: قلندرز کی دوسری کامیابی، گلیڈی ایٹرز کو 8 وکٹوں سے ہرادیا

    اس سے قبل بھی جب بچہ میچ دیکھنے کے لیے اسٹیڈیم پہنچا تھا تو لاہور قلندرز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو شکست دی تھی آج پھر بچے کی آمد پر قلندرز کامیاب ہوئی، پاکستان سپر لیگ کے ٹویٹر پر بچے کو ’خوش قسمت‘ کہا جارہا ہے۔

    خیال رہے کہ کوئٹہ کی ٹیم میچ میں صرف 98 رنز بناسکی تھی اور قلندرز کو جیت کے لیے 99 رنز کا ہدف دیا تھا جو قلندرز نے 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔

  • قلندرز کی دوسری کامیابی، گلیڈی ایٹرز کو 8 وکٹوں سے ہرادیا

    قلندرز کی دوسری کامیابی، گلیڈی ایٹرز کو 8 وکٹوں سے ہرادیا

    لاہور: پی ایس ایل فائیو کے 21ویں میچ میں قلندرز نے دوسری کامیابی حاصل کرتے ہوئے گلیڈی ایٹرز کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں کھیلے جانے والے میچ میں لاہور قلندرز نے کوئٹہ کی جانب سے دیا جانے والا 99 رنز کا ہدف باآسانی 12 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، سمیت پٹیل کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

    لاہور قلندرز کی ابتدائی دو وکٹیں 32 رنز پر گرنے کے بعد محمد حفیظ اور بین ڈنک نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ہدف باآسانی حاصل کرلیا۔

    آل راؤنڈر محمد حفیظ نے ناقابل شکست 39 رنز کی اننگز کھیلی، بین ڈنک 30 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

    گلیڈی ایٹرز کی جانب سے دونوں وکٹیں محمد نواز نے حاصل کیں۔


    اس سے قبللاہور قلندرز کے آگے کوئٹہ کی بیٹنگ بری طرح ناکام ہوگئی، مقررہ اوورز میں کوئٹہ کی ٹیم 9 وکٹوں کے نقصان پر صرف 98 رنز بناسکی اور قلندرز کو جیت کے لیے 99 رنز کا معمولی ہدف دے دیا۔

    کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے 8 کھلاڑی ڈبل فگر میں داخل نہ ہوسکے، شین واٹسن 0، جیسن رائے 6، احمد شہزاد 9، کپتان سرفراز احمد 1 اور اعظم خان بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔

    بین کٹنگ بھی بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے، فواد احمد کو چار رنز پر راجا فرزان نے پویلین بھیجا، محمد نواز 10 رنز بنا کر راجا فرزان کا شکار بنے۔

    فاسٹ بولر سہیل خان نے 32 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی، ان کی اننگز میں 2 چھکے اور 2 چوکے شامل تھے۔

    لاہور قلندرز کی جانب سے سمیت پٹیل نے چار اوورز میں 5 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، شاہین شاہ آفریدی اور راجا فرزان نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

     

    اس سے قبل سہیل اختر نے ٹاس جیت کر گلیڈی ایٹرز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی ہے، اس سے قبل لاہور نے ایونٹ میں صرف کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو ہی شکست دی ہے۔

    سہیل اختر کا کہنا تھا کہ پچ پر نمی ہے اسی وجہ سے بولنگ کا فیصلہ کیا ہے کوششش ہوگی کہ گلیڈی ایٹرز کو کم سے کم اسکور میں آؤٹ کرسکیں۔

    سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ ہمارے لیے یہ میچ بہت اہم ہے کوشش کریں گے کہ قلندرز کے خلاف بڑا اسکور کریں۔ سرفراز کا کہنا تھا کہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں۔

    فائنل الیون

  • پی ایس ایل فائنل جیتنے پر سلمان اقبال کا شوکت خانم اسپتال کے لیے ایک لاکھ ڈالر عطیہ کرنے کا اعلان

    پی ایس ایل فائنل جیتنے پر سلمان اقبال کا شوکت خانم اسپتال کے لیے ایک لاکھ ڈالر عطیہ کرنے کا اعلان

    لاہور: کراچی کنگز کے مالک سلمان اقبال نے کہا ہے کہ پی ایس ایل کا فائنل جیت گئے تو شوکت خانم اسپتال کے لیے ایک لاکھ ڈالر عطیہ کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کنگز کی ٹیم اور آفیشلز نے شوکت خانم کینسر اسپتال کا دورہ کیا اور کینسر جیسے موذی مرض میں مبتلا بچوں سے ملاقات کرکے ان کے چہروں پر مسکراہٹ بکھیر دی۔

    مالک کراچی کنگز سلمان اقبال

    کراچی کنگز کے مالک سلمان اقبال کا کہنا تھا کہ اندازہ نہیں تھا اتنے بڑے فنکشن میں آؤں گا، میرا وعدہ ہے ان بچوں کے لیے ٹیم اور اچھا کھیلے گی۔

    انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کا فائنل جیت گئے تو ایک لاکھ ڈالر شوکت خانم اسپتال کے لیے دوں گا، انشا اللہ فائنل میچ ہم لاہور میں کھیلیں گے۔

    صدر کراچی کنگز وسیم اکرم

    کراچی کنگز کے صدر وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ شوکت خانم اسپتال میں میرٹ پر علاج ہوتا ہے، شوکت خانم میں کوئی سفارش نہیں چلتی، دنیا میں کوئی اسپتال ایسا نہیں جہاں کینسر کا مفت علاج ہوتا ہو۔

    وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ مالک کراچی کنگز سلمان اقبال کا دل بہت بڑا ہے، سلمان اقبال، کراچی کنگز، سب کی سپورٹ آپ کے ساتھ ہے۔

    سابق فاسٹ بولر کا کہنا تھا کہ عمران خان نے 1992 ورلڈ کپ سے پہلے اسپتال بنانے کا ارادہ کیا تھا، ورلڈ کپ میں جانے سے پہلے انہوں نے مجھ سے کہا کینسر اسپتال بنانا ہے۔

    کپتان کراچی کنگز عمادوسیم

    کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم کا کہنا تھا کہ یہاں بلانے پر شوکت خانم اسپتال کا شکریہ ادا کرتا ہوں، شوکت خانم میں علاج کے لیے سب کو لائن میں لگنا پڑتا ہے، میں ایم آر آئی کروانے آیا تو لائن میں لگنا پڑا تھا۔

    عماد کا کہنا تھا کہ مالک کراچی کنگز تو ایک لاکھ ڈالر دیں گے لیکن کراچی کنگز کے دیگر کھلاڑی بھی اپنے طور پر حصہ ڈالیں گے۔

  • بریسٹ کینسر سے آگاہی، کھلاڑی پنک کیپ پہن کر میدان میں اترے

    بریسٹ کینسر سے آگاہی، کھلاڑی پنک کیپ پہن کر میدان میں اترے

    لاہور: پی ایس ایل فائیو میں آج کے میچز میں چاروں ٹیموں کے کھلاڑی بریسٹ کینسر سے آگاہی کے لیے پنک کیپ پہن کر میدان میں اترے۔

    تفصیلات کے مطابق پی سی بی کی جانب سے گزشتہ روز اعلان کیا گیا تھا کہ 7 مارچ کو بریسٹ کینسر سے آگاہی کا دن منایا جائے گا جس کے تحت کھلاڑی پنک کیپ پہن کر میدان میں اتریں گے۔

    چاروں ٹیموں کے کھلاڑی میچز سے قبل بچوں کے ہمراہ گراؤنڈ میں داخل ہوئے، پنک کیپ پہنے میدان میں اترنے والی بچیوں نے مختلف فیلڈنگ پوزیشنز پر موجود کھلاڑیوں کو پنک کیپ فراہم کی۔

    پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم اور قذافی اسٹیڈڈیم گلابی رنگ میں رنگا گیا، بریسٹ کینسر سے آگاہ کے لیے کھلاڑی، میچ آفیششلز اور کمنٹیٹرز بھی پنک ربن پہن کر اس مہم کا حصہ بنے۔

    پی سی بی چیف آپریٹنگ آفیسر سلمان نصیر کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے پاکستان کا شمار چھاتی کے سرطان کے شکار ممالک میں ہوتا ہے، بطور ایک ذمہ دار ادارہ، سرطان سے آگاہی فراہم کرنے میں اپنا کردار ادا کرنا پاکستان کرکٹ بورڈ کی ذمہ داری ہے۔

    سلمان نصیر نے شائقین سے اپیل کی تھی کہ گلابی رنگ کی شرٹ پہن کر اسٹیڈیم کا رخ کیا جائے۔

  • پشاور زلمی کو بڑا دھچکا، کیرون پولارڈ ایونٹ سے باہر

    پشاور زلمی کو بڑا دھچکا، کیرون پولارڈ ایونٹ سے باہر

    راولپنڈی: پی ایس ایل فائیو میں پشاور زلمی کی ٹیم کو ایک اور دھچکا لگا ہے، زلمی کے اہم کھلاڑی ایونٹ سے باہر ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل فائیو کی مضبوط ٹیم پشاور زلمی کے اہم کھلاڑی کیرون پولارڈ پی ایس ایل سے باہر ہوگئے، پولارڈ نے سیمی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

    کیرون پولارڈ کا کہنا ہے کہ میں معذرت خواہ ہوں کے رواں سال پی ایس ایل نہیں کھیل سکوں گا تاہم ٹیم میں بہت سے اچھے کھلاڑی موجود ہیں جو میچ جتوانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

    ویسٹ انڈین آل راؤنڈر کا مزید کہنا تھا کہ مجھے امید ہے کہ ڈیرن سیمی ہیڈ کوچ کی حیثیت سے پہلے ٹرافی اپنے نام کریں گے۔

    واضح رہے کہ چند روز قبل ہی پشاور زلمی نے ڈیرن سیمی کو ہیڈ کوچ بنایا تھا، زلمی کی ٹیم میں ویسٹ انڈیز کے بریتھ ویٹ بھی موجود ہیں۔

    یاد رہے کہ پشاور زلمی اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان راولپنڈی میں جاری میچ بارش کے باعث روک دیا گیا ہے اگر میچ مقررہ وقت پر شروع نہ ہوسکا تو زلمی کی ٹیم ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت کامیابی حاصل کرلے گی۔

    بارش سے قبل پشاور زلمی نے 196 رنز کے تعاقب میں دو کٹوں کے نقصان پر 9 اوورز میں 85 رنز بنالیے ہیں، کامران اکمل 37 اور امام الحق 7 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔