Tag: پی ایس ایل

  • گیارہویں نمبر پر کھیلنے والے بالر کا انوکھا ریکارڈ

    گیارہویں نمبر پر کھیلنے والے بالر کا انوکھا ریکارڈ

    کراچی: پاکستان سپر لیگ سیزن 5 میں گزشتہ روز اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز کے درمیان سنسنی خیز مقابلے میں یونائیٹڈ کے بالر محمد موسیٰ نے بلے بازی میں انوکھا ریکارڈ قائم کردیا۔

    گزشتہ روز لاہور قلندرز کے 183 رنز کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے شاندار بیٹنگ کی۔ آخری 3 اوورز میں جب 1 وکٹ اور 20 رنز رہ گئے تب محمد موسیٰ نے 2 چوکے اور 1 چھکا مار کر اور مجموعی طور پر 17 رنز بنا کر ایک منفرد ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔

    محمد موسیٰ ٹی 20 میں دنیا کے پہلے سب سے زیادہ اسکور کرنے والے 11 ویں نمبر کے بیٹسمین بن گئے ہیں۔

    ان کی اور احمد عبداللہ کی 20 رنز کی پارٹنر شپ بھی دسویں وکٹ کی وہ پہلی پارٹنر شپ بن گئی جس نے نہ صرف سب سے زیاہ رنز بنائے بلکہ کامیابی سے ہدف کا تعاقب کیا۔

    گزشتہ روز کے میچ میں لاہور قلندرز نے پاکستان سپر لیگ کے تمام سیزنز میں اپنا بلند ترین اسکور یعنی 183 رنز بنائے۔

    قلندرز کے محمد حفیظ نے 7 چوکوں اور 7 بلند و بالا چھکوں کی مدد سے 98 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، شاہین آفریدی نے بھی 4 وکٹیں اڑائیں۔

    جواب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے 52 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، کولن انگرام 30 اور ڈیوڈ ملان 22 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ یونائیٹڈ کی ٹیم نے ہدف آخری گیند پر 9 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

  • کیا علی ظفر کا گانا آپ کی بے عزتی ہوگی؟ مداح کے سوال پر عاصم اظہر کا کرارا جواب

    کیا علی ظفر کا گانا آپ کی بے عزتی ہوگی؟ مداح کے سوال پر عاصم اظہر کا کرارا جواب

    کراچی: پاکستان سپر لیگ 5 کے گانے کے حوالے سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر مختلف آرا کا اظہار جاری ہے، ایک مداح نے علی ظفر کے دوبارہ گانا گانے کو بے عزتی قرار دیا تو عاصم اظہر نے اسے کرارا جواب دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق معروف گلوکار علی ظفر مداحوں کی خواہش پر پاکستان سپر لیگ 5 کا نیا گانا تیار کرنے جارہے ہیں اور خود علی ظفر اور مداح اس حوالے سے خاصے پرجوش ہیں۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اس بارے میں مختلف آرا کا اظہار کیا جارہا ہے۔

    ایسے ہی ایک ٹویٹ میں ایک مداح نے عاصم اظہر سے، جنہوں نے پی ایس ایل کا موجودہ گانا گایا ہے، سوال کیا کہ کیا آپ کو نہیں لگتا کہ علی ظفر کا گانا آنا آپ کی بے عزتی ہوگی؟ کیونکہ پی ایس ایل کا ترانہ جیسا بھی ہے تیار ہوچکا ہے اور اب علی ظفر اپنا نیا گانا بنانے جارہے ہیں۔

    مداح کے اس سوال پر عاصم اظہر نے انہیں کرارا جواب دے دیا۔

    انہوں نے کہا کہ اس میں بے عزتی کی کیا بات ہے، علی ظفر میرے سینیئر ہیں اور میں ان کے کام کی وجہ سے ان کی بہت عزت کرتا ہوں۔ میں بہت خوشی سے ہر اس چیز کی حمایت کروں گا جو پاکستان کی بہتری کے لیے ہوگی۔

    عاصم نے مزید کہا کہ ہم آپس میں ہی بٹے ہوئے ہیں، ہمیں ایک دوسرے کو سپورٹ کرنے کی ضرورت ہے۔ عاصم کے اس جواب پر علی ظفر نے بھی پسندیدگی اور محبت کا اظہار کیا۔

    خیال رہے کہ یہ سارا قصہ اس وقت شروع ہوا جب وسیم بادامی نے اپنے پروگرام ہر لمحہ پرجوش میں علی ظفر سے پوچھا کہ عوام ان کا بنایا گانا سننا چاہتی ہے تو کیا وہ لوگوں کی خواہش پر نیا گانا تیار کریں گے؟

    علی ظفر نے کہا کہ لیگ کا آفیشل گانا تیار ہوچکا ہے جس پر وسیم بادامی نے کہا کہ وہ ایسے ہی سوشل میڈیا پر چلانے کے لیے نیا گانا بنالیں، جو پی ایس ایل کا آفیشل ترانہ ہے اس کی اہمیت اپنی جگہ برقرار رہے گی مگر چونکہ عوام کی خواہش ہے تو علی ظفر بھی نیا گانا تیار کریں۔

    علی ظفر نے ترانہ بنانے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ شاعری، کمپوزنگ اور دیگر چیزوں میں تھوڑا وقت لگ سکتا ہے۔ گزشتہ روز انہوں نے اپنے اسٹوڈیو کی ایک ویڈیو بھی جاری کی تھی جس میں وہ گانے کی تیاری کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔

  • ڈینی موریسن بھی پاکستان کے اعزازی شہری بننے کے خواہاں

    ڈینی موریسن بھی پاکستان کے اعزازی شہری بننے کے خواہاں

    کراچی: ویسٹ انڈیز کے کھلاڑی ڈیرن سیمی کو پاکستان کی اعزازی شہریت دیے جانے کے اعلان کے بعد معروف کمنٹیٹر ڈینی موریسن نے بھی اس خواہش کا اظہار کیا ہے کہ انہیں بھی پاکستان کی اعزازی شہریت دی جائے۔

    نیوزی لینڈ کے سابق کرکٹر اور پاکستان سپر لیگ کے میچز میں اپنی کمنٹری سے سب کا دل جیتنے والے کمنٹیٹر ڈینی موریسن نے پاکستان کا اعزازی شہری بننے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستانی کرکٹ کے لیے ان کی بھی خدمات ہیں جس کا اعتراف کیا جانا چاہیئے۔

    ڈینی کا کہنا تھا کہ وہ کئی سالوں سے کرکٹ کمنٹیٹر کی حیثیت سے پاکستان آرہے ہیں اور انہوں نے ہمیشہ پاکستانیوں کے کرکٹ دیکھنے اور کھیلنے کے جنون کی حمایت کی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ڈیرن سیمی کو اعزازی شہریت اور سول ایوارڈ دینا بہترین فیصلہ ہے ساتھ ہی ان کی خدمات کا بھی اعتراف کیا جائے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز حکومت پاکستان کی جانب سے اعلان کیا گیا تھا کہ ویسٹ انڈیز کے کھلاڑی ڈیرن سیمی کو 23 مارچ کو پاکستان کے اعلیٰ ترین سول ایوارڈ سے نوازا جائے گا۔

    ڈیرن سیمی کو پاکستان کی اعزازی شہریت بھی دی جائے گی۔

  • کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے فواد احمد نے کامران اکمل کی سنچری پر سوال اٹھا دیا

    کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے فواد احمد نے کامران اکمل کی سنچری پر سوال اٹھا دیا

    کراچی: پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان میچ میں زلمی کے کامران اکمل نے شاندار سنچری بنائی تاہم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اسپنر فواد احمد نے ان کی سنچری پر سوال کھڑے کردیے۔

    اپنی شاندار سنچری کے بعد کامران اکمل پاکستان سپر لیگ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی بن گئے ہیں جو 49 میچز میں 1 ہزار 430 رنز اسکور کر چکے ہیں۔

    اپنی حالیہ سنچری انہوں نے 13 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے مکمل کی جس کی بدولت زلمی نے 149 رنز کا ہدف باآسانی حاصل کرلیا۔

    میچ کے بعد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اسپنر فواد احمد نے کامران کی تعریف تو کی تاہم ان کی سنچری پر سوال بھی اٹھا دیا۔

    فواد کا کہنا تھا کہ کامران کو 13 اوورز میں سنچری بنانی چاہیئے تھی، لیکن میچ کے اختتام پر وہ لالچ میں مبتلا ہوگئے اور سنچری مکمل کرنے کے لیے سنگلز لینے لگے۔

    ان کے مطابق کامران کے اس طرح سنچری بنانے سے زلمی کا مجموعی رن ریٹ متاثر ہوسکتا ہے۔

    یاد رہے کہ کامران اکمل نے ابتدائی 50 رنز 20 گیندوں پر بنا لیے تھے تاہم سنچری مکمل کرنے کے لیے انہوں نے مزید 34 گیندیں کھیلیں اور یوں 54 گیندوں میں اپنی سنچری مکمل کی۔

    بعد ازاں کامران اکمل نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاور پلے کو استعمال میں لانا چاہتے تھے کیونکہ کوئٹہ کے پاس مضبوط بالنگ اٹیک تھا۔

    کامران کا کہنا تھا کہ کوئٹہ کے حسنین نے اچھی گیندیں کروائیں جبکہ فواد بھی کسی بھی لمحے 2 سے 3 وکٹیں اڑانے کی پوزیشن میں تھے۔

    انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس پاور پلے میں 70 سے زائد رنز تھے اور میں آرام سے کھیلنا چاہتا تھا۔ ’ہمارے بیٹنگ کوچ ہاشم آملہ نے بھی کہا تھا کہ ٹاپ آرڈر کے 3 بیٹسمین کم از کم پندرہویں اوور تک کریز پر موجود رہیں، اور کوشش کر کے آخر تک جائیں، اس سے کھلاڑی اور ٹیم دونوں کا فائدہ ہوگا‘۔

    کامران اکمل کی اس شاندار سنچری پر انہیں مین آف دی میچ کا ایوارڈ بھی دیا گیا۔

  • عمید آصف نے بازی پلٹ دی

    عمید آصف نے بازی پلٹ دی

    کراچی: کراچی کنگز کے فاسٹ بولر عمید آصف نے زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی کا اپنی ہی گیند پر شاندار کیچ پکڑ کر بازی پلٹ دی۔

    آخری اوور میں جب زلمی کو جیت کے لیے 16 رنز درکار تھے تو کپتان سیمی کے لاٹھی چارج سے لگ رہا تھا کہ وہ مطلوبہ ہدف پورا کر لیں گے۔

    لیکن کنگز کے عمید آصف نے نپی تلی بولنگ کرتے ہوئے نہ صرف آخری اوور میں خطرناک سیمی کی وکٹ حاصل کی بلکہ ہدف کا دفاع کرتے ہوئے ٹیم کو فتح دلوادی۔

    یہ بھی پڑھیں: کراچی کنگز کا فاتحانہ آغاز، پشاور زلمی کو 10 رنز سے شکست

    عمید آصٖف کا اپنی ہی گیند پر ڈیرن سیمی کا لیا ہوا مشکل کیچ میچ کا ٹرننگ پوائنٹ ثابت ہوا، انہوں نے سیمی کو چلتا کرنے کے بعد آخری گیند پر وہاب ریاض کو بھی آؤٹ کر دیا۔

    واضح رہے کہ پی ایس ایل کے دوسرے میچ میں کپتان عماد وسیم اور بابر اعظم کی شاندار نصف سنچریوں کی بدولت کراچی کنگز نے پشاور زلمی کو 10 رنز سے شکست دی، 202 رنز ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی کی ٹیم 7 وکٹوں کے نقصان پر 191 رنز بناسکی۔

  • بابر اعظم نے پی ایس ایل کا بہترین اسکور بنا لیا

    بابر اعظم نے پی ایس ایل کا بہترین اسکور بنا لیا

    کراچی: کراچی کنگز کے بابر اعظم نے اپنے تجربے کو بروئے کار لاتے ہوئے پشاور زلمی کے خلاف 78 رنز کی باری کھیل کر پی ایس ایل میں اپنا سب سے بڑا نفرادی اسکور بنا ڈالا۔

    کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں اوپنر بابر اعظم نے شاندان بیٹنگ کرتے ہوئے 56 گیندوں پر 78 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیل کر ٹیم کو بڑا اسکور کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔

    انہوں نے قریباً 140 کے اسٹرائیک ریٹس سے 2 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 78 رنز بنائے جو کہ پی ایس ایل میں ان کا سب سے بڑا انفرادی اسکور ہے۔

    پی ایس ایل میں مجموعی طور پر ان کی نصف سنچریوں کی تعداد 10 ہوگئی ہے اور مجموعی رنز کی تعداد 1121 ہوگئی ہے۔

    https://twitter.com/imtheguy007/status/1230810636675932164?s=20

    آج کی بہترین اننگز کے ساتھ ہی بابر اعظم سوشل میڈیا پر بھی چھا گئے اور ٹوئٹر پر بابر اعظم کا ٹرینڈ بن گیا جس میں صارفین کارکردگی پر انہیں سہرا رہے ہیں۔

  • سرفراز احمد کی اعظم خان سے متعلق پیش گوئی درست ثابت ہوئی

    سرفراز احمد کی اعظم خان سے متعلق پیش گوئی درست ثابت ہوئی

    کراچی: پاکستان سپر لیگ فائیو کے افتتاحی میچ میں نصف سنچری بنا کر ٹیم کو فتح دلانے والے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے نوجوان بیٹسمین اعظم خان سے متعلق کپتان سرفراز احمد کی تین سال قبل کی گئی پیش گوئی درست ثابت ہوئی۔

    سنہ 2017 میں جب اعظم خان کو منتخب کیا گیا تو سرفراز احمد نے پسندیدگی کے عنصر کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ نوجوان کا انتخاب اس لیے نہیں کیا تھا کہ وہ سابق کپتان معین خان کے صاحبزادے ہیں۔

    سرفراز احمد نے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ اعظم خان نے ڈومیسٹک کرکٹ اور رمضان میں ہونے والے ٹورنامنٹ میں بہترین کارکردگی دکھائی تھی، یہ خالص ٹی ٹوئنٹی کے پلیئر ہیں اور اگر انہیں پی ایس ایل کھیلنے کا موقع ملا تو میرا خیال ہے کوئی بھی ان کی سلیکشن پر سوال نہیں اٹھائے گا۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد یونائیٹڈ کے 169 رنز کا ہدف کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے نوجوان بیٹسمین اعظم خان کی شاندار بیٹنگ کی بدولت حاصل کر لیا تھا۔

    اعظم خان نے 33 گیندوں پر 3 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 59 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور ٹیم کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا۔

  • پی ایس ایل فائیو، اعظم خان نے گلیڈی ایٹرز کو فتح دلادی، یونائیٹڈ کو شکست

    پی ایس ایل فائیو، اعظم خان نے گلیڈی ایٹرز کو فتح دلادی، یونائیٹڈ کو شکست

    کراچی: پی ایس ایل فائیو کے پہلے میچ میں اعظم خان کی نصف سنچری نے گلیڈی ایٹرز کو فتح دلادی، اسلام آباد یونائیٹڈ کو 3 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

    تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل فائیو کے پہلے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اسلام آباد کی جانب سے دیا جانے والا 169 رنز کا ہدف 7 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔


    کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اوپنر جیسن رائے بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے، شین واٹسن 15 رنز بنا رن آؤٹ ہوئے، احمد شہزاد کو 7 رنز پر محمد موسیٰ نے پویلین کی راہ دکھائی۔

    کپتان سرفراز احمد نے 21 رنز بنائے، اعظم خان نے 33 گیندوں پر 3 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 59 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔


    محمد نواز 23 رنز بنا کر فاسٹ بولر محمد عاکف کا نشانہ بنے۔

    اسلام آباد یونائیٹڈ کے محمد موسیٰ نے 2 کھلاڑیوں کی پویلین کی راہ دکھائی، عاکف جاوید، عماد بٹ اور فہیم اشرف نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

    اس سے قبل اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم 168 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی تھی اور کوئٹہ کو جیت کے لیے 169 رنز کا ہدف دیا تھا۔

    اسلام آباد یونائیٹڈ کے ڈیوڈ ملان نے 64 رنز کی شاندار اننگز کھیلی انہیں بین کٹنگ نے پویلین کی راہ دکھائی، کولن منرو بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔

    لک رونچی 23 رنز بنا کر نمایاں رہے، حسین طلعت 19 رنز بنا کر محمد حسنین کی گیند پر احمد شہزاد کو کیچ دے بیٹھے، کولن انگرام 6 رنز پر وکٹ گنوا بیٹھے۔آصف علی کو 19 رنز پر محمد حسنین نے عبدالناصر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرایا، کپتان شاداب خان 8 رنز بنا کر چلتے بنے، فہیم اشرف 20 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

    کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے محمد حسنین نے 4 کھلاڑیوں‌ کو پویلین کی راہ دکھائی، بین کٹنگ نے تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ محمد نواز اور سہیل خان نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

    اس سے قبل کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔

    کوئٹہ کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ کوشش کریں گے کہ اسلام آبادیونائیٹڈ کے کھلاڑیوں کو کم سے کم اسکور میں آؤٹ کریں، جیسن رائے کے آنے سے ہماری ٹیم مضبوط ہوئی ہے۔

     اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان کا کہنا تھا کہ 180 رنز بنانے کی کوشش کریں گے، کوشش ہوگی آسان کرکٹ کھیلیں، ان کا کہنا تھا کہ کولن منرو، رونکی، ڈیوڈ ملان اور انگرام کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

    اسلام آباد یونائیٹڈ اسکواڈ

     

    کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اسکواڈ

    کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی قیادت سرفراز احمد کررہے ہیں دیگر کھلاڑیوں میں جیسن رائے، احمد شہزاد، شین واٹسن، عبدالناصر، اعظم خان، محمد نواز، بین کٹنگ، فواد احمد، محمد حسنین اور سہیل خان شامل ہیں۔

  • کرکٹ بیٹ کی تیاری میں‌ کن باتوں‌ کا خیال رکھا جاتا ہے؟

    کرکٹ بیٹ کی تیاری میں‌ کن باتوں‌ کا خیال رکھا جاتا ہے؟

    کرکٹ کے شیدائیوں کو شاید یہ جاننے میں بھی دل چسپی ہو گی کہ ان کے پسندیدہ کھلاڑی جس بلّے سے گیند کو دور پھینکنے کے بعد پچ پر دوڑ لگاتے ہیں، اس کی تیاری کا کیا قاعدہ، اصول اور معیار مقرر کیا گیا ہے۔

    کرکٹ کے میدان میں بلّے بازوں کے ہاتھوں میں لکڑی کا جو مخصوص ٹکڑا آپ دیکھتے ہیں، وہ ایک گول دستے سے جڑے ہوئے کچھ طویل اور سپاٹ حصّے پر مشتمل ہوتا ہے، لیکن بلّے کی یہ مخصوص شکل، اس کی لمبائی اور چوڑائی اس پیمانے اور معیار کی پابند ہوتی ہے جو جو عالمی سطح پر کرکٹ کے کھیل سے متعلق طے کیے گئے ہیں۔

    کرکٹ بیٹ کا سامنے والا حصّہ سپاٹ ہوتا ہے۔ اس کا پچھلا حصّہ مختلف ڈیزائن اور برانڈ کے معیار مطابق ہوسکتا ہے۔ تاہم یہ کسی بھی طرح کھیل کے نتیجے پر اثر انداز نہیں ہوتا۔

    بلّے کی لمبائی 38 انچ یا 965 ملی میٹر سے زیادہ نہیں ہونا چاہیے۔ کھیل کے ماہرین کے مطابق کرکٹ کا بیٹ چوڑائی میں 4.25 انچ تک ہوسکتا ہے۔

    1979 سے یہ طے ہے کہ کرکٹ بیٹ کسی بھی قسم کی دھات اور دوسرے میٹریل سے نہیں بلکہ صرف لکڑی سے تیار کیا جائے گا، جسے اب تک چیلنج نہیں کیا گیا اور جدید دور میں بھی کرکٹ کے لیے تیار کیے جانے والے بلّے لکڑی سے مخصوص طرز پر تیار کیے جاتے ہیں۔

    دنیا بھر میں مقبول اس کھیل سے متعلق قوانین اور اصولوں کے علاوہ بلّے اور گیند کے وزن، موٹائی، چوڑائی اور بناوٹ پر بحث جاری رہتی ہے اور اس میں مختلف ادوار میں تبدیلیاں بھی کی گئی ہیں۔

    بلّے کی گہرائی 2.64 انچ سے زیادہ نہیں ہونی چاہیے جب کہ اس کے کنارے 1.56 انچ تک ہوسکتے ہیں۔

  • پی ایس ایل فائیو: کمانڈوز پر مشتمل اسپیشل سیکورٹی یونٹ کی ٹیم تیار

    پی ایس ایل فائیو: کمانڈوز پر مشتمل اسپیشل سیکورٹی یونٹ کی ٹیم تیار

    کراچی: پاکستان سپر لیگ کے میچوں کے لیے اسپیشل سیکورٹی یونٹ کی سواٹ (اسپیشل ویپنز اینڈ ٹیکٹکس) ٹیم تیار کی گئی ہے۔

    ڈی آئی جی آپریشن مقصود احمد میمن نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ایس ایل میچز کے لیے 600 کمانڈوز کی ٹیم تیار کی گئی ہے، جب کہ ایس ایس یو سواٹ کے 150 کمانڈوز خصوصی ڈیوٹی انجام دیں گے۔

    مقصود میمن نے بتایا کہ خصوصی ڈیوٹی کے لیے تین شفٹیں بنائی گئی ہیں، ہر شفٹ میں 50 کمانڈوز ڈیوٹی پر موجود ہوں گے، ٹیموں کی سیکورٹی کے حوالے سے ڈپلائمنٹ پلان بھی تیار ہے، چیف سیکریٹری کے ساتھ میٹنگ میں ان تمام تفصیلات سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ ایڈیشنل آئی جی کراچی کی جانب سے خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں، کراچی پولیس اور ریزرو سمیت 10 ہزار افسران و اہل کار ڈیوٹی دیں گے، ایس ایس یو کرکٹ ٹیموں کی آمد سے واپسی تک حفاظتی اقدامات پر مامور ہوگی، پہلے بھی ٹیم کی ذمہ داری ایس ایس یو کی ہوتی تھی، ایئر پورٹ، ہوٹل، اور اسٹیڈیم لانے اور واپس لے جانے کی ذمہ داری بھی ہماری ہے۔

    ڈی آئی جی آپریشن کے مطابق ایس ایس یو کمانڈوز رینجرز کے کمانڈوز کے ساتھ کرکٹ ٹیموں کو تحفظ فراہم کریں گے، جب کہ مجموعی سیکورٹی پولیس، رینجرز اور دیگر اہم ادارے انجام دیں گے، مرحلہ وار چار فورسز سیکورٹی کے فرائض انجام دیں گی، پاک فوج، رینجرز، ایس ایس یو کمانڈوز مختلف مقامات پر تعینات ہوں گے۔

    مقصود میمن کا کہنا تھا کہ خصوصی سواٹ کمانڈوز 2 منٹ کے اندر ہیڈکوراٹر سے اسٹیڈیم پہنچ سکتے ہیں، کراچی نیشنل اسٹیڈیم کے اندر، باہر اور تمام دیگر مقامات پر سیکورٹی کے سخت انتظامات ہوں گے، ایسا پلان بنایا گیا ہے کہ جب ٹیم کی آمد یا روانگی ہو تو عوام کو پریشانی کم ہو۔