Tag: پی ایس ایل

  • سرفراز احمد نے شاداب خان کو چیلنج دے دیا

    سرفراز احمد نے شاداب خان کو چیلنج دے دیا

    کراچی: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد نے آل راؤنڈر شاداب خان کو پاکستان سپر لیگ کے سیزن 5 میں تیار رہنے کا چیلنج دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل کے پانچویں ایڈیشن کے لیے تمام ٹیموں نے اپنے کھلاڑیوں کا چناؤ کر لیا اور انتظامیہ کی جانب سے شیڈول کا باقاعدہ اعلان بھی کیا جاچکا ہے۔

    قومی ٹیم کے نوجوان آل راؤنڈر شاداب خان نے ٹوئٹر پر جاری بیان میں بابراعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ بوبی بھائی آپ جو مرضی کہہ لیں، آپ کو میں نے چھکا تو نہیں مارنے دینا، باقی اسلام آباد یونائیٹڈ کے لڑکے تیار ہیں، آپ بتا دیں کہ کب اور کدھر کھیلنا ہے۔

    کراچی کنگز کے شیر بابراعظم نے بھی مزاحیہ انداز میں حسن علی کا تیار رکھنے کی تلقین کردی۔

    پی ایس ایل 5: کراچی کنگز کی مہم جوئی، ٹاکرے کے لیے تیار

    ایسے میں پی ایس ایل کی دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹر کی جانب سے ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا ایک ویڈیو بیان جاری کیا گیا۔ ٹوئٹر پر جاری بیان میں سرفراز احمد شاداب خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہہ رہے ہیں ’شیڈی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز بھی تیار ہے، وٹو بھائی اور عمر اکمل نئے بلے لے کر آ رہے ہیں، ذرا دھیان سے، فل تیاری ہے بھائی۔

    خیال رہے کہ پی ایس ایل کی سب سے مضبوط ٹیم کراچی کنگز بھی میدان میں رنگ جمانے کے لیے تیار ہے۔

  • پاکستان سپر لیگ 2020 کا شیڈول جاری، کراچی کنگز کا پہلا میچ 21 فروری کو ہوگا

    پاکستان سپر لیگ 2020 کا شیڈول جاری، کراچی کنگز کا پہلا میچ 21 فروری کو ہوگا

    لاہور: پاکستان سپر لیگ 2020 کا شیڈول جاری کردیا گیا، کراچی کنگز اپنا پہلا میچ 21 فروری کو پشاور زلمی کے ساتھ کھیلے گی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ کے پانچویں سیزن کا شیڈول جاری کردیا گیا، تمام میچز پاکستان میں کھیلے جائیں گے۔

    پی ایس ایل 2020 کا آغاز 20 فروری سے ہوگا، 4 مقامات پر 34 میچز کھیلے جائیں گے، ایونٹ کے 14 میچز لاہور، 9 کراچی، 8 راولپنڈی اور 3 ملتان میں ہوں گے۔

    دونوں ایلی منیٹر میچز بھی لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے جبکہ پی ایس ایل 5 کا فائنل بھی 22 مارچ کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہوگا۔ ٹکٹوں کی فروخت 20 جنوری سے شروع ہوگی۔

    ایونٹ کا افتتاحی میچ کراچی میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان کھیلا جائے گا۔

    کراچی کنگز اپنا پہلا میچ 21 فروری کو پشاور زلمی کے ساتھ کراچی نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گی۔ کراچی کنگز کے 2 میچز لاہور، 2 راولپنڈی اور ایک ملتان میں ہوگا، اپنے ہوم گراؤنڈ پر کراچی کنگز 4 میچز کھیلے گی۔

    کراچی کنگز اپنا دوسرا میچ 23 فروری کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے کراچی میں کھیلے گی، تیسرا میچ 28 فروری کو ملتان سلطانز سے ملتان میں ہوگا، جبکہ چوتھا میچ یکم مارچ کو اسلام آباد یونائیٹڈ کے ساتھ راولپنڈی میں ہوگا۔

    کراچی کنگز کا پانچواں میچ پشاور زلمی سے 2 مارچ کو راولپنڈی میں جبکہ اگلا میچ 6 مارچ کو ملتان سلطانز سے لاہور میں ہوگا۔

    اس موقع پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی کا کہنا ہے کہ پورا پی ایس ایل پاکستان میں ہونا پی سی بی کی کامیابی ہے، پانچویں ایڈیشن میں 36 غیر ملکی کھلاڑی شرکت کریں گے۔

    انہوں نے کہا کہ یہ لیگ پاکستان کی ہے اور اس کے تمام میچز ہوم گراؤنڈز پر ہی کھیلے جانے چاہیئے۔ گزشتہ ایڈیشن کے اختتام پر پاکستانی عوام سے وعدہ کیا تھا کہ پی ایس ایل 2020 کے تمام میچز پاکستان میں ہوں گے اور آج وہ وعدہ وفا ہو رہا ہے۔

  • شائقین کرکٹ کو پی ایس ایل کا بے صبری سے انتظار، کاؤنٹ ڈاؤن کلاک نصب

    شائقین کرکٹ کو پی ایس ایل کا بے صبری سے انتظار، کاؤنٹ ڈاؤن کلاک نصب

    لاہور: شائقین کرکٹ پاکستان سپر لیگ کے سیزن فائیو کے آغاز کا بے چینی سے منتظر ہیں، جبکہ اسٹیڈیم میں کاؤنٹ ڈاؤن کلاک بھی نصب کردیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ سال جو پاکستان کرکٹ کے لیے خوشگوار رہا اور عالمی کرکٹ بحال ہوئی وہیں 2020 میں بھی شائقین کرکٹ کھیل کا میدان آباد اور رنگوں سے بھرا دیکھیں گے۔

    پاکستان سپر لیگ کاؤنٹ ڈاؤن کلاک لاہور کے قذافی اسٹیڈیم کے مرکزی دروازے پر نصب کردیا گیا ہے۔

    پی ایس ایل سیزن فائیو کے آغاز میں 50دن باقی رہ گئے ہیں، پی ایس ایل سیزن فائیو 20فروری سے 22مارچ تک جاری رہے گا، لاہور میں فائنل سمیت پاکستان میں 14میچز کھیلے جائیں گے، جبکہ اگلے سال پی ایس ایل کو مزید وسیع کیا جائے گا۔

    پی ایس ایل 5: شائقین کے لیے زبردست خوش خبری

    پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی کا گزشتہ روز انٹرویو میں کہنا تھا کہ رواں سال ملک میں پی ایس ایل کے تمام میچز ہورہے ہیں، جبکہ 2021  میں چھ شہروں میں اس میگا ایونٹ کے میچز ہوں گے۔

    خیال رہے کہ قومی کرکٹ بورڈ نے پاکستان سپرلیگ کے پانچویں ایڈیشن کا شیڈول تیار کرلیا جس کا باقاعدہ اعلان آج کیا جائے گا۔پی ایس ایل فائیو کی افتتاحی تقریب اور پہلا میچ کراچی جبکہ فائنل لاہور میں کھیلا جائے گا، رواں سال ہونے والے ایڈیشن کے تمام میچز پاکستان کے چار بڑے شہروں میں کھیلے جائیں گے۔

  • پی ایس ایل فائیو؛ ڈائمنڈ کیٹگری میں شامل کھلاڑیوں کی فہرست جاری

    پی ایس ایل فائیو؛ ڈائمنڈ کیٹگری میں شامل کھلاڑیوں کی فہرست جاری

    لاہور: پاکستان سپرلیگ سیزن فائیو میں بھی دنیا بھر کے نامور کھلاڑی پاکستان آنے کو تیار ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل 2020 کے لیے پلاٹینم کیٹگری کے بعد ڈائمنڈ کیٹگری کی ابتدائی فہرست جاری کردی گئی ہے جس میں 58غیر ملکی کھلاڑی شامل ہیں۔

    ابتدائی فہرست میں ڈیوڈمیلان سمیت انگلینڈ کے19کھلاڑی کیٹگری کاحصہ ہیں جب کہ ویسٹ انڈیز کے12 اورجنوبی افریقہ کے11کھلاڑی شامل ہیں۔

    پی ایس ایل سیزن فائیو کے لیے کھلاڑیوں کی رجسٹریشن کا عمل 21نومبر تک جاری رہےگا۔

    یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل فائیو: دنیا کے نامور کھلاڑی پاکستان آنے کو تیار

    گزشتہ روز پلاٹینم کیٹگری میں شامل کھلاڑیوں کی فہرست جاری کی گئی تھی جس میں انگلینڈ کے 7، جنوبی افریقا کے 6، ویسٹ انڈیز کے 5، آسٹریلیا اور افغانستان کے تین تین، سری لنکا کے دو جبکہ نیپال اور نیوزی لینڈ کے ایک ایک کھلاڑی شامل ہے۔

    یاد رہے کہ ڈیل اسٹین پہلی بار پی ایس ایل کا حصہ بن رہے ہیں،جنوبی افریقا کے مایہ ناز فاسٹ باؤلر کی شمولیت سے 2016 میں شروع ہونے والی لیگ کی تیزی سے بڑھتی مقبولیت کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔

    پی ایس ایل 2020 کے بارے میں چند ضروری باتیں

    ابتدائی فہرست میں شامل کھلاڑیوں کی تعداد میں آئندہ ہفتے اضافے کا امکان ہے، ڈرافٹ پول کے لیے کھلاڑیوں کوطے شدہ کٹیگریز میں ری ٹین، ٹریڈ اور ریلیز کیا جاسکتا ہے۔

    پانچویں سیزن میں بھی پلاٹینم، ڈائمنڈ، گولڈ، سلور اور ایمرجنگ پانچ کٹیگریز بنائی گئیں، ہر فرنچائز کم از کم 16 اور زیادہ سے زیادہ 18 کھلاڑیوں کو لے سکتی ہے، فرنچائز مالکان پر ضروری ہے کہ وہ پلاٹینیم، ڈائمنڈ، گولڈ سے تین تین جبکہ سلور سے پانچ ، ایمرجنگ اور سپلیمنٹری سے دو کھلاڑیوں کا انتخاب کریں۔

  • پی ایس ایل پاکستان کرکٹ کو نئی بلندیوں پر لے جاسکتی ہے: نسیم اشرف

    پی ایس ایل پاکستان کرکٹ کو نئی بلندیوں پر لے جاسکتی ہے: نسیم اشرف

    واشنگٹن: سابق چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) ڈاکٹر نسیم اشرف کا کہنا ہے کہ مکی آرتھر پاکستان ٹیم کو ایک خاص سطح تک لے کر گئے تھے، مکی آرتھر کو بحیثیت کوچ تبدیل نہیں کرنا چاہیے تھا۔

    تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر نسیم اشرف کا اےآروائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل) پاکستان کرکٹ کو نئی بلندیوں پر لے جاسکتی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستانی ٹیم کے لیے غیر ملکی کوچ بہترین آپشن ہے، پاکستان میں اب بھی بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے۔

    سابق چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ ہمارے ملک میں بےپناہ ٹیلنٹ موجود ہے، کرکٹ کے فروغ کے لیے پی ایس ایل اہم کردار ادا کرے گا۔ خیال رہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن فائیو میں وائلڈ کارڈ پک کا قانون متعارف کرادیا گیا ہے۔

    پی ایس ایل سیزن فائیو پلیئرز ڈرافٹ کے لیے پک آرڈر کی ترتیب طے کرلی گئی ہے، پک آرڈر طے ہونے کے بعد کھلاڑیوں کی ٹرانسفر ونڈو کھول دی گئی ہے۔ پی سی بی کے مطابق ہر فرنچائز زیادہ سے زیادہ 8 کھلاڑیوں کو اسکواڈ میں برقرار رکھ سکتی ہے، پلیئنگ الیون میں 3 سے 4 غیرملکی کھلاڑیوں کو شامل کرنے کی اجازت ہوگی۔

  • پی ایس ایل سیزن 5، بلے رکھ کر کھلاڑیوں کی ڈرافٹنگ کا پہلا مرحلہ کل ہوگا

    پی ایس ایل سیزن 5، بلے رکھ کر کھلاڑیوں کی ڈرافٹنگ کا پہلا مرحلہ کل ہوگا

    لاہور: پاکستان سپر لیگ سیزن فائیو میں ڈرافٹ کے پہلے راؤنڈ کا پک آرڈر کل طے کیا جائے گا۔

    اعلامیے کے مطابق پی ایس ایل ڈرافٹ پک آرڈر کے سلسلے میں تقریب کا انعقاد کیا جائے گا جس میں تمام فرنچائزز کے نمائندگان اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام شرکت کریں گے۔

    کل قذافی اسٹیڈیم لاہور میں منعقد ہونے والی تقریب میں ڈرا اور مخصوص پینل کی جانب سے تبادلہ خیال کیا جائے گا جبکہ پہلے راؤنڈ میں کھلاڑیوں کو روایتی انداز میں اپنے ساتھ شامل کیا جائے گا۔

    اعلامیے کے مطابق پہلےراؤنڈ کا پک آرڈر طے کرنے کے لیے بیٹ زمین پر رکھ کر فرنچائزز نمائندگان کی باریاں لگائی جائیں گی تاکہ وہ اپنے منتخب کھلاڑیوں کو ٹیم میں شامل کرسکیں۔

    مزید پڑھیں: پی ایس ایل 2020، مقامی کھلاڑیوں کی کیٹیگریز کی تجدید کا عمل مکمل

    عام طور پر پاکستان میں سنگل وکٹ کے دوران زمین پر نمبرز لکھ کر بیٹ سے سامنے رکھ کر باری نکالی جاتی ہے، یہ منفرد طریقۂ کار پاکستان میں سکے سے ٹاس کا متبادل بھی سمجھا جاتا ہے۔

    پاکستان میں ٹینس اور ٹیپ بال کرکٹ میں اب بھی باری لگانے کا یہ منفرد طریقہ رائج ہے۔ ڈرافٹ کے تمام راؤنڈز کی باری بالترتیب تین نومبر بروز ہفتہ جاری کی جائے گی۔ قانون کے مطابق رواں سال فرنچائز مالکان 8 کھلاڑیوں کو برقرار رکھ سکیں گے ۔ یاد رہے کہ پی ایس ایل کے پانچویں سیزن کا آغاز فروری 2020 میں ہوگا، لیگ کے تمام میچز پاکستان میں ہی کھیلے جائیں گے۔

  • پی ایس ایل فور کا فائنل: بلاول بھٹو اور اسد عمر کی آمد پر شائقین کا حیران کن ردعمل

    پی ایس ایل فور کا فائنل: بلاول بھٹو اور اسد عمر کی آمد پر شائقین کا حیران کن ردعمل

    کراچی: گذشتہ روز ہونے والے پی ایس ایل 4 کے فائنل میں‌ جہاں‌ کئی معروف شخصیات نے شرکت کی، وہیں‌ پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو اور وزیر خزانہ اسد عمر بھی اسٹیڈیم میں‌ دکھائی دیے.

    تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل فور کا فائنل کل نیشنل اسٹڈیم کراچی میں‌ کھیلا گیا، جسے ایک اندازے کے مطابق 36 ہزار سے زاید تماشایوں نے دیکھا، جو جوش سے بھرپور تھے اور مسلسل نعرے لگا رہے تھے.

    ایسے ہی نعرے انھوں نے تب بھی لگائے، جب انھوں نے بلاول بھٹو کو انکلیوژر میں‌ دیکھا، مگر یہ نعرے زیادہ خوش گوار نہیں تھے.

    تماشائی بلاول کو دیکھ کر "گو بلاول گو” کے نعرے لگانے لگے، جس کی وجہ سے عجیب صورت حال پیدا ہوگئی، البتہ کچھ افراد نے بلاول بھٹو سے ہاتھ بھی ملایا.

    مزید پڑھیں: آرمی کیپ، پاکستانی اداکاروں کا بھارتی ٹیم کو کرارا جواب

    اسٹیڈیم میں‌ اسد عمر بھی دکھائی دیے. انھیں‌ دیکھ کر شرکا نے "آئی آئی پی ٹی آئی” کے نعرے لگائے، اسد عمر نے اپنی نشست سے کھڑے ہو کر مسکراتے ہوئے سب کو جواب دیا.

    خیال رہے کہ کل ہونے والے میگا ایونٹ میں صدر پاکستان، آرمی چیف، وزیر اعلیٰ سندھ اور ڈی جی آئی ایس پی آر سمیت کئی اہم حکومتی شخصیات نے شرکت کی. فائنل کا ٹائٹل کوئٹہ کے نام رہا، جس نے پشاور کو یک طرفہ مقابلے میں‌ شکست دی.

  • شائقین کا ردعمل: امام الحق واٹسن سے معافی مانگنے پر مجبور

    شائقین کا ردعمل: امام الحق واٹسن سے معافی مانگنے پر مجبور

    لاہور: پی ایس ایل سیزن فور کے فائنل میں جنم لینے والے تنازع پر  شدید عوامی ردعمل نے امام الحق کو معذرت کرنے پر مجبور کر دیا.

    تفصیلات کے مطابق شین واٹسن سے تلخ کلامی پرامام الحق نے ٹویٹر پر معافی مانگ لی، امام الحق نےٹویٹ کیا کہ وقتی اشتعال میں بدمزگی ہوگئی تھی.

    انھوں نے مزید لکھا کہ میرا واٹسن سے رویہ نامناسب تھا، جس کی میں معافی چاہتا ہوں.

    یاد رہے کہ شین واٹسن کے رن آؤٹ ہونے کے بعد دونوں کھلاڑیوں میں سخت جملوں کا تبادلہ ہوا،  جس کے بعد پاکستانی کھلاڑی نے  واٹسن کو اشارے سےفیلڈ سے باہر جانے کو کہا.

     اسٹڈیم میں شائقین کی جانب سے امام الحق کے اس رویے پر شدید ردعمل آیا،  سوشل میڈیا پر بھی ان پر کڑی تنقید کی گئی اور معافی مانگنے کا تقاضا کیا گیا.

    مزید پڑھیں: پی ایس ایل فتح پاکستانی عوام اورخاص کربلوچستان کے نام ہے‘ سرفراز احمد

    عوامی ردعمل کے بعد امام نے معذرت کر لی، انھوں نے کہا کہ جو ہوا، بڑے میچ کا جوش تھا،  فائنل اچھا ہوا، ٹائٹل جیتنے پرکوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور شین واٹسن کو مبارک باد دیتا ہوں.

    یاد رہے کہ شین واٹسن نے جیت کے بعد کہا تھا کہ تھا پی ایس ایل میں بہترین پانچ ہفتے گزرے،، کراچی میں بہت مزہ آیا۔ واٹسن ہی مین آف دی سیریز بھی قرار دیا گیا.

  • کوشش ہوگی کہ سری لنکا سے پوری سیریز پاکستان میں ہو: احسان مانی

    کوشش ہوگی کہ سری لنکا سے پوری سیریز پاکستان میں ہو: احسان مانی

    لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی کا کہنا ہے کہ ترجیحات میں خواتین کی کرکٹ بھی شامل ہے، کبھی بھی خواتین کی کرکٹ کو نظر انداز نہیں کریں گے۔ کوشش ہوگی کہ سری لنکا سے پوری سیریز پاکستان میں ہو۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا مقصد کارکردگی دکھانا تھا۔ میں کراچی میں 8 میچز کروانے پر قائم رہا، پاکستان سپر لیگ کے انعقاد میں پی سی بی کے عملے نے بہت محنت کی۔

    احسان مانی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں وہ آپریٹر نہیں جو جدید آلات چلا سکیں، ہم کوشش کریں گے کہ آئندہ پی ایس ایل میں اس پر قابو پاسکیں۔

    انہوں نے کہا کہ پی سی بی کے کرائسٹ چرچ واقعے پر ردعمل کو سب نے سراہا، دہشت گردی کی وجہ سے کرکٹ کو نہیں رکنا چاہیئے۔ کرکٹ رکنے سے دہشت گردی کی جیت ہوتی ہے۔ ہم نے اختتامی تقریب کو سادہ رکھا، تقریب میں سے ڈانس نکال دیا گیا تھا۔

    احسان مانی کا کہنا تھا کہ تقریب سے پہلے فضا میں کبوتر بھی چھوڑے گئے۔ اسلام آباد یونائٹیڈ نے اپنا اسپرٖٹ آف دی اسپورٹ ایوارڈ آصف کے نام کیا، آصف کی بیٹی کینسر سے جنگ لڑ رہی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ہماری پوری کوشش ہوگی کہ پی ایس ایل کے تمام میچ پاکستان میں ہوں۔ وزیر اعلیٰ سندھ اور انتظامیہ نے میچز کے انعقاد میں اہم کردار ادا کیا۔ پاکستان نے دہشت گردی جیسے بڑے چیلنجز کا کامیابی سے سامنا کیا۔ کرکٹرز کا تحفظ ہماری اولین ترجیح تھی، پاک بھارت کشیدگی کے دوران مشینری لانے میں مشکل پیش آئی۔

    احسان مانی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کرکٹ کے میدانوں کی بہتری کے لیے بہت کام ہو رہا ہے، سیاست کے باعث سب سے زیادہ نقصان کرکٹ کو ہوتا ہے۔ سیاست اور کرکٹ کو ملانا نہیں چاہیئے۔ ’مجھے امید ہے کہ بھارت میں لوگ معقولیت کی طرف جائیں گے‘۔

    انہوں نے کہا کہ بھارت پہلے دن سے ہی پی ایس ایل ناکام بنانے کے لیے سرگرم ہے، میری ترجیحات میں خواتین کی کرکٹ بھی شامل ہے۔ کرکٹ کے بزنس پلان میں خواتین کرکٹ اوپر ہے۔ ہم کبھی بھی خواتین کی کرکٹ کو نظر انداز نہیں کریں گے۔

    چیئرمین کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کے انعقاد سے نیا ٹیلنٹ سامنے آیا، حیدر آباد میں اسٹیڈیم پر بہت کام کرنا ہے۔ ہمارے ہاں علاقائی اور اسکول کی سطح پر کرکٹ کو فروغ نہیں دیا جاتا۔ علاقائی تنظیمیں کرپشن کا بہت شکار ہیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ میران شاہ اور مظفر آباد میں میچ کروانے سے متعلق جائزہ لیں گے، ہمیں پاکستان نہ آنے پر کسی کو دھکی دینے کا کوئی فائدہ نہیں ہے۔ ٹیموں کے دورے سے متعلق ماہرین کو مطمئن کرنے کی کوشش کی ہے، ہماری کوشش ہوگی کہ سری لنکا سے پوری سیریز پاکستان میں ہو۔

  • پی ایس ایل فتح پاکستانی عوام اورخاص کربلوچستان کے نام ہے‘ سرفراز احمد

    پی ایس ایل فتح پاکستانی عوام اورخاص کربلوچستان کے نام ہے‘ سرفراز احمد

    کراچی: کوئٹہ گلیڈی ایٹرزکے کپتان سرفرازاحمد نے پی ایس ایل کے انعقاد پرسیکیورٹی فورسز، سندھ حکومت اوروفاق کا شکریہ ادا کیا۔

    تفصیلات کے مطابق کوئٹہ گلیڈی ایٹرزکے کپتان سرفرازاحمد نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ پی ایس ایل فتح پاکستانی عوام اورخاص کر بلوچستان کے نام ہے۔

    سرفراز احمد نے پی ایس ایل کے انعقاد پرسیکیورٹی فورسز، سندھ حکومت اوروفاق کا شکریہ ادا کیا۔


    کوئٹہ گلیڈی ایٹرزکے کپتان سرفراز احمد نے عالمی کھلاڑیوں، خصوصاً کراچی کے شائقین کا کامیاب پی ایس ایل پرشکریہ ادا کیا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پی ایس ایل فائنل میں پشاور زلمی کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔

    کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پہلی بار پی ایس ایل ٹائٹل جیت لیا

    پی ایس ایل فائنل میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پشاور زلمی نے 139 رنز کا ہدف دیا جسے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم نے 18 ویں اوور میں حاصل کرلیا تھا۔

    کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے محمد حسنین نے 3، ڈیوین براوو نے 2، محمد نواز اور فواد احمد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی تھی۔