اسلام آباد: اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں کرکٹر شرجیل خان نے عدالت میں جواب داخل کرادیا اور خود پر لگائے گئے تمام الزامات مسترد کردیے۔
اطلاعات کے مطابق بدھ کو کرکٹر شرجیل خان نے وکیل کے ذریعے عدالت میں اپنا جواب داخل کرادیا جس میں انہوں پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے لگائے گئے اسپاٹ فکسنگ کے تمام تر الزامات کو مسترد کردیا ہے۔
شرجیل خان کے وکیل نے اپنے جواب میں کہا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کا کوڈ آف کنڈکٹ آئین پاکستان کی خلاف ورزی ہے، ہم شرجیل خان پر لگائے گئے تمام الزامات مسترد کرتے ہیں۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ پی ایس ایل میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے اوپنر شرجیل خان نے بورڈ کے کسی اصول سے روگرانی نہیں کی۔
وکیل نے اپنے موکل کے موقف کی حمایت میں کئی ماہرین کرکٹ کے بیانات بھی داخل کیے ہیں جن میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے ہیڈ کوچ ڈین جونز، سابق کرکٹر صادق محمد اور محمد یوسف شامل ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے اپنی جاری کردہ پریس ریلیز میں کہا ہے کہ شرجیل خان کے وکیل کیس کو عدالت میں لے جانے پر یقین نہیں رکھتے تھے اور انہوں نے اسپاٹ فکسنگ کا معاملہ عدالت میں لے جانے سے قبل بورڈ کے سامنے اٹھایا تھا اور عدالت نہ جانے کی یقین دہانی کرائی تھی۔
بعدازاں شرجیل خان نے اپنے وکیل اعجاز کے ذریعے ٹریبونل بننے سے قبل تفصیلی جواب داخل کرادیا اور جواب کی کاپی بورڈ کو فراہم کردی گئی۔
جاری بیان میں پی سی بی نے کہا ہے کہ کوڈ آف کنڈکٹ کے تحت پی سی بی چاہے گا تو 13 مئی کو شرجیل خان کو تفصیلی جواب دے گا۔
خیال رہے کہ یومیہ بنیادوں پر سماعت 15 مئی سے شروع ہوگی۔
لاہور: پی ایس ایل اسپاٹ فکسنگ اسکیندل میں معطل کیےجانے والے کرکٹرخالد لطیف آج اینٹی کرپشن ٹربیونل کےسامنے پیش ہوئے جہاں انہیں ٹربیوبل کی جانب سے سوالنامہ دے دیاگیا۔
تفصیلات کےمطابق پاکستان سپرلیگ ٹو کے اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں معطل کرکٹر خالد لطیف آج پی سی بی اینٹی کرپشن ٹربیونل کےسامنے ہوئے۔
پی سی بی اینٹی کرپشن بورڈ کی جانب سے معطل کرکٹر کو سوالات کی فہرست فراہم کردی گئی اورانہیں ان سوالوں کاجواب جمع کرانےکے لیے 5مئی تک کی مہلت دی گئی۔
لاہور: اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی کی انکوائری پر سوالات اٹھنا شروع ہوگئے۔ چیئرمین پاکستان سپر لیگ نجم سیٹھی نے ایف آئی اے سے کارروائی روکنے کی درخواست کردی۔
اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں ملوث معطل کھلاڑیوں کے خلاف تحقیقات کا سلسلہ جاری ہے۔
چیئرمین پاکستان سپر لیگ نجم سیٹھی نے ایف آئی اے کی تفتیش پراعتراض اٹھا دیا۔ ان کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے صرف ثبوت کی جانچ کے لیے ایف آئی اے سے مدد مانگی تھی، لیکن ایف آئی اے نے کیس ہی اپنے ہاتھ میں لے لیا۔
ان کا کہنا ہے کہ پاکستان میں فکسنگ کے خلاف قانون نہیں، ایف آئی اے نے تحقیقات کیسے شروع کر دیں؟ انہوں نے سوال کیا کہ ایف آئی اے کو تحقیقات کا کرنے کا کہا ہی کس نے تھا۔
نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ ایف آئی اے کی انکوائری پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) بھی اعتراض کر سکتا ہے۔ ایف آئی اے اپنی کارروائی روک کر بورڈ کو اپنا کام کرنے دے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز ایف آئی اے نے معطل کرکٹرز محمد عرفان اور خالد لطیف کو طلب کیا تھا جہاں دونوں کھلاڑیوں نے اپنا وضاحتی بیان ریکارڈ کروا دیا۔
اپنے بیان میں انہوں نے بکی سے ملنے کا اعتراف تو کیا لیکن اسپاٹ فکسنگ کے الزامات ماننے سے پھر انکار کردیا۔
ایف آئی اے نے آج شرجیل خان اور شاہ زیب حسن کو بیان ریکارڈ کروانے کے لیے طلب کیا ہے۔
خیال رہے کہ اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں اب تک 5 کھلاڑیوں شرجیل خان، خالد لطیف، ناصر جمشید، شاہ زیب حسن خان اور محمد عرفان کو معطل کیا جاچکا ہے۔ ایک روز قبل وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار کی ہدایت پر ان پانچوں کھلاڑیوں کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں بھی شامل کیا جا چکا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے اسپاٹ فکسنگ کے جرم میں فاسٹ بولر محمد عرفان کو معطل کردیا‘ محمد عرفان نے گزشتہ روز پی سی بی اینٹی کرپشن یونٹ کو بیان ریکارڈ کرواتے ہوئے بکیز سے رابطوں کا اعتراف کیا تھا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے محمد عرفان کو معطل کرتے ہوئے 14 روز میں جواب جمع کروانے کی ہدایت کی ہے۔
محمد عرفان نے گزشتہ روز پی سی بی اینٹی کرپشن یونٹ کو اپنا بیان ریکارڈ کروایا تھا۔ انہوں نے بکیز کی جانب سے پیشکش کا اعتراف کیا تھا اور یہ بھی مانا تھا کہ رپورٹ نہ کرنے کی غلطی ہوئی۔
اپنے بیان میں انہوں نے اعتراف کیا کہ 5 مرتبہ اسپاٹ فکسنگ کی پیشکش ہوئی تھی، لیکن اسے قبول نہیں کیا۔ انہوں نے بتایا کہ بکیز نے جب ان سے رابطہ کیا تب ان کے والدین کی طبیعت ناساز تھی، پریشانی کی وجہ سے ٹیم مینجمنٹ کو آگاہ نہ کر سکے۔
ان کا کہنا تھا کہ ذہنی دباؤ تھا اس لیے رپورٹ نہیں کر سکا۔ اپنے بیان میں ان کا کہنا تھا کہ معلوم نہیں تھا کہ میں نے جرم کیا ہے۔ اس کا اعتراف کرتا ہوں پر غلط کام نہیں کیا۔
اسپاٹ فکسنگ کرنے والوں کو رعایت نہیں ملے گی : شہریار خان
اس سے قبل چیئرمین پی سی بی شہریار خان دو ٹوک الفاظ میں واضح کر چکے تھے کہ فکسنگ میں ملوث کھلاڑیوں کو کوئی رعایت نہیں ملے گی۔
انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ اگر کوئی بھی کھلاڑی اسپاٹ فکسنگ میں ملوث پایا گیا تو وہ اپنا کیریئر ختم سمجھے۔
لاہور: پاکستان سپر لیگ کے فائنل کے کامیاب انعقاد کے بعد پاکستان میں عالمی کرکٹ کی واپسی کے امکانات روشن ہوگئے ہیں۔ آئی سی سی ٹاسک فورس کے سربراہ جائلز کلارک کا کہنا ہے کہ رواں سال ستمبر میں ورلڈ الیون پاکستان کا دورہ کرے گی۔
تفصیلات کے مطابق انٹرنیشل کرکٹ کونسل ٹاسک فورس کے سربراہ جائلز کلارک نے خط کے ذریعے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان کو آگاہ کیا ہے کہ رواں سال ستمبر میں ورلڈ الیون پاکستان کا دورہ کرے گی۔ پی ایس ایل فائنل کا شاندار انعقاد بڑی کامیابی ہے۔
جائلز کلارک نے کہا کہ پاکستان آئی سی سی کا ایک اہم رکن ہے اور ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کا نہ ہونا افسوس ناک ہے۔ شائقین کے جذبات کی قدر اور ان سے ہمدردی بھی ہے، امید ہے کہ جلد ہی اپنے ہیروز کو ایکشن میں دیکھ سکیں گے۔
دوسری جانب بنگلہ دیش کے سیکیورٹی وفد نے پاکستان کے حفاظتی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ بنگلہ دیش کے سیکیورٹی افسر انیس الدولہ نے پی ایس ایل کا فائنل لاہور میں دیکھا تھا جس کے بعد انہوں نے کہا کہ پاکستان عالمی کرکٹ کے لیے پر امن ملک ہے۔
لاہور: پاکستان سپر لیگ سیزن 2 کے فائنل کے لاہور میں کامیاب انعقاد کے بعد غیر ملکی کھلاڑیوں نے وطن واپس لوٹنا شروع کردیا۔ جانے سے قبل کھلاڑیوں نے پاکستانیوں کی مہمان نوازی اور ان کی جانب سے پذیرائی کا بے حد شکریہ ادا کیا۔
گزشتہ روز صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں پی ایس ایل کی رنگا رنگ اختتامی تقریب اور شاندار فائنل میچ کے بعد غیر ملکی کرکٹرز نے وطن واپسی کا سلسلہ شروع کردیا۔
پاکستان سپر لیگ سیزن 2 کی فاتح ٹیم پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی، ڈیوڈ ملن، ایلٹن چگمبرا، اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے کوچ ڈین جونز گشتہ رات ہی 3 بجے کی پرواز سے واپس لوٹ گئے۔
ان کھلاڑیوں کے جہاز میں بیٹھنے تک انہیں سخت سیکیورٹی فراہم کی گئی اور علامہ اقبال انٹرنیشل ایئرپورٹ درجنوں سیکیورٹی اہلکاروں کے نرغے میں رہا۔
جانے سے قبل ڈیرن سیمی نے اپنے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ کیا، ’اس قدر پرجوش عوام کے سامنے کھیلنا بہت خاص تھا۔ گو کہ پشاور زلمی چیمپئن بن گئی مگر فتح کرکٹ کی ہوئی‘۔
پشاور زلمی میں شامل کھلاڑی ڈیوڈ ملن کا کہنا تھا، ’پشاور زلمی کا حصہ بننا میرے لیے بہت خوشی کی بات تھی۔ دبئی سے لے کر لاہور تک یہ تجربہ نہایت شاندار تھا‘۔
Been a huge pleasure being part of @PeshawarZalmi for this edition of the PSL. From Dubai to Lahore its been a fantastic experience #winners
پاکستان سپر لیگ کا شاندار فائنل اور پاکستان میں غیر ملکی کھلاڑیوں کی بہترین مہمان نوازی اور خیر مقدم نے یقیناً ان کھلاڑیوں کو کف افسوس ملنے پر مجبور کردیا ہوگا جنہوں نے فائنل کے لیے لاہور آنے سے انکار کردیا تھا۔
کراچی : پی ایس ایل کی ٹیم پشاور زلمی کے اہم کھلاڑی شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ فائنل نہ کھیلنے کا دکھ ہے، انجری نہ ہوتی تو یقیناً فائنل کھیلتا، پی ایس ایل میں بہترین میچز ہوئے کارکردگی سے خوش اور مطمئن ہوں، فائنل دیکھنے لاہور ضرور جاؤں گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’’اعتراض ہے‘‘ میں خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کیا، پروگرام میں کوئٹہ گلیڈیئٹرز کے کپتان سرفرازاحمد اور جماعت اسلامی کے امیر سینیٹر سراج الحق نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
شاہد آفریدی نے کہا کہ پی ایس ایل میرے پاس ایک اچھا موقع تھا جس کا فائدہ اٹھایا، پی ایس ایل کے ذریعے نئے ٹیلنٹ سامنے آیا ہے، اس میں بہت سےنئےکھلاڑیوں کوموقع دیا گیا، محمد اصغرجیسے بولراور بہت سے نئےکھلاڑی متعارف ہوئے ہیں۔
فئیر ویل کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ فیئر ویل میں نے خود کھوئی ہے، ہرکھلاڑی کو فیئر ویل ملنی چاہئیے، مداحوں کا مشکورہوں اور ان ہی کیلئے کھیلتا آیا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ آج ہی دبئی سے کراچی پہنچا ہوں، ڈیرن سیمی بھی لاہور پہنچیں گے، غیرملکی کھلاڑیوں کیلئے کل ضرور فائنل دیکھنےجاؤں گا، نہ کھیلنے کا دکھ ہے انجری نہ ہوتی توفائنل ضرور کھیلتا۔
ملک میں انٹر نیشل کرکٹ کی واپسی پر خوشی ہے، سرفراز احمد
پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کپتان کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ خوشی ہے پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی ہورہی ہے، غیر ملکی کھلاڑی پاکستان آرہے ہیں جو خوش آئند ہے، کوئی بھی ٹیم جیتے فرق نہیں پڑتا جو اچھا کھیلے گا فائنل وہی جیتے گا، جیت صرف پاکستان کی ہونی چاہئیے۔
پی سی بی حکام کو پی ایس ایل کا فائنل لاہور میں کرانے پر مبارکباد دیتا ہوں، فائنل جیتنے کیلئے تمام کھلاڑی بہت پرجوش ہیں تاہم غیر ملکی کھلاڑیوں کی کمی محسوس کریں گے۔
انہوں نے بتایا کہ کیون پیٹرسن کی جگہ نئےغیرملکی کھلاڑی ٹیم میں شامل ہونگے، احمد شہزاد سمیت بہت سے پلیئرفارم میں ہیں اور اچھا کھیل پیش کر رہے ہیں، پوری لیگ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے آئندہ بھی کرینگے، پی ایس ایل میں بہت کچھ سیکھنےکوملا۔
پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کو دعوت دینے کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میں کون ہوتا ہوں دعوت دینے والا، لیکن میری خواہش ہے کہ عمران خان بھی کل میچ دیکھنے آئیں، وہ بہت بڑے کھلاڑی ہیں، اگرمصروفیات نہ ہوئیں تو کل عمران خان بھی قذافی اسٹیڈیم میں ہونگے، کھیل سے محبت کرنے والے ہر شخص جس کو موقع ملے گا تو وہ فائنل دیکھنے ضرور آئے گا۔
امن کا پیغام پہنچانے کیلئے میچ دیکھنے جاؤں گا، سراج الحق
جماعت اسلامی کے امیر سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ پہلی مرتبہ ٹکٹ لے کر محبت اور امن کا پیغام عالمی سطح پر پہنچانے کیلئے پی ایس ایل کا فائنل دیکھنے جارہا ہوں، اس سے پہلے میچ کبھی کبھی ٹی وی پر میچ دیکھتا رہاہوں۔
انہوں نے کہا کہ 500 روپے سے کم کوئی ٹکٹ نہیں تھا اسی لیے وہی ٹکٹ خریدا، عام شہری ہوں عام پاکستانیوں کے ساتھ ہی میچ دیکھوں گا۔
سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرنا چاہتا ہوں، پاکستان میں بھی کرکٹ کے شائقین موجود ہیں توجہ دینی چاہیے، پی ایس ایل فائنل میں پہنچنےوالی دونوں ٹیمیں ہماری ہی ٹیمیں ہیں، پی ایس ایل پاکستان میں ہوتو ملک کا فائدہ ہے،عام شہریوں کا فائدہ ہے۔
دبئی : پاکستان سپرلیگ کےتیسرے پلےآف میچ میں پشاور زلمی اور کراچی کنگزکا مقابلہ آج ہوگا۔جیتے والی ٹیم فائنل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کےساتھ مقابلہ کرے گی۔
تفصیلات کےمطابق دبئی کےاسٹیڈیم میں پی ایس ایل فائنل تک رسائی کے لیےپشاور زلمی اور کراچی کنگز میں جنگ آج ہوگی۔میچ پاکستانی وقت کےمطابق رات نوبجےشروع ہوگا۔
کراچی کنگزکی ٹیم میں اپنی شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرکےاسکوربورڈ پررنز کےانبھارلگانے والےنوجوان کرکٹر بابراعظم ہیں۔جو290 رنزکےساتھ پاکستان سپرلیگ کےٹاپ اسکورر بلےباز ہیں۔
کمارسنگاکاراکی قیادت میں کھیلنے والی کراچی کنگز میں اسٹار کرکٹرشعیب ملک،آل راؤنڈر پولارڈ،چوکوں اور چھکوں کے بادشاہ کرس گیل،روی بوپار،سہیل خان اسامہ میر،محمد عامر،عمادوسیم اور عثمان خان جیسے کھلاڑی شامل ہیں۔
پی ایس ایل ٹورنامنٹ میں چاہےوہ بیٹنگ کا شعبہ ہویابولنگ کا ہرجگہ کراچی کنگزکےکھلاڑی نمایاں کارکردگی کے ساتھ سرفہرست ہیں۔بیٹنگ میں بابراعظم 290رنزکےساتھ جہاں سب سے زیادہ رنزکرنے والے بلے بار ہیں تووہی سہیل خان 15وکٹیں لےکرایونٹ کےکامیاب ترین باؤلر ہیں۔
دوسری جانب ڈیرن سیمی کی کپتانی مین کھیلنے والی پشاور زلمی کو کامران اکمل،شاہد آفریدی،محمد حفیظ،وہاب ریاض اور حسن علی جیسے کھلاڑیوں کی خدمات حاصل ہیں۔
یاد رہےکہ پی ایس ایل کے پہلے پلے آف میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرزنے پشاور زلمی کی ٹیم کو سنسنی خیز مقابلے کے بعدایک رن سے شکست دے دی تھی۔
شارجہ : پی ایس ایل پلے آف کے دوسرے میچ میں کراچی کنگ نے سنسنی خیز میچ کے بعد دفاعی چیمپیئن اسلام آباد یونائیٹڈ کو 44 رنز سے ہرا کر ٹورنامنٹ میں اپنی پوزیشن مزید مستحکم کر لی ہے قبل ازیں پہلے کھیلتے ہوئے کراچی کنگز نے 127 رنز کا ہدف دیا تھا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کنگز نے پلے آف مرحلے کے اہم میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کو سنسنی خیز میچ کے بعد 44 رنز سے شکست سے دوچار کردیا قبل ازیں پہلے کھیلتے ہوئے کراچی کنگز نے 127 رنز کا ہدف دیا جس کے تعاقب میں پوری اسلام آباد یونائیٹڈ کی پوری ٹیم 82 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی اور یوں کراچی کنگز نے 44 رنز سے حاصل کر لی۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کے9 کھلاڑی ڈبل فگر تک بھی نہ پہنچ سکے اور کپتان مصباح الحق اورآصف علی ہی صرف ڈبل فگرتک پہنچے، اس شکست کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئی ہے۔
شاندار کارکردگی دکھانے پر عماد وسیم کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا اس سنسنی خیز میچ کی جیت بولرز کی مرہون منت رہی جس میں عماد وسیم ، محمد عامر اور اسامہ میر نے تین تین اور سہیل خان نے ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ 127 ہدف کے تعاقب میں
کراچی کنگز نے پہلے کھیلتے ہوئے 127 رنز کا ہدف دیا جس کا تعاقب کرتی اسلام آباد یونائیٹڈ کی پوری ٹیم محض 82 رنز کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہو گئی۔
اس طرح سولہواں اوور جاری تھا کہ اسلام آباد کا آخری کھلاڑی بھی آؤٹ ہو گیا اور یوں اسلام آباد یونائیٹڈ کی پوری ٹیم 82 رنز کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوگئی۔
کراچی کنگز کی اننگ
پہلے اوور میں کراچی کنگ کوئی اسکور نہ بنا سکی
کراچی کنگ کی جانب سے اننگ کا ٓآغاز کرنے کے لیے بابر اعظم اور کرس گیل میدان میں اترے جب کہ اسلام یونائیٹڈ کی جانب سے محمد عرفان نے بالنگ اینڈ کو سنبھالا جب کہ مدمقابل بابر اعظم نے پہلی گیند کو اعتماد سے کھیلا اور پانچویں بال تک کوئی رن اسکور نہ کر سکے اور پہلے اوور کی آخری بال پر بھی کوئی اسکور نہ بن سکا یوں پہلا اوور میڈن گیا۔
دوسرے اوور بھی میڈن گیا
دوسرے اوور میں محمد سمیع کی گیندوں کا سامنے کرنے کے لیے کرس گیل موجود تھے تاہم وہ بھی کوئی رن نہ بنا سکے اور یوں دوسارے اوور کے اختتام پر بھی کراچی کنگ اسکور بورڈ میں کچھ اضافہ نہ کر سکے۔
تیسرے اوور میں کراچی کنگ نے 18 رنز بنا لیے
تیسرے اوور کے اختتام پر بابر اعظم کے چار چوکوں اور دو رنز کے باعث کراچی کنگ 18 رنز بنانے میں کامیاب رہا، بابر اعظم، کے محمد عرفان کو لگائے گئے چار خوبصورت چوکوں نے شائقین کے دل جیت لیے۔
چوتھے اوور کے اختتام پر کراچی کنگ نے 25 رنز بنا لیے
چوتھے اوور کے اختتام پر کراچی کنگ نے 25 رنز بنانے میں کامیاب رہی اور دونوں اوپنرز اعتماد کے ساتھ اپنی ٹیم کے مجموعی اسکور میں اضافہ کر رہے ہیں۔
پانچویں اوور کے اختتام پر اسکور 35 رنز بغیر کسی نقصان کے
پانچویں اوور کے خاتمے پر اوپنر بابر اعظم کے 24 اور کرس گیل کے 11 انفرادی اسکورز کے باعث کراچی کنگ نے 35 رنز بنا لیے ہیں اور ابھی دونوں اوپنرز پچ پر موجود ہیں ۔
چھٹے اوور کے اختتام پر کراچی کنگ ایک وکٹ کے نقصان پر 42 بنا سکی
چھٹے اوور میں کراچی کنگ کو نقصان اٹھانا پڑا اور کر س گیل 17 رنزز بنا نے کے بعد کلین بولڈ ہو گئے اس طرح چھٹے اوور کے اختتام پر 42 رنز ایک وکٹ کے نقصان پر بنا پائی۔
ساتویں اوور میں کراچی کنگ کے دو وکٹ کے نقصان پر45 رنز
ساتویں اوورز کا ٓغاز کراچی کنگ کے لیے بہتر ثابت نہیں ہوا اور اوپنر بابر اعظم 25 رنز بنا کر پولین واپس لوٹ آئے یوں اس اوورز کے اختتام پر کراچی کنگ کی 45 رنز پر دو وکٹیں گر چکی ہیں۔
آٹھواں اوور ۔۔ 48/2
کمار سنگارا اور شعیب ملک پچ پر موجود ہیں اور محتاط انداز سے بلے بازی جاری ہے محمد عرفان کی جانب سے پھینکے اس اوور میں محض تین رنز کا اضافہ ہو سکا۔
نواں اوور ۔۔ 57/2
نویں اوورز کا اختتام شعیب ملک کے شاندار چوکے سے ہوا اور اسطرح کراچی کنگ نے نو اوور کے اختتام پر 54 رنزز بنا لیے تا ہم وہ اپنے دونوں اوپنرز کی وکٹیں گنوا چکی ہے۔
دسواں اوور ۔۔ 66/2
دسویں اوور کی آخری چار بالز پر سنگلز لینے کے بعد آخری بال پر چوکا لگا کر کمار سنگارا نے مجموعی اسکور 66 رنز تک پہنچا دیا اس موقع پر سنگاکارا 13 اور شعیب ملک 9 رنز کے انفرادی اسکور پر براجمان ہیں۔
گیارہواں اوور۔۔ 74/2
گیارہویں اوور کے اختتام پر کراچی کنگ کا مجموعی اسکور 74 تک پہنچ گیا جب کہ دو وکٹوں کے نقصان کا سامنا بھی ہے ، کپتان کمار سنگارا اور شعیب ملک وکٹ پر موجود ہیں۔
بارہواں اوور 81/3
کراچی کنگ کے کپتان کمار سنگا کارا گیارہویں کی تیسری بال پر سترہ بنانے کے بعد پولین واپس لوٹ آئے انہیں شین واٹسن نے آؤٹ کیا۔
تیرہواں اوور ۔۔ 92/3
شعیب ملک 18 اور روی بوپارا 13 رنز کے انفرادی اسکور پر پچ پر موجود ہیں جب کہ مجموعی اسکور 92 ہو گیا ہے اور تین کھلاڑی ڈریسنگ روم پہنچ گئے ہیں۔
چودہواں اوور ۔۔ 100/3
کراچی کنگ کی سینچری چودہویں میں مکمل ہوئی جس کے لیے انہیں تین وکٹیں گنوانی پڑیں۔
پندرہواں اوور ۔۔۔ 106/5
پندرہویں اوور کے آغاز میں ہی کراچی کنگ کو ایک اور نقصان اُٹھانا پڑا جب روی بوپارہ لمبا شارٹ کھیلنے کے چکر میں فیلڈر کو کیچ دے بیٹھے اور چودہ رنز کی انفرادی اننگ کھیل پر پولین واپس لوٹ آئے جب کہ اسی اوور کی چوتھی بال پر دوسرا رن کی کوشش کرتے ہوئے شعیب ملک بھی رن آؤٹ ہو گئے۔
سولہواں اوور۔۔۔114/5
سولہواں اوور کا آغاز بہت اچھا ہوا اور پچ پر آنے والے نئے بلے باز عماد وسیم نے شاندار چھکا لگا کر ٹیم کے مورال کو بلند کیا۔
کراچی کنگ کی پوری ٹیم آخری اوور کی چوتھی بال آؤٹ ہو گئی اور اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت کے لیے محض 127 رنز کا ہدف دیا ہے۔
سترہویں اوور کی پہلی گیند پر عماد وسیم آٹھ گیندوں پر چودہ رنز بنا کر پولین لوٹ آئے جب کہ اگلی ہی گیند پر پولارڈ بھی کیچ تھما کر 5 رنز کے انفرادی اسکور پر آؤٹ ہو گئے جب کہ اسی اوور میں رومان رئیس سہیل خان کو بھی کلین بورڈ کرنے میں کامیاب رہے۔
اس سے قبل جب دونوں ٹیمیں اپنے اہم میچ کے لیے اسٹیڈیم پہنچیں تو دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کے حوصلے بلند اور عزم جواں تھے اور دونوں ہی ٹیمیں میچ جیتنے کے لیے بے تاب نظر آئیں۔
واضح رہے کہ پلے آف کے پہلے میچ میں کوئیٹہ گلیڈی ایٹرز نے شاندار کارکردگی کا مظاہر کرتے ہوئے پشاور زلمی کو سنسنی مقابلے کے بعد شکست فاش سے دوچار کیا اور خود براہ راست فائنل تک رسائی حاصل کر لی۔
خیال رہے کہ ٹورنامنٹ کے دوران کراچی کنگز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو ہراکر 8 پوائنٹس کے ساتھ پیش قدمی جاری رکھی ہوئی ہے جب کہ 6 پوائنٹس کے حامل لاہور قلندرز ٹورنامنٹ سے باہر ہونے کے بعد لاہور واپس لوٹ آئی ہے۔
لاہور: پی ایس ایل فائنل کے ٹکٹ ملنے کے انتظار میں شائقین کرکٹ بے قرار ہوگئے، بینک کے باہر ٹکٹ حاصل کرنے والوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں، دو سو ٹکٹوں کے لئے ہزاروں افراد کا بینک کے باہر مجمع لگ گیا، بلیک میلنگ کے الزام میں ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی گئی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ کے سپر فائنل کی ٹکٹیں حاصل کرنا شائقین کیلئے چیلنج بن گیا۔ ٹکٹ ملنے کے انتظار میں شائقین کی بینک کے باہر لمبی لائن لگ گئی، ٹکٹوں کے حصول کیلئے لوگوں کی دھکم پیل سے تلخ کلامی کے واقعات بھی پیش آئے۔
کم قیمت والے ٹکٹ نایاب ہوگئے۔ فائنل کی جنگ سے پہلے ٹکٹ حاصل کرنے کی تگ و دو میں کرکٹ کے دیوانے بے قابو ہوگئے۔ بچے بوڑھے خواتین اورطلباو طالبات نے صبح ہوتے ہی بینکوں کے کھلنے سے قبل ہی ڈیرے ڈال دیئے۔ کم قیمت پانچ سو روپے والے ٹکٹس پر لوگ ٹوٹ پڑے۔
آن لائن ٹکٹس بھی آتے ہی چھومنتر ہوگئے۔ لاہورمیں مقررہ برانچز پرکھڑکی توڑ رش رہا۔ بے صبرے شائقین ٹکٹ نہ ملنے پر لڑائی جھگڑے پر اتر آئے۔ صورتحال پر قابو پانے کیلئے پولیس کو طلب کرنا پڑگیا، خوف اور نفرت پھیلانے والوں کو شائقین نے کرارا جوب دے دیا۔
علاوہ ازیں پی ایس ایل فائنل کی مبینہ طور بلیک میں فروخت ہونے والی ٹکٹوں کے خلاف ہائی کورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی۔
پہلاٹکٹ حاصل کرنے والی خاتون خوشی سے باغ باغ ہوگئی، ٹکٹ ملنے پر دو نوجوانوں نے لڈی ڈال کر جشن منایا، ٹکٹ نہ ملنے پر ایک نوجوان نے دھرنا دیا جسے پولیس اپنے ساتھ لے گئی،
کئی شائقین کو ٹکٹ تو نہ ملے البتہ پولیس کے دھکے ضرور ملے۔ ٹکٹ پانے والی ایک خوش نصیب خاتون نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو میں بتایا کہ انہیں تو انتظار ہی نہیں کرنا پڑا۔
درخواست سول سوسائٹی نیٹ ورک کی جانب سے دائر کی ہے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ پی ایس ایل کی 500روپے والی ٹکٹ 4000 سے بارہ ہزار روپے میں فروخت کی جا رہی ہے۔انتظامیہ کی نااہلی سے شائقین کرکٹ کو مشکلات کا سامنا ہے۔
۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ آن لائن ٹکٹیں بھی مہنگے داموں فروخت کی جارہی ہیں، جبکہ سستی ٹکٹوں کے لئے شائقین کو بینکوں کے باہر لائنوں میں لگا دیا گیا ہے جس سے شائقین کرکٹ دہشت گردی کی نذر بھی ہو سکتے ہیں۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ پی ایس ایل کی بلیک میں ٹکٹوں کی فروخت کو روکا جائے اورٹکٹوں کی فروخت کا آسان طریقہ وضع کرنے کے بھی احکامات جاری کیے جائیں۔