Tag: پی ایس ایل

  • پی ایس ایل: اسپاٹ فکسنگ کا انکشاف، شرجیل خان اور خالد لطیف ایونٹ سے باہر

    پی ایس ایل: اسپاٹ فکسنگ کا انکشاف، شرجیل خان اور خالد لطیف ایونٹ سے باہر

    دبئی : پاکستان سپر لیگ میں اسپاٹ فکسنگ کا انکشاف ہوا ہے، پی سی بی نے اسلام آباد یوئانیٹڈ کے دو کھلاڑیوں شرجیل خان اور خالد لطیف کو معطل کرتے ہوئے ایونٹ سے باہر کردیا، کھلاڑیوں نے اعتراف جرم کرلیا اور دبئی سے کراچی واپس پہنچ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان سپرلیگ میں اسپاٹ فکسنگ کا انکشاف ہوا ہے جس سے لیگ کو زبردست دھچکا لگا ہے تاہم پی سی بی کے باخبر رہنے کی وجہ سے پی ایس ایل میں کرپشن نہ ہوسکی، پاکستان کرکٹ بورڈ اور آئی سی سی نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے شرجیل خان اورخالد لطیف کو اسپاٹ فکسنگ میں ملوث قرار دیتے ہوئے انہیں معطل کرکے وطن واپس روانہ کردیا۔

    تازہ ترین اطلاعات کے مطابق دونوں کھلاڑی وطن واپس پہنچ گئے، شرجیل خان اور خالد لطیف پرواز ای کے602 سے کراچی پہنچے۔

    اینٹی کرپشن کوڈ کی خلاف ورزی کا الزام میں پاکستان کرکٹ بورڈ نے دونوں کھلاڑیوں کے خلاف تحقیقات شروع کردی ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے نمائندہ شاہد ہاشمی نے بتایا ہے کہ یہ پہلا موقع ہے کہ پی ایس ایل میں اسپاٹ فکسنگ کا معاملہ سامنے آیا ہے جس کے بعد پی سی بی نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دونوں کھلاڑیوں کو معطل کرکے وطن واپس بھیج دیا اور مزید تحقیقات شروع کردیں۔

    انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی آفیشلرز اور اینٹی کرپشن یونٹ نے فوری کارروائی کرتے ہوئے نہ صرف تحقیقات کیں بلکہ دونوں کھلاڑیوں سمیت اس پوری سینڈیکیٹ کو پکڑا جس کا کھلاڑیوں سے رابطہ تھا۔

    ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی کرکٹ ایسے واقعات سے پہلے ہی متاثر ہے اور اب یہ جو خبر سامنے آئی ہے یہ بہت بڑی خبر ہے جس سے پی ایس ایل متاثر ہوگی تاہم ساتھ ہی ساتھ پی سی بی کا اقدام بھی قابل تعریف ہے کہ انہوں نے فوری کارروائی ہوئی۔

    شاہد ہاشمی نے مزید بتایا کہ دونوں کھلاڑیوں کو سزا ملے گی، ان کا کیریئر متاثر ہوسکتا ہے، تحقیقات میں اگر الزامات ثابت ہوگئے تو انہیں بڑی پابندی کا سامنا ہوسکتا ہے۔

    دوسری جانب لاہور سے نمائندہ اے آروائی نیوز شہزاد ملک نے بتایا ہے کہ چیئرمین پی سی بی شہریار خان اورنجم سیٹھی کے رد عمل سامنے آرہے ہیں جہنوں نے شفافیت پر زور دیا ہے، دونوں کھلاڑیوں کے خلاف آئی سی سی اور اے سی یو کی جانب سے تحقیقات جاری ہیں۔

    پی سی بی کمنٹ نہیں کرسکتا۔ رپورٹر نے مزید بتایا کہ دونوں کھلاڑیوں کے سٹے بازوں سے روابط سامنے آئے ہیں۔ اینٹی کرپشن یونٹ نے پی سی بی حکام کو یہ بات رپورٹ کرائی جس کے بعد انہیں معطل کیا گیا۔

    اب دونوں کھلاڑیوں کو کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف وزری پر پاکستان کرکٹ ٹیم سے بھی معطل کیا جائےگا، جب تک تحقیقات مکمل نہیں ہوتیں دونوں کھلاڑی کسی بھی فارمیٹ کے انٹرنیشنل کھیل کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے۔

    شہزاد ملک نے بتایا کہ پی سی بی نے کہا ہے کہ تحقیقات مکمل ہونے تک اس معاملے پر مزید کوئی بات نہیں کی جائے گی۔

    یاد رہے کہ شرجیل خان اور خالد لطیف پی ایس ایل ایڈیشن ٹو میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی کررہے ہیں۔ پی سی بی کے مطابق تحقیقات مکمل ہونے تک دونوں کھلاڑی پی ایس ایل ٹو میں شرکت نہیں کرسکیں گے۔

    مصدقہ ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں کھلاڑیوں نے میچ کے بعد ایک مشکوک شخص سےملاقات کی،  شرجیل خان اور خالد لطیف کی مشکوک شخص سے ملاقات کے ویڈیو کلپس بطورثبوت موجود ہیں، دونوں کھلاڑیوں کی ملاقاتیں پبلک مقامات پر ہوئیں۔

    نجم سیٹھی کے کرپشن کے خلاف نوکمپرومائز نے بھارتی لابی کو چپ کرادیا،  تحقیقات میں شرجیل خان اورخالد لطیف نے ملاقات کا اعتراف کرلیا ہے۔

    دونوں کھلاڑیوں کو عبوری طور پر معطل کر کے وطن واپس بھیجا گیا، ذرائع کے مطابق دونوں کھلاڑی اسپاٹ فکسنگ میں ملوث ہوئے تو ان کا انٹرنیشنل کیریئر بھی داؤ پر لگ جائے گا۔

    اطلاع ہمارے اینٹی کرپشن یونٹ نے دی، نجم سیٹھی

    اس حوالے سے چیئرمین پی ایس ایل نجم سیٹھی نے اے آر وائی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی کرپشن کےخلاف ہماری زیرو ٹالرنس پالیسی ہے، ہمارے یونٹ نے اطلاع دی تھی جس پر کارروائی کی گئی، اب بھی کوئی شک یا کوئی ثبوت ملا تو ایسا ایکشن پھر لیا جائے گا۔

    خالد لطیف کی وجہ سے راشد لطیف کی ساکھ خراب ہوگی، باسط علی

    سابق کرکٹر باسط علی نے اے آر وائی سے گفتگو میں کہا کہ پی سی بی نے دونوں کھلاڑیوں کو معطل کرکےاچھا اقدام کیا ہے۔ اگر آپ کرکٹ کے نقطہ نظر سے دیکھیں تو یہ خوش آئند بات ہے کہ پی سی بی نے انڈین کرکٹ بورڈ کی طرح نہیں کیا بلکہ اپنے پلیئرزکے خلاف کارروائی کی ہے جو آئندہ آنے والے کرکٹرز کے لیے مثال اور مقام عبرت ہوگی۔

    اینکر کے ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ غیر ملکی میڈیا اس بات کو منفی طور پر اچھالے گا لیکن پی سی بی کے لیے یہ اچھا ہوا کہ جرم پکڑا گیا۔

    انہوں نے کہا کہ خالد لطیف کا نام سن کر حیرانی ہوئی، خالد لطیف راشد لطیف کے بہت قریب ہیں اس سے راشد لطیف کی ساکھ خراب ہوگی۔

    باسط علی نے کہا کہ اسپاٹ فکسنگ کے معاملات سامنے آنے کے بعد لاہورکے ہارنے پربھی انگلیاں اٹھ سکتی ہیں، گزشتہ روز کھیلے جانے والے میچ کا نتیجہ بھی مشکوک ہوگیا ہے کیوں کہ عوام کہتی ہے میچ فکس کرکے ہارے ہوں گے۔

    ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ دونوں کھلاڑیوں پر تاحیات پابندی تو نہیں لگ سکتی تاہم کئی سال کی پابندی عائد کی جاسکتی ہے۔

    شرجیل کے گھر کے باہر لوگوں کا رش لگ گیا

    خبر سنتے ہی حیدر آباد کے علاقے لطیف آباد میں شرجیل خان کے گھر کے باہر لوگوں کی بڑی تعداد جمع ہوگئی جن کا کہنا تھا کہ شرجیل اسپاٹ فکسنگ میں ملوث نہیں ہوسکتا۔

    نمائندہ اے آر وائی کے مطابق آفتاب زئی کے مطابق شرجیل خان کے مداحوں نے کہا کہ تحقیقات ہونے تک اور جرم ثابت ہونے تک انہیں پی ایس ایل میں کھیلنا چاہیے، ان کے ساتھ فراڈ ہوا وہ ایسے کھلاڑی نہیں، ان کے خلاف پروپیگنڈا ہورہا ہے، وہ ایک اچھے بیٹسمین ہیں، یہ شرجیل کے خلاف سازش ہے۔

    دریں اثنا دونوں معطل کھلاڑی دبئی سے کراچی ایئرپورٹ پہنچ گئےجو اسپاٹ فکسنگ کی تحقیقات مکمل ہونے تک کسی بھی میچ میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔

    اے آر وائی نیوز کے نمائندے شاہد ہاشمی نے بتایا کہ شرجیل دوران پرواز روتے رہے۔

  • پی ایس ایل 2017: کراچی کنگز، پشاور زلمی کو پچھاڑنے کے لیے بے قرار

    پی ایس ایل 2017: کراچی کنگز، پشاور زلمی کو پچھاڑنے کے لیے بے قرار

    دبئی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2017 میں آج کراچی کنگز اور پشاور زلمی کا ٹاکرا ہوگا۔ اس سے قبل لاہور قلندرز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیمیں آپس میں مدمقابل ہوں گی۔

    دبئی کے انٹرنیشل کرکٹ اسٹیڈیم میں آج کراچی کنگز اور پشاور زلمی کی ٹیمیں آپس میں ٹکرائیں گی۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق 9 بجے شروع ہوگا۔

    میچ سے قبل کراچی کنگز کے کھلاڑیوں نے بھرپور پریکٹس کی جس میں کراچی کنگز کے مالک سلمان اقبال نے بھی شرکت کی اور کھلاڑیوں کا حوصلہ بڑھایا۔

    واضح رہے کہ یہ لیگ میں کراچی کنگز کا پہلا میچ ہے اور ٹیم اپنے مدمقابل کو پچھاڑنے اور فتح کا جھنڈا گاڑے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔

    دوسری جانب پشاور زلمی کل کے افتتاحی میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے ہاتھوں 7 وکٹوں سے شکست کھا چکی ہے۔

    آج ایک اور میچ لاہور قلندرز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان کھیلا جارہا ہے جس میں لاہور قلندرز نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے۔

    یاد رہے کہ کراچی کنگز کی قیادت سری لنکن کھلاڑی کمار سنگا کارا کر رہے ہیں۔ ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں میں شعیب ملک، کرس گیل، روی بوپارہ اور مہیلا جے وردنے شامل ہیں۔

    kings-2

    پی ایس ایل 2 کا فائنل لاہور میں منعقد ہوگا۔

  • انتظار کی گھڑیاں‌ختم، پی ایس ایل کا آغاز

    انتظار کی گھڑیاں‌ختم، پی ایس ایل کا آغاز

    دبئی: انتظار کی گھڑیاں ختم ہونے کے ساتھ ہی پاکستان سپر لیگ کی افتتاحی تقریب کا آغاز قومی ترانے کے ساتھ کردیا گیا، اسٹیڈیم میں موجود ہزاروں لوگ افتتاحی تقریب کا حصہ بننے اور خوب لطف اندوز ہوئے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ کی افتتاحی تقریب دبئی اسٹیڈیم میں منعقد کی گئی، تقریب کا آغاز پاکستان کے قومی ترانے کے ساتھ کیا گیا، اسٹیڈیم میں موجود لوگوں ترانے کے احترام میں کھڑے ہوئے۔

     اس موقع پر پاکستان کی چاروں صوبوں کی  ثقافت کو روشناس کروانے اور اُن کی اہمیت اجاگر کرنے کے لیے خصوصی پرفارمنس پیش کی گئیں جبکہ مرحوم جنید جمشید کے نغمے دل دل پاکستان کے آتے ہی لوگ جذبات پر قابو نہ رکھ سکے۔

    چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ شہریار خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’افتتاحی تقریب میں لوگوں کی اتنی بڑی تعداد دیکھ کر بہت خوشی ہورہی ہے، پی ایس ایل کا فائنل لاہور میں ہوگا اور ہم دنیا کو یہ ثابت کریں گے کہ پاکستان دنیا کا محفوظ ترین ملک ہے۔

    چیئرمین پی ایس ایل نجم سیٹھی نے کہا کہ آج پاکستان کی آواز پوری دنیا میں دیکھی اور سنی جارہی ہے، شائقین کی حوصلہ افزائی پر اُن کے شکر گزار ہیں دبئی حکومت نے ہماری میزبانی کی اس پر اُن کے بھی شکر گزار ہیں۔

    3

     نجم سیٹھی نے کہا کہ اس بار پی ایس ایل میں پہلے سے زیادہ بڑے اسٹارز شامل ہیں اور ہم لاہور میں فائنل کا انعقاد کر کے دنیا کو یہ پیغام دیں گے کہ پاکستان پرامن ملک ہے اور یہاں کے لوگ کھلاڑیوں سے بہت پیار کرتے ہیں۔

    4

    پاکستانی گلوکار شہزاد رائے نے پی ایس ایل کا آفیشل گانا ’’بلے بلے پیش کر کے حاضرین سے خوب داد وصول کی، علی ظفر اور شیگی نے بھی اپنے فن کا مظاہرہ کر کے لوگوں کو خوب انجوائے کروایا۔

    psl-post-1

    افتتاحی تقریب میں شاندار آتش بازی کی گئی جس کے باعث آسمان پر روشنی بکھر گئی۔

    untitled-4

    واضح رہے کہ گزشتہ روز دبئی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے نجم سیٹھی نے کہا تھا کہ پی ایس ایل کا دوسرا ایڈیشن پہلے سے زیادہ شاندارہوگا، ایونٹ کی تقریب انتہائی شاندار ہوگی ،آتش بازی کے شاندار مظاہرے سمیت چاروں صوبوں کی ثقافت پیش کی جائے گی، پاکستانی کہیں بھی ہوں، پی ایس ایل ان کے لیے خوشی کا موقع ہے۔

    یاد رہے کہ پی ایس ایل دبئی اور شارجہ میں 25 دن تک جاری رہے گی جس میں 24 میچز کھیلے جائیں گے، ان میں دبئی 13 اور شارجہ 10 میچوں کی میزبانی کرے گا۔

    پی ایس ایل کے ایمبسڈر رمیز راجہ نے کہا تھا کہ پی ایس ایل میں سنسنی خیز مقابلے متوقع ہیں، غیرملکی پلیئرز کی لیگ میں شرکت باعث مسرت ہے، اس بار لیگ کی مقبولیت دیکھتے ہوئے نئی چیزیں متعارف کرائی گئی ہیں۔

    1

    2

    یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس بار فائنل لاہور میں کرانے کا اعلان کر رکھا ہے۔ فیڈریشن آف انٹرنیشنل کرکٹرز ایسوسی ایشن ( فیکا) نے بین الاقوامی کرکٹرز کو متنبہ کیا تھا کہ وہ فائنل کے لیے لاہور جانے سے گریز کریں تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ نے یقین دلایا ہے کہ تمام کھلاڑیوں اورآفیشلز کی سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے گئے ہیں۔

  • دبئی : پی ایس ایل کا میلہ سجنے میں صرف ایک دن باقی

    دبئی : پی ایس ایل کا میلہ سجنے میں صرف ایک دن باقی

    دبئی : پاکستان سپرلیگ کا انتظار ختم ہونے کو ہے، پی ایس ایل کا رنگا رنگ میلہ صرف ایک دن کی دوری پر ہے۔ میگا ایونٹ کی افتتاحی تقریب 9 فروری کو دبئی میں ہو گی، پی ایس ایل ٹو کا پہلا میچ 9 فروری کو اسلام آباد یونائیٹڈ اور پشاورزلمی کے درمیان کھیلا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان سپرلیگ کا میلہ سجنے میں صرف ایک دن باقی رہ گیا یو اے ای کے صحرا میں چوکوں اور چھکوں کی بارش ہوگی۔ کرس گیل، کیرون پولارڈ سمیت دنیا کے بہترین کرکٹرز ایک جگہ ہوں گے۔

    پاکستان سپرلیگ کے ایڈیشن ٹو کی جوش، جنون اور ایکشن سے بھرپور رنگا رنگ افتتاحی تقریب نو فروری کو دبئی میں ہوگی۔ عالمی شہرت یافتہ ریپر شہگی اورعلی ظفر اپنی آواز کا جادو جگائیں گے۔ افتتاحی تقریب کے بعد پہلا میچ دفاعی چیمپیئن اسلام آباد یونائیٹڈ اور پشاور زلمی کےدرمیان کھیلاجائے گا۔

    یاد رہے کہ پی ایس ایل کی ٹرافی کی تقریب رونمائی کردی گئی، اس موقع پر بہترین بیٹسمین، بولر اور وکٹ کیپر کے لیے بھی ایوارڈز کا اعلان کیا گیا۔

    اعلامیہ کے مطابق ایونٹ میں زیادہ وکٹیں لینے والے بولر کو فضل محمود ٹرافی ملے گی، بہترین بیٹسمین کو حنیف محمد ٹرافی دی جائے گی جبکہ ٹورنامنٹ کے بہترین وکٹ کیپر کا ایوارڈ امتیاز احمد کے نام سے منسوب کر دیا گیا ہے۔

  • پی ایس ایل : کراچی کنگز کے کھلاڑی دبئی پہنچ گئے

    پی ایس ایل : کراچی کنگز کے کھلاڑی دبئی پہنچ گئے

    دبئی : پاکستان سپرلیگ کے دوسرے ایڈیشن میں حصہ لینے کراچی کنگز کے شیر دبئی پہنچ ہوگئے۔ کراچی ائیر پورٹ پر کھلاڑیوں کا شانداراستقبال کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کنگز کے شیروں نے دبئی کے صحراؤں میں انٹری دے دی۔ پی ایس ایل کے دوسرے ایڈیشن کیلئے کراچی کنگز کے شیر ایک ماہ تک یو اے ای میں قیام کریں گے۔ دبئی روانگی سے قبل کراچی ائیرپورٹ پر کراچی کنگز کے کھلاڑیوں کا شاندار استقبال کیاگیا۔

    karachi-kings-post-1

    اس موقع پر شائقین کرکٹ نے اپنے ہیروز کے ساتھ سیلفیاں بھی بنوائیں۔ کراچی کنگز کے مالک سلمان اقبال، ٹیم کے سی ای او طارق وصی اور وی پی آپریشن نوید رشید بھی ٹیم کےساتھ دبئی پہنچے ہیں۔

    karachi-kings-post-2

    روانگی سے قبل صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کراچی کنگز کےاسٹار بلے باز بابراعظم نے کہا کہ ہماری ٹیم مضبوط ہے، ٹائٹل جیتنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔

    یاد رہے کہ کراچی کنگز کی قیادت کمار سنگا کارا کریں گے جبکہ کرس گیل، روی بوپارہ، بابر اعظم، محمد عامر سمیت کراچی کنگز کی پوری ٹیم نے پی ایس ایل ٹرافی جیتنے کا عزم کیا ہے۔

    پاکستان سپر لیگ کی رنگینیاں ایک ماہ تک جاری رہیں گی۔ کراچی کنگزایونٹ میں اپنا پہلا میچ دس فروری کو پشاور زلمی کے خلاف کھیلے گی۔

  • پاکستان کا نام روشن کرنیوالے کھلاڑی کراچی کنگز کا حصہ ہیں، سلمان اقبال

    پاکستان کا نام روشن کرنیوالے کھلاڑی کراچی کنگز کا حصہ ہیں، سلمان اقبال

    کراچی: پی ایس ایل میں شامل کراچی کنگز کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب نیشنل اسٹیڈیم میں منعقد ہوئی، شائقین کرکٹ کی بڑی تعداد نے ایونٹ میں شرکت کی، کراچی کنگز کے مالک سلمان اقبال نے کہا کہ پاکستان کا نام روشن کرنے والے کھلاڑی کراچی کنگز کا حصہ ہیں،اس بار نہیں لیکن اگلی بار پی ایس ایل کا فائنل کراچی میں کرانے کی پوری کوشش کریں گے۔

    تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس میں قاری نے انتہائی خوش الحان آواز میں تلاوت پیش کرکے حاضرین کو مسحور کردیا۔ بعدازاں قومی ترانہ پڑھا گیا جسے سب نے کھڑے ہو کر سنا اور کراچی کنگز کا آفیشل سانگ ’’دلوں کے ہم ہیں بادشاہ‘‘ پر پرفارمنس پیش کی گئی، پروگرام کی میزبانی فہد مصطفی نے کی۔

     

    وزیراعلیٰ سندھ ، ڈی جی رینجرز اور دیگر اہم شخصیات کی شرکت

    تقریب میں وزیراعلیٰٰ سندھ مراد علی شاہ، ڈی جی رینجرز میجر جنرل محمد سعید،پی ایس ایل کراچی کنگز کے مالک اور اے آر وائی نیٹ ورک کے سی ای او سلمان اقبال، میئر کراچی وسیم اختر، ن لیگ کے رہنما نہال ہاشمی، ڈپٹی اسپیکر سندھ اسمبلی شہلا رضا، معروف تاجر عقیل کریم ڈھیڈھی،صوبائی وزیر مکیش کمار چاؤلہ،اے آر وائی نیٹ ورک کے چیئرمین حاجی اقبال، اینکر پرسن وسیم بادامی، اقرار الحسن، جیتو پاکستان کے اینکر فہد مصطفی سمیت دیگر شخصیات نے شرکت کی۔

    تقریب میں شرکت کے لیے چوہدری عبدالجلیل المعروف چاچا کرکٹ بھی خاص طور سے کراچی تشریف لائے اور انہوں نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کراچی کنگز کی فتح اوراس کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

     

    اگلے سال پی ایس ایل کا فائنل کراچی میں کرائیں گے، مراد علی شاہ

    تقریب میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ سید مرادعلی شاہ نے کہا کہ آئندہ سال پی ایس ایل کا فائنل کراچی میں کرائیں گے،مجھے اس کے لیے کراچی کے عوام اور قانون نافذ کرنے والےاداروں کا ساتھ درکار ہے۔

    میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ عوام پرجوش ہیں، کراچی کنگز ضرور جیتے گی،ایسے ایونٹس دیکھ کر خوشی ہوتی ہے، کراچی کی رونقیں اورخوشیاں بحال ہورہی ہیں، اس اسٹیڈیم میں بہت جلد میچز بھی ہوں گے۔

    ڈپٹی اسپیکر سندھ اسمبلی شہلا رضا نے کہا کہ ٹی وی پرکراچی کنگز کی تقریب دیکھی تو جوش آیا اور اسٹیڈیم آگئی۔ تقریب میں سید مرادعلی شاہ، میئر کراچی وسیم اختراور دیگر شرکا کو’’کراچی کنگز‘‘کی شرٹس پیش کی گئیں۔

    چیئرمین اے آر وائی نیٹ ورک حاجی اقبال نے کہا کہ کراچی کی بہتری کے لیے اور بھی بہت کچھ سوچا ہے، کراچی میرا شہر ہے، چاہتا ہوں یہ ترقی کرتا رہے۔

    وائس چیئرمین اے آر وائی نیٹ ورک حاجی رؤف نے کہا کہ فاسٹ بولر محمد عامر میرا پسندیدہ کھلاڑی ہے، آئندہ سال انٹرنیشنل ٹیمیں پاکستان میں کھیلیں گی، جنید جمشید کے بیٹے تیمور جنید نے کہا کہ کراچی کنگز کی ٹیم لانچنگ دیکھ کربہت خوشی ہورہی ہے۔

    سلمان اقبال نے کراچی کنگز کی ٹیم متعارف کرادی

    اے آر وائی گروپ کے سی ای او سلمان اقبال نے اپنے خطاب میں کہا کہ یہ ایونٹ کراچی والوں کا ایونٹ ہے اور ٹیم صرف اے آر وائی کی نہیں پوری کراچی کی ٹیم ہے۔

    مالک کراچی کنگزسلمان اقبال نے کہا کہ لوگ کہتے تھے کوئی پی ایس ایل دیکھنے نہیں آئے گا،گزشتہ سال کی طرح کراچی آج پھر چمک رہا ہے،کوشش ہوگی اس سال کاکپ ہماراہو، کراچی کو کراچی بنانے کا سہرا اوزیر اعلیٰ اور میئر کراچی کوجاتا ہے۔

    کراچی کنگز کے مالک سلمان اقبال نے کہا کہ کراچی والوں یہ شہر ہمارا ہے، ہمیں اسے اجاگر کرنا ہے۔ بعد ازاں سلمان اقبال نے کراچی کنگز کی ٹیم میں شامل کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کیا۔

     

     کراچی کنگز میں شعیب ملک، محمد عامر، بابراعظم، عماد وسیم، سہیل خان، شاہ زیب حسن، سیف اللہ بنگش، راحت علی، حسن محسن، خرم منظور،اسامہ میر کرس گیل، کمارا سنگا کارا، روی بوپارہ، مہیلاجے وردھنے اور رائن میکلارن اور پولارڈ کراچی کنگز کی ٹیم میں شامل ہیں۔ ٹیم کاتعارف کرانے پر شائقین نے کراچی کنگز کاشانداراستقبال کیا۔

  • پی ایس ایل کا اگلا فائنل کراچی میں کرائیں گے، نجم سیٹھی

    پی ایس ایل کا اگلا فائنل کراچی میں کرائیں گے، نجم سیٹھی

    کراچی : پاکستان سپرلیگ کے چیئرمین نجم سیٹھی نے وعدہ کیا ہے کہ اگلے سال فائنل کراچی میں کرانے کی کوشش کریں گے، گورنر سندھ کا کہنا ہے پی ایس ایل کراچی کا مثبت رخ ہے اورشہر کے اس رخ کو اجاگر کرنے کی ضرورت ہے،کراچی کنگز کےمالک سلمان اقبال نے کہا کہ اس سال فائنل لاہورمیں ہورہا ہے،ایک سیمی فائنل کراچی میں بھی کرایا جائے تو بہترہوگا۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام الیونتھ آورمیں میزبان وسیم بادامی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا، پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے نجم سیٹھی نے کراچی کنگز کو پی ایس ایل کی فیورٹ ٹیم قرار دیا۔

    انہوں نے وعدہ کیا کہ اگلے سال فائنل کراچی میں کرانے کی کوشش کریں گے، آپ بھی دعا کریں آئندہ سال پی ایس ایل فائنل کراچی میں کھیلیں، انہوں نے کراچی کنگز کو پی ایس ایل کی فیورٹ ٹیم قرار دیتے ہوئے کہا کہ کراچی کنگز جب میدان میں اترے گی تو میدان جنگ کا منظر ہی کچھ اورہوگا سب کراچی والے کراچی کنگز ہیں۔

    نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ جب فرنچائز کو محنت کرتا دیکھتاہوں تو بہت خوشی ہوتی ہے، پی ایس ایل کا جوش وخروش پہلے سے کہیں زیادہ ہے۔ کسی کواحساس نہیں تھا کہ پی ایس ایل اتنا کامیاب ہوگا، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پی سی بی میں کرکٹ کےمعاملات چیئرمین دیکھ رہےہیں، عمران خان کرکٹ کے معاملات چلانا چاہتے ہیں تو ہم ان کا خیرمقدم کریں گے۔

    پروگرام میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کراچی کنگز کے مالک اور اےآر وائی نیٹ ورک کے سی ای او سلمان اقبال نے کہا کہ شہر قائد کی رونقیں ختم نہیں ہوئیں، کراچی کے لوگ کل اسٹیڈیم ضرورآئیں گے، چاہتاہوں شائقین کرکٹ زیادہ سے زیادہ تعداد میں اسٹیڈیم کا رخ کریں۔

    انہوں نے کہا کہ جیت کیلیے اس سال بھی پوری کوشش کریں گے، ہماراکام ہے کہ بہترین سےبہترین ٹیم بنائیں، میدان میں کھیلنا کھلاڑیوں کا کام ہے، عوام میں بہت زیادہ جوش وخروش ہے، جنگ میدان میں ہے اور میدان سے باہر ہم سب پاکستانی ہیں، چاہتےہیں نجم سیٹھی نے جو کام شروع کیا حکومت اس کاحصہ بنے۔

    سلمان اقبال نے کہا کہ فائنل لاہور میں ہے اور ایک سیمی فائنل کراچی میں بھی کرالیں تو بہتر ہوگا، گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا کہ کراچی کنگز کی لانچنگ اہم تقریب ہے، کراچی کاماحول تبدیل کرنے میں کھیل اہم کردارادا کرسکتاہے۔

  • پی ایس ایل : کراچی کنگز کی افتتاحی تقریب آج ہوگی

    پی ایس ایل : کراچی کنگز کی افتتاحی تقریب آج ہوگی

    کراچی : پاکستان سپر لیگ کی سب سے مضبوط ٹیم کراچی کنگزکی افتتتاحی تقریب آج نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ہورہی ہے، جس میں دلوں کے بادشاہ کی دھواں دار انٹری ہوگی اورنامور گلوکار بھی پرفارمنس پیش کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان میں کرکٹ کی تاریخ کا سب سے بڑا میلہ ہونے جارہا ہے، پاکستان سپرلیگ کی سب سے مضبوط اور بہترین ٹیم کراچی کنگز کے ستارے جمعے کی شام نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں جگمگائیں گے، کراچی والوں نے تمام پاسز ہاتھوں ہاتھ لے لیے۔

    کراچی کنگز کی شاندار لانچنگ تقریب میں علی عظمت ،فاخر، اور علی حیدر، سلیم جاوید ،حسن جہانگیر سمیت دیگر نامور گلوکار بھی پر فارم کریں گے فہد مصطفی اور وسیم بادامی تقریب کی میزبانی کریں گے۔

    دوسری جانب گورنرسندھ محمد زبیر، میئر کراچی وسیم اختر اور ٹیم کے مالک سلمان اقبال نے اپنے پیغامات میں کراچی کنگز کی ٹیم کو خوش آئند قراردیا ہے۔

    کراچی کنگز کے مالک سلمان اقبال نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ کراچی والوں یہ شہر ہمارا ہے، اس کو اجاگر کرنا ہے، کراچی والوں دنیا کو بتانا ہے کراچی کی رونقیں واپس آرہی ہیں اور ہر کراچی والا کپتان ہے۔

    کراچی کنگز کی ٹیم کیلئے دیگر رہنماؤں نے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کراچی کی ٹیم کی جیت کے یقین کا اظہار کیا ہے۔

  • پی ایس ایل کا ایک میچ کراچی میں ہونا چاہیئے، سلمان اقبال

    پی ایس ایل کا ایک میچ کراچی میں ہونا چاہیئے، سلمان اقبال

    کراچی : پاکستان سپر لیگ میں شامل اہم ٹیم کراچی کنگز کے مالک اور اے آر وائی نیٹ ورک کے سی ای او سلمان اقبال نے کہا ہے کہ پی ایس ایل کا فائنل لاہور میں ہونا چاہیئے، پی سی بی سے کہا ہے کہ تین پلے آف میں سے ایک پلے آف کراچی میں کرادیں، انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ، کور کمانڈرز، ڈی جی رینجرز نے کراچی میں مکمل سیکورٹی دینے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

    ان خیالات کا اظہارانہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام آف دی ریکارڈ میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر لاہورقلندر کے مالک رانا فواد نے بھی لاہورمیں فائنل کرانے کی حمایت کی۔


    Chris Gayle, Sangakkara eager to visit Pakistan… by arynews

    سلمان اقبال نے کہا کہ غیرملکی کھلاڑی پی ایس ایل کیلیے آنے پر پچاس فیصد راضی ہیں باقی ان کے بورڈز پر منحصر ہے، عالمی کھلاڑی لاہور میں فائنل کھیلنے کیلئے تیارہیں، ان کے بورڈز نہیں۔

    سنگاکارا، مہیلا، رائن میک لارن سمیت کئی کھلاڑیوں سے پاکستان آنے کی بات کی، کرس گیل، سنگا کارا لاہور آنا چاہتے ہیں لیکن ان کے بورڈز نے انہیں اجازت نہیں دی، کرس گیل پاکستان آنے میں کوئی خطرہ محسوس نہیں کرتا، کرس گیل نے کہا ہے ان کابورڈ اجازت دے تووہ آجائیں گے۔


    Salman is right, PSL most popular T20 league… by arynews

    ایک سوال کے جواب میں سلمان اقبال کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کافی مقبول ہوچکا ہے اور اس سال پی ایس ایل کی مقبولیت بہت زیادہ ہے، لوگوں کو اس کا بے صبری سےانتظارہے، اس بار پی ایس ایل میں انٹرنیشنل کھلاڑی زیادہ ہیں، انگلینڈ، آسٹریلیا کے کھلاڑی بھی پی ایس ایل میں شامل ہیں۔

    انہوں نے بتایا کہ کراچی کنگز کے شائقین کو اسٹیڈیم تک پہنچانے کا خاص انتظام کیا گیا ہے، دو سے تین ٹورز بسیں شائقین کو اسٹیڈیم پہنچائیں گی۔


    Some international players are expected to… by arynews

    لاہور قلندرز کے مالک رانا فواد نے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سلمان اقبال نے صحیح کہا ہے کہ پی ایس ایل سب سے پاپولر لیگ ہے، اس کا فائنل لاہور میں ضرور ہونا چاہئیے، کھلاڑی پاکستان آنے میں پی ایس ایل فرنچائز کے ساتھ ہیں۔

    اس موقع پر معروف کرکٹر شعیب ملک نے کہا کہ بنگلادیش پریمئرلیگ میں عالمی کھلاڑیوں سے پاکستان آنے کیلئے کہا تھا، پوری ذمہ داری سے غیرملکی کھلاڑیوں کو پی ایس ایل میں لانےکی کوشش کی، کچھ غیرملکی کھلاڑیوں کے پاکستان آنےکی توقع ہے۔

  • پی ایس ایل کی تیاریاں جاری، کمنٹری کے لیے ناموں کا اعلان

    پی ایس ایل کی تیاریاں جاری، کمنٹری کے لیے ناموں کا اعلان

    دبئی: پاکستان سپر لیگ کے دوسرے ایڈیشن کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں,انتظامیہ نے ایونٹ کی کمنٹری کے لیے ناموں کا اعلان کردیا، رمیز راجہ، بازید خان ،ای این بشپ، ڈینی موریسن، الین ویلکنز اور میل جونز کمنٹری کریں گے،پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب 9 فروری کو دبئی میں منعقد ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق کرکٹ کے دل دادہ پاکستانیوں کے لیے پرجوش کرکٹ کا وقت قریب آتاجارہا ہے، پاکستان سپرلیگ کے دوسرے ایڈیشن کے آغاز میں اب صرف نو دن باقی رہ گئے ہیں، ایونٹ میں چھکے اور چوکوں کی برسات ہوگی، بڑے بڑے کرکٹ اسٹارز اپنے جارحانہ اندازسے شائقین کو خون کو گرمائیں گے۔

    کرس گیل ہوں یا برینڈن مککلم، شین واٹسن ہوں یا سنگاکارا سب ہی شائقین کی توجہ کا مرکز ہوں گے۔ انتظامیہ نے بھی پی ایس ایل کی گرینڈ اوپننگ کے انتظامات کر لیے ہیں، 9  فروری کو ہونے والی افتتاحی تقریب میں محمد علی شہکی اور علی ظفر آواز کا جادو جگائیں گے۔

    مزید پڑھیں: فہد مصطفیٰ پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب کی میزبانی کے لیے پرجوش

    اس موقع پرآتش بازی کا بھی بھرپورمظاہرہ کیا جائے گا۔ پاکستان سپر لیگ ایونٹ کے دوران رمیز راجہ ، بازید خان ،ای این بشپ، ڈینی موریسن، الین ویلکنز اور میل جونز کمنٹری کے فرائض انجام دیں گے۔