Tag: پی ایس ایل

  • پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ واپس لائیں گے: نجم سیٹھی

    پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ واپس لائیں گے: نجم سیٹھی

    لاہور: پاکستان سپرلیگ کے چیئرمین نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ وہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ واپس لانا چاہتے ہیں، پی ایس ایل سے قومی ٹیم میں نوجوان کرکٹرز آئیں گے۔

    ‘تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل کے چیئرمین نجم سیٹھی نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ واپس لانا چاہتے ہیں جس کے لیے دبئی جا رہا ہوں جہاں بین الاقوامی کھلاڑیوں سے ملاقات کروں گا۔

    انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کا فائنل لاہور میں ہوگا اور لاہور میں بین الاقوامی کرکٹرز و آفیشلز کی آمد اور فائنل میچ کھیلنے سے پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کے امکانات مزید روشن ہوجائیں گے۔

    چیئرمین پی ایس ایل نے کہا کہ پہلے کہا جارہا تھا کہ فرنچائز نہیں ملیں گے، لیگ کامیاب نہیں ہوگی، دبئی میں ہوگئی تو کامیاب نہیں ہوگی، قطر میں ہوگی تو کامیاب نہیں ہوگی  لیکن اب یہ سب باتیں دم توڑ گئی ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ فرنچائزز اچھی طرح سے اپنا کام انجام دے رہی ہیں، پی ایس ایل کامیاب ہوچکی ہے اب ہمارا مقصد انٹرنیشنل کرکٹرز کو پاکستان لانا ہے۔

    نجم سیٹھی کا مزید کہنا تھا کہ دنیا نے دیکھا کہ پی ایس ایل سیزن ون کامیاب رہا اور اب پی ایس ایل کا دوسرا سیزن بھی کامیاب رہے گا جس سے نوجوان و منجھے ہوئے کرکٹرز سامنے آئیں گے اور اسی نئے ٹیلنٹ میں سے ہی ایک اچھی قومی ٹیم منتخب ہوگی۔

    جائلز کلارک کی پاکستان آمد کے حوالے سے نجم سیٹھی نے کہا کہ جائلز کلارک کو بھی پاکستان میں سیکیورٹی کے حوالے سے آگاہ کیا گیا ہے، فیکا کو بھی پاکستان میں کھیلوں کے حوالے سے سیکیورٹی کی صورتحال پرقائل کرنے کی کوشش کریں گے۔

  • فہد مصطفیٰ پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب کی میزبانی کے لیے پرجوش

    فہد مصطفیٰ پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب کی میزبانی کے لیے پرجوش

    پاکستان سپر لیگ کے دوسرے سیزن کا دبئی میں 9 فروری سے آغاز ہونے جا رہا ہے اور افتتاحی تقریب کی میزبانی کی ذمہ داری اے آر وائی ڈیجیٹل کے مقبول پروگرام ’جیتو پاکستان‘ کے میزبان فہد مصطفیٰ کو سونپی گئی ہے۔

    پاکستان سپر لیگ کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر پوسٹ کی جانے والی ویڈیو میں فہد مصطفیٰ نے اپنے مداحوں کے لیے خود اس خوشخبری کا اعلان کیا۔

    ویڈیو میں وہ بہت پر جوش دکھائی دے رہے ہیں اور اپنے مداحوں کو بھی اس تاریخی ایونٹ کا حصہ بننے کی دعوت دے رہے ہیں۔

    یاد رہے کہ اے آر وائی نیٹ ورک کی ٹیم کراچی کنگز کی قیادت سری لنکن کھلاڑی کمار سنگا کارا کر رہے ہیں۔ ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں میں شعیب ملک، کرس گیل، روی بوپارہ اور مہیلا جے وردنے وغیرہ شامل ہیں۔

    پاکستان سپر لیگ کا دوسرا سیزن 9 فروری سے 7 مارچ تک کھیلا جائے گا۔ لیگ کا فائنل لاہور میں منعقد ہوگا۔

  • پی ایس ایل کے بعد اپنے مستقبل کا فیصلہ کروں گا، مصباح الحق

    پی ایس ایل کے بعد اپنے مستقبل کا فیصلہ کروں گا، مصباح الحق

    لاہور: پاکستان ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے کہا ہے کہ پاکستان سپر لیگ کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنے یا نہ کھیلنے کا فیصلہ کروں گا۔ سابق کرکٹرزکی تنقید پربہت غصہ آتا ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق کا کہنا تھا کہ زیادہ سمجھ بوجھ اورتجربے کے باوجود بھی میری بیٹنگ کو ٹارگٹ کیا جاتا ہے، میں ایک ماہ کے اندر اندر اپنے مستقبل کا فیصلہ کرلوں گا۔

    ان کا کہنا تھا کہ بعض لوگ اس طرح کے تبصرے کرتے ہیں کہ میری بیٹنگ کام کی نہیں۔ اگلےماہ کیرئیر کے بارے میں اہم فیصلہ کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل میں کھیل کر پتہ چل جائےگا کہ مجھ میں کتنی کرکٹ باقی ہے۔

    ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کرتے وقت صرف خود کو نہیں دیکھنا ہوتا،پوری ٹیم کو ساتھ لے کر چلنا ہوتا ہے۔ میں 2015 میں انگلینڈ کے خلاف سیریز کھیلنے کے بعد کرکٹ چھوڑ سکتا تھا۔

    یاد رہے کہ پانچ ماہ قبل مصباح الحق پاکستان کے سب سے بڑے کرکٹ ہیرو تھے، ٹیسٹ میں نمبر ون بنے۔ ویسٹ انڈیز، نیوزی لینڈ اورپھر آسٹریلیا سے شکست نے مصباح کا ریکارڈ خراب کردیا۔

    مصباح تاریخ رقم کرنے گئے تھے مگر بد قسمتی سے تاریک ماضی کا حصہ بن گئے، جس کے بعد سابق کرکٹرز کو بھی مصباح کی کپتانی خوفناک نظرآنے لگی، بیٹنگ فارم کےروٹھتے ہی چاہنے والے بھی مصباح الحق سے روٹھ گئے۔

  • کراچی کنگز اور پی ٹی وی معاہدے کی منسوخی، سیاست دانوں کی سخت تنقید

    کراچی کنگز اور پی ٹی وی معاہدے کی منسوخی، سیاست دانوں کی سخت تنقید

    اسلام آباد : پی ٹی وی اسپورٹس نے کراچی کنگز کے ساتھ معاہدے پر عمل درآمد کو روک دیا ہے جب کہ معاہدے کرنے والے ڈائریکٹر اسپورٹس ڈاکٹر نعمان نیاز کو بھی او ایس ڈی کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق قومی ٹیلی ویژن کے اسپورٹس چینل اور پی ایس ایل کی سب سے مہنگی ٹیم کراچی کنگز کے درمیان طے پائے جانے والے دو سالہ معاہدے پر عمل در آمد کو روک کر معاہدہ کرنے والے ڈائریکٹر پی ٹی وی اسپورٹس ڈاکٹر نعمان نیاز کو عہدے سے ہٹا کر او ایس ڈی کر دیا گیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق یہ اقدام وفاقی وزارتِ اطلاعات و نشریات کی جانب سے اُٹھایا گیا ہے اور اس اہم معاہدے پر عمل درآمد کو روکنے جیسی اہم خبر کو محض ایک ٹویٹ کے ذریعے نشر کیا گیا۔


    *پی ایس ایل، کراچی کنگز اور پی ٹی وی اسپورٹس کے درمیان معاہدہ


    یاد رہے پی ٹی وی اسپورٹس چینل اسلام آباد یونائیٹڈاورکوئٹہ گلیڈی ایئٹر کی ٹیموں کا بھی پارٹنر ہے اوردوروز قبل کراچی کنگز کے ساتھ بھی دو سالہ معاہدہ کیا گیا تھا جس کے تحت قومی ٹیلی ویژن کا اسپورٹس چینل کراچی کنگز کے تمام میچز اوراس سے متعلق منعقدہ تقریبات کو براہ راست نشرکرنا تھا۔

    واضح رہے کراچی کنگز کے مالک اے آر وائی ڈیجیٹل نیٹ ورک کے سی ای او سلمان اقبال ہیں اوراس معاہدہ پرکراچی کنگز کی جانب سے طارق وصی اور پی ٹی وی کی جانب سے ڈاکٹر نعمان نیاز نے دستخط کیے تھے جب کہ یہ معاہدہ ایم ڈی پی ٹی وی کی منظوری کے بعد طے پایا تھا۔

    اہلیانِ کراچی نے پی ٹی وی کی جانب سے کیے گئے اس فیصلے پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے سوال اُٹھایا ہے کہ آخر وزارت اطلاعات کو کراچی کی ٹیم پر کیا اعتراض ہے؟ جب کہ وہ اسلام آباد اور کوئٹہ کی ٹیموں کے ساتھ بھی اشتراکی معاہدہ رکھتا ہے۔


    حکومتی فیصلے پر سیاست دانوں کی شدید تنقید


    پی ٹی وی اسپورٹس اور کراچی کنگز کے درمیان پی ایس ایل کے لیے ہونے والے اشتراکی معاہدے پر عمل در آمد کو روکنے کے عمل کو سیاست دانوں، اراکین اسمبلی اور معزز سماجی رہنماؤں نے کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وفاق کی سطح پر کراچی ٹیم کو نظر انداز کیا جا رہا ہے۔

    پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری نے کہا کہ یہ معاہدہ ہوچکا ہے اسے اس طرح ختم نہیں کیاجاسکتا،اے آر وائی، سلمان اقبال اور کراچی کنگز کے پاس موقع ہے کہ وہ عدالت سے رجوع کریں اور اس پر حکم امتناع حاصل کریں۔

    انہوں نے کہا کہ اے آر وائی کا نام سن کر ہی حکم رانوں کو آگ لگ جاتی ہے،صرف کراچی کا ہی معاہدہ کیوں ختم کیا گیا؟حکومت کی قانونی پوزیشن کمزور ہے، اگر عدالت جائیں تو اے آر وائی کی جیت یقینی ہے، پی ٹی وی کو معاہدے پر عمل کرنا ہوگا۔

    سندھ کے سینیئر وزیر نثار کھوڑو کا کہنا تھا کہ وفاق نے ایک بار پھر کراچی اور سندھ کو نظر انداز کر کے اپنے متعصبانہ رویے کا اظہار کیا ہے، حکومت کراچی کے شائقین کو محروم رکھنا چاہتی ہے۔

    ڈپٹی میئر کراچی ارشد وہرہ نے کہا ہے کہ پی ٹی وی قومی ادارہ ہے اگر وہ کراچی کے میچز کو نشر کررہا ہے تو اس میں کوئی برائی نہیں، یہ کونسی غلط بات ہے، یہ تو اچھی چیز ہے، اس پر نظر ثانی کی جائے۔

    جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم نے کہا کہ اس عمل کی مذمت کرتا ہوں، فورا اس معاہدے کو بحال کیا جائے، ورنہ ہم سب مل کر احتجاج کریں گے۔

    پاک سرزمین پارٹی کے رہنما آصف حسنین نے کہا کہ یہ ایک ظالمانہ اقدام ہے، نواز شریف اور شہباز شریف مداخلت کریں ، حکومت درباریوں سے جان چھڑائے۔

    ایم کیو ایم پاکستان کے رکنِ قومی اسمبلی اور اسٹینڈنگ کمیٹی برائے کھیل کے سابقہ چیئرمین اقبال محمد علی نے معاہدے کی منسوخی کی مذمت کرتے ہوئے اس عمل کو انتقامی کارروائی قرار دیا۔


    ڈائریکٹر اسپورٹس ڈاکٹر نعمان نیازکی کارکردگی کو بھلا دیاگیا


    پی ایس ایل کی سب سے مہنگی اور مشہور ٹیم کراچی کنگز کے ساتھ پی ٹی وی اسپورٹس کے اشتراکی معاہدے پر پی ٹی وی کی جانب سے دستخط کرنے والے نعمان نیاز سے ڈائریکٹر اسپورٹس کا عہدہ واپس لے کر انہیں او ایس ڈی کردیا گیا ہے، وفاق نے یہ قدم اُٹھاتے ہوئے نہ صرف یہ کہ شائقین کرکٹ کو مایوس کیا بلکہ ڈاکٹر نعمان نیاز کی کارکردگی اور خدمات کو بھی یکسر بھلادیا۔

    ڈائریکٹر اسپورٹس نعمان نیاز نہایت مستعد اور متحرک ڈائریکٹر ہیں انہوں نے نہ صرف یہ کہ بین الاقوامی کھلاڑیوں کو بہ طور پینل اپنے پروگرام میں متعارف کرایا اور ان کی وجہ سے بین الاقوامی کھلاڑی پاکستان آمد پر راضی ہوئے اور مختلف سیریز کے دوران ٹی وی پروگرام میں ماہرانہ رائے بھی دی۔

    ان کھلاڑیوں میں سری لنکا سے تعلق رکھنے والے سنتھ جے سوریا، ویسٹ انڈیز کے برائن لارا اور کرٹلی ایمبروز، آسٹریلیا سے مک گراتھ، ڈائمن مارٹن اور اینڈریو سمینڈ، انگلیند کی جانب سے رابن اسمتھ اور مارک بوچر جب کہ ساؤتھ افریقہ کے ہرشبل گبز اور جونٹی رہوڈز نے شرکت کر کے ثابت کیا کہ پاکستان کرکٹرز کے لیے محفوظ ملک ہے۔

    یہ بین الاقوامی کھلاڑی اس وقت پاکستان آئے جب پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ پر پابندی ہے جس کا سارا کریڈٹ تن تنہا ڈاکٹر نعمان نیاز کو جاتا ہے جن کی بدولت دس بین الاقوامی کھلاڑی پاکستان آئے۔

    یہی نہیں بلکہ ڈاکٹر نعمان نیاز کو کرکٹ کے لیے اعلیٰ خدمات کو حکومتی سطح پر بھی سراہا گیا اور صدارتی تمغہ امتیاز سے بھی نوازا گیا۔

  • اے آر وائی نیٹ ورک کے سربراہ سلمان اقبال کی وزیر اعلیٰ سندھ سے ملاقات

    اے آر وائی نیٹ ورک کے سربراہ سلمان اقبال کی وزیر اعلیٰ سندھ سے ملاقات

    کراچی: اے آر وائی ںیٹ ورک کے سربراہ سلمان اقبال نے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے ملاقات کی۔ ملاقات میں سلمان اقبال نے وزیر اعلیٰ کو پاکستان سپر لیگ کی تقریبات میں مدعو کیا۔

    تفصیلات کے مطابق اے آر وائی نیٹ ورک کے سربراہ سلمان اقبال نے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے ملاقات کی۔ ملاقات میں وزیر اعلیٰ اور سلمان اقبال کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو ہوئی۔

    سلمان اقبال نے وزیر اعلیٰ کو پاکستان سپر لیگ ٹی 20 کرکٹ ٹورنامنٹ سے متعلق آگاہ کیا اور انہیں پی ایس ایل کی تقریبات میں شرکت کی دعوت دی جسے انہوں نے خوشدلی سے قبول کیا۔

    وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ اے آر وائی نیوز نے پاکستان کی مضبوطی اور جمہوریت کے دفاع کے لیے ہر اول دستے کا کردار ادا کیا ہے۔ سندھ حکومت اور پیپلز پارٹی اے آر وائی نیوز کی غیر جانبدارانہ مؤقف کی ہمیشہ تائید کرتی رہی ہے۔

    واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ ٹی 20 کا آغاز 25 فروری سے دبئی میں ہورہا ہے۔ ٹورنامنٹ کا آفیشل ترانہ بھی جاری کردیا گیا ہے جسے معروف گلوکار علی ظفر نے گایا ہے۔

  • پاکستان سپر لیگ 2017 کا گانا جاری

    پاکستان سپر لیگ 2017 کا گانا جاری

    سنہ 2017 میں ہونے والے پاکستان سپر لیگ ٹی 20 سیریز کا ترانہ جاری کردیا گیا ہے۔ ترانے کو کسی اور نے نہیں بلکہ معروف گلوکار علی ظفر نے گایا ہے۔

    چند روز قبل پاکستان سپر لیگ نے ٹوئٹر پر اس گانے کا ٹیزر جاری کیا تھا جس کے بعد اب مکمل گانا ’اب کھیل جمے گا‘ جاری کردیا گیا ہے۔

    علی ظفر کا کہنا ہے کہ وہ بہت فخر محسوس کر رہے ہیں کہ انہیں اس سال بھی ٹورنامنٹ کا گانا لکھنے، گانے اور اس میں پرفارم کرنے کا موقع ملا۔ ’میں سمجھتا ہوں کہ پچھلے گانے کی مقبولیت کے بعد اب اس گانے کے لیے شائقین کی توقعات بہت زیادہ ہوں گی۔‘

    ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے اس سال بھی گانے کو دلچسپ بنانے کی کوشش کی ہے۔

    واضح رہے کہ سنہ 2016 میں پہلے پی ایس ایل ٹورنامنٹ کا ترانہ بھی علی ظفر نے ہی گایا تھا۔

  • پی ایس ایل : خرم منظوراورکاشف بھٹی کراچی کنگز کا حصہ بن گئے

    پی ایس ایل : خرم منظوراورکاشف بھٹی کراچی کنگز کا حصہ بن گئے

    کراچی : پاکستان سپر لیگ کے دوسرے ایڈیشن میں مایہ ناز بیٹسمین خرم منظور کراچی کنگز کو منظور ہوگئے جبکہ کراچی کنگز نے نوابشاہ کے کاشف بھٹی کو ٹیم میں شامل کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ کے دوسرے ایڈیشن میں مایہ ناز بیٹسمین خرم منظور کراچی کنگز کو منظور ہوگئے۔ جاندارشا ٹس اور بولرز کو پریشان کرنے والے مایہ ناز اوپنر خرم منظور پی ایس ایل کی سب سے مقبول اور مہنگی ٹیم کراچی کنگز کا حصہ بن گئے ہیں۔

    انٹرنیشنل کرکٹ میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے خرم منظور ہر فارمیٹ میں اپنی صلاحیتوں کو منواچکے ہیں۔ ڈومیسٹک ہو یا کلب کرکٹ یا پھر انٹرنیشنل میچ خرم کو جب بھی چانس دیا گیا اس نے پرفارم کرکے دکھایا۔ خرم نے ہمیشہ اپنے بلے سے ناقدین کو بھرپورجواب دیا۔

    کراچی بلوز کو نیشنل ٹی ٹوئنٹی کاچیمپئن بنانے میں بھی خرم منظور کا اہم کردار تھا۔ خرم منظور نے فائنل میں کراچی وائٹس کے خلاف بیالیس گیندوں پر ستر رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی تھی۔

    قائد اعظم ٹرافی میں بھی خرم کو ڈھائی سو رنز کی اننگز کھیلنے کا اعزاز حاصل ہے۔ خرم منظور اب پی ایس ایل کے دوسرے ایڈیشن کیلئے کراچی کنگز کے شیر ہیں۔

    علاوہ ازیں پی ایس ایل ایڈیشن ٹو کیلئے کراچی کنگز نے نوابشاہ کا ستارہ چن لیا، کاشف بھٹی کی کراچی کنگز میں شمولیت پر ان کے اہلخانہ بہت خوش ہیں، پی ایس ایل میں نوابشاہ کے آل راؤنڈر کاشف بھٹی کی کراچی کنگز میں شمولیت پر ان کے اہلخانہ خوشی سے نہال ہیں، مٹھائیاں تقسیم کی گئیں۔

    کاشف بھٹی کے بھائیوں کا کہنا ہے کہ امید ہے وہ عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرے گا۔ والدہ نے کہا کہ کاشف کو اس کی محنت کا صلہ مل گیا۔ پی ایس ایل میں کاشف بھٹی اب دنیا کے انٹرنیشنل اسٹارز کے ساتھ جگمگائیں گے اور پی ایس ایل میں اپنا جادو دکھائیں گے۔

     

  • پی ایس ایل: کمار سنگا کارا کراچی کنگز کے کپتان مقرر

    پی ایس ایل: کمار سنگا کارا کراچی کنگز کے کپتان مقرر

    دبئی : پی ایس ایل کے سیکنڈ ایڈیشن کے لیے کراچی کنگز کی ٹیم کا کپتان سری لنکن بلے باز کمار سنگارا کو مقرر کردیا گیا، سلمان اقبال کا کہنا ہے کہ کراچی کنگز بہت متوان ٹیم ہے، کرس گیل بھی کراچی کنگز کا شیر ہے، نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ کراچی کنگز کسی بھی انٹرنیشنل ٹیم کو ہرانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔


    نئے کپتان کا اعلان کراچی کنگز کی دبئی میں منعقدہ پریس بریفنگ میں کیا گیا جس میں پی ایس ایل کے چیرمین نجم سیٹھی، کراچی کنگز کے اونر سلمان اقبال، ٹیم مینجمنٹ کے راشد لطیف، سمیت کھلاڑیوں کرس گیل، شعیب ملک، روی بوپارہ، عماد وسیم اور دیگر نے شرکت کی۔

    بریفنگ میں میزبانی کے فرائض وسیم بادامی نے ادا کیے، آغاز پر کراچی کنگز کا آفیشل سانگ اسکرین پر دکھایا گیا۔

    اے آر وائی نیٹ ورک کے سی ای او اور کراچی کنگز کے مالک سلمان اقبال نے کہا کہ کراچی کنگز کی ٹیم بہت متوازن ہے، کرس گیل بھی کراچی کنگز کا شیر ہے،10 برس سے پی ایس ایل کی باتیں ہورہی تھیں اور اب یہ ایونٹ منعقد ہورہا ہے۔

    سلمان اقبال نے کہا کہ نجم سیٹھی نے مجھے تجویز دی کہ پی ایس ایل کی ایک ٹیم حاصل کرلیں ساری زندگی یاد کریں گے۔

    آنر کراچی کنگ نے کہا کہ یو اے ای ہمارا ہوم گرائونڈ ہے ، یو اے ای کاکرائوڈ ہمیں ہمیشہ سپورٹ کرتا ہے،ایک سے ڈیڑھ سال میں ڈیڑھ سو نئے لڑکے تیار کریں گے۔

    چیئرمین پاکستان سپر لیگ نجم سیٹھی نے کہا کہ میرے دوست سلمان گولڈ کیٹگری میں شامل ہیں، میں اے آر وائی کے ساتھ بیٹھا ہوں ،یہاں میرے ملک کے ہیروز موجود ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کامیاب بنانے کا سہرا اے آر وائی کے سر ہے،سلمان اقبال نے پی ایس ایل کو سپورٹ کیا تو دیگر میڈیاہائوسز بھی آئے،نئے کھلاڑی کرس گیل جیسے سینئر کھلاڑیوں سے سیکھیں۔

    نئے کپتان کا اعلان کرتے ہوئے شعیب ملک نے کہا کہ میں کراچی کنگز کا حصہ نہیں بلکہ کراچی کنگز میری ٹیم ہے، ہمارے ٹیم کے نئے کپتان کمار سنگاکاراہوں گے، وہ ٹیم کے لیے بہت کچھ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

    karachi-kings-post-1

    قومی کرکٹر عماد وسیم نے کہا کہ کوشش ہوگی کہ مداحوں کو مایوس نہیں کریں گے، لاہور میں فائنل کھیلنے کا اپنا ہی مزہ ہے۔

    ٹیم مینجمنٹ میں شامل راشد لطیف نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ ایک خواب تھا جسے پورا کرنے کا سہرا نجم سیٹھی کے سر جاتا ہے ،ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل کرکٹ میں کافی فاصلہ آگیا ہے، 18سال سے کم عمر لڑکوں کا بھی انتخاب کیا گیا،سلمان اقبال، نجم سیٹھی اور میں کرکٹ کے فروغ کے لیے کام کررہے ہیں۔

    انگلینڈ کے کرکٹر روی بوپارہ نے کہا کہ کرس گیل، کمار سنگاکارا اور بابر اعظم ٹیم میں بہترین اضافہ ہیں،لاہور میں فائنل کھیلنے کا مزہ آئے گا۔

    ویسٹ انڈیز کے مایہ ناز بلے باز کرس گیل نے کہا کہ کراچی کنگز کا حصہ بن کر بہت خوش اور پرجوش ہوں، پی ایس ایل کے سیکنڈ ایڈیشن کے لیے فٹ اور تیار ہوں، ہم اسب ایک مقصد کے لیے اس ٹیم کا حصہ ہیں۔

    قبل ازیں انہیں خطاب کی دعوت دی گئی تو انہوں نے میزبان کو وسیم باداما کہہ کر شکریہ اداکیا جس پر لوگ ہنس پڑے اور وسیم بادامی نے تصحیح کی کہ باداما نہیں بادامی جس پر گیل نے ایک قہقہہ بھی لگایا۔

    بعدازاں اپنے خطاب کے دوران کرس گیل نے کسی بات پر انشا اللہ کہا جسے سن کر پریس بریفنگ میں بیھٹے افراد کو خوشگوار حیرت کا سامنا کرنا پڑا۔

    اس موقع پر شعیب ملک نے ایک بار پھر 20 افراد پر مشتمل کراچی کنگز کے کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کیا۔

    بریفنگ کے اختتام پر سوالات کے سیشن کے دوران نجم سیٹھی نے کہا کہ کراچی کنگزکی ٹیم اتنی اسٹار ٹیم ہے کہ وہ کسی بھی انٹرنیشنل ٹیم کو ہراسکتی ہے،چھٹی ٹیم آئے گی تو ایونٹ اور بھی بہتر ہوجائے گا۔

  • پی ایس ایل میں کھلاڑیوں کا چناؤ مکمل، کرس گیل کراچی کنگز میں شامل

    پی ایس ایل میں کھلاڑیوں کا چناؤ مکمل، کرس گیل کراچی کنگز میں شامل

    دبئی: پی ایس ایل کے دوسرے ایڈیشن کے لیے پانچوں ٹیموں نے کھلاڑیوں کا انتخاب مکمل کرلیا، کراچی کنگز نے کرس گیل، لاہور قلندر نے برینڈن میک کولم، پشاور زلمے نے شاہد آفریدی ،کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کیون پیٹرسن کو منتخب کرلیا جب کہ اسلام آباد یونائیٹڈنے مصباح الحق کو برقرار رکھا۔

    chirs-gayle

    تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل2017ء )کا دوسرا ایڈیشن فروری میں دبئی میں منعقد ہوگا جس میں پانچ ٹیمیں ایک دوسرے کے مدمقابل ہیں، اس ایونٹ میں کھلاڑیوں کے چنائو (ڈرافٹنگ) کے لیے تقریب دبئی میں منعقد ہوئی جس میں کھلاڑیوں سمیت ٹیم کے مالکان، چیرمین پی سی بی نجم  سیٹھی، کرکٹ کے آفیشلز اور دیگر متلقہ افراد نے شرکت کی۔

    ڈرافٹنگ میں 414 کھلاڑیوں کو پانچ کیٹگریز میں تقسیم کیا گیا تھا ان میں پلاٹینیم، ڈائمنڈ، گولڈ، سلور اور ایمرجنگ شامل تھیں، پانچوں ٹیموں نے 16،16 کھلاڑیوں کا انتخاب کیا جس کے بعد منتخب کھلاڑیوں کی تعداد 70 بن گئی۔

    shoaib-malik

    ڈرافٹنگ کے ہرمرحلے میں کھلاڑی منتخب کرنے کی پہلی باری لاہور قلندر کی، دوسری باری کراچی کنگز، تیسری پشاور زلمے، چوتھی کوئٹہ گلیڈی ایٹر اور آخری باری اسلام آباد یونائیٹڈ کی تھی۔

    پلاٹینیم کیٹگری میں کراچی کنگز نے ویسٹ انڈیز کے بلے باز کرس گیل، ویسٹ انڈیز کے ہی کرکٹر کیرون پولارڈ اور پاکستانی آل رائونڈ شعیب ملک کو منتخب کیا۔

    afridi

    ڈائمنڈ کیٹگری میں محمد عامر، روی بوپارہ اور کمار سنگاکارا کو جب کہ گولڈ کیٹگری میں قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں عماد وسیم، بابر اعظم اور سائوتھ افریقا کے کھلاڑی ریان میکلرن کومنتخب کرلیا۔

    سلور کیٹگری میں کراچی کنگز نے سہیل خان، شاہ زیب خان، سیف اللہ بنگش، خرم منظور کو اور ایمرجنگ کیٹگری میں کاشف عباسی، ابراراحمد اور عبدالحمید کو منتخب کیا۔

    سپلیمنٹری رائونڈ میں مہیلا جے وردھنے اور اسامہ میر کراچی کنگز کا حصہ بن گئے۔

    team

    لاہور قلندر نے برینڈن میک کولم، سنیل نارائن، عمر اکمل، سہیل تنویر، ڈیوین براوو، یاسر شاہ، اینٹون ڈیوچ، محمد رضوان، کیمرون ڈیل پورٹ، اظہر علی، عامر یامین، ظفر گوہر، فخر زمان، بلاول بھٹی، غلام مدثر اور عثمان قادر کو منتخب کیا۔

    category

    پشاور زلمے نے شاہد آفریدی، آیون مورگن، وہاب ریاض، شکیب الحسن، ڈیرن شامی، محمد حفیظ، کرس جورڈن، تمیم اقبال، کامران اکمل،صہیب مقصود، جنید خان، عمران خان جونئیر،افتخار احمد، حارث سہیل، حسن علی اور محمد اصغر کو شامل  کیا ۔

    کوئٹہ گلیڈی ایٹر میں کیون پیٹرسن، سرفراز احمد، احمد شہزاد، کارلوس بریتھ ویٹ، لیوک رائٹ، انور علی، تیمل ملز، عمر گل، ذوالفقار بابر، محمد نواز، محمد نبی، اسد شفیق، سعد نسیم، عمر امین، حسن خان اور نور علی کو منتخب کیا گیا۔

    اسلام آباد یونائیٹڈ نے مصباح الحق، شین واٹسن، اینڈر رسل، شرجیل خان، محمد عرفان، سیموئل بدری، محمد سمیع، خالد لطیف، بریڈ ہیڈن، سیم بلنگس، سعید اجمل، آصف علی، رمان رئیس، عمران خالد، احمد بٹ اور حسن طلعت کو منتخب کیا۔

    wahab-riaz

    اے آر وائی نیٹ ورک کے صدر اور سی ای او سلمان اقبال نے کرس گیل کو ان کے نام کی ٹی شرٹ پیش کی جو انہوں نے پہن لی۔

    سابقہ ایونٹ میں اچھی کارکرگی کا مظاہرہ نہیں کیا، کرس گیل

    کرس گیل کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کے پہلے ایونٹ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کرسکا تھا تاہم اس بار مکمل فٹ اور تیار ہوں،میری کوشش ہوتی ہے کہ تیز رفتاری کے ساتھ رنز حاصل کروں،پاکستان میں میرا فین  کلب مزید بڑھ جائے گا۔


    I will try to entertain the crowd as much as… by arynews
    کرس گیل نے مزید کہا کہ انہوں نے کہا کہ پہلی بار بھی اس ایونٹ کا حصہ بن کر مزا آیا، کراچی کنگز میرے لیے نئی ٹیم ہے اس ٹیم کا حصہ بننا اچھا لگ رہا ہے، شائقین کو زیادہ سے زیادہ انٹرٹین کرنے کی کوشش کروں گا۔

    تقریب سے قبل اے آر وائی نیوز کے اینکر پرسن ویسم بادامی نے کراچی کنگز کے مالک سلمان اقبال اور کرس گیل کے درمیان خوشگوار ماحول میں ہونے والی ملاقات میں ان سے بات چیت کی ، کرس گیل کا کہنا تھا کہ کراچی کنگز کا حصہ بن کر خوشی محسوس کررہا ہوں۔

     


    یہ پڑھیں:انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی، پی ایس ایل کا فائنل لاہور میں کرانے کا اعلان


    محمدعامر سابقہ ایونٹ میں گولڈ کیٹگری میں تھے تاہم اس بار انہیں ڈائمنڈ کیٹگر ی میں شامل کیا گیا۔

    شاہد آفریدی نے پشاور زلمے کی کپتانی سے دست بردار ہوتے ہوئے ڈیرن سامی کو کپتان مقرر کیے جانے کا اعلان کیا جس پر ڈیرن سامی نے آفریدی کا شکریہ ادا کیا۔

    یہ بھی پڑھیں: کرکٹ ہمارے خون میں شامل ہے، اس بار ٹیم میں کئی تبدیلیاں‌ کیں، سلمان اقبال

  • پی ایس ایل کیلئے کراچی کنگز کا اعلان، کرس گیل، کمارا سنگارا اور بابراعظم بھی شامل

    پی ایس ایل کیلئے کراچی کنگز کا اعلان، کرس گیل، کمارا سنگارا اور بابراعظم بھی شامل

    کراچی: کراچی کنگز نے پاکستان سپر لیگ( پی ایس ایل) کے لیے کھلاڑیوں اور ٹیم مینجمنٹ کا اعلان کردیا، کراچی کنگز میں کرس گیل، کمار سنگاکارا اور تین سنچریاں بنانے والے بابر اعظم کو بھی شامل کیا گیا ہے جب کہ نئے ٹیلنٹ کی کھوج میں ہزاروں نوجوانوں کے ٹرائلز کے بعد 350 نوجوانوں کو شارٹ لسٹ کرلیا گیا ہے۔

     یہ اعلان اے آر وائی ڈیجیٹل نیٹ ورک کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اور کراچی کنگز کے مالک سلمان اقبال نے نیشنل اسٹیڈیم میں منعقدہ تقریب میں میڈیا بریفنگ میں کیا۔ تقریب کی میزبانی کے فرائض اینکر پرسن وسیم بادمی نے اداکیے جب کہ تقریب میں ٹیم مینجمنٹ، کراچی کنگزکی ایڈوائزری کمیٹی اور دیگر نے شرکت کی۔

    اے آر وائی ڈیجیٹل نیٹ ورک کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اور کراچی کنگز کے مالک سلمان اقبال نے میڈیا بریفنگ میں اعلان کیا کہ کراچی کنگز کے لیے ویسٹ انڈیز کے مایہ ناز بیٹسمین کرس گیل، سری لنکن کرکٹر اور وکٹ کیپرکمار سنگارا اور پاکستان کے لیے تین ون ڈے میں مسلسل تین سنچریاں بنانے والے قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی بابر اعظم کو منتخب کرلیا گیا ہے،شعیب ملک، عماد وسیم، روی بوپارہ، محمد عامر اور سہیل خان بھی ٹیم کا حصہ ہوں گے۔

    انہوں نے بتایا کہ طارق وصی کراچی کنگز کے سی ای او،مکی آرتھر کراچی کنگز کے ہیڈ کوچ، اظہر محمود کوچ ،راشد لطیف ٹیم ڈائریکٹر،نوید رشید وی پی آپریشن، شہزاد حسن خان ہیڈ آف مارکیٹنگ اور عاصم قرییشی برانڈنگ کے ذمہ دار ہوں گے۔

    انہوں نے بتایا کہ ساتھ ہی ایک ایڈوائزری کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جس میں شعیب ملک، راشدلطیف، سلیم یوسف، اقبال قاسم اور اظہر محمود شامل ہیں، ایڈوائزی کمیٹی کے تحت تین اور سات اکتوبر کو ہونے والےٹرائلز کے ذریعے ہزاروں کھلاڑیوں میں سے 350 کھلاڑیوں کو منتخب کیا گیا ہے، ان 350 کھلاڑیوں میں سے 60 کھلاڑی منتخب کرکے ٹورنامنٹ کے لیے 15کھلاڑیوں پر مشتمل چار ٹیمیں بنائی جائیں گی ، جب کہ ان 60 میں سے 15 کھلاڑی منتخب کرکے کراچی کنگز اے کی ٹیم بنائے جائے گی۔

    انہوں نے بتایا کہ 19 اکتوبر کو دبئی میں پی ایس ایل کی ڈرافٹنگ ہوگی،بہترین کارکردگی کے حامل چھ لڑکے پی ایس ایل ایمرجنگ پلیرز ڈرافٹ میں جائیں گے جن ٰمیں سے ایک کا انتخاب ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ ہم نے یوکے کے کائونٹی کلب میں بات کرلی ہے، جہاں منتخب لڑکے دو ماہ کلب کرکٹ کھیلں گے،ان میں سے چھ لڑکے منتخب ہوکر وہیں رہیں گے وہاں کوچز انہیں ٹرین کریں گے،ہماری خواہش ہے کہ کرکٹ نہ صرف کراچی بلکہ پورے پاکستان کا ٹیلنٹ باہر آئے،آخری پی ایس ایل میں جو ٹیلنٹ سامنے آیا آج وہ ٹی ٹوئنٹی میں بہترین کارکردگی دے رہا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ کرکٹ ہمارے خون میں شامل ہے،اس سال پی ایس ایل کا کپ کراچی لانے کی بھرپور کوشش ہوگی،یہ ٹیم ہماری یا اے آر وائی کی نہیں بلکہ کراچی کی ہے، کراچی نے ہمیں ہمیشہ سپورٹ کیا۔

    سلمان اقبال نے ایک سوال پر بتایا کہ ایڈوائزری بورڈ کھلاڑیوں کے انتخاب کا عمل مکمل کرے گا۔

    اپنے خطاب میں راشد لطیف نے کہا کہ ٹرائلز کا مقصد یہ تھا کہ ہم نے کچھ نام منتخب کیے ہیں جو کراچی کنگز کے ڈرافٹ میں جائیں گے، کراچی میں ہمیشہ سے کرکٹ کی نرسری رہی ہے اور رہے گی، بدقسمتی سے کچھ برس سے کراچی کے بہت کم کھلاڑی قومی ٹیم میں شامل ہوئے۔انہوں نے ایک ہاتھ سے محروم کھلاڑی مطلوب قریشی کو اسٹیج پر بلا کر سب کے سامنے پیش کیا اور اس کے ٹیلنٹ کی تعریف کی۔