Tag: پی ایس ایل

  • ’پی ایس ایل نے ثابت کردیا پاکستان محفوظ ترین ملک ہے‘

    ’پی ایس ایل نے ثابت کردیا پاکستان محفوظ ترین ملک ہے‘

    کراچی: سابق انگلش کھلاڑی اور معروف کمنٹیٹر مائیکل ایتھرٹن نے کہا ہے کہ پی ایس ایل فائیو کی شاندار میزبانی نے ثابت کردیا کہ پاکستان کرکٹ کے لیے محفوظ ترین ملک ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں مائیکل ایتھرٹن نے پی ایس ایل فائیو کو کامیاب ایونٹ قرار دے دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایس ایل فائیو نے دنیا کو پیغام دیا کہ پاکستان کرکٹ کے لیے محفوظ ملک ہے۔

    انہوں نے کہا کہ یہاں کے شائقین کرکٹ سے محبت کرتے ہیں، پی ایس ایل کے دوران انٹرنیشنل کھلاڑیوں نےخود کو بالکل محفوظ سمجھا اور شائقین کے جوش وخروش سے خوب لطف اندوز ہوئے۔

    پی ایس ایل سیزن 5 میں بہترین تجربات، ہاشم آملہ کو پاکستان کی یاد ستانے لگی

    سابق کرکٹر کا مزید کہنا تھا کہ کھلاڑی پاکستان سے اچھا پیغام لے کر گئے۔

    قبل ازیں پاکستان سپر لیگ کے سیزن 5 میں پشاور زلمی کے لیے بحیثیت بیٹنگ مینٹور اپنے فرائض انجام دینے والے جنوبی افریقہ کے مایہ ناز بلے باز ہاشم آملہ نے ملک میں گزارے اپنے بہترین لمحات اور تجربات سے مداحوں کو آگاہ کیا تھا۔

    اپنے ویڈیو بیان میں ہاشم آملہ نے پاکستانی کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کی تعریف کی اور ملک میں کرکٹ کے فروغ کے لیے اپنی نیک تنماؤں کا بھی اظہار کیا۔ اس کے علاوہ انہوں نے  پی ایس ایل 5 کو  پاکستان کا بہترین ایونٹ قرار دیا.

     

  • پاکستانیوں کی مہمان نوازی پی ایس ایل کی میزبان کو بھا گئی

    پاکستانیوں کی مہمان نوازی پی ایس ایل کی میزبان کو بھا گئی

    پاکستان سپر لیگ کے سیزن 5 کی ہوسٹ ایرن ہالینڈ وطن واپس لوٹنے کے بعد پاکستانیوں کی مہمان نوازی کی بے حد مشکور ہوئیں۔

    30 سالہ ماڈل، گلوکارہ اور 2013 میں مس ورلڈ رہنے والی ایرن ہالینڈ پی ایس ایل 5 میں ہوسٹنگ کرنے کے لیے پاکستان میں موجود تھیں۔

    تاہم کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر پی ایس ایل 5 کے اختتامی میچز ملتوی کردیے گئے جس کے بعد غیر ملکی میزبان اور کھلاڑی اپنے وطنوں کو لوٹ گئے۔

    واپسی سے قبل سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنی ایک ویڈیو میں ایرن ہالینڈ نے کہا کہ یہ میرا پاکستان کا دوسرا دورہ تھا اور میں اس کے ہر لمحے سے بے حد لطف اندوز ہوئی۔

    ایرن نے کہا کہ پاکستانیوں نے ہم سے بہت محبت کی اور ان کی مہمان نوازی شاندار تھی۔ انہوں نے اپنے ٹویٹ میں شکریہ بھی لکھا۔

    ایرن کے ساتھ موجود جنوبی افریقی ہوسٹ کیس نائیڈو نے بھی شکریے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے چاروں شہروں کے میچز کے دوران بہت لطف اٹھایا۔

    انہوں نے کہا کہ میں پہلی بار پی ایس ایل میں شریک ہوئی اور یہ میرے لیے کام کرنے کا زبردست موقع تھا۔

    ان دونوں کے ساتھ موجود کمنٹیٹر مائیکل سلیٹر نے پی ایس ایل کے میچز ملتوی ہونے پر مایوسی کا اظہار کیا تاہم انہوں نے لیگ کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ کے انتطامات اور کاوشوں کو بے حد سراہا۔

  • پی ایس ایل سیمی فائنل اور فائنل کے لیے امپائرز کا اعلان

    پی ایس ایل سیمی فائنل اور فائنل کے لیے امپائرز کا اعلان

    لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے پی ایس ایل فائیو کے سیمی فائنلز اور فائنل کے لیے امپائرز کا اعلان کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل فائیو کے سیمی فائنلز اور فائنل کے لیے امپائرز کا اعلان کردیا گیا، آئی سی سی ایلیٹ پینل میں شامل پاکستان کے علیم ڈار اور انگلینڈ سے تعلق رکھنے والے مائیکل گف ناک آؤٹ اور فائنل میں امپائرنگ کے فرائض انجام دیں گے۔

    پی سی بی کے مطابق سری لنکا کے روشن ماہنامہ فائنل کے میچ ریفری ہوں گے۔

    پہلے سیمی فائنل میں علیم ڈار کے ساتھ بطور فیلڈ امپائر احسن رضا شامل ہوں گے، شوزب رضا اور طارق رشید تیسرے اور چوتھے امپائر کے فرائض انجام دیں گے۔

    مزید پڑھیں: پی ایس ایل فائیو کے سیمی فائنل میچز کل لاہور میں ہوں گے

    دوسرے سیمی فائنل میں مائیکل گف کے ساتھ راشد ریاض امپائرنگ کے فرائض انجام دیں گے، آصف یعقوب اور فیصل آفریدی تیسرے اور چوتھے امپائر ہوں گے۔

    پی سی بی کے مطابق 18 مارچ کو کھیلے جانے والے فائنل میچ میں علیم ڈار اور مائیکل گف آن فیلڈ امپائر ہوں گے، احسن رضا اور راشد ریاض تیسرے اور چوتھے امپائر کے فرائض انجام دیں گے۔

    واضح رہے کہ پی ایس ایل فائیو کے سیمی فائنل میچز کل لاہور میں کھیلے جائیں گے، پہلے سیمی فائنل میں ملتان سلطانز اور پشاور زلمی کا مقابلہ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں دوپہر دو بجے ہوگا۔ دوسرا سیمی فائنل کراچی کنگز اور لاہور قلندرز کے درمیان شام سات بجے شروع ہوگا۔

  • سیمی فائنل سے قبل لاہور قلندرز کو بڑا دھچکا، کرس لین وطن روانہ

    سیمی فائنل سے قبل لاہور قلندرز کو بڑا دھچکا، کرس لین وطن روانہ

    لاہور: پی ایس ایل فائیو سیمی فائنل سے قبل لاہور قلندرز کی ٹیم کو بڑا دھچکا لگ گیا، جارح مزاج اوپنر کرس لین وطن روانہ ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل فائیو سیمی فائنل میں لاہور قلندرز کے جارح مزاج اوپنر کرس لین ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے، کرونا وائرس کے پیش نظر کرس لین نے وطن واپس جانے کا فیصلہ کیا۔

    کرس لین کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کرکٹ کھیل کر بہت مزہ آیا، زندگی میں کرکٹ کے علاوہ بھی بہت کچھ ہے اور یہی ان کے فیصلے کی بنیاد ہے، امید ہے ٹیم ناک آؤٹ مرحلے میں اچھا پرفارم کرے گی۔

    مزید پڑھیں: پی ایس ایل فائیو کے سیمی فائنل میچز کل لاہور میں ہوں گے

    واضح رہے کہ اس سے قبل جنوبی افریقا کے ڈیوڈ ویزے اور سری لنکا کے سیکوگے پرسنا نے بھی لاہور قلندرز کے ساتھ پی ایس ایل میں اپنا سفر ادھورا چھوڑ کر وطن واپسی کا اعلان کیا تھا۔

    یاد رہے کہ غیرملکی کرکٹرز نے پی ایس ایل چھوڑنے کا فیصلہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی پیشکش کے بعد کیا تھا۔

    پی سی بی نے دنیا بھر میں کرونا وائرس کے پھیلنے کے بعد کھلاڑیوں کو آپشن دیا تھا کہ اگر وہ چاہیں تو گھروں کو واپس روانہ ہوسکتے ہیں۔

    پی سی بی کے پیشکش کے بعد پہلے مرحلے میں 11 کھلاڑیوں نے لیگ چھوڑنے کا فیصلہ کیا تھا، جس کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ کے 3 پلیئرز بھی گھر چلے گئے تھے۔

  • کراچی کنگز کی سیمی فائنل میں رسائی، اسلام آباد یونائیٹڈ کو شکست

    کراچی کنگز کی سیمی فائنل میں رسائی، اسلام آباد یونائیٹڈ کو شکست

    کراچی: پی ایس ایل فائیو کے 28ویں میچ میں کراچی کنگز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنالی،  اسلام آباد یونائیٹڈ ناک آؤٹ مرحلے سے باہر ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں کھیلے جانے والے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے دیا جانے والا 137 رنز کا ہدف کراچی کنگز نے آخری اوور میں 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، شرجیل خان نے 37 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔

    کراچی کنگز کی پہلی وکٹ 60 رنز پر گری جب شرجیل خان 37 رنز بنا کر عاکف جاوید کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے، شرجیل کی اننگز میں 4 چھکے اور تین چوکے شامل تھے۔

    بابر اعظم 19 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، کیمرون ڈیلپورٹ کو 11 رنز پر شاداب خان نے بولڈ کیا، کپتان عماد وسیم 26 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

    افتخار احمد 1 رن بنا کر آؤٹ ہوئے، والٹن 11 رنز بنا کر رومن رئیس کا شکار بنے، کرس جارڈن 6 اور عمید آصف 13 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

    اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے شاداب خان نے دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، رومن رئیس اور عاکف جاوید نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

    قبل ازیں اسلام آباد یونائیٹڈ نے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 136 رنز بنائے اور کراچی کنگز کو جیت کے لیے 137 رنز کا ہدف دیاتھا۔

    اسلام آباد یونائیٹڈ کی پہلی وکٹ 35 رنز پر گری، اوپنر رضوان حسین 17 رنز بنا کر عمید آصف کی گیند پر والٹن کو کیچ دے بیٹھے۔

    فل سالٹ 25 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، حسین طلعت نے 37 رنز کی اننگز کھیلی، کپتان شاداب خان 12 رنز بنا کر ارشد اقبال کا نشانہ بنے۔

    کولن انگرام 14 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے، آصف علی 2 رنز بنا کر جارڈن کی گیند پر اسامہ میر کو کیچ دے بیٹھے۔

    کراچی کنگز کی جانب سے عمید آصف، کرس جارڈن، عماد وسیم، ارشد اقبال اور افتخار احمد نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

    اس سے قبل کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر اسلام آباد یونائیٹڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔

    کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم کا کہنا تھا کہ اچھی جگہ پر بولنگ کریں گے تو نتیجہ اچھا آئے گا، اسلام آباد کو ہرا کر سیمی فائنل میں جگہ بنانا چاہتے ہیں، ایلکس ہیلز کی جگہ کیمرون ڈیلپورٹ کو ٹیم میں شامل کیا ہے۔

    اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان کا کہنا تھا کہ ہم ٹاس جیت جاتے تو پہلے بیٹنگ ہی کرنا چاہتے تھے، کوشش کریں گے کراچی کنگز کو بڑا ہدف دیں۔

    فائنل الیون

  • ملتان سلطانز نے پشاور زلمی کو 3 رنز سے شکست دے دی

    ملتان سلطانز نے پشاور زلمی کو 3 رنز سے شکست دے دی

    کراچی: پی ایس ایل فائیو کے 27ویں میچ میں ملتان سلطانز نے پشاور زلمی کو 3 رنز سے شکست دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں کھیلے جانے والے میچ میں ملتان سلطانز کی جانب سے دئیے جانے والے 155 رنز کے تعاقب میں پشاور زلمی کی ٹیم 7 وکٹوں کے نقصان پر 151 رنز بناسکی۔

    امام الحق کی 56 رنز کی اننگز بھی پشاور زلمی کو شکست سے نہ بچاسکی، عمر امین 29 اور شعیب ملک 30 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

    کامران اکمل 2 رنز بنا کر محمد عرفان کی گیند پر بولڈ ہوگئے، وہاب ریاض 3 رنز بناسکے، حیدر علی 1 رن بنا کر علی شفیق کا نشانہ بنے۔

    حماد اعظم کو 7 رنز پر سہیل تنویر نے پویلین روانہ کیا، عادل امین 7 اور حسن علی ایک رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

    ملتان سلطانز کی جانب سے سہیل تنویر نے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، علی شفیق نے دو، محمد عرفان اور معین علی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

    اس سے قبل ملتان سلطانز نے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 154 رنز بنائے اور پشاور زلمی کو جیت کے لیے 155 رنز کا ہدف دیاتھا۔

    ملتان سلطانز کی جانب سے ذیشان اشرف نے 52 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، کپتان شان مسعود 28 رنز بنا کر حسن علی کی گیند پر عمر امین کو کیچ دے بیٹھے۔

    روحیل نذیر 14 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، معین علی بغیر کوئی رن بنائے راحت علی کی گیند پر بولڈ ہوگئے، روی بوپارا 5 رنز بنا کر محمد عامر خان کا شکار بنے۔

    شاہد خان آفریدی 13 گیندوں پر 19 رنز بنا کر وہاب ریاض کی گیند پر عمر امین کو کیچ دے بیٹھے، خوشدل شاہ نے 30 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔

    پشاور زلمی کی جانب سے راحت علی نے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، حسن علی اور وہاب ریاض ایک، ایک وکٹ حاصل کرسکے۔

    اس سے قبل پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر ملتان سلطانز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی، وہاب ریاض کا کہنا تھا کہ ٹیم میں کوئی اوورسیز کھلاڑی شامل نہیں ہے۔

    وہاب ریاض کا کہنا تھا کہ ہمارے لیے یہ میچ اہم ہے، کوشش کریں گے کہ ملتان سلطانز کی ٹیم کو کم سے کم اسکور میں آؤٹ کریں۔

    شان مسعود کا کہنا تھا کہ ہم ٹاس جیت جاتے تو پہلے فیلڈںگ ہی کرتے، پشاور زلمی کو بڑا ہدف دینے کی کوشش کریں گے۔

    فائنل الیون

  • اسلام آباد یونائیٹڈ کے 4 غیر ملکی کھلاڑی وطن واپس جانے کو تیار

    اسلام آباد یونائیٹڈ کے 4 غیر ملکی کھلاڑی وطن واپس جانے کو تیار

    کراچی: پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے کھلاڑیوں کو ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 کے بقیہ میچوں سے دستبرداری کی آپشن دئیے جانے کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ کے اسکواڈ میں شامل 4 کھلاڑیوں اور ایک اسپورٹ اسٹاف رکن نے وطن واپسی کا فیصلہ کیا ہے۔

    اسلام آباد یونائیٹڈ کے اسکواڈ سے دستبردار ہونے والے کھلاڑیوں میں کولن منرو، ڈیل اسٹین، ڈیوڈ ملان اور لیوک رونکی کے علاوہ ٹرینر کورے روٹگئیرز کے نام شامل ہیں۔

    پاکستان کرکٹ بورڈ ان تمام اسکواڈ ممبرز کی بحفاظت وطن واپسی کے لیے ہر ممکن سہولیات فراہم کرے گا۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم کو اپنا آخری گروپ میچ 14 مارچ کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کراچی کنگز کے خلاف کھیلنا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: کرونا کا خوف، رائلی روسو اور کارلوس بریتھ ویٹ وطن روانہ

    ایچ بی ایل پی ایس یل 2020 کے قوانین کے مطابق اسلام آباد یونائیٹڈ کی انتظامیہ دستبردار ہونے والے کھلاڑیوں کے متبادل ناموں کی منظوری ایونٹ ٹیکنکل کمیٹی سے حاصل کرسکتی ہے۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل کرونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر پشاور زلمی کے ویسٹ انڈین کھلاڑی کارلوس بریتھ ویٹ اور ملتان سلطانز کے رائلی روسو بھی وطن روانہ ہوگئے۔

  • "پی ایس ایل وقت سے پہلےختم کرنےکا فیصلہ کیا ہے”

    "پی ایس ایل وقت سے پہلےختم کرنےکا فیصلہ کیا ہے”

    کراچی: پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو وسیم خان نے کہا ہے کہ پی ایس ایل وقت سے پہلےختم کرنےکا فیصلہ کیا ہے۔

    کورونا وائرس سے پیدا شدہ صورتحال کے پیش نظر پی ایس ایل کا شیڈول تبدیل کرنے سے متعلق وسیم خان نے کہا کہ دونوں سیمی فائنلز 17مارچ کو کھیلےجائیں گے اور فائنل 18مارچ کو ہو گا۔

    پی سی بی چیف ایگزیکٹیو کا کہنا تھا کہ ہمارے لیےضروری تھا کہ پی ایس ایل کواختتام تک پہنچائیں،لاہور میں بھی بند دروازے میں میچز کو یقینی بنایا جائے گا۔

    انہوں نے بتایا کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس کی وجہ سے حالات بدل گئے ہیں، کھلاڑیوں کے بلائنڈ ٹیسٹ لیے جاچکے ہیں اور سب کھلاڑیوں کے ٹیسٹ نیگیٹو آئے ہیں، لوکل کھلاڑیوں کیلئےموقع ہے جیسے آج پشاور زلمی نے کھلائے ہیں۔

    وسیم خان کا کہنا تھا کہ بنگلا دیش بورڈ کے سربراہ سے رابطہ کیا ہے، بنگلہ دیشی بورڈ غور و فکر کے بعد جواب دے گا۔

    واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 کے شیڈول میں تبدیلی کردی ہے۔ پی سی بی نے ایونٹ کے پلے آف میچز کو سیمی فائنل اور فائنل میں تبدیل کردیا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل کا شیڈول تبدیل

    فیصلے کے مطابق ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 کو چار روز تک محدود کردیا گیا ہے۔ نئے شیڈول کے مطابق ایچ بی ایل پی ایس ایل میں اب 34 کی بجائے 33 میچز کھیلے جائیں گے۔

    نئے شیڈول کے مطابق دونوں سیمی فائنلز 17 مارچ کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جائیں گے۔ پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن پر موجود ٹیم اب ایونٹ کی چوتھی بہترین ٹیم سے دوپہر 2 بجےپہلے سیمی فائنل میں مدمقابل آئے گی۔ پوائنٹس ٹیبل پر دوسری اور تیسری پوزیشنز پر موجود ٹیموں کے درمیان مقابلہ شام 7 بجے شروع ہوگا۔

    ایونٹ کا فائنل 18 مارچ بروزبدھ کو شام 7 بجےقذافی اسٹیڈیم لاہور میں شروع ہوگا۔شیڈول میں تبدیلی تمام ٹیموں کے مالکان کی رضامندی سے کی گئی ہے۔

  • کرونا کا خوف، رائلی روسو اور کارلوس بریتھ ویٹ وطن روانہ

    کرونا کا خوف، رائلی روسو اور کارلوس بریتھ ویٹ وطن روانہ

    کراچی: کرونا وائرس کے پیش نظر پی ایس ایل میں شریک دو غیرملکی کھلاڑی اپنے وطن روانہ ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر پشاور زلمی کے ویسٹ انڈین کھلاڑی کارلوس بریتھ ویٹ اور ملتان سلطانز کے رائلی روسو بھی وطن روانہ ہوگئے۔

    رائلی روسو کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے پی ایس ایل کا مزید حصہ نہیں ہوں گا، ملتان سلطانز کی نمائندگی کرنا میرے لیے اعزاز کی بات ہے، پاکستانیوں کی میزبانی پر ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں، پی ایس ایل میں شرکت یادگار تجربہ رہا۔

    واضح رہے کہ پی سی بی نے کرونا وائرس کے پیش نظر پاکستان سپر لیگ فائیو میں شامل تمام غیرملکی کھلاڑیوں کو واپس جانے کی پیشکش کی تھی۔

    مزید پڑھیں: کرونا وائرس، بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کا دورہ پاکستان منسوخ

    پی سی بی کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل ٹیمیں انٹرنیشنل کھلاڑیوں کے بجائے مقامی کھلاڑیوں کو لے سکتی ہیں۔

    پشاور زلمی کی ٹیم میں حماد اعظم کو شامل کیے جانے کا امکان ہے اور پی ایس ایل کے نئی پلیئنگ کنڈیشنز کے مطابق ٹیمیں مقامی کھلاڑیوں کو شامل کرسکتی ہیں۔

    یاد رہے کہ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے بھی کرونا وائرس کے پیش نظر ٹیم کو پاکستان نہ بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے سبب تیسرے مرحلے کے تمام میچز منسوخ ہوگئے ہیں۔

  • پی ایس ایل شیڈول کے مطابق جاری،  غیر ملکی کھلاڑیوں کو دستبرداری کی اجازت

    پی ایس ایل شیڈول کے مطابق جاری، غیر ملکی کھلاڑیوں کو دستبرداری کی اجازت

    لاہور : پاکستان کرکٹ بورڈ نے کرونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر غیر ملکی کھلاڑیوں کوپاکستان سپر لیگ سے دستبردار ہونے کی اجازت دے دی ہے، جس کے بعد کچھ غیرملکی کھلاڑیوں کی اپنے ممالک واپسی متوقع ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ  اورپی ایس ایل ٹیموں کے مالکان کا اجلاس ہوا ، جس میں فیصلہ کیا گیا پی ایس ایل شیڈول کے مطابق جاری رہےگی، کراچی میں ملتان سلطانز، پشاور زلمی کا آج میچ شیڈول کے مطابق ہوگا۔

    اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ایونٹ سےمتعلق افراد ہی آج نیشنل اسٹیڈیم میں داخل ہوسکیں گے، نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں آج شائقین کے بغیر میچ ہوگا۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ  اجلاس میں فیصلہ کیا ہے کہ ’جو کھلاڑی جانا چاہتے ہیں وہ جا سکتے ہیں اور فرنچائز کو غیر ملکی کھلاڑیوں کے متبادل  کی اجازت دے رکھی ہے، کچھ غیر ملکی کھلاڑیوں نے لیگ سے دستبردار ہونے کا کہا ہے۔

    پی سی بی روزانہ ٹیموں کےمالکان سےمشاورت کے بعد صورتحال کاجائزہ لیتارہےگا، تاحال کسی بھی کھلاڑی میں کروناوائرس کی تشخیص نہیں ہوئی تاہم پاکستان اوربنگلادیش سیریزسےمتعلق کوئی فیصلہ نہیں ہوا ۔

    بعد ازاں چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے کہا کہ  کروناسے پیدا صورتحال کا لمحہ بہ لمحہ جائزہ لے رہے ہیں، غیر ملکی9کھلاڑی بارڈرز اور فلائٹ آپریشن بندش کے خدشے کے باعث جانا چاہتے ہیں۔

    مزید پڑھیں : کراچی کے بعد لاہورمیں بھی خالی اسٹیڈیم میں پی ایس ایل میچز کروانے پر غور

    وسیم خان کا کہنا تھا کہ پی سی بی غیرملکی کھلاڑیوں کی خیریت سے روانگی کاخواہاں ہے، تمام افرادکی بھلائی کیلئےصورتحال کے مطابق  مستقبل میں فیصلے ہوں گے۔

    اس سے قبل کرونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر پاکستان کرکٹ بورڈ نے غیر ملکی کھلاڑیوں کوپی ایس ایل سے دستبرداری کاآپشن دیتے ہوئے کہا تھا کہ کوئی بھی کھلاڑی لیگ سے الگ ہونے کا اختیار رکھتا ہے ، تمام ٹیموں کےپاس متبادل کھلاڑی رکھنےکا آپشن موجود ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ کروناوائرس کے پیش نظر کچھ غیرملکی کھلاڑیوں کی اپنے ممالک واپسی متوقع ہے۔

    خیال رہے  پاکستان کرکٹ بورڈ نے کراچی کے بعد لاہورمیں بھی خالی اسٹیڈیم میں پی ایس ایل میچزکروانے پر غور شروع کردیا ہے اور کہا پنجاب حکومت جو بھی ایڈوائزری جاری کرے گی اس پرعمل کریں گے۔

    سندھ حکومت کی ہدایت پر پہلے ہی کراچی میں پی ایس ایل کے میچز خالی اسٹیڈیم میں کرانے کا فیصلہ کیا جا چکا ہے اور شائقین کو ٹکٹ کے پیسے واپس کردیئے جائیں گے۔

    پی سی بی نے کرونا سے بچنے کیلئے پلیئرز اور شائقین کواحتیاطی تدابیر لینے کا مشورہ دیتے ہوئے تمام ٹیموں کے کھلاڑیوں کوہاتھ ملانےسےمنع کردیا ہے اور شائقین سےگزارش کی ہےکرکٹرز سے آٹوگراف لینےکیلئےقریب نہ جائیں۔