Tag: پی ایس بی کا ایکشن

  • نیٹ بال چیمپئن شپ میں پاکستان ٹیم کی پہلی پوزیشن کا غلط دعویٰ، پی ایس بی کا ایکشن

    نیٹ بال چیمپئن شپ میں پاکستان ٹیم کی پہلی پوزیشن کا غلط دعویٰ، پی ایس بی کا ایکشن

    ایشین یوتھ نیٹ بال چیمپئن شپ میں پاکستان ٹیم کے پہلی پوزیشن حاصل کرنے کا غلط دعویٰ کیا گیا جس پر پی ایس بی نے سخت ایکشن لے لیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق رواں ماہ جنوبی کوریا میں منعقدہ ایشین یوتھ گرلز نیٹ بال چیمپئن شپ کے سرکاری نتائج کے مطابق پاکستانی ٹیم نے چھٹی پوزیشن حاصل کی۔ لیکن گمراہ کن پروپیگنڈا کرتے ہوئے قومی ٹیم کے فائنل جیت کر پہلی پوزیشن حاصل کرنے کا غلط دعویٰ کیا گیا۔

    پاکستان اسپورٹس بورڈ نے ایشین یوتھ نیٹ بال چیمپئن شپ کے نتائج کے گمراہ کن دعوے پر سخت نوٹس لیتے ہوئے پاکستان نیٹ بال فیڈریشن کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا ہے۔

    پی ایس بی نے شوکاز نوٹس میں پاکستان نیٹ بال فیڈریشن کو 3 روز میں اس غلط بیانی کی وضاحت کرنے اور جواب دینے کی ہدایت کی ہے۔ 7 روز میں بھی جواب نہ آنے پر پی ایس بی یکطرفہ کارروائی شروع کرے گا۔

    پاکستان اسپورٹس بورڈ کا کہنا ہے کہ مقررہ وقت تک نیٹ بال فیڈریشن کی جانب سے کوئی جواب موصول نہیں ہوا ہے۔ پاکستان نیٹ بال فیڈریشن نے یہ غلط بیانی ٹیلی ویژن انٹرویوز اور عوامی بیانات کے ذریعہ پھیلائی۔

    پی ایس بی نے ایک بار پھر واضح کیا کہ ایشین یوتھ گرلز نیٹ بال چیمپئن شپ کے سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان نے اس ایونٹ میں چھٹی پوزیشن حاصل کی، جب کہ نقد انعامات کی پالیسی صرف تمغہ جیتنے والی ٹیموں تک محدود ہے۔

    واضح رہے کہ ایشین یوتھ گرلز نیٹ بال چیمپئن شپ رواں برس جون، جولائی میں کھیل گئی اور 4 جولائی کو فائنل میں پاکستان کی مالدیپ کو شکست دے کر پہلی پوزیشن حاصل کرنے کی خبر ملک بھر میں میڈیا کی زینت بنی تھی۔