Tag: پی ایس پی

  • ایم کیوا یم  اور پی ایس پی دفتر پر فائرنگ میں ایک ہی گروہ ملوث نکلا

    ایم کیوا یم اور پی ایس پی دفتر پر فائرنگ میں ایک ہی گروہ ملوث نکلا

    کراچی : شہر قائد میں سیاسی جماعتوں کےدفاترپرحملے اور کارکنان کی ہلاکت کے واقعات میں ایک ہی گروہ ملوث نکلا، فارنزک رپورٹ میں انکشاف کیاگیا کہ ایم کیوایم اور پی ایس پی دفاتر پر ایک ہی ہتھیار سے فائرنگ کی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں سیاسی جماعتیں ایم کیو ایم اورپی ایس پی کےکارکنان کی ٹارگٹ کلنگ اور دفاترپرفائرنگ میں ایک ہی گروہ ملوث نکلا ۔

    تفتیشی ذرائع کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے ملنے والے خولوں کی فارنزک مکمل کرلی گئی ، جس کے بعد رپورٹ میں انکشاف کیا گیا کہ ایم کیوایم یوسی آفس اور تئیس دسمبر کو پی ایس پی دفتر پر ایک ہی ہتھیار سے فائرنگ کی گئی جبکہ پی ایس پی دفترمیں کئی ہتھیاراستعمال کیےگئے تھے۔

    ذرائع کے مطابق  ایم کیوایم یوسی آفس پر پیر کے روز فائرنگ کاواقعہ پیش آیا تھا اور دونوں وارداتوں میں ایک ہی نائن ایم ایم کاپستول استعمال ہوا، پی ایس پی دفتر پر  فائرنگ ایس ایم جی سے بھی کی گئی جبکہ جائے وقوعہ سےایس ایم جی کے سولہ اور نائن ایم ایم کےچودہ خول ملے تھے۔

    مزید پڑھیں : ایم کیو ایم کے دفتر پر فائرنگ، کارکن جاں بحق، پارٹی کا حکومت کو48گھنٹے کا الٹی میٹم

    تفتیشی ذرائع کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے دونوں ہتھیاروں کے  6 چلےہوئےسکے بھی ملے تھے۔

    یاد رہے11 فروری کو  نارتھ کراچی میں مسلح افراد نے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے دفتر میں  فائرنگ کی تھی ، جس سے ایک کارکن جاں بحق ایک زخمی ہوگیا تھا۔

    ایم کیو ایم  نے  قاتلوں کی گرفتاری کیلئے حکومت کو 48 گھنٹے کا الٹی میٹم دیا تھا۔

    مزید پڑھیں : کراچی، پی ایس پی کے دفتر پر فائرنگ، 2 افراد جاں بحق، 2 زخمی

    28 اس سے قبل دسمبر2018  کو شہر قائد کے علاقے ناظم آباد میں پاک سرزمین پارٹی کے ٹاؤن آفس پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کردی تھی ، جس کے نتیجے 2 افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہوئے تھے، تفتیشی ٹیم کا کہنا ہے کہ فرانزک سے پتہ چلے گا ہتھیار پہلے کبھی استعمال ہوا ہے یا نہیں۔

  • حکومت کا بانی ایم کیو ایم کے خلاف کارروائی کا فیصلہ، برطانیہ سے جلد رابطہ متوقع

    حکومت کا بانی ایم کیو ایم کے خلاف کارروائی کا فیصلہ، برطانیہ سے جلد رابطہ متوقع

    اسلام آباد: وزارتِ داخلہ نے اپنے اجلاس میں ایم کیو ایم کے بانی کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزارتِ داخلہ نے بانی ایم کیو ایم کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کر لیا، جس کے بعد حکومت ان کے خلاف کارروائی کے لیے برطانیہ سے جلد رابطہ کرے گی۔

    [bs-quote quote=”وزارت داخلہ کو علی رضا عابدی کے قتل میں بانی ایم کیو ایم کے ملوث ہونے کا شبہ ہے۔” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″ author_name=”ذرائع”][/bs-quote]

    ذرائع نے کہا ہے کہ علی رضا عابدی کے قتل میں بھی بانی ایم کیو ایم کے ملوث ہونے کا شبہ ہے۔

    ذرائع کے مطابق حکومت پاکستان کی طرف سے برطانیہ سے بانی ایم کیو ایم کے خلاف کارروائی یا پاکستان حوالگی کی بات کی جائے گی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ بانی ایم کیو ایم کے خلاف 200 سے زائد مقدمات کا ریکارڈ برطانیہ بھجوایا جائے گا، شبہ ہے ایم کیو ایم کے دور رہنے والے رہنماؤں کو بانی ایم کیو ایم قتل کرا سکتے ہیں۔


    یہ بھی پڑھیں:  علی رضا عابدی قتل کیس، فاروق ستار کو پولیس کی تحقیقاتی ٹیم نے طلب کرلیا


    یاد رہے کہ 25 دسمبر کو کراچی کے علاقے ڈیفنس میں ایم کیو ایم کے سابق رہنما اور سابق رکن قومی اسمبلی علی رضا عابدی کو گھر کے دروازے پر دو قاتلوں نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا۔

    علی رضا عابدی کے قتل کی تفتیش کے سلسلے میں 3 جنوری کو پولیس کی تحقیقاتی ٹیم نے ایم کیو ایم کے رہنما فاروق ستار کو بھی ساؤتھ زون انویسٹی گیشن آفس طلب کر کے آدھے گھنٹے تک پوچھ گچھ کی تھی۔

  • پاک سرزمین پارٹی کے رہنما ڈاکٹر صغیر احمد رشتہ ازدواج میں منسلک

    پاک سرزمین پارٹی کے رہنما ڈاکٹر صغیر احمد رشتہ ازدواج میں منسلک

    کراچی: پاک سرزمین پارٹی کے رہنما ڈاکٹر صغیر احمد رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئے، ڈاکٹر صغیر کی شادی کی تقریب گزشتہ روز کراچی میں ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق پی ایس پی کے رہنما ڈاکٹر صغیر احمد رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئے، پی ایس پی رہنما کے ولیمے کی تقریب 29 دسمبر کو کراچی میں ہوگی۔

    واضح رہے کہ پاک سرزمین پارٹی میں شمولیت سے قبل ڈاکٹر صغیر احمد متحدہ قومی موومنٹ کا حصہ تھے جبکہ دسمبر 2015 میں بلدیاتی انتخابات کے لیے انہوں نے متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے بھرپور مہم چلائی تھی۔

    ڈاکٹر صغیر احمد ایم کیو ایم کے ٹکٹ پر رکن سندھ اسمبلی منتخب ہوئے اور انہوں نے صوبائی وزیر صحت کے طور پر بھی خدمات انجام دیں۔

    ڈاکٹر صغیر احمد نے مارچ 2016 میں ایم کیو ایم اور صوبائی اسمبلی کی نشست سے استعفے کا اعلان کرتے ہوئے پاک سرزمین پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی تھی۔

    یاد رہے کہ 2018 کے عام انتخابات میں پاک سرزمین پارٹی کوئی سیٹ نہیں جیت سکی تھی۔

  • کراچی، پی ایس پی کے دفتر پر فائرنگ، 2 افراد جاں بحق، 2 زخمی

    کراچی، پی ایس پی کے دفتر پر فائرنگ، 2 افراد جاں بحق، 2 زخمی

    کراچی: شہر قائد کے علاقے ناظم آباد میں پاک سرزمین پارٹی کے ٹاؤن آفس پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے 2 افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے ناظم آباد میں پاک سرزمین پارٹی کے دفتر پر فائرنگ کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق اور 2  زخمی ہوگئے، رینجرز اور پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔

    فائرنگ سے زخمی ہونے والوں کو طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں اظہر اور نعیم زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے، دیگر زخمیوں کی شناخت فہد، ناصر کے ناموں سے ہوئی ہے۔

    اسپتال انتظامیہ نے بھی اظہر نامی شخص کے ہلاک ہونے کی تصدیق کردی ہے۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز رافع حسین کے مطابق فائرنگ سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ رینجرز اور پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز کے مطابق اس وقت وہاں موجود افراد کو جائے وقوعہ سے ہٹایا جارہا ہے اور شواہد اکٹھے کیے جارہے ہیں۔

    عینی شاہدین کے مطابق دو موٹر سائیکل پر چار نامعلوم افراد آئے جنہوں نے اندھا دھند فائرنگ کردی۔

    تفتیشی ٹیم کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے واقعے میں نائن ایم ایم پستول استعمال ہوا ہے، جائے وقوعہ سے نائن نائن ایم کے 11 خول ملے ہیں۔

    تفتیشی ٹیم کے مطابق فرانزک سے پتہ چلے گا ہتھیار پہلے کبھی استعمال ہوا ہے یا نہیں جبکہ علاقے میں لگے سی سی ٹی وی کیمروں سے مدد لی جائے گی۔

    ایڈیشنل آئی جی کراچی نے ناظم آباد میں فائرنگ کا نوٹس لے لیا، امیر شیخ نے ایس ایس پی سینٹرل سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی۔

    مصطفی کمال کا ردعمل

    پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین مصطفی کمال نے عباسی شہید اسپتال کے باہرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 23 اگست کو ایم کیو ایم پاکستان بنانے والے واقعے کے ذمہ دار ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ہمارے کارکنوں پر حملہ بزدلانہ کارروائی ہے، وفاق، سندھ حکومت سے مطالبہ ہے کہ واقعے کا نوٹس لیں، ہم کسی کو نقصان نہیں پہنچا رہے ہیں، ہمیں اپنی سمت درست کرنے کی ضرورت ہے۔

  • الیکشن کمیشن نے مسلم لیگ ن کے اثاثوں کی تفصیلات ظاہر کر دیں

    الیکشن کمیشن نے مسلم لیگ ن کے اثاثوں کی تفصیلات ظاہر کر دیں

    اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سیاسی جماعتوں کے اثاثوں کی تفصیلات جاری کر دیں، مسلم لیگ ن 22 کروڑ 21 لاکھ 16 ہزار 406 روپے کے اثاثوں کے ساتھ سرِ فہرست نکلی۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن سے جاری کردہ سیاسی جماعتوں کے اثاثوں کی تفصیلات میں مسلم لیگ ن سب سے زیادہ اثاثوں کی مالک جماعت نکل آئی۔

    [bs-quote quote=”جماعت اسلامی 11 کروڑ 6 لاکھ 53 ہزار 978 کے اثاثوں کی مالک نکلی۔” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″][/bs-quote]

    الیکشن کمیشن کے دستاویز کے مطابق پی ٹی آئی 11 کروڑ 64 لاکھ 24 ہزار 836 روپے کی مالک ہے۔

    پاکستان پیپلز پارٹی کے اثاثوں کی مالیت 16 کروڑ 52 لاکھ 84 ہزار 423 روپے ہے، جب کہ چوتھے نمبر پر جماعت اسلامی 11 کروڑ 6 لاکھ 53 ہزار 978 کے اثاثوں کی مالک نکلی۔

    دستاویز کے مطابق پی پی پی پارلیمنٹیرین 7 کروڑ 92 لاکھ 4 ہزار 355 روپے کے اثاثوں کی مالک ہے، جب کہ مسلم لیگ ق 5 کروڑ 81 لاکھ 480 روپے کی مالک ہے۔


    یہ بھی پڑھیں:  احتساب عدالت میں نواز شریف کے خلاف ریفرنسز کی سماعت پیر تک ملتوی


    اے این پی 4 کروڑ 17 لاکھ 26 ہزار 350 روپے کی مالک، جے یو آئی ف 2 کروڑ 82 لاکھ 73 ہزار 592 روپے کی مالک، جب کہ پی ایس پی کے اثاثوں کی مالیت 35 لاکھ 65 ہزار 818 روپے ہے۔

    دستاویز کے مطابق پاکستان عوامی تحریک 19 لاکھ 10 ہزار 434 روپے کے اثاثوں کی جب کہ عوامی مسلم لیگ 2 لاکھ 88 ہزار 268 روپے کے اثاثوں کی مالک ہے۔

  • پی ایس پی رہنما فوزیہ قصوری کا سیاست چھوڑنے کا اعلان

    پی ایس پی رہنما فوزیہ قصوری کا سیاست چھوڑنے کا اعلان

    کراچی : پاک سرزمین پارٹی کی رہنما فوزیہ قصوری کا کہنا ہے میرا سیاسی سفر اپنے اختتام کو پہنچ چکا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹرپرپی ایس پی رہنما فوزیہ قصوری نے سیاست چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا میرا سیاسی سفر اختتام کو پہنچا۔

    فوزیہ قصوری نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ پاکستان کے لیے دعا کرتی رہوں گی، فلاحی کاموں کے ذریعے پاکستان کی خدمت کرنے کی خواہاں ہوں۔

    پی ٹی آئی کی بانی رکن فوزیہ قصوری نے پارٹی سے استعفیٰ دے دیا


    یاد رہے کہ رواں سال 24 مئی کو پاکستان تحریک انصاف کی بانی رکن فوزیہ قصوری نے قیادت کی پالیسیوں سے اختلافات کے باعث پارٹی سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

    فوزیہ قصوری کی جانب سے عمران خان کو ارسال کردہ استعفے میں‌ موقف اختیار کیا گیا تھا کہ اگر آپ کو قومی حکومت کا موقع ملے، تو تبدیلی کا وعدہ ضرورپوراکریں۔

    تحریک انصاف کی فوزیہ قصوری پی ایس پی میں شامل


    بعدازاں اگلے ہی روز فوزیہ قصوری نے پاک سرزمین پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی تھی۔

  • برف پگھلنے لگی، ڈاکٹر صغیر کی ایم کیو ایم رہنما ڈاکٹر فاروق ستار سے ملاقات

    برف پگھلنے لگی، ڈاکٹر صغیر کی ایم کیو ایم رہنما ڈاکٹر فاروق ستار سے ملاقات

    کراچی : پی ایس پی کے رہنما ڈاکٹر صغیر احمد نے ایم کیو ایم کے رہنما ڈاکٹرفاروق ستار سے ملاقات کی ہے، دونوں رہنما کراچی کے مسائل پر مل کر جدوجہد کرنے پر متفق ہوگئے۔

    سیاست کے رنگ نرالے ہوتے ہیں  اور اس میں کوئی حرف آخر بھی نہیں ہوتا، قربتوں کے بعد دوریاں اور پھر قربتیں سیاسی میدان میں اچنبھے کی بات نہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ایم کیوایم پاکستان کے سابق کنوینر ڈاکٹر فاروق ستار سے پاک سرزمین پارٹی کے رہنما ڈاکٹر صغیر نے ملاقات کی، اس موقع پر ڈاکٹر صغیر احمد نے پاکستان کوارٹرز کے رہائشیوں کی جدوجہد کے لئے پرانے ساتھی کی خدمات کو سراہا۔

    ملاقات میں نظریاتی اور سیاسی اختلافات چھوڑ کر عوامی مسائل پر مل کر جدوجہد کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں کا کہنا تھا کہ کراچی کے مسائل کے حل میں وفاقی و صوبائی حکومتیں ناکام ہوگئیں، دونوں ساتھیوں نے مل کر پاکستان کواٹرز کے مکینوں کے مالکانہ حقوق کے لئے لائحہ عمل بنانے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ایس پی رہنما ڈاکٹر صغیر احمد نے پارٹی قیادت کو ملاقات سے آگاہ کیا، اس کے علاوہ ڈاکٹر فاروق ستار پاک سرزمین پارٹی کے دیگر رہنماؤں سے بھی جلد ملاقات کریں گے۔

    مزید پڑھیں: سابق گورنرعشرت العباد سے پی ایس پی رہنماؤں کی ملاقات، گلے شکوے دور کیے

    واضح رہے کہ پاک سرزمین پارٹی کے رہنما انیس ایڈووکیٹ نے گزشتہ اتوار دبئی میں سابق گورنر سندھ عشرت العباد سے بھی ملاقات کی تھی۔

  • ضمنی انتخابات:پولنگ کا وقت ختم ہوگیا

    ضمنی انتخابات:پولنگ کا وقت ختم ہوگیا

    کراچی/ پشاور : قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 247، سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس 111 اور خیبرپختونخواہ اسمبلی کے حلقہ پی کے 71 پر ہونے والے ضمنی الیکشن میں ووٹنگ کا وقت ختم ہوگیا، ووٹوں کی گنتی جاری ہے۔

    آج قومی قومی اسمبلی  کی ایک اور سندھ اور خیبرپختونخواہ کی صوبائی اسمبلیوں پر منعقد ہونے والے ضمنی الیکشن کے لیے پولنگ کا عمل شام 5 بجے تک بلا تعطل جاری رہا۔ پولنگ اسٹیشن کے اندر موجود لوگ ووٹ کاسٹ کرسکیں گے۔

    کراچی میں ایک مقام پر ایم کیو ایم اور پی ٹی آئی کے کارکنان آمنے سامنے آگئے اور نعرے بازی کی تاہم مجموعی طور پر پولنگ پر امن ماحول میں ہوئی اور کہیں سے کسی ناخوشگوار واقعے کی اطلاع نہیں ملی۔

    صدر پاکستان اور گورنر سندھ کا ووٹ 

    صدر پاکستان ڈاکٹرعارف علوی نے این اے 247 کے پولنگ اسیٹشن ماڈل اسکول فیز7 میں، اورگورنر سندھ عمران اسماعیل نے وومن کالج فیز 8 میں اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔

    ضمنی الیکشن این اے 247: صدر پاکستان کی چھوڑی ہوئی نشست کی دلچسپ تاریخ

    این اے 247 ضمنی الیکشن

    قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 247 سے پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار آفتاب صدیقی نے ووٹ کاسٹ کرنے کے بعد اے آروائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کامیاب ہوکرعمران خان کو خوشخبری دیں گے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ایم کیو ایم سے اتحاد اپنی جگہ لیکن الیکشن میں مقابلہ ہے۔ دوسری جانب مقابلے میں موجود دیگرجماعتوں کے کیمپ اور پولنگ ایجنٹس دونوں ہی نظرنہیں آرہے۔

    پہلی خاتون ووٹر کا ووٹ

    این اے 247 کے ضمنی انتخاب میں پہلی خاتون ووٹرنے ووٹ کاسٹ کرنے والی خاتون ووٹر پی ایس 111 سے تحریک انصاف کے امیدوار شہزاد قریشی کی زوجہ ہیں۔

    تحریک انصاف اورایم کیو ایم کارکنان آمنے سامنے

    کراچی کےعلاقے لکی اسٹار کے قریب پاکستان تحریک انصاف اورایم کیو ایم پاکستان کے کارکنان آمنے سامنے آگئے، دونوں جماعتوں کے کارکنان کی ایک دوسرے کے خلاف نعرے بازی۔

    قومی اسمبلی کی نسشت این اے 247 پرہونے والے ضمنی انتخاب میں پی ٹی آئی کے آفتاب صدیقی، ایم کیو ایم کے صادق افتخار، پیپلزپارٹی کے قیصرنظامانی اور پی ایس پی کے ارشد وہرہ میدان میں تھے۔

    سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس 111 پرہونے والے ضمنی الیکشن میں پاکستان تحریک انصاف کے شہزاد قریشی، ایم کیو ایم کے جہانزیب مغل، پیپلزپارٹی کے فیاض پیرزادہ ، پی ایس پی کے یاسر الدین اور آزاد امیدوار جبران ناصر بھی حصہ لے رہے تھے۔

    الیکشن کمیشن کے مطابق قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 247 میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 5 لاکھ 46 ہزار 451 اور پی ایس 111 میں تعداد 1 لاکھ 78 ہزار 965 ہے۔

    این اے 247 کے لیے 240 پولنگ اسٹیشنز اور پی ایس 111 کے لیے 80 پولنگ اسٹیشنز بنائے گئے ہیں۔

    الیکشن کمیشن آف پاکستان کے مطابق این اے 247 میں 12 جبکہ پی ایس 111 میں 16 امیدوار الیکشن لڑرہے ہیں۔

    قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 247 پر صدر پاکستان ڈاکٹرعارف علوی اور پی ایس 111 کی نشست پر گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کامیابی حاصل کی تھی۔

    صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی اور گورنر سندھ عمران اسماعیل کے عہدہ سنبھالنے کے بعد یہ دونوں سیٹیں خالی ہوئی تھیں۔

    پی کے 71 خیبرپختونخواہ

    دوسری جانب خیبرپختونخواہ اسمبلی کے حلقہ پی کے71 پر ضمنی الیکشن میں گورنر خیبرپختونخواہ کے بھائی ذوالفقار خان سمیت 5 امیدوار حصہ لے رہے ہیں۔

    پی کے 71 میں ایک لاکھ 33 ہزار 451 ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے جن میں مرد ووٹرز کی تعداد 79 ہزار 836 اور خواتین ووٹرز کی تعداد 53 ہزار 615 ہیں۔

    الیکشن کمیشن کے مطابق حلقے میں پولنگ اسٹیشنز کی تعداد 86 ہے جن میں 48 مردوں اور 35 خواتین کے لیے ہیں۔

  • امید ہےآرٹی ایس نظام اس بار خراب نہیں ہوگا‘ مصطفیٰ کمال

    امید ہےآرٹی ایس نظام اس بار خراب نہیں ہوگا‘ مصطفیٰ کمال

    کراچی : پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال کا کہنا ہے کہ ہمارا ایم این اے منسٹری نہیں مانگے گا حکومت کومسائل سے آگاہ کرے گا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں کے حلقہ این اے 243 میں ووٹ کاسٹ کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ایس پی کے سربراہ مصطفیٰ کمال نے کہا کہ لوگ گھروں سےنکلیں اورووٹ ڈالیں، اہم الیکشن ہے۔

    مصطفیٰ کمال نے کہا کہ لوگوں نےموقع دیا توہمارے ایک ایم این اے کی آواز20 پربھاری ہوگی، ہمارا ایم این اے منسٹری نہیں مانگے گا حکومت کومسائل سے آگاہ کرے گا۔

    پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ نے کہا کہ حلقےکےعوام پولنگ اسٹیشن آکرڈولفن پرمہرلگائیں، آخری وقت میں پولنگ اسٹیشن تبدیل نہیں کرنے چاہئیں۔

    مصطفیٰ کمال نے کہا کہ امید ہے اس بارالیکشن کمیشن کی ایمرجنسی میں پریس کانفرنس نہیں ہوگی، امید ہے آرٹی ایس نظام اس بار خراب نہیں ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ کراچی کے حالات بدترین ہیں، حکومت کومسائل سے آگاہ رکھیں گے، پی ایس پی امیدوارکامیاب ہوکرحکومت سے کراچی کے مسائل پربات کرے گا۔

    پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ نے کہا کہ امید ہے ضمنی انتخابات شفاف ہوں گے، لوگوں کوشکایات نہیں ہوں گی۔

    ملک بھر میں ضمنی انتخابات کے لیے پولنگ کا عمل جاری

    واضح رہے کہ ملک میں قومی اسمبلی کی 11 اور صوبائی اسمبلی کی 24 نشتوں پر ضمنی انتخابات کے لیے پولنگ صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک بلا تعطل جاری رہے گی۔

    ضمنی انتخابات میں قومی اور پنجاب اسمبلی کی 11 نشستوں کے ساتھ خیبرپختونخواہ اسمبلی کی 9، سندھ اور بلوچستان کی 2،2 نشستوں پرپولنگ جاری ہے اور 600 سے زائد امیدوار انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔

    الیکشن کمیشن کے مطابق مجموعی طور پر35 حلقوں میں 92 لاکھ 93 ہزار 74 ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے جن کے لیے 7 ہزار 489 پولنگ اسٹیشن بنائے گئے ہیں جبکہ ایک ہزار727 پولنگ اسٹیشن کو حساس قرار دیا گیا ہے۔

  • ایوان میں بیٹھنے والے کراچی کی بات نہیں کر رہے ہیں، مصطفیٰ کمال

    ایوان میں بیٹھنے والے کراچی کی بات نہیں کر رہے ہیں، مصطفیٰ کمال

    کراچی: پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین مصطفیٰ کمال ضمنی انتخابات کے سلسلے میں متحرک ہوگئے، ان کا کہنا تھا کہ ایوان میں بیٹھنے والے کراچی کی بات نہیں کر رہے ہیں۔

    میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق ناظم کراچی مصطفیٰ کمال نے کہا ’ہم نے مثبت انداز میں کراچی کا مقدمہ لڑنا ہے، لوگ ایوان میں بیٹھ کر کراچی کی بات نہیں کر رہے۔‘

    چیئرمین پاک سرزمین پارٹی نے ضمنی انتخابات کے سلسلے میں ہونے والی سرگرمی سے متعلق بتایا کہ این اے 243 کے لیے 4 امیدواروں نے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرائے۔

    ان کا کہنا تھا کہ 4 میں سے صرف ایک کو پارٹی ٹکٹ دیا جانا تھا اس لیے آصف حسنین این اے 243 میں پی ایس پی کے امیدوار ہوں گے۔

    مصطفیٰ کمال نے دعویٰ کیا کہ پی ایس پی ہی وہ جماعت ہے جو کراچی کے مسائل کو اچھی طرح سمجھتی ہے اور ان کو حل بھی کرے گی۔

    پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین نے این اے 243 کے ووٹرز سے اپیل کی کہ وہ پی ایس پی کو ووٹ دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مردم شماری میں گنتی کو ٹھیک نہ کیا جانا نسل کشی کے مترادف ہے۔


    یہ بھی پڑھیں:  ضمنی انتخابات میں ٹکٹ کے لیے پیسوں کی لین دین، حساس ادارے کا چھاپا


    خیال رہے کہ ملک بھر میں ضمنی انتخابات کے لیے پولنگ 14 اکتوبر کو ہوگی۔ ضمنی انتخاب کے لیے قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے 37 حلقوں میں پولنگ ہوگی۔ قومی کے 11 اور صوبائی اسمبلیوں کے 26 حلقوں میں انتخابات ہوں گے۔

    صوبائی اسمبلیوں میں سے پنجاب اسمبلی کے 13، خیبر پختونخواہ کے 9 اور سندھ اور بلوچستان اسمبلی کے 2، 2 حلقوں میں ضمنی انتخاب ہوگا۔