Tag: پی ایف ایف

  • کھیل کے میدان سے پاکستان کیلئے بُری خبر

    کھیل کے میدان سے پاکستان کیلئے بُری خبر

    زیورخ: فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا نے پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) کی رکنیت ایک بار پھر معطل کردی ہے۔

    فیفا کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ پی ایف ایف قوانین کے مطابق آئین سازی نہیں کرسکی، قوانین کےمطابق آئین سازی ہونے تک معطلی برقرار رہے گی، معطلی تب ختم ہوگی جب کانگریس مجوزہ ترامیم منظور کرے گی۔

    واضح رہے کہ اے ایف سی اور فیفا پاکستان فٹبال فیڈریشن الیکشن کے قانون میں ترمیم چاہتے ہیں، ترمیم کے نتیجے میں کوئی بھی آزاد شخص پی ایف ایف کا صدر بننے کا اہل ہوجائیگا۔

    ریال میڈرڈ اور برازیل کے سابق کپتان نے ریٹائرمنٹ لے لی

    دوسری جانب پی ایف ایف کانگریس ممبران نے بھاری اکثریت سے ترمیم کو مسترد کردیا ہے، ارکان کا کہنا ہے کہ پی ایف ایف کا صدر وہ بن سکتا ہے جو پی ایف ایف فٹبال سرکٹ کا حصہ ہو، پی ایف ایف کے کسی بھی قانون میں ترمیم کا حق کانگریس ممبران کو ہے۔

    خیال رہے کہ یہ پہلی بار نہیں کہ پی ایف ایف کو معطلی کا سامنا کرنا پڑا ہو۔ اپریل 2021 میں بھی فیفا نے پاکستان فٹبال فیڈریشن کو معطل کر دیا تھا ۔ اس وقت اشفاق حسین گروپ کی جانب سے پی ایف ایف دفاتر پر قبضہ تھا، یہ پابندی جون 2022 میں ختم ہوئی تھی ۔

    فیفا کے فیصلے کے بعد پاکستان کی ٹیمیں کسی بھی بین الاقوامی مقابلے میں شرکت نہیں کر سکیں گی اس کے علاوہ، فیفا سے ملنے والی تمام مالی اور تکنیکی معاونت بھی معطل رہے گی۔

  • فیفا ہاؤس تنازعہ، فیفا کی ڈیڈ لائن گزر گئی

    فیفا ہاؤس تنازعہ، فیفا کی ڈیڈ لائن گزر گئی

    اسلام آباد: پاکستان فٹ بال فیڈریشن اور فیفا ہاؤس تنازع حل نہ ہو سکا، فیفا کی ڈیڈ لائن گزرگئی جب کہ انجینئر اشفاق گروپ نے قبضہ نہ چھوڑا۔

    تفصیلات کے مطابق انجینئر اشفاق گروپ نے فیفا ہاؤس کا قبضہ نہیں چھوڑا، گزشتہ روز قبضہ چھڑانے کے لیے فیڈریشن انٹرنیشنل فٹ بال ایسوسی ایشن (FIFA) نے پاکستان کو آج رات 8 بجے تک کی ڈیڈ لائن دی تھی۔

    تاہم حکومتی سطح پر دونوں گروپس سے رابطے بے سود ثابت ہو گئے ہیں، اشفاق گروپ نے لاہور میں واقع فٹ بال ہاؤس کا قبضہ نہیں چھوڑا۔

    فیفا نارملائزیشن کمیٹی کے چیئرمین ہارون ملک نے فیفا ہاؤس کا چارج نہ ملنے پر فیفا کو تازہ صورت حال سے آگاہ کرنے کے لیے ای میل بھیج دی ہے۔

    اب پاکستان فٹ بال کے مستقبل کا فیصلہ فیفا کرے گی، فیفا پاکستان پر 5 سال کی پابندی عائد کر سکتی ہے۔

    دوسری طرف آج اس معاملے پر حکومت بھی متحرک ہوئی ہے، وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے پریس کانفرنس میں کہا کہ میں ‏نے فیفا کو خط لکھا ہےکہ اپنا وفد بھیجیں، ہم درخواست کریں گے کہ ہمیں تھوڑا وقت ‏دیں۔

    انھوں نے کہا حکومت نے کسی فیڈریشن کے معاملے پر مداخلت نہیں کی، حکومت کی کوشش ‏ہے کہ ڈائیلاگ کے ذریعے معاملہ حل ہو، ہم ‏نہیں چاہتے کہ پاکستان پر فیفا کی جانب سے پابندی لگے۔

    فہمیدہ مرزا نے کہا پی ایف ایف اور نارملائزیشن کمیٹی آپس میں اس معاملے کا حل نکالیں۔

  • پی ایف ایف کا ملک میں فٹبال کے فروغ کے لیے بڑا قدم

    پی ایف ایف کا ملک میں فٹبال کے فروغ کے لیے بڑا قدم

    لاہور: پاکستان نے بھارت، آسٹریلیا، ملائشیا، اور جاپان سے فٹبال میچز کھیلنے میں دل چسپی کا اظہار کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان فٹبال فیڈریشن نے ایشیا کی تمام فیڈریشنز کو خطوط لکھ کر میچز کھیلنے میں دل چسپی کا اظہار کیا ہے۔

    پی ایف ایف نے بھارت، آسٹریلیا، ملائشیا، جاپان، بحرین، عراق، کویت، قطر اور سعودی عرب کو خطوط ارسال کر کے کہا ہے کہ گرمیوں میں فیفا ونڈو میں جگہ ہے، اس سلسلے میں ہماری مدد کی جائے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان فٹبال فیڈریشن کی نارملائزیشن کمیٹی کے چیئرمین ہارون ملک نے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ فٹبال چلے گی تو پی ایف ایف رہے گی۔

    ان کا کہنا تھا پاکستان کی عالمی درجہ بندی پاکستان فٹبال کے ٹیلنٹ کی عکاس نہیں ہے، اور کوئی وجہ نہیں کہ پاکستان فٹبال ٹیم دیگر ایشین ٹیموں کی طرح بہتر رینکنگ حاصل نہ کر سکے۔

    انھوں نے کہا ہماری کوشش ہے کہ پاکستان فٹبال ٹیم کو زیادہ سے زیادہ میچز دیے جائیں اور اس سلسلے میں پی ایف ایف نے ایشین ملکوں سے رابطہ کیا ہے۔

    ہارون ملک کا کہنا تھا کہ فیڈریشن نے بھارت کو بھی لکھا ہے کیوں کہ بھارت ایک بہتر رینک والی ٹیم ہے، پاکستان کو بھارت سے کھیل کر فائدہ ہوگا۔