Tag: پی ایم ایل این

  • شفاف انتخابات جہاں بھی ہوں گے ن لیگ فاتح ہوگی: شہباز شریف

    شفاف انتخابات جہاں بھی ہوں گے ن لیگ فاتح ہوگی: شہباز شریف

    لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ جہاں جہاں شفاف انتخابات ہوں گے وہاں مسلم لیگ ن ہی فاتح ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے گجرات میں ن لیگی میئر منتخب ہونے پر کارکنوں کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ شفاف انتخابات جہاں ہوں گے وہاں ن لیگ فتح حاصل کرے گی۔

    شہباز شریف نے ن لیگی میئر کے انتخاب پر کہا ’ہم اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں کہ اس نے ہمیں یہ فتح نصیب فرمائی۔‘

    ان کا کہنا تھا کہ عوام نے ایک بار پھر مسلم لیگ ن پر اپنے اعتماد کا اظہار کیا، نو منتخب میئر  طاہر اقبال مانڈہ اور ان کی تمام ٹیم کو مبارک باد دیتے ہیں، عوام کے اعتماد کو ٹھیس نہیں پہنچنے دیں گے، ماضی کی طرح ہر سطح پر ان کی بھرپور خدمت کریں گے۔

    یہ بھی پڑھیں:  نیب نے شہباز شریف کی اہلیہ اور بیٹیوں کو سوال نامہ بھجوا دیا

     خیال رہے کہ آج 17 اپریل کو گجرات کی میئر شپ کے لیے مسلم لیگ ن اور مسلم لیگ ق کے درمیان الیکشن لڑا گیا۔ چوہدری پرویز الہیٰ نے کہا تھا کہ گجرات کے میئر الیکشن میں سرپرائز دیں گے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز نیب لاہور نے شہباز شریف کی اہلیہ نصرت شہباز، بیٹی جویریہ اور رابعہ کو بذریعہ ڈاک سوال نامہ بھجوا دیا ہے، چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کی ہدایت پر طلبی کے نوٹسز کینسل کر دیے گئے تھے۔

    سوال نامے میں مبینہ منی لانڈرنگ اور بینکوں میں آنے والی رقوم کے حوالے سے پوچھا گیا۔ یاد رہے 13 اپریل کو نیب نے اثاثہ جات کیس میں شہباز شریف خاندان کے خلاف تحقیقات کا دائرہ کار مزید وسیع کرتے ہوئے ان کے پورے خاندان کو بیان کے لیے طلب کیا تھا۔

  • مجھے پاکستان کی معیشت کے بیٹھ جانے کا خوف ہے: حمزہ شہباز

    مجھے پاکستان کی معیشت کے بیٹھ جانے کا خوف ہے: حمزہ شہباز

    لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ انھیں پاکستان کی معیشت بیٹھ جانے کا خوف لاحق ہو گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ن لیگی رہنما حمزہ شہباز نے اپنے وکلا سے طویل مشاورت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ نہ عدالتوں سے گھبراتے ہیں کہ گرفتاری سے ڈرتے ہیں۔

    حمزہ شہباز نے اپنا مؤقف پھر دہراتے ہوئے کہا کہ انھوں نے جو کچھ کیا ہے قانون کے مطابق کیا ہے، انھیں بس خوف پاکستان کی معیشت کے بیٹھ جانے کا ہے۔

    پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ اس وقت ملک کے جو حالات ہیں ان میں اللہ کے سوا کوئی مدد کرنے والا نہیں ہے۔

    تفصیل پڑھیں:  حمزہ شہباز کی عبوری ضمانت میں 25 اپریل تک توسیع

    خیال رہے کہ آج لاہور ہائی کورٹ نے حمزہ شہباز کی عبوری ضمانت میں 25 اپریل تک توسیع کر دی ہے، ہائی کورٹ نے توہین عدالت کی درخواست پر ڈی جی نیب کو نوٹس بھی جاری کیا۔

    حمزہ شہباز آج رمضان شوگر ملز اور صاف پانی کیس میں ضمانتوں کی درخواستوں کے سلسلے میں پیش ہوئے تھے، عدالت میں نیب کا مؤقف تھا کہ حمزہ نے گزشتہ روز نیب میں پیشی پر کسی سوال کا جواب نہیں دیا، عدالت میں نیب کی جانب سے ریکارڈ فراہم کیا جا چکا، اس لیے ضمانت میں مزید توسیع نہ کی جائے۔

  • شہبازشریف کو جیل میں ڈالنے کے پیچھے رانا مشہود کا بیان ہے: نبیل گبول

    شہبازشریف کو جیل میں ڈالنے کے پیچھے رانا مشہود کا بیان ہے: نبیل گبول

    کراچی: پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما نبیل گبول کا کہنا ہے کہ شہبازشریف کو جیل میں ڈالنے کے پیچھے رانا مشہود کا بیان ہے، ن لیگ سے ہماری یکسوئی پہلے سے تھی، ماضی میں کچھ غلط فہمی بھی ہوئیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام الیونتھ آور میں انٹرویو دیتے ہوئے کیا، نبیل گبول کا کہنا تھا کہ شہبازشریف کے وعدہ معاف گواہ بننے کی پارلیمانی تحقیقات ہونی چاہئیں، ہم نے یہ نہیں کہا ہم پر ہاتھ مت ڈالیں، قانون کے مطابق کارروائی کریں۔

    انہوں نے کہا کہ پہلے گرفتار کرتے ہیں پھر تحقیقات شروع کرتے ہیں یہ غلط ہے، کرپشن پر لوگ تو گرفتار ہوتے ہیں لیکن ریکوری نہیں ہوتی، پاکستان میں کرپشن ہوئی ہے اس میں کوئی شک نہیں ہے۔

    صبح تک اپوزیشن کی جانب سے اعتزاز احسن کے نام کا اعلان ہوسکتا ہے: نبیل گبول

    رہنما پی پی کا کہنا تھا کہ چیئرمین نیب سے ملاقات نہیں کی جانی چاہئے، احتساب اور گرفتاریاں بلاتفریق ہونی چاہئیں، پی ٹی آئی کے لوگوں کو کیوں نہیں پکڑا جارہا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ آج تاریخ کی مضبوط ترین اپوزیشن ہے، پاکستان میں اس وقت بہت سے بحران ہیں، اپوزیشن کو ایک ہونا چاہئے، اپوزیشن جب بھی چاہے حکومت کو گراسکتے ہیں۔

    پوچھے گئے سوال پر نبیل گبول کا کہنا تھا کہ عمران خان کو وزیراعظم بنانے والے 4 سیٹوں والے ان سے ناراض ہیں، وزیراعظم کے اتحادی آج ان سے ناراض ہیں اور ہم سے ملے بھی ہیں، وزیراعظم سے کون ناراض ہے یہ ابھی نہیں بتانا چاہتا۔