Tag: پی ایم ایل ن

  • ہم فوری طور پر نئے انتخابات کا مطالبہ کرتے ہیں: احسن اقبال

    ہم فوری طور پر نئے انتخابات کا مطالبہ کرتے ہیں: احسن اقبال

    لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن نے ملک میں نئے انتخابات کا مطالبہ کر دیا ہے، ن لیگی رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ اپوزیشن سے مل کر نئے انتخابات کے لیے ملک گیر مہم چلائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق احسن اقبال نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہم فوری طور پر نئے انتخابات کا مطالبہ کرتے ہیں، اپوزیشن سے مل کر نئے انتخابات کے لیے ملک گیر مہم چلائی جائے گی۔

    احسن اقبال کا کہنا تھا مولانا فضل الرحمان کو نواز شریف کی ہدایت پر تجاویز پہنچا دی ہیں، آزادی مارچ سے متعلق جلد ن لیگ حتمی لائحہ عمل کا اعلان کرے گی، اپوزیشن جماعتیں ایک دوسرے کے ساتھ رابطے میں ہیں، کوشش ہے سب بھرپور کردار ادا کریں۔

    انھوں نے کہا پاکستان کی کام یابی کا جو وژن ن لیگ کے پاس ہے کسی اور کے پاس نہیں، یہ وہ جماعت ہے جو وعدہ کرتی ہے تو پورا کرتی ہے، ن لیگ نے لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کیا، معیشت کو زندہ کیا، کوشش ہے نواز شریف کے نظریے کو ملک کے کونے کونے میں پہنچائیں، ن لیگ نے نا ممکن کو ممکن بنایا۔

    تازہ ترین:  مولانا فضل الرحمان نے حکومت کی مذاکرات کی پیش کش مسترد کر دی

    احسن اقبال نے اپنا مؤقف پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج پاکستان اندھیروں کی طرف جا رہا ہے، پنجاب کے عوام اپنا حق مانگنے کے لیے عدلیہ کی طرف دیکھ رہے ہیں، ہمیں پنجاب بچاؤ تحریک کے لیے نکلنا ہوگا۔

    ان کا کہنا تھا کہ بار بار کہا گیا کہ حکومت جنوبی پنجاب اور بہاولپور صوبے کی تحریک لائے، لیکن جنوبی پنجاب کے لوگوں کو ورغلایا گیا۔

    خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے اپوزیشن سے مذاکرات کے لیے کمیٹی بنانے کا فیصلہ کر لیا ہے، جب کہ مولانا فضل الرحمان نے حکومتی کمیٹی سے مذاکرات کی پیش کش کو مسترد کر دیا۔

  • مولانا فضل الرحمان کا اپوزیشن لیڈر شہباز شریف سے ٹیلی فونک رابطہ

    مولانا فضل الرحمان کا اپوزیشن لیڈر شہباز شریف سے ٹیلی فونک رابطہ

    اسلام آباد: سینیٹ میں صادق سنجرانی کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد کی ناکامی کے بعد اپوزیشن رہنماؤں کے رابطے ایک بار پھر شروع ہو گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے اپوزیشن رہنما شہباز شریف کو ٹیلی فون کر کے مختلف معاملات پر تبادلۂ خیال کیا ہے۔

    اس سلسلے میں ذرایع کا کہنا ہے کہ ٹیلی فونک رابطے میں دونوں رہنماؤں کے درمیان اگلے ہفتے ملاقات پر اتفاق کیا گیا۔

    ذرایع نے کہا کہ ٹیلی فونک گفتگو میں سینیٹ انتخابات کے بعد سے پیدا ہونے والی صورت حال پر بات چیت کی گئی، ان کا کہنا تھا کہ جن اراکین نے ووٹ نہیں دیا ان کے خلاف سخت کارروائی کرنا ہوگی۔

    گفتگو میں کہا گیا کہ موجودہ صورت حال میں رہبر کمیٹی کا اجلاس بلانا چاہیے، جو آیندہ کی حکمت عملی طے کرے۔

    یہ بھی پڑھیں:  بلاول بھٹو کو مولانا فضل الرحمان کا ٹیلی فون، اگلے ہفتے ملاقات پر اتفاق

    خیال رہے اس سے قبل آج مولانا فضل الرحمان نے پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے بھی فون پر رابطہ کر کے موجودہ صورت حال پر بات چیت کی تھی۔

    مولانا اور پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے اس بات پر اتفاق کیا تھا کہ حکومت کو بے نقاب کرنے کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا، جب کہ اگلے ہفتے ملاقات بھی کی جائے گی۔

    اس موقع پر بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ سینیٹ الیکشن میں حکومت کو بے نقاب کرنا اپوزیشن کی اخلاقی فتح ہے، حکومت کا غیر جمہوری رویہ دراصل اپوزیشن کی جیت ہے۔

    واضح رہے کہ سینیٹ میں تحریک عدم اعتماد کی ناکامی کے بعد اپوزیشن رہنما ایک بار پھر اکھٹے ہو کر حکومت کے خلاف نئی حکمتِ عملی ترتیب دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔

  • اپوزیشن جماعتیں اکھٹی ہو رہی ہیں، ملکی معاملات پر بات چیت ہوگی: حمزہ شہباز

    اپوزیشن جماعتیں اکھٹی ہو رہی ہیں، ملکی معاملات پر بات چیت ہوگی: حمزہ شہباز

    لاہور: پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتیں آج اکٹھی ہو رہی ہیں، ملکی معاملات پر بات چیت ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق بلاول بھٹو کے افطار ڈنر میں شرکت کے لیے اسلام آباد روانگی سے پہلے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ اپوزیشن جماعتیں آج اکٹھی ہو رہی ہیں، ملکی معاملات پر بات چیت ہو گی۔

    انھوں نے کہا ملک کو بدترین معاشی بحران کا سامنا ہے، عمران خان کو کارکردگی بہتر کرنا ہوگی یا گھر جانا ہو گا، موجودہ حکمران نا اہل ہیں، عوام ان کے جھوٹ پر توجہ نہ دیں۔

    حمزہ شہباز نے کہا کہ آج اپوزیشن جماعتوں کے درمیان جو بات چیت ہوگی اس سے نواز شریف اور شہباز شریف کو آگاہ کریں گے، سیاسی جماعتوں کو مل کر بیٹھنا چاہیے ورنہ قوم معاف نہیں کرے گی۔

    یہ بھی پڑھیں:  بلاول بھٹو کی دعوت افطار آج ہوگی، مریم نواز ودیگر رہنماؤں کی آمد متوقع

    انھوں نے عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ گالیوں سے بائیس کروڑ لوگوں کا پیٹ نہیں بھرتا، آپ کو کارکردگی بہتر کرنا ہوگی، دواؤں کی قیمتوں میں تین سو فی صد اضافہ ہوا ہے، ملک کی تاریخ کا یہ بد ترین معاشی بحران ہے، کھانے پینے کی اشیا کی قیمتوں میں ہوش ربا اضافہ ہو گیا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ موجودہ حکمران نا اہل ہیں، بزنس مین چیخ رہے ہیں، گیس غریبوں کے لیے مہنگی اور امیروں کے لیے سستی کر دی گئی ہے، اب قوم کے لیے باہر نہیں نکلیں گے تو کب نکلیں گے۔

    حمزہ نے کہا ’کل وزیر اعظم نے کہا دعا مانگو ایک ہفتے میں گیس نکل آئے، ابھی الفاظ پورے بھی نہیں ہوئے کہ گیس نہ ملنے کا اعلان ہو گیا۔‘

    اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ ہم نے نہ صرف آئی ایم ایف پروگرام شروع کیا بلکہ ختم بھی کیا، گروتھ ریٹ 6 فی صد پر چھوڑ گئے تھے، 9 ماہ میں انھوں نے آدھا کر دیا، الٹی گنگا بہہ رہی ہے جو زیادہ گیس استعمال کر رہے ہیں ان کو رعایت ہے، جو لوگ کم گیس استعمال کر رہے ہیں ان سے زیادہ پیسے لے رہے ہیں۔

  • گیس قیمتوں میں ممکنہ اضافے کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہیں: شہباز شریف

    گیس قیمتوں میں ممکنہ اضافے کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہیں: شہباز شریف

    لندن: اوگرا کی جانب سے گیس کی قیمتوں میں مزید 45 فی صد اضافے کی سفارش پر شہباز شریف نے ردِ عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہم گیس قیمتوں میں ممکنہ اضافے کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے ایک بیان میں کہا ہے کہ حکومت ملکی امور چلانے میں مکمل طور پر نا کام ہو چکی ہے۔

    شہباز شریف کا کہنا تھا کہ گیس اضافہ فوری واپس لیا جائے، گیس، بجلی، پیٹرول اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں ہوش ربا اضافہ کیا گیا ہے، عوام کیسے زندہ رہیں گے۔

    انھوں نے مزید کہا کہ ملکی معیشت اسی طرح ڈوبتی رہی تو قومی سلامتی کے لیے سنگین خطرہ لاحق ہوگا۔

    یہ بھی پڑھیں:  پیپلز پارٹی نے گیس قیمتوں میں اضافہ مسترد کر دیا

    شہباز شریف نے مطالبہ کیا کہ مہنگائی کو دیکھتے ہوئے کم از کم تنخواہ 30 ہزار روپے کی جائے، اور تنخواہ دار طبقے کو تنخواہ میں کم از کم 10 ہزار کا فوری ریلیف دیا جائے۔

    خیال رہے کہ ماہ رمضان میں عوام کے چولھے ٹھنڈے کرنے کی تیاری کر لی گئی ہے، گزشتہ روز اوگرا نے گیس کی قیمتوں میں 47 فی صد تک اضافے کی منظوری دے دی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  اوگرا نے گیس کی قیمتوں میں 47 فیصد اضافے کی منظوری دے دی

    سوئی ناردرن کے صارفین کے لیے گیس 236 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو مہنگی ہوگئی ہے، جب کہ سوئی سدرن کے صارفین کا ٹیرف بھی 159 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو مہنگا ہوگیا ہے۔

    گیس قیمتوں میں اضافے کا اطلاق حکومت کی جانب سے نوٹی فیکیشن جاری ہونے کے بعد ہوگا۔

  • ن لیگ نے قائمہ کمیٹیوں کے چیئرمینز کے انتخاب کا بائیکاٹ کر دیا

    ن لیگ نے قائمہ کمیٹیوں کے چیئرمینز کے انتخاب کا بائیکاٹ کر دیا

    لاہور: اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کو چیئرمین پی اے سی نہ بنائے جانے پر ن لیگ نے آج قائمہ کمیٹیوں کے چیئرمینز کے انتخاب کا بائیکاٹ کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق ن لیگ اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کو چیئرمین پی اے سی نہ بنائے جانے پر ناراض ہو گئی، ن لیگ نے آج قائمہ کمیٹیوں کے چیئرمینز کے انتخاب کا بائیکاٹ کر دیا۔

    آج پنجاب اسمبلی کی 3 قائمہ کمیٹیوں کے چیئرمینز کا انتخاب ہونا تھا، جن میں قائمہ کمیٹی برائے داخلہ، پبلک پراسیکیوشن اور ریونیو شامل ہیں۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کا چیئر مین اسد عمر کو منتخب کر لیا گیا ہے، سید نوید قمر نے کمیٹی چیئرمین شپ کے لیے اسد عمر کو نامزد کیا تھا۔

    یہ بھی پڑھیں:  اسد عمر قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے چیئر مین منتخب

    قبل ازیں وزیر اعظم عمران خان نے اپنے سابق وزیر خزانہ اسد عمر کو چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے خزانہ مقرر کرنے کی ہدایت جاری کی تھی۔

    حال ہی میں شہباز شریف کے لندن جانے کے بعد قومی اسمبلی میں بھی پی اے سی کی چیئرمین شپ کا تنازعہ سامنے آیا تھا، اور مطالبہ کیا گیا تھا کہ شہباز شریف کو چیئرمین شپ سے ہٹا کر رانا تنویر کو چیئرمین بنایا جائے۔

    واضح رہے کہ پی ٹی آئی حکومت بننے کے بعد سے قومی اسمبلی میں حکومت اور اپوزیشن کے درمیان قائمہ کمیٹیوں کی تشکیل اور ان کے لیے چیئرمینز کے انتخاب کے معاملے پر اختلافات موجود ہیں جس کی وجہ سے قانونی سازی کا عمل متاثر رہا۔

  • بہاولپور صوبے کے مطالبے کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع

    بہاولپور صوبے کے مطالبے کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع

    لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن نے بہاولپور صوبے کے مطالبے کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کرا دی۔

    تفصیلات کے مطابق بہاولپور صوبے کے مطالبے کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کرا دی گئی، لیگی رکن حنا پرویز بٹ نے قرارداد میں جنوبی پنجاب کے ساتھ بہاولپور صوبے کا بھی مطالبہ کیا۔

    قرارداد کے متن میں کہا گیا کہ حکومت نئے صوبوں کے قیام میں سنجیدہ ہے تو بہاولپور صوبہ بھی تسلیم کرے، نئے صوبوں کے قیام سے وسائل اور اختیارات برابری کی سطح پر تقسیم ہوں گے۔

    خیال رہے کہ پی ٹی آئی حکومت آئین میں ترمیم کے ذریعے جنوبی پنجاب صوبہ بنانا چاہتی ہے، یہ نیا صوبہ ملتان اور بہاولپور ڈویژن کے اضلاع پر مشتمل ہوگا۔

    یہ بھی پڑھیں:  ن لیگ میں بہت سے لوگ جنوبی پنجاب صوبے کے حق میں ہیں: شاہ محمود

    تاہم پاکستان مسلم لیگ ن کا مؤقف ہے کہ بہاولپور کو ایک الگ صوبہ ہونا چاہیے، اس سلسلے میں ن لیگ کی جانب سے قومی اسمبلی میں آئینی ترمیمی بل بھی جمع کروایا گیا تھا۔

    مذکورہ بل میں کہا گیا تھا کہ آئین کے آرٹیکل ایک میں ترمیم سے بہاولپور، جنوبی پنجاب کے صوبوں کی تشکیل کے الفاظ شامل کیے جائیں۔

    دوسری طرف شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ صرف ملتان تین ضلعوں کا صوبہ بنانا ممکن نہیں ہے، ترمیم کی دو تہائی اکثریت سے منظوری کے لیے دیگر جماعتوں کا تعاون درکار ہے۔

  • میں نے جو بھی کیا پاکستان اور ٹیکس قوانین کے مطابق کیا: حمزہ شہباز

    میں نے جو بھی کیا پاکستان اور ٹیکس قوانین کے مطابق کیا: حمزہ شہباز

    لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ انھوں نے جو بھی کیا وہ پاکستان اور ٹیکس قوانین کے مطابق کیا، ٹی ٹی سے جس دور میں پیسا آیا، اس وقت وہ عوامی نمائندے نہیں تھے۔

    تفصیلات کے مطابق آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں نیب میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہا کہ ان پر الزامات اربوں روپے کے لگائے گئے لیکن نیب نے صرف اٹھارہ کروڑ کا پوچھا۔

    انھوں نے کہا ’ایک طرف فواد چوہدری اور شہزاد اکبر 85 ارب کی بات کرتے ہیں، وزارت داخلہ نے 33 ارب کی کرپشن کا الزام لگایا، جب کہ نیب نے مجھ سے صرف 18 کروڑ کا سوال کیا ہے۔‘

    حمزہ شہباز نے مزید کہا ’2005 سے 2008 تک مجھے ٹی ٹی کے ذریعے پیسا آیا ہے، اس دور میں میں عوامی نمائندہ نہیں تھا، پبلک آفس ہولڈر نہیں تھا تو کس بات کی کرپشن اور منی لانڈرنگ کی۔‘

    یہ بھی پڑھیں:  آمدن سےزائداثاثہ جات کیس : حمزہ شہباز نیب میں پیش

    ن لیگی رہنما نے کہا کہ ان کے خلاف روز پریس کانفرنس ہوتی ہے اور الزامات لگائے جاتے ہیں، لیکن منی لانڈرنگ اور کرپشن ثابت نہ ہوئی تو عمران خان کو معافی مانگنا پڑے گی، شہباز شریف پر آشیانہ، صاف پانی کیس پر الزامات لگائے گئے، فیصلہ آیا تو دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو گیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ انھیں پرویز مشرف کے دور میں اغوا کر کے گروی رکھا گیا تھا، پاکستان سے باہر جانے کی اجازت بھی نہیں تھی، مشرف کا دور تھا اور میں اکیلا یہاں موجود تھا، نیب 6،6 گھنٹے بلا کر بٹھاتا تھا۔

    حمزہ شہباز نے ہزار گنجی میں دہشت گردی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ واقعے میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت کرتا ہوں، پشاور میں اے ایس آئی کی شہادت پر افسوس ہوا۔

    انھوں نے کہا ’مہنگائی کا سونامی ریڑھی والے کو گھیرنے والا ہے، معاشی دیوالیہ نکالا جا رہا ہے، ابھی پتا چل رہا ہے کہ 80 فی صد گیس مہنگی ہونے والی ہے، میری پیشیوں سے معاشی حالات بہتر ہو جائیں تو روز بلائیں۔‘

  • اپریل میں مزید مہنگائی کا خدشہ ہے، مفتاح اسماعیل: خوشی سے مہنگائی نہیں کر رہے، عثمان ڈار

    اپریل میں مزید مہنگائی کا خدشہ ہے، مفتاح اسماعیل: خوشی سے مہنگائی نہیں کر رہے، عثمان ڈار

    لاہور: سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ روپے کی قدر میں مسلسل کمی ہو رہی ہے، میرا خیال ہے مہنگائی آگے جا کر اور بڑھے گی، خدشہ ہے اپریل میں مہنگائی میں مزید اضافہ ہو جائے گا۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام پاور پلے میں گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رہنما مفتاح اسماعیل نے کہا کہ ڈالر کو آہستہ آہستہ اوپر لے کر جاتے تو بہتر ہوتا، حکومت نے اسٹیٹ بینک سے بہت پیسے لیے، ڈالر کی قیمت میں اضافے اور پیسا چھاپنے سے مہنگائی میں اضافہ ہوا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ گیس کی قیمتوں میں بھی بہت زیادہ اضافہ کیا گیا ہے، ن لیگ نے صنعتوں کے لیے گیس کی قیمتیں بڑھائی تھیں، عام عوام کے لیے نہیں، قیمتیں بڑھانا حکومت کی بڑی غلطی ہے، گیس کی قیمتیں 10 سے 20 فی صد بڑھا دینے سے کوئی حرج نہیں ہوتا، لیکن 140 فی صد اضافے سے درآمدات میں کمی ہوئی۔

    مفتاح اسماعیل نے مشورہ دیا کہ حکومت کو نیوٹرل معاشی ماہرین رکھ لینے چاہئیں، آئی ایم ایف کے پاس پہلے ہی چلے جاتے تو دوست ممالک سے پیسے لینے کی ضرورت نہ ہوتی۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام الیونتھ آور میں وزیر اعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار نے کہا کہ کوئی شک نہیں مہنگائی ہوئی ہے، لیکن یہ فیصلہ بوجھل دل کے ساتھ کیا گیا ہے، حکومت خوشی سے مہنگائی نہیں کر رہی ہے۔

    انھوں نے کہا کہ عالمی سطح پر پیٹرولیم مصنوعات میں اضافہ ہوا ہے، ن لیگ نے گزشتہ 5 سال مصنوعی طور پر معیشت کو چلایا، قرضے لے کر مہنگے منصوبے کرتی رہی۔

    عثمان ڈار نے پی ٹی آئی حکومت کے عزم کو دہرایا کہ قوم کو مشکل حالات سے ضرور نکالیں گے، اپوزیشن سے کہتا ہوں کہ آئیں اور چارٹر آف معیشت بنائیں۔

  • نواز شریف کے لیے جناح اسپتال کا پرائیویٹ وارڈ سب جیل قرار

    نواز شریف کے لیے جناح اسپتال کا پرائیویٹ وارڈ سب جیل قرار

    لاہور: کوٹ لکھپت جیل کے قیدی سابق وزیرِ اعظم نواز شریف کے لیے جناح اسپتال لاہور کا نجی وارڈ سب جیل قرار دے دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق دل کی بیماری میں مبتلا نواز شریف کو علاج کے لیے جناح اسپتال لاہور منتقل کرنے کے سلسلے میں اسپتال کے نجی وارڈ کو سب جیل کا درجہ دے دیا گیا ہے۔

    اسپتال میں جیل کے 6 افسران اور ملازمین کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا۔

    [bs-quote quote=”نواز شریف اسپتال نہیں جانا چاہتے تھے، یہ بتایا جائے کہ اسپتال اس نہج پر کس نے پہنچائے؟ ” style=”style-8″ align=”left” color=”#dd3333″ author_name=”یاسمین راشد” author_job=”صوبائی وزیرِ صحت”][/bs-quote]

    ذرایع کا کہنا ہے کہ انچارج سب جیل اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ امین صادق ڈیوٹی پر مامور کر دیے گئے ہیں، افسران و ملازمین سیکورٹی سمیت دیگر امور سے اعلیٰ حکام کو آگاہ کریں گے۔

    دریں اثنا وزیرِ صحت پنجاب یاسمین راشد نے جناح اسپتال کے حوالے سے کہا کہ یہ کوئی لندن نہیں ہے، یہاں کوئی زخمی بھارتی فوجی بھی آئے گا تو علاج پہلی ذمہ داری ہوگی۔

    یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو دل کے مرض کے ساتھ ساتھ دیگر مسائل بھی لا حق ہیں، اس لیے انھیں ملٹی ڈسپلن اسپتال میں رکھا گیا، انھیں دل کے اسپتال منتقل کرنا چاہتے تھے لیکن وہ جیل جانے کی ضد کر گئے۔

    یہ بھی پڑھیں:  نواز شریف کو کوئی خطرناک بیماری نہیں: ڈاکٹر عارف تجمل

    وزیر صحت نے مزید کہا کہ نواز شریف کارڈیالوجی جانا چاہتے ہیں تو ایک لمحے میں بھیج دیں گے، مریم نواز اسپتال کے حوالے سے بیان تو دیتی ہیں مگر یہ نہیں بتاتیں کہ اسپتال اس نہج تک کس نے پہنچائے، نواز شریف کی فیملی سے پوچھا گیا ہے کہ کیا سہولیات چاہئیں۔

    یاسمین راشد نے کہا ’میں نے بھی تو 4 بچوں کو پاکستان کے اسپتالوں میں جنم دیا ہے۔‘

  • حمزہ شہباز کے ہاں بچی کی پیدائش، نومولود بچی کی حالت نازک

    حمزہ شہباز کے ہاں بچی کی پیدائش، نومولود بچی کی حالت نازک

    لندن: پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کے ہاں بچی کی پیدائش ہوئی ہے، تاہم نومولود بچی کی حالت ڈاکٹروں نے نازک قرار دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما اور شہباز شریف کے صاحب زادے حمزہ شہباز کے ہاں ایک بچی کی پیدائش ہوئی ہے، نومولود بچی عارضہ قلب میں مبتلا ہے۔

    [bs-quote quote=”نومولود بچی عارضہ قلب میں مبتلا ہے۔” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″ author_name=”اسپتال ذرائع”][/bs-quote]

    ذرائع نے کہا ہے کہ ڈاکٹروں نے بچی کی زندگی بچانے کے لیے والدین کو فوری آپریشن کرانے کی ہدایت کی ہے۔

    اسپتال ذرائع کے مطابق نومولود بچی کو پیدائش کے فوراً بعد انتہائی نگہداشت یونٹ منتقل کر دیا گیا ہے، ڈاکٹروں نے حمزہ شہباز کی نومولود بچی کو آئی سی یو میں ہی رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    ذرائع نے بتایا کہ ڈاکٹروں نے پیدائش سے قبل ہی فیملی کو بچی کی غیر معمولی سیریس حالت کا بتا دیا تھا، حمزہ شہباز کو بھی بچی کی پیدائش سے پہلے اس کی حالت بتا دی گئی تھی۔

    یہ بھی پڑھیں:  حمزہ شہبازشریف لندن روانہ ہوگئے

    خیال رہے کہ حمزہ شہباز 3 فروری کو لندن آئے جہاں انھیں 13 فروری تک رہنے کی اجازت ہے، انھیں 27 نومبر کو لندن آنا تھا، تاہم ای سی ایل میں نام ہونے کے باعث نہ پہنچ سکے۔

    حمزہ شہباز لاہور ہائی کورٹ کو بیرون ملک روانگی سے متعلق آگاہ کرنے کے بعد لندن کے لیے روانہ ہوئے تھے، انھوں نے اپنا نام بلیک لسٹ میں شامل ہونے کے خلاف لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا جس پر عدالت نے ان کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم جاری کیا تھا۔