Tag: پی اے ایف

  • پاک فضائیہ کے 4 افسران کی ترقی

    پاک فضائیہ کے 4 افسران کی ترقی

    کراچی: پاک فضائیہ کے چار ایئر آفیسرز کو ایئر وائس مارشل کے عہدوں پر ترقی دے دی گئی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق حکومت پاکستان نے پاک فضائیہ کے چار ایئر آفیسرز کو ایئر وائس مارشل کے عہدے پر ترقی دے دی، ترقی پانے والوں میں ایئر وائس مارشل خالد محمود، ایئر وائس مارشل اسد عامر پیرزادہ، ایئر وائس مارشل سلمان عباس شاہ اور ایئر وائس مارشل محمد عرفان شامل ہیں۔

    ایئر وائس مارشل خالد محمود نے مئی 1991 میں پاک فضائیہ کی جی ڈی پی برانچ میں کمیشن حاصل کیا، اپنے کیریئر کے دوران انھوں نے ایک فائٹر اسکواڈرن، ایک فلائنگ ونگ اور ایک آپریشنل بیس کی کمانڈ کی، انھیں پاک فضائیہ میں شان دار خدمات پر ستارہ امتیاز (ملٹری) سے نوازا گیا۔

    ایئر وائس مارشل اسد عامر پیر زادہ نے مئی 1991 میں پاک فضائیہ کی انجنیئرنگ برانچ میں کمیشن حاصل کیا، اپنے کیرئیر کے دوران انھوں نے ایئر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں ڈائریکٹر نیٹ ورکس بیسز اور کمانڈنٹ کالج آف ایروناٹیکل انجنیئرنگ اصغر خان اکیڈمی کے طور پر خدمات سر انجام دیں، انھیں پاک فضائیہ میں شان دار خدمات پر ستارہ امتیاز (ملٹری) سے نوازا گیا۔

    ایئر وائس مارشل سلمان عباس شاہ نے مئی 1991 میں پاک فضائیہ کی انجنیئرنگ برانچ میں کمیشن حاصل کیا، اپنے کیریئر کے دوران انھوں نے انجنیئرنگ ونگ کی کمانڈ کی اور کامرہ میں معراج ریبلڈ فیکٹری کے منیجنگ ڈائریکٹر کے طور پر خدمات سر انجام دیں، وہ ایئر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں اسسٹنٹ چیف آف ایئر اسٹاف (ایئرکرافٹ انجنیئرنگ) بھی تعینات رہے، انھیں پاک فضائیہ میں شان دار خدمات پر ستارہ امتیاز (ملٹری) سے نوازا گیا۔

    ایئر وائس مارشل محمد عرفان نے مئی 1991 میں پاک فضائیہ کی انجنیئرنگ برانچ میں کمیشن حاصل کیا، اپنے کیریئر کے دوران انھوں نے ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر JF-17 تھنڈر پروجیکٹ کے طور پر فرائض سر انجام دیے، انھوں نے کامرہ میں ایویانکس پروڈکشن فیکٹری کے ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر کے طور پر بھی خدمات سر انجام دیں، انھیں پاک فضائیہ میں شان دار خدمات پر ستارہ امتیاز (ملٹری) سے نوازا گیا۔

  • وادیٔ نلتر کے برف زار میں لڑکیوں کے اسکی مقابلوں نے سب کو حیران کر دیا

    وادیٔ نلتر کے برف زار میں لڑکیوں کے اسکی مقابلوں نے سب کو حیران کر دیا

    گلگت بلتستان: پاکستان ایئر فورس اِسکی ریزورٹ، نلتر میں سعدیہ خان اِسکی کپ اختتام تک پہنچ گیا ہے، وادیٔ نلتر کے برف زار میں لڑکیوں کے اسکی مقابلوں نے سب کو حیران کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق نوجوان اسکیئر مرحومہ سعدیہ خان اِسکی کپ نلتر میں خواتین کی سلالم کیٹیگری میں عمائمہ ولی نے پہلی جب کہ جیا علی نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔ خواتین کی جائنٹ سلالم کیٹیگری میں خوشین صاحبہ نے پہلی جب کہ حمیمہ ولی نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔

    لڑکیوں کے انڈر 12 سیکنڈ اسپیڈ اسکیٹنگ مقابلے میں مشال حسین نے پہلی پوزیشن حاصل کی، لڑکیوں کی انڈر 16 کیٹیگری مقابلوں میں منہال عزیز پہلے نمبر پر رہیں، جب کہ ماسٹر کیٹیگری کی خوشین صاحبہ نے پہلی پوزیشن حاصل کر کے مقابلہ جیتا۔

    چلڈرن اِسکی مقابلوں میں لڑکیوں کی انڈر 14 سلالم کیٹیگری میں مشال حسین پہلے جب کہ مریم اقبال دوسرے نمبر پر رہیں۔

    لڑکوں کی انڈر 16 کیٹیگری مقابلوں میں سیف اللہ پہلے نمبر پر جب کہ زبیر علی دوسرے نمبر پر رہے، لڑکوں کی انڈر 14 کیٹیگری مقابلوں میں زمان علی پہلی پوزیشن کے حق دار رہے جب کہ ظاہر اللہ دوسری پوزیشن کے حق دار قرار پائے۔ اسکیٹنگ بوائز کیٹیگری I میں محمد اقبال پہلے نمبر پر آئے، لڑکوں کی انڈر 12 کیٹیگری مقابلوں میں مبشر پہلے نمبر پر رہے۔ ماسٹر کیٹیگری میں ضیا الرحمٰن پہلے نمبر پر رہے۔

    یہ مقابلے پی اے ایف اِسکی ریزورٹ، نلتر میں 3 دن جاری رہے، پاکستان کی مختلف اِسکی ایسوسی ایشنز کے اسکیئرز نے سخت سردی میں ان مقابلوں میں حصہ لیا۔ اِسکی سے دل چسپی رکھنے والوں کی ایک بڑی تعداد اس چیمپئن شپ کو دیکھنے کے لیے آئی تھی۔

    اس ایونٹ کو ایک نوجوان اسکیئر سعدیہ خان کے نام سے منسوب کیا گیا ہے جو 24 سال کی عمر میں ایک کار حادثے میں انتقال کر گئی تھی۔

  • کشمیر سے متعلق اقوام متحدہ کی قراردادوں پرعمل ہونا چاہیے، جنرل زبیرمحمود حیات

    کشمیر سے متعلق اقوام متحدہ کی قراردادوں پرعمل ہونا چاہیے، جنرل زبیرمحمود حیات

    رسالپور: چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیرمحمود حیات کا کہنا ہے کہ بھارت میں نسلی اور مذہبی امتیاز کو فروغ دیا جا رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پی اے ایف اکیڈمی اصغرخان میں 142ویں ڈی جی پی،88ویں ایروناٹیکل انجینئرنگ کورس، 23ویں اےاینڈ ایس ڈی اور 98 ویں اے ڈی کی مشترکہ پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب ہوئی۔

    چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیرحیات مہمان خصوصی تھے، ایئرچیف مارشل مجاہد انور خان بھی پاسنگ آؤٹ پریڈ میں موجود تھے۔

    چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیرمحمود حیات نے پریڈ کا معائنہ کیا۔ جنرل زبیرمحمود حیات نے پاس آؤٹ ہونے والے کیڈٹس کو فلائنگ بیجز لگائے۔

    چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیرمحمود حیات نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاس آؤٹ کیڈٹس اور ان کے والدین کو مبارکباد دیتا ہوں۔

    انہوں نے کہا کہ آج کے کیڈٹس مستقبل میں پاک فضائیہ کی قیادت ہیں، قوم کوپاک فضائیہ پر فخر ہے، امید ہے پاس آؤٹ کیڈٹس وطن کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔

    جنرل زبیرمحمود حیات نے کہا کہ کشمیر سے متعلق اقوام متحدہ کی قراردادوں پرعمل ہونا چاہیے، کشمیرتقسیم ہند کا نامکمل ایجنڈا ہے۔

    چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی نے کہا کہ پاکستان ایک ذمے دار جوہری طاقت ہے، انہوں نے کہا کہ بھارت میں نسلی اورمذہبی امتیاز کو فروغ دیا جا رہا ہے۔

  • پاک فوج  نے بھارتی پائلٹ کو میڈیا کے سامنے پیش کردیا

    پاک فوج  نے بھارتی پائلٹ کو میڈیا کے سامنے پیش کردیا

    اسلام آباد: پاک فوج نے بھارتی فضائیہ کے حراست میں لیے گئے افسر کو میڈیا کے سامنے پیش کرکے بھارتی پروپیگنڈے کا جواب دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور  آج صبح گرائے جانے والے دو بھارتی جہازوں کے واقعے پر پریس کانفرنس کررہے تھے، جس کے دوران انہوں نے  بھارتی  پائلٹ کی ویڈیو شیئر کی۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بھارتی ایئر فورس کے یونی فارم میں ملوث بھارتی فضائیہ کا افسر  خود اعتراف کررہا ہے کہ وہ بھارتی ایئر فورس کا ونگ کمانڈر ہے۔ ویڈیو میں اس نے اپنا نام  اوی نندن بتا یا ہے اور اپنا سروس نمبر 27981 بتایا ہے۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر نے پریس کانفرنس کے دوران  بھارتی فوجیوں کے سامان سے برآمد ہونے والی دستاویز بھی میڈیا کے سامنے پیش کردی ہیں۔

    یاد رہے کہ بھارتی میڈیا کی جانب سے پروپیگنڈا کیاجارہا ہے کہ  ان کی فضائیہ نے پاکستان کا ایف 16 طیارہ مار گرایا ہے تاہم ابھی تک ان کی طرف سے کوئی ثبوت پیش نہیں کیا جاسکا ہے۔

    دوسری جانب پاکستان نے اپنی حدود میں گرنے والے طیارے کی تصاویر، بھارتی  پائلٹ اور اس سے ملنے والی دستاویز ساری دنیا کے سامنے پیش کردی ہیں۔

    میجر جنرل آصف غفور کا کہنا تھا کہ صورتحال کی وجہ سے ایئر اسپیس بند ہے، پاکستان نے اپنے دفاع میں جواب دیا ہے، پاکستان ہمسایوں سمیت خطے میں امن چاہتا ہے، جارحیت کی گئی یا جنگ مسلط کی گئی بھرپور جواب دینے کی صلاحیت ہے۔

    انھوں نے بتایا کہ پاک فضائیہ کےخصوصی آپریشن کی ویڈیوکچھ دیرمیں جاری کریں گے، زخمی بھارتی پائلٹ کیساتھ مہذب قوم کی طرح سلوک کیا اور اس کا سی ایم ایچ میں علاج جاری ہے۔

  • پاک فضائیہ  ہمیشہ بھارتی ایئر فورس پرغالب رہی ہے

    پاک فضائیہ ہمیشہ بھارتی ایئر فورس پرغالب رہی ہے

    بھارتی فضائیہ نے آج صبح لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کی تاہم پاک فضائیہ کے شاہینوں کے حرکت میں آتے ہی اپنا پے لوڈ چھوڑ کر بھاگ اٹھے، پاک فضائیہ کو ابتدا سے ہی بھارت پر فضائی برتری حاصل ہے۔

    پلوامہ واقعے کے بعد سے بھارت جنگی جنون میں مبتلا ہے لیکن جنگی تیاریوں کا عالم یہ ہے کہ ایک ماہ سے بھی کم وقت میں بھارت کے پانچ جنگی طیارے حادثے کا شکار ہوچکے ہیں ان حادثات میں تین بھارتی پائلٹ ہلاک جبکہ عملے کے کئی افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

    پانچ میں سے بھارتی فضائیہ کے دو ’سوریا کرن طیارے‘ تو ایرو انڈیا شو 2019 کے لیے بنگلور میں ریہرسل کررہے تھے کہ آ پس میں ہوا میں ہی ٹکرا گئے اور ہوئی اڈے پر گرکرتباہ ہوگئے تھے۔

    [bs-quote quote=”پاکستانی پائلٹ ایم ایم عالم نے 1 منٹ میں بھارت کے 5 جہازمارگرائے گئے ” style=”style-8″ align=”left”][/bs-quote]

    سنہ 2015 میں بھی بھارتی میڈیا کی جانب سے ایک رپورٹ جاری کی گئی تھی جس میں اعتراف کیا گیا تھا کہ بھارتی ایئرفورس ناقص مرمت اور پرانے جہاز ہونے کے سبب پاکستان اور چین کی ایئرفورسزکے ساتھ مطابقت کی استطاعت نہیں رکھتی ہے۔

    رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ دفاعی اداروں کو پاکستان ایئر فورس کے ساتھ مطابقت کے لئے بھارتی ایئر فورس کو جدید ساز وسامان سے لیس کرنا ہوگا اور پائلٹس کی ٹریننگ پر بھی توجہ دینی ہوگی۔

    بھارت ماضی میں پاکستان اور چین کے ساتھ برسرِپیکاررہ چکا ہے لیکن آج بھی بھارتی فضائیہ مگ 21 اور مگ 27جیسے کئی سال قبل ریٹائر ہوجانے والے طیاروں پرانحصار کررہی ہے۔

    بھارت کے مقابلے میں چینی فضائیہ میں لڑاکا طیاروں کی تعداد تین گنا زیادہ ہے ، جبکہ پاکستان بھی انتہائی تیزی سے جہازوں کی تعداد میں بھارت کے قریب آتا جارہا ہے۔ پاک فضائیہ کے پاس اسوقت 21سے زائد لڑاکا اسکواڈرن ہیں جن میں مسلسل اضافہ جاری ہے۔ پاکستان اور بھارت نے مجموعی طور پر تین جنگیں لڑیں ہیں اور ہر مرتبہ پاکستانی ایئر فورس نے بھارتی فضائیہ کو ناکوں چنے چبوائے ہیں۔

    بھارتی فضائیہ 1970 سے 2015 تک 1،100 جہاز محض تکینیکی خرابیوں اور باقاعدہ مرمت نا ہونے کے سبب گنوا چکی ہے جو کہ ازخودایک ریکارڈ ہے۔ 2011-2012 سے اب تک بھارتی فضائیہ کے 15 ہیلی کاٹراور35 ایئرکرافٹ گرکرتباہ ہوچکے ہیں۔

    گزشتہ سال بھارت کے ائیرچیف بریندرسنگھ نے اپنی فضائیہ کی نااہلی کا اعتراف کرتے ہوئے کہا تھا کہ فضائی مہارت میں پاکستان کا مقابلہ نہیں کرسکتے، 200 طیارے لے کر بھی پاکستان سے پیچھے رہیں گے۔بریندرسنگھ نے یہ بھی کہا تھا کہ بھارت کوخطرات لاحق ہیں، ہمارے پڑوسی ملک ہاتھ پر ہاتھ رکھ کر بیٹھے ہوئے نہیں ہیں۔

    ایک ماہ کے دوران پانچ بھارتی جنگی جہاز گرکر تباہ

    بھارت 200 طیارے لے کر بھی پاکستان سے پیچھے رہے گا، بھارتی ائیرچیف

    بھارت گزشتہ 33 برس سے ’تیجا‘ نامی ہلکے طیاروں کررہا ہے،یہ منصوبہ سال 1980ء میں شروع کیا تھا لیکن اب تک جو طیارے بھارتی فضائیہ کو دیے گئے وہ خرابی کے سبب بار بار گراؤنڈ کیے گئے ہیں۔

    سنہ 2018 کے جون میں بھارتی آرمی چیف نے مقبوضہ کشمیر میں ناکامی کا اعتراف کرتے ہوئے کہا تھا کہ جتنے نوجوان مارتے ہیں، ان سے زیادہ تحریکِ آزادی میں شامل ہو جاتے ہیں۔

    سنہ 2017 کے جولائی میں بھارت کے نائب آرمی چیف سراتھ چند نے پاکستان کی بہتر دفاعی صلاحیت کا اعتراف کرتے ہوئے برملا کہا تھا کہ پاکستانی دفاعی صنعت سے بھارت کا کوئی مقابلہ نہیں۔ان کا کہنا تھا پاکستان کی دفاعی صنعت بھارت سے کہیں زیادہ بہتر ہے ۔پاکستان دنیا بھر میں اپنے دفاعی شعبے کی اشیا برآمد کر رہا ہے، بھارتی آرڈی ننس فیکڑیاں بدلتی دنیا کے معیار کے مطابق نہیں ہیں۔

    آج کے واقعے کے بعد بھارت کو ایک بار پھر 1965 کی جنگ میں پاکستان کا ایک سپورت ایم ایم عالم ضرور یاد آرہا ہوگا۔پاکستانی پائلٹ ایم ایم عالم کا شماردنیا کے صف اول کے پائلٹس میں ہوتا ہے جنہوں نے 1 منٹ سے بھی کم وقت کے قلیل عصے میں جہاز کے 5 جہازمارگرائے تھے جو کہ آج تک عالمی ریکارڈ ہے۔

    پاکستانی فضائیہ کی آپریشنل صلاحیتوں کو آپریشن ضربِ عضب میں دنیا بھر نے تسلیم کیا ہے اور اس ثمرات بھی دیکھے ہیں۔ انتہائی مہارت اور صفائی سے دشمنوں کو نشانہ بنانے کے لئے پاکستانی افواج کا سب سے موثرہتھیار’فضائیہ ‘ہے۔

  • پاک چین مشترکہ عالمی فضائی مشق شاہین سیون اختتام پذیر ہوگئی

    پاک چین مشترکہ عالمی فضائی مشق شاہین سیون اختتام پذیر ہوگئی

    اسلام آباد: پاک چین مشترکہ عالمی فضائی مشق شاہین سیون اختتام پذیر ہوگئی، اس دوران دونوں ممالک کی فضائیہ کے پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو خوب سراہا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان پاک فضائیہ کا کہنا ہے کہ دو ہفتے جاری رہنے والی فضائی مشق کے اختتام پر خصوصی تقریب سجائی گئی۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ تقریب میں ایئرمارشل محمد حسیب پراچہ اور ڈپٹی چیف ایئراسٹاف آپریشنز مہمان خصوصی تھے۔

    تقریب میں عوامی جمہوریہ چین کے دفاعی اتاشی میجر جنرل چن ونرانک، اعلی عہدیداران اور سفارت کار بھی شریک ہوئے۔

    اس دوران دونوں ملکوں کے اعلیٰ عہدیداران کو مشق پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

    پاک چین مشترکہ فوجی مشقیں، چینی دستہ پاکستان پہنچ گیا،آئی ایس پی آر

    تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ائیر مارشل محمدحسیب پراچہ نے اس مشترکہ مشق کی اہمیت کو اجاگر کیا، ان کا کہنا تھا کہ دونوں فضائی افواج کے افراد کو مشق کے شاندار انعقاد پر مبارک باد پیش کرتا ہوں۔

    دوسری جانب میجر جنرل چن ونرانگ نے اپنے خطاب میں بہترین روایتی میزبانی اور ایک دوسرے کے تجربات سے مستفید ہونے کا موقع فراہم کرنے پر پاک فضائیہ کی اعلی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔

    یاد رہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان قریبی معاشی ، دفاعی اور معاشرتی تعلقات قائم ہیں اور دونوں ممالک کی دفاعی افواج دفاع اور سیکیورٹی میں ایک دوسرے کے ساتھ بھرپور تعاون کرتی ہیں ۔پاک چین اقتصادی راہداری اورمشترکہ فوجی مشقوں کی وجہ سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید مضبوط ہوئے ہیں۔

  • پاک فضائیہ کے سربراہ کی رائل سعودی فضائیہ کے کمانڈر سے ملاقات

    پاک فضائیہ کے سربراہ کی رائل سعودی فضائیہ کے کمانڈر سے ملاقات

    اسلام آباد: پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان نے رائل سعودی فضائیہ کے ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا، جہاں انھوں نے رائل سعودی فضائیہ کے کمانڈر سے ملاقات کی۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فضائیہ کے ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان کی سعودی عرب کے دورے کے دوران رائل سعودی فضائیہ کے ہیڈ کوارٹر آمد پر انھیں چاق و چوبند دستے نے سلامی دی۔

    [bs-quote quote=”کمانڈر رائل سعودی فضائیہ نے دونوں ممالک کے باہمی تعاون پر اظہارِ اطمینان کیا” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″][/bs-quote]

    پاک فضائیہ کے سربراہ نے رائل سعودی فضائیہ کے کمانڈر سے ملاقات کی، ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق ملاقات میں باہمی تعلقات اور پیشہ ورانہ امور زیرِ بحث آئے۔

    اس اہم ملاقات میں کمانڈر رائل سعودی فضائیہ نے دونوں ممالک کے باہمی تعاون پر اظہارِ اطمینان کیا اور دونوں معزز شخصیات نے باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔

    یاد رہے کہ دو دن قبل پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان متحدہ عرب امارات کے سرکاری دورے پر  گئے تھے جہاں انھوں نے فضا ئیہ کے ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا۔


    یہ بھی پڑھیں:  پاک فضائیہ کے سربراہ کی کمانڈر متحدہ عرب امارات فضائیہ سے ملاقات


    یو اے ای دورے کے دوران ایئر چیف مارشل انور خان کو یو اے ای فضا ئیہ کے ایک چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔ بعد ازاں سربراہ پاک فضائیہ نے میجر جنرل اسٹاف پائلٹ ابراہیم ناصر محمد العلاوی کمانڈر یو اے ای ائیر فورس اینڈ ائیر ڈیفنس سے ان کے آفس میں ملاقات کی۔

  • پہلی عالمی قراقرم میراتھن پی اے ایف نلتر (گلگت) میں اختتام پذیر

    پہلی عالمی قراقرم میراتھن پی اے ایف نلتر (گلگت) میں اختتام پذیر

    گلگت : نلتر ویلی میں منعقدہ عالمی قراقرم میراتھن ریس اختتام پذیر ہوئی، جس میں 24 ممالک کے 35 عالمی اتھلیٹس نے 42 کلومیٹر پر محیط ریس میں شرکت کی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان ایئر فورس کے زیر اہتمام نلتر (گلگت) میں منعقدہ پہلی عالمی میراتھن اختتام پذیر ہوگئی جس میں دنیا بھر سے 150 سے زائد اتھلیٹس نے نلتر (گلگت)کی خوبصورت وادی میں منعقدہ میراتھن میں حصہ لیا۔

    پاک فضائیہ نے بین الاقوامی میراتھن ٹریول کمپنی، زیڈ ایڈوانچر اور سیرینا ہوٹلز کے باہمی اشتراک سے یہ مقابلے منعقد کروائے تھے، سطح سمندر سے11300 فٹ کی انتہائی اونچائی پر اپنی نوعیت کی یہ منفرد میراتھن نوجوانوں اور بوڑھوں، ملکی اور غیر ملکی، مرد و خواتین اتھلیٹس کا حسین امتزاج تھی۔

    میراتھن میں شریک تمام اتھلیٹس نے نلتر کے گرد موجود دنیا کے آٹھویں عجوبے قراقرم ہائی وے پر اس دوڑ میں حصہ لیا، 24 ممالک کے 35 عالمی اتھلیٹس نے 42 کلومیٹر پر محیط ریس میں شرکت کی جبکہ امیچور کٹیگری میں 21 کلومیٹر پر مشتمل ایک ہاف میراتھن کا انتظام بھی کیا گیا تھا۔

    پہلی عالمی میراتھن ریس میں پاک فضائیہ کے ائیر وائس مارشل سرفراز خان، ائیر آفیسر کمانڈنگ ناردرن ائیر کمانڈ اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔

    42 کلومیٹر پر محیط ریس میں گیزر گلگت کے اسلم خان پہلی جبکہ غیر معمولی صلاحیتوں کے حامل مقامی نوجوان اسحاق خان نے دوسری پوزیشن حاصل کی، جبکہ گلگت کے ہی عبید الرحمان نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

    خواتین کی کٹیگری میں غیر ملکی اتھلیٹس چھائی رہیں اور تینوں پوزیشنز اپنے نام کرلی۔ برطانیہ کی کیرولین ڈریو نے پہلی، کینیڈین ہیتھرلی نے دوسری جبکہ ہنگری کی ایڈٹ کس نے تیسری پوزیشن حاصل کر سکیں۔

    21 کلومیٹر کی ڈور میں شاہد علی، عدنان خان اور نذر شاہ نے بالترتیب پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی۔ اسی کیٹگری کے خواتین کے مقابلوں میں نادیہ رحیم پہلی جبکہ کوکب سرور دوسری اور ثوبیہ علی تیسری پوزیشن کی حامل قرار پائیں۔


    مزید پڑھیں : نامورعالمی ایتھلیٹس قراقرم میراتھن میں شرکت کے لئے پاکستان پہنچ گئے


    یاد رہے کہ ایک روز قبل 24ممالک کے بہترین ایتھلیٹس قراقرم میراتھن میں شرکت کے لئے پاکستان پہنچ گئے، منفرد مقام اورسطح سمندر سے11300فٹ کی انتہائی اونچائی پر یہ میراتھن چیلنج نلتر ویلی میں منعقد ہو گا۔

    42.2KMاور21.1KMکے ان تاریخی مقابلوں میں عالمی اتھلیٹس کے ساتھ پاک افواج کے 70اور پاکستان کے 30ایتھلیٹس حصہ لے رہے ہیں۔ اس میراتھن کا مقصد بین الاقوامی شہرت یافتہ ایتھلیٹس کو پاکستان کی خوبصورتی سے روشناس کراناہے۔

    یہاں امر قابل ذکر ہے کہ دس سال کے ایتھلیٹ سے لے کر 80سال کی عمر کے اتھلیٹس اس ایونٹ میں حصہ لے رہے ہیں۔ دنیا کے مختلف مما لک کے عالمی شہرت یافتہ رنرز جیسا کہ زیاد رحیم ( پاکستان)، ڈاکٹر جرگن کوہلمے ( جرمنی) ، جانوس اور ایڈٹ کِس (ہنگری) ، جان لم ینگ( ٹرینیڈاڈ) ، گوسپ راگوسو ( اٹلی) جے سی سانتا ٹریسا ( امریکہ) ، رین اولسن (ڈنمارک) اور کولن لی (یو کے) اس ایونٹ میں حصہ لے رہے ہیں۔

    اس ایونٹ میں اپنے معیار کی بلندی کے خواہاں پاکستانی ایتھلیٹس کو سیکھنے اور اپنے جوہر دکھانے کا ایک شاندار موقع میسر آ ئے گا، مزید براں آسٹریلیا ، بیلجیم مصر، تونیسیا، فیرو آئی لینڈ ، پولینڈ، قطر ، یو اے ای، ارجنٹینا ، آئرلینڈ، تائیوان ، چائنا ، سکاٹ لینڈ اورنیدر لینڈ کے رنرز بھی اس میراتھن میں بھرپور شرکت کر رہے ہیں۔

  • کراچی: پاکستانی اور برطانوی فضائیہ کے طیاروں کا شاندار مہارت کا مظاہرہ

    کراچی: پاکستانی اور برطانوی فضائیہ کے طیاروں کا شاندار مہارت کا مظاہرہ

    کراچی : پاکستان اور برطانیہ کے سفارتی تعلقات کی 70ویں سالگرہ کے موقع پر پاک فضائیہ نے سی ویوو کراچی پر ایک مسحور کن فضائی مظاہرے کے انعقاد کیا جہاں پاکستانی تاریخ میں پہلی مرتبہ فخر پاکستان JF-17 تھنڈر کے ساتھ رائل فضائیہ کی بین الاقوامی شہرت یافتہ ایروبیٹکس ٹیم ریڈ ایرونے ایک دلچسپ فضائی مظاہرہ پیش کیا۔

    اس موقع پر سی ویو پر گورنر سندھ، وزیر اعلیٰ سندھ، برٹش ہائی کمشنر،کورکمانڈر کراچی کے علاوہ سیاسی رہنما، پارلیمنٹیرینز، اعلیٰ سول اور عسکری حکام موجود تھے جنہوں نے یہ شاندار فضائی مظاہرہ دیکھا جب کہ  ائیر وائس مارشل حسیب پراچہ، ائیر آفیسر کمانڈنگ سدرن ائیر کمانڈ نے مہمانوں کا استقبال کیا۔

    شو کا آغاز پاکستان میں تیار کردہ جے ایف 17  تھنڈر کے قابل دید فضائی مظاہرے سے ہوا جسے ونگ کمانڈر یاسر مدثر اڑا رہے تھے۔

    جے ایف 17 تھنڈر کے منظر سے اوجھل ہوتے ہی رائل فضائیہ کی مشہور زمانہ ایروبیٹکس ٹیم ریڈ ایرو افق پر نمودار ہوئی،  سرخ رنگ کے ہاکس طیاروں میں سوار 9 ارکان پر مشتمل ٹیم کی قیادت اسکواڈرن لیڈر ڈیوڈ مونٹی نیگرو کر رہے تھے انہوں نے وہاں موجود حاضرین کو اپنے فضائی کرتبوں سے مبہوت کر دیا۔

    قبل ازیں ریڈ ایرو ٹیم کے ارکان نے پاک فضائیہ کے پائلٹس اور اسکول اور کالجز کے طلبہ و طالبات سے ملاقات کی۔


    ایئر شو کی مزید معلومات: رائل ایئرفورس ایروبیٹکس ٹیم ریڈایروز آج کراچی سی ویو پر فضائی کرتب دکھائےگی


    خیال رہے کہ پاک فضائیہ 1947 میں تقسیم برصغیر سے رائل فضائیہ کے ساتھ دوستانہ تعلقات رکھتی ہے، دونوں فضائی افواج کے درمیان باہمی دوستانہ تعلقات کو اور مضبوط بنانے کے لیے دونوں طرف سے اعلیٰ سطح وفود اکثر و بیشتر دورے کرتے رہتے ہیں۔

    اس سال کے آغاز میں رائل فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل سر اسٹیفن جان ہیلیئر پی ایف اکیڈمی اصغر خان میں منعقدہ گریجویشن پریڈ میں بحیثیت مہمان خصوصی پاکستان کے دورے پر آئے اس دورے کے دوران انہوں نے پاک فضائیہ کے شہرہ آفاق نمبر 9 اسکواڈرن کا دورہ کیا جہاں انہوں نے F-16 طیارے میں بیٹھ کر ایک فضائی تربیتی مشن میں حصہ لیا۔

    یاد رہے کہ پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل سہیل امان بھی رائل فضائیہ کی خصوصی دعوت پر برطانیہ کا دورہ کر چکے ہیں۔

  • چنیوٹ : پی اے ایف کا ڈرون طیارہ پبروالا میں گرگیا

    چنیوٹ : پی اے ایف کا ڈرون طیارہ پبروالا میں گرگیا

    چنیوٹ : پی اے ایف کا ڈرون طیارہ نامعلوم وجوہات کی بناپر آگ لگنے کے باعث چنیوٹ میں گرگیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فضائیہ کا بغیر پائلٹ طیارہ چنیوٹ کے علاقے پبروالا میں گر کر تباہ ہو گیا، ڈرون گرنے کی وجہ سےعلاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا،تاہم ابھی اس کے نتیجے میں کسی قسم کے جانی و مالی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔

    ۔ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق حادثے کی تحقیقات کے لیے اعلیٰ سطح کا بورڈ تشکیل دے دیا ہے۔ بغیر پائلٹ کا طیارہ تربیتی مشن پر تھا۔

    ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو ٹیمیں اطلاع ملتے ہی موقع پرپہنچ گئیں جنہو ں نے پورےعلاقےکو گھیرےمیں لے لیا۔ پی اے ایف کی ٹیمیں بھی سرگودھا سےچنیوٹ پہنچ گئیں۔