Tag: پی سی بی کا فٹنس ٹیسٹ پاس نہ کرنے والے کرکٹرز پر جرمانہ عائد کرنے کا فیصلہ

  • پی سی بی کا فٹنس ٹیسٹ پاس نہ کرنے والے کرکٹرز پر جرمانہ عائد کرنے کا فیصلہ

    پی سی بی کا فٹنس ٹیسٹ پاس نہ کرنے والے کرکٹرز پر جرمانہ عائد کرنے کا فیصلہ

    لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے فٹنس ٹیسٹ پاس نہ کرنے والے کھلاڑیوں پر جرمانہ عائد کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق پی سی بی کا کہنا ہے کہ سینٹرل کنٹریکٹ میں شامل تمام کھلاڑیوں کو فٹنس کا مطلوبہ معیار حاصل کرنا ہوگا، فٹنس ٹیسٹ پاس نہ کرنے کی صورت میں جرمانہ عائد کیا جائے گا۔

    پی سی بی کا کہنا ہے کہ فٹنس ٹیسٹ میں فیل ہونے والے کرکٹرز پر جرمانہ اس وقت تک ہوگا جب تک کھلاڑی فٹنس کے معیار پر پورا نہ اتر جائیں۔

    پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق فٹنس ٹیسٹ میں مسلسل ناکامی کی صورت میں کرکٹرز کو سینٹرل کنٹریکٹ میں تنزلی کا سامنا بھی کرنا پڑ سکتا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق کرکٹرز کا فٹنس ٹیسٹ پانچ حصوں پر مشتمل ہوگا جن میں فیٹ اینالسز، اسٹرینتھ، اینڈیورنس، اسپیڈ اینڈیورنس اور کراس فٹ شامل ہیں۔

    پی سی بی کی جانب سے اس حوالے سے کھلاڑیوں کو باضابطہ طور پر آگاہ کردیا گیا ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ فٹنس ٹیسٹ میں فیل ہونے کی صورت میں کھلاڑیوں پر 15 فیصد جرمانہ عائد کیا جائے گا۔

    واضح رہے کہ قومی کرکٹرز کے فٹنس ٹیسٹ 6 اور 7 جنوری کو نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں ہوں گے، فٹنس ٹیسٹ سینٹرل کنریکٹ میں شامل کھلاڑیوں کے ہوں گے اور پہلے مرحلے میں فٹنس ٹیسٹ دستیاب کھلاڑی دیں گے۔

    بنگلہ دیش پریمیئر لیگ کھیلنے والے وہاب ریاض، شاداب خان اور محمد عامر کے فٹنس ٹیسٹ 20 اور 21 جنوری کو ہوں گے۔