Tag: پی سی بی کی وضاحت

  • جیسن گلیسپی کے الزام پر پی سی بی کی وضاحت

    جیسن گلیسپی کے الزام پر پی سی بی کی وضاحت

    قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے سابق ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی کی جانب سے واجبات کی عدم ادائیگی سے متعلق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے وضاحت پیش کردی۔

    تفصیلات کے مطابق جیسن گلیسپی کی جانب سے پاکستان کرکٹ بورڈ پر معاوضہ ادا نہ کرنے کے الزام پر پی سی بی کا جواب سامنے آگیا ہے۔

    اس حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ سابق ہیڈ کوچ کے الزام میں کوئی حقیقت نہیں، سابق ہیڈ کوچ معاہدے کے برخلاف 4ماہ نوٹس پیریڈ کے بغیر اچانک اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے تھے۔

    ترجمان پی سی بی نے کہا ہے کہ سابق ہیڈ کوچ  نے اچانک مستعفی ہوکر معاہدے کی خلاف ورزی کی، معاہدے میں دونوں فریقین کے لیے نوٹس پیریڈ پر عمل درآمد کی شق واضح تھی، اور وہ معاہدے کی شقوں سے اچھی طرح واقف بھی تھے۔

    ترجمان نے مزید کہا کہ واجبات اُن کی طرف نکلتے ہیں، واجبات کے لیے ان کے ایجنٹ نے بھی بورڈ سے رابطہ کیا تھا، ایجنٹ کو بھی بورڈ نے تفصیلی آگاہ کیا تھا کہ وہ پہلے واجبات کلیئر کریں، پھر باقی حساب بھی کلیئر کرلیں گے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ دنوں ایک انٹرویو میں قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے سابق ہیڈ کوچ  نے دعویٰ کیا تھا کہ انہیں اب تک 9 ماہ کی کوچنگ کا معاوضہ نہیں ملا تاہم میرے دل میں پاکستان کرکٹ کے لیے کوئی منفی جذبات نہیں ہیں۔

    مزید پڑھیں : پی سی بی نے نئے ہیڈ کوچ کی تلاش شروع کردی

    دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ نے ویب سائٹ پر باضابطہ اشتہار شائع کرکے نئے مستقل ہیڈ کوچ کی تلاش شروع کردی ہے۔

    سابق فاسٹ بولر عاقب جاوید کو گزشتہ سال نومبر میں عبوری وائٹ بال ہیڈ کوچ کے طور پر مقرر کیا گیا تھا جب گیری کرسٹن نے دورہ آسٹریلیا سے عین قبل عہدے سے دستبرداری کا اعلان کیا تھا۔

    عاقب جاوید کو عبوری ہیڈ کوچ کے طور پر ترقی دی گئی کیونکہ جیسن گلیسپی نے بھی کرکٹ بورڈ سے اختلافات کی وجہ سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

     

  • پاک انگلینڈ ٹیسٹ سے متعلق پی سی بی کی اہم وضاحت

    پاک انگلینڈ ٹیسٹ سے متعلق پی سی بی کی اہم وضاحت

    پاکستان کرکٹ بورڈ نے اپنے بیان میں واضح کیا ہے کہ تیسرا ٹیسٹ ملتان منتقل کرنے کی خبر غلط ہے، میچ راولپنڈی میں ہی منعقد ہوگا۔

    ترجمان پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تیسرا ٹیسٹ میچ راولپنڈی میں ہوگا، تیسراٹیسٹ میچ ملتان منتقل کرنے کی خبر میں کوئی صداقت نہیں، راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں تیسرا ٹیسٹ میچ شیڈول کےمطابق کھیلا جائےگا۔

    پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ ملتان میں کھیلا گیا تھا جس میں قومی ٹیم کو عبرتناک شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جبکہ دوسرا ٹیسٹ کل منگل سے ملتان میں ہی شیڈول ہے۔

    انگلینڈ کرکٹ ٹیم کی پاکستان آمد سے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے پاک انگلینڈ ٹیسٹ سیریز کے نظر ثانی شدہ شیڈول کا اعلان کیا گیا تھا۔

    تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے میچز ابتدائی طور پر کراچی، ملتان اور پنڈی میں شیڈول تھے تاہم کراچی میں چیمپئنز ٹرافی کے لیے جاری تعمیراتی کام کے باعث وہاں سے میچ منتقل کیا گیا تھا۔

    سیریز کے پہلے دو ٹیسٹ میچ ملتان میں شیڈول کیے گئے تھے جبکہ آخری میچ کے وینیو کے لیے راولپنڈی کو منتخب کیا گیا تھا۔