Tag: پی ٹی آئی احتجاج

  • 24 نومبر احتجاج، وفاق ایک بار پھر سندھ حکومت سے مدد طلب کرلی

    24 نومبر احتجاج، وفاق ایک بار پھر سندھ حکومت سے مدد طلب کرلی

    کراچی: 24 نومبر کو پی ٹی آئی کے احتجاج کے پیش نظر وفاق نے ایک بار پھر سندھ حکومت سے مدد طلب کرلی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وفاقی حکومت نے سندھ پولیس کی نفری فوری اسلام آباد طلب کی ہے جس کے بعد آئی جی سندھ نے جوانوں کو فوری اسلام آباد روانہ ہونے کا حکم دے دیا ہے۔

    سندھ کے ٹریننگ سینٹرز سے 1350 سے زائد جوان کچھ دیر میں اسلام آباد روانہ ہوں گے۔

    ہر ٹیم کے ہمراہ اینٹی رائٹس کٹس، ایک ہزار لانگ، ایک ہزار شارٹ شیل لانے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ عبدالحق عمرانی اسلام آباد کنٹرول روم کے کانٹیکٹ افسر ہوں گے۔

    ڈی آئی جی آر آر ایف کو ایک دستہ سٹی اسٹیشن پر سیکیورٹی کے لیے بھیجنے کا حکم دیا گیا ہے، ڈی آئی جی ایسٹ اور ساؤتھ زون دستوں کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کریں گے۔

    ایس ایس پی حیدرآباد اور خیرپور کو دستوں کی فول پروف سیکیورٹی کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ کراچی کے تمام زونل ڈی آئی جیز کو دستوں کی سیکیورٹی اور انتظامات بہتر رکھنے کا کہا گیا ہے۔

    اے آئی جی آپریشن اسلام آباد کو تمام جوانوں کی لسٹ فراہم کی جائے گی، وہ براہ راست اے آئی جی پی آپریشن اسلام آباد سے رابطہ رکھیں گے، تمام نفری کو اصل دستاویزات اور اضافی یونیفارم ساتھ رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

  • 24 نومبر کو احتجاج کی کال، بانی پی ٹی آئی نے علیمہ خان کو ہدایات دے دیں

    24 نومبر کو احتجاج کی کال، بانی پی ٹی آئی نے علیمہ خان کو ہدایات دے دیں

    راولپنڈی : پاکستان تحریک انصاف کے بانی نے 24 نومبر کو احتجاج کی کال کے حوالے سے اپنی ہمشیرہ علیمہ خان کو ہدایات دے دیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے بانی کی ہمشیرہ ،علیمہ خان نے میڈیا سے گفتگو میں بھائی سے ملاقات کے حوالے سے بتاتے ہوئے کہا بانی پی ٹی آئی نے کہا جمہوریت کے 3 ستون ہے، انہوں نے تینوں ستونوں کوز میں بوس کردیا ہے، سارے چوروں سے اسمبلی کو بھر دیا گیا ہے، چوری کیے ووٹ سے 26 ویں آئینی ترمیم کروادی۔

    علیمہ خان کا کہنا تھا کہ بانی نے بتایا پہلے آپ تھوڑے غلام تھے، اب مکمل غلام بن چکے۔

    عمران خان کی ہمشیرہ نے بتایا کہ بانی نے کہا ہے کہ 24 نومبر کو باہر نکل کر غلامی سے نجات حاصل کریں، جب حق کیلئے کھڑے ہوں گے تو کوئی چیز آزادی سے روک نہیں سکے گی۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نےاوورسیزپاکستانیوں کیلئےضروری پیغام بھیجا ہے اور کہا کہ جب پاکستان پر مشکل وقت تھا تو سب سے زیادہ اوورسیز نے آواز اٹھائی۔

    علیمہ خانم نے مزید بتایا کہ بانی نے اوورسیزپاکستانیوں سے کہا اپنے اپنے ممالک میں باہرنکلیں، 20 کروڑ میں سے 2 لاکھ بھی نکل آئیں تو اپنے تمام قیدیوں کو نکلوا سکیں گے۔

  • پی ٹی آئی احتجاج نہیں بلکہ نظام سے بغاوت کرنے جارہی ہے، ن لیگی رہنما

    پی ٹی آئی احتجاج نہیں بلکہ نظام سے بغاوت کرنے جارہی ہے، ن لیگی رہنما

    اسلام آباد : ن لیگی رہنما لیفٹیننٹ جنرل(ر) عبد القیوم کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی احتجاج نہیں بلکہ نظام سے بغاوت کرنے جارہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ن لیگی رہنما لیفٹیننٹ جنرل(ر)عبدالقیوم نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں بانی پی ٹی آئی کی جانب سے احتجاج کی کال پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر میں جہاں بھی جمہوریت ہے وہاں احتجاج ہوتے ہیں، سیاسی بلوغت کا تقاضا ہے ایسا اقدام نہ کیا جائے، جس سے قومی سلامتی پرحرف آئے۔

    ن لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ مرنے مارنے کی بات احتجاج نہیں بلکہ بغاوت ہے، پُرامن جگہ پردھرنا کسی جگہ دینا ہے تو دیں مگرمعیشت کو نقصان نہ پہنچائیں۔

    عبدالقیوم نے کہا کہ گوانتاناموبے میں بے گناہ لوگوں کو رکھنے والے ہمیں انسانی حقوق کا بتائیں گے؟ پی ٹی آئی احتجاج نہیں بلکہ نظام سے بغاوت کرنے جارہی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ سب کچھ توڑتے ہوئے اسلام آباد آنے کی بات کا مطلب حملہ کرنا چاہتے ہیں، پی ٹی آئی کے دوست سمجھداری کا مظاہرہ کریں اور بیٹھ کر بات کریں۔

    ن لیگی رہنما نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی ن لیگ حکومت سے بیٹھ کر بات کرے، یقین ہے مسائل حل کیے جاسکتے ہیں۔

  • مولانا فضل الرحمان کی پی ٹی آئی سے احتجاج موخر کرنے کی اپیل

    مولانا فضل الرحمان کی پی ٹی آئی سے احتجاج موخر کرنے کی اپیل

    اسلام آباد : جمیعت علما اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے پی ٹی آئی سے احتجاج موخر کرنے کی اپیل کردی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) رہنما اسد قیصر نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان سے ٹیلی فونک رابطہ ہوا، مولانا نے ایس سی او کانفرنس کے تناظر میں احتجاج مؤخر کرنے کی اپیل کی۔

    رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ مولانا نے بانی کو طبی سہولتوں کی فراہمی اور ذاتی معالج تک رسائی کا مطالبہ کیا۔

    انھوں نے مزید بتایا کہ مولانا سے آئینی مسودے پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی، جے یو آئی مسودے کے اکثر نکات پر دونوں جماعتوں میں ہم آہنگی ہے، مسودے پر مزید غور و فکر کیلئے 17 اکتوبر کو دونوں جماعتوں کا اجلاس ہوگا، جس میں اپوزیشن جماعتوں کے مسودے کو حتمی شکل دی جائے گی۔

    اسد قیصر کا کہنا تھا کہ میں نے مولانا کو ان کی تجاویز پارٹی کے سامنے پیش کرنے کا یقین دلایا، مشاورت کے بعد مولانافضل الرحمان کو پارٹی فیصلے سے آگاہ کیا جائے گا۔

  • پی ٹی آئی احتجاج کے دوران ویڈیو بناکر وائرل کرنیوالا پولیس اہلکار برطرف

    پی ٹی آئی احتجاج کے دوران ویڈیو بناکر وائرل کرنیوالا پولیس اہلکار برطرف

    فیصل آباد: پی ٹی آئی احتجاج کے دوران حکومت، پولیس افسران کےخلاف ویڈیو بناکر وائرل کرنے والے اہلکار کو برطرف کردیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ کانسٹيبل عمران کو انکوائری کے بعد ملازمت سے برخاست کردیا گیا ہے، مذکورہ اہلکار کے برطرفی کے احکامات ایس ایس پی آپریشنز عبدالوہاب نے جاری کیے ہیں۔

    پولیس نے مزید بتایا کہ اہلکار نے پی ٹی آئی احتجاج کے دوران ویڈیو بناکر وائرل کی تھی، ویڈیو میں حکومت اور افسران کےخلاف ناروا الفاظ استعمال کیے گئےتھے۔

    پاکستان تحریک انصاف کی اسلام آباد میں آج احتجاج کی کال کے پیش نظر نہ صرف اسلام آباد کو سیل کیا گیا تھا بلکہ موٹروے اور جی ٹی روڈ بھی بند کردیا گیا تھا تاکہ پنجاب کے شہروں سے لوگ نہ آسکیں جس کی بنا پر کارکنان نے اپنے شہروں میں بھی احتجاج کیا تھا۔

    پی ٹی آئی کے مظاہرین کو روکنے کے لیے دارالحکومت میں دفعہ 144 کے نفاذ کے ساتھ اسلام آباد اور راولپنڈی کو ملانے والے راستوں پر کنٹینررکھ دیے گئے تھے جبکہ موٹر وے کو بھی کئی پوائنٹس سے سیل کیا گیا تھا۔

    اس سے قبل وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے انکشاف کیا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کے مظاہرین میں سے خیبر پختونخوا پولیس کے 11 اہلکار کے ساتھ 120 افغان شہری بھی گرفتار کیے گئے تھے۔

  • محمود خان اچکزئی کا پی ٹی آئی احتجاج کو وسیع کرنے کا اعلان

    محمود خان اچکزئی کا پی ٹی آئی احتجاج کو وسیع کرنے کا اعلان

    پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے تحریک انصاف کے احتجاج کو وسیع کرنے کا اعلان کردیا۔

    ان کا کہنا ہے کہ ہم اس پر امن احتجاج کو اب بلوچستان تک وسعت دینگے،7اکتوبرکو قلعہ سیف اللہ، بلوچستان میں پر امن احتجاج ہوگا۔

    محمود اچکزئی نے کہا کہ میں نے بارہا حکمرانوں کو خبردار کیا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کو ضمانت پر رہا کیا جائے، ہماری باتوں پرکسی نے سنجیدگی سےغور ہی نہیں کیا۔

    پی ایم اے پی کے سربراہ نے کا کہنا ہے کہ اب عوام نے اپنا راستہ خود متعین کرنا شروع کردیا ہے، اب اس احتجاجی تحریک کا دائرہ کار مزید پھیلے گا۔

    انہوں نے کہا کہ جلسے میں تحریک تحفظ آئین پاکستان میں شامل تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین شرکت کریں گے۔

    جلسے میں اسلام آباد کی موجودہ صورتحال سے بلوچستان کے عوام کو آگاہ کیا جائے گا، جلسے کے بعد آئندہ کے لائحہ عمل کے ساتھ آگے کا اپناسفر جاری رکھیں گے۔

  • پی ٹی آئی احتجاج  کے دوران جی ایچ کیو گیٹ پر ہنگامہ آرائی، تحقیقات کے لئے خصوصی  ٹیم تشکیل

    پی ٹی آئی احتجاج کے دوران جی ایچ کیو گیٹ پر ہنگامہ آرائی، تحقیقات کے لئے خصوصی ٹیم تشکیل

    راولپنڈی : راولپنڈی پولیس نے پی ٹی آئی احتجاج کےدوران جی ایچ کیو گیٹ پرہنگامہ آرائی کی تحقیقات کے لئے خصوصی ٹیم تشکیل دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی احتجاج کےدوران جی ایچ کیو گیٹ پرہنگامہ آرائی کے معاملے پر راولپنڈی پولیس نے خصوصی انویسٹی گیشن ٹیم تشکیل دےدی۔

    پولیس نے بتایا کہ انویسٹی گیشن ٹیم کی سربراہی ایس ایس پی انویسٹی گیشن زنیرہ اظفر کریں گے جبکہ ٹیم میں ایس ڈی پی او کینٹ،ایس ڈی پی او سٹی اور 3 ایس ایچ او شامل ہیں۔

    حکام کا کہنا تھا کہ انویسٹی گیشن ٹیم مقدمات کی روشنی میں تفتیش آگے بڑھائے گی اور رپورٹ پیش کرے گی۔

    جی ایچ کیوگیٹ پرمظاہرین کی ہنگامہ آرائی کامقدمہ تھانہ آراےبازارمیں درج کیا گیا ہے، مقدمےمیں سابق صوبائی وزیرراجہ بشارت سمیت 15 افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔

  • جناح ہاؤس اور دیگر فوجی تنصیبات پر حملہ کرنے والے بیش تر شرپسندوں کی شناخت ہو گئی

    جناح ہاؤس اور دیگر فوجی تنصیبات پر حملہ کرنے والے بیش تر شرپسندوں کی شناخت ہو گئی

    اسلام آباد: جناح ہاؤس لاہور اور دیگر فوجی تنصیبات پر حملہ کرنے والے بیش تر شرپسندوں کی شناخت ہو گئی۔

    تفصیلات کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں نے حملہ کرنے والے بیش تر شر پسندوں کی شناخت کر لی ہے، جن میں دانش منیر، سعود، عدنان اشرف، فاروق زمان، علی حسن، چوہدری مسعود شامل ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ شر پسندوں کی شناخت کا سلسلہ جاری ہے، محمد تیمور، علی افتخار، عامر حمزہ، وقاص پرویز، سجاد سعید، یوسف گلزار، محمد ارسلان اور علی رضا کو بھی بہ طور شرپسند شناخت کر لیا گیا ہے۔

    جناح ہاؤس، سرکاری تنصیبات میں توڑ پھوڑ کی تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی بنانے کا فیصلہ

    شرپسندوں نے لاہور میں جناح ہاؤس جلایا، توڑ پھوڑ کی، اور قیمتی اشیا چوری کیں، جن کے خلاف قانون حرکت میں آ گیا ہے، شرپسندوں نے کور کمانڈر ہاؤس میں جلاؤ گھیراؤ اور توڑ پھوڑ کی اور پرتشدد کاروائیوں میں حصہ لیا۔

    لاہور کینٹ میں فوجی دفاتر کو ملک دشمنوں کی طرح نشانہ بنایا گیا

    ان شر پسندوں کے خلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے، جس کے مطابق پر تشدد کارکنان مسلح آتشی اسلحہ، ڈنڈے، پتھر اور پٹرول بم سے لیس تھے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ایسے مزید افراد جنھوں نے دیگر علاقوں میں املاک کو نقصان پہنچایا، قانون کی گرفت میں آ رہے ہیں۔

  • پی ٹی آئی احتجاج :  وزارت داخلہ نے ایڈوائزی جاری کردی

    پی ٹی آئی احتجاج : وزارت داخلہ نے ایڈوائزی جاری کردی

    اسلام آباد : وزارت داخلہ نے پی ٹی آئی احتجاج سے متعلق صوبائی حکومتوں، آئی جی پولیس اور ہوم سیکرٹریز کو ایڈوائزی جاری کردی ، جس میں کہا ہے کہ شرپسندعناصر کو تلاش کیا جائے جومارچ ہنگامہ آرائی میں ملوث تھے۔

    تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی احتجاج سے متعلق وزارت داخلہ نے ایڈوائزی جاری کردی ، ایڈوائزی صوبائی حکومتوں، آئی جی پولیس اور ہوم سیکرٹریز کو جاری کی گئی۔

    ایڈوائزری میں کہا گیا کہ احتجاج میں شامل پی ٹی آئی کارکنوں کی شناخت کو یقینی بنایا جائے اور شرپسند عناصر کو تلاش کیا جائے جو مارچ ہنگامہ آرائی میں ملوث تھے۔

    وزارت داخلہ کی جانب سے کہا گیا کہ ایسےشرپسند کارکنان پرکڑی نظر رکھی جائے ،شناخت کویقینی بنایا جائے اور فساد مارچ میں ملوث شرپسند افراد کی گرفتاری کو یقینی بنایاجائے۔

    ایڈوائزری میں مزید کہا گیا کہ ایسے مظاہرین کی نشاندہی کی جائے جو آئندہ فساد مارچ میں شامل ہوسکتے ہیں، شرپسند کارکنان کو آئندہ ممکنہ مارچ میں شامل ہونے سے روکا جائے اور جن پر مقدمات درج تھے ان کو گرفتار کیا جائے۔

  • پی ٹی آئی احتجاج پر ایم کیوایم کا غیرجانبداررہنے کا فیصلہ

    پی ٹی آئی احتجاج پر ایم کیوایم کا غیرجانبداررہنے کا فیصلہ

    کراچی : ایم کیو ایم پاکستان نے دو نومبر کے پی ٹی آئی احتجاج پر اپنی پوزیشن کو غیر جانبدار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کے اقدام سے ملک عدم استحکام کا شکار ہو رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کے انٹرا پارٹی الیکشن کا انعقاد کراچی میں کیا گیا۔ جس میں نئی رابطہ کمیٹی اور سینٹرل ایگزیکیٹیو کمیٹی کا انتخاب کیا گیا۔

    میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسلام آباد کی موجودہ صورت حال پرڈاکٹر فارو ق ستار نے تحریک انصاف کے رہنماؤں کی گرفتاری کوغیرقانونی قراردیتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت کے غلط اقدام سے ملک عدم استحکام کا شکار ہو رہا ہے۔ سیاسی جماعتوں کو پر امن احتجاج کا حق دینا چاہئیے۔

    انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں تمام فریقین ہوش مندی کا مظاہرہ کریں، دو نومبر کو تحریک انصاف کے دھرنے کی حمایت یا اس میں شرکت کے سوال پر ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ ایم کیو ایم غیر جانب دار فریق بن کر سیاسی تماشا دیکھے گی۔

    واضح رہے کہ کراچی میں فائرنگ کے واقعے پر ایم کیو ایم پاکستان نے وفاقی و صوبائی حکومت سے نیشنل ایکشن پلان پر مکمل عمل درآمد کرانے اور سیاسی کارکنان کی جلد از جلد رہائی کا مطالبہ بھی کیا۔