Tag: پی ٹی آئی اختلافات

  • گورنر سندھ استعفیٰ دینے والے رکن اسمبلی شہزاد اعوان کو راضی نہ کر سکے

    گورنر سندھ استعفیٰ دینے والے رکن اسمبلی شہزاد اعوان کو راضی نہ کر سکے

    کراچی: شہر قائد کے انتخابی حلقے این اے 249 میں امجد آفریدی کو ٹکٹ دیے جانے پر اسمبلی رکنیت سے استعفیٰ دینے والے ملک شہزاد اعوان کو گورنر سندھ راضی نہ کر سکے۔

    تفصیلات کے مطابق این اے 249 میں امجد آفریدی کو ٹکٹ دینے پر تحریک انصاف میں اختلافات برقرار ہیں، اس سلسلے میں آج گورنر سندھ عمران اسماعیل نے ناراض اور استعفی دینے والے رکن سندھ اسمبلی شہزاد اعوان سے ملاقات کی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ گورنر سندھ ملاقات میں شہزاد اعوان کو استعفیٰ واپس لینے پر راضی نہ کر سکے، شہزاد اعوان کا احتجاج برقرار ہے، اور وہ امجد آفریدی سے ٹکٹ واپس لینے پر اصرار کر رہے ہیں۔

    ذرائع نے بتایا کہ ملک شہزاد اعوان این اے 249 کے امیدوار کو تبدیل کرنے کے مؤقف پر قائم ہیں، انھوں نے ملاقات میں گورنر سندھ کو مخالفین کے امیدواروں کی پختگی اور پی ٹی آئی امیدوار کی کمزوری کی وجہ بھی بتائی۔

    انھوں نے کہا میں پی ٹی آئی کا حصہ تھا اور ہمیشہ رہوں گا، ووٹ عمران خان کی امانت ہے، خیانت نہیں کر سکتا، اس کمزور امیدوار کے ساتھ کام نہیں کر سکتا یہ میرا واضح مؤقف ہے۔

    ملک شہزاد اعوان کا کہنا تھا بلدیہ ٹاؤن عمران خان کا قلعہ ہے، اس قلعے کو نقصان نہیں ہونے دیں گے۔ انھوں نے مزید کہا میری امجد سے کوئی ذاتی مخالفت نہیں، یہ ہماری جیتی ہوئی سیٹ ہے اور ہم نے یہ سیٹ دوبارہ جیت کر وزیر اعظم کو تحفے میں پیش کرنی ہے۔

    انھوں نے گورنر سندھ سے مطالبہ کیا کہ ہمیں آپ امیدوار تبدیل کر کے دیں، ورکرز کو مشاورت میں لے کر دوسرا امیدوار دیں، اور ہم آپ کو یہ سیٹ جیت کر دیں گے۔

  • سندھ میں اپوزیشن لیڈر کے لیے حلیم عادل شیخ کے نام پر پی ٹی آئی ارکان کے تحفظات

    سندھ میں اپوزیشن لیڈر کے لیے حلیم عادل شیخ کے نام پر پی ٹی آئی ارکان کے تحفظات

    کراچی: سندھ اسمبلی میں اپوزیشن نے وزیرِ اعلیٰ کے لیے مشترکہ امیدوار لانے کا فیصلہ کر لیا، دوسری طرف اپوزیشن لیڈر کے لیے حلیم عادل شیخ کے نام پر تحریکِ انصاف کے ایم پی ایز نے تحفظات کا اظہار کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعلیٰ سندھ کے عہدے کے لیے اپوزیشن الائنس کا امیدوار پاکستان تحریکِ انصاف سے ہو سکتا ہے، جس کے لیے نو منتخب رکن اسمبلی حلیم عادل شیخ کا نام سامنے آیا تھا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اپوزيشن لیڈر سندھ اسمبلی کے معاملے پر تحریکِ انصاف میں اختلافات پیدا ہوگئے ہیں، پی ٹی آئی ایم پی ایز کو حلیم عادل شیخ کا نام بہ طور اپوزیشن لیڈر منظور نہیں۔

    ذرائع نے کہا کہ تحریکِ انصاف سندھ کے ایم پی ایز نے عمران خان کو خط لکھنے کا فیصلہ کر لیا ہے، خط میں حلیم عادل شیخ کا نام واپس لینے کی درخواست کی جائے گی۔

    ذرائع کے مطابق اپوزیشن سندھ اسمبلی میں اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے لیے مشترکہ امیدوارلائے گی، اسپیکر ایم کیو ایم سے جب کہ گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس سے ڈپٹی اسپیکر کا امیدوار لائے جانے کا امکان ہے۔

    پی ٹی آئی وفد کی ایم کیو ایم بہادر آباد دفتر آمد


    دریں اثنا نو منتخب رکن سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کے لیے میدان خالی نہیں چھوڑا جائے گا، سندھ اسمبلی میں مثالی اپوزیشن کا کردار ادا کریں گے۔

    حلیم عادل شیخ کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی کوشش ہے کہ عہدوں کے لیے اپوزیشن کے مشترکہ امیدوار لائے جائیں۔