Tag: پی ٹی آئی حکومت

  • خواجہ سراؤں کی صحت سے متعلق پی ٹی آئی حکومت کا بڑا قدم

    خواجہ سراؤں کی صحت سے متعلق پی ٹی آئی حکومت کا بڑا قدم

    اسلام آباد: پی ٹی آئی حکومت نے ایک اور احسن قدم اٹھاتے ہوئے صحت انصاف کارڈ پروگرام میں خواجہ سراؤں کو بھی شامل کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق خواجہ سراؤں کی صحت سے متعلق پی ٹی آئی حکومت کا بڑا قدم سامنے آ گیا، ذرایع کا کہنا ہے کہ صحت انصاف کارڈ پروگرام میں خواجہ سرا بھی شامل کر لیے گئے ہیں۔

    ذرایع کے مطابق وزیر اعظم عمران خان آج خواجہ سراؤں میں صحت انصاف کارڈ تقسیم کریں گے، اس سلسلے میں وزیر اعظم ہاؤس میں تقریب کا انعقاد کیا جائے گا، دیگر شہروں میں بھی خواجہ سراؤں کو صحت کارڈ تقسیم کیے جائیں گے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ برس جنوری میں حکومت خیبر پختون خوا کی طرف سے بھی صحت سہولت پروگرام کے تحت 25 لاکھ غریب خاندانوں کے ساتھ ساتھ خواجہ سرا کمیونٹی کے لیے بھی صحت انصاف کارڈ کی فراہمی کا آغاز کیا گیا تھا۔

    خیال رہے کہ ہمارے معاشرے میں خواجہ سراؤں کو بھی صحت کے حصول کے لیے بہت پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے، تاہم محکمۂ صحت کی جانب سے انصاف صحت کارڈ کے اجرا کے بعد ان کی یہ محرومی ختم ہو جائے گی۔ صحت کارڈ کے اجرا کے بعد خواجہ سرا کمیونٹی بھی علاج کی مفت سہولت سے مستفید ہو سکے گی۔

    صحت انصاف کارڈ کی جو سہولیات دیگر شہریوں کو میسر ہوں گی وہی تمام سہولیات خواجہ سرا کمیونٹی کو بھی فراہم کی جائیں گی۔

  • پی ٹی آئی حکومت کو کمزور سمجھنے کی غلطی نہ کرنا، فواد چوہدری

    پی ٹی آئی حکومت کو کمزور سمجھنے کی غلطی نہ کرنا، فواد چوہدری

    اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کو کمزور سمجھنے کی غلطی نہ کرنا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کو کمزور سمجھنے کی غلطی نہ کرنا۔

    فواد چوہدری نے کہا کہ تحمل کا مظاہرہ وزیراعظم کی ہدایت پرکر رہے ہیں، ورنہ ایک اشارے پر5 پیادوں اوران کے چمچوں پر زمین تنگ کر دیں۔

    وفاقی وزیر نے کہا کہ حلوہ مارچ کا دوسرا دن بدبو سے پشاور موڑ کے گردونواح میں تعفن پھیل گیا ہے اور سی ڈی اے کو کروڑوں روپے کا فنڈ مختص کرنا پڑ رہا ہے۔

    فواد چوہدری نے مزید کہا کہ کیا ہی اچھا ہو کہ حلوے کھانے کے بعد صفائی کا انتظام بھی خود کریں جیسے کہ تحریک انصاف کے رضا کار کرتے تھے۔

    ضروری نہیں کہ مولانا فضل الرحمان کے تمام مطالبات مانے جائیں، علی محمد خان

    یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان کا کہنا تھا کہ ضروری نہیں کہ مولانا فضل الرحمان کے تمام مطالبات مانے جائیں، معاہدہ توڑا گیا تو قانون حرکت میں آجائے گا۔

    علی محمد خان کا کہنا تھا کہ مولانا نے دو دن اور پاکستانی عوام نے 5 سال کا وقت دیا ہے، ضروری نہیں کہ مولانا کے مطالبات مانے جائیں۔

  • صحت کے رکے ہوئے منصوبے بحال، پہلے مرحلے میں 72 لاکھ صحت کارڈز کی تقسیم شروع

    صحت کے رکے ہوئے منصوبے بحال، پہلے مرحلے میں 72 لاکھ صحت کارڈز کی تقسیم شروع

    گوجرانولہ: وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ ہم نے صحت کے رکے ہوئے منصوبوں کو بحال کیا، پہلے مرحلے میں 72 لاکھ صحت کارڈز کی تقسیم شروع کر دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آج وزیر صحت پنجاب یاسمین راشد نے گوجرانوالہ میں وزیر آباد انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا دورہ کیا، اس موقع پر انھوں نے کہا حکومت صحت کے شعبے میں انقلاب لا رہی ہے۔

    یاسمین راشد کا کہنا تھا رواں سال 30 ہزار نئے ڈاکٹرز و دیگر اسٹاف کو بھرتی کیا گیا ہے، انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کو 200 بیڈز پر مکمل فنکشنل کر رہے ہیں۔

    پنجاب میں ڈینگی کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے جاری مہم کے حوالے سے انھوں نے کہا کہ ڈینگی کا اسپرے ان علاقوں میں کیا جاتا ہے جہاں لاروا کی نشان دہی ہو، بلا ضرورت ڈینگی اسپرے صحت کے لیے نقصان دہ ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  22 لاکھ صحت کارڈ تقسیم کر دیے، مزید 90 لاکھ تقسیم کریں گے: وفاقی وزیر صحت

    انھوں نے قومی ایشوز پر بھی بات کی، ڈاکٹر یاسمین راشد نے آزادی مارچ کے تناظر میں کہا کہ فضل الرحمان کشمیر کے لیے دھرنا دیں، وہ کشمیر کمیٹی کے چیئرمین رہ چکے ہیں۔

    وزیر صحت پنجاب کا یہ بھی کہنا تھا کہ سابق حکومت جان بوجھ کر مصنوعی طور پر مہنگائی کو روکتی رہی، بے روزگاری پر قابو پانے کے لیے حکومت ترجیحی بنیادوں پر کام کر رہی ہے۔

    یاد رہے کہ 22 لاکھ صحت کارڈز پہلے ہی تقسیم کیے جا چکے ہیں، جب کہ رواں سال 90 لاکھ صحت کارڈز تقسیم کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے، وزیر اعظم عمران خان نے کہا تھا کہ صحت کارڈ سے غریب افراد 7 لاکھ 20 ہزار میں اپنا علاج کرا سکیں گے۔

  • گنے کی قیمت خرید طے کرنے کے لیے پیر کو اجلاس ہوگا: اسد قیصر

    گنے کی قیمت خرید طے کرنے کے لیے پیر کو اجلاس ہوگا: اسد قیصر

    اسلام آباد: اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ گنے کی فصل تیار ہے، کاشت کاروں کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا، پیر کو ہونے والے اجلاس میں گنے کی قیمت خرید طے کی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق آج زراعت سے متعلق خصوصی پارلیمانی کمیٹی کا اسد قیصر کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا، اسد قیصر نے کہا کہ گنے کی قیمت خرید طے کرنے کے لیے پیر کو اجلاس ہوگا، گنے کے کاشت کار کو مناسب قیمت دلوانے کوشش کریں گے۔

    ان کا کہنا تھا زرعی شعبے کو بہتر بنانے کے لیے وزارت تجارت اور غذائی تحفظ کے ساتھ مل کر کام کریں گے، کپاس کے کاشت کاروں کا تحفظ بھی اوّلین ترجیح ہے۔

    اسپیکر اسد قیصر نے مزید کہا زرعی شعبے سے مڈل مین کا کردار ختم کرنے کی کوشش کریں گے، زراعت کے شعبے میں جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کیا جائے گا۔

    یہ بھی پڑھیں:  کپاس کے کاشت کاروں کے مسائل پر تھنک ٹینک تشکیل دیا ہے: اسد قیصر

    یاد رہے کہ گزشتہ اجلاس میں کپاس کے کاشت کاروں کے مسائل کے حل کے لیے تھنک ٹینک تشکیل دیا گیا تھا، اسد قیصر کا کہنا تھا کہ کپاس ملک کی سب سے زیادہ نقد آور فصل ہے، کپاس کا پیداواری ہدف 2 کروڑ گانٹھ مقرر کیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ رواں سیزن ملکی کپاس کی پیداوار میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، رواں برس ہونے والی کپاس کی پیداوار گزشتہ سیزن سے 8 لاکھ بیلز کم رہی۔

    رواں برس ہونے والی کپاس کی پیداوار کا حجم 1 کروڑ 6 لاکھ بیلز رہا جب کہ گزشتہ سیزن میں کپاس کی پیداوار کا حجم 1 کروڑ 14 لاکھ بیلز سے زاید رہا تھا۔

    رواں سیزن کی پیداوار میں سے ٹیکسٹائل کمپنیوں نے 90 لاکھ بیلز جب کہ برآمد کنندگان نے 1 لاکھ بیلز خریدیں، خیال رہے کہ موجوہ حکومت نے پہلے ہی سال میں کپاس کی درآمدات پر ٹیکس چھوٹ دینے کا اعلان کیا تھا۔

  • پاکستان سٹیزن پورٹل: شکایات کے حل میں سندھ حکومت سب سے پیچھے رہی

    پاکستان سٹیزن پورٹل: شکایات کے حل میں سندھ حکومت سب سے پیچھے رہی

    اسلام آباد: پاکستان سٹیزن پورٹل پر صوبوں کی کارکردگی رپورٹ وفاقی کابینہ میں پیش کی گئی، شکایات کے حل میں سندھ حکومت سب سے پیچھے رہی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم آفس نے کابینہ میں پیش کردہ رپورٹ کے اعداد و شمار جاری کر دیے، شہریوں کی شکایات کے حل میں وفاقی حکومت کے ادارے سر فہرست رہے۔

    وفاقی وزارتوں اور اداروں نے 5 لاکھ 9 ہزار 153 سے زاید شکایات حل کیں، وفاقی اداروں کی جانب سے 92 فی صد شکایات حل کی گئیں۔

    رپورٹ کے مطابق شہریوں کی شکایات کے حل سے متعلق سندھ حکومت سب سے پیچھے رہی، سندھ کے صوبائی محکمے صرف 40 فی صد شکایات حل کر سکے، 37 ہزار میں سے 84 فی صد زیر التوا شکایات سندھ حکومت کی ہیں۔

    تازہ ترین:  سٹیزن پورٹل پر ایف بی آر خصوصی کیٹیگری کے طور پر شامل

    خیبر پختون خوا حکومت نے 87 فی صد اور پنجاب نے 88 فی صد شکایات حل کیں، بلوچستان 79 فی صد جب کہ گلگت بلتستان کی حکومت نے 74 فی صد شکایات حل کیں۔

    دوسری طرف شہریوں کی شکایات پر متعدد سرکاری افسران کے خلاف کارروائی کی گئی، سٹیزن پورٹل کے ذریعے شکایت پر سی ڈی اے (کیپٹل ڈیویلپمنٹ اتھارٹی) کے ڈی جی کو معطل کیا گیا، پنجاب میں پولیس افسران کی معطلی سمیت 2 ڈی سیز کو شو کاز دیے گئے، پنجاب کے 3 ڈپٹی کمشنرز اور 3 اسسٹنٹ کمشنرز کو معطل کیا گیا، 3 اسسٹنٹ کمشنرز کو اظہار وجوہ کے نوٹس جاری کیے گئے۔

    رپورٹ کے مطابق کمپنی دیوالیہ ہونے پر سعودی عرب میں پھنسنے والی لڑکی کو بھی واپس لایا گیا، وزیر اعظم اور کابینہ ارکان نے سٹیزن پورٹل کی کارکردگی کو سراہا۔

    وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ سٹیزن پورٹل سے متعلق زیادہ سے زیادہ آگاہی پیدا کی جائے، اس پورٹل کا مقصد عوام اور حکومت کا براہ راست رابطہ قایم کرنا ہے۔

  • اقتصادی زونز کے جلد قیام کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کی جائیں: وزیر اعظم کی محکموں کو ہدایت

    اقتصادی زونز کے جلد قیام کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کی جائیں: وزیر اعظم کی محکموں کو ہدایت

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے وفاقی اور صوبائی محکموں کو اقتصادی زونز کے قیام کا عمل مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس میں حائل رکاوٹیں دور کرنے کے لیے باہمی رابطوں اور تعاون کو فروغ دیا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق آج وزیر اعظم کی زیر صدارت اقتصادی زونز کے قیام سے متعلق اجلاس منعقد ہوا جس میں پنجاب اور خیبر پختون خوا میں قایم اقتصادی زونز کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا اور وزیر اعظم کو دونوں صوبوں میں قایم اقتصادی زونز پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

    اجلاس میں وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار، وزیر اعلیٰ کے پی کے محمود خان، عمر ایوب، عبد الرزاق داؤد، فردوس عاشق اعوان، چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ، صوبائی وزیر صنعت اور دیگر افسران نے شرکت کی۔

    وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ مشیر تجارت آلات اور مشینری پر ٹیکس چھوٹ کی رپورٹ فراہم کریں۔ انھوں نے کہا کہ کاروباری برادری کے لیے آسانیاں پیدا کرنا حکومت کی ترجیح ہے، اقتصادی زونز کی تکمیل سے کاروباری برادری کو روزگار ملے گا۔

    قبل ازیں، اجلاس میں وزیر اعظم کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا گیا کہ علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی فیصل آباد منصوبہ دسمبر تک مکمل کیا جائے گا، قائداعظم اپیرل پارک اور بہاولپور انڈسٹریل اسٹیٹ مارچ 2020 تک مکمل ہوگا، رشکئی اقتصادی زون کی تکمیل کا کام اگلے سال جون تک مکمل ہوگا۔

    اجلاس میں چھوٹے اور درمیانے کاروبار (ایس ایم ایز) کے لیے کاٹیج بزنس ریذیڈنٹ پارکس کے قیام کی تجویز دی گئی، بریفنگ میں کہا گیا کہ منصوبے کا پہلا مرحلہ پنجاب کے 10 اضلاع سے شروع ہوگا، بتدریج اضافہ کر کے اس منصوبے کا دائرہ کار دیگر اضلاع تک بڑھایا جائے گا۔

    بریفنگ میں کہا گیا کہ اس منصوبے سے مختلف شہروں کی مخصوص صنعتوں کو فرو غ حاصل ہوگا، خواتین کو اپنی ہی چھت تلے کاروبار کے مواقع میسر آئیں گے۔

    دریں اثنا، وزیر اعظم کو پنجاب میں ہیلتھ سٹی کے قیام پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی، وزیر اعظم نے اسپتالوں میں استعمال درآمد آلات پر ٹیکس چھوٹ کی تفصیلات طلب کر لیں۔

  • وزیر اعظم، وزیر اعلیٰ پنجاب ملاقات: عثمان بزدار نے پولیس اصلاحات سے آگاہ کیا

    وزیر اعظم، وزیر اعلیٰ پنجاب ملاقات: عثمان بزدار نے پولیس اصلاحات سے آگاہ کیا

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان سے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ملاقات کی ہے، جس میں پنجاب حکومت سے متعلق اہم امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کے وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے آج وزیر اعظم ہاؤس میں وزیر اعظم سے ملاقات کی اور انھیں صوبے میں پولیس اصلاحات سے متعلق اقدامات سے آگاہ کیا۔

    موصولہ اطلاعات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان پنجاب میں پولیس کی کارکردگی سے سخت ناخوش تھے، جس پر انھوں نے وزیر اعلیٰ کو اسلام آباد طلب کیا تھا۔

    وزیر اعلیٰ نے اس سلسلے میں پنجاب پولیس ریفارمز کے معاملے پر وزیراعظم کو ون آن ون ملاقات میں بریفنگ دی۔

    یہ بھی پڑھیں:  وزیراعظم پنجاب پولیس کی کارکردگی سے ناخوش ، وزیراعلیٰ پنجاب کواسلام آباد طلب کرلیا

    ذرایع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم نے پنجاب میں پولیس گردی کے واقعات پر شدید ناراضگی اور تشویش کا اظہار کیا تھا۔

    یاد رہے پنجاب میں 8 ماہ میں پولیس کی حراست میں 17 ملزمان کی ہلاکتوں کا انکشاف ہوا تھا ، ذرایع کے مطابق 14 ہلاکتوں پر 84 پولیس افسران و اہل کاروں کے خلاف مقدمات درج ہوئے ہیں، پنجاب پولیس ناقص کارکردگی کو بچانے کے لیے واقعات کو دبانے پر مصروف عمل ہے۔

    آج وزیر اعلیٰ پنجاب کے ترجمان شہباز گل نے کہا ہے کہ پولیس تشدد اور ٹارچر کے لیے نہیں عوام کی خدمت کے لیے ہے، پنجاب پولیس میں کچھ اصلاحات فوری اور کچھ لانگ ٹرم میں لائیں گے، آیندہ کبھی ٹارچرسیل ملا تو ڈی ایس پی اور ڈی پی او پر مقدمہ ہوگا۔

  • پولی کلینک سے ملحق 35 ڈسپنسریوں میں اصلاحات کا اعلان

    پولی کلینک سے ملحق 35 ڈسپنسریوں میں اصلاحات کا اعلان

    اسلام آباد: وزارت قومی صحت نے وفاقی دارالحکومت کے اسپتال پولی کلینک سے ملحق 35 ڈسپنسریوں میں اصلاحات کا اعلان کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آج اسلام آباد میں ظفر مرزا کی زیر صدارت پولی کلینک اصلاحاتی کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں سیکریٹری وزارت قومی صحت اور سربراہ پولی کلینک نے شرکت کی۔

    وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ صحت کے شعبے میں بہتری لانے کے لیے اصلاحات جاری ہیں، سرکاری اسپتالوں کی کارکردگی مثالی بنانے کے لیے پر عزم ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  محکمہ صحت پنجاب نے اسپتالوں میں احتجاج اور ریلیوں پر پابندی لگا دی

    ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ پولی کلینک سے ملحق 35 ڈسپنریوں میں اصلاحات کی جا رہی ہیں، غیر فعال ڈسپنسریز بند کر کے عملے کو اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے، کچھ ڈسپنسریز کو نیا رول دیا جا رہا ہے جس سے اسپتال پر بوجھ کم ہوگا۔

    معاون خصوصی نے یہ بھی بتایا کہ پولی کلینک میں پہلی بار ایم آر آئی، سی ٹی اسکین اور میمو گرافی مشین لگائی جائے گی۔

    یاد رہے کہ 5 ستمبر کو محکمہ صحت پنجاب نے اسپتالوں میں احتجاج اور ریلیوں پر مکمل پابندی عاید کی ہے، اسپتالوں میں بینر، پمفلٹ اور پوسٹر لگانے پر بھی پابندی عاید کی گئی ہے، ایک مراسلے میں اسپتالوں کے سربراہوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ اس پابندی پر مکمل عمل درآمد کرایا جائے۔

  • چیئرمین ایف بی آر کی وزیر اعظم کو ایک سال کی کارکردگی پر بریفنگ

    چیئرمین ایف بی آر کی وزیر اعظم کو ایک سال کی کارکردگی پر بریفنگ

    اسلام آباد: چیئرمین ایف بی آر نے وزیر اعظم کو ایک سال کی کارکردگی پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ رواں مالی سال میں اگست تک 579 ارب ریونیو اکٹھا کیا جا چکا ہے، جو پچھلے سال کے مقابلے میں 14.65 فی صد زائد ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت ایف بی آر اصلاحات سے متعلق اجلاس منعقد ہوا جس میں ایف بی آر کی کارکردگی اور اب تک ہونے والی اصلاحات کا جائزہ لیا گیا۔

    چیئرمین ایف بی آر نے بتایا کہ رواں سال فائلرز کی تعداد میں 7 لاکھ 83 ہزار افراد کا اضافہ ہوا، 2017 میں یہ تعداد 1514817 تھی جواب 2561099 ہو گئی، ڈومیسٹک ٹیکس کلیکشن میں 28 فی صد اضافہ ریکارڈ ہوا۔

    بریفنگ میں چیئرمین نے کہا کہ ایف بی آر اہل کاروں سے شخصی رابطہ قائم کرنے کی ضرورت ختم کی جا رہی ہے، اور رجسٹریشن، ٹیکس سرٹیفکیٹ اجرا، ٹیکس ریٹرن جمع کرانے کے معاملات کو کمپیوٹرائزڈ کیا جا رہا ہے، آڈٹ سمیت دیگر مراحل کو بھی کمپیوٹرائزڈ کیا جا رہا ہے۔

    چیئرمین نے کہا کہ نادرا کی شراکت سے ’سہولت‘ ویب پورٹل کا اجرا کر دیا گیا ہے، ایف بی آر کو موصول مالی تفصیلات آن لائن دستیاب ہوں گی، شکایات کے ازالے کے لیے آن لائن نظام کو مزید مؤثر بنایا جا چکا ہے۔

    انھوں نے بتایا کہ گزشتہ سالوں سے زیر التوا 16 ارب روپے ری فنڈز واپس کیے جا چکے ہیں، دکان داروں اور ریٹیلرز کے لیے ٹیکس سسٹم کو مزید آسان بنایا جا رہا ہے، ٹیکس گزاروں کی سہولت کے لیے ’ٹیکس آسان‘ کے نام سے موبائل ایپ کا اجرا کر دیا، ٹیکس کے فارمز کا اردو میں ترجمہ بھی کیا جا چکا ہے، ایف بی آر کی ویب سائٹ کو بھی اردو میں بنانے پر کام جاری ہے۔

    چیئرمین نے مزید بتایا کہ متحرک ٹیکس گزاروں کی فہرست کو باقاعدگی سے اپ ڈیٹ کیا جا رہا ہے، ایف بی آر تجارت میں سہولت کاری کے حوالے سے اقدامات کر رہا ہے، برآمدات آسان اسکیم کے تحت برآمدات کو آسان بنایا جا رہا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ مختلف کسٹم اسٹیشنز پر اسکینرز نصب کر دیے گئے ہیں، طور خم بارڈر پر کسٹم کی سہولت 24 گھنٹے فراہم کر دی گئی ہے، کرتارپور راہداری پر کسٹم آپریشنز آیندہ چند ہفتے میں شروع کر دیے جائیں گے، موبائل اسمگلنگ روک تھام سے متعلق اقدامات تیز کر دیے گئے ہیں اور ہوائی اڈوں پر کرنسی ڈیکلیئر سسٹم متعارف کرایا جا رہا ہے۔

  • گوادر پورٹ کو ریل سے یورپین ریل نیٹ ورک سے ملانے کے لیے کام کر رہے ہیں: شیخ رشید

    گوادر پورٹ کو ریل سے یورپین ریل نیٹ ورک سے ملانے کے لیے کام کر رہے ہیں: شیخ رشید

    سیول: وفاقی وزیر برائے ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ گوادر پورٹ کو ریل سے یورپین ریل نیٹ ورک سے ملانے کے لیے کام کر رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق شیخ رشید جنوبی کوریا کے دورے پر ہیں، جہاں انھوں نے اپنے اعزاز میں پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے دیے گئے عشائیے سے خطاب کیا۔

    شیخ رشید نے کہا کہ سی پیک میں پاکستان ریلوے کے متعدد منصوبے شامل ہیں، ریلوے ٹریکس اور سگنلز کی اپ گریڈیشن اولین ترجیح ہے، کراچی تا پشاور ٹریک کو 5 سال میں ہائی اسپیڈ میں تبدیل کیا جائے گا۔

    انھوں نے کہا کہ کورین سرمایہ کار اور تاجر پاکستان میں سرمایہ کاری کریں، ریلوے سمیت تمام شعبوں میں سرمایہ کاری کے لیے ماحول ساز گار ہے، دنیا بھر سے سرمایہ کار پاکستان کا رخ کر رہے ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  شیخ رشید کی کورین وزیر ریلوے کو سرمایہ کاری اور شراکت داری کی دعوت

    وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیر اعظم نے جرأت اور بے باکی سے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کیا، دنیا مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر کھل کر بات کر رہی ہے، پہلی بار لندن میں احتجاجی مارچ ہوا۔

    شیخ رشید نے کہا کہ او آئی سی اور یورپی پارلیمنٹ جیسے پلیٹ فارمز پر کشمیر کا زیر بحث آنا وزیر اعظم کے بیانیے کی جیت ہے، کشمیر پاکستان اور پاکستانیوں کی شہ رگ ہے، پاکستان کشمیر کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرے گا، مسئلہ کشمیر حل کے قریب پہنچ چکا ہے۔

    وفاقی وزیر نے پورے یقین کے ساتھ کہا کہ مسئلہ کشمیر یو این قراردادوں اور کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق حل ہوگا۔