Tag: پی ٹی آئی سندھ

  • کراچی میں پانی بحران، پی ٹی آئی کا احتجاج کا اعلان

    کراچی میں پانی بحران، پی ٹی آئی کا احتجاج کا اعلان

    کراچی: شہر قائد میں پانی کا بحران شدت اختیار کرگیا، پی ٹی آئی نے پانی بحران پر کل احتجاج کا اعلان کرتے ہوئے واٹر بورڈ کو فوج کے سپرد کرنے کا مطالبہ کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں پانی کے بحران پر تحریک انصاف نے واٹر بورڈ، وزیراعلیٰ ہاؤس اور بلاول ہاؤس کے گھیراؤ کی دھمکی دی ہے، پی ٹی آئی رکن اسمبلی آفتاب صدیقی نے واٹر بورڈ کو فوج کے سپرد کرنے کا مطالبہ کردیا۔

    تحریک انصاف کے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی نے صوبائی حکومت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کل واٹر بورڈ کے دفتر کے باہر احتجاج کا اعلان کیا ہے۔

    پی ٹی آئی رہنماؤں نے کہا کہ شہر کربلا بن رہا ہے مگر بلاول بھٹو کو کوئی پرواہ نہیں، شہر میں پانی کی فراہمی کا مسئلہ حل نہ ہوا تو اگلے مرحلے میں وزیراعلیٰ ہاؤس اور بلاول ہاؤس کے باہر کراچی والوں کو جمع کرکے احتجاج کریں گے۔

    اراکین صوبائی اسمبلی خرم شیر زمان اور شہزادہ قریشی کا کہنا تھا کہ اٹھارویں ترمیم کا سہارا لے کر سندھ حکومت کراچی والوں کے ساتھ کھلواڑ کررہی ہے، شہر میں انفرا اسٹرکچر ہے اور نہ ہی پانی کی فراہمی کے لیے منصوبہ ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ ماہ سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف فردوس شمیم نقوی کا کہنا تھا کہ پانی دینا حکومت سندھ کی ذمے داری ہے، حب ڈیم میں پانی نہیں تھا تو ضلع غربی کو پانی نہیں ملتا تھا، اب حب ڈیم بھر چکا ہے پھر بھی پانی نہیں مل رہا۔

    فردوس شمیم نے کہا تھا کہ پانی کا مسئلہ حل نہیں کیا جائے گا تو حکومت بھی نہیں کرنے دیں گے۔

  • کرپشن مٹاؤ پیپلز پارٹی ہٹاؤ، پی ٹی آئی کا سندھ میں تحریک کا اعلان

    کرپشن مٹاؤ پیپلز پارٹی ہٹاؤ، پی ٹی آئی کا سندھ میں تحریک کا اعلان

    کراچی: پاکستان تحریک انصاف سندھ نے صوبے میں کرپشن مٹاؤ پیپلز پارٹی ہٹاؤ تحریک کا اعلان کر دیا، خرم شیر زمان نے کہا کہ چیف جسٹس آڈیٹر جنرل کی رپورٹ کا نوٹس لیں، مختلف محکموں میں اربوں کی بے ضابطگیاں کی گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق ایم پی اے خرم شیر زمان، حلیم عادل شیخ، سیما ضیا اور عمر عماری نے سندھ اسمبلی میں پیپلز پارٹی کی کرپشن کی داستانوں پر اہم پریس کانفرنس کی۔

    پی ٹی آئی رہنما خرم شیر زمان نے مطالبہ کیا کہ 18 ویں ترمیم کو واپس لیا جائے، چیف جسٹس آڈیٹر جنرل کی رپورٹ کا نوٹس لیں، محکموں میں اربوں کی بے ضابطگیاں کی گئیں۔

    انھوں نے کہا کہ پی پی کی بد عنوانیوں کے خلاف اینٹی کرپشن اور نیب جانے کا اعلان کرتا ہوں، ہم نے اس سلسلے میں ایک کتاب تیار کی ہے، اسپیکر اسمبلی سے گزارش ہے کتاب پر بحث کے لیے وقت دیں، ہم بتائیں گے کہ عوام کے پیسوں کو کیسے لوٹا گیا۔

    خرم شیر زمان نے کہا کہ صوبے میں بنیادی حقوق، پینے کا پانی، سیوریج، ہیلتھ، پارکس کا حال بتائیں گے، ایک سال میں 292.84 ارب روپے کی کرپشن کی گئی، یہ چیزیں ہم نے بتانی ہے عوام کو، رپورٹ تیار کر رہے ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  پی ٹی آئی کا بلاول بھٹو کے خلاف پانی نہ ملنے پر تحریک چلانے کا اعلان، واٹر بورڈ دفتر کے باہر دھرنا

    پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ہم وہ باتیں کر رہے جو اس کتاب میں لکھی ہیں، ہم سرٹیفائیڈ صادق اور امین ہیں، ہم ان کے سامنے دیوار بن کر کھڑے ہوں گے۔

    دریں اثنا، پی ٹی آئی رہنما حلیم عادل شیخ نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو شرم آنی چاہیے اسلام آباد جانے سے پہلے، لاڑکانہ میں 500 سے زائد بچے ایچ آئی وی سے متاثر ہیں، یہ گندم کی 40 لاکھ بوریاں کھا گئے، کراچی سمیت سندھ پانی کو ترس رہا ہے، تھر میں بچے مر رہے ہیں، یہ کیا تحریک چلائیں گے۔

    حلیم عادل شیخ نے کہا کہ ہم ان کے خلاف کرپشن مٹاؤ، سندھ بچاؤ تحریک چلائیں گے، پی ٹی آئی اپنے اتحادیوں کے ساتھ مل کر تحریک چلائے گی۔

  • وزیرِ اعظم جی ڈی اے رہنما کی دعوت پر سندھ کا دورہ کریں گے

    وزیرِ اعظم جی ڈی اے رہنما کی دعوت پر سندھ کا دورہ کریں گے

    کراچی: وزیرِ اعظم عمران خان نے گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کے رہنما علی گوہر مہر سے ٹیلی فونک رابطہ کر کے صوبے کی صورتِ حال پر تشویش کا اظہار کیا۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان پاکستان تحریکِ انصاف سندھ نے کہا ہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان نے سردار علی گوہر مہر سے ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے۔

    [bs-quote quote=”وزیراعظم عمران خان کا سندھ کی صورتِ حال پر تشویش کا اظہار” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″][/bs-quote]

    وزیرِ اعظم نے جی ڈی اے رہنما کے ساتھ فون پر گفتگو کرتے ہوئے سندھ کی موجودہ سیاسی صورتِ حال پر تشویش کا اظہار کیا۔

    ترجمان پی ٹی آئی سندھ کے مطابق سردار علی گوہر مہر نے وزیرِ اعظم کو دورۂ سندھ کی دعوت دی، وزیرِ اعظم نے ان کی دعوت قبول کرتے ہوئے کہا کہ وہ جلد سندھ کا دورہ کریں گے۔

    ترجمان نے بتایا کہ وزیرِ اعظم عمران خان اپنے دورے میں سندھ کی اہم سیاسی شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے۔

    دریں اثنا صوبہ سندھ کی سیاست میں ہل چل پیدا ہو گئی ہے، پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کے خلاف جے آئی ٹی رپورٹ کے بعد صوبے کی سیاسی فضا میں حدت بڑھ گئی ہے، دوسری طرف وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی تبدیلی کی آوازیں بھی اٹھنے لگی ہیں۔


    یہ بھی پڑھیں:  وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری جلد سندھ کا دورہ کریں گے


    وزیرِ اعظم عمران خان نے وفاقی وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری کو خصوصی ٹاسک دے دیا، وزیرِ اطلاعات پیغام لے کر سندھ آئیں گے اور ذوالفقار مرزا، امیر بخش بھٹو سمیت دیگر سیاسی شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے۔

    پی ٹی آئی کے اپوزیشن لیڈر اور جی ڈی اے ارکان نے بھی سر جوڑ لیے ہیں، خرم شیر زمان کہتے ہیں پیپلز پارٹی کے لوگ خود رابطہ کر رہے ہیں۔

    خرم شیر زمان نے کہا کہ پی ٹی آئی کو سندھ میں حکومت کے لیے بیس ووٹوں کی ضرورت ہے، گرینڈ ڈیمو کریٹک الائنس نے بھی مراد علی شاہ کو ہٹانے کا مطالبہ کر دیا ہے۔