Tag: پی ٹی آئی فنڈنگ کیس

  • پی ٹی آئی فنڈنگ کیس: اکاؤنٹس کی چھان بین کے لیے ایف آئی اے کی مزید ٹیمیں تشکیل

    پی ٹی آئی فنڈنگ کیس: اکاؤنٹس کی چھان بین کے لیے ایف آئی اے کی مزید ٹیمیں تشکیل

    اسلام آباد : ایف آئی اے نے پی ٹی آئی فنڈنگ کیس میں اکاؤنٹس کی چھان بین کے لیے مزید ٹیمیں تشکیل دے دیں۔

    تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی فنڈنگ کیس میں الیکشن کمیشن فیصلے کے بعد تحقیقات کے معاملے پر اکاؤنٹس کی چھان بین کے لئے ایف آئی اے کی مزید ٹیمیں تشکیل دے دی گئیں۔

    وفاقی دارالحکومت میں تشکیل دی گئی ٹیم کی قیادت ڈپٹی ڈائریکٹرآمنہ بیگ کوسونپ دی گئی جبکہ ٹیم میں اجمل صدیق سندھو، سردار اللہ بابر، اصغر علی بلوچ، ریحانہ کوثر اور ارباب عباسی شامل ہیں۔

    خیبرپختونخوا اور سندھ زون ون میں پانچ ، پانچ جبکہ پنجاب زون ون اور بلوچستان میں چار ، چار رکنی ٹیمیں تحقیقات کریں گی۔

    بلوچستان میں 4 رکنی ٹیم میں محمدعلی ابڑو،محمدراشد بھٹی،افروز احمد کلہواڑ،راجہ محمدامتیاز شامل ہیں۔

    کے پی کے میں تشکیل 5 رکنی ٹیم کی قیادت ڈپٹی ڈائریکٹر محمد آفتاب بٹ کریں گے اور دیگر میں افضل خان ،محمد طاہر ،عرفان اللہ اور صائمہ ندیم سب انسپکٹر شامل ہیں۔

    سندھ زون ون کی 5 رکنی ٹیم کی سربراہی ڈپٹی ڈائریکٹر رابعہ قریشی کریں گی اور ٹیم میں رؤف شیخ،سبین غوری،آفتاب وٹو،راحت خان شامل ہیں۔

    اسی طرح پنجاب زون ون ٹیم کی سربراہی ڈپٹی ڈائریکٹر میاں عامر اقبال کریں گے جبکہ محمد یوسف،شاہد علی اور عرفان خان ٹیم میں شامل ہوں گے۔

  • وفاقی کابینہ کا اجلاس : پی ٹی آئی فنڈنگ کیس کے فیصلے پر مشاورت سمیت اہم فیصلے متوقع

    وفاقی کابینہ کا اجلاس : پی ٹی آئی فنڈنگ کیس کے فیصلے پر مشاورت سمیت اہم فیصلے متوقع

    اسلام آباد : پی ٹی آئی فنڈنگ کیس کے فیصلے پر غور کے لیے وفاقی کابینہ کی بیٹھک آج لگے گی، الیکشن کمیشن کا فیصلہ کابینہ کے سامنے رکھا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج 3 بجے ہوگا ، وفاقی کابینہ 8 نکاتی ایجنڈا پر غور کرے گی۔

    اجلاس میں الیکشن کمیشن کا فیصلہ ارکان کے سامنے رکھا جائے گا، جس کے بعد پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس کے فیصلے پر مشاورت سمیت قانونی کاروائی کے لئے فیصلے ہوں گے۔

    کابینہ اجلاس میں وزیر قانون اور حکومتی قانونی ٹیم کابینہ کو الیکشن کمیشن فیصلہ پر بریفنگ دے گی ، وزارت قانون ،پارلیمانی امور کی رپورٹ پر مزید کارروائی کی جائے گی۔

    عمران خان سمیت پی ٹی آئی رہنماوں کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کی منظوری متوقع ہے جبکہ عمران خان کی نااہلی سےمتعلق سپریم کورٹ سے رجوع کے فیصلہ کا بھی امکان ہے۔

    کابینہ اجلاس میں ملکی سیاسی صورتحال پر مشاورت ہوگی جبکہ نیشنل یونیورسٹی کے قیام اور پاکستان ری انشورنس کمپنی لیمیٹڈ کے سی ای او کی منظوری دی جائے گی۔

    پاکستان اور ڈنمارک کے درمیان فریم ورک معاہدہ کی منظوری کابینہ ایجنڈا میں شامل ہے جبکہ سیلاب کی تباہ کاریوں کے بعد بحالی کےلئے عالمی معاونت کی سمری پیش ہوگی۔

    اجلاس میں ترقیاتی سکیموں پر کام کے آغاز سےمتعلق بریفنگ دی جائے گی جبکہ ای سی سی اور لیجسلیٹو کیسز پر فیصلوں کی توثیق ایجنڈا میں یوم آزادی کے موقع پر سزاوں میں کمی کی سمری بھی پیش ہوگی

    خیال رہے الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کیخلاف فیصلے کے بعد معاملہ وفاقی حکومت کو بھجوایا تھا۔

  • پی ٹی آئی فنڈنگ کیس : تحریک انصاف کو بڑا ریلیف مل گیا

    پی ٹی آئی فنڈنگ کیس : تحریک انصاف کو بڑا ریلیف مل گیا

    اسلام آباد : اسلام آباد ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی فنڈنگ کیس کا فیصلہ30دن میں کرنے کا حکم کالعدم قرار دے دیا اور کہا امید ہے الیکشن کمیشن انصاف کے تقاضے پر زیرالتواکیسز کو سنے گا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی کی انٹراکورٹ اپیل پر فیصلہ سنادیا ، چیف جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس بابر ستار نے محفوظ شدہ فیصلہ سنایا۔

    فیصلے میں پی ٹی آئی فنڈنگ کیس کا فیصلہ30دن میں کرنے کا حکم کالعدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ توقع ہے الیکشن کمیشن دیگرپارٹیوں کے زیر التوا کیسز مناسب وقت میں مکمل کرے گا۔

    عدالت کا کہنا تھا کہ امید ہےالیکشن کمیشن انصاف کے تقاضے پر زیرالتواکیسز کو سنے گا، شک کی گنجائش نہیں کہ تمام جماعتوں سے ایک جیسابرتاؤ ہوگا۔

    فیصلے میں کہا گیا کہ عدالت امید کرتی ہے کہ کارروائی شفاف انداز میں آگے بڑھائی جائے گی، الیکشن کمیشن نے ابھی تک کوئی آرڈر پاس نہیں کیا، الیکشن کمیشن نمائندے نے یقین دہانی کرائی بلاتفریق کارروائی آگےبڑھے گی۔

    حکم نامے میں کہا کہ سیاسی جماعتوں کیخلاف روزانہ کارروائی کے لیے مزید ہدایت بھی مانگی گئی ہے، الیکشن کمیشن نمائندے نے کہا کارروائی پولیٹیکل پارٹیز آرڈر 2002 کےتحت ہے، اپیل کنندہ کیخلاف کارروائی2014 سے زیرالتواہے۔

    اسلام آباد ہائی کورٹ کا کہنا تھا کہ دیگر سیاسی جماعتوں کے خلاف کارروائی بعد میں شروع کی گئی ہے، اسٹیٹ بنک سے دیگر 3جماعتوں کے بارے میں معلومات طلب کی گئی ہیں۔

    عدالت نےتمام جماعتوں کی ممنوعہ فنڈنگ تحقیقات ایک ساتھ کرنےکی درخواست نمٹادی۔

  • اپوزیشن کا  حکومت پر دباؤ کیلئے ایک اور آپشن  استعمال کرنے کا فیصلہ

    اپوزیشن کا حکومت پر دباؤ کیلئے ایک اور آپشن استعمال کرنے کا فیصلہ

    کراچی: اپوزیشن جماعتیں حکومت پر دباؤ کیلئے آج الیکشن کمیشن سے پی ٹی آئی فنڈنگ کیس کا فیصلہ جلد سنانے کا مطالبہ کریں گی۔

    تفصیلات کے مطابق اپوزیشن جماعتوں نے حکومت پر دباؤ کیلئے ایک اور آپشن استعمال کرنے کا فیصلہ کرلیا ، اس سلسلے میں اپوزیشن رہنما آج الیکشن کمیشن سے پی ٹی آئی فنڈنگ کیس کا فیصلہ جلد سنانے کا مطالبہ کریں گے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اپوزیشن جماعتیں پی پی ، ن لیگ و دیگر رہنما آج دوپہر ایک بجے الیکشن کمیشن پہنچ کر مطالبہ رکھیں گی۔

    ذرائع کے مطابق رہنماؤں کی جانب سے الیکشن کمیشن کوپی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس فیصلہ فوری دینے کا مطالبہ کیا جائے گا۔

    یاد رہے اپوزیشن نے وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرادی اور عدم اعتماد کی کامیابی کے لیے اپوزیشن جماعتوں کے رابطے بھی جاری ہے۔

    خیال رہے پی ٹی آئی فنڈنگ کیس میں الیکشن کمیشن کو پیش اسکروٹنی کمیٹی کی رپورٹ کے اہم نکات سامنے آئے تھے، رپورٹ میں پی ٹی آئی نے 77 میں سے صرف 12 اکاؤنٹس ظاہر کیے جبکہ 53بینک اکاؤنٹس اور 31 کروڑ روپے کی رقم چھپائی۔

    تحریک انصاف کے بیرون ملک سے فنڈز کی تفصیلات ، اسٹیٹ بینک کی جانب سےپی ٹی آئی بینک اکاونٹس ، امریکی ادارے فارا ایل ایل سی کی پی ٹی آئی اکاونٹس سے متعلق تفصیل اور پاکستان میں ڈالر آپریٹڈ اکاونٹس کی تفصیل بھی رپورٹ میں شامل ہیں۔