Tag: پی ٹی آئی میں شمولیت

  • ٹک ٹاکر حریم شاہ کا پی ٹی آئی میں شمولیت کا عندیہ

    ٹک ٹاکر حریم شاہ کا پی ٹی آئی میں شمولیت کا عندیہ

    لاہور : ٹک ٹاکر حریم شاہ نے پی ٹی آئی میں شمولیت کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ایک دو روز میں چئیرمین پی ٹی آئی سے ملاقات کے بعد پی ٹی آئی میں شمولیت کا فیصلہ کروں گی۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور پریس کلب میں ٹک ٹاکر حریم شاہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ صندل خٹک کہ معاملے پر ایف آئی اے اور عدالتوں کی مشکورہوں ۔وکلا کی مشاورت سے ان کو ضمانت مل تو گئی ہے مگر بری نہیں ہوئیں۔

    حریم شاہ کا کہنا تھا کہ جن سیاست دانوں کی ویڈیو لیک کرتی ہوں وہ اس ہی قابل ہیں، ویڈیو لیک سے متعلق جس نے مجھ پر کیس کرنا ہے کرلے، مجھے کسی کا خوف نہیں ابھی ملک میں ہوں مقابلہ کروں گی۔

    انھوں نے بتایا کہ ایک دو روز میں چئیرمین پی ٹی آئی سے ملاقات کے بعد پی ٹی آئی میں شمولیت کا فیصلہ کروں گی۔

    مولانافضل الرحمان کے حوالے سے حریم شاہ نے کہا کہ مولانافضل الرحمان نے مجھے دھمکیاں دیں لیکن میں کسی سے نہیں ڈرتی اس ملک میں ہوں جس نے جو کرنا ہے کرلے۔

  • پاکستان بار کونسل کے رکن چوہدری حفیظ کا ساتھیوں سمیت پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان

    پاکستان بار کونسل کے رکن چوہدری حفیظ کا ساتھیوں سمیت پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان

    اسلام آباد: پاکستان بار کونسل کے رکن چوہدری حفیظ الرحمان نے ساتھیوں سمیت پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے زمان پارک میں وکلا کے ایک وفد نے ملاقات کی، جس میں اراکین پنجاب بارکونسل اویس قاضی، اقبال موہل، سابق رکن پنجاب بار کونسل میاں فیض اللہ شامل، سابق صدر لاہور بار سید محمد شاہ اور نائب صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن ارشد باجوہ شامل تھے۔

    پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کرنے والے وکلا میں سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے ایگزیکٹو رکن عارف محمود چوہدری، لاہور بار کے نائب صدور میاں عصمت اللہ اور محمد حیات سندھو، عارف اعوان، طاہر امین چوہدری، زاہد نواز چیمہ، نورالمصطفیٰ، مبین عارف چوہدری، حسیب عارف چوہدری اور فصیح الرحمان بھی شامل تھے۔

    وکلا نے عدلیہ کی آزادی اور جمہوریت کے تحفظ و استحکام کے حوالے سے عمران خان کے مؤقف کی مکمل تائید کا اعلان کیا، جب کہ حکمران اتحاد کی جانب سے عدلیہ پر حملوں اور دستور سے انحراف کی شدید مذمت کی گئی۔

    وکلا نے آرٹیکل 224 کے تحت پنجاب، کے پی میں 90 روز میں انتخابات کے انعقاد کا آئینی تقاضا پورا کرنے کا مطالبہ کیا، اور سپریم کورٹ کی جانب سے آئین کے مذکورہ آرٹیکل کی تشریح کی بھی مکمل توثیق کا اعلان کیا۔

    وکلا کے وفد کا کہنا تھا کہ دستور اور عدلیہ کے خلاف سازشیں اور حملے کرنے والوں کو ہرگز اجازت نہیں دیں گے، عدلیہ کے بازو مروڑنے کی کوششیں ترک نہ کی گئیں تو 2007 سے بڑی تحریک برپا کریں گے۔

    وکلا نے کہا کہ آئین پر حملہ کرنے والوں کا علاج آرٹیکل 6 کی صورت میں خود آئین تجویز کرتا ہے، معزز سپریم کورٹ دستور کی حفاظت کا آئینی فریضہ بلاخوف سرانجام دے۔

    وکلا کا کہنا تھا کہ دھونس اور سازش پر آمادہ گروہ سے وکلا اور قوم نمٹ لیں گے، جمہوریت کے استحکام و فروغ اور دستور کی بالادستی کے لیے عمران خان کے ایجنڈے کی تائید کرتے ہیں۔

    دوسری طرف عمران خان نے چوہدری حفیظ الرحمان کی ساتھیوں سمیت تحریک انصاف میں شمولیت کا خیر مقدم کیا۔

  • آزاد حیثیت میں سینیٹ الیکشن لڑنے والے محمد عبدالقادر کا پی ٹی آئی میں  شمولیت کا اعلان

    آزاد حیثیت میں سینیٹ الیکشن لڑنے والے محمد عبدالقادر کا پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان

    اسلام آباد : آزاد حیثیت میں سینیٹ الیکشن لڑنے والے محمد عبدالقادر نے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کردیا، جس کا وزیراعظم عمران خان نے خیر مقدم کیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے بلوچستان سےآزاد نومنتخب سینیٹرعبدالقادر کی ملاقات ہوئی ، ملاقات میں نومنتخب سینیٹر محمد عبدالقادر نے پی ٹی آئی میں شمولیت اعلان کرتے ہوئے وزیراعظم پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔

    وزیراعظم عمران خان نے سینیٹرعبدالقادر کی تحریک انصاف میں شمولیت کا خیرمقدم کیا۔

    خیال رہے 3 مارچ کو ہونے والے سینیٹ انتخابات میں عبدالقادر نے بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) کی حمایت سے آزاد امیدوار کی حیثیت سے کامیابی حاصل کی تھی۔

    یاد رہے پاکستان تحریک انصاف نے بلوچستان میں سینیٹ کا ٹکٹ عبدالقادر نامی شخص کو دینے کا فیصلہ کیا تھا ، جس پر پی ٹی آئی بلوچستان کے عہدے داروں نے شدید تحفظات کا اظہار کیا تھا۔

    بعد ازاں وزیر اعظم عمران خان نے بلوچستان سے عبدالقادر کو سینیٹ کا ٹکٹ نہ دینے کا فیصلہ کیا تھا۔

  • وزیرِ اعظم سے شاہ محمود اور ممتاز سیاست دان ملک ظفر راں کی ملاقات، پی ٹی آئی میں شمولیت

    وزیرِ اعظم سے شاہ محمود اور ممتاز سیاست دان ملک ظفر راں کی ملاقات، پی ٹی آئی میں شمولیت

    اسلام آباد: وزیرِ اعظم عمران خان سے وزیرِ خارجہ شاہ محمود اور ممتاز سیاست دان ملک ظفر راں نے بنی گالہ میں ملاقات کی، ملک ظفر راں نے پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کر لی۔

    تفصیلات کے مطابق صوبائی اسمبلی پنجاب کے حلقے 218 سے تعلق رکھنے والے ممتاز سیاست دان ملک ظفر راں نے پاکستان تحریکِ انصاف میں شمولیت اختیار کر لی۔

    [bs-quote quote=”جنوبی پنجاب کے عوام کا احساسِ محرومی دور کرنا حکومتی ترجیح ہے۔” style=”style-8″ align=”left”][/bs-quote]

    ملک ظفر راں نے وزیرِ اعظم عمران خان کی قیادت اور وژن پر اپنے بھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔

    اس موقع پر وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے عوام کا احساسِ محرومی دور کرنا حکومتی ترجیح ہے، حکومت نیا بلدیاتی نظام لا کر عوام کو صحیح معنوں میں با اختیار بنائے گی۔

    وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ عوام کی ضرورتوں کے مطابق ترقیاتی عمل میں بھی کردار ادا کیا جائے گا۔ انھوں نے امید ظاہر کی کہ ملک ظفر راں پارٹی منشور کے تحت اپنا کردار ادا کریں گے۔

    یہ بھی پڑھیں:  وزیر خارجہ کا سری لنکن اور نیپالی ہم منصب سے رابطہ

    ملک ظفر راں نے کہا کہ سابقہ حکمرانوں نے جنوبی پنجاب کو نظر انداز کرنے کی پالیسی اپنائی، یہ سابقہ حکمران تھے جنھوں نے پس ماندگی، غربت اور محرویوں کو جنم دیا۔

    انھوں نے اعتراف کیا کہ پی ٹی آئی نے 2 پارٹیوں کے تسلط کو ختم کر کے جنوبی پنجاب کے عوام کو نئی سوچ دی۔

  • پاکستان تحریک انصاف نے ق لیگ کی بڑی وکٹ گرا دی

    پاکستان تحریک انصاف نے ق لیگ کی بڑی وکٹ گرا دی

    اسلام آباد : انتخابات سے ایک ہفتے پہلے تحریک انصاف نے ق لیگ کی ایک اور بڑی وکٹ گرادی، اجمل وزیر نے ق لیگ چھوڑ کر پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نے مسلم لیگ ق کو ایک اور بڑا جھٹکا دے دیا، چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے اجمل وزیر نے بنی گالہ میں ملاقات کی اور باضابطہ شمولیت کا اعلان کیا اور تحریک انصاف کی قیادت اور منشور پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔

    خیال رہے کہ اجمل وزیر مسلم لیگ ق کے سینئر نائب صدر تھے اور مسلم لیگ ق خیبرپختونخوا کے چیف آرگنائزر بھی رہ چکے ہیں۔

    تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے مسلم لیگ ق کے رہنما کو پارٹی میں شامل ہونے پر خوش آمدید کہا ہے۔

    اجمل وزیر پہلے بھی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کرچکے ہیں۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل مسلم لیگ ق کے رہنما ڈاکٹر عظیم الدین لکھوی اور کرنل (ر) ہاشم ڈوگر، رہنما روبینہ سلہری سمیت متعدد رہنما پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہوچکے ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • پشاور: نواز لیگ کے ایک اور ایم پی اے کی پی ٹی آئی میں شمولیت

    پشاور: نواز لیگ کے ایک اور ایم پی اے کی پی ٹی آئی میں شمولیت

    پشاور : خیبرپختونخوا میں ن لیگ کی وکٹ گر گئی، ن لیگ کے ممبر صوبائی اسمبلی ارباب وسیم نے پی ٹی آئی میں باضابطہ شمولیت اختیار کرلی، اس بات کا اعلان انہوں نے وزیر اعلیٰ ہاؤس میں کیا۔

    تفصیلات کے مطابق مختلف شخصیات کا نواز لیگ سے ناطہ توڑنے کا سلسلہ تاحال جاری ہے، صوبہ خیبر پختونخواہ سے نواز لیگ کے ممبر صوبائی اسمبلی ارباب محمد وسیم خان نے تحریک انصاف میں باقاعدہ شمولیت اختیار کرلی ہے۔

    پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا کے اکاؤنٹ پر جاری تفصیلات میں بھی اس بات کی تصدیق کردی گئی ہے، ارباب وسیم خان نے وزیراعلیٰ ہاؤس میں پرویز خٹک سے ملاقات کی اس موقع پر اسپیکر اسد قیصراور دیگر وزراء بھی موجود تھے۔

    پارٹی میں شمولیت کا اعلان کرتے ہوئے ارباب وسیم نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے عوامی مسائل کے حل کے لئے5سال میں کچھ نہیں کیا، یہ پاکستان مسلم لیگ نہیں بلکہ پنجاب مسلم لیگ ہے۔

    مزید پڑھیں: ن لیگ میں‌ توڑ پھوڑ، ڈاکٹر رامیش کمار نے پارٹی چھوڑ دی، پی ٹی آئی میں‌ شامل

    ارباب وسیم کا مزید کہنا تھا کہ ن لیگ نے میرے حلقے میں گیس کے منصوبوں پر بھی کام روک دیا تھا۔ واضح رہے کہ ارباب وسیم پی کے8سے ن لیگ کے ٹکٹ پر رکن صوبائی اسمبلی بنے تھے۔

    مزید پڑھیں: ن لیگ کا حال ایم کیو ایم سے مختلف نہیں، کئی لیگی رہنما پی ٹی آئی میں شامل ہورہے ہیں: فواد چوہدری


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیاپر شیئر کریں۔