Tag: پی ٹی آئی وفد

  • مولانا فضل الرحمان  اور پی ٹی آئی وفد  کے درمیان ملاقات  ، اندرونی کہانی سامنے آگئی

    مولانا فضل الرحمان اور پی ٹی آئی وفد کے درمیان ملاقات ، اندرونی کہانی سامنے آگئی

    اسلام آباد: پی ٹی آئی وفد کی جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانافضل الرحمان سے ملاقات میں مزید رابطوں پر اتفاق کر لیا گیا، دونوں جماعتیں مزید ملاقاتوں سے معاملات آگے بڑھائیں گی۔

    تفصیلات کے مطابق جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانافضل الرحمان سے پی ٹی آئی وفد کی ملاقات کا احوال سامنے آگیا ، ملاقات میں دونوں جماعتیں میں مزید رابطوں پر اتفاق کر لیا گیا اور کہا دونوں جماعتیں مزید ملاقاتوں سےمعاملات آگے بڑھائیں گی۔

    ذرائع نے بتایا کہ اچانک زیادہ قربت سےپارٹی رہنماؤں،کارکنوں کیلئے مسائل ہوں گے ، جے یو آئی اور پی ٹی آئی رہنما مزید ملاقاتوں سے معاملات آگے بڑھائیں گے،ذرائع

    مولانا فضل الرحمان نےبتایا کس طرح ان کےساتھ دھاندلی ہوئی، جے یوآئی اورپی ٹی آئی پارلیمان میں بھی مل کر چلیں گے۔

    یاد رہے گذشتہ روز بانی پی ٹی آئی کی ہدایت پر اسد قیصرکی سربراہی میں چھے رکنی وفد جے یوآئی ایف کی قیادت سے ملا، مولانافضل الرحمان نے خندہ پیشانی سے خیرمقدم کیا۔

    ذرائع کا بتانا تھا کہ ملاقات میں انتخابات میں مبینہ دھاندلی ودیگر تحفظات پر تبادلہ خیال کیا گیا، پی ٹی آئی وفد نے بانی پی ٹی آئی کا پیغام مولانا فضل الرحمان تک پہنچایا تھا۔

    ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی وفد نے مبینہ دھاندلی کے خلاف اور اپوزیشن میں ساتھ چلنے کی دعوت دی، اس موقع پر عامر ڈوگر نے کہا کہ انشا اللہ سرپرائز دیں گے، پی ٹی آئی کی اکثریت ہے۔

    بعد ازاں میڈیا سے گفتگومیں حافظ حمداللہ نے کہا تھا کہ جے یو آئی ایف اور پی ٹی آئی دونوں متفق ہیں الیکشن دھاندلی زدہ اورغیرشفاف تھے،الیکشن سےملک میں سیاسی اور معاشی استحکام نہیں آئےگا، آگے کیا ہوتا ہے اس کوآگے پر چھوڑدیاگیا۔

    بیرسٹرسیف کا کہنا تھا کہ جے یو آئی کو بھی الیکشن پرتحفظات ہیں،اس ایک نکتے پر اتفاق ہوا انتخابات غیرجانبدارانہ نہیں تھے، عوام اور سیاسی جماعتیں الیکشن کو مسترد کرتی ہیں،اس وقت تک تحریک چلائیں گےاحتجاج کرینگےجب تک عوام کوغصب شدہ حق نہیں ملتا۔

  • بیرسٹر گوہر کی قیادت میں پی ٹی آئی وفد آج فضل الرحمان سے ملاقات کریگا

    بیرسٹر گوہر کی قیادت میں پی ٹی آئی وفد آج فضل الرحمان سے ملاقات کریگا

    جے یو آئی کا کہنا ہے کہ بیرسٹر گوہر کی قیادت میں 5 رکنی وفد آج رات مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کرے گا۔

    تفصیلات کے مطابق ذرائع جے یو آئی کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کی اعلیٰ قیادت نے جے یو آئی سے رابطہ کرلیا ہے۔ سینئر رہنما بیرسٹر گوہر کی قیادت میں 5 رکنی وفد آج رات فضل الرحمان سے ملاقات کرے گا۔

    جے یو آئی کے ذرائع نے مزید بتایا کہ وفد میں اسد قیصر، بیرسٹر سیف اور اخوند زادہ حسین احمد بھی شامل ہوں گے۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے جے یو آئی کے ساتھ پارلیمان میں بیٹھنے پر بھی بات ہوگی۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل خبر آئی تھی کہ اسد قیصر فضل الرحمان سے ملاقات کیلئے رابطہ کریں گے، انتخابی دھاندلی کے ایک نکاتی ایجنڈے پر دونوں پارٹیوں میں دوریاں کم ہونے کا امکان ہے۔

    خیال رہے بانی پی ٹی آئی نے اسد قیصر کو جے یو آئی سے رابطے کا اختیار دیا تھا۔ اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو میں سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصرنے کہا تھا کہ دھاندلی کے خلاف تحریک شروع کرنے جارہے ہیں،

    ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے مجھے دھاندلی کے خلاف احتجاج کرنے والی تمام جماعتوں سے رابطے کا ٹاسک دیا ہے، مل بیٹھ کرلائحہ عمل طے کریں گے۔

    رہنما پی ٹی آئی نے مزید کہا تھا کہ جماعت اسلامی، جمعیت علمائےاسلام اور اےاین پی سے رابطہ کریں گے جبکہ اسد قیصر آفتاب شیرپاؤ سمیت دیگر سے بھی رابطہ کررہے ہیں۔