Tag: پی ٹی آئی کی خبریں

  • عامر لیاقت کی جگہ کھمبا بھی کھڑا کرتے تو جیت جاتا، فیصل جاوید

    عامر لیاقت کی جگہ کھمبا بھی کھڑا کرتے تو جیت جاتا، فیصل جاوید

    لاہور: پاکستان تحریکِ انصاف کے سینیٹر فیصل جاوید کا کہنا ہے کہ عمران خان کراچی سے عامر لیاقت کی جگہ کھمبا بھی کھڑا کرتے تو وہ جیت جاتا۔

    تحریکِ انصاف کے رہنما فیصل جاوید اے آر وائی نیوز سے گفتگو کر رہے تھے، انھوں نے کہا ’کراچی جلسے میں عامر لیاقت نے کہا میری تقریر کرا دیں تاکہ جیت جاؤں۔‘

    فیصل جاوید کا کہنا تھا کہ کراچی کے عوام نے عامر لیاقت کو نہیں بلکہ عمران خان کو ووٹ دیے ہیں، عامر لیاقت اپنی ذات کے لیے سیاست کر رہے ہیں یا پاکستان کے لیے۔

    پی ٹی آئی رہنما نے کہ میں عمران خان کے ساتھ 22 سال سے ہوں لیکن کبھی وزارت نہیں مانگی، تمام چیزوں سے بالاتر ہو کر پاکستان کے لیے سوچیں۔

    سینیٹر فیصل جاوید نے کہا ’عامر لیاقت کو ہم جلدی منالیں گے، وہ جذباتی آدمی ہیں لیکن دل کے اچھے ہیں، انٹرٹینمنٹ سے ان کا تعلق ہے اس لیے وہ ایسا کرتے رہتے ہیں۔‘


    اسے بھی پڑھیں:عامر لیاقت کا شکوہ، گورنر سندھ کے عشائیے میں عدم شرکت


    ان کا کہنا تھا کہ وزیرِ اعظم عمران خان نے کراچی سے صدر اور گورنر بنایا، کراچی کے عوام نے 2013 میں بھی ووٹ دیا اور 2018 میں بھی، تحریکِ انصاف میں کوئی فارورڈ بلاک نہیں بلکہ پروگیسو بلاک ہے۔

    خیال رہے کہ عامر لیاقت اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ سے تحریکِ انصاف پر مسلسل تنقیدی ٹویٹ کر رہے ہیں، کہا جا رہا ہے کہ وہ وزارت نہ ملنے پر ناراض ہیں اور انھیں نظر انداز کیا جا رہا ہے۔

  • عامر لیاقت کیوں ناراض ہیں مجھے اس کا علم نہیں، فیصل واوڈا

    عامر لیاقت کیوں ناراض ہیں مجھے اس کا علم نہیں، فیصل واوڈا

    لاہور: پاکستان تحریکِ انصاف کے رکن قومی اسمبلی فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ انھیں علم نہیں کہ عامر لیاقت کیوں ناراض ہیں، انھوں نے انٹرویو میں کیا کہا، یہ بھی علم نہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام الیونتھ آور میں گفتگو کرتے ہوئے کیا، انھوں نے کہا کہ عامر لیاقت کو مجھ سے متعلق جو کہنا ہے کہیں میں اپنے باپ سے بھی نہیں ڈرتا۔

    فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ ان کی اطلاع کے مطابق کراچی کا کوئی ایم این اے ناراض نہیں ہے، اگر کوئی ایم این اے ذاتی طور پر ناراض ہے تو دوستوں کو منائیں گے۔

    تحریکِ انصاف کے رہنما نے وزیرِ اعظم کے ہیلی کاپٹر کے استعمال کے معاملے پر کہا ’6 سے 8 گاڑیوں میں جائیں اور روڈ بلاک کریں تو بھی ان کو راس نہیں۔‘

    ان کا کہنا تھا کہ عمران خان پاکستان کے وزیرِ اعظم ہیں ان کی عزت ہم سب کا فرض ہے، ان کے بتائے ہوئے راستے پر چلنے سے مسائل جلد حل ہوں گے، انھوں نے وزیرِ اعظم ہاؤس اور دیگر سہولتیں بھی چھوڑ دیں ہیں۔


    عامر لیاقت کا بطور رکن اسمبلی اپنی پہلی تنخواہ ڈیم فنڈ میں دینے کا اعلان


    فیصل واوڈا نے پاک فوج کی حالیہ مہم ’ہمیں پاکستان سے پیار ہے‘ سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا ’دہشت گردی کے خلاف فوج فرنٹ لائن پر کردار ادا کر رہی ہے، سرحد پر فوجی جوان ہماری نیند کی خاطر اپنی قربانیاں دے رہے ہیں، شہدا کے لیے زبانی خرچ کےعلاوہ بھی ہمیں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔‘

    واضح رہے کہ عامر لیاقت کی ناراضی کی خبریں گردش کر رہی ہیں، کہا جارہا ہے کہ عامر لیاقت کو سوشل میڈیا پر نظر انداز کیا گیا، آج انھوں نے گورنرسندھ کے عشائیے میں بھی شرکت نہیں کی۔

  • الیکٹبلز خلائی مخلوق نہیں ہوتے، ابرار الحق

    الیکٹبلز خلائی مخلوق نہیں ہوتے، ابرار الحق

    لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور معروف گلوکار ابرار الحق نے کہا ہے کہ الیکٹبلز خلائی مخلوق نہیں ہوتے، یہ ایسے لوگ ہیں جو الیکشن جیت سکیں۔

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے اے آر وائی نیوز پر وسیم بادامی کے پروگرام الیونتھ آور میں گفتگو کرتے ہوئے کیا، ان کا کہنا تھا کہ جو لوگ انتخابات جیت سکیں انھیں الیکٹبلز کہا جاتا ہے۔

    ابرار الحق نے کہا کہ پی ٹی آئی نے نظریاتی اور صاف ستھرے لوگوں کو الیکشن میں آزمایا، عوام کو بھی کسی نہ کسی حد تک خود کو بدلنا ہوگا۔

    گلو کار ابرار الحق کا کہنا تھا کہ جو تبدیلی نچلی سطح سے آتی ہے وہ بڑی واضح ہوتی ہے، پی ٹی آئی ایسی تبدیلی کے لیے جدوجہد کر رہی ہے۔

    تحریک انصاف کے رہنما نے پروگرام میں کہا کہ خیبر پختونخوا کو پی ٹی آئی نے بدل کر رکھ دیا ہے، تحریک انصاف نے وہاں بہت کام کیا ہے۔

    ابرار الحق نے تعلیم کے شعبے میں پی ٹی آئی کی کار کردگی پر کہا کہ خیبر پختونخوا میں بچے نجی اسکولوں سے نکل کر سرکاری اسکولوں میں داخل ہوئے۔

    پی ٹی آئی رہنما نے پروگرام میں کہا کہ دنیا کہتی ہے کہ پورے پاکستان میں سب سے زیادہ بہتر گورننس خیبر پختونخوا میں ہے۔

    اے آر وائی پروگرام میں ان کا کہنا تھا کہ اگر موجودہ خراب حالات حکومتی خامیوں کی وجہ سے ہیں تو اپوزیشن کو تنقید کرنی چاہیے۔

    کراچی: انصاف ہاوس میں پی ٹی آئی کے مشتعل کارکنان کی توڑ پھوڑ


    معروف گلو کار ابرار الحق نے کہا کہ ن لیگی حکومت نے اربوں روپے کے قرضے لیے جس کی وجہ سے آج پورا ملک مقروض ہوگیا ہے۔

    واضح رہے کہ تحریک انصاف پر یہ تنقید کی جا رہی ہے کہ وہ اپنے نظریاتی کارکنوں کی بجائے ان افراد کو ٹکٹ دے رہی ہے جن کا تعلق دیگر جماعتوں سے رہا ہے جن کے بارے میں سمجھا جاتا ہے کہ وہ الیکشن جیت سکتے ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • نئے نامزدگی فارم سے کوئی تعلق نہیں، شیریں مزاری

    نئے نامزدگی فارم سے کوئی تعلق نہیں، شیریں مزاری

    اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کی سینئر رہنما شیریں مزاری نے کہا ہے کہ نئے نامزدگی فارم بنانے سے میرا تعلق جوڑا جانا فضول بات ہے۔

    شیریں مزاری نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا پر نئے نامزدگی فارم کے حوالے سے میرے خلاف من گھڑت خبریں چلائی جاری ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ وہ نئے نامزدگی فارم کے سلسلے میں ہونے والی صرف ایک میٹنگ میں شریک تھیں، سوشل میڈیا پر اس حوالے سے گردش کرنے والی خبریں درست نہیں ہیں۔

    پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ نیا نامزدگی فارم بل کی صورت میں قومی اسمبلی میں پیش ہوا تھا، اسمبلی میں پیش ہونے کے بعد پی ٹی آئی نے بل کی مخالفت کی۔

    شیریں مزاری کا کہنا تھا کہ نامزدگی فارم پر کمیٹی میٹنگ میں بھی پی ٹی آئی نے تحفظات کا اظہار کیا تھا، تحریک انصاف نے میٹنگ میں اپنے تحریری تحفظات کے بعد واک آؤٹ کیا تھا۔

    نامزدگی فارم میں تبدیلی کا معاملہ، سابق اسپیکر نے انتخابات میں تاخیر کا خدشہ ظاہر کردیا


    خیال رہے کہ عدالت کی جانب سے پہلے انتخابی حلقوں کو کالعدم قرار دیا گیا اور اب نامزدگی فارم بھی کالعدم قرار دیے جانے کے بعد انتخابات کے بروقت انعقاد کے حوالے سے شکوک و شبہات پیدا ہوگئے ہیں۔

    نامزدگی فارم میں تبدیلی کے تنازعے کے آغاز کا الزام پاکستان تحریک انصاف پر ڈالا جا رہا ہے، جس نے قومی اسمبلی میں اس میں کی جانے والی تبدیلیوں کی مخالفت کی تھی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔