Tag: پی ٹی آئی کی خبریں

  • پی ٹی آئی حکومت کو پانچ سال میں 37 ارب 63 کروڑ ڈالرز کی غیر ملکی ادائیگیاں کرنا ہوں گی

    پی ٹی آئی حکومت کو پانچ سال میں 37 ارب 63 کروڑ ڈالرز کی غیر ملکی ادائیگیاں کرنا ہوں گی

    کراچی: پاکستان تحریک انصاف کی موجودہ حکومت کو پانچ سال کے دوران 37 ارب 63 کروڑ ڈالرز کی غیر ملکی ادائیگیاں کرنا ہوں گی۔

    تفصیلات کے مطابق سرکاری دستاویز میں کہا گیا ہے کہ اگلے 5 سال میں پی ٹی آئی حکومت کو 31 ارب ڈالرز قرض جب کہ 6 ارب 60 کروڑ سود ادا کرنا ہوگا۔

    رواں مالی سال کی ادائیگیاں 7 ارب ڈالرز سے زائد کی ہیں، حکومت نے رواں سال کے دوران ایک ارب 48 کروڑ ڈالرز سود کی مد میں ادا کرنے ہیں۔

    آئندہ مالی سال 8 ارب اور سال 2020 – 2021 میں 7 ارب 45 کروڑ ڈالرز سے زائد قرض ادا کرنا ہے، جب کہ مالی سال 2021-22 میں 6 ارب 45 کروڑ ڈالرز قرض ادا کرنا ہوگا، اسی طرح مالی سال 2022-23 میں 6 ارب 49 کروڑ ڈالرز کی ادائیگی کرنا ہوگی۔

    ذرایع کے مطابق اس حوالے سے وزیر اعظم عمران خان کو بھی تفصیلی رپورٹ پیش کر دی گئی ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے ستمبر تا دسمبر 2018 کے درمیانی عرصے میں 746 ارب روپے کا اندرونی قرضہ حاصل کیا۔

    یہ بھی پڑھیں:  رواں مالی سال کے پہلے 6 ماہ میں حکومت نے 2 ارب 31 کروڑ ڈالر کا قرضہ لیا

    موجودہ حکومت نے ان تین ماہ کے دوران 1313 ملین ڈالرز کا بیرونی قرضہ بھی لیا۔

    خیال رہے کہ حکومت نے رواں مالی سال کے پہلے چھ ماہ میں دو ارب اکتیس کروڑ ڈالر بیرونی قرضوں کی مد میں حاصل کیے، یہ حجم گزشتہ مالی سال سے ساٹھ فی صد کم ہے، گزشتہ سال 1 ارب 16 کروڑ ڈالر قرضہ لیا گیا تھا۔

  • 22 لاکھ صحت کارڈ تقسیم کر دیے، مزید 90 لاکھ تقسیم کریں گے: وفاقی وزیر صحت

    22 لاکھ صحت کارڈ تقسیم کر دیے، مزید 90 لاکھ تقسیم کریں گے: وفاقی وزیر صحت

    اسلام آباد: وفاقی وزیر عامر کیانی نے کہا ہے کہ اب تک 22 لاکھ صحت کارڈ تقسیم کیے جا چکے ہیں، رواں سال 90 لاکھ صحت کارڈ تقسیم کریں گے۔

    وفاقی وزیر صحت عامر کیانی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں 25 فی صد سرکاری جب کہ 75 فی صد نجی اسپتال کام کر رہے ہیں، بنیادی سہولتوں کی فراہمی ریاست کی ذمےداری ہے۔

    انھوں نے کہا ’ساڑھے 3 کروڑ لوگوں کو ہیلتھ انشورنس دینے جا رہے ہیں، حکومت شعبہ صحت کے مسائل حل کرنے جا رہی ہے، شعبہ صحت میں بھرپور اصلاحات جاری ہیں۔‘

    عامر کیانی کا کہنا تھا کہ ڈرگ انڈسٹری انتہائی اہمیت کی حامل ہے لیکن اس کی برآمدات میں نمایاں کمی آئی ہے، حکومت ادویات کی دستیابی یقینی بنانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے، صورت حال سنبھالنے کے لیے خیبر پختون خوا میں ہیلتھ کارڈ کا اجرا کیا۔

    وزیر صحت نے کہا کہ یومیہ 65 ہزار صحت کارڈز کی پرنٹنگ و تقسیم جاری ہے، ہیلتھ کارڈ سے عام آدمی کو بہترین طبی سہولتیں میسر آ رہی ہیں، ہیلتھ کارڈ ہولڈر کو ٹرانسپورٹ الاؤنس فراہم کیا جا رہا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  جان بچانے والی ادویات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف کریک ڈاؤن

    ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی اولین ترجیح ادویات کی دستیابی یقینی بنانا ہے، 2001 سے ادویات کی قیمتوں میں اضافہ نہیں کیا گیا تھا، ڈالر ریٹ بڑھنے اور خام مال مہنگا ہونے سے فارما انڈسٹری کو مسائل کا سامنا تھا، 900 ادویات کی قیمتوں میں رد و بدل کیا گیا ہے۔

    وفاقی وزیر نے کہا ’385 ادویات کی قیمتوں میں کمی کی گئی ہے، حکومتی رِٹ چیلنج کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا، 37 کمپنیوں نے 175 ادویات کی قیمتوں میں از خود اضافہ کیا، ان کمپنیوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رہے گا۔

    عامر کیانی نے مزید کہا کہ حکومت صنعتوں کو فعال کرنے اور نوکریاں دینے کے لیے اقدامات کر رہی ہے، از خود قیمتیں بڑھانے والی کمپنیوں کی پیداوار روک رہے ہیں، قانون شکن دوا ساز کمپنیوں کے خلاف عدالتوں سے بھی رجوع کریں گے۔

  • پاکستان افغان امن عمل کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا: شاہ محمود قریشی

    پاکستان افغان امن عمل کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا: شاہ محمود قریشی

    اسلام آباد: وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر کہا ہے کہ پاکستان افغان امن عمل کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ افغان امن عمل کے لیے پاکستان سہولت فراہم کرتا رہے گا۔

    انھوں نے امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغانستان زلمے خلیل زاد کے ٹویٹ کے جواب میں کہا کہ ہمارا یقین ہے کہ افغانیوں پر مشتمل مفاہمتی عمل ہی سے پائیدار امن کا حصول ممکن ہے۔

    خیال رہے کہ امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد نے کہا ہے کہ پاکستان کی جانب سے طالبان رہنماﺅں کو سفری سہولیات دینے پر شکر گزار ہیں، امید ہے پاکستان اپنا مثبت کردار جاری رکھے گا۔

    یہ بھی پڑھیں:  افغان امن عمل میں حالیہ اقدامات پر پاکستان کے شکر گزار ہیں: زلمے خلیل زاد

    زلمے خلیل زاد نے دورۂ پاکستان کے حوالے سے ٹویٹ کرتے ہوئے پاکستان کا شکریہ ادا کیا، کہا افغان امن عمل میں حالیہ اقدامات پر پاکستان کے شکر گزار ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ مسئلہ افغانستان کے حل کے لیے پاکستان کا عزم سراہتے ہیں، افغان امن عمل کے لیے مزید کام کرنے کی ضرورت ہے۔

    امریکی نمائندے زلمے خلیل زاد نے 5 اور 6 اپریل کو پاکستان کا دورہ کیا تھا، اس دوران انھوں نے اعلیٰ سول اور عسکری قیادت سے ملاقاتیں کیں۔

  • سندھ کو پیپلز پارٹی سے آزاد کرائیں گے: مراد سعید

    سندھ کو پیپلز پارٹی سے آزاد کرائیں گے: مراد سعید

    اسلام آباد : وفاقی وزیر پوسٹل اینڈ سروسز مراد سعید نے پی پی چیئرمین بلاول بھٹو کی گفتگو پر ردِ عمل ظاہر کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ سندھ کو پیپلز پارٹی سے آزاد کرایا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر مراد سعید نے کہا ہے کہ سندھ میں مداخلت نہیں کریں گے بلکہ پیپلز پارٹی سے اسے آزاد کرائیں گے، بلاول بھٹو سندھ کو ذاتی جاگیر سمجھنا چھوڑ دیں۔

    وفاقی وزیر مراد سعید کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نے ہر کرپٹ شخص کو کٹہرے میں لانے کا عزم کر رکھا ہے، کراچی سے تھر تک عوام بنیادی سہولتوں کے لیے سسک رہے ہیں۔

    انھوں نے کہا ’بلاول جان لیں سندھ کو ان کے چنگل سے آزاد کروائیں گے، کیسے سوچ لیا کہ آپ سندھ کے عوام پر جبر کریں اور کوئی آپ کا ہاتھ نہ پکڑے۔‘

    یہ بھی پڑھیں:  ہم صرف ٹویٹ نہیں کرتے کام بھی کرتے ہیں: بلاول بھٹو زرداری

    مراد سعید کا کہنا تھا کہ وہ دور گزر چکا ہے جب آپ لاہور کے شریفوں سے مک مکا کر کے لوٹ مار کیا کرتے تھے، سندھ کے عوام پر ایسا ظلم ڈھایا گیا کہ کئی نسلیں تک غربت کی دلدل میں دھنس گئی ہیں۔

    وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ چاہے آپ کے دماغ پر سندھ کارڈ کھیلنے کا خبط سوار ہو، تاہم پھر بھی رعایت نہیں ملے گی، بچنے کا ایک طریقہ ہے کہ ابا جی کو لوٹی دولت واپس کرنے پر رضامند کریں۔

    خیال رہے کہ آج کرچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا ’حکومت کو مشورہ دیتا ہوں ہوش کے ناخن لے، ہم صرف ٹویٹ نہیں کرتے کام بھی کرتے ہیں، غیر جمہوری اقدام اٹھائیں گے تو آپ کا حال بھی مشرف جیسا ہوگا۔‘

  • ٹیکنالوجی میں بڑی سرمایہ کاری، مائیکرو سافٹ سے بات چیت چل رہی ہے: زلفی بخاری

    ٹیکنالوجی میں بڑی سرمایہ کاری، مائیکرو سافٹ سے بات چیت چل رہی ہے: زلفی بخاری

    اسلام آباد: وزیرِ اعظم عمران خان کے معاونِ خصوصی برائے سمندر پار پاکستانی زلفی بخاری نے کہا ہے کہ سرمایہ کاری کے سلسلے میں مائیکرو سافٹ کے ساتھ بات چیت چل رہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ذوالفقار بخاری نے کہا ہے کہ بہت جلد ٹیکنالوجی میں بڑی سرمایہ کاری پاکستان آ رہی ہے، اس سلسلے میں مائیکرو سافٹ کے ساتھ بھی بات چیت چل رہی ہے۔

    زلفی بخاری کا کہنا تھا کہ پاکستان ایسی جگہ ہے جہاں بے روزگاری ایک بڑا مسئلہ ہے، سابق دور میں انفرا اسٹرکچر پر توجہ دی گئی لیکن بے روزگاری ختم نہ ہوئی۔

    وزیرِ اعظم کے معاونِ خصوصی نے کہا کہ وہ انفرا اسٹرکچر کے خلاف نہیں ہیں تاہم صرف پل بنانے سے بہتر ہے کہ ہیومن ڈویلپمنٹ پر بھرپور توجہ مرکوز کی جائے۔

    یہ بھی پڑھیں:  بل گیٹس کا وزیر اعظم کو خط، پاکستان میں سرمایہ کاری کی خواہش کا اظہار

    انھوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت میں بہت سے ممالک کے اہم سربراہان نے پاکستان کا دورہ کیا ہے، پاکستان سیاحت کے لحاظ سے مالا مال ملک ہے، یہاں سیاحت کے بہترین مواقع فراہم ہو سکتے ہیں۔

    زلفی بخاری کا کہنا تھا کہ ایسے ممالک بھی ہیں جو جی ڈی پی کا 10 فی صد سیاحت سے کماتے ہیں، یہ ایک اہم شعبہ ہے، ہم نے بھی سیاحت کو فروغ دینا ہے، ہم سول سروس ریفارم پر بھی کام کر رہے ہیں۔

    یاد رہے کہ رواں سال کے شروع میں دنیا کے امیر ترین شخص تصور کیے جانے والے مائیکرو سافٹ کمپنی کے بانی بل گیٹس نے وزیر اعظم پاکستان عمران خان کو خط لکھ کر پاکستان میں سرمایہ کاری کا ارادہ ظاہر کیا تھا۔

  • پی ٹی آئی اگر حکومت میں ہے تو اس میں بڑا کردار جہانگیر ترین کا ہے: وزیر اطلاعات

    پی ٹی آئی اگر حکومت میں ہے تو اس میں بڑا کردار جہانگیر ترین کا ہے: وزیر اطلاعات

    اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ تحریک انصاف اگر حکومت میں ہے تو اس میں ایک بڑا کردار جہانگیر ترین کا ہے۔

    وزیرِ اطلاعات نے کہا کہ جہانگیر ترین انتخاب سے باہر ہوئے ہیں پی ٹی آئی ورکرز کے دلوں سے نہیں، پی ٹی آئی اگر حکومت میں ہے تو اس کی ایک بڑی وجہ جہانگیر ترین ہے۔

    سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں فواد چوہدری نے کہا کہ کابینہ اجلاس میں ان کی شرکت وزیرِ اعظم عمران خان کی خواہش پر ہوتی ہے۔

    انھوں نے کہا کہ اکابرین کو وزیر اعظم کی خواہش کا احترام کرنا چاہیے، جہانگیر ترین کے خلاف عدالتی فیصلہ بد قسمتی تھی، وہ انتخابات سے باہر ہوئے لیکن پی ٹی آئی کے ورکرز کے دلوں سے نہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  شاہ محمود قریشی کی ایک بار پھر جہانگیر ترین پر تنقید

    دریں اثنا، وفاقی وزیر پیٹرولیم غلام سرور خان نے کہا کہ شاہ محمود قریشی سمیت ہم سب کے دلوں میں جہانگیر خان ترین کی بہت قدر ہے۔

    غلام سرور خان کا کہنا تھا کہ پارٹی کے لیے جہانگیر ترین کی خدمات قابل تحسین ہیں، نا اہلی کے فیصلے کے باوجود جہانگیر ترین اپنا زیادہ وقت پارٹی کو دیتے ہیں، ان کی پارٹی سے وفاداری قابل تحسین ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  صرف ایک شخص ہے جسے لیڈر مانتا ، وہ عمران خان ہیں ، جہانگیر ترین

    خیال رہے کہ آج وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ایک بار پھر پی ٹی آئی کے سینئر رہنما جہانگیر ترین پر تنقید کی، کہا حکومتی اجلاس میں ان کی شرکت سے چیف جسٹس کے فیصلے کی تضحیک ہوتی ہے، نا اہل نواز شریف کے لیے علیحدہ اور جہانگیر ترین کے لیے علیحدہ قانون نہیں ہو سکتا۔

    اس کے جواب میں جہانگیر ترین نے کہا ’صرف ایک شخص ہے جسے لیڈر مانتا اور اس کے سامنے جواب دہ ہوں، جہاں بھی جاتا ہوں وزیر اعظم کی خواہش پر جاتا ہوں۔‘

  • سونے کی قیمت میں مزید اضافہ، فی تولہ 70550 روپے کا ہو گیا

    سونے کی قیمت میں مزید اضافہ، فی تولہ 70550 روپے کا ہو گیا

    کراچی: سونے کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہو گیا ہے، سونے کی فی تولہ قیمت میں 50 روپے اضافے کے بعد سونا 70550 روپے فی تولہ ہو گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ملک میں سونے کی قیمتوں میں اضافے کا رجحان جاری ہے، سونے کی فی تولہ قیمت میں پچاس روپے کا پھر اضافہ ہو گیا ہے جس کے بعد فی تولہ 70 ہزار پانچ سو پچاس روپے کا ہو گیا۔

    10 گرام سونے کی قیمت میں 43 روپے کا اضافہ ہوا جس کے بعد دس گرام سونے کی قیمت 60485 روپے تک پہنچ گئی۔

    دوسری طرف انٹرنیشنل مارکیٹ میں سونا 04 ڈالر کمی کے بعد 1288 ڈالر فی اونس کی سطح پر آ گیا ہے۔

    چئیرمین پاکستان جیولرز ایسوسی ایشن محمد ارشد کا کہنا ہے کہ پاکستان میں 1320 ڈالر پر 70500 روپے فی تولہ سونا تھا تاہم پاکستانی کرنسی کی قدر گرنے کے باعث آج 1288 ڈالر پر سونا 70550 روپے فی تولہ ہو گیا۔

    یہ بھی پڑھیں:  پاکستان میں سونے کی قیمتیں تاریخ کی بلند ترین سطح پر، فی تولہ 70400 روپے کا ہو گیا

    خیال رہے کہ 25 مارچ کو پاکستان میں سونے کی قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی تھی، فی تولہ سونے کی قیمت میں 150 روپے کے اضافے سے قیمت 70400 روپے ہو گئی تھی۔

    سونے کی قیمتوں میں تاریخ ساز اضافے کے بعد اب بھی اضافے کا یہ رجحان جاری ہے۔

  • حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں پھر اضافہ کر دیا

    حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں پھر اضافہ کر دیا

    اسلام آباد: حکومت نے اوگرا کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سفارش مان لی، پیٹرول کی قیمت میں 6 روپے فی لیٹر اضافہ کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ کر دیا، پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں 6،6 روپے فی لیٹر اضافہ کیا گیا۔

    مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 3،3 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے، پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات سے ہوگا۔

    یاد رہے کہ دو دن قبل اوگرا کی جانب سے ماہ اپریل کے لیے حکومت سے سفارش کی گئی تھی کہ پیٹرول کی قیمت میں 11 روپے 91 پیسے اضافہ کیا جائے تاہم حکومت کی جانب سے چھ روپے بڑھائے گئے۔

    یہ بھی پڑھیں:  پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ، پیٹرول 2.50 روپے فی لیٹر مہنگا

    اوگرا کی سمری کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 11 روپے 17 پیسے فی لیٹر اضافے کی سفارش کی گئی تھی، مٹی کے تیل کی قیمت میں 6 روپے 65 پیسے فی لیٹر اضافے اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 6 روپے 49 پیسے بڑھانے کی تجویز دی گئی تھی۔

    یہ بھی پڑھیں:  پٹرول کی قیمت میں 11روپے91 پیسے اضافے کی سفارش

    واضح رہے کہ 28 فروری کو حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں 2.50 روپے فی لیٹر اضافہ کر دیا تھا، جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 92 روپے 88 پیسے ہو گئی تھی۔

    ہائی اسپیڈ ڈیزل 4.75 روپے فی لیٹر مہنگا کیا گیا تھا، جس کے بعد ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 111.43 روپے فی لیٹر ہو گئی تھی۔

  • فواد چوہدری کا سپریم کورٹ کو خط، میڈیا شکایات کے لیے قانون میں ترمیم کی درخواست

    فواد چوہدری کا سپریم کورٹ کو خط، میڈیا شکایات کے لیے قانون میں ترمیم کی درخواست

    اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے رجسٹرار سپریم کورٹ کو خط لکھ کر درخواست کی ہے کہ الیکٹرانک اور جدید ذرائع سے شکایات کے لیے قانون میں ترمیم کی جائے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے رجسٹرار سپریم کورٹ کو خط لکھ دیا ہے، جس میں انھوں نے کہا کہ وہ ایک عوامی معاملے پر چیف جسٹس کی توجہ چاہتے ہیں۔

    فواد چوہدری نے خط میں لکھا کہ پرنٹ، الیکٹرانک اور ڈیجیٹل میڈیا میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے، میڈیا معاشرے میں گہری رسائی کے ساتھ طبقات پر اثر انداز ہو رہا ہے۔

    انھوں نے لکھا کہ ہتک عزت اور توہین آمیز اشاعت کے خلاف قوانین کا نفاذ مؤثر نہیں ہے، درخواست ہے جوڈیشل کمیٹی آئندہ اجلاس میں اس پر غور کرے۔

    وزیرِ اطلاعات نے لکھا ’غیر مؤثر قانون سے انصاف اور احتساب کے عمل میں رکاوٹ آئی ہے، ہر شہر اور ضلع میں ججز کو تعینات کرنے کی تجویز ہے، 50 لاکھ یا اس سے زائد آبادی کے اضلاع میں 4 ججز تعیناتی کیے جائیں۔‘

    یہ بھی پڑھیں:  ہمارے نوجوان ریسرچرز ہیروں کی مانند ہیں، صرف تراشنے کی ضرورت ہے: ڈاکٹر عبد القدیر خان

    انھوں نے سپریم کورٹ کو خط میں تجویز دی کہ 25 لاکھ یا اس سے زائد آبادی کے اضلاع میں 2 ججز، 25 لاکھ سے کم آبادی کے اضلاع میں ایک جج تعینات کیا جائے۔

    فواد چوہدری نے خط میں درخواست کی کہ ثبوت، شہادت اور شکایت کے عمل کو سہل بنایا جائے، شہادت کی ویڈیو ریکارڈنگ قانون کو بھی نافذ کیا جائے۔

    انھوں نے کہا کہ چیف جسٹس ہائی کورٹس ویڈیو ریکارڈنگ قانون کا نفاذ یقینی بنائیں، اس اقدام سے بد نیتی پر مبنی الزامات اور جعلی خبروں کی حوصلہ شکنی ہوگی۔

  • بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کا نام تبدیل ہوگا: وزیر اعظم کا فیصلہ

    بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کا نام تبدیل ہوگا: وزیر اعظم کا فیصلہ

    خان گڑھ: وزیر اعظم عمران خان نے آج جی ڈی اے کے رہنما علی گوہر مہر کی رہائش گاہ پر اتحادیوں کے مطالبے پر کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کا نام تبدیل ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم عمران خان نے سندھ دورے کے موقع پر خان گڑھ میں گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کے رہنما علی گوہر کی رہائش گاہ پر اتحادی جماعتوں کے اراکین سے ملاقات کی۔

    ملاقات میں وزیر اعظم سے اتحادی جماعتوں کے اراکین نے مطالبہ کیا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام وفاقی حکومت کا پروگرام ہے لیکن وہ سمجھتے ہیں کہ یہ صوبائی حکومت کا پروگرام ہے، اگر اس کا نام تبدیل کیا جائے تو اچھا ہوگا۔

    اتحادیوں کے مطالبے پر وزیرِ اعظم عمران خان نے فوری یقین دہانی کرا دی، انھوں نے مطالبے پر فوراً کہا ’تبدیل ہو گیا نام۔‘

    یہ بھی پڑھیں:  وزیر اعظم سے علی گوہر کی رہائش گاہ پر اتحادی جماعتوں کے اراکین کی ملاقات

    خیال رہے کہ وزیر اعظم نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی تبدیلی کا اعلان سندھ میں اتحادیوں کے مطالبے پر کیا ہے، یہ دورہ سندھ پر ایک اور بڑا اعلان ہے۔

    قبل ازیں ملاقات میں وزیرِ اعظم عمران خان نے اراکین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کرپشن اور لوٹ مار کو بے نقاب کرنے کا مشن اتحادی جماعتوں کا مشترکہ فیصلہ تھا، ہم نے مل کر اس مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچانا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ سندھ کے عوام کی غربت کی وجہ وسائل کی کمی نہیں بلکہ بے لگام کرپشن ہے، بے لگام کرپشن نے صوبے کے عوام کو غربت کی دَل دَل میں دھکیلا ہے۔