Tag: پی ٹی آئی کی خبریں

  • چین پاکستان کو 2 ارب 10 کروڑ ڈالر قرض دے گا، معاملات طے

    چین پاکستان کو 2 ارب 10 کروڑ ڈالر قرض دے گا، معاملات طے

    اسلام آباد: چین پاکستان کو 2 ارب 10 کروڑ ڈالر قرض دے گا، دونوں ممالک کے درمیان قرض کی ادائیگی پر سارے معاملات طے ہو گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق چین پاکستان کو دو ارب دس کروڑ ڈالر قرض دے رہا ہے جس کے لیے تمام معاملات پاک چین حکام نے طے کر لیے ہیں۔

    ذرایع وزارتِ خزانہ کا کہنا ہے کہ قرض کی رقم آئندہ چند روز میں پاکستان کو فراہم کی جائے گی، اس سلسلے میں معاملات طے کرلیے گئے ہیں۔

    خیال رہے کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے تین روزہ دورۂ چین سے واپسی پر کل کہا تھا کہ چین نے دو ٹوک انداز میں پاکستان کا ساتھ دینے کا اعلان کیا ہے، دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون بڑھ رہا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  پاکستان کا ساتھ دیں گے، چین کا دوٹوک مؤقف

    خیال رہے کہ گزشتہ سال 2 نومبر کو وزیرِ اعظم عمران خان نے چین کا پانچ روزہ دورہ کیا تھا جس کے بعد انھوں نے قوم کو خوش خبری سنائی تھی کہ چین کی جانب سے پاکستان کی معیشت کو سہارا دینے کے لیے بڑی امداد مل رہی ہے تاہم تفصیلات ابھی نہیں بتائی جا سکتیں۔

    بعد میں 16 جنوری کو وزیرِ خزانہ اسد عمر نے کہا ’میرا قوم اور چینی قیادت سے یہ وعدہ ہے کہ آخری بار پاکستان مدد مانگ رہا ہے۔‘

    دو روز قبل چینی اور سنگارپو کی کمپنیوں کا کہنا تھا کہ ان کی جانب سے پاکستان میں بڑے پیمانے پر ہاؤسنگ، مینو فیکچرنگ اور شپنگ سیکٹر میں سرمایہ کاری کی جائے گی جس کا حجم چار ارب ڈالر تک ہوگا۔

  • جدید ٹیکنالوجی خصوصاً زراعت میں چین کے تجربے سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں: شاہ محمود قریشی

    جدید ٹیکنالوجی خصوصاً زراعت میں چین کے تجربے سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں: شاہ محمود قریشی

    بیجنگ: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان چاہتا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی بالخصوص زراعت کے شعبے میں چین کے تجربے سے فائدہ اٹھائے۔

    تفصیلات کے مطابق ایک انٹرویو میں وزیر خارجہ نے چین کے جدید ٹیکنالوجی تجربات سے مستفید ہونے کی بات کرتے ہوئے کہا کہ پاک چین شراکت داری کا مقصد چین کے تجربے سے غربت میں کمی کے اقدامات سیکھنا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان اقتصادی تعاون بڑھ رہا ہے، سی پیک اور اقتصادی راہ داری باہمی تعاون کے سلسلے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

    شاہ محمود کا کہنا تھا کہ چین کی سرمایہ کاری اقتصادی شراکت داری بڑھانے میں اپنا اہم کردار ادا کر رہی ہے، یہ شراکت داری صرف دو طرفہ نہیں بلکہ پورے خطے کی بہتری اور ترقی کے لیے ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی چین کے نائب صدر سے ملاقات

    خیال رہے کہ شاہ محمود قریشی تین روزہ دورے پر چین میں ہیں، وہ چین پاکستان اقتصادی راہ داری سمیت باہمی دل چسپی کے اہم معاملات پر تبادلۂ خیال کے لیے پاکستان چین تزویراتی مکالمے میں شرکت کرنے گئے ہیں۔

    گزشتہ روز وزیر خارجہ نے چین کے نائب صدر وانگ قشن سے ملاقات کے دوران کہا تھا کہ چین کی کرپشن کی روک تھام کے لیے کوششیں قابل تعریف ہیں، پاکستان چین کے تجربات سے استفادہ کرے گا۔

  • نواز شریف کے پاس پلی بارگین کے سوا کوئی آپشن نہیں: فواد چوہدری

    نواز شریف کے پاس پلی بارگین کے سوا کوئی آپشن نہیں: فواد چوہدری

    اسلام آباد: وفاقی وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پیسے دیکھتے ہوئے تو نواز شریف کا دل دھڑکتا ہے، ان کے پاس پلی بارگین کے سوا کوئی آپشن نہیں، نواز شریف کی جائیداد ضبط ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے آے آر وائی نیوز کے پروگرام الیونتھ آور میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کو بد عنوانی کے مقدمات میں سزا ہوئی ہے، انھیں پیسے واپس کرنا پڑیں گے اس کے علاوہ کوئی حل نہیں۔

    فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی سزا 7 سال ہے وہ پوری کریں گے تو اس کے بعد ان کی جائیداد ضبط ہوگی۔

    وزیر اطلاعات کا جعلی اکاؤنٹ کیس سے متعلق کہنا تھا کہ ایان علی سے لے کر برتھ ڈے کیک تک پیسے جعلی اکاؤنٹ سے گئے، جعلی اکاؤنٹس کیس کی بنیاد کاغذات ہیں جو عدالت میں بول رہے ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ بلاول تمام کمپنیوں کے بینفشری خود ہیں، والد نے جعلی اکاؤنٹس بنا دیے اور اسی طرح سے ساری کمپنیاں چل رہی تھیں، یہ بڑے لوگ الٹا نیب کے لوگوں کو ہراساں کر رہے ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  چیخیں وزیر اعلیٰ ہاؤس سندھ سے آ رہی ہیں، مراد علی شاہ کی پریس کانفرنس پر خرم شیر زمان کا رد عمل

    فواد چوہدری کا اپنی وزارت سے متعلق کہنا تھا کہ وزیر اعظم نے عہدہ چھوڑنے کا کہا تو ایک منٹ نہیں لگاؤں گا، کچھ ایشوز ہیں جن پر میرا نقطہ نظر ہے جو وزیر اعظم کے سامنے رکھا ہے، انھوں نے میری بات اب بھی غور سے سنی، فیصلہ وہی کریں گے۔

    وزیر اطلاعات نے کہا کہ پارٹی ایشوز ہوتے ہیں، جب بات لمبی ہو جائے تو میڈیا سے نہیں چھپتی، نعیم الحق سے احترام کا تعلق ہے، چھوٹی موٹی چیزیں چلتی رہتی ہیں، نعیم الحق کے خلاف کوئی ٹویٹ نہیں کیا۔

    فواد چوہدری نے کہا کہ پرویز مشرف کو ملک ضرور آنا چاہیے، عدالتوں کا سامنا کرنا چاہیے، مشرف صاحب صحت یاب ہو کر آئیں اور مقدمات کا سامنا کریں۔

  • چیخیں وزیر اعلیٰ ہاؤس سندھ سے آ رہی ہیں، مراد علی شاہ کی پریس کانفرنس پر خرم شیر زمان کا رد عمل

    چیخیں وزیر اعلیٰ ہاؤس سندھ سے آ رہی ہیں، مراد علی شاہ کی پریس کانفرنس پر خرم شیر زمان کا رد عمل

    کراچی: وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی پریس کانفرنس پر تحریکِ انصاف کا ردِ عمل سامنے آ گیا ہے، خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ کرپشن پر قدغن سے وزیرِ اعلیٰ ہاؤس سے چیخوں کی آوازیں آ رہی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعلیٰ سندھ نے پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ کام یاب پی ایس ایل سندھ والوں کی جیت ہے، سندھ کی ترقی روکنے والوں کے ارادے نیست و نابود ہوگئے۔

    مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ پرانا کراچی مل گیا اب پرانا پاکستان بھی مل جائے گا، وہ پرانا پاکستان جہاں حکمران عوام کی چیخیں نکلوانے کی بہ جائے عوام کی خدمت کریں۔

    پی ٹی آئی رہنما رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ یہ کرپشن پر پابندی لگائے جانے کے بعد کی چیخیں ہیں جو وزیر اعلیٰ ہاؤس سے نکلیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  سندھ کی ترقی کے مخالفین کے ارادے نیست و نابود ہوئے: وزیر اعلیٰ سندھ

    ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ کو بے نامی اکاؤنٹس اور لانچوں سے منی لانڈرنگ نہ ہونے کا غم ہے، ہم نئے پاکستان میں سندھ کا لوٹا ہوا پیسا واپس لائیں گے، وفاق نے سندھ کے حصے کا پیسا نہیں، پیپلز پارٹی کی کرپشن روکی ہے۔

    خرم شیر زمان نے کہا کہ نئے پاکستان میں کرپشن کا باب بند ہو چکا ہے، 11 سال ہزاروں ارب روپے ہڑپ کرنے والوں کی تڑپ معنی خیز ہے۔

  • کراچی کی بڑھتی آبادی، ماحولیاتی مسائل پر قابو پانا ضروری ہے: وزیرِ اعظم

    کراچی کی بڑھتی آبادی، ماحولیاتی مسائل پر قابو پانا ضروری ہے: وزیرِ اعظم

    کراچی: وزیرِ اعظم عمران خان نے کراچی کے مسائل پر اظہارِ تشویش کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی کی بڑھتی آبادی اور ماحولیاتی مسائل پر قابو پانا ضروری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم عمران خان نے کراچی کے مسائل پر اظہارِ تشویش کیا ہے، ایک اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ کراچی کی بڑھتی آبادی اور ماحولیاتی مسائل پر قابو پانا ضروری ہے۔

    [bs-quote quote=”مسائل کے حل کے لیے وفاق صوبائی حکومت کی مدد کرے گی۔” style=”style-8″ align=”left” author_name=”وزیرِ اعظم عمران خان”][/bs-quote]

    وزیرِ اعظم نے کہا کہ مسلسل کم ہوتے گرین ایریاز کا تحفظ یقینی بنایا جا سکتا ہے، مسائل کے حل کے لیے طویل المدت منصوبہ بندی کی جائے۔

    اجلاس میں گرین لائن منصوبے سمیت کراچی میں وفاقی منصوبوں کا جائزہ لیا گیا، وفاق کے مختلف ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔

    گورنر سندھ عمران اسماعیل اور معاونِ خصوصی افتخار درانی اور ندیم افضل چن بھی اجلاس میں شریک تھے، عمران خان نے کہا کہ سندھ، کراچی میں ترقیاتی منصوبوں سے عوامی مسائل دور کرنا چاہتے ہیں۔

    وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ مسائل کے حل کے لیے وفاق صوبائی حکومت کی مدد کرے گی، منصوبوں کے لیے وفاق، صوبائی حکومت کا مل کر کام کرنا ضروری ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: پرانا کراچی واپس آگیا،امید ہے پرانا پاکستان بھی واپس آئے گا‘ مراد علی شاہ

    اجلاس میں گرین لائن منصوبے پر پیش رفت اور اس کی فعالیت کے حوالے سے وزیرِ اعظم کو تفصیلی بریفنگ دی گئی، کراچی پیکج کے تحت دیگر منصوبوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔

    وزیرِ اعظم نے کہا کہ بڑے شہروں کے منصوبوں میں ماحولیات کے عنصر کو مدِ نظر رکھا جائے، اس کے لیے لانگ ٹرم منصوبہ بندی ضروری ہے، تاکہ گرین ایریاز کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

  • بی آر ٹی پر تعمیراتی کام 23 مارچ کو ختم ہو جائے گا: شوکت یوسف زئی

    بی آر ٹی پر تعمیراتی کام 23 مارچ کو ختم ہو جائے گا: شوکت یوسف زئی

    پشاور: وزیر اطلاعات خیبر پختون خوا شوکت یوسف زئی نے کہا ہے کہ بی آر ٹی پر تعمیراتی کام 23 مارچ کو ختم ہو جائے گا۔ انھوں نے پشاور میٹرو کی لاگت سے متعلق دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ منصوبے کی لاگت نہیں بڑھی۔

    تفصیلات کے مطابق اے آر وائی نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے شوکت یوسف زئی نے کہا کہ پشاور میٹرو کی لاگت نہیں بڑھی ہے، بی آر ٹی منصوبہ 29 ارب کا ہے، 70 ارب کا نہیں۔

    شوکت یوسف زئی کا کہنا تھا کہ منصوبہ مکمل ہو جائے تو پھر جو انکوائری کرنی ہے آ کر کر لیں، ایشین ڈویلپمنٹ بینک بس ریپڈ ٹرانزٹ منصوبے کی نگرانی کر رہا ہے۔

    کے پی وزیرِ اطلاعات کا یہ بھی کہنا تھا کہ بی آر ٹی کے لیے بسیں مرحلہ وار آئیں گی، مئی کے آخر تک بی آر ٹی کی تمام بسیں آ جائیں گی۔

    انھوں نے کہا کہ معلوم ہے کہ بی آر ٹی کی وجہ سے عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، جب کوئی ترقیاتی کام ہوتا ہے تو لوگوں کو مشکلات تو ہوتی ہیں۔

    شوکت یوسف زئی نے کہا کہ پشاور میٹرو لاہور میٹرو سے مختلف ہے، سیاسی مخالفین کے پاس تنقید کے سوا کچھ نہیں، 6 ماہ میں 7 کلو میٹر پل کی تعمیر کی گئی۔

    خیال رہے کہ بس ریپڈ ٹرانزٹ منصوبے کو لاہور میٹرو سے سستا اور معیاری منصوبہ قرار دیا گیا تھا، یہ 2017 میں شروع کیا گیا تھا، اس کے افتتاح کی تاریخ چھ بار تبدیل کی جا چکی ہے، تاہم اب اس کے لیے 23 مارچ کی تاریخ مقرر کر دی گئی ہے۔

  • ملک کے معاشی، دفاعی اور خارجہ چیلنجز پر وفاقی وزرا کی اہم ملاقات

    ملک کے معاشی، دفاعی اور خارجہ چیلنجز پر وفاقی وزرا کی اہم ملاقات

    اسلام آباد: ملک کے معاشی، دفاعی اور خارجہ چیلنجز پر تین وفاقی وزرا نے اہم ملاقات کی ہے، اس ملاقات میں وزیرِ خزانہ، وزیرِ دفاع اور وزیرِ خارجہ شامل تھے۔

    تفصیلات کے مطابق ملک کو درپیش معاشی، دفاعی اور بیرونی سطح پر درپیش چیلنجز کے حوالے سے وفاقی وزرا اسد عمر، پرویز خٹک اور شاہ محمود قریشی کے درمیان اہم ملاقات ہوئی۔

    ملاقات میں ملکی معیشت، دفاع سمیت دیگر اہم موضوعات پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

    ملاقات میں وزیر خزانہ اسد عمر نے کہا کہ پاکستان کے اقتصادی اور معاشی استحکام کے لیے سفارت کاری کا اقدام سود مند ثابت ہوگا۔

    وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ملک کے معاشی استحکام میں ای ویزا، سیاحت، تجارت اور بیرونی سرمایہ کاری کا فروغ سنگِ میل ثابت ہوگی۔

    وزیرِ دفاع پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ وزارتِ خارجہ نے بہترین سفارت کاری کے ذریعے دنیا کی توجہ پاکستان کی طرف مبذول کرائی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  وزیراعظم نے آن لائن ویزا سروس کا افتتاح کر دیا

    دریں اثنا، وفاقی وزرا نے دنیا میں پاکستان کا تشخص مؤثر انداز میں اجاگر کرنے پر وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی کو مبارک باد پیش کی۔

    خیال رہے کہ ملک میں سیاحت کے شعبے کو فروغ دینے کے لیے آج وزیرِ اعظم عمران خان نے نئی ویزا پالیسی کا افتتاح بٹن دبا کر کیا، جس کے تحت 175 ملکوں کے لیے آن لائن ویزا جب کہ 50 ممالک کے شہریوں کو آن ارائیول ویزا جاری ہوگا۔

  • فواد چودھری کی جگہ نہیں لے رہا، بابراعوان نے تردید کردی

    فواد چودھری کی جگہ نہیں لے رہا، بابراعوان نے تردید کردی

    اسلام آباد: ڈاکٹر بابر اعوان نے وزیرِ اعظم عمران خان سے ملاقات کی، سینئر قانون دان نے وفاقی وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری کی جگہ لینے کی اطلاع کو غلط قرار دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق سینئر قانون دان بابر اعوان نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ وزیرِ اعظم عمران خان سے کل بھی ملے تھے اور آج بھی ملے۔

    ڈاکٹر بابر اعوان نے کہا کہ مجھے فواد چوہدری کی جگہ لانے کی اطلاعات درست نہیں ہیں، وزیر اعظم سے صرف قانونی اور آئینی معاملات پر بات ہوئی۔

    سینئر قانون دان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم سے ملاقات میں عہدے سے متعلق کوئی بات نہیں ہوئی، پہلے بھی حکومت میں تھا اب بھی حکومت میں ہوں، عہدہ اپنی مرضی سے چھوڑا تھا، یہ پلانٹڈ اسٹوری لگتی ہے، اس پر قطعی یقین نہ کیا جائے۔

    یہ بھی پڑھیں:  نندی پور کیس: راجہ پرویزاشرف اوربابراعوان سمیت 7 ملزمان پر فرد جرم عائد

    یاد رہے کہ 11 مارچ کو احتساب عدالت نے نندی پور پاور پراجیکٹ ریفرنس میں سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف اور بابر اعوان سمیت 7 ملزمان پر فرد جرم عائد کی تھی، تاہم بابراعوان سمیت تمام ملزمان نے صحت جرم سے انکار کیا۔

    بابر اعوان نے عدالت سے استدعا کی کہ اس کیس کی سماعت روزانہ بنیاد پر کی جائے، سینئر قانون دان کا کہنا تھا کہ انھوں نے سات ماہ تک میڈیا ٹرائل کو برداشت کیا، اب جب حقیقی ٹرائل کا وقت آیا ہے تو نیب کترا رہی ہے۔

  • وزیرِ اعظم کی اراکین پنجاب اسمبلی کی تنخواہوں میں اضافے کی سمری روکنے کی ہدایت

    وزیرِ اعظم کی اراکین پنجاب اسمبلی کی تنخواہوں میں اضافے کی سمری روکنے کی ہدایت

    اسلام آباد: اراکینِ پنجاب اسمبلی کی تنخواہوں میں اضافے کے معاملے پر ذرایع نے کہا ہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان نے اضافے کی سمری روکنے کی ہدایت کر دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم نے گورنر پنجاب کو سمری پر دستخط سے روک دیا ہے، وزیر اعظم نے وزیرِ اعلیٰ پنجاب کو بل دوبارہ ایوان میں لانے کی ہدایت بھی کر دی ہے۔

    ذرایع نے بتایا ہے کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو دی گئی لائف ٹائم مراعات کے فیصلے پر بھی نظرِ ثانی کی ہدایت کی گئی ہے۔

    وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ کو پوری زندگی کے لیے گھر دینے کا فیصلہ مناسب نہیں ہے، لائف ٹائم مراعات کا دورانیہ زیادہ سے زیادہ 3 ماہ کرنے کی تجویز دی گئی۔

    دوسری طرف وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی نعیم الحق نے کہا ہے کہ تنخواہوں میں اضافے کا بل پی ٹی آئی کی سوچ کے بر عکس ہے، وزیر اعلیٰ پنجاب کو احساس دلایا گیا ہے کہ یہ غلط ہوا ہے۔

    نعیم الحق نے کہا کہ وزیر اعظم نے ارکان پنجاب اسمبلی کی تنخواہیں بڑھانے کا سخت نوٹس لیا، میں نے وزیر اعظم کی ہدایت پر وزیر اعلیٰ پنجاب سے بل واپس لینے کی بات کی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  وزیراعظم اراکینِ پنجاب اسمبلی کی تنخواہوں میں اضافے پربرہم

    ادھر حکومت پنجاب کے ترجمان شہباز گل نے تنخواہیں بڑھنے کے بل پر میڈیا پر چلنے والی خبروں پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ بل نافذ نہیں ہوا ہے، گورنر پنجاب کے دستخط کے بعد ہی بل نافذ العمل ہوگا، وزیر اعلیٰ کے پاس ایسی کوئی مراعات نہیں ہیں جس پر ایشو بنایا جائے۔

    شہباز گل کا کہنا تھا کہ پنجاب اسمبلی اراکین کی تنخواہیں بڑھنے پر وزیر اعظم نے مایوسی کا اظہار کیا، بل میں وزیر اعلیٰ پنجاب کے لیے صرف مناسب سیکورٹی کا ذکر ہے، بل سے پہلے پنجاب اسمبلی ارکان کی تنخواہ 18 ہزار تھی اب 80 ہزار کر دی گئی۔

    ترجمان نے کہا کہ خیبر پختون خوا ارکان اسمبلی کی تنخواہ 1 لاکھ 53 ہزار روپے ہے، تنخواہوں کے بل میں کچھ غلط ہوا تو ہم اسے ٹھیک کریں گے، وزیر اعلیٰ اور وزیر اعظم بھی ذاتی طور پر سمجھتے ہیں کہ یہ نہیں ہونا چاہیے تھا، میری لیڈر شپ کا مائنڈ سیٹ پوچھیں تو اس بل کا دفاع کرنا آسان نہیں۔

  • پاکستان یک سر تبدیل ہو چکا، وزیر اعظم کی 25 ممالک کے 60 سے زائد مندوبین سے گفتگو

    پاکستان یک سر تبدیل ہو چکا، وزیر اعظم کی 25 ممالک کے 60 سے زائد مندوبین سے گفتگو

    اسلام آباد: وزیرِ اعظم عمران خان سے 25 ممالک کے 60 سے زائد مندوبین نے ملاقات کی، وزیرِ اعظم نے مندوبین سے کہا کہ آج کا پاکستان یک سر تبدیل ہو چکا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آج 25 ممالک کے 60 سے زائد مندوبین نے وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کی، مندوبین اسلام آباد سمٹ میں شرکت کے لیے پاکستان آئے ہیں۔

    ملاقات میں مشیر تجارت عبد الرزاق داؤد، وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری، چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ ہارون شریف، معاون خصوصی نعیم الحق اور افتخار درانی بھی شامل تھے۔

    وزیرِ اعظم عمران خان نے مندوبین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج کاپاکستان یک سر تبدیل ہو چکا ہے، نیا پاکستان پُر امن اور ابھرتے ہوئے سماجی و معاشی مواقع سے بھرپور ہے۔

    وزیرِ اعظم نے کہا کہ ہم بزنس کمیونٹی کو منافع بخش کاروبار کے مواقع فراہم کرنے پر یقین رکھتے ہیں، پاکستان میں معروف بین الاقوامی سرمایہ کار سرمایہ کاری کر رہے ہیں۔

    وزیراعظم عمران خان کل برطانوی شہریوں کے لئے ای ویزا سروس کاافتتاح کریں گے

    واضح رہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان برطانوی شہریوں کے لیے کل دن 12 بجے ویڈیو کال پر ای ویزا سروس کا افتتاح کریں گے، جس کے بعد برطانوی شہری گھر بیٹھے پاکستانی ویزا حاصل کر سکیں گے۔

    برطانوی شہریوں کے لیے ای ویزا کی سہولت کے آغاز سے ای ویزے سے قونصلر سروسز میں کام کا بوجھ کم ہو جائے گا اور عوام گھر بیٹھے پاکستانی ویزا حاصل کر پائیں گے۔