Tag: پی ٹی آئی کی خبریں

  • کرپٹ عناصر کی نشان دہی کے لیے انٹیلی جنس ایجنسیوں کی مدد کا سوچ رہا ہوں: اسد عمر

    کرپٹ عناصر کی نشان دہی کے لیے انٹیلی جنس ایجنسیوں کی مدد کا سوچ رہا ہوں: اسد عمر

    اسلام آباد: وزیرِ خزانہ اسد عمر نے کہا ہے کہ ایف بی آر میں کرپٹ عناصر کی نشان دہی کے لیے وہ سنجیدگی کے ساتھ انٹیلی جنس ایجنسیوں کی مدد حاصل کرنے کا سوچ رہے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام آف دی ریکارڈ میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ ایف بی آر میں کرپٹ عناصر کی نشان دہی کے لیے سنجیدگی سے انٹیلی جنس ایجنسیز کی مدد کا سوچ رہا ہوں، جب تک کرپٹ عناصر کا خاتمہ نہیں ہوتا نظام ٹھیک نہیں ہو سکتا۔

    [bs-quote quote=”بلاول بھٹو نے پاکستان کے بیانیے کو نقصان پہنچایا۔” style=”style-8″ align=”left” author_name=”اسد عمر” author_job=”وزیر خزانہ”][/bs-quote]

    وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ ٹیکس ایمنسٹی اسکیم آئی تو وہ نتیجہ دینے کے لیے ہوگی روایتی نہیں، بزنس کمیونٹی سے کہا کہ وہ کیسی ایمنسٹی اسکیم چاہتے ہیں تجاویز دیں، ہماری کوشش ہے ٹیکس وصولی اور سسٹم میں آسانی نظر آئے، ایمنسٹی اسکیم آتی ہے تو استعمال کریں ورنہ تیاری مکمل ہے، دائرہ تنگ ہوگا، لوگوں کی نشان دہی کرلی ہے اب ان کے خلاف ایکشن بھی ہوگا۔

    وزیرِ خزانہ اسد عمر نے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلاول بھٹو نے پاکستان کے بیانیے کو نقصان پہنچایا۔

    اسد عمر نے کہا ’بلاول بھٹو میرے بیٹے سے 2 ماہ بڑا ہے اس لیے غصہ نہیں آتا، میں نے اسمبلی میں کوئی بد اخلاقی نہیں کی، میرے خیال میں بلاول بھٹو نے پاکستان کے بیانیے کو نقصان پہنچایا۔‘

    وزیرِ خزانہ نے کہا کہ بے نظیر کی شہاد ت کے بعد آصف زرداری پارٹی پر کنٹرول چاہتے تھے، آصف زرداری نے بی بی کی وصیت نکالی اور بچوں کے نام کے ساتھ بھٹو لگایا، دوسری طرف بلاول بھی تقریروں میں شہید والدہ اور نانا کے کارنامے گنواتے ہیں لیکن والد کا کوئی ذکر نہیں کرتے۔

    [bs-quote quote=”سیاست میں باہر والوں سے مدد مانگیں گے تو میں انھیں ان کا آقا کہوں گا، عوامی ریکارڈ پر درجنوں ثبوت ہیں کہ امریکی لیڈروں نے کہا یہ ہمارے پاس آئے۔” style=”style-8″ align=”right” author_name=”وزیر خزانہ”][/bs-quote]

    اسد عمر کا کہنا تھا کہ پی پی امیدوار بھی اپنے پوسٹرز میں زرداری صاحب کی تصویر نہیں لگاتے، بلاول بھٹو آکسفرڈ کے پڑھے ہوئے ہیں اور میں سیدھا سادہ بندہ ہوں، کسی کو غدار نہیں کہا، نہ بلاول کی طرح نواز شریف مودی کا یار کے نعرے لگائے۔

    ان کا کہنا تھا کہ سیاست میں باہر والوں سے مدد مانگیں گے تو میں انھیں ان کا آقا کہوں گا، عوامی ریکارڈ پر درجنوں ثبوت ہیں کہ امریکی لیڈروں نے کہا یہ ہمارے پاس آئے، امریکی لیڈروں نے کہا ہم نے فون کیے اور پاکستان پر دباؤ ڈالا، میرے خیال میں کسی پاکستانی کو اس طرح کا کام نہیں کرنا چاہیے۔

    اسد عمر نے کہا ’بیرونی آقاؤں کے زیر اثر رہ کر قومی مفاد کی خارجہ پالیسی نہیں بن سکتی، حسین حقانی کو سب جانتے ہیں وہ امریکا میں بیٹھ کر پاکستان کے خلاف بول رہا ہے، حسین حقانی کو بھی پیپلز پارٹی کے دور میں امریکا کا سفیر لگایا گیا۔‘

    انھوں نے کہا ’نواز اور زرداری تعلقات استعمال کر کے خارجہ پالیسی پر اثر انداز ہوتے ہیں تو یہ طرزِ حکمرانی نہیں چلے گی، بلاول بھٹو کی انگریزی پر اعتراض نہیں ان کے انگریزی کے بیانیے پر ہے، انھوں نے انگریزی میں ان ملکوں کو پیغام دیا جو ہم پر الزام لگاتے ہیں، پوچھنا چاہتا ہوں میں نے اخلاق سے گری ہوئی کون سی بات کی تھی؟ بلاول کی حب الوطنی سے نہیں بلکہ سیاست سے اختلاف ہے۔‘

    وزیر خزانہ نے کہا ’وزیر اعظم نے کئی بار اپنے مؤقف سے ہٹ کر کابینہ کی تجویز مانی ہے، میں اے پی سی کو نہیں مانتا جو فیصلے کرنے ہیں پارلیمان میں ہونے چاہئیں، قومی اسمبلی کی کمیٹی برائے خزانہ میں کل شرکت کروں گا۔‘

  • کلبھوشن کے معاملے پر ن لیگ نے اپوزیشن کو اعتماد میں نہیں لیا تھا: ندیم افضل چن

    کلبھوشن کے معاملے پر ن لیگ نے اپوزیشن کو اعتماد میں نہیں لیا تھا: ندیم افضل چن

    اسلام آباد: وزیرِ اعظم عمران خان کے معاون خصوصی ندیم افضل چن نے بھارتی پائلٹ ابھی نندن کی رہائی کے معاملے پر اپوزیشن کی جانب سے تنقید کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ کلبھوشن کے معاملے پر ن لیگ نے بھی اپوزیشن کو اعتماد میں نہیں لیا تھا۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام پاور پلے میں گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ اعظم کے معاون خصوصی نے کہا کہ پائلٹ کی رہائی کا مقصد امن کے لیے پہل کرنا تھا، آج دنیا وزیرِ اعظم عمران خان اور پاکستان کا مؤقف سن رہی ہے۔

    [bs-quote quote=”چلو بغضِ پی ٹی آئی میں رانا ثنا نے پاک فوج کی تعریف تو کر دی ہے۔” style=”style-8″ align=”left” author_name=”ندیم افضل چن”][/bs-quote]

    ندیم افضل چن کا کہنا تھا کہ بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کی گرفتاری کے وقت ن لیگ کی حکومت تھی، ن لیگ نے کلبھوشن سمیت بھارت اور کشمیر پالیسی پر اپوزیشن کو اعتماد میں نہیں لیا تھا۔

    پروگرام میں پاکستان پیپلز پارٹی کے فیصل کریم کنڈی نے اعتراض کیا تھا کہ ابھی نندن کو چھوڑنے کے لیے ہمیں جلدی نہیں کرنی چاہیے تھی، ہمارے وزیرِ اعظم فون کر رہے تھے اور مودی فون نہیں اٹھا رہے تھے، ادھر ساری سیاسی قیادت اور عسکری حکام اکھٹے تھے لیکن وزیرِ اعظم موجود نہیں تھے۔

    پاور پلے میں میزبان ارشد شریف کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے ن لیگ کے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ بھارتی سرجیکل اسٹرائیک پر ہماری افواج نے عوام کو سچائی سے آگاہ کیا اس لیے بھارت کو ہزیمت اٹھانا پڑی اور پاکستان کا مؤقف بہتر طریقے سے دنیا کے سامنے آیا۔

    وزیرِ اعظم کے معاون خصوصی افضل چن نے کہا کہ چلو بغضِ پی ٹی آئی میں رانا ثنا نے پاک فوج کی تعریف تو کر دی ہے۔

    ندیم افضل چن کا کہنا تھا کہ کبھی بھی کچھ بھی ہو سکتا ہے، ہمیں تیار رہنا چاہیے، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے بات ہوئی ہے، ہم اسٹینڈ بائی ہیں، کہا جا سکتا ہے کہ پہلے سے تلخی کم ہوئی ہے تاہم اسے نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔

  • دبئی میں پاکستانیوں کی مدد کے لیے لیگل ایڈ کمیٹی قائم ہو گئی: زلفی بخاری

    دبئی میں پاکستانیوں کی مدد کے لیے لیگل ایڈ کمیٹی قائم ہو گئی: زلفی بخاری

    اسلام آباد: وزیرِ اعظم عمران خان کے معاونِ خصوصی برائے سمندر پار پاکستانیز زلفی بخاری نے بتایا ہے کہ دبئی میں قانونی معاونت کے سلسلے میں کمیٹی قائم کر دی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی سمندر پار پاکستانی زلفی بخاری نے کہا کہ سعودی عرب سے 230 افراد واپس پہنچ چکے ہیں، دبئی میں لیگل ایڈ کے لیے کمیٹی قائم ہو گئی ہے۔

    زلفی بخاری کا کہنا تھا کہ گزشتہ حکومتوں میں سمندر پار پاکستانیز کی وزارت نے بالکل کام نہیں کیا، ماضی میں اس وزارت کو او پی ایف اور ای او بی آئی میں کرپشن کے حوالے سے جانا جاتا تھا۔

    معاونِ خصوصی نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیز کی وزارت کا ہر ادارہ تباہ حال ہے، وزارت کی حالت ٹھیک کرنے کے لیے ہمیں کچھ وقت درکار ہے، ہم ان اداروں کو ٹھیک کر رہے ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  سعودی جیلوں میں قید پاکستانیوں کا وطن واپسی کا سلسلہ شروع ہوگیا

    زلفی بخاری نے کہا ’میں اس بات کا شوقین نہیں ہوں کہ او پی ایف (اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن) کی نئی ہاؤسنگ اسکیم کا اعلان کروں، میں چاہتا ہوں کہ ماضی میں جن افراد سے پیسے لیے جا چکے ہیں ان کو ڈیلیور کروں۔‘

    یاد رہے کہ سعودی ولیٔ عہد محمد بن سلمان کی پاکستان آمد کے موقع پر وزیرِ اعظم عمران خان نے ان سے سعودی عرب کی مختلف جیلوں میں قید 2107 پاکستانیوں کی رہائی کی درخواست کی تھی، جس پر ولیٔ عہد نے قیدیوں کی فوری رہائی کا شاہی فرمان جاری کیا۔

  • اسلام آباد کو ماڈل ہیلتھ سٹی بنائیں گے: وزیرِ صحت عامر کیانی

    اسلام آباد کو ماڈل ہیلتھ سٹی بنائیں گے: وزیرِ صحت عامر کیانی

    اسلام آباد: حکومت نے وفاقی دار الحکومت کو ماڈل ہیلتھ سٹی بنانے کا اعلان کر دیا ہے، وفاقی وزیرِ صحت عامر کیانی نے کہا ہے کہ اسلام آباد کو ماڈل ہیلتھ سٹی بنائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر قومی صحت عامر کیانی کی زیرِ صدارت اجلاس میں وفاقی دار الحکومت اسلام آباد کو ماڈل ہیلتھ سٹی بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    عامر کیانی نے اجلاس میں کہا کہ اسلام آباد میں 2 دیہی اور 9 نئے صحت کے بنیادی مراکز بنا رہے ہیں۔

    وزیرِ صحت کا کہنا تھا کہ حکومت شعبۂ صحت کی بہتری کے لیے انقلابی اقدامات کر رہی ہے، اسلام آباد میں لیڈی ہیلتھ ورکرز کی تعداد 600 کی جائےگی، 4 بڑے اسپتال قائم کیے جائیں گے۔

    یہ بھی پڑھیں:  حکومتی صحت کارڈ سے عام آدمی کتنے روپے تک کا علاج کرواسکے گا؟

    حکومت نے وفاقی دار الحکومت میں ایک نرسنگ یونی ورسٹی بنانے کا بھی اعلان کر دیا ہے، عامر کیانی نے بتایا کہ اسلام آباد میں 10 ارب لاگت سے نرسنگ یونی ورسٹی بنائیں گے، علاقائی و بنیادی مراکزِ صحت کو بھی اَپ گریڈ کیا جائے گا۔

    واضح رہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان ملک میں صحت کے شعبے میں انقلابی اقدامات کا اعلان کر چکے ہیں، اس سلسلے میں انھوں نے شہریوں کے لیے صحت کارڈ کے اجرا کا بھی اعلان کیا تھا۔ جس سے عام آدمی سوا 7 لاکھ تک کا علاج کروا سکے گا۔

  • وزیرِ اعظم عمران خان سے چوہدری شجاعت حسین کی اہم ملاقات

    وزیرِ اعظم عمران خان سے چوہدری شجاعت حسین کی اہم ملاقات

    اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ ق کے صدر چوہدری شجاعت حسین نے وزیرِ اعظم عمران خان کے ساتھ وزیرِ اعظم ہاؤس میں اہم ملاقات کی۔

    تفصیلات کے مطابق ق لیگ کے صدر چوہدری شجاعت حسین نے وزیرِ اعظم ہاؤس میں عمران خان سے اہم ملاقات کی، جس میں ملک کی مجموعی اور سیاسی صورتِ حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    ملاقات میں وزیر برائے ہاؤسنگ چوہدری طارق بشیر چیمہ اور وزیرِ اعظم کے معاونِ خصوصی نعیم الحق بھی موجود تھے۔

    چوہدری شجاعت حسین نے پاک بھارت کشیدگی کے تناظر میں خطے اور ملک میں موجودہ سیاسی صورتِ حال میں وزیرِ اعظم کے قائدانہ کردار کی تعریف کی۔

    واضح رہے کہ جہاں ایک طرف حکومتی حلیف ملاقاتیں کر رہے ہیں وہیں گزشتہ روز اپوزیشن کی جماعت پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی کوٹ لکھپت جیل میں قائد ن لیگ نواز شریف کے ساتھ اہم ملاقات کی۔

    خیال رہے کہ ابھی حال ہی میں ق لیگ اور پی ٹی آئی کے درمیان ایک متنازعہ ویڈیو لیک پر اختلافات پیدا ہو گئے تھے جسے وزیرِ اعظم کی خصوصی ہدایت پر دور کیا گیا۔

    بلاول بھٹو کی کوٹ لکھپت جیل میں نواز شریف سے ملاقات

    اختلافات پر 18 جنوری کو مسلم لیگ ق سے تعلق رکھنے والے وزیر معدنیات پنجاب عمار یاسر نے پارٹی قیادت کو اپنا استعفیٰ بھجوا دیا تھا، تاہم مذاکرات کے بعد انھوں نے استعفیٰ واپس لیا اور ق لیگ کو ایک وزارت بھی دی گئی۔

    8 فروری کو باؤ رضوان کے بہ طور صوبائی وزیر حلف اٹھانے کے بعد مسلم لیگ ق کے پاس پنجاب میں اسپیکرشپ اور 3 وزارتیں ہوگئی ہیں اور ق لیگ کا پنجاب میں ایک پارلیمانی سیکرٹری بھی بن گیا ہے۔

  • کراچی: درختوں کی غیر قانونی کٹائی کے خلاف مظاہرہ، خواتین کی بڑی تعداد کی شرکت

    کراچی: درختوں کی غیر قانونی کٹائی کے خلاف مظاہرہ، خواتین کی بڑی تعداد کی شرکت

    کراچی: شہرِ قائد میں درختوں کی غیر قانونی کٹائی کے خلاف شہریوں نے بڑی تعداد میں مظاہرہ کیا، جس میں خواتین بھی بڑی تعداد میں شریک ہوئیں۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے کلفٹن میں سی ویو کے قریب بڑی تعداد میں شہریوں نے درختوں کی غیر قانونی کٹائی کے خلاف مظاہرہ کیا۔

    مظاہرے میں کلفٹن اور ڈیفنس کی خواتین نے بڑی تعداد میں شرکت کی، مظاہرے کی قیادت پی ٹی آئی ایم این اے آفتاب صدیقی کر رہے تھے۔

    مظاہرین نے پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر ’درختوں کی غیر قانونی کٹائی بند کرو‘ کے نعرے درج تھے۔

    مظاہرے کے دوران شرکا کی جانب سے نعرے بھی لگائے گئے، مظاہرین نے ’درخت کاٹنا بند کرو‘ کے نعرے لگائے۔

    مظاہرین کا کہنا تھا کہ اگر درختوں کی کٹائی جاری رہے گی تو ہماری آنے والی نسلوں کو زمین پر سانس لینا بھی مشکل ہو جائے گا۔

    خیال رہے کہ ملک بھر میں وزیرِ اعظم عمران خان کی جانب سے درخت اگاؤ مہم جاری ہے، اس کے با وجود کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں درختوں کی غیر قانونی کٹائی کا سلسلہ جاری ہے۔

    درختوں کی کٹائی میں مختلف ادارے بھی ملوث ہیں، گزشتہ دنوں میٹروول سائٹ ایریا میں کے الیکٹرک کی جانب سے بجلی کے پول لگانے کے لیے سڑک کے کنارے درختوں کو کاٹا گیا۔

  • کمزور طبقات کو سہولیات فراہم کرنا ہمارے منشور کا حصہ ہے: وزیر خزانہ

    کمزور طبقات کو سہولیات فراہم کرنا ہمارے منشور کا حصہ ہے: وزیر خزانہ

    اسلام آباد: وزیرِ خزانہ اسد عمر نے کم لاگت گھروں کی تعمیر سے متعلق منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کم زور طبقات کو سہولیات فراہم کرنا ہمارے منشور کا حصہ ہے۔

    وزیرِ خزانہ اسد عمر کا کہنا تھا کہ مکانات کی تعمیر کا منصوبہ بنیادی اہمیت کا حامل ہے، کم لاگت مکانات کی تعمیر وفاقی حکومت کا اہم منصوبہ ہے۔

    اسد عمر نے اپنے خطاب میں کہا کہ مکانات کی تعمیر سے روزگار کے بے پناہ مواقع بھی میسر آئیں گے، عوام کو روزگار کے مواقع فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے۔

    واضح رہے 10 اکتوبر 2018 کو وزیر اعظم عمران خان نے ’نیا پاکستان ہاؤسنگ منصوبے‘ کا افتتاح کیا اور تقریب سے خطاب میں کہا تھا کہ ہاؤسنگ اسکیم ملک میں خوش حالی لے کر آئے گی، اپنا گھر اسکیم ان لوگوں کے لیے جو کبھی گھر بنانے کا سوچ نہیں سکتے تھے، گھروں کے منصوبے میں عام آدمی ہمارا ٹارگٹ ہوگا۔

    خیال رہے 50 لاکھ گھروں کی تعمیر حکومت کا سب سے اہم منصوبہ قرار دیا جا رہا ہے اور وزیر اعظم عمران خان نے منصوبے کی نگرانی خود کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

  • ووٹرز نے عمران خان کو عزت دی، آج قوم کو عزت مل رہی ہے: فواد چوہدری

    ووٹرز نے عمران خان کو عزت دی، آج قوم کو عزت مل رہی ہے: فواد چوہدری

    جہلم: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پہلے قوم نے ووٹ دے کر عمران خان کو عزت دی، آج قوم کو عزت ملی رہی ہے۔

    وزیرِ اطلاعات جہلم میں عوامی اجتماع سے خطاب کر رہے تھے، انھوں نے کہا کہ آج پاکستانیوں کو دنیا بھر میں عمران خان کی وجہ سے عزت مل رہی ہے۔

    فواد چوہدری نے بھارت کو للکار کر کہا کہ پاکستان میں گھسنا آپ کی خام خیالی ہے، بھارتی سورما پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتے۔

    وزیر اطلاعات نے کہا بھارت پاکستان میں گھسنے کی جرأت بھی نہیں کر سکتا، پاکستان کی مسلح افواج ملک کے دفاع کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں، وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالتے ہی عمران خان نے بھارت کو امن کی دعوت دی، آج بھارت کا دنیا میں مذاق اڑایا گیا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت اور اپوزیشن میں صرف ایک جھگڑا ہے، ہم کہتے ہیں پاکستان کے لوگوں کو ان کے پیسوں کا حساب دیں، اپوزیشن کا صرف اتنا ایجنڈا ہے کہ جو پیسے دبا لیے ہیں ان کا حساب نہ لو۔

    یہ بھی پڑھیں:  سلطان الہند خواجہ معین الدین چشتی کون ہیں

    فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ عوام نے اس لیے مینڈیٹ نہیں دیا کہ احتساب پر سمجھوتا کریں، ہم نے احتساب پر سمجھوتا کیا تو آپ کا ہاتھ اور ہمارا گریبان ہوگا، حساب لیا جا رہا ہے اس میں کسی جماعت یا گروہ کا کوئی تعلق نہیں ہے، احتساب کا عمل بھی جاری رہے گا۔

    ان کا کہنا تھا کہ سیاست احتساب پر ہونی چاہیے نہ صحت پر، نواز شریف بیمار ہیں تو وزیر اعظم نے کہا جس اسپتال میں جانا ہے بتائیں، اللہ نے آپ کو وسائل دیے ہیں باہر سے ڈاکٹر بلا لیں ہم تعاون کریں گے، یہ کیا بات ہوئی کہ آپ نے صرف لندن علاج کے لیے جانا ہے۔

    وزیرِ اطلاعات نے پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما پر بھی تنقید کی، کہا خورشید شاہ کو نواز شریف کی صحت کی فکر نہیں بلکہ اپنے جیل جانے کی فکر ہے۔

  • نہتے شہریوں پر بھارتی فائرنگ عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے، آزاد کشمیر میں اسد قیصر کی گفتگو

    نہتے شہریوں پر بھارتی فائرنگ عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے، آزاد کشمیر میں اسد قیصر کی گفتگو

    میرپور: اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ نہتے شہریوں پر بھارتی فائرنگ عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے، امن کے لیے حکومتِ پاکستان نے جو کرنا تھا وہ کیا۔

    تفصیلات کے مطابق میرپور آزاد کشمیر میں اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایل او سی پر بھارت نہتے شہریوں کو نشانہ بنا کر عالمی قوانین کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔

    اسد قیصر کا کہنا تھا کہ بھارتی پائلٹ کو رہا کرنے کا مقصد پاک بھارت کشیدگی کو کم کرنا تھا، ہم مذاکرات کے ذریعے مسائل کا حل چاہتے ہیں۔

    انھوں نے پاکستان کے واضح اور منصفانہ مؤقف کو دہراتے ہوئے کہا کہ کشمیر کا ایشو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے، آپ کسی کو زبردستی اپنا غلام بنا کر اس کے حقوق نہیں چھین سکتے۔

    اسپیکر قومی اسمبلی کا یہ بھی کہنا تھا کہ بہتر ہے کشمیری عوام کی رائے کے مطابق استصواب رائے کرایا جائے، بھارت جس گیم کا حصہ بن رہا ہے وہ دونوں ممالک کے فائدے میں نہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  بھارتی ریاستی دہشت گردی سے 22ہزار8 سو 99 کشمیری خواتین بیوہ ہوئیں، رپورٹ

    انھوں نے کہا کہ پاکستان ایک نیو کلیئر ملک ہے اور پاکستان کو اس بات کا احساس ہے اس لیے اس نے ہمیشہ ذمہ دار ریاست کی حیثیت سے اپنا کردار ادا کیا ہے۔

    واضح رہے کہ یوم خواتین پر جاری ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے بھارتی فورسز کی دہشت گردی کے باعث 22 ہزار 899 کشمیری خواتین بیوہ ہو چکیں، 11 ہزار 113 خواتین سے زیادتی کی گئی جب کہ 8 ہزار کشمیری لاپتا ہوئے۔

  • پاکستان نے ایشیا پیسفک گروپ کے بھارتی شریک چیئر کو ہٹانے کا مطالبہ کر دیا

    پاکستان نے ایشیا پیسفک گروپ کے بھارتی شریک چیئر کو ہٹانے کا مطالبہ کر دیا

    اسلام آباد: پاکستان نے ایف اے ٹی ایف ایشیا پیسفک گروپ میں بھارت کی شمولیت پر اعتراض کرتے ہوئے بھارتی شریک چیئر کو ہٹانے کا مطالبہ کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایف اے ٹی ایف ایشیا پیسفک گروپ میں بھارت کی شمولیت پر پاکستان نے اعتراض کر دیا ہے، وزیرِ خزانہ اسد عمر نے ایف اے ٹی ایف کے صدر کو خط لکھ دیا۔

    وزیرِ خزانہ نے خط میں لکھا ہے کہ بھارت پاکستان کے اقتصادی مفادات کو نقصان پہنچانا چاہتا ہے، پاکستان کی فضائی حدود کی حالیہ خلاف ورزی بھارتی رویے کی عکاس ہے۔

    اسد عمر نے صدر ایف اے ٹی ایف کو خط میں لکھا کہ بھارت نے پاکستان کی فضائی حدود کی بھی خلاف ورزی کی ہے۔

    خط کا متن ہے کہ بھارت پاکستان کو دنیا میں تنہا کرنے کے لیے سرگرم ہے، پاکستان ایف اے ٹی ایف کے ایکشن پلان پر عمل درآمد کر رہا ہے، ایف اے ٹی ایف ایشیا پیسیفک گروپ میں بھارت کی شمولیت سے پاکستان ہراساں ہوگا۔

    دریں اثنا، وزیر خزانہ نے ٹویٹ کرتے ہوئے بتایا کہ انھوں نے ایف اے ٹی ایف کے صدر کو بھارت کو شریک چیئر کی پوزیشن سے ہٹانے کے لیے خط لکھا، بھارت نے پاکستان کے خلاف لابنگ کے ذریعے اپنی پوزیشن کا غلط استعمال کیا۔

    انھوں نے کہا کہ بھارت نے پاکستان کو بلیک لسٹ کرانے کے لیے اپنی پوزیشن کا غلط استعمال کیا، دوسری طرف پاکستان نے اپنے مؤقف کا کام یابی سے بھرپور دفاع کیا۔

    یہ بھی پڑھیں:  ایف اے ٹی ایف اجلاس، پاکستان کا نام گرے لسٹ میں برقرار

    یاد رہے کہ 22 فروری کو وزیرِ خزانہ اسد عمر نے ٹویٹ کر کے کہا تھا کہ فنانشل ایکٹ ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کی بلیک لسٹ میں پاکستان کا نام شامل ہونے کا خطرہ ٹل گیا ہے، پاکستان کا نام گرے لسٹ میں برقرار ہے۔

    انھوں نے کہا کہ بھارت کی خواہش تھی کہ پاکستان کا نام اس بار بلیک لسٹ میں شامل کر دیا جائے، تاہم ایف اے ٹی ایف نے منی لانڈرنس دہشت گردوں کی فنڈز کے معاملے کا جائزہ لیا، اور پاکستان کی درجہ بندی کو برقرار رکھا ہے۔