Tag: پی ٹی آئی

  • الطاف حسین کا وقت پورا، زرداری کا ختم ہونے والا ہے، عمران، حیدر آباد جلسہ

    الطاف حسین کا وقت پورا، زرداری کا ختم ہونے والا ہے، عمران، حیدر آباد جلسہ

    حیدرآباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ سندھ میں ہر طرف کچرا ہے، بلاول کو کوئی کام آتا ہے جو چیئرمین پی پی بن گیا ہے اور ملک کی قیادت کرنے چلا ہے، زرداری اور فریال  تالپور بتائیں اور کتنا پیسہ کھائیں گے آپ کا پیٹ کب بھرے گا؟

    یہ باتیں انہوں نے حیدر آباد میں تحریک انصاف کے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔

    سندھ میں جتنی کچرا ہے اتنا پورے ملک میں کہیں نہیں

    اپنے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ جلسے میں شرکت کرکے حیدر آباد کے لوگوں نے میرا دل جیت لیا، سندھ کے لوگوں پر ظلم ہورہا ہے، کراچی ایئرپورٹ سے یہاں تک آتے ہوئے ملک کے کسی حصے میں اتنا کچرا و گندگی نہیں دیکھی، سندھ کے لوگوں کو بنیادی حقوق سے محروم رکھا جارہا ہے، میں آج یہ سوچ کر یہاں آیا ہوں کہ سندھ کے ظالموں سے مقابلہ کرنا ہے اور عوام میرا ساتھ دیں۔

    جو سندھ کی بیماری ہے وہ آصف زرداری ہے

    انہوں نے کہا کہ جو سندھ کی بیماری ہے وہ آصف زرداری ہے، زرداری کے پاس ایک لاکھ ایکڑ زمین، 19 شوگر ملز، لندن، پیرس اور امریکا میں ہوٹل اور محل ہیں، یہ شخص سندھ کے لوگوں کا پیسہ چوری کرکے باہر لے گیا نواز شریف کی طرح، ان دونوں نے اپنے پیسے بنانے کے لیے قومی ادارے تباہ کیے۔

    عدالتیں درست کام کرتیں تو آج دونوں جیل میں ہوتے

    عمران خان نے کہا کہ اگر  نیب، ایف بی آر، ایف آئی اے اگر مضبوط ادارے ہوتے تو یہ دونوں پکڑے جاتے، سپریم کورٹ کی طرح دیگر عدالتیں درست کام کرتیں تو آج دونوں جیل میں ہوتے، ان دونوں نے چارٹر آف ڈیمو کریسی کے نام پر مک مکا کیا، اس مک مکا کی وجہ سے آج ہم سب سے پیچھے رہے گئے ورنہ ہم بنگلہ دیش و ہندوستان سے بہتر تھے، آج بنگلہ دیش بھی ہم سے آگے نکل گیا۔

    ایک تو گیا اب زرداری کی باری ہے

    انہوں نے کہا کہ ایک تو گیا اب ہم زرداری کے پیچھے جائیں گے اور اسے بھی ہم جیل میں ڈلوائیں گے، سندھ اور پاکستان میں پی ٹی آئی کی حکومت آئی تو ایسا نظام لائیں گے جہاں محنت کرنے والوں کو آگے بڑھنے کا موقع ملے، پاکستان میں نوکریاں کیوں نہیں ہیں؟ جو لوگ ویزا لے کر باہر جارہے ہیں۔

    بلاول کا تجربہ کتنا ہے؟کوئی کام کیا ہے؟ جو ملک چلانے چلا ہے

    چیئرمین تحریک انصاف نے بلاول بھٹو پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ میں بلاول سے پوچھتا ہوں کہ تم میں کیا کمال ہے جو تم پی پی کے چیئرمین بن گئے؟ بلاول مجھے بتاؤ تم نے کبھی کوئی کام کیا ہے؟ تم کوئی ملک ٹھیک کرنے جارہے ہو تمہارا تجربہ کتنا ہے؟ کسی گاڑی کا انجن بھی ٹھیک کرنا ہو تو پوچھا جاتا ہے کبھی گاڑی کا انجن کھول کر دیکھا ہے؟

    بھٹو بڑا لیڈر تھا لیکن  بلاول کبھی ایک کلومیٹر پیدل چلا ہے؟

    انہوں نے کہا کہ بلاول مجھے بتادے کہ کوئی ایک جگہ ایسی ہے جہاں تم ایک کلومیٹر پیدل چلے ہو؟ ایسے لیڈر نہیں بنتا، لیڈر جدوجہد سے بنتا ہے، بھٹو ایک بڑے لیڈر تھےاور وہ چھوٹے چھوٹے گاؤں اور قصبوں میں گئے، پاکستان میں محنت کی تھی تو مقام پایا، مجھے بتایا جائے کہ بلاول کے چیئرمین بننے کے بعد سے سندھ میں کیا کام ہوا؟

    بلاول نے کبھی اپنے والد اور پھوپھی سے پوچھا کہ یہ پیسہ کہاں سے آیا؟

    عمران خان نے کہا کہ بلاول نے کبھی اپنے والد سے پوچھا کہ یہ پیسہ کہاں سے آیا؟ اپنی پھوپھی سے پوچھا کہ سندھ میں ہی ہر نوکری کیوں بکتی ہے؟ آئی جی سندھ نے کہا کہ جو پیسے دے کر سندھ پولیس میں بڑی پوسٹ پر آتا ہے تو وہ پیسہ عوام سے ہی پورا کرے گا، فریال تالپور بتائیں سندھ حکومت کی نوکریاں بکتی ہیں تو پیسہ کس کی جیب میں جاتا ہے؟

    زرداری اور فریال تمہارا پیٹ کب بھرے گا؟

    انہوں نے زرداری اور فریال تالپور سے سوال کیا کہ آپ کا پیٹ کب بھرے گا؟ کتنا پیسہ اور بنانا ہے؟ کچھ عرصے میں سب کو چھ فٹ کی قبر میں جانا ہے۔

    سندھ میں صاف پانی میسر نہیں

    انہوں نے کہا کہ سندھ میں صاف پانی میسر نہیں، چھوٹ کسان بھی پانی سے محروم ہیں، پی ٹی آئی عام آدمی کے لیے غربت کم کرنے کی پالیسی بنائے گی، چار برس میں کے پی کے میں غربت آدھی کردی، سندھ میں آتے ہی عوام کو پولیس کے ظلم سے نجات دلائیں گے۔

    این اے 120 سے پی پی کو صرف 1500 ووٹ ملے

    انہوں نے کہا کہ پی پی سندھ میں نہیں لاہور میں بنی تھی، لاہور کے لوگوں نے اسے اٹھایا، این اے 120 سے پی پی تین بار جیتی ہے لیکن اب زرداری کے بعد اس حلقے سے پی پی کو صرف 1500 ووٹ ملے۔

    نواز شریف چار دن روتے رہے کیوں نکالا؟

    انہوں نے کہا کہ نواز شریف چار دن تک روتے رہے کہ مجھے کیوں نکالا؟ پھر فوج پر تنقید کی اور پھر بیٹی نے مہم چلائی جس میں کہا کہ نکل کر عدلیہ کے خلاف ووٹ ڈالو، الیکشن والے دن کہا کہ فوج سازش کررہی ہے، اب کوئی شک نہ کرے کہ جو ڈان لیکس میں کہا گیا وہی مودی کے الفاظ تھے، کون ہے جو اس سازش میں ملوث تھا؟

    الطاف حسین کا وقت ختم، زرداری کا ختم ہونے والا ہے

    انہوں نے کہا کہ لندن میں دو گاڈ فادر اکٹھے ہوگئے، نواز شریف اور الطاف حسین، اب یہ دونوں بھائی لندن سے بیٹھ کر ٹیلی فونک خطاب کریں گے جس میں فوج کو برا بھلا کہیں گے اور مودی کی تعریف کریں گے، الطاف حسین کا وقت ختم ہوگیا اور زرداری کا وقت ختم ہونے جارہا ہے۔

    زرداری نے وفاقی پارٹی کو علاقائی پارٹی میں بدل دیا، شاہ محمود قریشی

    قبل ازیں خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا کہ دس سال سے یہاں پی پی کی حکومت ہے لیکن مجھے بتایا جائے کہ سندھ کے کس شہر میں کس قصبے میں پینے کا صاف پانی میسر ہے؟ وفاقی پارٹی کو زرداری نے علاقائی پارٹی میں تبدیل کردیا۔

    انہوں نے کہا کہ کراچی میں امن خراب ہو تو عوام سندھ پولیس پر اعتبار نہیں کرتے بلکہ رینجرز پر اعتبار کرتے ہیں، سندھ میں تعلیمی نظام زوال پذیر ہے، بارش ہوئی تو کراچی ڈوب گیا، پانی نکالنے کے لیے سندھ حکومت کو نہیں فوج کو بلانا پڑا، اگر یہی سب کچھ ہونا تو سندھ حکومت کیا کررہی ہے؟

    انہوں نے کہا کہ ہمیں آج سندھ حکومت کے خلاف آواز بلند کرنی ہوگی، پنجاب کے بعد اب سندھ کے لوگوں کے جاگنے کا وقت آگیا ہے۔

  • این اے 120 میں‌ ایک ہفتہ اور مل جاتا تو جیت جاتے، عمران خان

    این اے 120 میں‌ ایک ہفتہ اور مل جاتا تو جیت جاتے، عمران خان

    اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ این اے 120 میں ہم نے انتخابی مہم تاخیر سے شروع کی، ایک ہفتہ اور مل جاتا تو ن لیگ کا ووٹ بینک مزید کم کردیتے یا جیت جاتے، خوشی ہوئی نثار نے مریم نواز کے خلاف زبان کھولی، میں نااہل نہیں ہوسکتا میں اپنا حلال پیسہ باہر سے یہاں لایا ہوں۔

    یہ باتیں انہوں ںے اے آر وائی نیوز کے پروگرام آف دی ریکارڈ میں میزبان کاشف عباسی کو انٹرویو دیتے ہوئے کیں۔

    عمران خان نے کہا کہ این اے 120 سال 85ء سے ان کا گڑھ تھا، یہاں کے لیے مجھے کیوں نکالا کی مہم پوری ہوئی، سرکاری وسائل کا استعمال ہوا، وفاق اور صوبائی حکومت کے تمام فنڈز اس حلقے لگائے گئے، پورا زور لگایا جب بھی مزید 30 فیصد ووٹ کم ہوگئے۔

    انہوں نے کہا کہ الیکشن شیڈول جاری ہونے کے بعد آپ متعلقہ حلقے میں کوئی تعمیراتی کام نہیں کراسکتے لیکن سڑکیں بنیں، وزرا نے دورے کیے، فنڈز خرچ کیے گئے لیکن پھر بھی ووٹ بینک کم ہوا تو یہ ن لیگ کے لیے بہت بڑا دھچکا ہے۔

    کے پی کے حکومت پر کرپشن کے سوال پر انہوں نے کہا کہ یہ محض الزامات ہیں شواہد کوئی نہیں، انہوں نے کہا کہ حدیبیہ پیپرز ملز کا کیس اگر کھل جائے تو سارے بینک آکاؤنٹس کی تفصیلات اس میں سامنے آجائیں گی، ہم پر جو الزامات لگائے جارہے ہیں اس ضمن میں کوئی ثبوت تو دکھایا جائے۔

    ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ ضیا اللہ آفریدی سے دو بار ملا تھا اور اسے کہا کہ تم پر کرپشن کے الزامات آرہے ہیں مجھے وضاحت دو، اس نے مجھے کچھ نہیں، ڈ ی جی احتساب جنرل حامد نے مجھے کہا کہ ضیا اللہ غیر قانونی مائننگ کرارہا ہے اور پیسے بنارہا ہے، میرے رہنماؤں میں سے اگر کوئی کرپشن کررہا ہے آپ مجھے ایک کاغذ بھی اس ضمن میں دے دیں میں کارروائی کروں گا۔

    کاشف عباسی کے ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ کامیابی کے لیے مشاہدہ ضروری ہے، رات سونے سے قبل مشاہدہ کرلیا تھا کہ جیت بھی سکتے تھے یا ہارنے کا مارجن مزید کم کرسکتے تھے لیکن ہم نے کمپین شروع کرنے میں تاخیر کردی تھی ، ہم نے جب تک پیسہ اکٹھا کیا ایڈورٹائزنگ کا وقت نکل چکا تھا ہمارے ایم این ایز کو روک دیا گیا جب کہ دوسری جانب مریم نواز خود اور ان کے وزرا بھی انتخابی مہم چلا رہے تھے جو الیکشن کمیشن کو نظر نہیں آئی۔

    آٹھ ستمبر کے جلسے میں کرسیاں خالی تھیں اس سوال پر انہوں نے کہا کہ چھوٹے شہر میں دو دن کے نوٹس پر جلسہ ہوجاتا ہے جیسا کہ خوشاب میں لوگوں کا ہجوم تھا لیکن اندازہ ہوا کہ بڑے شہر میں جلسہ کرنے کے لیے پبلسٹی ضروری ہے، اس جلسے میں ٹھیک طرح سے لوگوں کو بتایا ہی نہیں کہ جلسہ ہورہا ہے۔

    انہوں نے پھر کہا کہ ہماری انتخابی مہم دیر سے شروع ہوئی کیوں کہ ہم نے فنڈریزنگ میں دیر کردی جب مہم چلنا شروع ہوئی تو الیکشن سر پر آگیا، ہمیں ایک ہفتے اور مل جاتا تو ن لیگ کا ووٹ بینک مزید کم کردیتے۔

    انہوں نے کہا کہ مجھے خوشی ہوئی کہ چوہدری نثار نے مریم نواز کے خلاف زبان کھولی کیوں کہ مریم نواز کی کیا قابلیت ہے؟نثار سے کوئی رابطہ نہیں ان پر شدید غصہ ہے، انہوں نے اس رات ہم پر جو شیلنگ کرائی اس کی اب تک تکلیف ہے، ان سے 40 سال کا تعلق ہے لیکن اس شیلنگ پر بہت تکلیف ہے۔


    انہوں نے کہا کہ ایک خاتون جس کا کوئی لینا دینا نہیں وہ شہزادی بن کر رہ رہی ہے، چوہدری نثار کی تعریف کرتا ہوں کہ کسی نے تو کوئی بات کہی۔

    آرٹیکل 62 اے کے سوال پر انہوں نے کہا کہ یہ شق غلط کام کرنے پر لگتی ہے ملک کا پیسہ چوری کرنے پر لگتا ہے، میں نے حلال طریقے سے باہر سے پیسہ کمایا اور پاکستان لے آیا کیسے مجھے کوئی نااہل کرسکتا ہے؟ اگر یہ رقم کینیڈا لے جاتا تو وہاں کی شہریت مل جاتی اور اسے خوش آمدید کہتے لیکن میں پیسہ یہاں لایا۔

  • عمران خان چوروں اورڈاکوؤں کا صفایا کرے گا، شیخ رشید

    عمران خان چوروں اورڈاکوؤں کا صفایا کرے گا، شیخ رشید

    سکھر : سینئر سیاستدان شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان اور اسفند یار ولی سے کوئی امید نہیں، امید ہے تو صرف عمران خان سے ہے، عمران خان آئے اورغریبوں کی حالت بدل دے، میری خواہش ہے کہ عمران خان چوروں اور ڈاکوؤں کا صفایا کردے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے سکھر میں پی ٹی آئی کے زیر اہتمام ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پرانہوں نے سندھی ٹوپی اوراجرک بھی زیب تن کی ہوئی تھی۔

    انہوں نے کہا کہ نااہل نواز شریف کے پاس قوم کی لوٹی ہوئی دولت ہے، اگر نوازشریف لوٹی ہوئی دولت واپس لےآئے تو پاکستان کو کسی سے قرضہ لینے کی ضرورت نہیں،۔

    نوازشریف دیوار کی طرف دیکھ کر کہتا ہے مجھے کیوں نکالا؟ میں کہتا ہوں کہ آپ کے کرتوت ہی ایسےہیں، تمہیں اس لئے نکالا کیوں کہ تم چورہو۔

    ان کا کہنا تھا کہ آئین کی شق 63،62تبدیل نہیں کرنے دیں گے، اگر یہ تبدیل ہوگئی تو میرانام نواز شریف یا شہبازشریف رکھ دینا، شیخ رشید کا کہنا تھا کہ نوازشریف کلبھوشن یادیو کا نام لینے سے بھی ڈرتا ہے، تم امریکا سےڈرتے ہو؟

    ان کا کہنا تھا کہ ٹرمپ کے بیان پر چین، روس نے بیان دیا لیکن نوازشریف کچھ نہیں بولے،سپرپاور صرف اللہ کی ذات ہے، اللہ کی طرف سے نوازشریف پکڑ میں آیا، نریندر مودی کان کھول کر سن لو! پاکستان کی طرف میلی آنکھ سےبھی نہیں دیکھنا، پوری قوم پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے۔

  • این اے 120: انتخابی مہم میں‌ عمران خان کی شرکت پر پابندی کو چیلنج کرنے کا فیصلہ

    این اے 120: انتخابی مہم میں‌ عمران خان کی شرکت پر پابندی کو چیلنج کرنے کا فیصلہ

    اسلام آباد: تحریک انصاف نے این اے 120 کی انتخابی مہم میں عمران خان کی شرکت پر پابندی کے فیصلے کو عدالت میں چیلنج کرنے کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی زیر صدارت پی ٹی آئی اجلاس ہوا جس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا جس کے مطابق اجلاس میں این اے 120 میں ضمنی انتخاب سے متعلق اہم فیصلہ کیا گیا۔

    اعلامیے کے مطابق پارٹی سربراہ پر انتخابی مہم میں شرکت پر پابندی بلاجواز ہے، سربراہ اپوزیشن پارٹی کو عوام میں جانے سے روکنے کا فیصلہ ناقابل فہم ہے، انتخابی مہم میں عمران خان کی شرکت پر پابندی پر قانونی چارہ جوئی کی جائے گی۔

    ڈینگی کا معاملہ، پنجاب حکومت کو جواب دیا جائے گا

    اعلامیے کے مطابق تحریک انصاف کا ڈینگی کے معاملے میں پنجاب حکومت کو جواب دینے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔

    راجن پور میں اہلکاروں کا اغوا، آپریشن میں کے پی کے پولیس کا شامل کرنے کی پیشکش

    اجلاس میں راجن پور سے پولیس اہلکاروں کے اغواکا معاملہ بھی اٹھایا گیا، اہلکاروں کی بازیابی کے لیے پختونخوا پولیس کی خدمات پیش کرنے کا اعلان کیا گیا اور کہا گیا کہ سیاسی مداخلت کے باعث پنجاب پولیس پیشہ ورانہ طور پر مفلوج ہے اس لیے کے پی کے پولیس کی خدمات حاصل کرنے کی دعوت دیتے ہیں۔

    سندھ حکومت سکھر جلسے میں رکاوٹیں ڈال رہی ہے، شرکا

    شرکا نے عمران خان کے دورہ سندھ پر بھی تبادلہ خیال کیا اور کہا کہ سندھ حکومت تحریک انصاف کے جلسے میں رکاوٹیں ڈال رہی ہے، پختونخوا میں پیپلز پارٹی کی سرگرمیوں میں کوئی رکاوٹ نہیں ڈالی،

    سندھ حکومت کی جانب سے سکھری میں ہمارے 25 اگست کے جلسے کے خلاف اقدامات کی مذمت کرتے ہیں۔

  • این اے 120: فضل الرحمن نے ن لیگ کی حمایت کردی

    این اے 120: فضل الرحمن نے ن لیگ کی حمایت کردی

    لاہور: مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ این اے 120 میں مسلم لیگ کی حمایت کررہے ہیں، نیب پر ہمارا اعتماد نہیں، تحریک انصاف نے خیبرپختون خوا کو کچھ نہیں دیا، اس کا وہاں کوئی مستقبل نہیں۔

    میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ جنرل مشرف کے زمانے میں جب نیب بنا تو اس وقت سے اب تک ہمارا اس پر اعتماد نہیں ، اس ادارے کو ہم سیاست دانوں کے خلاف ایک انتقامی ادارہ تصور کرتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ہر پارٹی عوام میں جانے کا حق رکھتی ہے اور ساری جماعتیں عوام میں جائیں گی، عوام کی تائید سے ہم آگے آئیں گے، ہماری جماعت این اے 120 کی انتخابی مہم میں مسلم لیگ ن کے ساتھ ہے، ہم ن لیگ کے اتحادی رہے ہیں تو اخلاقی طور پر بھی ہمارا وہاں کوئی امیدوار نہیں ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کا خیبر پختون خوا میں کوئی مستقبل نہیں ہے اور پہلے بھی نہیں تھا، پی ٹی آئی نے کے پی کے کو کچھ ڈیلیور نہیں کیا۔

    ویڈیو دیکھیں:

    ان کا کہنا تھا کہ وہ پشتون علاقہ ہے وہاں پر مذہب کی جڑیں بہت گہری ہیں، انہیں اکھاڑ پھینکنے کےلیے مغربی تہذیب کی نمائندگی کے ساتھ پی ٹی آئی کو مسلط کیا گیا لیکن وہ کچھ نہ کرسکے تو ان کی بین الاقوامی امداد بھی بند ہوگئی۔

  • این اے120: پی ٹی آئی کا شہبازشریف کے مد مقابل امیدوارلانے کا فیصلہ

    این اے120: پی ٹی آئی کا شہبازشریف کے مد مقابل امیدوارلانے کا فیصلہ

    لاہور: پی ٹی آئی نے این اے120پر خالی ہونے والی نشست کے ضمنی انتخاب میں شہباز شریف کے مد مقابل اپنا امیدوار لانے کا فیصلہ کرلیا ہے، وزیر اعظم کی نااہلی کے بعد حلقے کے عوام کا موڈ بھی بدلا بدلا سا لگ رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نوازشریف کی وزارت عظمیٰ سے نااہلی کے بعد ان کی قومی اسمبلی کی خالی ہونیوالی نشست این اے120پر مسلم لیگ ن نے شہباز شریف کو کامیاب کروا کے وزیراعظم بنانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

    مسائل میں گھرے این اے ایک سو بیس کےعوام کا موڈ اب کچھ اور ہی لگ رہا ہے، این اے ایک سو بیس لاہور پر انتخابی دنگل ہونے جارہا ہے، وزیراعلٰی پنجاب شہبازشریف اس نشست سے قومی اسمبلی میں پہنچ کر وزارت عظمٰی کی نشست پر براجمان ہوں گے لیکن اس دریا کو پارکرنا اتنا بھی آسان نہ ہوگا، کیونکہ تحریک انصاف اس بار پھر رکاوٹ بنے گی۔


    مزید پڑھیں: شاہد خاقان عباسی عبوری اور شہباز شریف مستقل وزیراعظم نامزد


    پی ٹی آئی نے یاسمین راشد کو مدمقابل امیدوار نامزد کردیا، عام انتخابات میں پی ٹی آئی کی ڈاکٹر یاسمین راشد نےنوازشریف کا مقابلہ کیا تھا اورچالیس ہزار سےزائد ووٹوں سے ناکام رہیں۔

    اس بار حلقے کےلوگوں کا موڈ کچھ مختلف نظرآرہا ہے دیکھنا یہ ہے کہ شہبازشریف اس حلقے سےجیت کر وزیراعظم بنتےہیں یا یاسمین راشد ان کا خواب چکنا چور کردیتی ہیں۔

  • مخدوم شہاب الدین پی ٹی آئی میں‌ شمولیت کے لیے تیار

    مخدوم شہاب الدین پی ٹی آئی میں‌ شمولیت کے لیے تیار

    اسلام آباد: پی ٹی آئی پیپلز پارٹی کی ایک اور وکٹ گرانے کے لیے تیار ہوگئی، سابق پی پی رہنما مخدوم شہاب الدین نے تحریک انصاف میں شمولیت کا عندیہ دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر مخدوم شہاب الدین نے پی پی چھوڑ کر تحریک انصاف میں شامل ہونے کا عندیہ دے دیا۔

    ذرائع کا کہنا ہےکہ وہ شمولیت پر تیار ہوگئے ہیں تاہم انہوں نے شمولیت کےلیے پہلے اپنے حلقہ انتخاب کے ووٹرز کو اعتماد میں لینے کا وقت طلب کیا ہے۔

    امکان ہے کہ وہ جلد پی ٹی آئی کے کسی بڑے سینئر رہنما کے ساتھ جلد پریس کانفرنس کریں گے اور تحریک انصاف میں اپنی باضابطہ شمولیت کا اعلان کریں گے۔

  • پی ٹی آئی کا سربراہ تبدیل کردیں، سب ٹھیک ہوجائے گا، فضل الرحمان

    پی ٹی آئی کا سربراہ تبدیل کردیں، سب ٹھیک ہوجائے گا، فضل الرحمان

    لاہور : جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ پاناما کیس کی جے آئی ٹی متنازع ہوچکی ہے، اس کی رپورٹ پر عدالت کیا فیصلہ دے گی؟ عمران خان کے بیانات پرکیا تبصرہ دیں سمجھ نہیں آتا۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں جمعیت علمائے اسلام ف کی مرکزی عمومی کونسل کے اجلاس کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

    مولانا فضل الرحمان نے پاناما کیس کے حوالے سے کہا کہ جو کچھ ہو رہا ہے عدالت کے دائرے میں ہو رہا ہے لیکن جے آئی ٹی متنازع بن چکی ہے اور اس کی متنازع رپورٹ کے عدلیہ پر کیا اثرات پڑیں گے، یہ سارے سوالات ابھی تک موجود ہیں۔

    مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ دھرنوں کے دوران ثالث کا کردار ادا نہیں کیا تھا بلکہ میاں نواز شریف کے ساتھ کھڑے تھے، ایک صحافی نے سوال کیا کہ اگر وزیر اعظم نواز شریف کو نااہل کردیا جاتا ہے تو آپ کہاں کھڑے ہونگے؟ اس سوال پر مولانا فضل الرحمن ناراض ہو گئے اور سوالات کے جواب دیئے بغیر چلے گئے۔

    انہوں نے سربراہ تحریک انصاف عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کے بیانات پرکیا تبصرہ دیں سمجھ نہیں آتا۔

    مولانا فضل الرحمن نے پنجاب اسمبلی میں چیئرمین کشمیر کیمٹی کو ہٹائے جانے کے سوال پر کہا کہ کشمیر کمیٹی کو نہیں پی ٹی آئی کے سربراہ کو تبدیل کردیں سب خیرخیریت ہوجائے گی، سازشوں کا کہنے والے بتائیں ملک میں ہورہی ہے یا باہر؟


    مزید پڑھیں: فاٹا اصلاحات کا بل منظور نہیں ہونے دینگے، فضل الرحمان


    ایک سوال کے جواب میں مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ کشمیر پر ہمارا مؤقف واضح ہے، کشمیری بھائیوں کےشانہ بشانہ ہیں، کشمیری بھائیوں کے حق خود ارادیت کی مکمل حمایت کرتے ہیں، برہان وانی کو بے دردی کے ساتھ شہید کیا گیا تھا جوانتہائی قابل مذمت ہے۔

  • جمشید دستی کی رہائی، پی ٹی آئی کی وکلاء کو ہدایات جاری

    جمشید دستی کی رہائی، پی ٹی آئی کی وکلاء کو ہدایات جاری

    اسلام آباد: پی ٹی آئی نے جمشید دستی کی رہائی کیلئے درخواست ضمانت دائر کرنے کا فیصلہ کرلیا، بابر اعوان نے قانونی ٹیم کو ضروری ہدایات دے دیں۔

    تفصیلات کے مطابق ڈنگا کینال کھولنے کے جرم میں گرفتار رکن قومی اسمبلی جمشید دستی کو پاکستان تحریک انصاف نے رہائی دلانے کیلئے درخواست ضمانت دائرکرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    اس حوالے سے پی ٹی آئی کے رہنما ڈاکٹر بابر اعوان ایڈووکیٹ نے اپنی قانونی ٹیم کو ضروری ہدایات بھی جاری کردی ہیں۔

    ڈاکٹر بابر اعوان نے صحافیوں سے گفتگو میں بتایا کہ جمشید دستی نے اپنے وکلا کے ذریعے خصوصی پیغام بھجوایا ہے، ان کی رہائی کیلئے پیرکو درخواست ضمانت دائر کی جائے گی۔

    ان کاکہنا تھا کہ کل پی ٹی آئی کے وکلا کو جمشید دستی سے ملاقات کی ہدایت کی گئی تھی، 5رکنی قانونی کمیٹی نے ڈسٹرکٹ جیل سرگودھا میں جمشید دستی سے ملاقات کرکے دیگر تفصیلات حاصل کیں۔


    مزید پڑھیں: تشدد کیا جارہا ہے، 6 دن سے بھوکا ہوں، جمشید دستی


     بابر اعوان کے مطابق 40منٹ کی ملاقات میں جمشید دستی سے وکالت نامہ بھی حاصل کیا گیا، انہوں نے کہاکہ جیل حکام کو جمشید دستی پر تشدد سے باز رہنے کا کہا گیا ہے۔

  • پارٹی فنڈنگ کیس: سماعت ملتوی کرنے کی درخواست مسترد

    پارٹی فنڈنگ کیس: سماعت ملتوی کرنے کی درخواست مسترد

    اسلام آباد: الیکشن کمیشن میں پاکستان تحریک انصاف کے وکیل کی جانب سے پارٹی فنڈنگ کیس کی سماعت ملتوی کرنے کی درخواست چیف الیکشن کمشنر نے مسترد کردی۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن میں تحریک انصاف پارٹی فنڈنگ کیس کی سماعت کے دوران تحریک انصاف کے وکیل نے سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کرنے کی استدعا کی اور کہا کہ الیکشن کمیشن کے حکم کو ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا ہے۔

    چیف الیکشن کمشنر نے استفسار کیا کہ کیا عدالت نے کوئی حکم امتناع جاری کیا ہے۔ وکیل نے بتایا کہ کل ہائیکورٹ میں پٹیشن پر سماعت ہوگی۔

    بعد ازاں چیف الیکشن کمشنر کا کہنا تھا کہ کوئی حکم امتناع نہیں تو سماعت کس طرح ملتوی کریں۔ آپ کو جواب جمع کروانے کا آخری موقع دیا تھا۔

    تحریک انصاف کے وکیل نے کہا کہ سپریم کورٹ میں بھی اسی نوعیت کی درخواست پر روزانہ کی بنیاد پر سماعت ہو رہی ہے۔ الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کی استدعا مسترد کرتے ہوئے سماعت کل تک ملتوی کردی۔