کندھ کوٹ: تحریک انصاف کا سندھ کے علاقے کندھ کوٹ میں جلسے کا پنڈال سج گیا، عمران خان جلسہ گاہ پہنچ گئے، عمران خان نے الزام عائد کیا ہے کہ کارکنوں کو جلسے میں آنے سے روکا جارہا ہے۔
اطلاعات کے مطابق جلسے میں شرکت کے لیے پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان خصوصی طیارے کے ذریعے سکھر ائیر پورٹ پہنچے جہاں سے وہ جلسہ گاہ پہنچ گئے۔
عمران خان کا سکھر ایئر پورٹ پہنچنے پر کارکنان نے استقبال کیا، عمران خان کا میڈیا سے بات چیت میں کہنا تھا کہ انتظامیہ لوگوں کو جلسہ گاہ آنے سے روک رہی ہے، انتظامیہ کی جانب سے جلسے کیلئے ہمیں اسٹیڈیم بھی نہیں دیا گیا۔
پی ٹی آئی کے رہنما عارف علوی نے کہا کہ کندھ کوٹ کا جلسہ دادو سے بھی بڑا ہے، سندھ حکومت خوف زدہ ہوگئی،گراؤنڈ میں جلسہ نہیں کرنے دیا جارہا۔
انہوں نے کہا کہ کندھ کوٹ کے باہر پولیس کارکنان کی گاڑیاں روک رہی ہے، حکومت کو پیغام دیتا ہوں کارکنان کو روکا گیا تو انجام اچھا نہیں ہو گا۔
پی ٹی آئی ذرائع کا کہنا ہے کہ جلسے کےلیے سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات ہوں گے،جلسے کی تیاریاں جاری ہیں،پنڈال میں 20ہزار سے زائد کرسیاں لگادی ہیں،ساﺅنڈ سسٹم بھی پہنچا دیا گیا ہےجبکہ مرکزی اسٹیج کی تیاری بھی مکمل ہوچکی ہے۔
جلسے کے دوران اندرون سندھ سے کئی اہم رہنماﺅں کا تحریک انصاف میں شمولیت کا امکان ہے۔
اسلام آباد: تحریک انصاف نے وزیراعظم سے جواب مانگ لیا ہے کہ کلبھوشن کا مقدمہ لڑنے کے لیے آخر خاور قریشی ہی کو کیوں چنا گیا؟
اطلاعات کے مطابق تحریک انصاف نے وزیراعظم کو ایک خط لکھا ہے جس میں کہا ہے کہ کلبھوشن یادیو کے مقدمے کی پیروی کے لیے آخر خاور قریشی ہی کو کیوں چنا گیا؟ اٹارنی جنرل آف پاکستان کو کیوں نہیں بھیجا گیا۔
پی ٹی آئی نے سوال کیا ہے کہ عالمی عدالت انصاف جانے کے لیے خاور قریشی کو کس تجربے کی بنیاد پر ذمہ داری سونپی گئی؟
خط میں پی ٹی آئی نے خاور قریشی کو مقرر کرنے اور دیگر اہم وکلا کو نظر اندا ز کرنے کی وجوہات بھی پوچھ لیں۔
خط میں کہا گیا کہ قطری پس منظر رکھنے والے خاور قریشی آپ کے قطری روابط کو مشکوک بنارہے ہیں۔
دریں اثنا خط میں پی ٹی آئی نے سجن جندال سے ہونے والی ملاقات کی تفصیلات بھی مانگ لی ہیں۔
خیال رہے کہ عالمی عدالتِ انصاف میں پاکستان کی جانب سے کلبھوشن کیس لڑنے والے خاور قریشی بھارت کے وکیل رہ چکے ہیں، کانگریس نے 2004ء میں انہیں ایک مقدمے کے لیے مقرر کیا تھا۔
سرگودھا: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ڈان لیکس کی رپورٹ پارلیمنٹ میں پیش کی جائے، فوج کے خلاف خبر چھپتی ہے لیکن ذمہ داروں کے خلاف کارروائی نہیں ہوتی، عالمی سازش کے تحت فوج کے خلاف پروپیگنڈا کیا جارہا ہے، فوج مجبور ہے کیوں کہ نوازشریف کے ماتحت ہے۔
معصوم کشمیری بچیاں بھارتی فوج کے سامنے کھڑی ہیں
عمران خان نے کہا کہ کشمیری عوام کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں،کشمیر میں معصوم بچیاں آزادی کے لیے بھارتی فوج کے سامنے کھڑی ہیں، وہ دن دور نہیں جب کشمیر کے لوگوں کو آزاد ہوتے دیکھیں گے کیوں کہ کشمیر باشندے طویل عرصے سے قربانیاں دے رہے ہیں۔
شہباز شریف کا نام ڈرامہ شریف رکھ دیا
عمران خان نے لوڈ شیڈنگ پر حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا اور شہباز شریف کا نیا نام ڈرامہ شریف رکھ دیا۔
وزیر اعظم کہتے ہیں ان کے جلسے کا شامیانہ ایک میل لمبا ہے
انہوں نے کہا کہ قائد اعظم جب تقریر کرتے تو لوگ کہتے جو وہ آپ کہہ رہے ہیں سچ ہے لیکن آپ کا وزیر اعظم آپ سےجھوٹ بول رہا ہے،لیہ میں شامیانے میں جلسہ ہوا تو وزیر اعظم کہتے ہیں شامیانہ ایک میل لمبا ہے، آئین میں لکھا ہےکہ لیڈر کو صادق اور امین ہونا چاہیے لیکن آپ کا وزیراعظم آپ کے سامنے ہی جھوٹ بول رہا ہے۔
آٹھ برس بعد سعودی شہزادے نے وہ معاہدہ دکھایا جو نواز شریف نے کیا
عمران خان کا کہنا تھا کہ نواز شریف 8سال تک قوم کو دھوکا دیتے رہےکہ کوئی معاہدہ نہیں کیا اور 8سال بعد سعودی شہزادے نے معاہدے سے پردہ اٹھایا،شہزادے نے وہ معاہدہ دکھایا جس میں نواز شریف دستخط کرکے سعودی عرب گئے۔
مے فیئر فلیٹس کے ثبوت اب تک نہ ملے
انہوں نے کہا کہ مے فیئر میں نواز شریف اور بچوں کے فلیٹس کا پوری دنیا کو علم ہوگیا،پانامالیکس کیس میں کسی جج نے بھی قطری خط قبول نہیں کیا،قطری خط قبول نہ کرنے کا مطلب یہ ہے کہ وزیر اعظم جھوٹے ہیں، مے فیئر کے فلیٹ کیسے خریدے گئے ثبوت نہیں دیے گئے۔
تو پھر گیلانی سے کیوں استعفیٰ مانگا؟
انہوں نے کہا کہ یوسف رضا گیلانی کا کیس شروع ہوا تو ان سے کیوں استعفیٰ مانگا؟قطری خط فراڈ نکلا،جےآئی ٹی بھی سماعت کررہی ہے،آپ بھی استعفیٰ دیں، میاں صاحب آپ سے گریڈ 17 کا افسر تفتیش کرے گا،مستعفی ہوجائیں۔
عالمی سازش کے تحت پاک فوج کے خلاف پروپیگنڈا کیا جاتا ہے
ان کا کہنا تھا کہ افغانستان میں دہشت گردی ہوتی ہے تو الزام پاک فوج پر لگایا جاتا ہے،بھارت میں کچھ بھی ہوجائے پاک فوج پر الزام لگتا ہے ،کشمیر میں آزادی کی تحریک زور پکڑ چکی ہے،اس کا الزام بھی پاک فوج پر لگایا جارہا ہے، عالمی سازش کے تحت پاک فوج کے خلاف پروپیگنڈا کیا جاتا ہے،کشمیریوں کی تحریک سے توجہ ہٹانے کے لیے پاک فوج کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔
فوج کے خلاف خبر چھپتی ہے لیکن ذمہ داروں کے خلاف کارروائی نہیں ہوتی
عمران خان نے کہا کہ وزیراعظم ہاؤس میں اہم اجلاس ہوتا ہے اور اگلے دن خبر چھپ جاتی ہے،اس خبر میں بھی پاک فوج کے خلاف زہر اگلا جاتا ہے، فوج کے خلاف خبر چھپتی ہے اور ذمہ داروں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں ہوتی، ایسی خبر کسی اور ملک میں چھپی ہوتی تو ذمہ دار پھانسی پر لٹکائے جاتے۔
پاک فوج ہر محاذ پر لڑ رہی ہے
انہوں نے کہا کہ ڈان لیکس سیاست نہیں بلکہ قومی مسئلہ ہے،پاک فوج ہر محاذ پر لڑ رہی ہے اور ان کے خلاف پروپیگنڈا کیا جارہا ہے،جو لوگ کہتے ہیں کہ فوج پیچھے ہٹ گئی ان کو جواب دینا چاہتا ہوں کہ پاک فوج ہر محاذ پر لڑ رہی ہے اور اس کے خلاف پروپیگنڈا کیا جارہا ہے،آپ بتائیں فوج کیا کرتی؟ کیا فوج مارشل لا لگا دیتی؟
پاک فوج وزیراعظم کے ماتحت ہے اور مجبور ہے
عمران خان نے کہا کہ پاک فوج وزیراعظم کے ماتحت ہے وہ مجبور ہے،جو بھی نواز شریف کے خلاف کھڑا ہوتا ہے یہ اس کو خرید لیتا ہے اور نواز شریف جس کو خرید نہیں سکتا اس کے خلاف کیسز کرتا ہے، نواز شریف نے نے مجھے بھی خریدنےکی کوشش کی،مطالبہ کرتے ہیں کہ ڈان لیکس کی رپورٹ پارلیمنٹ میں پیش کی جائے۔
پنجاب پولیس کو جان بوجھ کر ٹھیک نہیں کیا جاتا
انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کی طرح پورے ملک کی پولیس بہتر ہوسکتی ہے،یہ لوگ جان بوجھ کر پنجاب کی پولیس ٹھیک نہیں کرنا چاہتے،پولیس اس لیے ٹھیک نہیں کرتے کیونکہ ان کی سیاست ختم ہوجائے گی،پولیس ٹھیک ہوگئی تو ان کی تھانہ کچہری سیاست ختم ہوجائے گی۔
نواز شریف کے وکیل بیرون ملک پاکستانیوں کو محب وطن نہیں سمجھتے
عمران خان نے کہا کہ نواز شریف نے تمام اداروں میں اپنے لوگوں کو بٹھا دیا ہے، نواز شریف کسی ادارے میں میرٹ پر لوگوں کو نہیں لائے،ان کے وکیل بیرون ملک پاکستانیوں کو محب وطن نہیں سمجھتے،آئی پی پیز کو دی گئی رقم میں 62 ارب روپے کرپشن کا انکشاف ہوا،ہم جانتے ہیں کہ ان آئی پی پیز میں وہ لوگ تھے جنہوں نے آپ کو پیسہ دیا۔
اطلاعات کے مطابق سرگودھا میں تحریک انصاف کے کارکنوں کی بڑی تعداد جلسہ گاہ میں موجود تھی جنہوں نے قومی اور پارٹی پرچم بلند کررکھے تھے ساتھ ہی خواتین کارکنوں کی بھی بڑی تعداد موجود تھی۔
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سمیت پی ٹی آئی جہانگیر ترین،شاہ محمود قریشی اور دیگر جلسہ گاہ کے اسٹیج پر موجود تھے۔
شاہینوں کے شہر پر گدھوں نے قبضہ کیا ہوا ہے، شیخ رشید
قبل ازیں خطاب کرتے ہوئے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ شاہینوں کے شہر پر گدھوں نے قبضہ کیا ہوا ہے، نواز شریف بھی کلبھوشن کو پھانسی سے نہیں بچا سکتے۔
نواز شریف کو پاک فوج کا امیج خراب کرنے کا ٹاسک ملا ہوا ہے
انہوں نے کہا کہ ڈان لیکس میں اصل مجرموں کو بچا لیا گیا، آپ نےجمہوری اداروں کو قومی سلامتی کے اوپر مسلط کردیا، نواز شریف کو پاک فوج کا امیج خراب کرنے کا ٹاسک ملا ہوا ہے لکن نواز شریف جان لیں ساری قوم پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے۔
ان لوگوں نے نندی پور اور قائد اعظم سولر پلانٹ بیچ دیا
ان کا کہنا تھا کہ وزیر خزانہ نے نواز شریف کے لیے منی لانڈرنگ کا بیان دیا،ان لوگوں نے نندی پور اور قائد اعظم سولر پلانٹ بیچ دیا،نواز شریف کے ہوتے ہوئے بجلی کبھی نہیں آئےگی، نواز شریف نے جس دن سچ بول دیا ان کی سیاست کا آخری دن ہوگا۔
دریں اثنا شیخ رشید نے جلسہ گاہ میں گو نواز گو کے نعرے لگوادیے ۔
پاک فوج کے ساتھ قوم بھی سپاہی کے طور پر کھڑی ہوگی، شاہ محمود قریشی
تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پوری قوم پاک فوج کےساتھ ہے، جارحیت کی کوشش کی تو چپے چپے کا دفاع کریں گے، پاک فوج کے ساتھ قوم بھی سپاہی کے طور پر کھڑی ہوگی۔
ڈان لیکس کی رپورٹ پر سوال کرنا ہمارا حق ہے، قریشی
انہوں نے کہا کہ ڈان لیکس میں خبر کیا پی ٹی آئی نے چھپوائی تھی؟ ڈان لیکس میں جو کچھ ہوا اس پر ہم سوال کرنے کا حق رکھتے ہیں، حکومت سے مطالبہ کرتا ہوں کہ ڈان لیکس کی رپورٹ پبلک کرے۔
رپورٹ قومی اسمبلی میں پیش کی جائے
انہوں نے کہا کہ ڈان لیکس پر آپ کی رپورٹ کو صحیح تسلیم کرتاہوں لیکن ڈان لیکس پر آپ کی رپورٹ کو قومی اسمبلی میں پیش کیا جائے۔
جندال پاکستان کیوں آیا تھا؟ اب واضح ہورہا ہے
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ جندال پاکستان کیوں آیا تھا صورتحال اب واضح ہورہی ہے، ایک طرف پیغامات آرہے ہیں تو دوسری طرف بھارت عالمی عدالت جارہا ہے، سجن جندال نواز شریف کے پاس کون ساپیغام لے کر آیا تھا؟
جندال یہ کہنے آیا تھا کہ بھارت عالمی عدالت جارہا ہے
کیا سجن جندال یہ کہنے آیا تھا کہ بھارت عالمی عدالت میں جارہا ہے؟ سجن جندال کہیں بھارتی جاسوس کلبھوشن کو بچانے تو نہیں آیا تھا؟
اسلام آباد : پی ٹی آئی نے اسلام آباد میں ہونے والا جلسہ ملتوی کردیا، جے آئی ٹی رپورٹ آنے کے بعد جلسے کے انعقاد کا فیصلہ کیا جائے گا۔
تفیصلات کے مطابق پاناما کیس کے تاریخی فیصلے کے بعد پی ٹی آئی نے اسلام آباد میں جلسہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ پی ٹی آئی نے جلسے سے متعلق انتظامات بھی شروع کر رکھے تھے۔
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی زیر صدارت پارٹی قیادت کا اجلاس ان کی رہائش گاہ بنی گالہ میں منعقد ہوا، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کل اسلام آباد میں ہونے والا جلسہ منسوخ کردیا جائے۔
پارٹی کے مشاورتی اجلاس میں جہانگیرترین، شاہ محمودقریشی، نعیم الحق، شیریں مزاری، عثمان ڈار، فیصل جاوید، شہزاد وسیم، اسد عمر شریک ہوئے، اجلاس میں پانامالیکس کیس کےفیصلے کے قانونی نکات پر مشاورت کی گئی۔
ایک سال سے زائد عرصہ تک سیاسی منظر نامے پر بھونچال مچانے والے پاناما پیپرز اسکینڈل کا فیصلہ آج سنا دیا گیا ہے۔ سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں جے آئی ٹی تشکیل دینے اور 60 روز میں تحقیقات مکمل کرنے کا حکم دیا ہے۔
پانچ ججز کے فیصلے میں دو ججوں نے نواز شریف کو ناہل قرار دیا جبکہ تین ججوں نے جے آئی ٹی تشکیل دینے کا فیصلہ دیا، واضح رہے کہ سپریم کورٹ کی جانب سے فیصلہ آنے کے بعد کل قومی اسمبلی کا اجلاس طلب کیا گیا ہے۔
عدالتی فیصلے پر اپنے رد عمل میں عمران خان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے نے نواز شریف کی ساری کہانی مسترد کردی، وزیراعظم اب اپنے منصب پر رہنے کااخلاقی جواز کھو چکے ہیں، لہٰذا وزیراعظم اپنے عہدے سے فوری طور پر الگ ہوں۔
یاد رہےکہ گزشتہ روزچیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے بنی گالہ میں اپنی پارٹی کی کورکمیٹی کےاجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھاکہ پاناما کیس کے فیصلے کا اثر پورے پاکستان پرمرتب ہوگا جو منظر نامے کو بدل کر رکھ دے گا۔
انہوں نے کہا تھا کہ پورا ملک پاناما کیس کے فیصلے کا شدت سے انتظار کر رہا ہے جس کے لیے تحریک انصاف نےتاریخی جدوجہد کی جس پراپنے ایک ایک کارکن کوخراج تحسین پیش کرتا ہوں جن کی جدو جہد رنگ لانے والی ہے۔
واضح رہےکہ گزشتہ روز وزیراعظم کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا تھا کہ میں نے اپنے والد اور اہلِ خانہ میں سے ایک بھی فرد کے چہرے پر پریشانی کے اثرات نہیں دیکھے یہ تب ہوتا ہے جب دامن صاف ہو اور معاملات اللہ پر چھوڑ دیے جائیں۔
Not for once have I seen my father or any member of the family anxious or concerned. That’s what happens when u entrust yr matters to Allah.
اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ پاناما کیس میں وزیراعظم کی نااہلی یقینی دکھائی دے رہی ہے، فیصلہ بچوں کے خلاف آیا تب بھی وہ وزیراعظم کے خلاف ہی ہوگا۔
اطلاعات کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے پاناماکیس میں پی ٹی آئی کے وکیل بابراعوان نے ملاقات کی اور کیس کے فیصلے سے متعلق تبادلہ خیال کیا۔
ملاقات میں پاناما کیس کے فیصلے کے بعد کی آئینی و قانونی حکمت عملی پر مشاورت کی گئی۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ پوری قوم پاناما لیکس کے مقدمے کے فیصلے کا انتظار کر رہی ہے، فیصلہ آنے کے بعد قوم شکر ادا کرےگی، مقدمے میں وزیراعظم کی نااہلی یقینی دکھائی دے رہی ہے،فیصلہ بچوں کے خلاف بھی آیا تو وزیراعظم کے خلاف ہوگا۔
عمران خان نے مزید کہا کہ آرٹیکل 62 اور 63 کی اصل تشریح پاناماکیس میں ہوگی، پاناما کے فیصلے میں 62 اور 63 کی تشریح سرجیکل ہوگی،اپوزیشن،فوج،میڈیا اور قوم کو انصاف پر مبنی فیصلے کا انتظار ہے۔
نواز شریف کے بچوں نے کمائی والد کے وزیراعظم بننے کے بعدکی
بابر اعوان نے کہا کہ نواز شریف کے بچوں نے کمائی والد کے وزیراعظم بننے کے بعدکی، ایک وزیر نواز شریف کو سیاست سے نااہل کرانا چاہتا ہے، وزیر کہہ رہا ہے کہ قوم نواز شریف کے خلاف فیصلہ قبول نہیں کرے گی، وہ وزیر دراصل اندرون خانہ چھوٹے بھائی کو موقع دلانا چاہتا ہے۔
بابر اعوان نے مزید کہا کہ پانامالیکس سےمتعلق کیس کافیصلہ تاریخی ہوگا۔
اسلام آباد : الیکشن کمیشن کو مکمل خود مختاربنایا جائے، نگراں حکومت کے لئے پارلیمانی کمیٹی ہونی چاہیئے، پی ٹی آئی نےانتخابی اصلاحات کمیٹی کو نئی تجاویزپیش کردیں۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن 2018ء کو شفاف بنانے کے لیے کیا کیا اقدامات کیے جائیں اس حوالے سے پی ٹی آئی نے الیکشن کمیشن کی انتخابی اصلاحات کمیٹی کو نئی تجاویزپیش کردیں۔
تحریک انصاف نے تجویز دی ہے کہ نگراں حکومت کے لیے پارلیمانی کمیٹی تشکیل دی جائے، کمیٹی کے پچاس فیصد رکن حکومت پچاس فیصد اپوزیشن سے لیے جائیں۔ الیکشن کمیشن کومالی اورانتظامی طور پرخود مختاربنایا جائے۔
یہ تجویزبھی دی گئی ہے کہ سیکریٹری الیکشن کمیشن کی تعیناتی الیکشن کمیشن خود کرے، جبکہ ممبران کی تعیناتی پارلیمانی کمیٹی کرے۔ انتخابات الیکٹرونک ووٹنگ مشین سے کرانےکے اقدامات کی تجویز کے ساتھ کہا گیا ہے کہ ووٹرزکی بائیو میٹرک ویری فکیشن کو بھی یقینی بنایا جائے اور سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کاحق دیاجائے۔
پی ٹی آئی کامزید کہنا ہے ریٹرننگ افسر انیس گریڈ کا افسر ہونا چاہئے، دفاعی اداروں سمیت تمام محکموں سے ریٹرننگ افسر لیے جائیں اور تمام پولنگ اسٹیشنزکےاندر اورباہر فوج تعینات کی جائے۔
بنوں: چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ ملک کی سیاست میں مولانا فضل الرحمان ماضی بن چکے ہیں، فاٹا انضمام کےخلاف وہ کچھ بھی کرلیں فرق نہیں پڑے گا.
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے بنوں میں بلین ٹری منصوبے کا افتتاح کیا، اس موقع پر انہوں نے کہا کہ بلین ٹری منصوبہدنیا کا ایک بڑا منصوبہ ہے، منصوبے کے لئے بیرون ممالک سے پودے درآمد کیےجا رہے ہیں، اب تک 80 کروڑ پودے لگائے جا چکے ہیں، اس پروجیکٹ سے 5 لاکھ لوگوں کو روزگار ملا ہے.
عمران خان نے مولانا فضل الرحمان کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں کہا کہ ملک کی سیاست میں مولانا فضل الرحمان ماضی بن چکے ہیں، فاٹا انضمام کےخلاف وہ کچھ بھی کرلیں فرق نہیں پڑے گا،اس میں کوئی دو رائے نہیں ہے کہ فاٹا کے عوام کا بھی پاکستان پورا حق ہے۔
ٍخیال رہے کہ فروری 2015 میں پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان سونامی ٹری مہم کا آغاز کیا تھا، انہوں نے کہا تھا کہ کے پی کے میں جنگلات کو بچانے کے لئے مقامی لوگوں پر مشتمل نگہبان ٹاسک فورس بنائی جائے گی.
شجرکاری مہم کے دوران حکومتی سرپرستی کے ذریعے مقامی افراد کو نرسریز بنا کر دی جائیں گی جن سے صوبے کے جنگلات میں ایک ارب درخت لگائیں جائیں گے۔
لاہور: پاکستان تحریک انصاف نے پاناما لیکس پر کمیشن قبول کرنے کا عندیہ دے دیا، رہنما پی ٹی آئی نعیم الحق کہتے ہیں کہ عدالت اگر کمیشن بھی بناتی ہے تو قبول ہوگا۔
یہ بات رہنما پی ٹی آئی نعیم الحق اور اعجاز چوہدری نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔رہنما پاکستان تحریک انصاف نے کہا ہے کہ پاناما کیس میں عدالت پر مکمل اعتماد ہے عدالت اگر پاناما کیس میں کمیشن بھی بنادے تو ہمیں قبول ہوگا۔
حالیہ دہشت گردی کی کارروائیوں پر انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے ذمہ دار وزیر اعلیٰ پنجاب ہیں،وزیراعلیٰ سہولت کار پکڑنے کا کریڈٹ لے رہے ہیں تو ناکامی کا کریڈٹ بھی تو لیں۔
نعیم الحق کا کہنا تھا کہ نیوز لیکس کی تحقیقات منظر عام پر لائی جائیں، تحریک انصاف نےعام انتخابات کی تیاری شروع کردی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اسپیکر اسمبلی نے وزیر اعلیٰ کے خلاف ریفرنس مسترد کرکے بددیانتی کی، ہم وزیر اعلیٰ پنجاب کے خلاف عدالت جارہے ہیں۔
سانحہ سیہون کے شہدا کی باقیات کچرا کنڈی میں پھینکنے پر احتجاج کرتے ہوئے اعجاز چوہدری نے کہا کہ سیہون میں انسانی اعضا کچرے میں پھینکنا انسانیت کی تذلیل ہے۔
کراچی: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچ گئے۔ انہوں نے جامعہ فاروقیہ کا دورہ کیا اور شیخ الحدیث مولانا سلیم اللہ خان کی وفات پر ان کے اہل خانہ سے تعزیت کی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کراچی پہنچ گئے۔ کراچی پہنچ کر وہ شاہ فیصل کالونی میں واقع جامعہ فاروقیہ گئے جہاں انہوں نے شیخ الحدیث مولانا سلیم اللہ خان کی وفات پر ان کے اہل خانہ سے تعزیت کی۔
پاکستان تحریک انصاف تحریک انصاف کراچی ریجن کے ترجمان کے مطابق عمران خان صفورا گوٹھ میں واقع تحریک انصاف کے ممبر شپ کیمپ کا دورہ کریں گے۔
بعد ازاں عمران خان ایکسپو سینٹر میں ایک پرائیوٹ گروپ کی جانب سے اپنے ممبران کو میڈل دیے جانے کی تقریب میں بحیثیت مہمان خصوصی بھی شرکت کریں گے۔
عمران خان کے دورے میں تحریک انصاف سندھ کے صدر اور رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عارف علوی کی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس بھی شامل تھی تاہم ذرائع کے مطابق وہ منسوخ کردی گئی ہے۔
یاد رہے کہ چند روز قبل بھی عمران خان نے کراچی کا دورہ کیا تھا جس میں انہوں نے شوکت خانم کینسر اسپتال کا سنگ بنیاد رکھا تھا۔