Tag: پی ٹی آئی

  • عارف علوی کی 20 دن کے لیے حفاظتی ضمانت منظور

    عارف علوی کی 20 دن کے لیے حفاظتی ضمانت منظور

    کراچی: سندھ ہائی کورٹ نے سابق صدر ڈاکٹر عارف علوی کی 20 دن کے لیے حفاظتی ضمانت منظور کر لی۔

    تفصیلات کے مطابق سابق صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے حفاظتی ضمانت کے لیے سندھ ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا، عدالت نے ان کی 20 دن کے لیے حفاظتی ضمانت منظور کر لی۔

    عدالت نے عارف علوی کی ضمانت تین مقدمات میں منظور کی ہے، وکیل درخواست گزار نے عدالت کو بتایا تھا کہ عارف علوی کے خلاف میانوالی، ٹیکسلا اور راولپنڈی میں مقدمات درج ہیں، یہ مقدمات دہشت گردی ایکٹ سمیت سنگین دفعات کے تحت درج کیے گئے۔

    عدالت نے ڈاکٹر عارف علوی کو 50 ہزار روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا، اور کہا کہ کیس کی مزید سماعت کے لیے معاملہ آئینی بینچ کو بھیجا جا رہا ہے۔

  • پی ٹی آئی کی قیادت بانی سے مخلص نہیں، شرجیل میمن

    پی ٹی آئی کی قیادت بانی سے مخلص نہیں، شرجیل میمن

    سندھ کے وزیر اطلاعات شرجیل میمن نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے دوسرے درجے کی قیادت اپنے ہی پارٹی کے بانی سے مخلص نہیں ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق سندھ کے وزیر اطلاعات شرجیل میمن نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے دوسرے درجے کی قیادت پارٹی بانی عمران خان سے مخلص نہیں ہے۔ یہ قیادت چاہتی ہے کہ عمران خان جیل میں رہیں کیونکہ ان کی دکانیں اسی سے چلنی ہیں۔

    شرجیل میمن نے کہا کہ پی ٹی آئی کا ہدف کوئی ادارہ یا سیاسی جماعت نہیں بلکہ پاکستان ہے۔ جو اسکرپٹ لکھا گیا ہے یہ پاکستان کو بدنام کرنے کی عالمی سازش کاحصہ ہے۔ پاکستان کو کمزور کرنے کیلیے اربوں روپے لابسٹ کو دیے گئے ہیں۔ گولڈ اسمتھ فیملی نے دنیا بھر میں پاکستان کو بدنام کرنے کی کوشش کی ہے۔

    سندھ کے وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی سوشل میڈیا کے ذریعے جھوٹا پروپیگنڈا کرتی ہے جس کا مقصد ملک میں انتشار پھیلانا ہے۔ انہوں نے آئی ایم ایف کو پاکستان کی امداد بند کرنے کے لیے خط لکھے۔ اگر آئی ایم ایف قرض بند ہوتا تو ملک دیوالیہ ہو جاتا۔

    ان کا کہنا تھا کہ جب بھی معاشی صورتحال بہترہوتی ہے، پی ٹی آئی ایک نئی سازش کے ساتھ سامنے آتی ہے۔ جب بھی پاکستان میں عالمی رہنما آ رہے ہوتے ہیں، تو یہ لوگ ایسا ہی کرتے ہیں۔

    شرجیل میمن نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی فائنل کال میں کراچی، پنجاب، بلوچستان سے کوئی قافلہ اسلام آباد نہیں گیا۔ یہ پیسے اور کھانے کا جھانسہ دے کر کے پی سے لوگ ساتھ لائے۔ جب حکومت نے سختی شروع کی تو سب سے پہلے بڑی بڑی باتیں کرنے والے گنڈاپور میدان چھوڑ کر بھاگے۔

    وزیر اطلاعات نے کہا کہ علی امین نے اسمبلی میں کہا کہ ہمارے پاس ہتھیار ہیں اور ہم لڑیں گے۔ ان کا یہ بیان ریاست سے بغاوت ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ پانی کے تنازع پر وزیر اعلیٰ سندھ اور پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو نے واضح موقف اپنایا اور کینال پر پیپلز پارٹی کا موقف اٹل ہے۔

    شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت صحت، ٹرانسپورٹ اور دیگر شعبوں میں کام کر رہی ہے۔ 10 ہزار نوجوانوں کو آئی ٹی کے کورسز کروا رہی ہے۔ کراچی میں بھی اربوں روپے کے دو میگا پراجیکٹ جاری ہیں۔

  • بیرسٹر علی ظفر نے اسد قیصر کو چیئرمین پی ٹی آئی نامزد کرنے کی تردید کر دی

    بیرسٹر علی ظفر نے اسد قیصر کو چیئرمین پی ٹی آئی نامزد کرنے کی تردید کر دی

    اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیٹر بیرسٹر علی ظفر نے بیرسٹر گوہر کو ہٹا کر ان کی جگہ اسد قیصر کو پارٹی چیئرمین نامزد کرنے کی خبر کی تردید کر دی۔

    بیرسٹر علی ظفر نے سماجی رابطوں کی سائٹ ایکس پر بیان جاری کیا کہ میں نے اسد قیصر کو چیئرمین اور علی محمد خان کو سیکریٹری جنرل مقرر کرنے کا بیان نہیں دیا، میری آج بانی سے جیل میں کوئی ملاقات نہیں ہوئی۔

    قبل ازیں، خبر سامنے آئی تھی کہ پی ٹی آئی رہنما شوکت یوسفزئی نے بتایا تھا کہ اسد قیصر چیئرمین جبکہ علی محمد خان کو مرکزی جنرل سیکریٹری نامزد کر دیا گیا ہے۔

    https://www.youtube.com/watch?v=EaP2KaKCe0E

    یہ بھی بتایا گیا تھا کہ شوکت یوسفزئی کے بیان کی تصدیق بیرسٹر علی ظفر نے کی جنہوں نے کچھ دیر قبل بانی سے جیل میں ملاقات کی تھی۔

    بیرسٹر علی ظفر سے منسوب بیان سامنے آیا تھا جس میں ان کا کہنا تھا کہ ’بانی سے ابھی ملاقات ہوئی انہوں نے یہی فیصلہ کیا، انہوں نے پرانے لوگوں کو موقع دیا کہ وہ پارٹی کو لیڈ کریں۔ بانی نے اسد قیصر اور علی محمد خان کو ملاقات کیلیے اڈیالہ جیل بلا لیا ہے۔‘

    خبر کے فوری بعد اسد قیصر کا بیان سامنے آیا تھا جس میں ان کا کہنا تھا کہ مجھے پارٹی چیئرمین نامزد کرنے کی اطلاعات درست نہیں، سیکریٹری جنرل سے متعلق فیصلہ بانی سے مشاورت کے بعد ہوگا۔

    تاہم اس قبل، سلمان اکرم راجہ کا بطور مرکزی جنرل سیکریٹری کے عہدے سے استعفیٰ سامنے آیا جبکہ اس کے کچھ دیر بعد صاحبزادہ حامد رضا پی ٹی آئی کور کمیٹی اور سیاسی کمیٹی سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا۔

    صاحبزادہ حامد رضا کے مطابق وہ قومی اسمبلی کی نشست سے استعفیٰ بانی پی ٹی آئی کو پیش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بانی سے ملاقات کے بعد قومی اسمبلی سے بھی استعفیٰ دے دوں گا، فائنل کال میں ناکامی پر مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔

  • عوام کو ڈرانے کی سازش کرنا ٹھیک نہیں: محمود خان اچکزئی

    عوام کو ڈرانے کی سازش کرنا ٹھیک نہیں: محمود خان اچکزئی

    سینئر سیاستدان اور پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمد خان اچکزئی نے کہا ہے کہ کوئی عوام کو ڈرانے کی سازش کر رہا ہے تو یہ ٹھیک نہیں ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سینئر سیاستدان محمود خان اچکزئی ملک کے موجودہ صورتحال پر کہا کہ ہمارے خطے کے امن کو خطرہ ہے، پرامن احتجاج ہر کسی کا حق ہے۔

    انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو اچھا سمجھو یا برا، انہیں پاکستان کے کروڑوں لوگوں نے ووٹ دیا، پنجاب میں بھی واضح اکثریت تحریک انصاف کی تھی اور پی ٹی آئی احتجاج کیلئے ہزاروں کارکنان ڈی چوک پہنچے۔

    محمودخان اچکزئی کا کہنا تھا کہ ہم جمہوری لوگ جمہوریت پر یقین رکھتے ہیں، کوئی وفاداری کا دعویٰ کرتا ہے تو اس کا ایک ہی حل آئین کی حکمرانی ہوگی، آئین بالادست ہوگا عوام کے ووٹوں سے منتخب پارلیمنٹ ہوگی اور ہر ادارہ آئینی حدود میں کام کرے تو پاکستان بحرانوں سے نکل سکتا ہے۔

  • پی ٹی آئی کی جانب سے کل یوم سیاہ کے طور پر منانے کا امکان

    پی ٹی آئی کی جانب سے کل یوم سیاہ کے طور پر منانے کا امکان

    اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی )کی جانب سے اسلام آباد میں احتجاج کے دوران مبینہ جانی نقصان پر کل یوم سیاہ کے طور پر منانے کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کی سیاسی کمیٹی کااسلام آباد میں اجلاس ہوا، جس میں احتجاج کے دوران واقعات کے بعد کی صورت حال پر مشاورت کی گئی۔

    اس موقع پرواقعات کے دوران مبینہ جانی نقصان پر قانونی چارہ جوئی پر غور کیا گیا، کل یوم سیاہ کے طور پر منانے کا امکان ہے۔

    اس حوالے سے پی ٹی آئی با ضابطہ لائحہ عمل کا جلد اعلان کرے گی۔

    یاد رہے گذشتہ روز وزیراعلی خیبر پختونخوا نے پی ٹی آئی احتجاج کے دوران جاں‌ بحق ہونے والے پارٹی کارکنوں کے لیے ایک ایک کروڑ روپے کا اعلان کیا تھا۔

    وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور نے مانسہرہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہم پر براہ راست گولیاں برسائی گئیں۔ بشریٰ بی بی میرے ساتھ تھیں، ان پر بھی حملہ کیا گیا۔ جو لوگ کل متاثر ہوئے، ان ہزاروں کارکنان کا ڈیٹا بھی آ رہا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے پُر امن احتجاج کی کال دی تھی اور ان کی کال پر دھرنا جاری ہے جب تک کال اپ نہیں ہوگی، یہ جاری رہے گا۔

  • پی ٹی آئی کا احتجاج ، گرفتار کارکنان کو آج عدالت میں پیش کیا جائے گا

    پی ٹی آئی کا احتجاج ، گرفتار کارکنان کو آج عدالت میں پیش کیا جائے گا

    اسلام آباد : 24 نومبر کے احتجاج کیس میں گرفتار 300 سے زائد پی ٹی آئی کارکنان کو آج عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے 24 نومبر کو ہونے والے احتجاج کے دوران گرفتار کئے گئے تین سو زائد کارکنان کو آج انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

    ملزمان کی جانب سے ملک فیصل ایڈوکیٹ اور غلام مرتضی حسنین سنبل عدالت میں پیش ہوں گے۔

    نیو ٹاون سے 79، نصیر آباد سے 76 اور واہ کینٹ سے 23، ٹیکسلا سے 78، صدر واہ سے 64 اور صادق آباد سے 77 کارکنان کو عدالت لایا جائے گا۔

    دوران سماعت پولیس کی جانب سے گرفتار کارکنان کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی جائے گی۔

    کارکنان پر توڑ پھوڑ، ہنگامہ آرائی، جلاو گھیراو اور پولیس اہلکاروں پر حملے کا الزام ہے۔

    گرفتار کارکنان کی پیشی کے موقع پر انسداد دہشت گردی کے باہر پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے۔

  • ’پی ٹی آئی پر پابندی لگنے والی ہے، بشریٰ بی بی گرفتار ہوں گی‘

    ’پی ٹی آئی پر پابندی لگنے والی ہے، بشریٰ بی بی گرفتار ہوں گی‘

    اسلام آباد: سینیٹر فیصل واوڈا کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پر پابندی لگنے والی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق سینیٹر فیصل واوڈا کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی سے 9 مئی کروانا گدھ کا کام تھا، سنگجانی میں جلسہ کرنے پر راضی ہوجاتے تو عزت رہ جاتی۔

    انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو بچانے کی کوشش کررہا ہوں اور کروں گا، ایک خاتون نے کہا ڈی چوک ہی جاؤں گی پھر وہاں سے فرار ہوگئیں۔

    فیصل واوڈا کے مطابق تمام لیڈر شپ نے کہا اس خاتون نے ہمارے لیے مصیبت بنائی، علی امین گنڈا پور گرفتار نہیں ہوں گے، بشری بی بی گرفتار ہوں گی۔

    اس سے قبل وزیر اعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ پارٹی پر پابندی سے متعلق شوق پورا کرنا ہے توکر لیں۔

    یہ پڑھیں: بشریٰ بی بی ماں کی طرح ہیں، فائرنگ میں انہیں وہاں سے نکالنا پڑا، علی گنڈاپور

    ان کا کہنا تھا کہ ڈی چوک پہنچنے کا کہا تھا، پہنچ کر دکھایا، اپنی حکمت عملی پر مطمئن ہوں، سیدھی فائرنگ ہوئی تو بشریٰ بی بی کو نکالنا پڑا ،وہ ماں کا درجہ رکھتی ہیں ۔ان کی حفاظت میری ذمہ داری تھی۔

    علی امین گنڈا پور نے کہا کہ احتجاج کال آف کرنے کا مقصد مزید جانوں کو بچانا تھا۔ بشریٰ بی بی پر احتجاج خراب کرنے کا الزام مسترد کرتے ہیں۔ میری گرفتاری کے بعد ان کو نقصان پہنچتا تو ذمہ دار کون ہوتا؟ب انی پی ٹی آئی کی کال پر لاکھوں لوگ نکلے، دھرنا ایک سوچ اور فکر ہے جو بانی پی ٹی آئی ہی ختم کر سکتے ہیں۔

  • پی ٹی آئی پر پابندی لگانے کی قرارداد جمع

    پی ٹی آئی پر پابندی لگانے کی قرارداد جمع

    کوئٹہ: بلوچستان اسمبلی میں پی ٹی آئی پر پابندی لگانے کی قرارداد جمع کرادی گئی، قرارداد کو کل اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔

    پاکستان تحریک انصاف پر پابندی لگانے کی قرارداد پر پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان مسلم لیگ ن کے ارکان کے دستخط ہیں، یہ قرارداد کل بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں پیش کی جائے گی۔

    گزشتہ دنوں وفاقی دارلحکومت اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے احتجاجی جلسے کے بعد قرارداد میں تحریک انصاف پر پابندی لگانے کی سفارش کی گئی ہے۔

    پی ٹی آئی کے کارکنان بشریٰ بی بی اور علی امین گنڈا پور کی قیادت میں گزشتہ رات ڈی چوک پہنچ گئے تھے، تاہم حکومت نے پی ٹی آئی مظاہرین کیخلاف گرینڈ آپریشن کے دوران 450 سے زائد کارکنان کو گرفتار کیا تھا۔

    مظاہرین کیخلاف خیبرچوک اورکلثوم پلازہ کے درمیان آپریشن کے دوران پاکستان تحریک انصاف کے ساڑھے چارسوسے زائد مظاہرین کو حراست میں لیا گیا اور بھاری مقدارمیں اسلحہ، ایمونیشن، وائرلیس کمیونیکیشن کے آلات، غلیلیں اوربال بیرنگ برآمد کی گئیں۔

    پی ٹی آئی مظاہرین کیخلاف گرینڈ آپریشن، 450 سے زائد کارکنان گرفتار

    آپریشن میں ڈیڑھ ہزار کے قریب پنجاب، اسلام آباد پولیس اور رینجرز اہلکاروں نے حصہ لیا تھا، تمام ملزمان مختلف مقامات پرپولیس پر حملہ کرنے، توڑ پھوڑاور جلاؤگھیراؤ میں ملوث ہیں۔

  • پی ٹی آئی کے احتجاج کے دوران ہلاکتوں پر ازخود نوٹس لینے کی استدعا مسترد

    پی ٹی آئی کے احتجاج کے دوران ہلاکتوں پر ازخود نوٹس لینے کی استدعا مسترد

    اسلام آباد : سپریم کورٹ آئینی بینچ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے پر تشدد احتجاج کے دوران ہلاکتوں کا معاملہ ازخود نوٹس لینے کی استدعا مسترد کردی۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کے آئینی بینچ نے موسمیاتی تبدیلی اتھارٹی سے متعلق کیس کی سماعت کی، کیس میں ایڈیشنل اے جی کے پی ویڈیو لنک پر پیش ہوئے۔

    وکیل خیبرپختواحکومت نے بتایا کہ گزشتہ روز دونوں اطراف سےہلاکتیں ہوئیں، آئینی بینچ ازخود نوٹس لے سکتا ہے، استدعا ہے کہ آئینی بینچ ان واقعات پر ازخود نوٹس لے۔

    جسٹس مسرت ہلالی نے کہا کہ سپریم کورٹ میں پیش ہوکر سیاسی باتیں نہ کریں جبکہ سربراہ آئینی بینچ جسٹس امین الدین نے ریمارکس دیئے جومعاملہ ہمارے سامنے نہیں اسے نہیں دیکھ سکتے۔

    جسٹس جمال مندوخیل کا بھی کہنا تھا کہ یہ معاملہ سامنے نہیں اس پر بات نہیں کرنا چاہتے، بعد ازاں آئینی بینچ نے ازخود نوٹس لینے کی استدعا مسترد کردی۔

    گذشتہ روز گرینڈآپریشن میں کارکنان کی گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی نے اسلام آباد میں احتجاج ختم کرنے کو اعلان کیا تھا۔

    ترجمان تحریک انصاف نے نہتے پر امن شہریوں کے قتل اور آپریشن کی مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا تھا کہ چیف جسٹس کارکنان کے قتل کا از خود نوٹس لیں اور اسلام آباداورپنجاب کےآئی جیز کیخلاف کارروائی کی جائے۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ شہید کئے گئے آٹھ کارکنوں کے کوائف ان کے پاس آچکے ہیں،ڈی چوک پہنچے تھے مگر لاشوں کے انبار لگانے کی اجازت نہیں دے سکتے۔

  • پی ٹی آئی  کا اسلام آباد میں احتجاج ختم کرنے کا اعلان

    پی ٹی آئی کا اسلام آباد میں احتجاج ختم کرنے کا اعلان

    اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) نے اسلام آباد میں احتجاج ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے چیف جسٹس سے کارکنان کے قتل کا ازخود نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) نے اسلام آباد میں احتجاج ختم کرنے کا اعلان کردیا۔

    ترجمان تحریک انصاف نے اپنے بیان میں ڈی چوک پہنچنے والے کارکنان اور شہریوں کو خراجِ تحسین پیش کیا اورنہتے پر امن شہریوں کے قتل اور آپریشن کی مذمت کی۔

    ترجمان نے مزید کہا کہ چیف جسٹس کارکنان کے قتل کا از خود نوٹس لیں اور اسلام آباداورپنجاب کےآئی جیز کیخلاف کارروائی کی جائے۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ شہید کئے گئے آٹھ کارکنوں کے کوائف ان کے پاس آچکے ہیں،ڈی چوک پہنچے تھے مگر لاشوں کے انبار لگانے کی اجازت نہیں دے سکتے۔

    مزید پڑھیں : پی ٹی آئی مظاہرین کیخلاف گرینڈ آپریشن، 450 سے زائد کارکنان گرفتار

    انھوں نے مزید کہا کہ حکومتی منصوبے کے پیشِ نظر پرامن احتجاج کی فی الوقت منسوخی کی ، بانی پی ٹی آئی کی ہدایات کی روشنی میں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔

    یاد رہے گذشتہ رات وفاقی حکومت نے اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) مظاہرین کیخلاف گرینڈ آپریشن کیا۔

    مظاہرین کیخلاف خیبر چوک اور کلثوم پلازہ کے درمیان آپریشن کے دوران پاکستان تحریک انصاف کے ساڑھے چارسوسے زائد مظاہرین کو گرفتار کرکے بھاری مقدارمیں اسلحہ، ایمونیشن، وائرلیس کمیونیکیشن کے آلات، غلیلیں اوربال بیرنگ برآمد کی تھیں۔

    آپریشن میں ڈیڑھ ہزار کے قریب پنجاب اور اسلام آبادپولیس اور رینجرزنے حصہ لیا، تمام ملزمان مختلف مقامات پرپولیس پر حملہ، توڑ پھوڑاور جلاؤگھیراؤمیں ملوث ہیں۔