Tag: پی ٹی آئی

  • رینجرز اختیارات : سندھ اسمبلی میں پی ٹی آئی نے قرارداد جمع کرادی

    رینجرز اختیارات : سندھ اسمبلی میں پی ٹی آئی نے قرارداد جمع کرادی

    کراچی : تحریک انصاف نے سندھ رینجرز کے اختیارات میں مزید توسیع کیلئے سندھ اسمبلی میں قرارداد جمع کرا دی، مذکورہ قرارداد پی ٹی آئی کے رکن صوبائی اسمبلی خرم شیر زمان نے جمع کرائی۔ قرارداد میں رینجرز کے اختیارات میں توسیع کا مطالبہ کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ میں رینجرز کے اختیارات کی مدت ختم ہوئے دو روز ہوگئے ہیں، لیکن اب تک سندھ حکومت اختیارات میں مزید توسیع کیلئے ٹال مٹول سے کام لے رہی ہے، صوبائی وزارت داخلہ کی جانب سے تاحال سمری نہیں بھیجی گئی ہے۔

    صورت حال کو دیکھتے ہوئے پی ٹی آئی کراچی کے رہنما اور ممبر رکن صوبائی اسمبلی خرم شیر زمان نے سندھ اسمبلی کے آج ہونے والے اجلاس میں رینجرز اختیارات میں توسیع کے حوالے قرار داد جمع کرادی ہے، قرارداد رول 256 کے تحت سندھ اسمبلی سیکریٹریٹ میں جمع کرائی گئی۔

    قرار داد میں کہا گیا ہے کہ رینجرز کو خصوصی اختیارات 3 ماہ کے بجائے طویل مدت تک کے لیے دیئے جائیں، رینجرز کو خصوصی اختیارات سندھ بھر کے لئے دیئے جائیں اور اختیارات کو کراچی تک محدودنہ رکھا جائے۔

    قرارداد میں مزید کہا گیا ہے کہ کراچی آپریشن میں رینجرز کی قربانیوں اور کاوشوں کی وجہ سے شہر قائد میں امن قائم ہوا۔ یاد رہے کہ وزیراعلیٰ سندھ نے رینجرز اختیارات کا فیصلہ کابینہ کی منظوری سے مشروط کردیا ہے۔

    مزید پڑھیں : سندھ رینجرزکے خصوصی اختیارات آج رات سے ختم

    رینجرز کواس سے قبل 90  روز کیلئے خصوصی اختیارات 18 اکتوبر 2016 کو دیئے گئے تھے۔ ماضی میں بھی رینجرز اختیارات کے معاملے پر سندھ حکومت تاخیری حربے اختیار کرتی رہی ہے۔

    واضح رہے کہ سندھ کا محکمہ داخلہ رینجرزاختیارات کی سمری وزیراعلیٰ کو بھیجتا ہے۔ یہ سمری وزیراعلیٰ سندھ کی منظوری کےبعد وفاق کو بھیج دی جاتی ہے۔

  • تحریک انصاف کا الیکشن کمیشن پرمتعصبانہ رویے کا الزام

    تحریک انصاف کا الیکشن کمیشن پرمتعصبانہ رویے کا الزام

    اسلام آباد : چیف الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ کمیشن آئین اور قانون کے مطابق کام کرتا ہے اور کسی شخص یا جماعت کے ساتھ متعصبانہ رویہ نہیں رکھتا۔

    یہ ریمارکس چیف الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کے پارٹی فنڈ کیس کی سماعت کے دوران دیئے، انہوں نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کمیشن آزاد ہے نہ اس پر کسی دباؤ ہے اور نہ ہی کمیشن کسی کے خلاف تعصب برتتا ہے۔

    چیف الیکشن کمشنر سردار رضا نے پی ٹی آئی وکیل کومخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ڈھائی سال سے کیس زیرِالتوا ہے لگتا ہے آپ ہمارے ساتھ کھیل کھیل رہےہیں۔

    چیف کمشنر الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کی جانب سے تعصب برتنے پر کے الزام پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا سیاست سے کوئی تعلق نہیں ہے ، نہ ہی ہم کسی کے ساتھ تعصب برت رہے ہیں۔

    اس موقع پر رکن الیکشن کمیشن ارشاد قیصر نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ جس کی مرضی ہوتی ہے یہاں بولنا شروع کردیتا ہے،  تعصب پھیلانےمیں آپ خودہی کافی ہیں۔


    *مزید پڑھیں: الیکشن کمیشن کاعمران خان کو نوٹس‘ جواب طلب


    قبل ازیں الیکشن کمیشن میں ہونے والی سماعت میں درخواست گزارہاشم علی بھٹہ کے وکیل کا کہنا تھا کہ عمران خان کی سیاسی جماعت نے بیرون ملک سے 2001 سے 2013 تک 29 لاکھ 92 ہزارڈالرز فنڈز لیے۔

    بعد ازاں تحریک انصاف کے وکلاء کی جانب سے چیئرمین عمران خان کا موقف دوبارہ لینے کی یقین دہانی پر الیکشن کمیشن نے کیس کی سماعت چوبیس جنوری تک ملتوی کردی۔

  • عمران خان کی رہائش گاہ کے باہرمیانوالی کے کارکنان کا مظاہرہ

    عمران خان کی رہائش گاہ کے باہرمیانوالی کے کارکنان کا مظاہرہ

    اسلام آباد : چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی رہائش گاہ پر میانوالی کے کھلاڑیوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا، مظاہرین نے مقامی ایم این اے کیخلاف شدید نعرے بازی کی، ان کا کہنا تھا کہ مقامی ایم این اے کو جاری کیا گیا شوکاز نوٹس واپس لیا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق حالیہ بلدیاتی انتخابات میں نواز لیگ کی حمایت پر چیئر مین پی ٹی آئی کی جانب سے ضلع میانوالی کے ایم پی اے ڈاکٹر صلاح الدین کو اور دیگر کارکنان کو شو کازنوٹس جاری کیے گئے تھے جس پر کھلاڑی سراپا احتجاج بن گئے۔

    ضلع میانوالی کے کارکنان نے بنی گالا پہنچ کر عمران خان کی رہائش گاہ کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا اور اپنے مطالبات کے حق میں زبردست نعرے بازی کی۔

    نمائندہ اے آر وائی عبدالقادرکے مطابق مظاہرین کا کہنا تھا کہ میانوالی کے بلدیاتی انتخابات میں ناکامی کے ذمے دار تحریک انصاف کے ایم این اے ڈاکٹرامجد نیازی ہیں،ایم پی اے ڈاکٹر صلاح الدین کو غلط شوز کاز دیا گیا،عمران خان نظریاتی کارکنوں کو جاری کیے گئے غلط نوٹس واپس لیں۔

    مزید پڑھیں: ن لیگی امیدواروں کوووٹ ڈالنے والوں کی پارٹی میں جگہ نہیں،عمران خان

    مظاہرین نے میانوالی میں تحریک انصاف کے ایم این اے ڈاکٹر امجد نیازی کے خلاف اور ایم پی اے ڈاکٹر صلاح الدین کے حق میں نعرے لگائے۔ انہوں نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے ڈاکٹر امجد نیازی کو برطرف کرنے کا مطالبہ کیا۔

    مظاہرین کا کہنا تھا کہ ایم پی اے ڈاکٹر صلاح الدین کو غلط شو کاز دیا گیا، انہوں نے کہا کہ نظریاتی کارکنوں کو نظرانداز کیا جارہا ہے۔

  • ن لیگی امیدواروں کوووٹ ڈالنے والوں کی پارٹی میں جگہ نہیں،عمران خان

    ن لیگی امیدواروں کوووٹ ڈالنے والوں کی پارٹی میں جگہ نہیں،عمران خان

    اسلام آباد: چئیرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہناہے کہ فیصل آباد سمیت دیگراضلاع میں ن لیگی امیدواروں کو ووٹ ڈالنے والے ممبران کی پارٹی میں اب کوئی جگہ نہیں ہے۔

    تفصیلات کےمطابق پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے آخری مرحلے میں ن لیگ کی کامیا بی پر تحریک انصاف کےسربراہ عمران خان نےکہا کہ مسلم لیگ ن کے امیدواروں کوووٹ دینے والوں کی پارٹی میں جگہ نہیں ہے۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر میں عمران خان نے اپنی ٹویٹ میں کہا کہ پی ٹی آئی کے وہ تمام ممبران جنہوں نے فیصل آباد سمیت پنجاب کے دیگراضلاع میں لیگی امیدواروں کو ووٹ ڈالا ان کی پارٹی میں کوجگہ نہیں،انہیں پارٹی سے نکال دیا جائے گا۔

    مزید پڑھیں:پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کا آخری مرحلہ‘ن لیگ کامیاب

    یاد رہے کہ گزشتہ روز فیصل آباد کے میئر کے انتخاب میں تحریک انصاف کے امیدواروں نے رانا ثناء اللہ گروپ کی حمایت کی تھی۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روزفیصل آباد کے میئر کے انتخاب میں رانا ثناءاللہ گروپ کےملک رازق 105 ووٹ لے کر مئیر منتخب ہوگئے۔

  • پارلیمنٹ کا بائیکاٹ ختم، پی ٹی آئی پاناما کیس پر دو تحریکیں پیش کرے گی

    پارلیمنٹ کا بائیکاٹ ختم، پی ٹی آئی پاناما کیس پر دو تحریکیں پیش کرے گی

    پاکستان تحریک انصاف نے کل پارلیمنٹ میں جانے کا اعلان کردیا، عمران خان نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ نے مایوس کیا، وہ کل قومی اسمبلی کے اجلاس میں  دو تحریکیں پیش کرنے جارہے ہیں۔

    اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے اعلان کیا کہ وہ پارلیمنٹ کا بائیکاٹ ختم کررہے ہیں اور تحریک انصاف کل قومی اسمبلی کے اجلاس میں وزیراعظم کے خلاف دو تحاریک پیش کرے گی۔


    PTI decides to rejoin parliament by arynews

    انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے پارلیمنٹ میں بھی جھوٹ بولے، جھوٹ بولنے والے وزیراعظم پر اعتبار کیوں کیا جائے؟وزیراعظم پارلیمنٹ میں اپنی تقریر میں کچھ کہتے ہیں اور سپریم کورٹ میں کچھ،کیا پارلیمنٹ نواز شریف سے جواب طلب کرے گی؟ کہ وہ اب سپریم کورٹ میں جھوٹ کہہ رہے ہیں یا یہاں جو کہا وہ سچ تھا؟ کل پارلیمنٹ کا بھی امتحان ہوگا۔

    ان کا کہنا تھا کہ عدالت کو بتایا گیا کہ پی ٹی آئی کے پاس نواز شریف کے خلاف کوئی ثبوت نہیں۔

    انہوں نے کہا کہ حکومت کے غلط کام پر اپوزیشن کا کام جواب طلب کرنا ہے، اگر ہم جواب طلب کرتے ہیں تو ہمیں کیا کچھ کہا جاتا ہے، ہمیں جواب ہی نہیں دیا جاتا،کل ہم دیکھیں گے کہ ہماری تحریک التوا پر ن لیگ کیا رد عمل دیتی ہے۔

    ان کا موقف تھا کہ پارلیمنٹ میں جانے کا مقصد ہی قانون کی بالادستی ہے ، اگر قانون پر عمل درآمد ہی نہیں ہوگا پارلیمنٹ کا کیا فائدہ؟

    ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ نریندر مودی پاکستان کو تنہا کرنا اور صوبوں کو علیحدہ کرنا چاہتا ہے، مجھے سب سے زیادہ تکلیف بھارت کی جانب سے ہمارے مشیر خارجہ سرتاج عزیز کو بے عزت کرنے پر ہوئی، ان کی بے عزتی سے پورے پاکستان کی بے عزتی ہوئی، حکومت کو سرتاج عزیز کو وہاں بھیجنا ہی نہیں چاہیے تھا۔

    انہوں نے کہا کہ قطری شہزادوں کو تلور کے شکار پر یہاں بلالیا، یہ غیر قانونی ہے، اس کے شکار کی اجازت نہیں ہے، قانون توڑ کر انہیں شکار کی اجازت دی گئی،کیا یہ لوگ کہیں باہر جاکر قانون توڑ سکتے ہیں؟اب حکومت عدالت میں یہ کہتی ہے کہ یہ ہماری خارجہ پالیسی کا حصہ ہے، کیا پرندے مروانا بھی خارجہ پالیسی ہے؟

    پی ٹی آئی کے رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پیپلز پارٹی میں چار نکات کو لے کر اس وقت دو گروپس بن چکے ہیں، ایک گروپ شیری رحمان، کائرہ، خورشید شاہ و ہمنوا کا ہے جب کہ دوسرا گروپ یوسف رضا گیلانی اینڈکو کا ہے جو چاہتا ہے کہ ان چار مطالبات کو لے کر حکومت سے اپنے مطالبات منوائے جائیں، ڈاکٹر عاصم کی رہائی سمیت دیگر معاملات پر سودے بازی کی جائے۔

  • پاناما کیس، پی ٹی آئی کا ملک گیر جلسے کرنے کا فیصلہ

    پاناما کیس، پی ٹی آئی کا ملک گیر جلسے کرنے کا فیصلہ

    لاہور: تحریک انصاف نے پاناما کیس کے معاملے پر ملک گیر جلسوں کا فیصلہ کرلیا، پی ٹی آئی سندھ، پنجاب اور کے پی کے میں جلسے منعقد کرے گی، اگلی سماعت سے قبل دو جلسے ہوں گے، احتجاجی تحریک کا آغاز اگلے ہفتے پشاور میں جلسے سے ہوگا۔

    اطلاعات کے مطابق تحریک انصاف نے پاناما کیس کو ایک بار پھر عوام میں لے جانے کا فیصلہ کرتے ہوئے دوبارہ احتجاجی تحریک اور جلسوں کا فیصلہ کرلیا۔

    ذرائع کے مطابق ملتان، لودھراں، فیصل آباد، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، ٹوبہ ٹیک سنگھ،راولپنڈی، سرگودھا خوشاب اور میاں والی میں جلسے کیے جائیں گے، پہلا جلسہ اگلے ہفتے پشاور میں ہوگا، اگلی سماعت سے قبل دو جلسے ہوں گے  تاہم شیڈول میں لاہور کا جلسہ شامل نہیں ہے۔

    ذرائع نے بتایا کہ احتجاجی جلسوں کا پلان تیار کرلیا گیا تاہم پلان کی حتمی منظوری آئندہ ہفتے پارٹی کے مرکزی قائدین کی مشاورت سے ہوگی۔

    اس حوالے سے تحر یک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قر یشی نے کہا ہے کہ تحر یک انصاف 17 جنوری سے پہلے 2 مقامات پر ”عوامی عدالت ”لگائے گی ،سپر یم کورٹ پاناما کیس میں جو بھی فیصلہ کر ے گی وہ ہمیں قبول ہوگا مگر اس معاملے پر ہم کمیشن نہیں چاہتے، پیپلز پارٹی کے چار مطالبات کی حمایت کرتے ہیں۔

    لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قر یشی نے کہا کہ عدالت میں کل نواز شریف کے حق میں ایسے نعرے لگائے گئے جیسے وہ جیت گئے ہوں، پیپلز پارٹی کے 4 مطالبات مصدقہ اور قابل احترام ہیں، اس معاملے پر ان کے ساتھ ہوں۔

    انہوں نے کہا کہ حکومت نے عدالت کو کمیشن بنانے کیلئے کیس بھیجا تھا لیکن عدالت نے حکومت کا مؤقف رد کر دیا تھا۔ ہم پارلیمینٹ میں گئے اور 7 ماہ حکومت سے ٹی او آرز پر مذاکرات کئے لیکن حکومت نہیں مانتی تھی کیونکہ صرف ٹائم گیم کھیلا جا رہا تھا۔

    شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہمارا مؤقف ہے کہ پانامہ لیکس پر دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ نعیم بخاری نے حکومتی دستاویزات سے ثابت کر دیا ہے کہ شریف خاندان جھوٹ بول رہا ہے۔

    رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ قطری شہزادے کے خط کی کیا اہمیت تھی یہ معاملہ سپریم کورٹ میں واضح ہو گیا ۔ وزراءاسمبلی نہیں آتے لیکن عدالت ضرور آتے ہیں، حکومت ناکام ہو چکی ہے اور کوئی بھی ادارہ فعال نہیں ہے۔

  • لیگی رہنماؤں کی پی پی اور پی ٹی آئی پرشدید تنقید

    لیگی رہنماؤں کی پی پی اور پی ٹی آئی پرشدید تنقید

    اسلام آباد : وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ کمیشن کا تقاضا کرنے والے اب خود بھاگ گئے۔ عابد شیرعلی نے کہا کہ بلاول بھٹو شوق سے سڑکوں پرآئیں اس بہانے سے وہ پنجاب کی سڑکیں بھی دیکھ لیں گے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، لیگی رہنماؤں نے پانامہ لیکس پر حالیہ عدالتی فیصلہ آنے کے بعد ایک تیر سے دو شکار کرتے ہوئے پی ٹی آئی اور پیپلز پارٹی کیخلاف لفظی گولہ باری تیز کردی۔

    دونوں جماعتیں ان کے نشانے پر آگئیں۔ وزیر دفاع خواجہ آصف نے پارٹی کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی والوں نے اتنا جھوٹ بولا کہ اب انہیں یاد نہیں کہ ان کے کیا مطالبات تھے؟

    خواجہ آصف نے کہا کہ پا کستان تحریک انصاف کوسیالکوٹ میں میئراورڈپٹی میئرکے انتخابات میں تجویز اورتائید کنندہ نہیں ملے۔ وزیر مملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان کا ہر گھڑی بدلتا مؤقف انتشار کی سیاست پر مبنی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ن لیگ کی پنجاب اور مرکز میں مناپلی ہے تو صرف کارکردگی کی بنیاد پر ہے،سندھ او پنجاب کی کارکردگی میں واضح فرق ہے،پیپلز پارٹی سیاسی جماعت ہے ان سے لاک ڈاﺅن جیسی دھمکیوں کی امید نہیں ہے۔

    وزیر بجلی عابد شیر علی نے بلاول پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بلاول بھٹو بڑے شوق سے سڑکوں پر آئیں تاکہ آپ کو معلوم ہو کہ پنجاب میں کتنی ترقی ہوئی۔

    یاد رہے کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپنے چار مطالبات منظور نہ ہونے پر ستائیس دسمبر کو لانگ مارچ کے اعلان کی دھمکی دے رکھی ہے۔

  • پی ٹی آئی نے قائمہ کمیٹیوں کے اجلاس کا بائیکاٹ ختم کردیا

    پی ٹی آئی نے قائمہ کمیٹیوں کے اجلاس کا بائیکاٹ ختم کردیا

    اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف نے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹیوں کا بائیکاٹ ختم کر دیا، عمران خان نے پارٹی ایم این ایز کو کمیٹی اجلاس میں جانے کی اجازت دے دی تاہم قومی اسمبلی کے اجلاس کا بائیکاٹ جاری رہے گا۔ اجلاس میں شریف فیملی کے خلاف بنائی جانے والی دستاویزی فلم سوشل میڈیا پر جاری کرنے کی منظوری دے دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی پارٹی قیادت کا اہم اجلاس چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی زیر صدارت بنی گالا میں منعقد ہوا، اجلاس میں ملک کی موجودہ سیاسی صورت حال اور پانامہ لیکس کے معاملے پر حکمت عملی بھی زیر غوررہی۔

    اس دوران عمران خان نے شریف خاندان کی کرپشن پر مبنی دستاویزی فلم کا جائزہ لیا اور سوشل میڈیا پر جاری کرنے کی منظوری دے دی۔

    مذکورہ فلم میں شریف خاندان کی مبینہ کرپشن اور سپریم کورٹ میں پیش کئے گئے قطری شہزادے کے خط کو دکھایا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ اس سے پہلے بھی عمران خان اپنے کئی جلسوں میں نواز شریف اور ان کے خاندان کے متضاد بیانات کی دستاویزی فلم چلا چکے ہیں۔

    مزید پڑھیں : پی ٹی آئی کا پارلیمنٹ کےمشترکہ اجلاس کےبائیکاٹ کا فیصلہ

    پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران عمران خان نے پارٹی رہنماؤں سے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹیوں کا بائیکاٹ ختم کرنے سے متعلق مشاورت کی، جس کے بعد پارٹی ایم این ایز کو آئندہ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹیوں میں شرکت کی اجازت دے دی گئی،تاہم قومی اسمبلی کے اجلاس کا بائیکاٹ جاری رہے گا۔

    یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ پی ٹی آئی کے سینیٹرز پہلے ہی سینیٹ کی قائمیہ کمیٹیوں میں شرکت کر رہے ہیں۔

  • پی ٹی آئی کا نیوز لیکس پر سپریم کورٹ جانے کا فیصلہ

    پی ٹی آئی کا نیوز لیکس پر سپریم کورٹ جانے کا فیصلہ

    اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف نے پاناما لیکس کے بعد نیوز گیٹ اسکینڈل پر بھی سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کرلیا، دائر کی جانے والی پٹیشن میں نواز شریف اور مریم نواز کو فریق بنایا جائے گا۔

    اے آر وائی نیوز اسلام آباد کے رپورٹر عبدالقادر نے بتایا کہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی زیر صدارت اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا جس کے مطابق پی ٹی آئی نیوز لیکس کے معاملے کو سپریم کورٹ تک لے کر جائے گی اور نیوز گیٹ اسکینڈل کو بھی بھرپو طریقے سے اٹھایا جائے گا۔

    باخبر ذرائع نے بتایا کہ پارٹی ترجمان نعیم الحق سپریم کورٹ میں پٹیشن دائر کریں گے، اس حوالے سے وکلا کی خدمات بھی حاصل کرلی گئی ہیں۔

    اطلاعات ملی ہیں کہ پٹیشن میں وزیراعظم نواز شریف اور ان کی بیٹی مریم نواز کو فریق بناتے ہوئے موقف اختیار کیا جائے گا قومی سلامتی سے متعلق حساس معلومات جان بوجھ کر لیک کی گئیں سپریم کورٹ اس ضمن میں ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کرے۔

    واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے وزیراعظم کو نااہل قرار دینے لیے الیکشن کمیشن سمیت سپریم کورٹ میں پہلے ہی درخواستیں دائر کی ہوئی ہیں، مقدمے کی سماعتیں جاری ہیں تاہم اب نیوز گیٹ اسکینڈل کے معاملے پر بھی پی ٹی آئی عدالت سے رجوع کرے گی۔

  • پرویزخٹک کاقافلہ برہان انٹرچینج سے واپس صوابی پہنچ گیا

    پرویزخٹک کاقافلہ برہان انٹرچینج سے واپس صوابی پہنچ گیا

    اسلام آباد: وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ پرویز خٹک کی سربراہی میں آنے والا جلوس شدید شیلنگ کےباعث برہان انٹرچینج سے واپسی صوابی بیس کیمپ پہنچ گیا۔

    تفصیلات کےمطابق تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں عمران خان نے تحریک انصاف کی جانب سے ہدایت دی گئی ہے کہ کارکنان دوبارہ صوابی انٹر چینج واپسی جائیں اور دوبارہ تیار ہوکر بنی گالہ کے مشن کے لیے روانہ ہوں۔

    پاکستان تحریک انصاف کےسربراہ عمران خان نے اپنے پیغام میں تحریک انصاف خیرپختونخواہ کی قیادت،وزیراعلیٰ پرویز خٹک سمیت کارکنوں کی ہمت اور حوصلے کی تعریف کی۔

    عمران خان کا کہناتھاکہ پنجاب پولیس نے کارکنوں پر ظلم وستم کی انتہاکردی اور انہوں نے کہا کہ پولیس کی جانب سے زائد المیعاد کے آنسو گیس اور شیلنگ کی گئی۔

    پی ٹی آئی کارکنوں‌ کا برہان انٹر چینج پر قیام، پولیس کی شیلنگ

    خیال رہےکہ اس سے قبل تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہناتھا کہ کارکنان زیادہ قیمتی ہیں اس لیے پیچھے ہٹ جائیں اور ’میرے حکم کا انتظار کریں‘۔

    معاون خصوصی وزیراعلیٰ پرویزخٹک کے مطابق پی ٹی آئی کارکنان کو برہان سے واپس صوابی انٹرچینج بلالیا گیا اور آئندہ کا لائحہ عمل صوابی انٹرچینج پر طے کیا جائےگا ۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روزپرویز خٹک کی قیادت میں جلوس پولیس کی رکاوٹیں عبور کرتے ہوئے برہان پہنچے جہاں پنجاب پولیس کی جانب سے جلوس کو روکنے کے لیے آنسو گیس کا استعمال کیاتھا۔

    واضح رہے کہ پرویز خٹک نے کارکنوں کے ہمراہ پیر کو اسلام آباد کے علاقے بنی گالہ میں عمران خان کی رہائش گاہ تک پہنچنے کا اعلان کیا تھا۔