Tag: پی ٹی آئی

  • پی ٹی آئی نے عمر ایوب کو وزارت عظمیٰ کیلئے نامزد کردیا

    پی ٹی آئی نے عمر ایوب کو وزارت عظمیٰ کیلئے نامزد کردیا

    پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے بانی نے عمر ایوب کو وزارت عظمیٰ کیلئے نامزد کردیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق تحریک انصاف کے رہنما اسد قیصر نے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وزارتِ عظمیٰ کے لیے عمر ایوب ہمارے امیدوار ہوں گے۔

    اسد قیصر نے کہا کہ ملک بھر میں انتخابات میں دھاندلی کیخلاف ریلیاں بھی نکالیں گے، مجھے تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ بات کرنے کا ٹاسک دیا گیا ہے، الیکشن میں دھاندلی کے خلاف احتجاج کرنے والی جماعتوں سے رابطہ کریں گے۔

    انہوں نے کہا کہ جے یو آئی، اے این پی، آفتاب شیر پاؤ سمیت دیگر پارٹیوں سے رابطہ کر رہے ہیں، یہ پاکستان کی تاریخ کا سب سے بدترین الیکشن ہوا ہے، ہم چاہتے ہیں آپس میں مل بیٹھ کر لائحہ عمل بنائیں، ان الیکشن کو پاکستان اور دنیا میں کوئی نہیں مان رہا۔

    اسد قیصر نے کہا کہ دھاندلی سے بننے والی حکومت کی کوئی حیثیت نہیں ہوگی، ہم اسمبلی میں بیٹھ کر قانونی اور عوامی جنگ لڑیں گے، ایک دو دن میں پارلیمانی پارٹی کا اجلاس بلالیں گے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ دنیا میں امریکا خود کو جمہوریت کا چیمپئن ظاہر کرتا ہے، ہم تو امریکا کو اس کی ذمہ داری یاد دلانا چاہتے ہیں، فارم 45 میں جو رزلٹ آیا اسے فارم 47 میں تبدیل کردیا گیا، اس قسم کے الیکشن کو الیکشن کہنا زیادتی ہے۔

  • پی ٹی آئی کا انتخابی نتائج پر ریٹرننگ افسران کے خلاف آج احتجاج کا اعلان

    پی ٹی آئی کا انتخابی نتائج پر ریٹرننگ افسران کے خلاف آج احتجاج کا اعلان

    اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف نے انتخابی نتائج پر ریٹرننگ افسران کے خلاف آج احتجاج کا اعلان کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی رہنماؤں نے آج پریس کانفرنس میں انتخابی نتائج میں بڑی رد و بدل پر احتجاج کی کال دی ہے، بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا عوام نے بانی پی ٹی آئی کے’غلامی نامنظور‘ کے ویژن پر مکمل اعتماد کا اظہار کر دیا ہے۔

    دریں اثنا حماد اظہر نے ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ آج ہونے والے تمام احتجاج مؤخر کیے جاتے ہیں، آج صرف آر اوز دفاتر کے باہر احتجاج ہوگا، جہاں نتائج تبدیل کیے گئے، خاص طور پر ایسے عناصر سے ہوشیار رہیں جو توڑ پھوڑ یا جلاؤ گھیراؤ کی کوشش کریں۔

    بیرسٹر گوہر نے کہا ’’تمام مشکلات کے باوجود عوام نے گھروں سے نکل کر پی ٹی آئی کو واضح مینڈیٹ سے نوازا، لیکن نتائج کے ساتھ چھیڑ چھاڑ سے جمہوریت پر شب خون مارنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔‘‘

    انھوں نے واضح کیا کہ ’’ایسی کوئی کوشش سود مند ثابت ہوگی نہ عوام اپنے ووٹ کی بے حرمتی گوارا کریں گے، پی ٹی آئی کی واضح جیت کو شکست میں بدلنے والے آر اوز کے خلاف آج پرامن احتجاج کریں گے۔‘‘

    ایم کیو ایم کے ساتھ اتحاد ہو سکتا ہے، بیرسٹر گوہر کی اے آر وائی نیوز سے گفتگو

    بیرسٹر گوہر نے عوام سے اپیل کی کہ مینڈیٹ کے تحفظ کے لیے پرامن احتجاج کا بنیادی آئینی، جمہوری اور سیاسی حق استعمال کریں، مرکز، پنجاب اور کے پی میں واضح اکثریت پر حکومت سازی پی ٹی آئی کا آئینی و جمہوری حق ہے۔ انھوں نے کہا ’’پاکستان کا مفاد عوام کے مینڈیٹ کے مکمل احترام میں پوشیدہ ہے، اسے مقدّم رکھا جائے۔‘‘

  • وزیر اعظم کون ہوگا، فیصلہ بانی پی ٹی آئی کریں گے: حامد خان

    وزیر اعظم کون ہوگا، فیصلہ بانی پی ٹی آئی کریں گے: حامد خان

    پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سینیئر وکیل حامد خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم ہمارا ہوگا مگر کون ہوگا فیصلہ بانی پی ٹی آئی کرینگے۔

    پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) رہنما حامد خان نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا جیتا ہوا کوئی امیدوار دوسری طرف گیا تو تاریخ اسے معاف نہیں کریگی۔

    انہوں نے کہا کہ ن لیگ اور پی پی منڈی لگا کربیٹھی ہے، خوش فہمی ہے ہمارے بندے خرید لیں گے، ہمارا کوئی بھی رکن پارلیمنٹ کسی کے پاس نہیں جائے گا۔

    حامد خان نے کہا کہ حکومت بنانا تحریک انصاف کا حق بنتا ہے، وزیر اعظم ہمارا ہوگا مگر کون ہوگا فیصلہ بانی پی ٹی آئی کرینگے۔

    رہنما پی ٹی آئی حامد خان کا کہنا تھا کہ ہمارے جیتے ہوئے امیدواروں کو ہرایا  گیا، قومی اور دو صوبائی اسمبلیوں میں ہماری اکثریت ہے، پنجاب میں دھاندلی کر کے ہمیں ہروایا جا رہا ہے۔

  • پی ٹی آئی کا الیکشن کمیشن سے پولنگ کا وقت بڑھانے کا مطالبہ

    پی ٹی آئی کا الیکشن کمیشن سے پولنگ کا وقت بڑھانے کا مطالبہ

    اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے پولنگ کا وقت بڑھانے کا مطالبہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی نے پولنگ کا وقت بڑھانے کے لیے الیکشن کمیشن پاکستان میں باضابطہ درخواست جمع کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔

    پی ٹی آئی ترجمان نے کہا کہ بڑی تعداد میں لوگ پولنگ اسٹیشنز کے باہر موجود ہیں، الیکشن کمیشن پولنگ کو 6 بجے تک جاری رکھنے کا اعلان کرے۔

    پی ٹی آئی ترجمان نے کہا کہ موبائل، انٹرنیٹ بندش کے باوجود ووٹ کیلئے نکلنے پر عوام کے شکر گزار ہیں، الیکشن عملے کی سست روی کا شکار ہونے کی بے پناہ شکایات ہیں۔

  • تین تلوار پر ہنگامہ آرائی میں ملوث مزید 39 ملزمان گرفتار

    تین تلوار پر ہنگامہ آرائی میں ملوث مزید 39 ملزمان گرفتار

    کراچی: شہر قائد کے علاقے کلفٹن، تین تلوار پر ہنگامہ رائی، پولیس پر تشدد اور سرکاری گاڑیوں کی توڑ پھوڑ میں ملوث مزید 39 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا، مجموعی طور پر گرفتار ملزمان کی تعداد 72 ہو گئی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں تین تلوار پر پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان کی جانب سے احتجاج کے دوران ہنگامہ آرائی پر ڈسٹرکٹ ساؤتھ پولیس نے کراچی بھر میں تابڑ توڑ چھاپے اور کارروائیاں کیں، اور پی ٹی آئی کے 72 کارکنان کو گرفتار کر لیا۔

    ایس ایس پی ساؤتھ ساجد سدوزئی کے ترجمان کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں سے گرفتار ملزمان کا تعلق سیاسی جماعت سے ہے، جن کو ڈیجیٹل شواہدوں میں شناخت کے بعد گرفتار کیا گیا، مزید گرفتاریاں بھی عمل میں لائی جا رہی ہیں۔

    ترجمان ایس ایس پی کے مطابق ملزمان کی گرفتاری تھانہ فریئر میں درج مقدمے میں عمل میں لائی گئی ہے۔

    دوسری طرف تین تلوار پر کار سرکار میں مداخلت، ہنگامہ آرائی اور پولیس پر حملے کے کیس میں پولیس کی جانب سے آج 30 ملزمان کو اے ٹی سی میں پیش کیا گیا، عدالت نے ملزمان کے 13 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے انھیں عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دے دیا، اور آئندہ سماعت پر تفتیشی افسر سے رپورٹ طلب کر لی۔

    الیکشن ڈے پر سندھ کے 10 اضلاع میں تصادم کا خدشہ ہے، رپورٹ

    عدالت کو بتایا کہ ملزمان نے بغیر اجازت ریلی نکالی، پولیس کے روکنے پر پتھراؤ کیا گیا، جس کے نتیجے میں ایس ایچ او بوٹ بیسن سمیت دیگر پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔

  • کارکنان مشتعل نہ ہوں، کوئی قانون ہاتھ میں نہ لے، بیرسٹر گوہر

    کارکنان مشتعل نہ ہوں، کوئی قانون ہاتھ میں نہ لے، بیرسٹر گوہر

    اسلام آباد: پی ٹی آئی رہنما بیرسٹر گوہر نے سائفر کیس میں عدالتی فیصلہ آنے کے بعد کارکنان کو تحمل کا مظاہرہ کرنے کی تلقین کی ہے۔ انھوں نے کہا بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود کی سزا غیر آئینی اور غیر قانونی ہے، اسلام آباد ہائیکورٹ میں اس سزا کے خلاف اپیل کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق بیرسٹر گوہر نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے عدالتی فیصلے پر تبصرہ کیا کہ اگر ’’بنیادی حق سے ہی محروم کر دیا جائے تو کیس کا کیا فیصلہ آنا ہے دنیا کو معلوم ہے۔‘‘

    انھوں نے کارکنان کی جانب سے ممکنہ رد عمل کے پیش نظر کہا ’’تمام کارکنان اور پی ٹی آئی سے لگاؤ رکھنے والے تحمل کا مظاہرہ کریں، ہمیں سپریم کورٹ اور ہائیکورٹ پر اعتماد ہے، کوئی بھی فیصلہ ہو کالعدم قرار دے دیا جائے گا، ہمیں عدالتوں سے انصاف ملے گا۔‘‘

    بیرسٹر گوہر نے مزید کہا کہ کارکنان مشتعل نہ ہوں، کوئی قانون کو ہاتھ میں نہ لے، کارکن ایک کنکری تک بھی نہ پھینکیں، کیوں کہ یہ ہمیں الیکشن سے توجہ ہٹانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انھوں نے کہا ’’8 فروری کو سب کا محاسبہ ہوگا۔‘‘

    سائفر کیس: بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کو 10 سال قید کی سزا سنا دی گئی

    بیرسٹر گوہر نے کہا پی ٹی آئی پُرامن جماعت ہے، آئین اور قانون پر یقین رکھتی ہے، یہ نا انصافی قبول نہیں کریں گے اور قانونی جنگ لڑیں گے، فی الحال کسی صوبے یا ضلع میں احتجاج کی کال نہیں دی، ہم پہلے قانونی راستہ اختیار کریں گے۔

    واضح رہے کہ سائفر کیس میں عدالت نے بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کو 10،10 سال کی سزا سنا دی ہے، خصوصی عدالت کے جج ابو الحسنات محمد ذوالقرنین نے سزا سنائی، ایف آئی اے کی پراسیکیوشن ٹیم کیس میں جرم ثابت کرنے میں کامیاب رہی۔

  • ریاستی اداروں کے خلاف پروپیگنڈہ بے نقاب، غلام شبیر کا اعترافی بیان منظر عام پر آ گیا

    ریاستی اداروں کے خلاف پروپیگنڈہ بے نقاب، غلام شبیر کا اعترافی بیان منظر عام پر آ گیا

    ریاستی اداروں کے خلاف مخصوص سیاسی جماعت کا من گھڑت پروپیگنڈہ ایک بار پھر بری طرح بے نقاب ہو گیا ہے، غلام شبیر کا اعترافی بیان بھی منظر عام پر آ گیا۔

    تفصیلات کے مطابق مخصوص سیاسی جماعت اپنے مزموم عزائم کے حصول کے لیے ہر حد پار کر گئی، سوشل میڈیا پر مخصوص سیاسی جماعت کے ہینڈلرز نے غلام شبیر نامی شخص کی ویڈیو وائرل کی تھی، جس میں وہ ریاستی اداروں کے خلاف غلیظ زبان استعمال کر رہا تھا۔

    پروپیگنڈا اکاؤنٹس نے غلام شبیر کی ویڈیو سوشل میڈیا پر مذموم مقاصد کے حصول کے لیے وائرل کی تھی، تاہم قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جب تفتیش کی تو ہوش ربا انکشافات سامنے آئے، اس سلسلے میں غلام شبیر کا اعترافی بیان بھی منظر عام پر آ گیا ہے جو ڈی جی خان کا رہائشی ہے ۔ معلوم ہوا کہ چند پیسوں کے عوض مجبور غلام شبیر سے مخصوص سیاسی جماعت کے کارندوں نے ریاستی اداروں کے خلاف ویڈیو بنوائی اور سوشل میڈیا پر پروپیگنڈا شروع کر دیا۔

    غلام شبیر نے اعتراف کیا ’’میں نے پی ٹی آئی سے پیسوں کی لالچ میں آ کر یہ بیان دیا۔‘‘ مخصوص سیاسی جماعت کا یہ پروپیگنڈا بیرونی ممالک سے ریاستی اداروں کے خلاف سوچی سمجھی سازش کے تحت کیا جا رہا ہے۔ غلام شبیر نے اعترافی بیان کے ساتھ ساتھ ریاستی اداروں کے خلاف نعرے بازی پر معافی بھی مانگی۔

    غلام شبیر کی ویڈیو مخصوص سیاسی جماعت کے ہینڈلر وقار خان نے شیئر کی تھی جو کہ امریکا میں رہائش پذیر ہے، وقار خان میری لینڈ یو ایس اے میں پی ٹی آئی کا صدر ہے، وقار خان باہر بیٹھ کر مسلسل پاکستان اور اداروں کے خلاف پروپیگنڈا کرتا ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ کچھ عرصے کے دوران مخصوص سیاسی جماعت نے اعلیٰ عدلیہ کو بھی نشانہ بنایا، لسبیلہ شہدا کی شہادت پر بے بنیاد پروپیگنڈا اور شہدا کے لواحقین کی دل آزاری بھی کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہے، اِسی طرح ملک سے باہر بیٹھے سیاسی جماعت سے جڑے دیگر اکاؤنٹس بھی ہر قمیت پر پاکستان مخالف پروپیگنڈا کرنے کا کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیتے۔

  • کراچی میں پولیس اور پی ٹی آئی کارکنان میں جھڑپ کا مقدمہ درج، صوبائی قیادت سمیت 131 افراد نامزد

    کراچی میں پولیس اور پی ٹی آئی کارکنان میں جھڑپ کا مقدمہ درج، صوبائی قیادت سمیت 131 افراد نامزد

    کراچی: شہر قائد کے علاقے تین تلوار میں پولیس اور پی ٹی آئی کارکنان میں جھڑپ کا مقدمہ درج کر لیا گیا، جس میں صوبائی قیادت سمیت 131 افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے تین تلوار کے قریب پولیس اور پی ٹی آئی کارکنان میں جھڑپ کا مقدمہ درج کر لیا گیا، مقدمے میں پی ٹی آئی کی صوبائی قیادت سمیت 131 افراد نامزد کیے گئے ہیں، جن میں خرم شیر زمان، فہیم خان، سعید آفریدی اور عدیل احمد سمیت دیگر 75 رہنما شامل ہیں۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مقدمہ 4 سے 5 ہزار پی ٹی آئی کارکنان کے خلاف درج کیا گیا ہے، جس میں دہشت گردی، سرکاری املاک پر حملے، ہنگامہ آرائی، بلوہ، لوٹ مار سمیت دیگر دفعات شامل ہیں، یہ مقدمہ سرکار کی مدعیت میں تھانہ فریئر میں درج کیا گیا ہے۔

    ایف آئی آر کے متن کے مطابق 2 روز سے سوشل میڈیا کے ذریعے پر تشدد احتجاج کے لیے کارکنان کو تیار کیا جا رہا تھا، ریلیوں کی شکل میں 4 سے 5 ہزار کارکن تین تلوار پہنچے، جن کے پاس ریلی یا جلسے کا اجازت نامہ نہیں تھا۔

    مقدمے کے متن کے مطابق تین تلوار چوک پر اطراف میں ٹریفک کو روکا گیا، پی ٹی آئی رہنماؤں نے کارکنان کو اشتعال دلایا اور پولیس پر حملہ کر دیا، فائرنگ اور پتھراؤ سے خوف و ہراس پھیلا، کاروبار بند ہوا اور بھگدڑ مچی، اس ہنگامہ آرائی میں 15 افراد گرفتار ہوئے، اور جائے وقوعہ سے نائن ایم ایم کے 4 خول ملے۔

  • الیکشن پر اثر انداز ہونے کے لیے پی ٹی آئی کی امریکا اور پاکستان میں سرمایہ کاری کا انکشاف

    الیکشن پر اثر انداز ہونے کے لیے پی ٹی آئی کی امریکا اور پاکستان میں سرمایہ کاری کا انکشاف

    اسلام آباد: پاکستان میں الیکشن پر اثر انداز ہونے کے لیے پی ٹی آئی کی امریکا اور پاکستان میں سرمایہ کاری کا انکشاف ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق عام انتخابات کو سبوتاژ کرنے کی منصوبہ بندی کی تفصیلات سامنے آ گئی ہیں، اس مقصد کے لیے پی ٹی آئی کے اوورسیز ارکان اور مختلف کرداروں نے لاکھوں ڈالرز فراہم کیے ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق اس منصوبہ بندی کا مقصد پاکستان پر سفارتی و انسانی حقوق کے اداروں کا دباؤ بڑھانا ہے، اور اصل ہدف حکومت پر عالمی دباؤ بڑھا کر بانی پی ٹی آئی کے لیے رعایت حاصل کرنا ہے، سرمایہ کاری سے بیرونی حمایت حاصل کر کے حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کیا جائے گا۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی اور ساتھیوں کو مقدمات سے نکلوانا بھی اس منصوبے میں شامل ہے، انتخابات کو متنازع بنانا، پی ٹی آئی کو مقبول جماعت ظاہر کرنا اس منصوبے کا حصہ ہے، اہداف حاصل کرنے کے لیے اس منصوبے پر عمل درآمد کے ثبوت اداروں کو مل گئے ہیں، حکومت اور اداروں کی کردار کشی کے لیے انتہائی متعصبانہ دستاویزی فلم بھی تیار کروا لی گئی ہے۔

    رپورٹ کے مطابق 9 مئی کو فالس فلیگ آپریشن ثابت کرنے کے لیے لابسٹ فرمز ہائر کر لی گئی ہیں، بیرون ملک بیٹھے افراد فنڈنگ سے گھوسٹ رائٹرز سے آرٹیکل لکھواتے ہیں، اور آرٹیکلز لکھوا کر عوام میں انتخابات سے متعلق مایوسی اور پروپیگنڈے کو ہوا دی جاتی ہے۔

  • پی ٹی آئی کے 7 رہنما اشتہاری قرار

    پی ٹی آئی کے 7 رہنما اشتہاری قرار

    لاہور:انسداددہشتگردی کی عدالت نے مال روڈ پر پولیس گاڑیاں جلانے کے کیس میں پی ٹی آئی کے 7 رہنما کو اشتہاری قرار دیدیا۔

    تفصیلات کے مطابق انسداد دہشتگردی کی عدالت نے پولیس کی درخواست پر کارروائی کی، ملزمان کیخلاف تھانہ سرور روڑ میں مقدمہ درج ہے۔

    انسداددہشتگردی کی عدالت (اے ٹی سی) نے اعظم خان سواتی، مراد سعید اور امتیاز احمد شیخ کو پولیس کی گاڑی جلانے کے کیس میں اشتہاری قرار دیا۔

    اس کے علاوہ حافظ فرحت، محمد زبیر نیازی واسق قیوم اور حامد رضا کو بھی انسداددہشتگردی کی عدالت نے اشتہاری قرار دیا ہے۔

    تفتیشی افسر نے کہا کہ ملزمان کے اشتہار بھی شائع کئے گئے مگر پیش نہیں ہو رہے، ملزمان جان بوجھ کر روپوش ہو چکے ہیں، ملزمان 9 مئی کو جناح ہاؤس کے قریب پولیس کی گاڑیاں جلانے میں ملوث ہیں۔