Tag: پی ٹی آئی

  • پارٹی سے علیحدگی؟ علی زیدی نے اہم بیان جاری کردیا

    پارٹی سے علیحدگی؟ علی زیدی نے اہم بیان جاری کردیا

    کراچی: پی ٹی آئی سندھ کے صدر علی زیدی نے پارٹی سے علیحدگی سے متعلق اہم بیان جاری کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق اپنے ٹوئٹر پیغام میں علی زیدی نے لکھا کہ مجھے کالے قانون ایم پی او کےتحت گرفتارکیا گیا، میری والدہ کے گھرکو ایک ماہ کیلئے سب جیل قراردے دیاگیا ہے اوراب میرے پی ٹی آئی چھوڑنے کی جھوٹی افواہیں پھیلائی جارہی ہیں۔

    پی ٹی آئی سندھ کے صدر نے کہا کہ میرے خلاف غلط معلومات پھیلانے کیلئےمنظم پروپیگنڈہ کیاجارہاہے،گذشتہ ایک ماہ کے دوران میں نے زیادہ تر وقت حراست میں گزارا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی رہنما محمود مولوی کا احتجاجاً پارٹی چھوڑنے کا فیصلہ

    علی زیدی نے مولوی محمود کا نام لئے بغیر کہا کہ افسوس کہ کچھ دوست جال میں پھنس کر جھوٹ کی سازشی تھیوریوں میں فریق بھی بن جاتےہیں، کبھی نہیں چاہوں گا کہ اسیری کے دنوں میں مجھ پرجو گزری وہ ان پرگزرے۔

    اپنے ٹوئٹر پیغام میں علی زیدی نے کہا کہ پی ٹی آئی اس وقت جمہوریت کی بقا کی جنگ لڑرہی ہے، ہمیں ساری توجہ پاکستان کو کرپٹ،جرائم پیشہ افرا د سےبچانے پرلگانی چاہیے کیونکہ اس وقت قانون اورآئین کی نہیں بلکہ کرمنلز کی حکمرانی ہے۔

    انہوں نے واضح کیا کہ تمام مشکلات کےباوجود عمران خان کےساتھ وفادار رہوں گا، علی زیدی نے آصف زرداری،نواز شریف اور ،فضل الرحمان کو زہریلے سانپ قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف ان کےخلاف جنگ جاری رکھےگی۔

    واضح رہے کہ آج کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے ممبر قومی اسمبلی محمود مولوی نے پارٹی سے الگ ہونے اور قومی اسمبلی کی رکنیت چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔

    انہوں نے کہا کہ میں اداروں اور اسٹیبلشمنٹ سے لڑائی کاحامی نہیں ہوں، 9مئی کو فوجی املاک کو نقصان پہنچانے پر احتجاجاً پارٹی چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    ادھر ترجمان پی ٹی آئی نے سابق رکن قومی اسمبلی آفتاب صدیقی سے منسوب خبروں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ آفتاب صدیقی کے پارٹی چھوڑنےسے متعلق خبریں بےبنیاد ہیں وہ بدستور پاکستان تحریک انصاف کا حصہ ہیں اوررہیں گے۔

  • سابق وزیر مملکت شہریار آفریدی گرفتار

    سابق وزیر مملکت شہریار آفریدی گرفتار

    اسلام آباد: سابق وزیر مملکت شہریار آفریدی کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہریار آفریدی کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے، پولیس حکام نے کہا ہے کہ شہریار آفریدی کو سیکٹر ایف 8 سے تھری ایم پی او کے تحت گرفتار کیا گیا۔

    جڑانوالہ میں بھی پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف درج ایف آئی آر میں شامل رہنماؤں اور کارکنان کی گرفتاریوں کے لیے چھاپے مارے گئے، اور پولیس نے سابق ٹکٹ ہولڈر پی ٹی آئی ملک ظفر اقبال کھوکھر کو گرفتار کر لیا۔

    پی ٹی آئی رہنما علی زیدی کی رہائشگاہ سب جیل قرار

    ادھر کراچی میں محکمہ داخلہ سندھ نے پی ٹی آئی رہنما علی زیدی کی ڈیفنس میں واقع رہائش گاہ کو سب جیل قرار دے دیا ہے، ان کے گھر کے اطراف میں پولیس کی نفری تعینات کر دی گئی ہے۔

  • پی ٹی آئی رہنما علی زیدی 30 روز کے لیے نظر بند، نوٹیفکیشن جاری

    پی ٹی آئی رہنما علی زیدی 30 روز کے لیے نظر بند، نوٹیفکیشن جاری

    کراچی: پی ٹی آئی رہنما علی زیدی کو 30 روز کے لیے نظر بند کر دیا گیا، نوٹیفکیشن جاری ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ داخلہ نے علی زیدی کی تیس روزہ نظر بندی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا، محکمہ داخلہ کا کہنا ہے کہ علی زیدی ہنگامہ آرائی اور عوام کو اُکسانے میں ملوث ہیں۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق علی زیدی کو ایم پی او کے تحت نظر بند کیا گیا ہے، علی زیدی کو جیکب آباد جیل پولیس کے حوالے کیا گیا ہے۔

  • مجھے 10 سال تک جیل میں رکھنے کے لیے غداری کے قانون کا استعمال کیا جائے گا: عمران خان

    مجھے 10 سال تک جیل میں رکھنے کے لیے غداری کے قانون کا استعمال کیا جائے گا: عمران خان

    اسلام آباد: چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ بشریٰ بیگم کو جیل میں ڈال کر میری تذلیل کرنے کا لندن منصوبہ سامنے آ گیا ہے، اور مجھے 10 سال تک جیل میں رکھنے کے لیے غداری کے قانون کا استعمال کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے ٹوئٹ میں انکشاف کیا ہے کہ ’’اب لندن کا مکمل منصوبہ سامنے آ گیا ہے، اور منصوبہ یہ ہے کہ بشریٰ بیگم کو جیل میں ڈال کر میری تذلیل کی جائے۔‘‘

    انھوں نے لندن پلان کے حوالے سے مزید کہا ’’مجھے 10 سال تک جیل میں رکھنے کے لیے غداری کے قانون کا استعمال کیا جائے گا، اس کے بعد پی ٹی آئی کی قیادت، کارکنوں کے خلاف مکمل کریک ڈاؤن کیا جائے گا۔‘‘

    عمران خان نے کہا کہ جان بوجھ کر نہ صرف پی ٹی آئی کے کارکنوں بلکہ عام شہریوں پر بھی تشدد کیا جا رہا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ انٹرنیٹ آج پھر معطل کر دیا جائے گا، یہ جزوی طور پر کھلے سوشل میڈیا پر پابندی لگا دیں گے، سپریم کورٹ کے باہر جے یو آئی ایف کا ڈراما صرف ایک مقصد کے لیے کیا جا رہا ہے، اس کا مقصد ہے کہ چیف جسٹس آف پاکستان آئین کے مطابق فیصلہ نہ دیں۔

    عمران خان نے کہا ’’عوام کے لیے میرا پیغام ہے کہ اپنے خون کے آخری قطرے تک حقیقی آزادی کے لیے لڑتا رہوں گا۔‘‘

    پی ٹی آئی چیئرمین کا کہنا تھا کہ چادر اور چار دیواری کے تقدس کو کبھی بھی اس طرح پامال نہیں کیا گیا، یہ لوگوں میں خوف پیدا کرنے کی کوشش ہے، میرے لیے موت ان بدمعاشوں کا غلام بننے سے بہتر ہے، ہم خوف کے بت کے آگے اگر جھکے تو آنے والی نسلوں کے لیے صرف ذلت اور بے عزتی ہوگی۔

    انھوں نے مزید کہا کہ پاکستان پہلے ہی سپریم کورٹ پر اس طرح کا وحشیانہ حملہ دیکھ چکا ہے، 1997 میں ن لیگ کے غنڈوں نے سپریم کورٹ پر حملہ کیا تھا۔

  • کے پی پولیس کا سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن، ایک ہزار سے زائد گرفتار

    کے پی پولیس کا سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن، ایک ہزار سے زائد گرفتار

    پشاور: توڑ پھوڑ اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف خیبر پختون خوا کی پولیس کا کریک ڈاؤن جاری ہے، اب تک ایک ہزار سے زائد افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کے پی پولیس نے ایک ہزار سے زائد افراد کو گرفتار کر لیا ہے، اور ان کے خلاف 42 مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا میں مشتعل مظاہروں میں ملوث 440 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، جب کہ 3 ایم پی او کی خلاف ورزی پر 600 سے زائد افراد کو گرفتار کیا گیا۔

    پشاور میں مزید 296 مشتعل مظاہرین کی نشان دہی کر کے فہرستیں تیار کر لی گئی ہیں۔

    پولیس حکام کے مطابق مختلف کارروائیوں میں گرفتار ملزمان کی تعداد 100 سے زائد ہو گئی ہے، جن کے خلاف انسداد دہشت گردی کے تحت مقدمات درج کیے گئے ہیں۔

    کے پی پولیس کا کہنا ہے کہ شرپسند عناصر کی نشان دہی کا عمل جاری رہے گا، اور چھاپے بھی مارے جا رہے ہیں۔

  • ’بابا کو گھر واپس لایا جائے‘ فواد چوہدری کی ننھی بیٹی کی فریاد

    ’بابا کو گھر واپس لایا جائے‘ فواد چوہدری کی ننھی بیٹی کی فریاد

    اسلام آباد: پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری کی ننھی بیٹی نے فریاد کی ہے کہ بابا کو گھر واپس لایا جائے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری کی ننھی بیٹی کا کہنا ہے کہ بابا چار پانچ دن سے گھر نہیں آئے بہت مس کررہی ہوں، ہم بہت پریشان ہیں۔

    فواد چوہدری کی ننھی بیٹی کا کہنا ہے کہ پتا نہیں انہیں کوئی لے گیا ہے۔

    واضح رہے کہ ذرائع کا کہنا تھا کہ پولیس نے پی ٹی آئی کے گرفتار تینوں رہنما شاہ محمود قریشی، اسد عمر اور فواد چوہدری کو اڈیالہ جیل منتقل کردیا ہے۔

    پولیس نے پی ٹی آئی کے تینوں رہنماؤں کو گزشتہ دنوں نقص امن کے خطرات کی وجہ سے تھری ایم پی او کے تحت گرفتار کیا تھا۔

    اسد عمر کو اسلام آباد ہائیکورٹ اور فواد چوہدری کو سپریم کورٹ کے احاطے سے جب کہ شاہ محمود قریشی کو جی بی ہاؤس سے گرفتار کیا گیا تھا۔

  • رینجرز چوکی سمیت دیگر املاک جلانے والے باپ بیٹا گرفتار، ملزمان نے شرمندگی کا اظہار کر دیا

    رینجرز چوکی سمیت دیگر املاک جلانے والے باپ بیٹا گرفتار، ملزمان نے شرمندگی کا اظہار کر دیا

    کراچی: ڈسٹرکٹ ایسٹ پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے رینجرز چوکی سمیت دیگر املاک جلانے والے باپ بیٹا گرفتار کر لیے۔

    تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ ایسٹ پولیس نے انٹیلیجنس بیسڈ کارروائی کرتے ہوئے 9 مئی کو شارع فیصل پر رینجرز چوکی اور دیگر سرکاری املاک جلانے میں ملوث باپ اور بیٹا گرفتار کر لیے ہیں۔

    گرفتار ملزمان میں عبدالحمید اور حذیفہ شامل ہیں، پولیس حکام کے مطابق گرفتار باپ بیٹے گلستان جوہر بلاک 13 کے رہائشی ہیں، شارع فیصل پر 9 مئی کو سڑک بلاک کر کے شرپسند عناصر کی جانب سے شدید ہنگامہ آرائی کرتے ہوئے جلاؤ گھیراؤ کیا گیا تھا۔

    سرکاری املاک کو نذر آتش کرنے والے عناصر کے خلاف دہشت گردی اور دیگر سنگین دفعات کے تحت مقدمہ درج ہوا تھا، گرفتار ملزم عبدالحمید چوکی جلانے کے بعد بیٹے حذیفہ سے ویڈیو بنواتے ہوئے دہشت گردی کا اعتراف بھی کرتا رہا۔

    پولیس حکام کی جانب سے گرفتار ملزم کا ویڈیو بیان بھی جاری کیا گیا ہے، جس میں ملزم کا کہنا ہے کہ میرا نام عبد الحمید ہے، 9 مئی کو شارع فیصل پر میں نے پی ٹی آئی قیادت کے اکسانے پر رینجرز چوکی جلائی تھی، میرے کہنے پر میری ویڈیو میرے بیٹے حذیفہ نے بنائی تھی اور میرے ہی کہنے پر ویڈیو کو وائرل بھی کیا گیا

    ملزم کا یہ بھی کہنا ہے کہ میں اپنے کیے پر بہت شرمندہ ہوں، ملزم عبدالحمید نے پاک فوج زندہ باد کا نعرہ بھی لگایا۔

  • میرے گھر پر حملے کی منصوبہ بندی میں خواجہ آصف براہ راست ملوث ہیں: عثمان ڈار

    میرے گھر پر حملے کی منصوبہ بندی میں خواجہ آصف براہ راست ملوث ہیں: عثمان ڈار

    سیالکوٹ: پی ٹی آئی رہنما عثمان ڈار نے الزام لگایا ہے کہ ان کے گھر پر حملے کی منصوبہ بندی میں خواجہ آصف براہ راست ملوث ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عثمان ڈار نے کہا ہے کہ ان کے گھر پر حملے کی منصوبہ بندی میں خواجہ آصف براہ راست ملوث ہیں، اس لیے اب مگر مچھ کے آنسو بہانا بند کریں۔

    عثمان ڈار نے خواجہ آصف کے بیان پر اپنے ردِ عمل میں کہا کہ شدید عوامی رد عمل آنے پر ندامت کا ڈراما کیا جا رہا ہے، میرے خلاف حکومتی مشینری خواجہ آصف کے ایما پر متحرک ہوئی۔

    پی ٹی آئی رہنما نے خواجہ آصف کی ہمدردی کو مسترد کرتے ہوئے کہا ’’ان کی ہمدردی کی ضرورت نہیں‘‘ عثمان ڈار نے خواجہ آصف کے خلاف قانونی کارروائی کا بھی اعلان کیا۔

    خواجہ آصف نے پی ٹی آئی خواتین سے بدسلوکی پر معافی مانگ لی

    واضح رہے کہ وزیر دفاع خواجہ آصف نے گزشتہ دنوں احتجاج کے دوران پاکستان تحریک انصاف کی خواتین سے بدسلوکی پر معافی مانگ لی ہے۔ انھوں نے کہا پی ٹی آئی رہنماؤں کے گھروں پر چادر اور چار دیواری کی بے حرمتی ہوئی جس پر میں شرمندہ ہوں، اگر عثمان ڈار کی والدہ نے اجازت دی تو میں ان سے ان کے گھر پر جا کر معافی مانگوں گا۔

  • لاہور کینٹ میں فوجی دفاتر کو ملک دشمنوں کی طرح نشانہ بنایا گیا

    لاہور کینٹ میں فوجی دفاتر کو ملک دشمنوں کی طرح نشانہ بنایا گیا

    لاہور: 9 مئی ملکی تاریخ میں سیاہ ترین باب کے طور پر یاد رکھا جائے گا، جب لاہور کینٹ میں شر پسندوں نے ملک دشمنوں کی طرح فوج کے دفاتر پر حملہ کیا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی گرفتاری کے بعد شروع ہونے والے ہنگاموں کے دوران لاہور میں جناح ہاؤس، شہدا کی تصاویر کی پامالی، اور دیگر سرکاری املاک کا جلاؤ گھیراؤ کیا گیا۔

    شدید احتجاج کے دوران شرپسندوں نے لوٹ مار کا بازار گرم کیے رکھا، اور فوجی دفاتر کو بھی ملک دشمنوں کی طرح نشانہ بنایا گیا، لاہور میں واقع فوجی دفاتر کو بھی شر پسندوں نے نہ چھوڑا۔

    چند شرپسند سیاسی قائدین کے اشاروں پر شرپسندوں نے فوجی دفاتر پر حملہ کیا اور وہاں موجود سامان کو جلا کر خاکستر کر دیا گیا، شرپسندوں نے مکروہ عزائم سے ثابت کر دیا کہ حملہ دراصل ملک دشمنی میں وطن عزیز اور اس کے محافظوں پر کیا گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق اعلیٰ سطح کے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ٹیموں کو اس سلسلے میں سرگرم کر دیا گیا ہے، تاکہ حملہ آوروں کو قانون کے مطابق قرار واقعی سزائیں دلوائی جا سکیں۔

  • حکومت سندھ کا پی ٹی آئی کے 263 رہنماؤں، کارکنوں کی 30 روز نظر بندی کا اعلان

    حکومت سندھ کا پی ٹی آئی کے 263 رہنماؤں، کارکنوں کی 30 روز نظر بندی کا اعلان

    کراچی: حکومت سندھ نے پی ٹی آئی کے 263 رہنماؤں اور کارکنوں کی 30 روز نظر بندی کا اعلان کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے ڈھائی سو سے زائد پی ٹی آئی کارکنان کو ایک ماہ کے لیے نظر بند کر دیا ہے، محکمہ داخلہ سندھ نےایم پی او کے تحت نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔

    گرفتار کارکنوں کو حیدرآباد، سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد، اور خیرپور میرس میں رکھا جائے گا، واضح رہے کہ کراچی میں پی ٹی آئی کے گرفتار کارکنوں کی تعداد 400 سے تجاوز کر گئی ہے۔

    خیال رہے کہ عمران خان کی گرفتاری کے بعد خیبر پختون خوا میں بھی احتجاجی مظاہروں میں 672 افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔ پشاور میں 164، مردان میں 44، نوشہرہ میں 18، ہری پور میں 41 افراد گرفتار ہوئے۔ جب کہ 316 افراد کو دفعہ 144 کی خلاف ورزی کے تحت گرفتار کیا گیا۔

    رپورٹ کے مطابق گرفتار ہونے والوں میں سابق ارکان اسمبلی بھی شامل ہیں۔