Tag: پی ٹی آئی

  • سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسجر بل : پی ٹی آئی نے بڑا فیصلہ کرلیا

    سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسجر بل : پی ٹی آئی نے بڑا فیصلہ کرلیا

    اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف نے سپریم کورٹ پریکٹس اینڈپروسجر بل کی مخالفت کا فیصلہ کرلیا اور سینیٹرز کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں شرکت کی ہدایت کردی۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ پریکٹس اینڈپروسجر بل کے مشترکہ اجلاس سے منظوری کے معاملے پر پاکستان تحریک انصاف نے حکومتی بل کی مخالفت کا فیصلہ کرلیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پارلیمنٹ میں پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس 3 بجے طلب کرلیا ہے، پی ٹی آئی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس سینیٹر شہزاد وسیم کی زیر صدارت ہوگا۔

    پارلیمانی پارٹی میٹنگ میں سینیٹرز اور اراکین اسمبلی شریک ہوں گے، اجلاس میں پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے متعلق حکمت عملی مرتب کی جائے گی۔

    یاد رہے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس آج شام 4 بجے ہو گا ، مشترکہ اجلاس کا 4 نکاتی ایجنڈاجاری کر دیا گیا ہے۔

    سپریم کورٹ پریکٹس اینڈپروسیجرز بل ایجنڈے میں شامل ہیں ، صدرمملکت نے بل واپس پارلیمان کوبھیج دیاتھا ، پارلیمنٹ کےمشترکہ اجلاس میں بل کی منظوری دی جائے گی ، منظوری کے 10 دن بعد قانون نافذ العمل ہوجائے گا۔

  • پی ٹی آئی آج  خیبر پختونخوا میں انتخابات کرانے کیلئے سپریم کورٹ میں پٹیشن دائر کرے گی

    پی ٹی آئی آج خیبر پختونخوا میں انتخابات کرانے کیلئے سپریم کورٹ میں پٹیشن دائر کرے گی

    اسلام آباد : تحریک انصاف خیبر پختونخوا میں انتخابات کرانے کیلئے آج سپریم کورٹ میں پٹیشن دائر کرے گی جس میں عدالت سے خیبرپختونخوا میں بھی انتخابات کا حکم دینے کی استدعا کی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف خیبر پختونخواہ کے ترجمان شوکت یوسفزئی کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی خیبرپختونخوا میں انتخابات کرانے کیلئے آج پٹیشن دائر کرے گی، پٹیشن سپریم کورٹ میں دائر کی جائے گی۔

    شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ بیرسٹرعلی ظفراوربیرسٹرگوہرسپریم کورٹ میں پٹیشن دائرکریں گے ، اس موقع پر پی ٹی آئی لیڈرشپ پرویزخٹک،اسدقیصر،شاہ فرمان،محمودخان،مشتاق غنی ودیگرہمراہ ہوں گے۔

    ترجمان پی ٹی آئی نے بتایا کہ پٹیشن میں استدعا کی جائے گی کہ خیبرپختونخوامیں بھی انتخابات کاحکم دیں۔

    یاد رہے 4 اپریل کو سپریم کورٹ نے پنجاب اور خیبرپختونخوا میں الیکشن کے التوا سے متعلق کیس کا محفوظ فیصلہ سنایا تھا ، جس میں عدالت نے پنجاب میں 14 مئی کو الیکشن کرانے کا حکم دیا۔

    خیبرپختونخوا میں الیکشن کے حوالے سے سپریم کورٹ نے فیصلے میں کہا تھا کہ خیبرپختونخوا اسمبلی کے حوالے سے وکیل نے دلائل نہیں دیئے، خیبرپختونخواکے حوالے سے الگ پٹیشن دائر کی جائے، عدالت اس پر مناسب حکم جاری کرے گی،گورنرخیبر پختونخوا کے وکیل کیس سے الگ ہوگئے، خیبرپختونخوا الیکشن کے حوالے سےدوبارہ رجوع کیا جائے۔

    سپریم کورٹ نے ہدایت کی کہ نگراں پنجاب حکومت ،چیف سیکریٹری ، آئی جی سیکیورٹی پرمعاونت کریں اور صوبائی حکومت بھی الیکشن کمیشن کےساتھ تعاون کرے جبکہ وفاقی حکومت آئینی ذ مہ داری پوری کرے اور ساتھ ہی الیکشن کمیشن کومکمل تعاون اور سہولت فراہم کرے۔

  • سپریم کورٹ نے سیاسی درجہ حرارت کم کرنے کے لیے پی ٹی آئی سے تحریری یقین دہانی مانگ لی

    سپریم کورٹ نے سیاسی درجہ حرارت کم کرنے کے لیے پی ٹی آئی سے تحریری یقین دہانی مانگ لی

    اسلام آباد: سپریم کورٹ آف پاکستان نے سیاسی درجہ حرارت کم کرنے کے لیے پی ٹی آئی سے تحریری یقین دہانی مانگ لی۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب اور کے پی میں انتخابات ملتوی کرنے سے متعلق کیس کی سماعت کے اختتام پر چیف جسٹس آف پاکستان نے اہم ریمارکس دیے۔

    چیف جسٹس نے کہا سیاسی قوتوں کے درمیان تناؤ سے دیگر ریاستی ادارے متاثر ہو رہے ہیں، عوام میں اداروں کے بارے میں باتیں کی جاتی ہیں، ادارے بول نہیں سکتے اس لیے خاموش رہ کر سنتے ہیں، شفاف الیکشن کے لیے سیاسی درجہ حرارت کم کرنا ہوگا۔

    چیف جسٹس نے کہا فیئر پلے ہو تو اسپورٹس مین سامنے آتے ہیں جنگجو نہیں، غصے کوکنٹرول کرنے کی ضرورت ہے، حکومت کی جانب سے کون یقین دہانی کرائے گا، کوئی سینئر عہدیدار یقین دہانی کرائے تو مناسب ہوگا۔

    انھوں نے کہا عدالتی کارروائی کا مقصد ریاستی کام کو آئین کے مطابق رکھنا ہے، عدالتی کارروائی کسی کو فائدہ دینے کے لیے نہیں، الیکشن کے بغیر جمہوری حکومتیں نہیں آ سکتیں، دو وزرائے اعلیٰ نے اچھا یا برا اپنا اسمبلی تحلیل کرنے کا اختیار استعمال کیا، آگے بڑھنے کے لیے قدم اٹھانا پڑتے ہیں۔

    چیف جسٹس نے مزید کہا کہ وزارت داخلہ اور دفاع سے حالات میں بہتری کے لیے کم سے کم وقت پوچھ کر عدالت کو بتایا جائے، انتخابات 2 دن میں بھی ہو سکتے ہیں، اگر ایک دن میں ممکن نہ ہوں۔

    واضح رہے کہ عدالت نے پنجاب اور کے پی انتخابات ملتوی کرنے سے متعلق کیس کی سماعت کل ساڑھے 11 بجے تک ملتوی کر دی ہے۔

    چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ الیکشن کمیشن راستہ نہیں ڈھونڈ سکتا تو ہم ڈھونڈیں گے، 1988 میں بھی عدالتی حکم پر الیکشن تاخیر سے ہوئے تھے، دہشت گردی کے باوجود ملک میں انتخابات ہوتے رہے۔ جسٹس اعجازالاحسن نے کہا کہ انتظامی ادارے تعاون نہیں کر رہے تھے تو عدالت کو بتاتے، پیسے اور سیکیورٹی مل جائے تو 30 اپریل کو انتخابات ہو سکتے ہیں۔ وکیل الیکشن کمیشن نے کہا حکومتی معاونت مل جائے تو الیکشن کروا سکتے ہیں۔

  • ’سیاسی جماعتیں مذاکرات کریں ورنہ۔۔۔‘: سراج الحق نے خبردار کر دیا

    ’سیاسی جماعتیں مذاکرات کریں ورنہ۔۔۔‘: سراج الحق نے خبردار کر دیا

    لاہور: امیر جماعت اسلامی نے خبردار کیا ہے کہ اگر سیاسی جماعتوں نےمذاکرات نہ کیےتو رہی سہی جمہوریت بھی ختم ہوجائےگی۔

    تفصیلات کے مطابق ایک بیان میں جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا کہ اداروں کے اندر جنگ کا آغاز بدترین حالات کا آئینہ دار ہے،قومی ادارے پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی کی دھڑے بندی کا شکارہوگئے۔

    انہوں نے کہا کہ ججزتقسیم کےتاثر کاازالہ الیکشن سوموٹو پر فل کورٹ کی تشکیل میں ہوسکتاہے، سیاسی جماعتیں قومی انتخابات کےلیےراضی ہوجائیں اگر سیاسی جماعتوں نے مذاکرات نہ کیےتو رہی سہی جمہوریت بھی ختم ہوجائےگی۔

    موجودہ حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ملک پرایسا ٹولہ مسلط ہےجس نےعوام کا جینا عذاب بنادیا ہے، ماہ رمضان کےمقدس مہینےمیں لاکھوں لوگ صبح آٹےکی تلاش میں نکلتےہیں،قطاروں میں گھنٹوں تضحیک اورتذلیل کے بعد10 کلوکاتھیلاملتاہے، حکومت اتنی ناکارہ ہے کہ عوام کوآٹادینےکی صلاحیت نہیں رکھتی؟۔

  • جلسے میں گریٹر اقبال پارک کو نقصان پہنچانے کا نوٹس: پی ٹی آئی کا عدالت سے رجوع کا فیصلہ

    جلسے میں گریٹر اقبال پارک کو نقصان پہنچانے کا نوٹس: پی ٹی آئی کا عدالت سے رجوع کا فیصلہ

    لاہور : پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے پی ایچ اے کی جانب سے گریٹر اقبال پارک کو نقصان کے نوٹس پر عدالت سے رجوع کا فیصلہ کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی پی ایچ اے کی جانب سے گریٹر اقبال پارک کونقصان پہنچانے کے نوٹس پرتحریک انصاف نے عدالت سے رجوع کا فیصلہ کرلیا۔

    پی ٹی آئی رہنما امتیاز شیخ نے کہا کہ پی ایچ اے نے 2کروڑ93لاکھ روپے کا نوٹس بھیجاہے ، پارک میں جا کر چیک کیا کوئی پودا نہیں ٹوٹا اور نہ کوئی نقصان ہوا تھا، ایک مقام سے گریل ٹوٹی تھی اس کو ٹھیک کروا دیا تھا۔

    رہنماپی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ نوٹس کا جواب بھیجا ہےاور جلسے سے پہلے اور بعد کی سی سی ٹی وی فوٹیج مانگی ہے ، فوٹیج میں دیکھیں گے جو نقصان ہوا وہ ٹھیک کرایا جائے گا۔

    یاد رہے گذشتہ روز پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی نے مینار پاکستان جلسے پر پی ٹی آئی کو جرمانہ کردیا تھا، پی ایچ اے نے کہا کہ تحریک انصاف نےمینارپاکستان جلسےمیں کروڑوں کانقصان کیا۔

    پی ایچ اے کا کہنا تھا کہ گریٹراقبال پارک کو2 کروڑ90لاکھ سےزائدکانقصان پہنچایاگیاپی ٹی آئی اداکرے، مارچ2022میں ہونے والے جلسے کے نقصان کے42لاکھ روپےبھی ادانہیں کئےگئے۔

  • پی ٹی آئی سوشل میڈیا سندھ کے آپریشن ہیڈ ارشد صدیقی لاپتہ

    پی ٹی آئی سوشل میڈیا سندھ کے آپریشن ہیڈ ارشد صدیقی لاپتہ

    کراچی : پی ٹی آئی سوشل میڈیا سندھ کے آپریشن ہیڈ ارشد صدیقی لاپتہ ہوگئے، پی‌ ٹی آئی ترجمان کا کہنا ہے کہ ارشد صدیقی کی گمشدگی تشویشناک ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی سوشل میڈیا سندھ کے آپریشن ہیڈ ارشد صدیقی لاپتہ ہوگئے، ترجمان پی ٹی آئی کراچی نے بتایا کہ ارشدصدیقی کراچی محمودآبادکےرہائشی ہیں، وہ اتوار کی صبح آٹھ بجے اپنی رہائشگاہ سے کام پر جانے کے لئے نکلے تھے۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ پولیس نےاب تک ارشدکی گرفتاری سےمتعلق کوئی اطلاع نہیں دی ، ارشدصدیقی کی بازیابی کیلئےمختلف تھانوں سے رجوع کررہے ہیں۔

    پی ٹی آئی کراچی کے ترجمان نے سوشل میڈیا رکن ارشد صدیقی کی گمشدگی کو تشویشناک قرار دے دیا۔

    دوسری جانب پولیس کے پی ٹی آئی سوشل میڈیا کارکنان کی گرفتاری کیلئے چھاپے جاری ہے، پولیس نے پی ٹی آئی سوشل میڈیا کے کارکن نصیر بابر کو گرفتارکرلیا ہے۔

    یاد رہے گذشتہ ہفتے پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا کارکن اظہر مشوانی کو اغوا کرلیا گیا تھا ، چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا ہیڈ اظہر مشوانی کے مبینہ اغوا پر شدید ردعمل کا اظہار کیا تھا۔

    عمران خان کا کہناتھا کہ اظہر مشوانی کو لاہور سے اغوا کیا گیا،اظہر مشوانی کو کہاں رکھا گیا پتہ نہیں چل رہا ہے۔

  • پی ٹی آئی نے تشدد کے خلاف دنیا بھر کے پارلیمانی و انسانی حقوق فورمز کا دروازہ کھٹکھٹا دیا

    پی ٹی آئی نے تشدد کے خلاف دنیا بھر کے پارلیمانی و انسانی حقوق فورمز کا دروازہ کھٹکھٹا دیا

    اسلام آباد: پی ٹی آئی نے تشدد کے خلاف دنیا بھر کے پارلیمانی و انسانی حقوق فورمز کا دروازہ کھٹکھٹا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف نے اراکین پارلیمنٹ اور سیاسی کارکنوں پر تشدد کو عالمی سطح پر اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے، اسد قیصر نے خطوط لکھ کر عمران خان، اراکین پارلیمنٹ اور کارکنوں پر تشدد کے خلاف دنیا بھر کی پارلیمان سے نوٹس لینے کی اپیل کر دی ہے۔

    سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے دنیا بھر کے پارلیمانی و انسانی حقوق کے فورمز کو خطوط لکھ کر کہا ہے کہ پاکستانی عوام کی سیاسی نسل کشی، جمہوریت کی تباہی کو روکنے میں کردار ادا کریں۔

    پی ٹی آئی رہنما کی جانب سے یورپی یونین، آئی پی یو، سی پی اے، امریکی ایوان نمائندگان، ہاؤس آف لارڈز اور انسانی حقوق کی تنظیموں کو خطوط ارسال کیے گئے ہیں۔

    انھوں نے خطوط میں لکھا کہ پاکستان متعدد عالمی انسانی حقوق کنونشن پر دستخط کر چکا ہے، میں بطور سابق اسپیکر پاکستان میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں علم میں لانا چاہ رہا ہوں۔

    انھوں نے لکھا کہ پاکستان تحریک انصاف ملک کی مقبول ترین سیاسی جماعت ہے، سیاسی ہارس ٹریڈنگ کے بعد پارٹی نے فریش مینڈیٹ کا فیصلہ کیا اور ایوان سے مستعفی ہوئے، لیکن کے پی، پنجاب میں نگران حکومتوں نے کارکنوں کی آواز دبانے کے لیے انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کیں۔

    اسد قیصر نے لکھا ہے کہ سابق وزیر اعظم عمران خان کو سیاست سے نکالنے کے لیے جھوٹے فوجداری مقدمات قائم کیے گئے، عمران خان کو قاتلانہ حملے میں 11 گولیاں ماری اور 127 مقدمات درج کیے گئے، سابق وزیر اعظم عمران خان کے گھر پر متعدد حملے اور کارکنان پر تشدد کیا گیا، صحافی ارشد شریف کو قتل کیا گیا، ان کی ماں کو ابھی تک انصاف نہیں ملا۔

    مراسلے میں مزید لکھا گیا ہے کہ پی ٹی آئی کارکن ظل شاہ کو پنجاب پولیس حراست کے دوران تشدد سے قتل کیا گیا، عمران خان پر اپنے ہی کارکن علی بلال عرف ظل شاہ کے قتل کا مقدمہ درج کیا گیا۔

    اسد قیصر نے لکھا کہ پی ڈی ایم اعلیٰ عدلیہ پر جعلی آڈیوز اور ویڈیوز کے ذریعے بلیک میلنگ کے حملے کر چکی ہے، پی ٹی آئی پر غیر آئینی طور پر پابندی عائد کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کے احکامات کے باوجود انتخابات ملتوی کیے۔

    مراسلے میں لکھا گیا ہے کہ شہباز شریف نے تشدد کے خلاف مزاحمت کرنے والے کارکنوں کو عسکریت پسند کہا، اور وزیر اعظم کی بھتیجی مریم نواز نے سیاسی کارکنوں کو تعصب اور نسل پرستانہ قرار دیا، گزارش ہے کہ پاکستانی عوام کی سیاسی نسل کشی، جمہوریت کی تباہی کو روکنے میں کردار ادا کریں۔

  • مریم نواز جب جلسہ گاہ جاتی ہے کیا کنٹینرز کھڑے کیے جاتے ہیں؟ شاہ محمود قریشی کا سوال

    مریم نواز جب جلسہ گاہ جاتی ہے کیا کنٹینرز کھڑے کیے جاتے ہیں؟ شاہ محمود قریشی کا سوال

    لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما شاہ محمود قریشی نے پی ٹی آئی کے مینار پاکستان جلسے کی راہ میں کنٹینرز کے ذریعے رکاوٹیں کھڑی کرنے پر سوال اٹھایا ہے کہ کیا مریم نواز جلسے نہیں کر رہی ہیں؟

    شاہ محمود قریشی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لاہور ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی کو جلسے کی اجازت دے دی ہے، لیکن جگہ جگہ کنٹینر لگا کر کارکنان کے راستے میں رکاوٹیں کھڑی کر دی گئی ہیں۔

    انھوں نے سوال اٹھایا کہ کیا مریم نواز جلسے نہیں کر رہی ہیں، مریم نواز جب جلسہ گاہ جاتی ہیں کیا کنٹینرز کھڑے کیے جاتے ہیں؟ پی ٹی آئی کارکنان کے ساتھ امتیازی سلوک کیوں کیا جا رہا ہے؟

    شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ لاہور میں جو کچھ ہو رہا ہے عوام دیکھ رہی ہے، موجودہ حکومت جلسے میں رکاوٹیں کھڑی کر رہی ہے، یہ خوف نہیں تو کیا ہے، لیکن لاہور سیاسی شعور رکھتا ہے، اصولی مؤقف پر لاہور نے خاموشی اختیار نہیں کی۔

    انھوں نے کہا کہ جلسے کے حوالے سے ٹرانسپورٹرز کو بھی دھمکیاں دی جا رہی ہیں، لیکن گزارش ہے کہ پی ٹی آئی کارکنان نے قانون ہاتھ میں نہیں لینا، جلسہ کرنا ہمارا آئینی اور قانونی حق ہے، کارکنان نے راستہ کھولنا ہے الجھنا نہیں، وہ جذبے سے لیس ہو کر آئیں، یہ جذبہ بہت بڑا ہتھیار ہے جو سب کو ڈھیر کر سکتا ہے۔

    پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ ہم نے وکلا کی آواز بننا ہے، 90 بار ایسوسی ایشنز نے قراردادوں کے ذریعے پیغام دیا ہے، آج وکلا پھر میدان میں نکلے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔

    شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عمران خان کا آج کا پیغام بہت اہم ہوگا، عمران خان تقریر کی تیاری میں مصروف ہیں، اس بار بھی لاہور کے عوام نکلیں گے اور تاریخ رقم کریں گے، ضلعی انتظامیہ بے بس اور لاچار دکھائی دیتی ہے، پولیس اور انتظامیہ سے گزارش کروں گا کنٹینرز ہٹا دیے جائیں۔

  • پی ٹی آئی نے پنجاب میں الیکشن کی تاریخ کی تبدیلی  کو سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا

    پی ٹی آئی نے پنجاب میں الیکشن کی تاریخ کی تبدیلی کو سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا

    اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) نے پنجاب میں الیکشن کی تاریخ کی تبدیلی کو سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا اور استدعا کی کہ الیکشن کمیشن کو شیڈول کے مطابق 30 اپریل کو الیکشن کرانے کا حکم دیا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف نےالیکشن کمیشن فیصلے کیخلاف سپریم کورٹ سے رجوع کرلیا اور الیکشن تاریخ کی تبدیلی کیخلاف پی ٹی آئی نے مشترکہ آئینی درخواست عدالت میں دائر کردی۔

    اسپیکرپنجاب اسمبلی سبطین خان اسپیکر کے پی کے اسمبلی مشتاق غنی نےآئینی درخواست دائرکی ، جس میں اسدعمر، میاں محمود الرشید اور عبد الرحمان بھی مشترکہ درخواست گزاروں میں شامل ہیں۔

    درخواست میں وفاق اور پنجاب کے پی کے سمیت وزارت پارلیمانی امور وزارت قانون اور کابینہ کو فریق بنایا گیا ہے۔

    تحریک انصاف نے مشترکہ درخواست میں الیکشن کمیشن کا فیصلہ کالعدم قراردینے کی استدعا کی گئی اور کہا گیا کہ الیکشن کمیشن نےآئینی مینڈیٹ اورعدالت کےفیصلہ سے انحراف کیا۔

    مزید پڑھیں : الیکشن کمیشن نے پنجاب کے انتخابات ملتوی کردیے

    درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ الیکشن کمیشن کو شیڈول کے مطابق 30 اپریل کو الیکشن کرانے کا حکم دیا جائے۔

    یاد رہے الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے پنجاب کے انتخابات ملتوی کردیے گئے تھے اور کہا گیا تھا کہ اب انتخابات 8 اکتوبر کو ہوں گے۔

    واضح رہے کہ عدالت نے پنجاب اور کے پی میں 30 اپریل کو انتخابات کروانے کا حکم دیا تھا۔

  • پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری ، حماد اظہر، فرخ حبیب کی عبوری ضمانت خارج

    پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری ، حماد اظہر، فرخ حبیب کی عبوری ضمانت خارج

    لاہور: انسداد دہشت گردی کی عدالت نے پی ٹی آئی رہنما فوادچوہدری ، حماداظہر،فرخ حبیب کی عبوری ضمانت عدم پیشی پر خارج کردی۔

    تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت لاہور میں پولیس پر تشدد، اقدام قتل، جلاؤ گھیراؤ اور کارسرکار میں مداخلت کے معاملے پر سماعت ہوئی۔

    عدالت نے پی ٹی آئی رہنما فوادچوہدری ، حماداظہر،فرخ حبیب کی عبوری ضمانت خارج کردی، انسداد دہشت گردی عدالت نے پیش نہ ہونے پر ضمانت کی درخواست خارج کی۔

    فواد چوہدری اور حماد اظہر نے ضمانتی مچلکے بھی جمع نہیں کروائے تھے جبکہ میاں محمودالرشید اوراعجاز چوہدری عدالت میں پیش ہوئے اور عدالت نے دونوں رہنماؤں کی عبوری ضمانت میں 4 اپریل تک توسیع کردی۔

    خیال رہے تھانہ ریس کورس پولیس نے پی ٹی آئی رہنماؤں کیخلاف 12 مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کر رکھا ہے۔