Tag: پی ٹی آئی

  • مذہبی جماعت کا عمران خان کے لانگ مارچ میں شرکت کا اعلان

    مذہبی جماعت کا عمران خان کے لانگ مارچ میں شرکت کا اعلان

    فیصل آباد: مذہبی جماعت نے تحریک انصاف کے لانگ مارچ کی حمایت کا اعلان کردیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ حامد رضا کا کہنا ہے کہ گوجرانوالہ میں لانگ مارچ کا استقبال کیا جائے گا اور میں لانگ مارچ میں شامل ہوں گا۔

    انہوں نے کہا کہ راولپنڈی ڈویژن تنظیم کو لانگ مارچ کے استقبال کی ہدایت کردی ہے۔

    حامد رضا کا کہنا تھا کہ سنی اتحاد کونسل پنجاب کو ہنگامی تیاریوں کی ہدایت جاری کردی ہے۔

    واضح رہے کہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے جمعے سے لانگ مارچ شروع کرنےکا اعلان کردیا ہے۔

    https://urdu.arynews.tv/imran-khans-announcement-of-long-march-from-friday-2510/

     ایوان وزیراعلیٰ پنجاب میں میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ میں نے فیصلہ کیا ہےکہ جمعےکو لانگ مارچ کر رہا ہوں، لبرٹی چوک لاہور سے ہمارا لانگ مارچ شروع ہوگا، ہمارا لانگ مارچ جمعےکی صبح 11 بجے شروع ہوگا۔

    ان کا کہنا تھا کہ ہم جی ٹی روڈ سے عوام کو ساتھ لیتے ہوئے اسلام آباد پہنچیں گے،ہمارا مارچ پُر امن احتجاج ہوگا، ہم پر امن احتجاج کرتے ہیں ہمارے جلسوں میں فیملیز آتی ہیں۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ ہم لڑائی کرنے نہیں جارہے نہ ہم ریڈ زون میں جا رہے ہیں، ہم وہاں جلسہ کریں گے جہاں عدالتوں نے ہمیں اجازت دی ہوئی ہے، ہم نے سب کو پر امن رہنےکی ہدایت کی ہے۔

  • کراچی میں بلدیاتی انتخابات کا التوا: پی ٹی آئی آج اگلے لائحہ عمل کا اعلان کرے گی

    کراچی میں بلدیاتی انتخابات کا التوا: پی ٹی آئی آج اگلے لائحہ عمل کا اعلان کرے گی

    کراچی : تحریک انصاف کے رہنما علی زیدی کا کہنا ہے کہ بلدیاتی انتخابات کے التوا پر پی ٹی آئی آج اگلے لائحہ عمل کا اعلان کرے گی۔

    تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی رہنما علی زیدی نے اپنے بیان میں کہا کہ کراچی میں بلدیاتی انتخابات کو دوبار ملتوی کر دیا گیا، یہ الیکشن کمیشن کا کراچی کےعوام کے منہ پر طمانچہ ہے۔

    علی زیدی کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت اورالیکشن کمیشن کی طرف سے آئین کی کھلی توہین ہے، اگر آرٹیکل اے 140 کو لاگو کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے تو اس کا کیا فائدہ؟۔

    انھوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کراچی کی قیادت آج اپنے اگلے اقدامات کااعلان کرے گی۔

    دوسری جانب رہنما تحریک انصاف حلیم عادل شیخ نے کہا کہ اپنی شکست کے پیش نظر کراچی کے بلدیاتی انتخابات ملتوی کئے گئے، الیکشن کمیشن سے ہمیں کوئی امید نہیں ،حلیم عادل شیخ

    ہمیں عدلیہ سے امید ہے اور ہم نے ہمیشہ عدلیہ کا احترام کیا، این اے 237 میں پولیس،آر اوز کے ذریعے 15000 ووٹ چرائے گئے، اس کا فرانزک کرایا جائے ہم اس کے پیسے ادا کرنے کو تیار ہیں۔

  • ضمنی انتخابات میں پی ٹی آئی کا ووٹ 37 فیصد سے بڑھ کر 49 فیصد ہو گیا، پلڈاٹ سربراہ

    ضمنی انتخابات میں پی ٹی آئی کا ووٹ 37 فیصد سے بڑھ کر 49 فیصد ہو گیا، پلڈاٹ سربراہ

    اسلام آباد : پلڈاٹ کے سربراہ جاوید نواز کا کہنا ہے کہ ضمنی انتخابات مین پی ٹی آئی کا ووٹ 37 فیصد سے بڑھ کر 49 فیصد ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف لیجسلیٹو ڈویلپمنٹ اینڈ ٹرانسپیرنسی (پلڈاٹ) کے سربراہ جاوید نواز نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ 11ضمنی انتخابات میں ثابت ہوا پی ٹی آئی کی واضح لیڈ آئی ہے ، ضمنی انتخابات میں پی ٹی آئی کے مینڈیٹ میں اضافہ بھی ہوا۔

    سربراہ پلڈاٹ کا کہنا تھا کہ مقبولیت کاپیمانہ ووٹ ہوتا ہے، پی ٹی آئی کے ووٹ بڑھے ہیں اور 16 اکتوبر کو 11 حلقوں کے ضمنی انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کا ووٹ 37 فیصد سے بڑھ کر 49 فیصد ہو گیا۔

    جاوید نواز نے کہا کہ سب کوپتہ تھا پی ٹی آئی نے اسمبلی میں نہیں جانا لیکن پھر بھی کامیاب ہوئی ، پی ٹی آئی نے اپنی جیت کے ذریعے جو پیغام دینا تھا وہ دے دیا ہے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ ووٹ کی شرح نکالےتو11حلقوں میں پی ٹی آئی ووٹ بینک بڑھاہے جبکہ 7حلقوں میں پی ڈی ایم کاووٹ بینک کم ہواہے۔

    سربراہ پلڈاٹ نے کہا کہ 3حلقوں میں پی ڈی ایم کاووٹ بینک بڑھالیکن پی ٹی آئی جتنانہیں ہے۔

    دوسری جانب فری اینڈ فیئر الیکشن نیٹ ورک (FAFEN) کے مطابق ضمنی انتخابات میں ووٹر ٹرن آؤٹ 35 فیصد تک گر گیا۔

    فافن کی رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ 16 اکتوبر کو ہونے والے ضمنی انتخابات میں صرف تین خواتین سمیت کل 118 امیدواروں نے حصہ لیا۔

  • پی ٹی آئی کا چیف الیکشن کمشنر کے خلاف سپریم جوڈیشل کونسل جانے کا فیصلہ

    پی ٹی آئی کا چیف الیکشن کمشنر کے خلاف سپریم جوڈیشل کونسل جانے کا فیصلہ

    اسلام آباد : تحریک انصاف نے چیف الیکشن کمشنر کے خلاف سپریم جوڈیشل کونسل جانے کا فیصلہ کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نے چیف الیکشن کمشنر کے خلاف سپریم جوڈیشل کونسل میں ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی چیف الیکشن کمشنر کے خلاف آج ریفرنس دائر کرے گی، ریفرنس پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما افتخار درانی اورسینیٹراعجاز چوہدری کی جانب سے دائر کیا جائے گا۔

    گذشتہ روز تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام دی رپورٹرز میں خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کہا تھا کہ سکندرسلطان راجہ بددیانت ہیں پھر بھی وہ اپنی نشست پربراجمان ہے۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ سندھ کا الیکشن کمشنر الیکشن کمیشن سے بھی پیسے لیتا تھا اور سندھ حکومت سے بھی۔

    انھوں نے مزید کہا تھا کہ تحریک انصاف موجودہ الیکشن کمیشن کے تحت بھی انتخابات میں حصہ لے گی، اس کے علاوہ کوئی آپشن نہیں۔

  • عدالت نے اعظم سواتی کو 14 روز کے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا

    عدالت نے اعظم سواتی کو 14 روز کے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا

    اسلام آباد : ڈسٹرکٹ سیشن عدالت نے اعظم سواتی کو 14 روز کے لیے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔

    پیر کے روز ایف آئی اے  کی جانب سے 14 دن ریمانڈ کی استدعا کی گئی تھی، تاہم مجسٹریٹ نے صرف ایک دن کا ریمانڈ منظور کیا تھا۔

    وکیل بابر اعوان نے عدالت میں کہا کہ ایف آئی اے نے مزید 3 دن کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی ہے، اعظم سواتی کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کی جائے۔

    انھوں نے کہا ابھی تک یہی استدعا ہے کہ موبائل برآمد کرنا ہے، جب کہ 40 آرٹیکلز ایف آئی اے برآمد کر چکی ہے۔ سماعت مکمل ہونے پر عدالت نے اعظم سواتی کو چودہ دن کے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب ایف آئی اے کے سائبر ونگ نے اعظم سواتی کو اسلام آباد میں ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کیا تھا۔

    عدالت پیشی کے وقت سینیٹر اعظم سواتی نے کہا تھا کہ ان کو ایک ٹوئٹ کرنے اور ایک نام لینے پر گرفتار کیا گیا۔

  • ضمنی الیکشن میں ن لیگ بری طرح ناکام، ایم کیو ایم کو بڑا جھٹکا

    ضمنی الیکشن میں ن لیگ بری طرح ناکام، ایم کیو ایم کو بڑا جھٹکا

    کراچی: ضمنی الیکشن میں پاکستان مسلم لیگ ن بری طرح ناکام ہو گئی، کراچی میں ایم کیو ایم کو بھی بڑا جھٹکا لگ گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز ملک کے کئی حلقوں میں ضمنی انتخاب میں جہاں پاکستان تحریک انصاف نے قومی اسمبلی کی اپنی 8 نشستوں پر دوبارہ انتخاب میں 6 نشستیں واپس جیت لی ہیں، وہاں پی ایم ایل این اور ایم کیو ایم کی مقبولیت میں زبردست کمی کا بڑا ثبوت بھی مل گیا ہے۔

    پاکستان مسلم لیگ ن قومی اسمبلی کی کوئی نشست نہ جیت سکی، جب کہ کراچی کی نمائندہ جماعت ہونے کی دعویدارایم کیو ایم کو کراچی کے عوام نے دونوں سیٹوں پر مسترد کر دیا۔

    متحدہ قومی موومنٹ پاکستان این اے 237 اوراین اے 239 کورنگی کی نشست پر عوامی پذیرائی حاصل کرنے میں ناکام رہے۔

    ضمنی انتخابات : پی ٹی آئی قومی اسمبلی کی 8 میں سے 6 نشستوں پر کامیاب

    عمران خان 50 ہزار 14 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے، جب کہ ایم کیو ایم کے نیئر رضا 18 ہزار 116 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے، جس سے یہ سوال اٹھ گیا ہے کہ کیا ایم کیو ایم کی سیاست کا صفایا ہو گیا؟

    ادھر پنجاب اسمبلی کی 3 میں سے 2 نشستوں پر بلے نے چھکا مارا ہے، پی پی 209 خانیوال سے پی ٹی آئی کے فیصل خان نیازی کامیاب ہوئے، جب کہ پی پی 241 بہاولنگر سے تحریک انصاف کے ملک مظفر فتح یاب ہوئے۔

    پی پی 139 شیخوپورہ کی نشست ن لیگ کے افتخار احمد کے نام رہی۔

    ضمنی انتخاب میں اکیلے عمران خان 13 جماعتی اتحاد پر بھاری ثابت ہوئے ہیں، ضمنی انتخاب میں پی ٹی آئی نے ن لیگ، اے این پی اور ایم کیو ایم کو ان کے گھروں میں دھول چٹا دی، کراچی والوں نے ایم کیو ایم اور فیصل آبادیوں نے ن لیگ کو مسترد کیا، قومی کی چھ اور صوبائی اسمبلی کی دو نشستوں پر پی ٹی آئی نے فتح سمیٹ لی۔

  • ضمنی انتخابات کیلیے پولنگ کا وقت ختم، ووٹوں کی گنتی شروع

    ضمنی انتخابات کیلیے پولنگ کا وقت ختم، ووٹوں کی گنتی شروع

    قومی اسمبلی کے 8 اور پنجاب اسمبلی کے 3 حلقوں میں ضمنی انتخابات کے لیے صبح 8 بجے سے شروع ہونے والا پولنگ کا وقت 5 بجتے ہی ختم ہوگیا جس کے بعد ووٹوں کی گنتی شروع کر دی گئی۔

    حلقں میں پولنگ کا وقت ختم ہونے پر پولنگ اسٹیشنز کے دروازے بند کر دیے گئے۔ اے آر وائی نیوز کو غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج موصول ہونا شروع گئے جسے الیکشن قوانین کی پاسداری کرتے ہوئے 6 بجے سے نشر کیا جائے گا۔

    ادھر ترجمان الیکشن کمیشن نے بتایا کہ ضمنی انتخابات میں مجموعی طور پر ماحول پُرامن رہا، الیکشن کمیشن کنٹرول روم کو 15 شکایتیں موصول ہوئیں، زیادہ ترکارکنوں کے آپس کے جھگڑے کی شکایات آئیں جسے فوری حل کیا گیا۔

    ضمنی انتخابات والے حلقوں میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 44 لاکھ سے زائد ہے۔ ان حلقوں میں پی ٹی آئی اور 13 جماعتی حکومتی اتحاد کے امیدوار آمنے سامنے ہیں۔ قومی اسمبلی کے 8 میں سے 7 حلقوں پر عمران خان خود امیدوار ہیں۔

    الیکشن کمیشن اسلام آباد میں کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے، امن و امان کے قیام کے لیے سخت سکیورٹی اقدامات کیے گئے ہیں، پاک فوج کے جوان اور رینجرز اہل کار فرائض انجام دے رہے ہیں۔

    چیف الیکشن کمشنر نے چیف سیکریٹریز، آئی جیز کو مراسلہ بھیج کر ہدایت کی ہے کہ ضمنی الیکشن کا شفاف اور غیر جانب دارانہ انعقاد یقینی بنایا جائے۔

    اے این پی تحریک انصاف تصادم

    این اے 31 پشاور میں تحریک انصاف کے ایم پی اے کی میونسپل انٹر گرلز کالج آمد پر عوامی نیشنل پارٹی کے کارکن مشتعل ہو گئے، تلخ کلامی ہوئی، پولیس نے دونوں جماعتوں کے حمایتوں کو پولنگ اسٹیشن سے باہر نکال دیا۔

    فرخ حبیب، غلام بلور و دیگر نے ووٹ ڈال دیا

    پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فرخ حبیب نے فیصل آباد میں‌ اپنا ووٹ کاسٹ کر دیا، انھوں نے پولنگ اسٹیشن 227 میں ووٹ کاسٹ کیا، ننکانہ صاحب این اے 118 میں لیگی امیدوار شذرہ منصب علی نے بھی اپنا ووٹ کاسٹ کر دیا۔ پشاور میں غلام بلور نے میونسپل انٹر کالج میں اپنا ووٹ کاسٹ کر دیا۔

     امیدوار پیپلز پارٹی علی موسیٰ گیلانی نے بھی اپنا ووٹ کاسٹ کر دیا ہے۔ خانیوال پی پی 209 پی ٹی آئی کے امیدوار فیصل اکرم نیازی نے اپنا ووٹ کاسٹ کر دیا۔

    بزرگ خاتون اور معذور شخص

    کراچی میں این اے 237 میں بزرگ خاتون وہیل چیئر پر ووٹ ڈالنے پہنچ گئی، شرقپور شریف میں پی پی 139 میں معذور شخص بھی ووٹ ڈالنے پہنچ گیا، انھوں نے کہا ووٹ ایک امانت ہے اس لیے آیا ہوں۔

    ضمنی انتخاب میں معمر اور معذور افراد کی ووٹ کاسٹ کرنے میں دل چسپی کو دیکھتے ہوئے الیکشن کمیشن نے تمام ریٹرننگ افسران کو انھیں سہولت فراہم کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے، الیکشن کمیشن نے خواتین، اقلیتوں اور خواجہ سرا کے حق رائے دہی کے استعمال میں بھی سہولت کی ہدایات جاری کیں۔

    ووٹنگ میں تاخیر

    مردان کے حلقے این اے 22 تخت بائی کے پولنگ اسٹیشن 260 میں پولنگ تاخیر کا شکار ہوئی، مردان کے مختلف پولنگ اسٹیشنز پر ووٹرز کی تعداد بھی کم نظر آئی۔

    موبائل استعمال پر شہری گرفتار

    ملتان میں خواتین پولنگ اسٹیشن نمبر 72 میں موبائل کے استعمال پر ایک شخص کو گرفتار کر لیا گیا، پریذائیڈنگ آفیسر نے غیر متعلقہ شخص کو پولیس کے حوالے کر دیا۔

    ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی

    کراچی میں ایک ووٹر نے میوزک لگا کر ووٹ کاسٹ کیا، ووٹر کی جانب سے ویڈیو میں پولنگ عملے کو بھی دکھایا گیا، کمرے کے اندر کسی نے ووٹر کو ویڈیو بنانے سے نہیں روکا، ووٹر نے ووٹ کاسٹ کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر پوسٹ کر دی۔

    فیصل آباد میں این اے 108 میں ن لیگی ووٹر نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی، ن لیگ کے ووٹر کو پولنگ بوتھ پر موبائل فون ساتھ لے جانے کی اجازت دے دی گئی، ووٹر نے شیر کے نشان پر مہر لگا کر بیلٹ پیپر کی تصویروائرل کر دی، پریذائیڈنگ افسر کی جانب داری پر ووٹرز میں غم و غصہ پیدا ہو گیا، اور کارروائی کا مطالبہ کیا گیا۔

    مردان میں بھی این اے 22 میں ووٹر نے الیکشن کمیشن ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی، ووٹر نے بیلٹ پیپر پر مہر لگانے کی ویڈیو بنا کر سوشل  میڈیا پر ڈال دی۔ اے این پی ترجمان اور ایم پی اے ثمر ہارون بلور نے ووٹ کاسٹ کیا، اور اس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر ڈال دی۔

    کانٹے کا مقابلہ

    این اے31 پشاور میں عمران خان اور اے این پی کے غلام احمد بلور مد مقابل ہیں، جماعت اسلامی کے محمد اسلم سمیت دیگر 6 امیدوار بھی میدان میں ہیں، حلقے میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 4 لاکھ 73 ہزار 180 ہے، جب کہ پولنگ اسٹیشنز کی مجموعی تعداد 265 ہے۔

    این اے157 ملتان میں پی ٹی آئی کی مہر بانو قریشی اور پیپلز پارٹی کے موسیٰ گیلانی میں مقابلہ ہے، حلقے میں تحریک لبیک سمیت مجموعی طور پر 8 امیدوار میدان میں ہیں، رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 4 لاکھ 62 ہزار 205 ہے، حلقے میں 264 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں، حلقے میں دفعہ 144 نافذ کی گئی ہے، مسلح گارڈ لے کر چلنے اور اسلحے کی نمائش پر پابندی ہے، یہ نشست پی ٹی آئی کے زین قریشی کے مستعفیٰ ہونے پر خالی ہوئی تھی۔

    این اے 22 مردان میں عمران خان اور جے یو آئی کے مولانا محمد قاسم مد مقابل ہیں، حلقے میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 4 لاکھ 50 ہزار 647 ہے، پولنگ اسٹیشنز کی مجموعی تعداد 330 ہے، یہاں 4 ہزار سے زائد پولیس اہل کار و افسران سیکیورٹی پر مامور ہیں۔

    این اے 239 کراچیم میں عمران خان اور ایم کیو ایم کے سید نیئر رضا مدمقابل ہیں، کل ووٹرز کی تعداد 5 لاکھ 29 ہزار 855 ہے، پولنگ اسٹیشنز کی مجموعی تعداد 340 ہے، اس حلقے میں مہاجر قومی موومنٹ کے خرم مقصود میدان میں ہیں، پی پی، پی ایس پی، اور ٹی ایل پی امیدوار بھی میدان میں ہیں، یہاں مجموعی طور پر 22 امیدواروں میں مقابلہ ہے، یہ نشست پی ٹی آئی کے اکرم چیمہ کے استعفے سے خالی ہوئی تھی۔

    پی پی 139 شیخوپورہ میں پی ٹی آئی کے ابوبکر اور ن لیگ کے افتحار بھنگر میں مقابلہ ہے، حلقے میں کل ووٹرز کی تعداد دو لاکھ 27 ہزار 541، اور پولنگ اسٹیشنز کی تعداد 153 ہے، یہ نشست میاں جلیل شرقپوری کے مستعفی ہونے سے خالی ہوئی تھی۔

  • پی ٹی آئی کراچی کے صدر بلال غفار پر بکرا پیڑی روڈ پر حملہ

    پی ٹی آئی کراچی کے صدر بلال غفار پر بکرا پیڑی روڈ پر حملہ

    کراچی: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کراچی کے صدر بلال غفار پر بکرا پیڑی روڈ پر حملہ کیا گیا ہے، جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہو گئے۔

    ترجمان پی ٹی آئی کے مطابق پی ٹی آئی رہنما بلال غفار پر حملہ کر کے زخمی کیا گیا، انھیں زخمی حالت میں اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

    عمران اسماعیل اور علی زیدی نے الزام لگایا ہے کہ بلال غفار پر پیپلز پارٹی کے کارکنوں اور حکیم بلوچ کے بیٹے ایم پی اے سلیم بلوچ نے تشدد کیا۔ علی زیدی نے کہا کہ بلال غفار پر حملے کی ایف آئی آردرج کرائیں گے۔

    رہنما پی ٹی آئی بلال غفار نے ملیر کے ضمنی الیکشن میں دھاندلی کی کوشش کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت انتخابات کے نتائج فکس کرنا چاہتی ہے۔

    انھوں نے کہا یہ ضمنی الیکشن حقیقی آزادی کی جدوجہد کا حصہ ہے، پی پی حکومت الیکشن کو متنازع بنانے سے باز رہے، انھوں نے کہا ووٹرز اپنے ووٹ کی حفاظت کے لیے پولنگ اسٹیشنز کے باہر موجود رہیں۔

    بلال غفار کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت الیکشن کا ماحول انتشار میں بدل کر دھاندلی آسان کرنا چاہتی ہے، الیکشن کمیشن سندھ حکومت کی دھاندلی کا نوٹس لے۔

  • ہمارا مقابلہ الیکشن کمیشن سے ہے: عمران خان کا ٹوئٹ

    ہمارا مقابلہ الیکشن کمیشن سے ہے: عمران خان کا ٹوئٹ

    اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے ضمنی انتخاب میں اپنا اصل مقابل الیکشن کمیشن کو قرار دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ ان کا مقابلہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) اور الیکشن کمیشن سے ہے۔

    انھوں نے لکھا: ’’ہم پی ڈی ایم، الیکشن کمیشن اور ’نامعلوم افراد‘ سب سے نبرد آزما ہیں۔‘‘

    عمران خان نے انتخابی حلقوں کے عوام سے اپیل کی کہ ان تمام حلقوں میں جہاں آج ضمنی انتخابات ہو رہے ہیں، ہر فرد نکلے اور اپنے ووٹ کا حق استعمال کرے۔

    پی ٹی آئی چیئرمین نے لکھا: ’’مجرموں کے ٹولے سے حقیقی آزادی کا یہ ایک ریفرنڈم ہے۔‘‘

    قومی اسمبلی کے 8، پنجاب اسمبلی کے 3 حلقوں میں ضمنی انتخابات کا میلہ سج گیا، ووٹنگ جاری

    واضح رہے کہ ضمنی انتخاب کے لیے قومی اسمبلی کے 8 اور پنجاب اسمبلی کے 3 حلقوں میں میلہ سج چکا ہے، اور ووٹنگ کا عمل جاری ہے۔

    الیکشن کمیشن کے مطابق ضمنی انتخابات والے حلقوں میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 44 لاکھ سے زائد ہے، ان حلقوں میں پی ٹی آئی اور 13 جماعتی حکومتی اتحاد کے امیدواروں میں کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے۔

  • پی ٹی آئی کا آج مظفرآباد آزاد کشمیر میں جلسہ ، عمران خان کی عوام سے شرکت کی اپیل

    پی ٹی آئی کا آج مظفرآباد آزاد کشمیر میں جلسہ ، عمران خان کی عوام سے شرکت کی اپیل

    مظفرآباد: چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان آج مظفرآباد آزاد کشمیر میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے، عوام سے جلسے میں شرکت کی اپیل کردی۔

    تفصیلات کے مطابق : پاکستان تحریک انصاف آج مظفرآباد آزادکشمیر میں عوامی طاقت کا مظاہرہ کرے گی ، جہاں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔

    عمران خان نے اپنے ویڈیو پیغام میں عوام سے جلسے میں شرکت کی اپیل کرتے ہوئے کہا آج حقیقی اورمقبوضہ کشمیرکی آزادی پربات کروں گا۔

    وزیراعظم آزاد کشمیرسردارتنویر الیاس نے جلسہ گاہ کا دورہ کرکے جلسے کے انتظامات کا جائزہ لیا، اس موقع پررہنما پی ٹی آئی علی امین گنڈاپور سمیت کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔

    سردار تنویر الیاس نے کہا کہ عمران خان کشمیریوں کے سفیر ہیں ، ایل او سی کے پار بھی کشمیری عمران خان سے والہانہ محبت کرتے ہیں۔

    وزیراعظم آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ عمران خان کا جلسہ کشمیر کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ ہوگا، لانگ مارچ سے قبل جلسے اختتام پذیر ہونے والے ہیں، آزاد کشمیر سے بھی لانگ مارچ میں عوام کی بڑی تعداد شریک ہوگی۔