Tag: پی ٹی آئی

  • اعجاز چوہدری، محمود الرشید سمیت 250 سے زائد گرفتار

    اعجاز چوہدری، محمود الرشید سمیت 250 سے زائد گرفتار

    لاہور: پی ٹی آئی کے لانگ مارچ پر شہباز حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہو گئی ہے، پی ٹی آئی رہنماؤں سمیت 250 سے زائد کارکنان گرفتار کر لیے گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ملک کے مختلف شہروں میں پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنوں کے خلاف بدترین کریک ڈاؤن جاری ہے، راتے گئے گھروں پر چھاپے مارے گئے، سینیٹر اعجاز چوہدری کو ماڈل ٹاؤن جب کہ میاں محمود الرشید کو لاہور میں اقبال ٹاؤن سےگرفتار کر لیا گیا۔

    شفقت محمود، میاں عمر اقبال کی گرفتاری کے لیے بھی چھاپے مارے گئے، کراچی میں اورنگی ٹاؤن سے اسلم بھاشانی 4 ساتھیوں کے ساتھ گرفتار ہوئے، آفتاب جہانگیر کے بھتیجے کو حراست میں لے لیا گیا، لیاری میں شکور شاد کے گھر پر بھی چھاپا مارا گیا۔

    پی ٹی آئی لاہور کی تمام سینئر قیادت کے گھروں پر پولیس نے چھاپے مارے اور رہنماؤں سمیت ڈھائی سو سے زائد کارکنان کو گرفتار کیا گیا۔

    سینیٹر اعجاز چوہدری کے بیٹے علی چوہدری نے کہا کہ ان کے والد ایک عزیز کے گھر مقیم تھے، پولیس نے چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کیا، اہل کاروں نے گھر میں بزرگ خواتین سے بد تمیزی کی، والد کو چیئرمین سینیٹ کے احکامات کے باوجود بغیر وارنٹ گرفتار کیا گیا۔

    خیال رہے کہ لاہور شہر کے داخلی و خارجی راستوں کو کنٹینر لگا کر بند کر دیا گیا ہے، بابو صابو اور بتی چوک پر گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں۔

  • پی ٹی آئی کیخلاف کریک ڈاؤن،  فائرنگ سے پولیس اہکار جاں بحق ، باپ بیٹا گرفتار

    پی ٹی آئی کیخلاف کریک ڈاؤن، فائرنگ سے پولیس اہکار جاں بحق ، باپ بیٹا گرفتار

    لاہور : پنجاب میں پی ٹی آئی کیخلاف کریک ڈاؤن کے دوران فائرنگ سے کانسٹیبل کمال جاں بحق ہوگیا ، جس کے بعد پولیس نے فائرنگ کےالزام میں باپ اور بیٹے کو گرفتار کر لیا.

    تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے حقیقی لانگ مارچ روکنے کیلئے پنجاب میں پولیس نے کریک ڈاؤن کیا اور پی ٹی آئی کے مرکزی وصوبائی رہنماؤں اور کارکنان کے گھروں پر رات گئے چھاپے مارے۔

    کریک ڈاؤن کے دوران لاہور کے علاقہ ماڈل ٹاؤن میں فائرنگ سے کانسٹیبل کمال جاں بحق ہوگیا، جس کے بعد پولیس پر فائرنگ کےالزام میں باپ اور بیٹے کو گرفتار کر لیا گیا۔

    ملزمان میں بیٹا عکرمہ اور باپ ساجد شامل تھے ، پولیس نے ملزمان سے اسلحہ برآمد کرلیا، پولیس نے بتایا کہ شہری کے گھر چھاپے کے دوران چھت سے فائرنگ کی گئی تھی تاہم فرانزک رپورٹ اورتفتیش کے بعد اصل قاتل کا پتا چل جائے گا۔

    کانسٹیبل کمال احمد کےجاں بحق ہونے کے معاملے کی ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا کہ کرایہ داری ایکٹ کے تحت پولیس نے آپریشن کیا، ساجد حسین سی 112 کے گھرکی گھنٹی بجائی توفائرنگ کردی گئی۔

    اہلخانہ کا کہنا ہے کہ ایف آئی آر میں کسی سیاسی جماعت کا ذکر نہیں، معاملے کو تحریک انصاف سے کیوں جوڑا جارہا ہے۔

    خیال رہے پولیس نے رات گئے سیڑھیاں لگا کر سابق وفاقی وزیرحماداظہر گھر میں کودے جہاں پی ٹی آئی کا اجلاس جاری تھا، اس موقع پر اہلکاروں نےیاسمین راشد کو پکڑنےکی کوشش کی تو وہ زمین پر بیٹھ گئیں۔

    اس دوران اہلکاروں نے یاسمین راشدسےموبائل فون چھیننےکی کوشش بھی کی بعد ازاں پولیس نےحماد اظہر کی رہائشگاہ کے باہر جمع ہونے والے دس پی ٹی کارکنان کوگرفتار کرلیا۔

    لاہور میں پولیس نے راجہ بشارت، مسرت جمشید چیمہ، میاں محمود الرشید اور سعدیہ سہیل سمیت متعدد رہنماؤں اور کارکنوں کےگھروں پر چھاپے مارے گئے۔

  • پنجاب میں چھاپے ، پی ٹی آئی کے 400سے زائد کارکن  گرفتار، فواد چوہدری کی تصدیق

    پنجاب میں چھاپے ، پی ٹی آئی کے 400سے زائد کارکن گرفتار، فواد چوہدری کی تصدیق

    اسلام آباد : تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ پنجاب میں رات گئے 1100 گھروں پر چھاپوں میں 400سے زائد کارکن حراست میں لیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ پنجاب میں رات گئے 1100گھروں پر چھاپے مارے گئے، بغیر وارنٹ گھروں میں گھس کرخواتین بچوں سے بدتمیزی کی گئی اور لوگوں کوتشدد کا نشانہ بنایا گیا۔

    فواد چوہدری نے تصدیق کی کہ 400سے زائد کارکن حراست میں لیے گئے ، جن میں خواتین بھی شامل ہیں۔

    فواد چوہدری نے ایک اور ٹوئٹ میں کہا کہ پنجابیو ڈٹ جاؤ ! حکومت کوپتہ نہیں کوئی ماں کالعل پنجاب کےجذبوں کونہیں دبا سکا، پنجابیوں کےجذبے5دریاؤں کی موجوں سےپانی لے کرجوان ہوئےہیں، بزدلوں کاخیال ہےبندوقوں سے پنجابی ڈر جائیگا ، اس غلطی کی بڑی قیمت دینا ہو گی۔

  • علامہ اقبال کی بہو اور پوتے کی رہائش گاہوں پر پولیس کے چھاپے

    علامہ اقبال کی بہو اور پوتے کی رہائش گاہوں پر پولیس کے چھاپے

    لاہور: پی ٹی آئی کے حقیقی آزادی مارچ سے قبل کارکنوں اور رہنماؤں کے خلاف کریک ڈاؤن میں پولیس نے علامہ اقبال کی بہو اور پوتے کی رہائش گاہوں پر بھی چھاپے مارے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں علامہ اقبال کی بہو جسٹس ریٹائرڈ ناصرہ جاوید اقبال اور ان کے پوتے سینیٹر ولید اقبال کی رہائش گاہوں پر بھی پولیس نے چھاپے مارے۔

    آزادی مارچ کو ناکام بنانے کی ناکام کوشش کرتے ہوئے پولیس سینیٹر اعجاز چوہدری، میاں محمود الرشید، مسرت جمشید چیمہ، اور مراد راس کے گھروں پر بھی پہنچی، سیالکوٹ میں عثمان ڈار کے گھر پر پولیس کا چھاپا پڑا۔

    اسلام آباد میں اسد عمر اور بابر اعوان کے گھروں پر پولیس نے چھاپے مارے، شیخ رشید کے گھر لال حویلی پر بھی پولیس نے چھاپا مارا، درجنوں اہل کار لال حویلی میں داخل ہو گئے، شیخ رشید نے ویڈیو پیغام میں کہا میں گھبرانے والا نہیں، 25 مئی کو اسلام آباد پہنچوں گا۔

    اسد عمر اور بابر اعوان کی گرفتاری کے لیے گھروں‌ پر چھاپے

    راجہ بشارت کے گھر دھمیال ہاؤس پر بھی پولیس نے چھاپا مارا اور ملازمین سے پوچھ گچھ کی، لاہور ماڈل ٹاؤن میں پولیس کے کریک ڈاؤن کے دوران فائرنگ سے پولیس اہل کار جاں بحق ہوا، فائرنگ کے الزام میں باپ بیٹے کو گرفتار کیا گیا۔

  • اسد عمر اور بابر اعوان کی گرفتاری کے لیے گھروں‌ پر چھاپے

    اسد عمر اور بابر اعوان کی گرفتاری کے لیے گھروں‌ پر چھاپے

    اسلام آباد: پی ٹی آئی کے سینئر رہنماؤں اسد عمر اور بابر اعوان کی گرفتاری کے لیے ان کے گھروں‌ پر بھی چھاپے مارے گئے، تاہم ان کی گرفتاری نہ ہو سکی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق بابر اعوان کے بیٹے عبداللہ بابر اعوان نے بتایا کہ ان کے گھر پر پولیس آئی اور ملازمین کو ہراساں کیا، والد نے صبح (آج) اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیش ہونا ہے، انھوں نے گورنر پنجاب کو غیر آئینی طریقے سے ہٹانے سے متعلق مقدمہ لڑنا ہے۔

    ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کے گھر پر پولیس نے چھاپا مارا، تاہم سابق وفاقی وزیر گھر پر موجود نہیں تھیں، ان کے ترجمان نے بتایا کہ پولیس سیڑھیاں لگا کر ان کے گھر میں داخل ہوئی، پولیس نے چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کیا، پولیس نے گھر میں موجود ملازمین سے بدتمیزی کی۔

    کریک ڈاؤن: پی ٹی آئی کراچی کے جنرل سیکریٹری سیف الرحمان محسود گھر سے گرفتار

    راولپنڈی میں سابق وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت کے گھر بھی چھاپا مارا گیا، پولیس اہل کار دیواریں پھلانگ کر اندر داخل ہوئے، تاہم راجہ بشارت حسین اور ان کے بھائی راجہ ناصر گھر پر موجود نہیں تھے، اہل کاروں نے ملازمین سے پوچھ گچھ کی، پولیس کی 6 موبائل گاڑیاں دھمیال ہاؤس چھاپے کے لیے آئی تھی۔

    رکن پنجاب اسمبلی سعدیہ سہیل کے گھر پر بھی پولیس کا چھاپا پڑا، انھوں نے بتایا کہ پولیس نے بغیر وارنٹ کے گھر پر چھاپا مارا۔

    خیال رہے کہ پنجاب کے مختلف شہروں میں پی ٹی آئی قائدین اور کارکنان کے گھروں پر چھاپے جاری ہیں، پولیس پی ٹی آئی کے متعدد مقامی رہنماؤں اور کارکنان کو گرفتار کر چکی ہے، پولیس نے لاہور، سیالکوٹ، راولپنڈی، اسلام آباد، جڑانوالہ، ڈسکہ، گوجرانوالہ، چشتیاں، حافظ آباد، نارووال، کمالیہ، پیر محل، راجن پور، ملتان، لیہ، وہاڑی، خان پور، نورے والا، ساہیوال، کبیر والا، میاں چنوں، ظاہر پیر، وزیر آباد، شیخوپورہ میں بھی پولیس نے چھاپے مارے۔

    پی ٹی آئی رہنما عثمان ڈار کے گھر پولیس کا چھاپہ

    تحریک انصاف کے رہنماؤں اور کارکنان کے خلاف پولیس کے کریک ڈاؤن کے دوران مختلف تھانوں کی حدود میں رہنے والے رہنماؤں کی لسٹیں بھی سامنے آ گئی ہیں، ان لسٹوں میں سرگرم کارکنان اور سابق بلدیاتی نمائندوں کے نام شامل ہیں، لسٹوں میں کے پی کے ایم پی ایز کے اسلام آباد کے گھروں کے پتے بھی شامل ہیں۔

    سی سی پی او دفتر کی جانب سے کارکنوں کی فہرستیں متعلقہ تھانوں کو فراہم کی گئیں، پولیس ذرائع کے مطابق تمام ڈویژنل ایس پیز کریک ڈاؤن کی خود نگرانی کریں گے، کارکنوں کو پکڑ کر متعلقہ پولیس اسٹیشن میں نہیں رکھا جائے گا، کارکنوں کی پکڑ دھکڑ کا مقصد 25 مئی کے لانگ مارچ کو روکنا ہے، لاہور کے خارجی راستوں پر بھی پولیس کی نفری بڑھا دی گئی، کارکنوں کو شہر کے خارجی راستوں پر پکڑا جائے گا۔

  • کریک ڈاؤن: پی ٹی آئی کراچی کے جنرل سیکریٹری سیف الرحمان محسود گھر سے گرفتار

    کریک ڈاؤن: پی ٹی آئی کراچی کے جنرل سیکریٹری سیف الرحمان محسود گھر سے گرفتار

    کراچی: پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں کے خلاف کراچی میں بھی کریک ڈاؤن شروع کر دیا گیا ہے، پی ٹی آئی کراچی کے جنرل سیکریٹری سیف الرحمان محسود کو گھر سےگرفتار کر لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں پولیس لیڈی سرچر کے بغیر دیواریں پھلانگ کر گھر میں داخل ہوئی اور سیف الرحمان محسود کو گرفتار کر لیا گیا، پی ٹی آئی رہنما عطاللہ ایڈووکیٹ کو بھی گھر کا دروازہ توڑ کر گرفتار کیا گیا۔

    بلال غفار، ارسلان تاج، سعید آفریدی، اور شاہنواز جدون کے گھروں پر بھی چھاپے مارے گئے، تاہم کراچی میں پی ٹی آئی کی مقامی قیادت گزشتہ روز ہی محفوظ مقام پر منتقل ہوگئی تھی۔

    پی ٹی آئی کے ایم پی اے شاہنواز جدون کے گھر پولیس دوبارہ پہنچ گئی، اور کیماڑی میں ان کے گھر سے ان کے چھوٹے بھائی کو بھی گرفتار کر لیا گیا، پہلے چھاپے کے دوران شاہنواز جدون کے بیمار والد اور ایک بھائی کو گرفتار کیا گیا تھا، پولیس شاہ نواز جدون کے بیمار والد کو جیکسن تھانے لے گئی۔

    پی ٹی آئی کیخلاف کریک ڈاؤن، رہنماؤں کے گھروں پر چھاپے اور گرفتاریاں

    پی ٹی آئی ایم پی اے شہزاد قریشی کے گھر سادہ لباس اہل کاروں نے چھاپا مارا، تاہم وہ گھر پر موجود نہیں تھے، پی ٹی آئی سندھ کے ترجمان ارسلان تاج بھی چھاپے کے دوران گرفتاری سے محفوظ رہے، ان کا کہنا تھا کہ وہ کل شام ہی محفوظ مقام پر منتقل ہو گئے تھے۔

    ارسلان تاج نے کہا کہ سندھ بھر میں کارکنوں اور قیادت کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے، تاہم کراچی میں اعلان کے مطابق دھرنا ہوگا۔

    پی ٹی آئی رہنما عثمان ڈار کے گھر پولیس کا چھاپہ

    ادھر پورے ملک میں پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنان کی گرفتاریوں کا سلسلہ جاری ہے، میلسی میں پی ٹی آئی کارکنان کے خلاف پولیس نے کریک ڈاؤن کرتے ہوئے رات گئے گرفتاریاں کیں، رہنما ریاض قہم کو گرفتار کر کے پولیس نامعلوم مقام پر لے گئی، ملک امیر بخش سمیت متعدد رہنماؤں کے گھروں پر چھاپے مارے گئے۔

    سرگودھا میں پی ٹی آئی رہنما ڈاکٹر نادیہ عزیز اور سابق صوبائی وزیر انصر مجید نیازی کے گھروں پر چھاپے مارے گئے، پولیس کے چھاپوں کے دوران درجنوں کارکنان کو گرفتار کر لیا گیا۔ پاکپتن میں پولیس نے چھاپا مار کر پی ٹی آئی رہنما اور کونسلر شیخ محمد علی کو گرفتار کر لیا، کونسلر رانا علی رضا کے گھر گرین ٹاؤن میں بھی چھاپا مارا گیا تاہم رانا علی رضا فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ فیصل آباد میں سمندری میں تحریک انصاف کے کارکنان کے گھروں پر پولیس کے چھاپے پڑے اور مختلف علاقوں سے 10 کارکنان گرفتار کیے گئے۔

  • پی ٹی آئی کی نئی حلقہ بندیوں پر الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کرنے کی استدعا مسترد

    اسلام آباد : سپریم کورٹ نے نئی حلقہ بندیوں سے متعلق پی ٹی آئی کی درخواست پر الیکشن کمیشن کونوٹس جاری کرنے کی استدعا مسترد کردی۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں پی ٹی آئی کی نئی حلقہ بندیوں سے متعلق درخواست پر سماعت ہوئی ، جسٹس اعجاز الاحسن کی سربراہی میں 2رکنی بینچ نے سماعت کی۔

    جسٹس منیب اختر نے استفسار کیا حلقہ بندیوں کے خلاف درخواست میں کوئی ترمیم کی گئی ، کیاترمیمی درخواست میں گراونڈزاور استدعا میں تبدیلی کی گئی۔

    وکیل فیصل چوہدری نے بتایا کہ ترمیمی درخواست میں صرف فریقین کوتبدیل کیا گیا ، الیکشن کمیشن کو نوٹس کر دیں ، الیکشن کمیشن آرٹیکل 51 کے تحت نئی حلقہ بندیاں شروع کر چکا ہے۔

    جسٹس اعجاز الاحسن نے استفسار کیا حلقہ بندیوں کےعمل کا آغاز ہونے سے کیا فرق پڑتا ہے، پہلے درخواست کو نمبر تو لگ لینے دیں۔

    عدالت نے وکیل پی ٹی آئی کی الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کرنے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے وکلا کو درخواست میں ترمیم کرنے کی اجازت دے دی۔

    سپریم کورٹ نے رجسٹرار کوترمیم شدہ درخواست درج رجسٹر کرنے کا حکم دیتے ہوئے پی ٹی آئی کو الیکشن پلان بھی درخواست کے ساتھ منسلک کرنے کی ہدایت کردی۔

    عدالت نے کہا ابھی ترمیم شدہ درخواست نہیں آئی ،رجسٹر نہیں ،نوٹس کیسے کر سکتے ہیں، بعد ازاں نئی حلقہ بندیوں کے خلاف پی ٹی آئی کی پٹیشن پر سماعت جون کے پہلے ہفتے تک ملتوی کردی۔

    یاد رہے پی ٹی آئی نے نئی حلقہ بندیوں کے خلاف درخواست دائرکی تھی ، جس پر رجسٹرار سپریم کورٹ نے درخواست پر اعتراضات عائد کیے تھے۔

  • ن لیگی حکومت کا لانگ مارچ سے قبل پی ٹی آئی کے 700 رہنماؤں کو گرفتار کرنے کا منصوبہ

    ن لیگی حکومت کا لانگ مارچ سے قبل پی ٹی آئی کے 700 رہنماؤں کو گرفتار کرنے کا منصوبہ

    اسلام آباد : ن لیگی حکومت نے لانگ مارچ سے قبل تحریک انصاف کے 700 رہنماؤں کو گرفتار کرنے کا منصوبہ تیار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے تحریک انصاف کے 70ْ0 رہنماؤں اور کارکنوں کی فہرست تیار کرلی، جنہیں سابق وزیر اعظم عمران خان کے اعلان کردہ لانگ مارچ سے قبل ملک بھر سے گرفتار کیا جائے گا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ فہرست میں زیادہ پی ٹی آئی کے کچھ سرکردہ رہنما اور کارکنان بھی شامل ہیں

    ذرائع نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے 700 افراد میں تین سو پچاس پنجاب، دو سو خیبر پختونخوا اور ڈیڑھ سو سندھ سے ہیں۔
    .

    ذرائع نے بتایا کہ پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے افراد کی فہرست پولیس کے حوالے کردی گئی ہے۔

    واضح رہے کہ وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے حال ہی میں پی ٹی آئی قیادت کو دھمکی دیتے ہوئے کہا تھا کہ میں چاہوں تو عمران خان اسلام آباد میں 20 ہزار کیا 20 افراد کو بھی اکٹھا نہیں کر سکیں گے۔

    وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ مارچ کے حوالے سے نرمی یا سختی کرنا میرا اختیار نہیں ، پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کے حوالے سے پالیسی کابینہ بنائے گی۔

  • پی ٹی آئی نے حمزہ شہباز کے وزیر اعلیٰ پنجاب ہونے کا نوٹیفکیشن چیلنج کر دیا

    پی ٹی آئی نے حمزہ شہباز کے وزیر اعلیٰ پنجاب ہونے کا نوٹیفکیشن چیلنج کر دیا

    لاہور: پاکستان تحریک انصاف نے حمزہ شہباز کے وزیر اعلیٰ پنجاب ہونے کا نوٹیفکیشن لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق حمزہ شہباز کے وزیر اعلیٰ پنجاب ہونے کا نوٹیفکیشن چیلنج ہو گیا، سبطین خان نے اظہر صدیق ایڈووکیٹ کی وساطت سے درخواست دائر کر دی۔

    درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ عثمان بزدار کا استعفیٰ آئینی طور پر درست نہیں ہے، ان کا استعفیٰ مسترد ہونے کے بعد تمام اقدامات کالعدم ہو چکے ہیں۔

    درخواست میں کہا گیا ہے کہ حمزہ شہباز نے بطور وزیر اعلیٰ پنجاب حلف اٹھایا ہے، جب کہ حلف گورنر کے خط کی روشنی میں غیر آئینی ہے، عثمان بزدار اور کابینہ بحال ہو چکی ہے۔

    درخواست گزار کا مؤقف ہے کہ عثمان بزادر بطور وزیر اعلیٰ عہدے پر برقرار رہیں گے، ایک ہی صوبے میں 2 وزرائے اعلیٰ نہیں ہو سکتے، اس لیے حمزہ شہباز کو بطور وزیر اعلی ٰ کام کرنے سے روکا جائے۔

    درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ حمزہ شہباز کا وزیر اعلیٰ کا جاری نوٹیفکیشن معطل کرنے کا حکم دیا جائے۔

  • روضۂ اقدس کی حرمت کی پامالی پر مفتی منیب کا رد عمل آ گیا

    روضۂ اقدس کی حرمت کی پامالی پر مفتی منیب کا رد عمل آ گیا

    کراچی: روضۂ اقدس کی حرمت کی پامالی پر رد عمل میں مفتی منیب الرحمٰن نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے بعض لیڈروں کے پیشگی بیانات سے واضح ہوتا ہے کہ ان کی پہلے سے منصوبہ بندی تھی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق مفتی منیب الرحمٰن نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ حرمتِ نبویؐ کو پامال کرنے والوں، اُس کی ترغیب دینے والوں اور اس پر خوشی کا اظہار کرنے والوں پر وبال نازل ہوگا۔

    انھوں نے کہا ہم حرمِ نبوی اور رسول اللہ ﷺ کے روضۂ اقدس کی حرمت کی پامالی کی شدید مذمت کرتے ہیں، اس ناپاک اقدام نے پاکستان کو عالمی سطح پر بدنام کیا۔

    انھوں نے سیاست دانوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا یہ اپنی سیاسی خباثتیں مسجدِ نبویؐ میں لے گئے، شیخ رشید اور ان کے بھتیجے نے اس سانحے پر خوشی کا اظہار کیا، ہم اس کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

    وزیراعظم شہباز شریف کیلئے خانہ کعبہ کا دروازہ کھول دیا گیا

    مفتی منیب الرحمٰن کا کہنا تھا کہ نعرے کسی کی حمایت میں ہوں یا مخالفت میں، کسی بھی صورت میں ان کا جواز نہیں ہے، قرآنِ کریم کی سورۃ الحجرات میں آدابِ بارگاہِ مصطفوی نہایت وضاحت سے بیان کیے گئے ہیں، وہاں تو حضور کی بارگاہ میں سلام پیش کرتے وقت بھی آواز پست رکھنے کا حکم ہے۔

    انھوں نے مزید کہا پی ٹی آئی کے قائدین مذمت کرنے کے ساتھ ساتھ جواز بھی پیش کر رہے ہیں، یہ کھلی منافقت ہے، مدینہ منورہ میں ننگے پاؤں چلنا ادب کی علامت ہے، لیکن بارگاہِ مصطفوی میں آواز پست رکھنا واجب ہے۔