Tag: پی ٹی آئی

  • پی ٹی آئی کراچی میں‌ ڈبل ڈیکر بس چلائے گی

    پی ٹی آئی کراچی میں‌ ڈبل ڈیکر بس چلائے گی

    اسلام: پی ٹی آئی نے شہر قائد میں ڈبل ڈیکر بس چلانے کا اعلان کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق یہ اعلان پی ٹی آئی کے سینئر رہنما فردوس شمیم نقوی نے بنی گالا کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا.

    آج عمران خان کی زیرصدارت بنی گالا میں سندھ کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا، جس کے بعد فردوس شمیم نقوی اور دیگر نے میڈیا سے گفتگو کی.

    ان کا کہنا تھا کہ ہم عمران خان کو کراچی میں پانی کےمسائل سے آگاہ کیا، پی ٹی آئی چیئرمین نے پانی کےمسائل سے متعلق تجاویز دینے کو کہا ہے.

    فردوس شمیم نے کہا کہ عوام کی سہولت کے لئے مضبوط نظام لائیں گے، حکومت آنےکے بعد 100 دن کے اقدامات پر گفتگو ہوئی.

    ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں کام ایم پی اے فنڈز سے نہیں، لوکل گورنمنٹ فنڈز سے ہوں گے، عمران خان نےکہاہےکراچی کو ترقی دینا ضروری ہے.

    کیا عمران خان کراچی کی نشست اپنے پاس رکھیں گے؟

    فردوس شمیم نقوی نے کہا ہے کہ انھوں نے اجلاس میں پی ٹی آئی چیئرمین کو درخواست دی ہے کہ وہ کراچی کی سیٹ اپنے پاس رکھیں.

    ان کا کہنا تھا کہ اس طرح‌ پی ٹی آئی کو اندرون سندھ خود کو مضبوط کرنے کا موقع ملے گا.

    ایم کیو ایم سے اختلافات؟

    ایک سوال کے جواب میں انھوں‌نے کہا کہ عمران خان نے انھیں ایم کیوایم کے خلاف بیانات دینے سے روک دیا ہے اور وہ اپنے لیڈر کے حکم کی پاس داری کریں گے.

    انھوں نے  ہنستے ہوئے کہا کہ پارٹی چیئرمین نے انھیں ہدایت کی ہے کہ اپنی تلوار نیام میں رکھیں۔

  • پی ٹی آئی کے نو منتخب رکن فیصل واوڈا کی نااہلی کے لیے درخواست دائر

    پی ٹی آئی کے نو منتخب رکن فیصل واوڈا کی نااہلی کے لیے درخواست دائر

    کراچی : پاکستان تحریک انصاف کے نو منتخب رکن قومی اسمبلی فیصل واوڈا کے مشکل میں ایک اور اضافہ ہوگیا، فیصل واوڈا کی نااہلی کے لیے درخواست دائر کر دی گئی ۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ میں پی ٹی آئی کے نو منتخب رکن قومی اسمبلی فیصل واوڈا کی نااہلی کے لئے درخواست دائر کر دی گئی۔

    درخواست پیپلز پارٹی کے قادر خان مندوخیل نے دائر کی۔

    درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ فیصل واوڈا آرٹیکل 62 پر پورا نہیں اترتے، فیصل واوڈا نے اپنے حلف نامے میں برطانیہ, دبئی اور ملائشیا کی جائیداد قرض شدہ ظاہر کی۔

    دائر درخواست میں کہا گیا کاغذات نامزدگی میں کسی فارن اکاونٹ کا ذکر نہیں ہے ، اس غیر ملکی جائیداد کی منی ٹریل نہیں دی گئی، ریٹرننگ افسر کے ریکارڈ میں کسی غیر ملکی جائیداد کا ذکر نہیں ہے۔

    درخواست میں کہا گیا کہ اربوں کی جائیدادیں رکھنے والے فیصل واوڈا نے 2015 میں کوئی ٹیکس نہیں دیا، ریٹرننگ افسر نے فیصل کے خلاف یہ کہہ کر درخواست مسترد کی کہ اس نے دوہری شہریت چھوڑ دی جبکہ ریٹرننگ افسر کے ریکارڈ میں امریکی شہریت سرینڈر کرنے کا کوئی ریکارڈ نہیں۔

    واضح رہے 25 جولائی کو ہونے والے انتخابات میں کراچی کے حلقے  این اے 249 سے پی ٹی آئی کے امیدوار فیصل واوڈا جیتے تھے، ان کا مقابلہ مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف سے تھا۔

  • قوم کی لوٹی ہوئی دولت واپس لائیں گے، اسد عمر

    قوم کی لوٹی ہوئی دولت واپس لائیں گے، اسد عمر

    اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر نے کہا ہے کہ عمران خان نے قوم کو جو راستہ دکھایا ہے اس پر عمل کریں گے، عوام پر اثر انداز ہونے والے ٹیکس کو ختم کریں گے، قوم کی لوٹی ہوئی دولت واپس لائیں گے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام پاور پلے میں گفتگو کرتے ہوئے کیا، اسد عمر نے کہا کہ دوست ممالک یا بیرون ملک پاکستان کے ذریعے پیسہ لے سکتے ہیں، ایک آپشن بین الاقوامی مالیاتی اداروں کا بھی ہوتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ہمارا ہدف یہی ہے عوام پر کم سے کم بوجھ پڑے، اوورسیز پاکستانی ملک کے لیے کچھ کرنا چاہتے ہیں، سکوک بانڈز اوورسیز پاکستانیوں کے لیے جاری کیے جاسکتے ہیں، اوورسیز پاکستانیوں کا عمران خان پر اعتماد ہے۔

    اسد عمر نے کہا کہ کوشش ہے پاکستان میں لوگوں کو روزگار ملے تاکہ باہر نہ جائیں، بیرون ملک پڑے پیسے واپس لائیں گے، غیرملکی ماہرین سے رابطہ کریں گے کہ کیسے پیسہ واپس ملک میں لائیں، قوم کی لوٹی ہوئی دولت واپس لائیں گے۔

    رہنما تحریک انصاف نے کہا کہ پاکستان کا قرضہ 94 ارب ڈالر ہوگیا ہے، زرمبادلہ کے ذخائر بہت حد تک کم گر گئے ہیں، ملک کو مشکلات سے نکالیں گے، کھاد پر کسانوں کو سبسڈی دیں گے، ہوسکتا ہے کہ ڈٰیم پانچ سال بعد بھی نہ بن سکے، عوام کو فوری ریلیف دینے کے لیے اقدامات کریں گے۔

    اسد عمر کے مطابق کسی رہنما پر کرپشن کا سنجیدہ کیس ہوا تو عمران خان سوچ سمجھ کر فیصلہ کریں گے، وہ سفید سیاہ کا فرق دیکھ کر فیصلہ لیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان کے شمالی علاقہ جات بہت خوبصورت ہیں، شمالی علاقوں میں سیاحت کو بہت فروغ ملے گا، کپتان اوورسیز پاکستانیوں سے اپیل کریں گے پاکستان چھٹیاں منانے آئیں۔

    اسد عمر نے کہا کہ ن لیگ کی حکومت میں تمام ادارے غیر فعال تھے، حکومت میں آکر تمام اداروں کو فعال کرکے مضبوط بنائیں گے، سب سے پہلے گردشی قرضے کو ختم کیا جائے گا، غلط کام پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔

  • مذاکرات کام یاب: بلوچستان نیشنل پارٹی وزارتِ عظمیٰ کے لیے عمران خان کی حمایت کرے گی

    مذاکرات کام یاب: بلوچستان نیشنل پارٹی وزارتِ عظمیٰ کے لیے عمران خان کی حمایت کرے گی

    کوئٹہ: تحریکِ انصاف کے رہنماؤں اور بی این پی کے سربراہ اختر مینگل کے درمیان ہونے والے مذاکرات کام یاب ہوگئے، بی این پی مرکز میں عمران خان کی حمایت کرے گی، دونوں جماعتوں نے معاہدے پر دستخط کر دیے۔

    تفصیلات کے مطابق کوئٹہ میں آج ہونے والے پی ٹی آئی اور بلوچستان نیشنل پارٹی کے مذاکرات کام یاب ہوگئے، تحریکِ انصاف کی جانب سے جہانگیر ترین اور شاہ محمود قریشی نے بی این پی سربراہ اختر مینگل کے ساتھ 6 نکاتی معاہدے پر اتفاق کر لیا۔

    پی ٹی آئی اور بی این پی کے درمیان معاہدہ تحریکِ انصاف کی مرکز میں ایک بڑی کام یابی ہے، معاہدے پر دستخط سے قبل عمران خان سے بھی فون پر منظوری لی گئی، کام یاب مذاکرات کے بعد دونوں پارٹیوں کے رہنماؤں نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔

    سردار اختر مینگل


    بی این پی کے سربراہ کا کہنا تھا ’بلوچستان کی حکومت کو ہمیشہ وفاق کے لیے قربان کیا گیا، آج گوادر میں پینے کے لیے پانی اور مکران میں تین ماہ سے بجلی نہیں ہے، پی ٹی آئی رہنماؤں کو کوئٹہ بلانا انا کا مسئلہ نہیں بلکہ مسائل اور حقائق سے روشناس کرانا تھا۔

    پاکستان اور امریکا میں باہمی اعتماد کا فقدان ہے، عمران خان کی امریکی سفارتی وفد سے بات چیت

    بلوچستان 70 سال سے مشکلات کا شکار ہے، آج ہمارے دکھ درد کو غور سے سنا گیا، ہم نے ماضی میں دیگر جماعتوں کے سامنے بھی اپنے نکات رکھے، عمران خان کے ساتھ دو دن سے رابطے میں ہوں، اب بلوچستان کے لوگوں کے زخموں کو بھرنے کا وقت آ گیا، پی ٹی آئی بلوچستان کا احساسِ محرومی ختم کر سکتی ہے۔‘

    شاہ محمود قریشی


    تحریکِ انصاف کے رہنما نے کہا ’ہم نے تفصیلی نشست میں ایک دوسرے کا نقطۂ نظر سمجھنے کی کوشش کی، بلوچستان وفاق کی اہم اکائی ہے، آگے بڑھنا ہے اور بلوچستان کے دیرینہ مسائل حل کرنے ہیں، یہ ملاقات مسائل کے حل کی جانب بہت بڑا قدم ہے، ہم معاہدہ کرنے میں کام یاب ہوگئے ہیں، بی این پی کی قیادت وفاق میں اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر اور وزارتِ عظمیٰ کے لیے ہمیں سپورٹ کرے گی۔

    عمران خان نے محمود خان کو وزیراعلیٰ خیبر پختون خواہ نامزد کر دیا

    پی ٹی آئی وفاق کی علامت ہے، وفاقی سوچ لے کر کوئٹہ آئے، سی پیک قومی منصوبہ ہے، بلوچستان کی اہمیت تبدیل ہو جائے گی، تمام فیصلے مشترکہ اتفاق رائے سے ہوں گے، دونوں جماعتیں مشترکہ منشور پر عمل درآمد کریں گی، نیشنل ایکشن پلان پر بھی عمل درآمد ہونا چاہیے، بلوچستان میں پانی کی قلت کے مسئلے کا حل ہمارے منشور کا حصہ ہے۔‘

    قبل ازیں کام یاب مذاکرات کے دوران دونوں جماعتوں میں مختلف نکات پر اتفاق رائے ہوا اور بعد ازاں مفاہمتی یادداشت پر دونوں جماعتوں کے رہنماؤں نے دستخط کیے۔ جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے وسائل پر اس کا مکمل اختیار پی ٹی آئی منشور کا حصہ ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • گورنر ہاؤس پنجاب نہیں رہے گا، دوبارہ گورنر بننے کی خواہش نہیں، چوہدری سرور

    گورنر ہاؤس پنجاب نہیں رہے گا، دوبارہ گورنر بننے کی خواہش نہیں، چوہدری سرور

    لاہور: سابق گورنر پنجاب اور تحریکِ انصاف کے رہنما چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ انھیں دوبارہ گورنر بننے کی خواہش نہیں ہے، ویسے بھی اب گورنر ہاؤس پنجاب نہیں رہے گا۔

    میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ وہ پہلے بھی گورنر رہ چکے ہیں، اب عمران خان نے کہا ہے کہ گورنر ہاؤس کو عوام کے لیے مختص کیا جائے گا۔

    برطانوی پارلیمنٹ کے تین بار رکن منتخب ہونے والے چوہدری محمد سرور نے پی ٹی آئی میں ہر قسم کی گروپنگ کی تردید کرتے ہوئے کہا ’پی ٹی آئی کی پوری جماعت عمران خان کے ساتھ ہے۔‘

    چوہدری سرور نے مزید کہا ’پی ٹی آئی کے پاس پنجاب میں واضح اکثریت ہے، اب زیادہ وقت انتظار نہیں کرنا پڑے گا، عمران خان جو بھی فیصلہ کریں گے پارٹی اسے قبول کرے گی۔‘

    ان کا کہنا تھا کہ تحریکِ انصاف میں فارورڈ بلاک بننے کی خبر میں کوئی صداقت نہیں، پارٹی اتحادیوں کو ساتھ لے کر چلنا چاہتی ہے، پنجاب اور مرکز میں حکومت بنانے میں کوئی پریشانی نہیں ہوگی۔

    تحریک انصاف کا چاروں صوبوں کے گورنرزکو تبدیل کرنے کا فیصلہ

    چوہدری سرور نے پارٹی پالیسی دہراتے ہوئے کہا کہ کرپٹ افراد اور پیسا باہر بھیجنے والوں کا کڑا احتساب ہوگا، کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل کیا جائے گا، ان کا کہنا تھا پی ٹی آئی ملک میں تبدیلی چاہتی ہے اس لیے ملک کو لوٹنے والوں کے لیے یہاں کوئی جگہ نہیں۔

    واضح رہے کہ عمران خان نے ابھی گورنر پنجاب کے عہدے کے لیے کسی نام کا انتخاب نہیں کیا ہے تاہم چند ناموں پر ضرور غور کیا گیا ہے جن میں پیپلز پارٹی کے سابق وزیرِ قانون بابر اعوان ایڈووکیٹ، اسحاق خاکوانی اور اعجاز چوہدری شامل ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • پی ٹی آئی کےعثمان ڈار کی این اے73 میں دوبارہ گنتی کی درخواست مسترد

    پی ٹی آئی کےعثمان ڈار کی این اے73 میں دوبارہ گنتی کی درخواست مسترد

    لاہور : لاہورہائی کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار عثمان ڈار کی این اے 73 سیالکوٹ میں دوبارہ گنتی اور خواجہ آصف کی کامیابی کا نوٹیفکیشن روکنے کی درخواست مسترد کردی ۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ میں جسٹس مامون الرشید شیخ نے این اے 73 سیالکوٹ سے پی ٹی آئی کے ناکام امیدوار عثمان ڈار کی درخواست پر سماعت کی ۔

    درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ اس نے سیالکوٹ این اے 73 سے انتخاب لڑا اور دوسرے نمبر پر رہا تاہم گنتی کے عمل میں متعدد بے ضابطگیاں سامنے آئیں اور پریزائیڈنگ افسران نے فارم 45 پولنگ ایجنٹس کو فراہم نہیں کیا ۔

    درخواست میں کہا گیا خواجہ آصف سے صرف 1406 ووٹوں سے شکست ہوئی جبکہ حلقے میں 7 ہزار 346 ووٹ مسترد ہوئے۔

    دائر درخواست میں استدعا کی گئی ریٹرننگ افسر، کو حلقے کی دوبارہ گنتی کی درخواست دی جسے مسترد کردیا گیا لہذا عدالت حلقے میں دوبارہ گنتی کروانے کا حکم دے اور گنتی تک خواجہ آصف کی کامیابی کا نوٹیفیکیشن روکنے کا حکم دے۔

    جس کے بعد لاہور ہائی کورٹ نے این اے 73 میں دوبارہ گنتی اور خواجہ آصف کی کامیابی کا نوٹیفکیشن روکنے کی درخواست مسترد کر دی۔

    واضح رہے کہ این اے 73 سے ن لیگ کے خواجہ آصف 116975 ووٹ لے کر 1406 کی لیڈ سے جیتے تھے۔

  • جو وزیر کارکردگی دکھائے گا، صرف وہ ہی اپنے عہدے پر رہے گا: عمران خان

    جو وزیر کارکردگی دکھائے گا، صرف وہ ہی اپنے عہدے پر رہے گا: عمران خان

    پشاور: پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ خیبرپختون خواہ کا وزیراعلیٰ اور وزرا آن ٹرائل رہیں گے.

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے خیبرپختون خواہ کے نو منتخب ارکان سے خطاب کرتے ہوئے کیا.

    ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ اور وزرا کی کارکردگی مانیٹرہوگی، جو وزیر کارکردگی دکھائے گا، صرف وہ ہی اپنے عہدے پر رہے گا.

    پی ٹی آئی چیئرمین نے واضح‌الفاط میں‌ کہا کہ سب کی کارکردگی پر چیک ہوگا، وزرا کو عوامی فلاح وبہبود کے ٹارگٹ دیے جائیں گے.

    انھوں‌نے کہا کہ آپ پانچ سال کی فکر چھوڑیں، پہلے تین مہینےانتہائی اہم ہیں، تین ماہ میں عوام کو آپ کی کارکردگی کا پتا چل جائےگا.


    شاہ زین بگٹی نے عمران خان کی حمایت کا اعلان کر دیا


    اپنے خطاب میں عمران خان نے دیگر صوبوں‌ کی محرومیوں کے ازالے کا بھی ذکر کیا، ساتھ خیبرپختون خواہ کے نومنتخب ارکان کو عوامی توقعات پر پورا اترنے کی ہدایت کی.

    یاد رہے کہ آج جمہوری وطن پارٹی کے سربراہ شاہ زین بگٹی نے پی ٹی آئی چیئرمین سے ملاقات میں‌ وزیر اعظم کے انتخاب میں ان کے حمایت کی یقین دہانی کرائی.

    ملاقات میں عمران خان نے کہا کہ ان کی جماعت کوہرممکن معاونت فراہم کریں گے، محرومیوں‌ کا ازالہ کیا جائے گا.

  • شاہ زین بگٹی نے عمران خان کی حمایت کا اعلان کر دیا

    شاہ زین بگٹی نے عمران خان کی حمایت کا اعلان کر دیا

    اسلام آباد: رہنما جمہوری وطن پارٹی کے سربراہ شاہ زین بگٹی نے پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کی حمایت کا اعلان کر دیا.

    تفصیلات کے مطابق بنی گالا کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ زین بگٹی نے کہا کہ وزیراعظم کا ووٹ عمران خان کو دیں گے.

    اس موقع پر شاہ زین بگٹی نے کہا کہ بلوچستان میں اسپتال نہیں، تعلیمی ادارے نہ ہونے کے برابر ہیں، وہاں ترقی کی ضرورت ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نےآئی ڈی پیزکی واپسی کی یقین دہانی کرائی ہے، پی ٹی آئی قیادت سےبنیادی سہولتوں کی فراہمی پربات کی ہے.

    ملاقات میں عمران خان نے کہا کہ شاہ زین بگٹی اور ان کی جماعت کو ہر ممکن معاونت فراہم کریں گے،  بلوچستان کی محرومیوں کا ازالہ ترجیحات میں سرفہرست ہے۔

    قبل ازیں جمہوری وطن پارٹی کے رہنماشاہ زین بگٹی کی بنی گالہ آمد ہوئی، جہاں‌ شاہ محمودقریشی، جہانگیر ترین نے ان کا استقبال کیا.

    واضح رہے کہ وزیر اعظم کا انتخاب ممکنہ طور پر 15اگست کو پارلیمنٹ میں ہو گا، جہاں عمران خان کا مقابلہ اپوزیشن کے متفقہ امیدوار مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف سے ہے۔

    یاد رہے کہ پی ٹی آئی کے ترجمان فواد چوہدری نے یہ دعویٰ کیا ہے کہ ان کی پارٹی سادہ اکثریت سے  زیادہ ارکان کی حمایت حاصل کر چکی ہے۔

  • نوٹیفیکشن کا معاملہ، پی ٹی آئی نے چیف جسٹس سے صورت حال کا جائزہ لینے کا مطالبہ کر دیا

    نوٹیفیکشن کا معاملہ، پی ٹی آئی نے چیف جسٹس سے صورت حال کا جائزہ لینے کا مطالبہ کر دیا

    اسلام آباد: ترجمان پاکستان تحریک انصاف فواد چوہدری نے کہا ہے کہ انتخابات کے بعد انتقال اقتدار کو انتہائی سنجیدگی سے لینے کی ضرورت ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے الیکشن کمیشن کی جانب سےعمران خان کی کامیابی کےنوٹیفکیشن روکے جانے کے معاملے پر ردعمل دیتا ہوئے کیا۔

    فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ انتخابات کے بعد اب انتقال اقتدار کا مرحلہ درپیش ہے، جو سنجیدگی کا متقاضی ہے۔

    انھوں نے کہا کہ انتقال اقتدارمیں تعطل سے ملک اور عوام براہ راست متاثرہوں گے، اس کے باعث معاشی، پالیسی سے متعلق مسائل مزید پیچیدہ پیدا ہونے کے امکانات ہیں۔

    پاکستان تحریک انصاف کا ترجمان کا کہنا تھا کہ یہ سب مسائل براہ راست ملک پر شدت سے اثر انداز ہو سکتے ہیں۔


    عمران خان کی 3 حلقوں سے کامیابی کا مشروط نوٹیفکیشن جاری


    فواد چوہدری نے مطالبہ کیا کہ چیف جسٹس، الیکشن کمیشن اور ماتحت عدالتیں صورت حال کا جائزہ لیں، کیوں کہ اس تعطل اورتاخیر سےانتخابات پرشکوک وشبہات جنم لیں گے۔

    یاد ہے کہ آج الیکشن کمیشن آف پاکستان نے انتخابات 2018 میں کامیاب امیدواروں کی کامیابی کے نوٹیفیکیشن جاری کیے ہیں۔

    دو حلقوں سے پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کی کامیابی کا نوٹی فکیشن روک دیا گیا ہے، جب کہ تین حلقوں سے مشروط نوٹی فکیشن جاری کیا گیا ہے۔

  • حکومت بنانے کے لیے نمبر گیم کی ضرورت پڑتی ہے، فیصل واوڈا

    حکومت بنانے کے لیے نمبر گیم کی ضرورت پڑتی ہے، فیصل واوڈا

    لاہور: پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ حکومت بنانے کے لیے نمبر گیم کی ضرورت پڑتی ہے، 22 اگست سے پہلے والی اور آج کی ایم کیوایم میں فرق ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اے آر وائی نیوز کے پروگرام آف دی ریکارڈ میں گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا ’سیاست میں دل بڑا کریں گے اور سب سے بات کریں گے۔‘

    فیصل واوڈا نے پیپلز پارٹی کے جنرل سیکریٹری چوہدری منظور اور مسلم لیگ ن کی عظمیٰ بخاری کی باتوں کے جواب میں کہا کہ بنی گالہ کے باہر پروٹوکول کی بات جھوٹ پر مبنی ہے، عمران خان نے واپسی میں کوئی پروٹوکول نہیں لیا۔

    انھوں نے ایم کیو ایم کے ساتھ اتحاد پر اعتراضات کا جواب دیتے ہوئے کہا ’ایم کیو ایم ہمارے ساتھ اتحاد کر رہی ہے، دوبارہ گنتی بھی کرا رہی ہے، میں بھی میئر کراچی کے حوالے سے اپنے مؤقف پر قائم رہوں گا۔‘

    روایتی سیاست نہیں کریں گے، نہ پروٹوکول لوں گا نہ ہی شاہ خرچیاں کی جائیں گی ،عمران خان

    فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ ن لیگ کو تکلیف یہ ہے کہ ان کا قائد جیل میں ہے، ن لیگ 5 سال روئے گی اور ہم ان کے آنسو پونچھیں گے۔

    پی ٹی آئی لیڈر نے مزید کہا کہ ملک کے سسٹم کو ٹھیک کرنے کی ضرورت ہے، ہم سندھ میں پیپلز پارٹی کے ساتھ بھی بات کریں گے۔

    واضح رہے کہ پروگرام میں شریک چوہدری منظور کا پروٹوکول کے حوالے سے مؤقف تھا کہ ملک میں سیکورٹی کے مسائل ہیں اس لیے وزیرِ اعظم کے لیے سیکورٹی تو لینی ہی چاہیے۔ جب کہ عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ سیکورٹی اور پروٹوکول میں بہت فرق ہوتا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو  زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔