Tag: پی ٹی اے

  • پاکستان میں سوشل میڈیا کو لگام دینے کی تیاری، فائر والز کی تنصیب کیلئے بولیاں طلب

    پاکستان میں سوشل میڈیا کو لگام دینے کی تیاری، فائر والز کی تنصیب کیلئے بولیاں طلب

    اسلام آباد : پی ٹی اے نے سوشل میڈیا پر پروپیگنڈا روکنے کیلئے نیکسٹ جنریشن فائر والز کی تنصیب کیلئے بولیاں طلب کرلیں۔

    تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر پروپیگنڈا روکنے کیلئے فائر وال تنصیب کے معاملے پر پی ٹی اے نےنیکسٹ جنریشن فائر والز کی خریداری کیلئے بولیاں طلب کرلیں۔

    پی ٹی اے نے پیپرا کے ای پیڈ سسٹم کے تحت 26 جولائی تک بولیاں طلب کی ہیں ، فائروال ایڈوانس تھریٹ پری وینشن سروس ،یوآرایل فلٹرنگ اور ایپلی کیشن کنٹرول کی صلاحیت کی حامل ہوگی۔

    انٹرنیٹ سروس فراہم کرنیوالی کمپنیوں پرنیکسٹ جنریشن،ایپلی کیشن فائروالزنصب ہوں گی ، نیکسٹ جنریشن فائروال ڈیپ پیکٹ انسپکشن کی صلاحیت کی حامل ہوگی۔

    ڈی پی آئی ٹیکنالوجی سے ڈیٹا کی لیئر 7 تحت دیکھا جاسکے گا اور نیسکٹ جنریشن فائروال سے ریئل ٹائم ڈیٹا کی ماننٹرنگ ، یوآرایل فلٹرنگ، ایپلی کیشن کنٹرول اورمالوئیرپروٹیکشن ہوسکے گی۔

    نیکسٹ جنریشن فائروال سائبرسیکورٹی خطرات کیخلاف پیشگی اقدامات کرسکےگی جبکہ ویب ایپلی کیشن فائروال ویب ایپلی کیشنز کا ڈیٹا ماننٹرنگ اور فلٹرنگ کرسکے گی۔

  • عدالتی احکامات کے باوجود ایکس سروس معطل، عدالت میں فوری سماعت کے لیے درخواست منظور

    عدالتی احکامات کے باوجود ایکس سروس معطل، عدالت میں فوری سماعت کے لیے درخواست منظور

    کراچی: سندھ ہائیکورٹ نے ایکس سروس معطل ہونے کے خلاف فوری سماعت کے لیے دائر درخواست منظور کر لی۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ ہائیکورٹ میں پی ٹی اے کی جانب سے ٹوئٹر / ایکس کی بندش پر عدالتی احکامات کے باوجود ایکس کو بحال نہیں کیا گیا، ایکس سروس معطل ہونے کے خلاف فوری سماعت کے لیے ایک درخواست دائر کی گئی ہے جسے عدالت نے منظور کرتے ہوئے 27 جون کی تاریخ مقرر کر دی۔

    یہ درخواست سینئر صحافی ضرار کھوڑو اور دیگر کی جانب سے عبدالمعیز جعفری ایڈووکیٹ کی توسط سے دائر کی گئی ہے۔

    درخواست میں کہا گیا ہے کہ انتظامیہ کی جانب سے جان بوجھ کر درخواست گزاروں کے معاشی اور قانونی حق تلفی کی جا رہی ہے، وکیل درخواست گزارنے عدالت میں کہا کہ وفاقی حکومت، پی ٹی اے اور دیگر فریقین کے غیر قانونی اور بدنیتی پر مبنی فیصلوں سے شہریوں کے آئینی اور معاشی حقوق کی خلاف ورزی کی جا رہی ہے۔

    وکیل نے کہا ایکس کی بندش تاحال جاری ہے، فریقین با رہا درخواست گزار کے حقوق کے تحفظ میں ناکام رہے ہیں، اس لیے عدالت سے استدعا کی جاتی ہے کہ فریقین کے غیر قانونی اقدامات کو فوری طور پر روکنے کے احکامات دیے جائیں، اگر فوری طور پر فریقین کو روکنے کا حکم نہ دیا گیا تو غیر قانونی اقدامات میں مزید اضافہ ہوگا۔

    عدالت سے استدعا کی گئی کہ درخواست کی فوری سماعت کی جائے۔ واضح رہے کہ عدالت نے ایکس سروس فوری طور پر بحال کرنے کا حکم دے رکھا ہے۔

  • بیرون ملک سے موبائل فون لانے پر ٹیکسز ،  بڑی خبر آگئی

    بیرون ملک سے موبائل فون لانے پر ٹیکسز ، بڑی خبر آگئی

    اسلام آباد : پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کا بیرون ملک سے موبائل فونز لانے پر عائد ٹیکسز کے حوالے سے اہم بیان آگیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے بیرون ملک سے موبائل فون لانے پر عائد ٹیکسز کے حوالے سے خبروں پر وضاحت جاری کردی۔

    پی ٹی اے نے واضح کیا ہے کہ پاکستان میں درآمدی موبائل فونز پر سے ٹیکس ہٹانے کا کوئی باضابطہ فیصلہ نہیں ہوا ہے، آن لائن رپورٹس کے برعکس جو دوسری صورت میں تجویز کرتی ہیں۔

    پی ٹی اے نے وضاحت کرتے ہوئے کہا صرف اوورسیز پاکستانیوں کو ان ٹیکسوں سے مستثنیٰ قرار دیا جائے گا، غیر پی ٹی اے موبائل صارفین اپنے آلات کو صرف سم کارڈ ڈال کر دوبارہ شروع کر کے عارضی طور پر رجسٹر کر سکتے ہیں۔

    حکومت کی جانب سے ’ڈیوائس آئیڈنٹی فکیشن، رجسٹریشن اینڈ بلاکنگ سسٹم‘ (ڈی آئی آر بی ایس) کے نام سے ایک سسٹم متعارف کرایا گیا ہے، جس کے ذریعے غیر تصدیق شدہ موبائل فونز کو سیلولر نیٹ ورکس پر بلاک کیا جا سکے گا۔

    غلط معلومات کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے پی ٹی اے نے شہریوں کو مشورہ دیا کہ وہ اپ ڈیٹس کے لیے سرکاری ذرائع پر انحصار کریں اور غیر تصدیق شدہ معلومات کو پھیلانے سے گریز کریں۔

    خیال رہے گذشتہ سال حکومت نے ایک سہولت متعارف کرائی تھی، جس کے تحت بیرون ملک پاکستانیوں کو ہر دورے کے دوران 120 دنوں کے لیے عارضی رجسٹریشن سسٹم کے ذریعے اپنے ہینڈ سیٹس کو ٹیکس فری رجسٹر کرنے کی اجازت دی گئی تھی۔ اس اقدام کا مقصد تارکین وطن کی واپسی کے عمل کو آسان بنانا تھا۔

    خیال رہے سوشل میڈیا پر افواہ گردش میں تھی کہ حکومت کی طرف سے بیرون ملک سے موبائل فون لانے پر لاگو تمام ٹیکس ختم کر دیئے ہیں۔

  • نان فائلرز کی سمز بلاک کرنے کا معاملہ: پی ٹی اے کا اہم بیان آگیا

    نان فائلرز کی سمز بلاک کرنے کا معاملہ: پی ٹی اے کا اہم بیان آگیا

    اسلام آباد: 5 لاکھ نان فائلرز کی سم بلاک کرنے کے معاملے پر پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی کا ردعمل آگیا ہے۔

    پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے 5 لاکھ سے زائد نان فائلرز کی سمز بلاک کرنے کی مخالفت کردی، ساتھ ہی ایف بی آر کو خط بھی ارسال کردیا۔

    پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ نان فائلرز کی سمزبلاک کرنے کا عمل ہمارے نظام سے مطابقت نہیں رکھتا کیوںکہ ملک میں بڑی تعداد میں خواتین مرد حضرات کے نام پر سمز استعمال کرتی ہیں۔

    پی ٹی اے نے ایف بی آر کو خط میں لکھا کہ نان فائلرز کو نئی سمز کے اجرا پر بھی کوئی پابندی نہیں لگائی جارہی ہے، اگر نان فائلرز کی سم ہم بلاک بھی کردیں تو صارف دوسری سم نکلوا لیں گے۔

    پی ٹی اے نے ایف بی آر کو کہا کہ قانونی طور پر پی ٹی اے سمز بلاک کرنے کا پابند نہیں، سمز بلاک کرنے سے ڈیجیٹلائزیشن کو نقصان پہنچے گا اس کے علاوہ بڑی تعداد میں سمز بلاک کرنے سے ٹیلی کام معیشت کو بھی نقصان پہنچے گا۔

    پی ٹی اے نے ایف بی آر کو مشورہ دیا کہ سمزبلاک کرنے کے علاوہ دیگر قانونی آپشنز پر غور کیا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ نان فائلرز کو ٹیکس نیٹ میں لایا جاسکے۔

    نان فائلرز کی سمیں بلاک کرنے کے احکامات

    واضح رہے کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) نے نان ٹیکس فائلرز کے خلاف بڑا قدم اٹھاتے ہوئے ان کی سم بلاک کرنے کا حکم جاری کیا تھا۔

    ایف بی آر نے بیان میں کہا تھا انکم ٹیکس کا اہل ہونے کے باوجود ٹیکس ادا نہ کرنے والوں کی سم بلاک کردی جائے گی اور اس سلسلے میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے 5 لاکھ 6 ہزار 671 نان ٹیکس فائلرز کا ڈیٹا جاری بھی کیا تھا۔

  • غیرقانونی سمیں جاری کرنے میں ملوث افراد کی شامت آگئی

    غیرقانونی سمیں جاری کرنے میں ملوث افراد کی شامت آگئی

    سموں کے غیرقانونی اِجرا میں ملوث افراد کے خلاف پی ٹی اے نے کمر کس لی، لوگوں کو ایسی سمیں فراہم کرنے والوں کیخلاف کارروائی کا آغاز کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کی جانب سے سموں کےغیرقانونی اِجرا میں ملوث گروہ کیخلاف کارروائیاں کی گئیں۔ ایف آئی اے کے تعاون سے پی ٹی اے زونل آفس راولپنڈی نے چھاپے مارے۔

    پی ٹی اے ترجمان نے اس حوالے سے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ حسن ابدال، واہ کینٹ اور راولپنڈی میں موبائل فون فرنچائزز پر چھاپے مارے گئے۔

    چھاپے کے دوران 3550 پری ایکٹو سمز، 3 بی وی ایس ڈیوائسز قبضے میں لی گئیں۔ 748 سلیکون کے بنےجعلی فنگر پرنٹس، 11 ہزار ڈیجیٹل فنگرپرنٹس اور ایک پرنٹر بھی برآمد کیا گیا۔

    ترجمان نے بتایا کہ ایف آئی اے نے اس سلسلے میں 3 ملزمان کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کرلیا ہے جبکہ مزید تحقیقات جاری ہیں۔

  • پی ٹی اے کا کہنا ہے حکومت سے موبائل بندش کے احکامات نہیں ملے: ہیومن رائٹس کمیشن پاکستان

    پی ٹی اے کا کہنا ہے حکومت سے موبائل بندش کے احکامات نہیں ملے: ہیومن رائٹس کمیشن پاکستان

    اسلام آباد: ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان (ایچ آر سی پی) نے حکومت سے انٹرنیٹ اور موبائل سروس فوری بحال کرنے کا مطالبہ کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں عام انتخابات 2024 کے سلسلے میں ووٹنگ کا عمل جاری ہے، ایچ آر سی پی نے اس سلسلے میں ایک بیان میں کہا ہے کہ سندھ ہائیکورٹ کے واضح احکامات کے باوجود موبائل سروس بند کر دی گئی ہے۔

    ایچ آر سی پی کے مطابق پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ انھیں حکومت سے موبائل بندش کے احکامات نہیں ملے ہیں، کمیشن کا کہنا ہے کہ موبائل سروس کی بندش سے الیکشن کی شفافیت پر سوال اٹھیں گے، اور نتائج کی ترسیل میں بھی خلل پیدا ہو سکتا ہے۔

    ’’انٹرنیٹ سے زیادہ اہم ووٹ ڈالنا ہے‘‘ سربراہ کامن ویلتھ آبزرور

    پیپلز پارٹی نے موبائل اور انٹرنیٹ سروس بندش کے خلاف الیکشن کمیشن میں درخواست دے دی

    انسانی حقوق کمیشن نے مطالبہ کیا ہے کہ موبائل سروس کی بندش کے احکامات دینے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔

    الیکشن 2024 پاکستان: پولنگ کی مکمل کوریج اور معلومات – لائیو

  • الیکشن کے دن انٹرنیٹ سروس بند کرنے کے حوالے سے  پی ٹی اے کا اہم بیان آگیا

    الیکشن کے دن انٹرنیٹ سروس بند کرنے کے حوالے سے پی ٹی اے کا اہم بیان آگیا

    اسلام آباد : الیکشن کے دن انٹرنیٹ کی بندش سے متعلق پی ٹی اے نے اہم بیان جاری کردیا، جس میں واضح کہا ہے کہ حکومت پاکستان الیکشن کے دن انٹرنیٹ بند نہیں کرے گی۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن 2024 اور انٹرنیٹ کی بندش کے حوالے سے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے وضاحت جاری کردی۔

    پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ حکومت پاکستان الیکشن کے دن انٹرنیٹ بند نہیں کرے گی، پی ٹی اے نے تصدیق کی ہے کہ انتخابات کے دن انٹرنیٹ سہولت صارفین کو میسر ہو گی اور ملک میں انٹرنیٹ بغیر کسی رکاوٹ کے کام کرے گا۔

    اس سے قبل نگراں وفاقی وزیراطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے الیکشن ڈے پر موبائل سروس اور انٹرنیٹ بند ہونے افواہوں کو مسترد کردیا تھا۔

    مرتضیٰ سولنگی کا کہنا تھا کہ حکومت کی طرف سے انتخابات کے موقع پر موبائل فون اور انٹرنیٹ بند کرنے کی کوئی تجویز زیر غور نہیں، سوشل میڈیا پر جھوٹی خبریں اور پروپیگنڈا کیا جارہا ہے۔

  • گزشتہ 3ماہ میں  کتنے موبائل بلاک کیے گئے، اہم انکشاف

    گزشتہ 3ماہ میں کتنے موبائل بلاک کیے گئے، اہم انکشاف

    اسلام آباد :چیئرمین پی ٹی اے میجر جنرل (ر) حفیظ الرحمان نے انکشاف کیا کہ گزشتہ 3ماہ میں ٹیکس نہ دینے پر 5 لاکھ موبائل بلاک کیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق سینیٹ کی قائمہ کمیٹی داخلہ کا اجلاس ہوا ، جس میں چیئرمین پی ٹی اے میجر جنرل (ر) حفیظ الرحمان نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پچھلے 3ماہ پی ٹی اے کے سافٹ ویئر کے ذریعے 5 لاکھ موبائل بلاک کئے۔

    میجر جنرل (ر) حفیظ الرحمان کا کہنا تھا کہ ٹیکس کامعاملہ ایف بی آر کا ہے، ذاتی طور پرسمجھتا ہوں موبائل پربہت زیادہ ٹیکس ہے، 5 مرتبہ حکومت کو لکھ چکے کہ ٹیکس کم کریں یا ختم کیا جائے۔

    چیئرمین پی ٹی اے نے سینیٹ قائمہ کمیٹی برائےداخلہ ممبران کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ہم کہتے پاکستان میں موبائل فری ہو نا چاہیے، 60 دن ٹیکس جمع نہ ہونے پر موبائل بلاک کردیا جاتا ہے۔

    سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائےداخلہ نے ہدایت چیئرمین پی ٹی آئی کو ہدایت کی کہ پب جی سمیت خطرناک گیمز بند کر دی جائیں۔

  • انٹرنیٹ کی بحالی سے متعلق  موبائل صارفین کے لئے اہم خبر آگئی

    انٹرنیٹ کی بحالی سے متعلق موبائل صارفین کے لئے اہم خبر آگئی

    اسلام آباد : پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کا کہنا ہے کہ ملک میں آج بھی انٹرنیٹ کی بحالی کا کوئی امکان نہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے)ذرائع کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ملک میں آج بھی انٹرنیٹ کی بحالی کا کوئی امکان نہیں ہے۔

    ذرائع نے بتایا کہ 2دن سے انٹرنیٹ کی بندش کے باعث آن لائن ٹیکسی،بائیک سروس کا کاروباربند ہے جبکہ حکومت اور موبائل فون کمپنیوں کو روزانہ ایک ارب روپے نقصان کا سامنا ہے۔

    گذشتہ روز ملک بھر میں موبائل انٹرنیٹ سروس اور سوشل میڈیا کی بحالی سے متعلق وفاقی وزیر داخلہ نے وضاحت کرتے ہوئے کہا تھا کہ انٹرنیٹ سروس کی بحالی کا فیصلہ مختلف ایجنسیوں کی رپورٹ کا جائزہ لینے کے بعد کیا جائے گا۔

    اس سے قبل پی ٹی اے نے اپنی جاری کردہ بیان میں کہا گیا تھا کہ ملک میں انٹرنیٹ سروس کی بندش غیر معینہ مدت کیلئے ہے، انٹرنیٹ سروس محکمہ داخلہ کی درخواست پر بند کی گئی ہے۔

  • ملک میں انٹرنیٹ سروس کب تک بند رہے گی؟ پی ٹی اے کا بیان آگیا

    ملک میں انٹرنیٹ سروس کب تک بند رہے گی؟ پی ٹی اے کا بیان آگیا

    اسلام آباد: ملک انٹرنیٹ سروس کی بندش سے متعلق پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کا بیان سامنے آگیا۔

    تفصیلات کے مطابق پی ٹی اے نے اپنی جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ ملک میں انٹرنیٹ سروس کی بندش غیر معینہ مدت کیلئے ہے۔

    پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ انٹرنیٹ سروس محکمہ داخلہ کی درخواست پر بند کی گئی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں یوٹیوب، فیس بک اور ٹوئٹر سروس بند کردی گئی

    گزشتہ روز  چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کی گرفتاری کے بعد پاکستان کے مختلف شہروں میں انٹرنیٹ سروس بند کردی گئی تھی۔

    اسلام آباد، لاہور، راولپنڈی اور کراچی سمیت متعدد شہروں انٹرنیٹ کی بندش سے یوٹیوب، فیس بک، ٹوئٹر اور انسٹا گرام میں خلل واقع ہوا ہے۔

    واضح رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی گرفتاری پر ملک کے متعدد شہروں میں کارکنان اور عوام سراپا احتجاج ہیں اور کئی مقامات پر پرتشدد واقعات بھی رپورٹ ہوئے ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں: عمران خان کو گرفتار کر لیا گیا

    ان واقعات کی ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کی جارہی ہیں جس کے باعث عوام میں مزید غم وغصہ پایا جاتا ہے۔

    حکومتی ذرائع نے پاکستان میں انٹرنیٹ سروس کی بندش کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ سوشل میڈیا پر پروپیگنڈے کو روکنے کے لئے انٹرنیٹ سروسز کو بند کیا گیا۔