Tag: پی ٹی سی ایل

  • پی ٹی سی ایل کو ساڑھے 6 ارب روپے منافع

    پی ٹی سی ایل کو ساڑھے 6 ارب روپے منافع

    کراچی: پی ٹی سی ایل نے سال 2017 ء کے پہلے 9 ماہ میں 6 ارب 50 کروڑ روپے منافع حاصل کرلیا۔

    اس بات کا اعلان پی ٹی سی ایل کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے منعقدہ ایک اجلاس میں کیا گیا جس میں سال 2017 ء کے پہلے نو ماہ کے مالیاتی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔

    پی ٹی سی ایل نے سال 2017 ء کے پہلے 9 ماہ کے دوران52 ارب 80 کروڑ روپے آمدنی حاصل کی جب کہ  پی ٹی سی ایل کی فکسڈ براڈ بینڈ سروس کی شرح میں 6 فیصد اضافہ ہو گیا ہے تاہم  پی ٹی سی ایل کی آمدنی نو ماہ میں گزشتہ برس کے مقابلے میں مجموعی طور پر 3 فیصد کم ہوئی ہے۔

    پی ٹی سی ایل کا بعد از ٹیکس منافع 6 ارب 50 کروڑ روپے ہے جو گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 7 فیصد کم ہے، جس کی بنیادی وجہ مالیات میں کمی اور کم مالی آمدنی ہے۔

    پی ٹی سی ایل نے آخری سہ ماہی میں مزید ایکس چینجز کو کامیابی سے اپ گریڈ کیا ہے، چارجی / ایل ٹی ای سروسز آزاد جموں و کشمیر میں مسلسل ترقی کررہی ہے، جس کی خدمات کو اب خیبر پختون خوا اور بلوچستان تک توسیع دے دی گئی ہے۔

  • فائبر کیبل کی خرابی، انٹرنیٹ اورموبائل فون نیٹ ورک بحال ہونا شروع

    فائبر کیبل کی خرابی، انٹرنیٹ اورموبائل فون نیٹ ورک بحال ہونا شروع

    کراچی : نوری آباد اور حب میں فائبر آپٹک کئی جگہ سے کٹنے پرملک کے کئی شہروں میں پی ٹی سی ایل اور نجی موبائل فون کا نیٹ ورک معطل ہوگیا، پی ٹی سی ایل کی فائبر آپٹک لنک متاثر ہونے سے ملک کے کئی شہروں میں  فون انٹرنیٹ اور نجی موبائل فون سروس معطل ہوگئی، بعد ازاں کیبل کی خرابی دور کر کے نیٹ ورک کو بحال کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق نوری آبادی کے قریب ترقیاتی کام کے دوران پی ٹی سی ایل کا فائبر لنک متاثر ہونے کے باعث کراچی سمیت ملک کے بڑے شہروں میں اچانک لینڈلائن فون،انٹرنیٹ اورموبائل فون سروس معطل ہوگئی، جس کے بعد شہربھرمیں چہ مگوئیاں شروع ہوگئیں،افواہوں کا بازار گرم ہوگیا۔

    پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن لمیٹڈ نےبیان جاری کیا کہ نوری آباد اور یونیورسٹی روڈ پر ترقیاتی کام کے دوران پی فائبر آپٹک کیبل کٹ گیا اس کے بعد حب بلوچستان میں بھی فائبر آپٹک کٹنے کی اطلاع آئی۔

    بلوچستان سے لے کر خیبر پختون خوا تک کئی شہروں میں مواصلات کےذرائع خاموش ہوگئے ہیں، انٹرنیٹ سروس متاثر ہونے سے ریلوے کا ریزرویشن سسٹم بند ہوگیا، کینٹ اسٹیشنز پر آن لائن بکنگ بند ہونے سےمسافروں کو پریشانی ہوئی۔

    دوسری جانب جی ایم پی ٹی سی ایل عمران جنجوعہ نے دعویٰ کیا ہے کہ ملک بھرمیں پی ٹی سی ایل کی لینٖڈلائن سروس صحیح کام کررہی ہے، جبکہ پی ٹی سی ایل حکام کی جانب سے کہا گیا کہ سروسزکو بحال کیا جارہا ہے فون سروس بحال کردی گئی ہے جبکہ انٹرنیٹ سروس بھی جلد بحال کردی جائے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نجی موبائل کمپنی کی سروس بھی بحال کردی گئی۔

    تازہ ترین اطلاعات کے مطابق کیبل کا فالٹ دور کردیا گیا ہے جس کے بعد تمام متاثرہ لائنیں بحال ہونا شروع ہوگئیں ہیں ۔  

  • پی ٹی سی ایل، ملازمین کے لیے رضا کارانہ علیحدگی کی اسکیم

    پی ٹی سی ایل، ملازمین کے لیے رضا کارانہ علیحدگی کی اسکیم

    اسلام آباد : پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن لمیٹڈ نے اپنے ملازمین کے لیے ادارے سے رضا کارانہ علیحدگی کی اسکیم کا اعلان کردیا۔

    اسکیم کا باضابطہ اعلان پی ٹی سی ایل کے چیف ہیومن ریسورس آفیسر نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے بتایا کہ اس قبل 2014 میں بھی ملازمین کی ادارے سے رضاکارانہ اسکیم متعارف کرائی گئی تھی۔

    پی ٹی سی ایل حکام کا کہنا تھا کہ اس سال ملازمت سے رضا کارانہ علیحدگی کی اسکیم کو ملازمین کی آراء اور تجاویزات کی روشنی میں مرتب کیا گیا ہے۔

    پی ٹی سی ایل کے مطابق یہ اسکیم 28 نومبر 2016 سے موثر ہو گی جب کہ اس اسکیم سے تقریبا 3 ہزار ملازمین فائدہ اٹھا سکیں گے۔

    پی ٹی سی کا کہنا ہے کہ موجودہ اسکیم نو ہزار ملازمین کو پیش کی جائے گی اور تین ہزار ملازمین کو مذکورہ اسکیم کے ذریعے فارغ کرنے کا انتظام کیا گیا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ اس اسکیم میں سو تنخواہوں کے ایک پرکشش پیکج کے علاوہ پی ٹی سی ایل ماہرین کے ذریعے بھرتی کی سہولت اور پیشہ وارانہ تربیت کا بھی انتظام کرے گی۔

    واضح رہے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن لمیٹڈ کی چند برس قبل نج کاری کردی گئی تھی جس کے بعد اس کا انتظام شعبہ مواصلات سے جڑی ایک بڑی پرائیوٹ کمپنی چلا رہی ہے۔