Tag: پی ٹی وی کے مشہور اداکار

  • پاکستان ٹیلی ویژن کے معروف اداکار شفیع محمد شاہ کی برسی

    پاکستان ٹیلی ویژن کے معروف اداکار شفیع محمد شاہ کی برسی

    پاکستان ٹیلی وژن کے معروف اداکار شفیع محمد شاہ 17 نومبر 2007ء کو کراچی میں وفات پاگئے تھے۔ آج ان کی برسی ہے۔ ٹیلی ویژن پر یادگار کرداروں کے ساتھ ان کے متعدد ڈرامے بہت مقبول ہوئے۔ شفیع محمد شاہ نے اردو اور سندھی فلموں میں بھی اداکاری کی۔

    1948ء میں کنڈیارو میں پیدا ہونے والے شفیع محمد شاہ نے سندھ یونیورسٹی سے بین الاقوامی تعلقات میں ایم اے کا امتحان پاس کیا اور ایک زرعی بینک میں ملازم ہوگئے۔ ان کا دھیما لہجہ اور خوب صورت آواز انھیں ریڈیو پاکستان تک لے گئی جہاں وہ صدا کاری کے جوہر دکھانے لگے۔

    اس دنیا میں‌ قدم رکھنے کے بعد انھوں نے ملازمت ترک کی اور لاہور چلے گئے جہاں اداکار محمد علی نے فلم کورا کاغذ میں ایک کردار دلوا دیا۔ اسی زمانے میں ٹیلی وژن کے نہایت قابل اور نام ور پروڈیوسر شہزاد خلیل نے انھیں اپنے ڈرامے اڑتا آسمان میں‌ ایک کردار کی پیش کش کی اور یوں ٹی وی پر کام ملنے کا سلسلہ شروع ہو گیا۔شفیع محمد شاہ کی وجہِ‌ شہرت سیریل تیسرا کنارا بنا۔ لاہور میں متعدد فلموں میں کام کرنے کے بعد وہ کراچی آگئے۔

    شفیع محمد شاہ کے مشہور ٹیلی وژن ڈراموں میں آنچ، چاند گرہن، جنگل، دائرے، تپش، کالا پل، ماروی شامل ہیں۔

    انھوں نے سیاست کی دنیا میں بھی قدم رکھا اور پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے ٹکٹ پر قومی اسمبلی کے لیے انتخابی معرکے میں‌ شکست سے دوچار ہوئے۔ یہ 2002ء کی بات ہے۔

    پی ٹی وی کے مقبول اداکار کو حکومتِ پاکستان نے صدارتی تمغہ برائے حسنِ کارکردگی سے نوازا اور بعد از مرگ ستارۂ امتیاز ان کے نام کیا۔

  • حسام قاضی جو زندگی کی صرف 42 بہاریں دیکھ سکے

    حسام قاضی جو زندگی کی صرف 42 بہاریں دیکھ سکے

    پاکستان ٹیلی ویژن کے معروف اداکار حسام قاضی 3 جولائی 2004 کو کراچی میں دل کا دورہ پڑنے سے وفات پاگئے تھے۔ آج ان کی برسی منائی جارہی ہے۔

    1961 میں‌ پیدا ہونے والے حسام قاضی کا تعلق کوئٹہ سے تھا۔ انھوں نے بیالیس سال کی عمر پائی۔ اپنے فنی کیریئر کا آغاز ڈراما "خالی ہاتھ” سے کرنے والے حسام قاضی کو کاظم پاشا کے ڈراما سیریل "چھائوں” سے پاکستان بھر میں شہرت ملی۔

    حسام قاضی نے زمانہ طالبِ علمی میں‌ اسی کی دہائی سے اداکاری کا آغاز کیا تھا۔ وہ کامرس میں‌ ماسٹرز کرنے کے بعد کوئٹہ کے ایک کالج میں لیکچرر تعینات ہوئے، ساتھ ہی اداکاری بھی جاری رہی۔ ٹیلی ویژن کوئٹہ مرکز کے چند نمایاں‌ اور قابلِ ذکر فن کاروں‌ میں‌ ایک نام حسام قاضی بھی تھا۔

    ان کے معروف سیریلز میں ماروی، ایمرجنسی وارڈ، کشکول شامل ہیں۔ ان کی آخری زیر تکمیل ڈرامہ سیریل ’’مٹی کی محبت‘‘ تھی۔