Tag: پی پی پی

  • پیپلز پارٹی کا اسٹیل ملز ملازمین کے ساتھ کھڑا ہونے کا اعلان

    پیپلز پارٹی کا اسٹیل ملز ملازمین کے ساتھ کھڑا ہونے کا اعلان

    کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی نے پاکستان اسٹیل کے ملازمین کو فارغ کرنے کے فیصلے کی مزاحمت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ملازمین کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق آج کراچی میں پریس کانفرنس میں وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے اسٹیل مل کے ملازمین کے حوالے سے پارٹی کا مؤقف بیان کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اسٹیل ملز کے ملازمین کو فارغ کرنے کے فیصلے کی مذمت کرتے ہیں، مل وفاق سے نہیں چلتی تو سندھ حکومت اسے چلانے کو تیار ہے، وفاق ہم سے بات کرے۔

    سعید غنی نے کہا ہم ضمانت دیں گے کہ پاکستان اسٹیل سے کسی ملازم کو نہیں نکالیں گے، یہ غلط تاثر دیا گیا کہ پیپلز پارٹی نے اپنے بندے بھرتی کیے، پی پی دور میں پاکستان اسٹیل میں کوئی بھرتی نہیں ہوئی، صرف کنٹریکٹ ملازمین کو مستقل کیا گیا تھا، 1996 سے 2008 تک پی پی حکومت میں نہیں تھی، جب کہ بھرتیاں اسی دوران کی گئیں، ہو سکتا ہے پاکستان اسٹیل میں کوئی پی پی ہمدرد ہو مگر بھرتیاں ہم نے نہیں کیں۔

    پی پی رہنما کا کہنا تھا سپریم کورٹ آبزرویشن کو جواز بنا کر اسٹیل مل ملازمین کو نکالنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، سپریم کورٹ نے 2006 میں اسٹیل ملز کی نج کاری کے فیصلے کو روک دیا تھا، سوال یہ ہے کہ کیا حکومت نے اسٹیل ملز معاملے پر سی سی آئی سے منظوری لی ہے، جو فیصلہ سی سی آئی پلیٹ فارم سے نہ ہو ہم اس پر مزاحمت کریں گے۔

    سعید غنی نے کہا پاکستان اسٹیل کے 9500 ملازمین اس فیصلے کو آرام سے منظور نہیں کریں گے، پیپلز پارٹی پاکستان اسٹیل کے ملازمین کے شانہ بشانہ کھڑی ہوگی، اسٹیل مل اپنے اے ٹی ایم کو دینے سے بہتر ہے سندھ حکومت کو دی جائے، توجہ کا مرکز دراصل پاکستان اسٹیل کی اربوں روپے مالیت کی زمین ہے لیکن اس کا مالک سندھ ہے، سندھ حکومت کو اعتماد میں لیے بغیر کوئی فیصلہ کیا گیا تو اس کو نہیں مانیں گے، جس مقصد کے لیے زمین وفاق کو دی گئی اگر وہ پورا نہ ہو تو صوبہ واپس لے سکتا ہے۔

    انھوں نے مزید کہا کہ اسد عمر کا ماضی کا بیان ہے کہ پاکستان اسٹیل ملازمین کے ساتھ کھڑا ہوں گا، مجھے انتظار ہے کابینہ کی میٹنگ میں اسد عمر کیا مؤقف اختیار کرتے ہیں، ایم کیو ایم نے بھی اسٹیل ملز ملازمین کو نکالنے کے فیصلے کی مذمت کی، امید ہے کابینہ میں عملی مزاحمت کریں گے، امید نہیں مگر شاید جی ڈی اے اور کراچی سے پی ٹی آئی وزیر بھی فیصلے کی مخالفت کریں۔

    سعید غنی نے ن لیگ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ن لیگی حکومت کا اسٹیل مل کی گیس بند کرنے کا فیصلہ نامناسب تھا، اسٹیل مل کی بندش کے وقت پیداوار 65 فی صد تھی، مل کی گیس بند نہ کی جاتی تو خسارہ کم یا ختم ہو سکتا تھا، ایس ایس جی سی کو پیسوں کی ضرورت تھی تو اسٹیل مل کی گیس بند کر دی گئی۔ ن لیگ دور ہی میں پی ٹی آئی، پی پی پی اور جماعت اسلامی نے اسٹیل مل کی نج کاری کی مخالفت کی تھی۔

    انھوں نے کہا کہ پاکستان اسٹیل کا خسارہ 200 ارب سے زائد ہے، کوئی بھی یہ خسارہ نہیں بھرے گا، پاکستان اسٹیل جسے بھی دی جائے گی، حکومت خسارہ ادا کر کے دے گی، وفاق ہم سے بات کرے، سندھ حکومت پاکستان اسٹیل کو چلانے کے لیے تیار ہے، جو فیصلہ سی سی آئی پلیٹ فارم سے نہ ہو ہم اس پر مزاحمت کریں گے۔

  • ملک کے پانی پر سودے بازی ہوئی، پی پی نے سب سے زیادہ ڈیم بنائے: بلاول بھٹو

    ملک کے پانی پر سودے بازی ہوئی، پی پی نے سب سے زیادہ ڈیم بنائے: بلاول بھٹو

    لاہور: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ملک کے پانی پر سودے بازی ہوتی رہی ہے، پی پی نے سب سے زیادہ چھوٹے ڈیم بنائے، خیبر پختون خوا حکومت سنجیدہ ہے تو اتنے ڈیم بنائے جتنے سندھ نے بنائے۔

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے لاہور پریس کلب میں نیوز کانفرنس میں کیا، بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ کون سا ملک اپنے دشمن ملک کو 3 دریا بیچتا ہے، یہ لوگ ڈیم بنانے کے معاملے پر سنجیدہ نہیں، پنجاب اور کے پی حکومتیں ہم سے ڈیم بنانے پر بات کر لیں۔

    انھوں نے کہا ہم چاہتے اس ملک میں صنعت لگے، کاروبار ہو، معیشت اس انداز سے چلے کہ ہر آدمی کا خیال رکھا جائے، نچلی سطح پر خرچ کرنے کا فائدہ معیشت کو ہوتا ہے، ہمارے ٹیکس نظام میں خامیاں ہیں، ہم عوام کے معاشی حقوق میں سودے بازی کو تیار نہیں، حکومت آئی ایم ایف سے بات نہیں کر سکتی تو گھر چلی جائے، ہم کر لیں گے مذاکرات، حکومت کی طرف سے آئی ایم ایف کے ساتھ غلط بات چیت کی گئی ہے۔

    نیب نے آصف زرداری کے قریبی ساتھی کی بے نامی جائیداد کا پتہ لگا لیا

    چیئرمین پیپلز پارٹی نے حکومت اور نیب پر تنقید کے تیر چلا دیے، کہا ملک میں سیاسی انتقام عروج پر ہے، کوئی یہ ماننے کے لیے تیار نہیں کہ نواز شریف جیل میں کرپشن کی وجہ سے گئے، آج خورشید شاہ کے مرحوم بھائی کو نیب نے نوٹس بھیج دیا، سیاسی لوگ نشانے پر ہیں، ہم سمجھتے ہیں نیب کالا قانون ہے اسے بند کر دیں۔

    بلاول بھٹو نے افغان مذاکرات کے حوالے سے کہا کہ بین الافغان مذاکرات سے امید کی جا سکتی ہے کہ وہاں امن ہو جائے گا، معاہدے سے افغان عوام کو حقوق مل جائیں تو بہت بہتر ہوگا، ہمارے اور نواز شریف کے دور میں تو حقانی برے تھے، ڈو مور کہا جاتا تھا، اب سراج حقانی نیویارک ٹائمز میں ایڈیٹوریل پیج میں کالم لکھتا ہے۔

    وزارت ریلوے سے متعلق انھوں نے تنقید کرتے ہوئے کہا حیران کن بات ہے کہ شیخ رشید اب تک وفاقی وزیر ہیں، اتنے ٹرین حادثات ماضی میں نہیں ہوئے جتنے شیخ رشید دور میں ہوئے، وہ سلیکٹڈ وزیر ہیں۔

  • رکن سندھ اسمبلی شہناز انصاری کے قتل کا مقدمہ درج

    رکن سندھ اسمبلی شہناز انصاری کے قتل کا مقدمہ درج

    نوشہروفیروز: پاکستان پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والی مقتول رکن سندھ اسمبلی شہناز انصاری کے قتل کا مقدمہ دریا خان مری میں درج کر لیا گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق نوشہرو فیروزمیں زمین کے تنازعے پر قتل کی جانے والی رکن سندھ اسمبلی شہناز انصاری کے قتل کا مقدمہ ان کے بھائی علی رضا کی مدعیت میں درج کر لیا گیا، پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمے میں مقتولہ کے بہنوئی کا بھائی، وقار، یونین کونسل چیئرمین نامزد کیے گئے ہیں۔

    مقتولہ کے شوہر حمید انصاری نے پھوٹ پھوٹ کر روتے ہوئے کہا کہ درخواست کے باوجود پولیس نے سیکورٹی فراہم نہیں کی، ڈی سی نوشہرو فیروز کا کہنا تھا کہ سیکورٹی کی کوئی درخواست نہیں ملی۔ پی پی چیئرمین بلاول بھٹو نے شہناز انصاری کے قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچانے کی ہدایت کر دی ہے، گورنر اور وزیر اعلیٰ نے متعلقہ حکام سے واقعے کی رپورٹ بھی طلب کر لی ہے۔

    گزشتہ روز شہناز انصاری اپنے بہنوئی ڈاکٹر زاہد کے گھر چہلم میں پہنچی تھیں جہاں ان پر فائرنگ کی گئی، انھیں شدید زخمی حالت میں نواب شاہ اسپتال پہنچایا گیا لیکن وہ جاں بر نہ ہو سکیں۔ گزشتہ روز انھیں اسماعیل شاہ قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔

    پولیس کے مطابق مقتولہ کو تین گولیاں لگی تھیں، واردات کے بعد قاتل بہ آسانی فرار ہو گئے، انھیں کافی عرصے سے جان سے مارنے کی دھمکیاں موصول ہو رہی تھیں، واقعے کے وقت رکن سندھ اسمبلی کے ساتھ کوئی سیکورٹی گارڈ بھی موجود نہیں تھا اور نہ ہی پولیس کی نفری موجود تھی۔

    پیپلز پارٹی کی رکن اسمبلی شہلا رضا نے اے آر وائی نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ شہناز انصاری کی کسی سے ذاتی دشمنی نہیں تھی وہ اپنے علاقے میں سوشل ورکر کے طور پر جانی جاتی تھیں۔ اے آر وائی نیوز کے مطابق شہناز انصاری 2 بار رکن اسمبلی منتخب ہوئیں، 2013 میں خواتین کی مخصوص نشست پر وہ رکن بنیں اور 2018 میں پیپلز پارٹی کی ٹکٹ پر الیکشن جیتا۔

  • مسئلہ کشمیر کا حل اسلامی دنیا کے عزم سے ہاتھ بھر دوری پر ہے: بلاول بھٹو

    مسئلہ کشمیر کا حل اسلامی دنیا کے عزم سے ہاتھ بھر دوری پر ہے: بلاول بھٹو

    کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے یوم یک جہتئ کشمیر پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کا حل اسلامی دنیا کے سیاسی عزم اور عالمی ضمیر کے جاگنے سے ہاتھ بھر کی دوری پر ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پی پی چیئرمین نے اپنے پیغام میں حق خود ارادیت کے لیے بدترین جبر کا سامنا کرنے والی کشمیری عوام کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا میں کشمیر کے ہزاروں شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں، مسئلہ کشمیر کا واحد حل یو این قراردادوں کی روشنی میں ہے، دنیا مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے ذمہ داری سے مزید پیچھے نہیں ہٹ سکتی۔

    انھوں نے کہا کہ پی پی کشمیر کی آزادی تک بھارت کا مکروہ چہرہ دنیا کو دکھاتی رہے گی اور دنیا کا ضمیر جھنجھوڑتی رہے گی۔

    دنیا بھر میں آج یوم یک جہتی کشمیر منایا جا رہا ہے، پاکستان میں ایک منٹ کی خاموشی

    بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ آج کے دن پاکستان کا ہر شہر، گلی، گاوَں ایک آواز ہو چکے ہیں، ہم سب اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ ہیں، پاکستانی قوم کا دو ٹوک مؤقف ہے کہ کشمیر ہماری شہ رگ ہے، شہید بھٹو نے ہر عالمی فورم پر کشمیر کا مقدمہ لڑا، یوم یک جہتی کشمیر کا فیصلہ بھی شہید بے نظیر بھٹو کی حکومت نے کیا تھا۔

    انھوں نے کہا کہ جنت نظیر وادی میں 185 دنوں سے لاک ڈاؤن جاری ہے، نہتے کشمیریوں پر مودی کے مظالم عالمی ضمیر پر بوجھ ہیں، کشمیریوں کی سات دہائیوں سے جاری جدوجہد کو بھارت دبانے میں ہمیشہ ناکام ہوا۔

  • آصف زرداری کی میڈیکل رپورٹ جاری

    آصف زرداری کی میڈیکل رپورٹ جاری

    کراچی: نجی اسپتال میں زیر علاج پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین و سابق صدر آصف علی زرداری کی میڈیکل رپورٹ جاری کردی گئی۔

    رپورٹ کے مطابق آصف زرداری کو 14 دسمبر کو اسپتال میں داخل کیاگیا جس کے بعد تھیلیم اسکین اور ایکو 26 دسمبر کو کیا گیا۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ انجائنا کی تکلیف کی وجہ سے سابق صدر کو اینجیوگرافی تجویز کی گئی ہے، ڈاکٹرز نے آصف زرداری کو ایم آر آئی بھی تجویز کیا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: آصف علی زرداری خصوصی طیارے سے کراچی پہنچ گئے

    رپورٹ کے مطابق آصف زرداری کی صحت میں بہتری کاعمل سست ہے جب کہ کےخون میں شوگرکی مقدار بھی قابو میں نہیں آرہی، ڈاکٹرز نے رپورٹ کی روشنی میں سابق صدر کو سفر نہ کرنےکا مشورہ دیا ہے۔

    یاد رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے منی لارنڈرنگ اور پارک لین کے مقدمات میں 11دسمبر کو آصف زرداری کی طبی بنیادوں پر ضمانت منظور کی تھی، سابق صدر کو احتساب عدالت میں ایک کروڑ روپے کے مچلکے جمع کرانے کے بعد رہا کیا گیا تھا جس کے بعدانہیں 14 دسمبر کو کراچی کے نجی اسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔

  • ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی میں دوریاں سمٹنے لگیں، کئی معاملات پر اتفاق رائے

    ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی میں دوریاں سمٹنے لگیں، کئی معاملات پر اتفاق رائے

    کراچی: ایم کیو ایم پاکستان اور پاکستان پیپلز پارٹی کے درمیان موجود دوریاں سمٹنے لگی ہیں، کئی معاملات پر اتفاق رائے ہو گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق حکومتی اتحادی جماعت ایم کیو ایم کی پی ٹی آئی کے ساتھ ناراضیاں بڑھنے کے بعد ایم کیو ایم اور پی پی پی کے درمیان دوریاں سمٹنے کا موقع مل گیا ہے۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ دونوں جماعتوں میں کئی معاملات پر اتفاق رائے ہو گیا ہے، پی پی چیئرمین بلاول بھٹو عمرے سے واپسی پر متحدہ قیادت سے ملاقات کریں گے، چیئرمین پیپلز پارٹی کا ایم کیو ایم کے مرکزی دفتر کا دورہ بھی متوقع ہے۔

    دوسری طرف وزیر اطلاعات سندھ سعید غنی کہتے ہیں کہ سندھ کی حکومت کو کسی اتحادی کی ضرورت نہیں ہے، امید ہے ایم کیو ایم اپنے بانی کے نقش قدم پر نہیں چلے گی، وزیر بلدیات ناصر حسین کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو کی آفر اب بھی برقرار ہے۔ خیال رہے کہ 30 دسمبر کو بلاول بھٹو نے ایم کیو ایم کو سندھ حکومت میں شمولیت کی پیش کش کی تھی، جسے ایم کیو ایم نے ٹکرا دیا تھا۔

    ایم کیو ایم پاکستان نے حکومت گرانے کی بلاول کی پیشکش مسترد کردی

    ادھر پیپلز پارٹی کے رہنما نبیل نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کراچی کے مسائل کے لیے نہیں بلکہ پورٹس اینڈ شپنگ کی وزارت کے لیے الگ ہوئی ہے، نبیل گبول نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام سوال یہ ہے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ایم کیو ایم والوں نے پورٹ اینڈ شپنگ کی وزارت مانگی تھی، وزارت نہ ملنے پر وفاقی حکومت سے الگ ہو گئی۔ دوسری طرف ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما عامر خان نے کہا ہے کہ کراچی اور حیدرآباد کے لیے فنڈز جاری ہو بھی گئے تو دوبارہ وزراتیں نہیں لیں گے۔

    ن لیگی رہنما رانا ثنا اللہ نے اس صورت حال میں کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی اکثریت صرف 4 ووٹوں کی ہے، اِن ہاؤس تبدیلی ایک جمہوری عمل ہے، حالیہ پیش رفت اگلے 6 ماہ میں پیش آنے والے واقعات کی جانب ایک قدم ہو سکتا ہے۔

  • پیپلز پارٹی نے آرمی ایکٹ ترمیمی بل پر تحفظات کا اظہار کر دیا

    پیپلز پارٹی نے آرمی ایکٹ ترمیمی بل پر تحفظات کا اظہار کر دیا

    اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی نے آرمی ایکٹ ترمیمی بل پر تحفظات کا اظہار کر دیا ہے، رضا ربانی نے کہا کہ پیپلز پارٹی چاہتی ہے پارلیمانی طریقہ اختیار کیا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی نے آرمی ایکٹ ترمیمی بل پر تحفظات کا اظہار کیا ہے، پی پی اراکین کی پریس کانفرنس میں رضا ربانی نے کہا کہ بل کو فعال بنانے کے لیے پیپلز پارٹی کچھ ترامیم سامنے لانا چاہتی ہے۔

    پیپلز پارٹی نے بل کو فعال بنانے کے لیے ترامیم کے حوالے سے اپوزیشن کی دیگر جماعتوں سے بھی رابطے کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ رضا ربانی نے پریس کانفرنس میں کہا کہ اپوزیشن کی جماعتوں سے رابطے کریں گے، ہم آرمی ایکٹ بل کو بہتر بنانے کے لیے قائمہ کمیٹی میں ترامیم لانا چاہتے ہیں، مناسب ہوگا حکومت آرمی ایکٹ رولز اور ریگولیشن منظر عام پر لائے۔

    رضا ربانی نے کہا پیپلز پارٹی چاہتی ہے پارلیمانی طریقہ اختیار کیا جائے، ہمیں ترمیمی بل پر تحفظات ہیں، بل کے خدوخال سپریم کورٹ کی تجاویز پر پورے نہیں اترتے، حکومت نے آرمی ترمیمی ایکٹ بل پر جلد بازی کرنے کی کوشش کی، وزیر اعظم پہلے ہی آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کر چکے تھے، پیپلز پارٹی مثبت طریقے سے اپنا کردار ادا کرنا چاہتی ہے، حکومت کا ارادہ تھا کہ آرمی ترمیمی ایکٹ بل جمعہ کو ہی منظور ہو جاتا، پیپلز پارٹی چاہتی ہے کہ بل کی منظوری کے لیے تمام قانونی پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے۔

    پی پی رہنما کا کہنا تھا کہ اپوزیشن نے ہمیشہ حکومت کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے، قائمہ کمیٹیوں میں یہ رولز، ریگولیشن جائزے کے لیے ارکان کو دیے جائیں، پیپلز پارٹی چاہتی ہے پارلیمانی پراسس کا سہارا لیا جائے، پی پی نے بلز سے متعلق ایک کمیٹی تشکیل دی ہے، جو بلز پر ترامیم اور کچھ سفارشات پیش کرے گی۔

  • ریلوے کی بینظیربھٹوکی برسی پر خصوصی ٹرین دینے سے معذرت

    ریلوے کی بینظیربھٹوکی برسی پر خصوصی ٹرین دینے سے معذرت

    لاہور: پاکستان ریلوے نے پیپلزپارٹی کو بے نظیر بھٹو کی برسی پر خصوصی ٹرین دینے سے معذرت کر لی۔

    ترجمان ریلوے کا کہنا ہے پیپلزپارٹی 27 دسمبر کو کراچی سے راولپنڈی جانے کے لیے خصوصی ٹرین فراہم کرنے کی درخواست کی تھی تاہم مسافروں کے رش کےباعث اسپیشل ٹرین کا بندوبست کرنا ممکن نہیں ۔

    اس حوالے سے ڈی ایس ریلوے نثار میمن کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی کی خصوصی ٹرین کی درخواست ہیڈ کواٹرز نےمسترد کی ہے، چھٹیوں کے باعث پہلے سےمسافروں کی بڑی تعدادبک ہے۔

    پیپلزپارٹی نے بے نظیر بھٹو کی برسی راولپنڈی کے لیاقت باغ میں منعقد کرنے کا اعلان کررکھا ہے جس میں ملک بھر سے کارکنوں کو شریک ہونے کی ہدایات دی گئی ہیں۔

    دسمبر کے آخری ایام میں چھٹیوں کے باعث اندرون ملک ٹرینوں کی بکنگ کافی دن پہلے سے ہو چکی ہے اور بعض افراد اب بھی ٹکٹ ملنے سے محروم ہیں اور مجبوراً متبادل روٹس کی ٹرینوں کا انتخاب کر رہے ہیں۔

  • ہم نے راولپنڈی آنے کا فیصلہ کر لیا ہے، بلاول بھٹو

    ہم نے راولپنڈی آنے کا فیصلہ کر لیا ہے، بلاول بھٹو

    راولپنڈی: چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہم نے فیصلہ کرلیا ہے کہ راولپنڈی میں پھر آرہے ہیں، شہید محترمہ نےجہاں آخری تقریر کی تھی ہم وہاں آرہے ہیں۔

    راولپنڈی میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی تیسری نسل بھی لیاقت باغ راولپنڈی آرہی ہے،2007میں کہا تھا جمہوریت ہمارا انتقام ہے،آج یہ خطرےمیں ہے، اسلام ہمارا دین، جمہوریت ہماری سیاست، مساوات اور طاقت کا سرچشمہ عوام ہیں، انشااللہ لیاقت باغ میں کھڑے ہوکرپوری دنیا کو پیغام دیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ سلیکٹڈ20سال چیختارہاایمنسٹی چوروں کےلئےہوتی ہے مگر آج ایمنسٹی کسانوں کیلئے،بڑے بڑے بزنس مینوں کیلئے ہے، پیپلزپارٹی نےآئی ایم ایف سےمعاہدے کئےلیکن عوام کیلئےکئے، آصف زرداری نے پنشنزمیں100،تنخواہوں میں150فیصد اضافہ کیاتھا اور پیپلزپارٹی حکومت میں پاک فوج کی تنخواہوں میں175اضافہ کیاگیا۔

    چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ حکومت سمجھتی ہےپی پی جیالوں کو ڈراسکتی ہے،یہ ان کی بھول ہے، عوامی حکومت کوعوام کا اورسلیکٹڈ کو صرف سلیکٹرزکاساتھ دیناپڑتاہے یہ سمجھتے ہیں ظلم کر کے پیپلزپارٹی کی زبان بندکرسکتےہیں، ان کی یہ غلط فہمی ہے یہ بھٹو کےنواسے اور محترمہ کےبیٹےکودھمکاسکتی ہے، یہ کٹھ پتلی جیالوں کیلئےکوئی چیز نہیں،یہ ان کی غلط فہمی ہے، پیپلزپارٹی نے ضیا اورمشرف کی آمریت کامقابلہ کیا۔

  • پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ کشمیر کی محافظ رہی ہے: بلاول بھٹو

    پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ کشمیر کی محافظ رہی ہے: بلاول بھٹو

    مظفر آباد: پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ کشمیر کی محافظ رہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آج پیپلز پارٹی کا 52 واں یوم تاسیس منایا جا رہا ہے، اس سلسلے میں مظفرآباد میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں 118 دن سے کرفیو ہے، دوائیں تک میسر نہیں، پہلے دن سے کہہ رہے ہیں مودی کو سمجھو، اسے پہچانو۔

    پی پی چیئرمین نے کہا کہ مودی کا چہرہ بے نقاب کر چکے ہیں، اس سے بات نہیں ہوگی، 72 سال میں جو نہیں کیا گیا تھا وہ حملہ اب مقبوضہ کشمیر پر کیا گیا ہے، شروع سے ہی مقبوضہ کشمیر پر بھارت قبضے کی کوشش کر رہا ہے، میں نے کہا تھا مودی کے یار کو ایک دھکا اور دو، مجھے کہا گیا میں امن نہیں چاہتا، پیپلز پارٹی امن چاہتی ہے مگر کشمیر کی قیمت پر نہیں، وزیر اعظم کہتے تھے مودی جیتے گا تو کشمیر کا مسئلہ حل ہوگا، آج وہ کہتے ہیں مودی آر ایس ایس کا کارندہ ہے۔

    بلاول بھٹو نے کہا کہ نریندر مودی خطے سمیت پوری دنیا کے لیے خطرہ ہے، خود بھارت کے وجود کے لیے بھی خطرہ ہے، مودی کی جہالت دیکھو بھارت میں کئی نسلیں کاٹی گئیں، شہید محترمہ نے کہا تھا جہاں کشمیریوں کا پسینہ گرے گا وہاں ہمارا خون گرے گا۔

    پی پی چیئرمین نے کہا کہ میں یقین دلاتا ہوں کشمیر کا مقدمہ ہم، آپ اور پیپلز پارٹی لڑے گی، دنیا کو بتانا چاہتے ہیں کہ کشمیر پر سودا ہمیں منظور نہیں، ہمارا نعرہ سب پے بھاری رائے شماری رائے شماری۔

    انھوں نے کہا کہ 27 دسمبر کو بی بی شہید کی برسی اسی مقام پر منائی جائے گی جہاں انھوں نے شہادت قبول کی تھی، لیاقت باغ راولپنڈی میں 12 سال پہلے گرنے والا علم پھر سے اٹھائیں گے، اسی شہر کے لیاقت باغ میں کھڑے ہو کر ملک دشمنوں کو پیغام دیں گے کہ طاقت کا سرچشمہ عوام ہیں۔