Tag: پی پی کی خبریں

  • صحت کے بنیادی حق اور آئین سے متعلق نفیسہ شاہ نے اہم بیان دے دیا

    صحت کے بنیادی حق اور آئین سے متعلق نفیسہ شاہ نے اہم بیان دے دیا

    کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کی رکن پارلیمنٹ نفیسہ شاہ نے کہا ہے کہ صحت عوام کا بنیادی حق ہے لیکن اس معاملے میں ہمارا آئین خاموشی اختیار کیے ہوئے ہے۔

    جناح سندھ میڈیکل یونی ورسٹی میں منعقد کی جانے والی صوبے کی پہلی ہیلتھ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نفیسہ شاہ نے کہا کہ شعبۂ صحت میں ابھی بھی بہت سے شعبوں میں مزید کام درکار ہے۔

    رکن پارلیمنٹ نے کہا کہ ہم لوگ صحت کے مسئلے پر چشم پوشی اختیار کیے ہوئے ہیں، بہ طور رکن سندھ اسمبلی مجھے لگتا ہے کہ اس شعبے پر مزید توجہ دینی چاہیے۔

    کانفرنس میں ماہر طبیعات ڈاکٹر پرویز ہود بھائی اور معاشی ماہر ڈاکٹر قیصر بنگالی نے بھی مختلف سیشنز سے خطاب کیا۔

    پرویز ہود بھائی کا کہنا تھا کہ ملک کی آبادی میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے، اس پرتوجہ نہ دی گئی تو جلد ملک میں پانی کی قلت ہو جائے گی، ملک میں نئے میڈیکل کالجز کا قیام قابل قدر ہے تاہم معیار تعلیم بھی بہتر ہونا چاہیے۔

    یہ بھی پڑھیں:  کراچی میں پولیو وائرس کے خاتمے پر توجہ مرکوز کرنے کی اشد ضرورت ہے، ڈاکٹر عذرا پیچوہو

    ڈاکٹر قیصر بنگالی نے کہا کہ آج ہر طبقے سے تعلق رکھنے والے لوگ غذائی عدم تحفظ کا شکار ہیں، پوش علاقوں میں جہاں امیر لوگ ہوٹلوں میں ٹیبل کے انتظار میں لائن لگاتے ہیں وہیں غریبوں کی لائن رات دو بجے کے بعد دیکھی جا سکتی ہے۔

    خیال رہے کہ صبح نو بجے سے شام چار بجے تک جاری رہنے والی کانفرنس میں ملک کے مایہ ناز ڈاکٹرز نے مختلف موضوعات پر روشنی ڈالی اور 70 سے زائد تحقیقی مقالے پیش کیے گئے۔

    وائس چانسلر جناح سندھ میڈیکل یونی ورسٹی کے پروفیسر سید محمد طارق رفیع نے کہا کہ ہم تھرپارکر اور ڈیپلو میں دودھ کے ڈبوں کی تقسیم کی بجائے تربیتی پروگرام منعقد کرتے ہیں، تاہم حکومتی سرپرستی کے بغیر کوئی پروگرام آگے نہیں بڑھ سکتا۔

  • ہم صرف ٹویٹ نہیں کرتے کام بھی کرتے ہیں: بلاول بھٹو زرداری

    ہم صرف ٹویٹ نہیں کرتے کام بھی کرتے ہیں: بلاول بھٹو زرداری

    کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سندھ میں اسپیشل بچوں کے لیے جنوبی ایشیا کا سب سے بڑا آٹزم سینٹر ہے، ہم صرف ٹویٹ نہیں کرتے، کام بھی کرتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ اس قسم کی سہولتیں مہنگی ہوتی ہیں جو آٹزم سینٹر میں مفت دی جا رہی ہیں، ہم ایسے سینٹرز سندھ کے باقی شہروں میں بھی کھولیں گے، پاکستان پیپلز پارٹی کاعزم ہے غریبوں کو مفت علاج دینا ہے۔

    بلاول بھٹو نے کہا ’حکومت کو مشورہ دیتا ہوں ہوش کے ناخن لے، ہم صرف ٹویٹ نہیں کرتے کام بھی کرتے ہیں، غیر جمہوری اقدام اٹھائیں گے تو آپ کا حال بھی مشرف جیسا ہوگا۔‘

    ان کا کہنا تھا کہ قانون پر عمل درآمد کیا جاتا ہے تو نظام میں بہتری آتی ہے، نیب کو غیر سیاسی ادارہ ہونا چاہیے، احتساب کے نام پر انتقام ہوگا تو اس کے خلاف ہوں گے، نیب مشرف کا ادارہ ہے جو سیاسی انجینئرنگ کے لیے بنایا گیا ہے، اس میں اصلاحات کی ضرورت ہے۔

    بلاول بھٹو نے کہا کہ قومی احتساب بیورو خود منی لانڈرنگ کا ادارہ ہے، نیب کی حراست میں لوگ مر رہے ہیں، یہ ایک قاتل ادارہ ہے، اس کے خلاف ایکشن لینا ہوگا۔

    یہ بھی پڑھیں:  حمزہ شہباز کس طرح منی لانڈرنگ کرتے رہے، نیب نے ثبوت حاصل کر لیا

    انھوں نے کہا کہ حکومت جو الیکشن میں حاصل نہ کر سکی اب نیب سے حاصل کر رہی ہے، عوام کے حقوق چھینے جائیں گے تو پیپلز پارٹی اجازت نہیں دے گی، اٹھارویں ترمیم کو چھینا گیا تو ہم حکومت گرا دیں گے۔

    چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے کہا کہ ایسے نہیں چلے گا کہ نیب کو کچھ پیسے دے کر کالا پیسا سفید کر لو، جب تک ریفارمز نہیں لاتے کرپشن کا مقابلہ نہیں کر سکتے۔

    بلاول کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی میں دم نہ ہوتا تو میرے اعلان پر وزیر اعظم ہاؤس نہ چیختا، جب پیپلز پارٹی نکلتی ہے تو بڑے بڑے تخت گر جاتے ہیں۔

  • غنویٰ بھٹو کا بلاول کو اپنا نام بلاول بے نظیر رکھنے کا مشورہ

    غنویٰ بھٹو کا بلاول کو اپنا نام بلاول بے نظیر رکھنے کا مشورہ

    لاڑکانہ: پاکستان پیپلز پارٹی شہید بھٹو گروپ کی چیئرپرسن غنویٰ بھٹو نے پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنا نام تبدیل کر کے ’بلاول بے نظیر‘ رکھ لیں۔

    تفصیلات کے مطابق لاڑکانہ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے غنویٰ بھٹو نے کہا بلاول مجرموں اور چوروں میں گھرا ہے، جتنی بھی کوشش کر لے بھٹو نہیں بن سکتا۔

    انھوں نے بلاول بھٹو زرداری کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر آپ اصول پرست اور حقوق نسواں کے علمبر دار ہو تو کہو کہ آپ کو بلاول بے نظیر بلایا جائے۔

    یہ بھی پڑھیں:  ون یونٹ بنانے کی کوشش کی، تو لات مار کر حکومت گرا دوں گا: بلاول بھٹو زرداری

    غنویٰ بھٹو نے اپنی تقریر میں آصف علی زرداری پر بھی شدید تنقید کی، ان کا کہنا تھا کہ ایک زرداری پر سب کا وار چلتا ہے، غنویٰ نے ان پر اپنے شوہر کے قتل کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ لالچ ختم کرو تو زرداری خود ختم ہو جائیں گے۔

    غنویٰ بھٹو نے وزیر اعظم عمران خان پر بھارتی وزیر اعظم مودی کے حوالے سے  بھی تنقید کی۔

    خیال رہے کہ حالیہ پاک بھارت تنازعے میں عمران خان کے پر امن اور بہترین کردار کی تعریف پوری دنیا نے کی جب کہ بھارتی وزیرِ اعظم کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔

    تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقتول مرتضٰی بھٹو کی بیوہ نے ’فاطمہ فاطمہ، زرداری کا خاتمہ‘ کے نعرے بھی لگوائے۔

  • پاکستان بھر سے ٹیکس جمع کرنے کا ہدف ملا تو کر کے دکھائیں گے: مراد علی شاہ

    پاکستان بھر سے ٹیکس جمع کرنے کا ہدف ملا تو کر کے دکھائیں گے: مراد علی شاہ

    گڑھی خدا بخش: وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ صوبہ سندھ سے سب سے زیادہ ٹیکس جمع کیا جاتا ہے، اگر پاکستان بھر سے ٹیکس جمع کرنے کا ہدف ہمیں دیا جائے تو اس ہدف کو پورا کرنے میں بھی کام یاب ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق آج گڑھی خدا بخش میں بانی پیپلز پارٹی ذوالفقار علی بھٹو کی برسی پر پیپلز پارٹی کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ پورے پاکستان سے ٹیکس کا معاملہ ہمیں دیکھنے دیا گیا تو اس میں بھی کام یابی حاصل کریں گے۔

    انھوں نے کہا کہ آج ہم شہید بھٹو کی 40 ویں برسی کے لیے جمع ہوئے ہیں، شہید بھٹو نے ملک کو آئین دیا، ملک کو اکٹھا کیا، بھٹو صاحب نے آپ کو آواز دی، طاقت دی، اب بلاول اور آصف زرداری کی قیادت میں مشن آگے بڑھائیں گے۔

    یہ بھی پڑھیں:  ذوالفقارعلی بھٹوکو کس جرم میں پھانسی کی سزا دی گئی

    مراد علی شاہ نے اس موقع پر دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی نے خود مانا کہ وہ حکومت نہیں کر سکتی، تو ہمیں موقع دو ہم پورے پاکستان کی خدمت کر سکتے ہیں، پیپلز پارٹی چاروں صوبوں اور وفاق میں عوام کی خدمت کرے گی۔

    خیال رہے کہ آج پیپلز پارٹی کے بانی و چیئرمین سابق وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو کی چالیس ویں برسی ملک بھر میں منائی جا رہی ہے، اس موقع پر پی پی کے زیر اہتمام دعائیہ تقریبات منعقد ہوئیں۔

  • شہادت کو 40 سال بیت گئے، بھٹو آج بھی عوام کے دلوں میں زندہ  ہیں: بلاول بھٹو

    شہادت کو 40 سال بیت گئے، بھٹو آج بھی عوام کے دلوں میں زندہ ہیں: بلاول بھٹو

    کراچی: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے قائدِ عوام ذوالفقار علی بھٹو کی 40 ویں برسی پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہادت کو 40 سال بیت گئے لیکن بھٹو آج بھی عوام کے دلوں میں زندہ ہیں۔

    بلاول بھٹو زرداری نے بانی پیپلز پارٹی ذوالفقار علی بھٹو کو 40 ویں یومِ شہادت پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قائد اعظم کے بعد ملکی تعمیر کے عمل میں قائدِ عوام کا کردار بے مثال ہے۔

    پی پی چیئرمین نے کہا کہ قائد اعظم نے تاریخ کا رخ موڑ کر ایک نئی قوم کو جنم دیا، قائد عوام کی فکر اور سیاست نے عوامی شعور کا انقلاب برپا کیا، بھٹو پر ظلم و جبر کے خلاف عوامی غم و غصہ آج بھی ایسا ہی ہے جیسے پہلے دن تھا۔

    [bs-quote quote=”آج کا دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ قائد عوام کا خونِ نا حق آج بھی انصاف کا طالب ہے، آصف زرداری کا بھیجا گیا صدارتی ریفرنس تا حال افسوس ناک سست روی کا شکار ہے۔” style=”style-8″ align=”left” author_name=”بلاول بھٹو زرداری”][/bs-quote]

    بلاول نے کہا کہ بھٹو ازم کے بعد اب رجعت پرست و شاؤنسٹ قوتیں اپنی مرضی کے نقاب نہیں لگا سکتیں، اب جمہور دشمن قوتوں کو عوام کے ہاتھوں بار بار سیاسی مار کھانی پڑتی ہے، قائد عوام کی خدمات محب وطن پاکستانیوں کے لیے باعثِ فخر ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ قائد عوام بنیادی طور اجتماعی عمل و ترقی میں یقین رکھنے والی شخصیت تھے، اسلامی سربراہی کانفرنس اور پاک چین دوستی کے پیچھے ان کی شخصیت کا یہی پہلو محرک تھا، اسلامی سربراہی کانفرنس کی صورت میں پاکستان کو امت کی قیادت کا شرف حاصل ہوا جب کہ پاک چین دوستی کی صورت میں دو عظیم اقوام دو جسم یک جان بن گئیں۔

    بلاول بھٹو نے کہا کہ بھٹو نے آزادی کے ثمرات ملک کے محنت کش اور پس ماندہ طبقات تک پہنچائے، بھٹو حکومت نے لاکھوں بے گھر افراد کو سائبان، بے زمین کسانوں کو زمین دی، ملکی دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا۔

    پی پی چیئرمین کا کہنا تھا کہ ملک کی پہلی منتخب حکومت میں بے روزگار نوجوانوں کو روزگار ملا، کراچی کا ہوائی اڈہ بھٹو دور حکومت میں ایشیا کا مصروف ترین ایئر پورٹ تھا۔

    بلاول بھٹو نے کہا کہ آج کا دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ قائد عوام کا خونِ نا حق آج بھی انصاف کا طالب ہے، آصف زرداری کا بھیجا گیا صدارتی ریفرنس تا حال افسوس ناک سست روی کا شکار ہے، بارہا یاد دہانی، گزارشات کے باوجود انصاف ہونے کی امید دم توڑ رہی ہے۔

    انھوں نے کہا کہ آئین و قانون کی عدم پاس داری ملک کے تمام بڑے مسائل کی ماں ہے، آج ہر پاکستانی کو پارلیمانی بالا دستی، دستور و قانون کی پاس داری کے لیے آگے بڑھنا ہوگا۔

  • ذوالفقار بھٹو کی برسی: لاڑکانہ جلسے کے لیے پولیس کا سیکورٹی پلان جاری

    ذوالفقار بھٹو کی برسی: لاڑکانہ جلسے کے لیے پولیس کا سیکورٹی پلان جاری

    سکھر: پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی اور سابق وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو کی برسی کے موقع پر لاڑکانہ جلسے کے لیے پولیس نے سیکورٹی پلان جاری کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ذوالفقار بھٹو کی برسی کے موقع پر پولیس نے 4 اپریل کو گڑھی خدا بخش، نو ڈیرو کے لیے فول پروف سیکورٹی پلان تشکیل دے دیا ہے۔

    ایڈشنل آئی جی سکھر ڈاکٹر جمیل نے بتایا کہ برسی کے موقع پر سیکورٹی معاملات سنبھالنے کے لیے گڑھی خدا بخش، نوڈیرو میں 6 ہزار 300 پولیس اہل کاروں تعینات ہوں گے۔

    ڈاکٹر جمیل نے کہا کہ مختلف اضلاع کے 26 ایس ایس پیز گڑھی خدا بخش میں ڈیوٹی دیں گے، 6 ایس پی ٹریفک اور 700 ٹریفک اہل کار تعینات کیے جائیں گے۔

    یہ بھی پڑھیں:  ذوالفقاربھٹو نے جان دیدی لیکن نظریے سے یوٹرن نہیں لیا ، بلاول بھٹو

    ایڈیشنل آئی جی کے مطابق اسپیشل برانچ کے 700 اہل کار بھی اپنے فرائض انجام دیں گے، سکھر و دیگر ریجنز کی لیڈیز پولیس اہل کار بھی جلسہ گاہ میں تعینات ہوں گی، جب کہ پارکنگ زون جلسہ گاہ سے ڈیڑھ کلو میٹر دور بنائے گئے ہیں۔

    واضح رہے کہ چھبیس مارچ کو پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا تھا کہ ذوالفقار بھٹو نے جان دے دی لیکن نظریے سے یو ٹرن نہیں لیا، کچھ لوگ آج بھی بھٹوشہید کے نظریے اور فکر سے ڈرتے ہیں، قومی اسمبلی میں ذوالفقار بھٹو کا نام لیا جاتا ہے تو وزیر جل جاتے ہیں۔

  • بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام پورے ملک میں انقلاب لے کر آیا: بلاول بھٹو

    بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام پورے ملک میں انقلاب لے کر آیا: بلاول بھٹو

    لاڑکانہ: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سندھ حکومت کا نہیں پورے پاکستان کا تھا، یہ پروگرام پورے ملک میں انقلاب لے کر آیا۔

    نو ڈیرو ہاؤس میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ شہید بی بی کا نام ایئر پورٹ سے تو مٹا دیا اب اس پروگرام سے مٹانا چاہتے ہیں، شہید بے نظیر بھٹو نے سکھایا کہ پورے ملک کی خدمت کرنی ہے، وسیلہ روزگار جیسے پروگرام صرف پی پی پی شروع کر سکتی ہے۔

    چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ ہم دعا کریں گے پی ٹی آئی کو عوام کی بھلائی کے پروگرام شروع کرنے کی توفیق ہو، عوامی خدمت کے تمام منصوبے پیپلز پارٹی نے ہی شروع کیے۔

    انھوں نے مزید کہا کہ سندھ کے مسائل کا حل کسی فرد واحد کے پاس نہیں، سندھ میں غربت کے خاتمے کے لیے خواتین کو بلا سود قرضے دیں گے، خواتین کو گھر بنانے کے لیے بھی قرضے دیے جائیں گے، خواتین کی ہر میدان عمل میں آنے کی حمایت کرتے ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  منظور وسان کی وزیر اعظم عمران خان سے متعلق حیران کن پیش گوئی

    بلاول بھٹو نے کہا کہ پتا نہیں کیوں وزیر اعظم میرا نام لے لے کر تنقید کر رہے ہیں، خان صاحب تو خود نوجوانوں کو سیاست میں آنے کی دعوت دیتے ہیں، میرے سیاست میں آنے سے انھیں کوئی خطرہ نہیں ہونا چاہیے۔

    پی پی چیئرمین کا کہنا تھا کہ ڈپٹی وزیر اعظم شاہ محمود اور ڈپٹی وزیر اعظم جہانگیر ترین آپس میں لڑ رہے ہیں، ان کو ملک اور غریب کا احساس نہیں۔

  • بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کا نام تبدیل کرنا سازش ہے: بلاول بھٹو

    بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کا نام تبدیل کرنا سازش ہے: بلاول بھٹو

    شکار پور: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے نام کی تبدیلی کو سازش قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ غریبوں کے دشمن بی آئی ایس پی ختم کرنا چاہتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق بلاول بھٹو سندھ کے شہر شکارپور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکمران 18 ویں ترمیم ختم کرنا چاہتے ہیں، 18 ویں ترمیم کا خاتمہ وفاق کے لیے اچھا نہیں ہوگا، حکمرانوں کی سوچ صرف امیروں کو مزید امیر بنانا ہے۔

    بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ٹرین مارچ میں سندھ کے غیرت مند باسیوں نے استقبال کیا۔ پی پی چیئرمین نے کہا کہ پیسے کی کمی کے باعث صوبے کو ترقیاتی بجٹ میں کمی کا سامنا ہے، اور وفاق کی طرف سے فنڈز نہ ملنے پر کافی مشکلات کا سامنا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کا نام تبدیل ہوگا: وزیر اعظم کا فیصلہ

    قبل ازیں سکھر میں بلاول بھٹو نے پارٹی رہنماؤں کے ہم راہ مدیجی کے جنگلات کا دورہ کیا، اس موقع پر انھوں نے کہا کہ سندھ کے جنگلات کے تحفظ کو ہر قیمت پر یقینی بنائیں گے، جنگلات پر قبضہ کرنے والی مافیا کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

    خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان  نے سندھ دورے کے دوران اتحادی جماعتوں کے اراکین کے ساتھ ملاقات کے دوران ان کے مطالبے پر بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کا نام تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

  • بی آئی ایس پی کا نام تبدیل کرنے کے خلاف مزاحمت کریں گے: خورشید شاہ

    بی آئی ایس پی کا نام تبدیل کرنے کے خلاف مزاحمت کریں گے: خورشید شاہ

    کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما خورشید شاہ نے کہا ہے کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کا نام تبدیل کیے جانے کے خلاف مزاحمت کی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم عمران خان کی جانب سے سندھ میں اتحادی جماعتوں کے مطالبے پر بی آئی ایس پی کا نام تبدیل کرنے کے عندیے پر خورشید شاہ نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی اس اقدام کی مزاحمت کرے گی۔

    خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ انھوں نے بی آئی ایس پی کا نام تبدیل کرنے کی خبر اے آر وائی نیوز پر دیکھی، کہا وزیر اعظم سے اسی کی توقع کی جا سکتی ہے۔

    پیپلز پارٹی کے رہنما نے کہا کہ آمر ضیا الحق اور پرویز مشرف محترمہ بے نظیر بھٹو کے نام سے خوف زدہ تھے، شہید بی بی نے جمہوریت کی خاطر جام شہادت نوش کیا، بی بی سے خوف زدہ سیاست دانوں کو عوام نے مسترد کیا۔

    یہ بھی پڑھیں:  بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کا نام تبدیل ہوگا: وزیر اعظم کا فیصلہ

    خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ بھٹو خاندان پاکستان کے عوام کے دلوں پر راج کرتا ہے، شہید محترمہ بے نظیر بھٹو ایک نظریے کا نام ہے۔

    خیال رہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان نے بی آئی ایس پی کا نام تبدیل کرنے کا فیصلہ گزشتہ روز خان گڑھ میں علی گوہر مہر کی رہائش گاہ پر اتحادیوں سے ملاقات کے موقع پر ان کے مطالبے پر کیا۔

    اتحادی جماعتوں کے اراکین کا کہنا تھا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام وفاقی حکومت کا پروگرام ہے لیکن پی پی والے سمجھتے ہیں کہ یہ صوبائی حکومت کا پروگرام ہے، اگر اس کا نام تبدیل کیا جائے تو اچھا ہوگا۔

  • لگژری گاڑیوں کی درآمد، آصف زرداری کے خلاف تحقیقات جاری ہیں: ایف بی آر

    لگژری گاڑیوں کی درآمد، آصف زرداری کے خلاف تحقیقات جاری ہیں: ایف بی آر

    اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے کہا ہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری کے خلاف لگژری گاڑیوں کی درآمد کے سلسلے میں تحقیقات جاری ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ایف بی آر حکام کا کہنا ہے کہ آصف زرداری کو لگژری گاڑیوں کی درآمد سے متعلق کارروائی جاری ہے، سابق صدر کو ایف بی آر کی جانب سے نوٹس بھی بھیجا جا چکا ہے۔

    ایف بی آر حکام نے کہا ہے کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو کا کراچی آفس اس معاملے کو دیکھ رہا ہے، اس کیس میں آصف زرداری کا پیش ہونا ضروری نہیں، ان کا وکیل بھی پیش ہو سکتا ہے۔

    خیال رہے کہ آج اسلام آباد ہائی کورٹ نے جعلی اکاؤنٹس کیس میں پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری اور ان کی ہم شیرہ فریال تالپور کی 10 اپریل تک ضمانت منظور کرلی ہے اور اس سلسلے میں تفتیشی افسر اور نیب کو نوٹس بھی جاری کر دیے۔

    یہ بھی پڑھیں:  جعلی اکاؤنٹس کیس : آصف زرداری اورفریال تالپورکی 10 اپریل تک حفاظتی ضمانت منظور

    آصف زرداری اور فریال تالپور کو حفاظتی ضمانت کے لیے 10،10 لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا گیا۔

    خیال رہے اسلام آباد کی احتساب عدالت میں آصف زرداری اور فریال تالپور کی 8 اپریل کو پہلی پیشی ہے، انھوں نے عدالت سے درخواست کی تھی کہ جعلی اکاؤنٹس کیس میں اب تک طلبی کے 3 سمن موصول ہو چکے ہیں، معلوم نہیں کہ میرے خلاف کتنی انکوائریز چل رہی ہیں، اس لیے ضمانت دی جائے۔