Tag: پی پی کی خبریں

  • پیپلز پارٹی نے آل پارٹیز کانفرنس کے لیے 5 رکنی وفد کا اعلان کر دیا

    پیپلز پارٹی نے آل پارٹیز کانفرنس کے لیے 5 رکنی وفد کا اعلان کر دیا

    اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی نے اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس کے لیے 5 رکنی وفد کا اعلان کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پی پی نے اے پی سی میں شرکت کے لیے پانچ رکنی وفد کا اعلان کر دیا، بلاول بھٹو اے پی سی میں شرکت کریں گے یا نہیں، اس کا فیصلہ کل ہوگا۔

    پیپلز پارٹی کے وفد میں یوسف رضا گیلانی، رضا ربانی، نیئر بخاری، شیری رحمان اور فرحت اللہ بابر شامل ہیں۔

    اے پی سی میں بلاول بھٹو کی شرکت کا فیصلہ پی پی کے پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں ہوگا، اجلاس میں بجٹ مسترد کیے جانے سے متعلق حکمت عملی پر غور ہوگا۔

    پیپلز پارٹی کا پارلیمانی پارٹی کا اجلاس کل صبح 10 بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوگا۔

    یہ بھی پڑھیں:  بجٹ پاس نہیں ہونے دیں گے، کل اے پی سی میں وفد کی صورت شرکت کریں گے: شہباز شریف

    خیال رہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے بھی کہہ دیا ہے کہ آج اے پی سی میں وفد کی صورت میں شرکت کریں گے۔

    ادھر جمعیت علمائے اسلام ف کے ترجمان نے کہا ہے کہ اپوزیشن رہنماؤں کو دعوت دے دی گئی ہے، ایم ایم اے میں شامل سربراہان کو بھی دعوت نامے بھجوا دیے گئے۔

    دو دن قبل ذرایع نے بتایا تھا کہ اپوزیشن جماعتوں ن لیگ، پیپلز پارٹی اور اے این پی نے مولانا فضل الرحمان کو اے پی سی کی تاریخ تبدیل کرنے کا مشورہ دے دیا تھا، تاہم انھوں نے اے پی سی کی تاریخ تبدیل کرنے سے انکار کیا، مولانا نے کہا کہ اراکین کو دعوت نامے ارسال کر دیے گئے ہیں اس لیے اب یہ ممکن نہیں۔

    جے یو آئی سربراہ نے بھی حکومت پر دباؤ بڑھانے کے لیے اسمبلی میں موجود اپوزیشن جماعتوں کو استعفے دینے کا مشورہ دیا ہے۔

  • سندھ، بلوچستان پر ٹڈی دل کا حملہ، بلاول بھٹو کا شدید ردِ عمل

    سندھ، بلوچستان پر ٹڈی دل کا حملہ، بلاول بھٹو کا شدید ردِ عمل

    اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ٹویٹر پر اپنے پیغام میں سندھ اور بلوچستان پر ٹڈی دل کے حملے کے حوالے سے حکومت پر شدید تنقید کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بلاول بھٹو نے ٹویٹ کرتے ہوئے وفاقی حکومت پر تنقید کی ہے کہ ٹڈی دل کے حوالے سے ہنگامی مدد کی پکار بہرے کانوں کی نذر ہو گئی ہے۔

    پی پی چیئرمین نے کہا کہ آصف زرداری نے اسمبلی میں تقریر میں ٹڈی دل کے حملے کی بات کی، اختر مینگل نے بھی بجٹ تقریر میں ٹڈی دل کے حملے سے متعلق بات کی۔

    بلاول بھٹو نے ٹویٹ میں لکھا کہ انھوں نے بھی سندھ اور بلوچستان میں ٹڈی دل حملے کی تباہی کا ذکر کیا لیکن وفاقی حکومت سے ہنگامی مدد کی پکار بہرے کانوں کی نذر ہو گئی، وفاق کا انسداد ٹڈی دل کا ڈویژن کہیں سو رہا ہے۔

    خیال رہے کہ صوبہ سندھ اور بلوچستان پر ٹڈی دل نے حملہ کر دیا ہے، جو فصلوں کو شدید نقصان پہنچا رہا ہے، ٹڈی دل سے فصلیں تباہ ہونے کا خدشہ ہے۔

    سندھ ملک میں کاٹن کی دوسری سب سے بڑی پیداوار کرتا ہے، ٹڈی دل سے کاٹن کی ان فصلوں کو نقصان کا خطرہ لاحق ہے۔

    کہا جا رہا ہے کہ تیس سال بعد پاکستان میں کپاس کی فصل پر ٹڈی دل نے بڑا حملہ کیا ہے، ٹڈی دل نے سندھ میں کپاس کی پیداوار والے بیش تر علاقوں میں فصل پر حملہ کر کے فصلوں کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔

    یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ ٹڈی دل کا یہ حملہ پنجاب کے کاٹن بیلٹ تک پہنچنے کے امکانات ہیں، لیکن حکومتی سطح پر کوئی اقدامات نہ ہونے سے کپاس کے کاشت کاروں میں زبردست اضطراب پایا جا رہا ہے۔

  • فریال تالپور کو ان کی رہایش گاہ پہنچا دیا گیا، کل سندھ اسمبلی اجلاس میں شرکت کریں گی

    فریال تالپور کو ان کی رہایش گاہ پہنچا دیا گیا، کل سندھ اسمبلی اجلاس میں شرکت کریں گی

    کراچی: فریال تالپور کو ڈیفنس میں ان کی رہایش گاہ پہنچا دیا گیا، فریال تالپور کی رہایش گاہ کو سب جیل قرار دیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق جعلی اکاؤنٹس کیس میں گرفتار رکن سندھ اسمبلی فریال تالپور کو اسلام آباد سے کراچی منتقل کر دیا گیا ہے جہاں وہ منگل کو سندھ اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کریں گی۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ فریال تالپور کی نگرانی کے لیے سب جیل میں نیب ٹیم، خواتین اہل کار اور ڈاکٹر بھی موجود رہیں گے، فریال تالپور کا طبی معائنہ بھی کیا جائے گا۔

    سندھ اسمبلی کے اجلاس تک فریال کراچی میں رہیں گی، نیب ذرایع کا کہنا ہے کہ فریال تالپور کو بجٹ کی منظوری تک سندھ اسمبلی لایا جائے گا۔

    یہ بھی پڑھیں:  جعلی اکاؤنٹس کیس: فریال تالپور کے جسمانی ریمانڈ میں 8 جولائی تک توسیع

    دریں اثنا، پیپلز پارٹی رہنما عذرا پیچوہو اور دیگر فریال تالپورکی رہایش گاہ پہنچ گئے، پی پی رہنماؤں نے فریال تالپور سے ملنے کا مطالبہ کیا تاہم پولیس نے ان کو اندر جانے سے روک دیا۔

    خیال رہے کہ اسپیکر سندھ اسمبلی نے فریال تالپور کے پروڈکشن آرڈر جاری کیے تھے۔

    ادھر آج پیر کو فریال تالپور کو جعلی اکاؤنٹس کیس میں احتساب عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں عدالت نے ان کا 14 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے ریمانڈ میں 8 جولائی تک توسیع کر دی۔

  • سندھ میں ایک لاکھ اساتذہ پڑھانے اسکول جاتے ہی نہیں:  وزیر تعلیم کا انکشاف

    سندھ میں ایک لاکھ اساتذہ پڑھانے اسکول جاتے ہی نہیں: وزیر تعلیم کا انکشاف

    کراچی: سندھ کے وزیر تعلیم سید سردار شاہ نے انکشاف کیا ہے کہ صوبے میں ایک لاکھ اساتذہ اسکولوں میں پڑھاتے ہی نہیں ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ میں شعبہ تعلیم کی بد حالی کے حوالے سے وزیر تعلیم نے بڑا انکشاف کیا ہے، سردار شاہ نے بتایا کہ ایک لاکھ اساتذہ ایسے ہیں جو پڑھانے کے لیے اسکول جاتے ہی نہیں۔

    وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ سندھ میں اسکولوں میں صرف 34 ہزار اساتذہ پڑھاتے ہیں، جب کہ تعداد ایک لاکھ 34 ہزار ہے۔

    سید سردار شاہ نے کہا کہ ایسے اساتذہ کو نکالنا چاہتے ہیں لیکن اپوزیشن معاہدہ کرے کہ نہ پڑھانے والے اساتذہ کو نکالنے پر احتجاج نہیں کیا جائے گا۔

    دریں اثنا، چیف سیکریٹری سندھ کی زیر صدارت کلچر ایڈوائزری کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبے میں مختلف مقامات کو ثقافتی ورثہ قرار دینے سمیت اہم ایجنڈا پیش کیا گیا۔

    سیکریٹری ثقافت نے کہا کہ صوبے کے مختلف اضلاع کے 603 مقامات کا سروے کیا گیا، سروے کے بعد 504 مقامات ثقافتی ورثہ قرار دینے کی سفارشات منظور کی گئی ہیں۔

    اجلاس میں اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس کو 5 اسٹار ہوٹل بنانے کی درخواست پر غور کیا گیا، چیف سیکریٹری نے ہدایت کی کہ محکمہ ثقافت اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس کا دورہ کر کے سفارشات تیار کرے۔

    ایڈوائزری کمیٹی نے خالق دینا ہال کے ایم سی سمیت دیگر عمارات کی بحالی کی بھی منظوری دی، اجلاس میں پارسی کالونی کو تاریخی رہایشی کالونی قرار دیا گیا۔

  • عوام دشمن بجٹ اور نیا پاکستان واپس لیں: بلاول بھٹو کا قومی اسمبلی میں مطالبہ

    عوام دشمن بجٹ اور نیا پاکستان واپس لیں: بلاول بھٹو کا قومی اسمبلی میں مطالبہ

    اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے قومی اسمبلی میں مطالبہ کیا ہے کہ عوام دشمن بجٹ اور نیا پاکستان واپس لیا جائے، حکومت کو جمہوری راستے پر چلنا ہوگا ورنہ گھر جانا ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے قومی اسمبلی اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم کی انا کی وجہ سے میرے لفظ سلیکٹڈ پر پابندی لگائی گئی، جب کہ ایک سال پہلے اُسی لفظ پر عمران خان نے تالیاں بجائی تھیں، سینسر شپ صرف جلتی پر تیل ڈالنے کے مترادف ہے۔

    انھوں نے کہا کہ پارلیمنٹ میں قوم کی تقدیر اور معاشی مستقبل کے فیصلے ہوتے ہیں، وزرا کے غیر سنجیدہ رویے پر قوم سے پارلیمنٹ کی طرف سے معافی مانگتا ہوں، ہم پارلیمنٹ کا تقدس جانتے ہیں، پاکستانی عوام نے جمہوریت کے لیے عظیم قربانیاں دیں، جدوجہد کر کے آمروں کو تاریخ کے ڈسٹ بن کا حصہ بنایا۔

    بلاول کا کہنا تھا کہ ایم این ایز کو ایوان میں لانا پروڈکشن آرڈر جاری کرنا اسپیکر کے اختیار میں ہے، انھیں لا منسٹر یا وزیر اعظم سے پوچھنے کی ضرورت نہیں، شمالی وزیرستان کے ممبران کو نہ لایا گیا تو الزام لگے گا کہ بجٹ اجلاس میں دھاندلی کی گئی۔

    پی پی چیئرمین نے مطالبہ کیا کہ شمالی و جنوبی وزیرستان کے اراکین کے پروڈکشن آرڈر جاری کیے جائیں، سنسر شپ جلتی پر تیل چھڑکنا ہے، ہمارے مسائل کا حل زیادہ جمہوریت ہے کم جمہوریت نہیں۔

    بلاول بھٹو نے کہا کہ آپ کو معاشی استحکام چاہیے تو لیدر اور ٹیکسٹائل پر کیسے ٹیکس بڑھا رہے ہیں؟ ایک کروڑ نوکری کا وعدہ کیا لیکن بجٹ میں ایک بھی نوکری نہیں بلکہ چھین رہے ہیں، تجاوزات کے نام پر غریب سے کاروبار چھینا، حکومت نے غریبوں پر سارے دروازے بند کر دیے، غریب کی جھونپری حرام، بنی گالہ کی تجاوزات حلال ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ نیب گردی اور معیشت ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے، ظالمانہ اقدام اور خوف سے معیشت نہیں چل سکتی، دوغلی پالیسی بند کریں اور عوام دشمن پالیسی واپس کریں، ایک سال میں 5 ہزار ارب قرضہ لیا گیا یہ ن لیگ سے بھی تیز ہیں۔

    پی پی چیئرمین نے مزید کہا کہ نیب نے 60 ملین ڈالر برطانوی حکومت کو دینے ہیں اس کی تحقیقات ہونی چاہیے، ہم نے بین الاقوامی عدالت میں ریکوڈک کیس ہارا، ریکوڈک کیس میں 11.45 بلین ڈالرز ادا کرنے ہیں، ماہر نہ ہونے کے باوجود معاشی فیصلے کرنے والوں سے بھی حساب لیا جائے، نیا پاکستان واپس لو ہمیں قائد اعظم کا پاکستان واپس دو۔

  • پیپلز پارٹی نے خیر محمد شیخ کو میئر لاڑکانہ کے لیے پارٹی ٹکٹ دے دیا

    پیپلز پارٹی نے خیر محمد شیخ کو میئر لاڑکانہ کے لیے پارٹی ٹکٹ دے دیا

    لاڑکانہ: پاکستان پیپلز پارٹی نے خیر محمد شیخ کو میئر لاڑکانہ کے لیے پارٹی ٹکٹ جاری کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق خیر محمد شیخ کو لاڑکانہ کی میئر شپ کے لیے پی پی کا ٹکٹ جاری کر دیا گیا ہے، ترجمان نے بتایا کہ نثار کھوڑو نے پارٹی ٹکٹ خیر محمد شیخ کے حوالے کیا۔

    دریں اثنا، پی پی رہنما نثار کھوڑو نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 10 سال کی بجائے 1999 سے قرضوں کی تحقیقات کرائی جائیں، پی ٹی آئی حکومت نے بھی جو قرض لیا اس پر بھی کمیشن قایم کیا جائے۔

    نثار کھوڑو کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے 30 لاکھ ڈالر غیر ملکی فنڈز حاصل کیے اس پر کمیشن بنایا جانا چاہیے، ڈالر مہنگا ہونے پر بھی تحقیقات کے لیے کمیشن بنایا جائے۔

    یہ بھی پڑھیں:  بلاول بھٹو نے سکھر کے میئر کی دعوت میں شرکت سے انکار کر دیا

    پی پی رہنما نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی الیکشن کمیشن کی اسکروٹنی کمیٹی کو تمام ثبوت نہیں دے رہی، عوام کی بہتری کے لیے ان ہاؤس تبدیلی ضروری ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ 18 ویں ترمیم کے بعد سندھ میں گورنر راج نہیں لگ سکتا، سندھ اسمبلی کی منظوری تک ایسا نہیں ہو سکتاْ، عمران اسماعیل پڑھ لیں اب آئین میں 58 ٹو بی نہیں ہے، پیپلز پارٹی گرفتاریوں سے بھاگنے والی نہیں۔

  • چیئرمین سینیٹ توازن برقرار رکھ پائیں گے یا نہیں، مجھے نہیں پتا: آصف زرداری

    چیئرمین سینیٹ توازن برقرار رکھ پائیں گے یا نہیں، مجھے نہیں پتا: آصف زرداری

    اسلام آباد: نیب کی ٹیم سابق صدر آصف علی زرداری اور خواجہ سعد رفیق کو پارلیمنٹ ہاؤس سے لے کر روانہ ہوگئی، سارجنٹ ایٹ آرمز نے پی پی شریک چیئرمین اور سعد رفیق کو نیب ٹیم کے حوالے کیا۔

    دریں اثنا، آصف زرداری سے صحافی نے سوال کیا کہ کیا چیئرمین سینیٹ توازن برقرار رکھ پائیں گے۔

    سابق صدر نے مسکراتے ہوئے جواب دیا کہ یہ تو سیاسی باتیں ہیں، سیاسی لوگوں سے پوچھیں، ہمیں کیا پتا۔ چیئرمین سینیٹ کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر انھوں نے کہا کہ اگر تحریک آئی تو کیا بتا کرآئے گی؟

    صحافی نے سوال کیا کہ کیا یہ معاملہ اے پی سی میں زیر غور آئے گا، جس پر آصف زرداری نے جواب دیا کہ جو اے پی سی بلا رہے ہیں یہ وہی بتائیں گے۔

    یہ بھی پڑھیں:  آصف زرداری سے تحریک عدم اعتماد سے متعلق کوئی بات نہیں ہوئی، صادق سنجرانی

    خیال رہے کہ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے خلاف اپوزیشن کی عدم اعتماد کی ممکنہ تحریک کے پیشِ نظر آج آصف زرداری سے چیئرمین سینیٹ نے خصوصی ملاقات کی۔

    ذرایع کا کہنا تھا کہ صادق سنجرانی نے آصف زرداری سے غلط فہمیاں دور کرنے کی کوشش کی ہے۔ واضح رہے کہ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی چھٹی کے دن پارلیمنٹ ہاؤس پہنچے تھے۔

    تاہم چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ آصف زرداری سے تحریک عدم اعتماد سے متعلق کوئی بات نہیں ہوئی، ان کی عیادت کے لیے آیا تھا۔

  • آصف زرداری نے تحقیقاتی کمیشن سے متعلق فیصلہ اے پی سی پر چھوڑ دیا

    آصف زرداری نے تحقیقاتی کمیشن سے متعلق فیصلہ اے پی سی پر چھوڑ دیا

    اسلام آباد: سابق صدر آصف علی زرداری نے تحقیقاتی کمیشن سے متعلق فیصلہ اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس پر چھوڑ دیا۔

    تفصیلات کے مطابق 10 سالہ قرضوں کی تحقیقات کے لیے بنائے جانے والے ہائی پاورڈ کمیشن سے متعلق پی پی کے شریک چیئرمین نے کہا کہ اس کا فیصلہ اے پی سی کرے گی۔

    آصف زرداری سے ایک صحافی نے سوال کیا کہ اپوزیشن کا ایجنڈا حکومت گرانا نہیں تو پھر کیا ہے؟ جس پر انھوں نے جواب دیا کہ حکومت گرانے کا فیصلہ اے پی سی ہی کرے گی۔

    سابق صدر کا کہنا تھا کہ حکومت کی تحقیقاتی کمیشن کو قبول یا مسترد کرنے کا فیصلہ اے پی سی کرے گی۔

    یہ بھی پڑھیں:  اپوزیشن جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس 26 جون کو طلب

    صحافی کے سوال کہ کیا این آر او کو میثاقِ معیشت کا نام دیا گیا ہے، پر آصف علی زرداری نے کہا کہ اِن سے کچھ لینا ہوتا تو بار بار جیل تھوڑی جاتے، این آر او لینا ہوتا تو 12،12 سال قید نہیں کاٹتے۔

    خیال رہے کہ آج اسلام آباد میں مولانا فضل الرحمان نے اعلان کیا کہ اپوزیشن جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس 26 جون کو صبح 11 بجے اسلام آباد میں ہوگی، مولانا فضل الرحمان اے پی سی کی سربراہی کریں گے۔

    اے پی سی میں ن لیگ، پیپلز پارٹی، ایم ایم اے اور اے این پی شریک ہوں گی۔

  • سندھ حکومت کا ریلوے کرایوں میں اضافہ واپس لینے کا مطالبہ

    سندھ حکومت کا ریلوے کرایوں میں اضافہ واپس لینے کا مطالبہ

    کراچی: سندھ حکومت نے وفاق سے ریلوے کرایوں میں اضافے کا فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ کر دیا، وزیر ٹرانسپورٹ نے کہا کہ ریلوے کرایوں میں اضافے کا فیصلہ واپس لیا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے یکم جولائی سے اکانومی کلاس کرائے میں 100 روپے کا اضافہ کر دیا ہے، مجموعی طور پر کرایوں میں 6 سے 7 فی صد اضافہ کیا گیا ہے۔

    وزیر ٹرانسپورٹ سندھ اویس شاہ نے کرایوں میں اضافے پر ردِ عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ٹرینوں کے کرایوں میں اضافہ قابل مذمت ہے۔

    اویس شاہ نے کہا کہ شیخ رشید نے ریلوے نظام کو جان بوجھ کر تباہ کر دیا ہے، کرایوں میں اضافہ کر کے ریلوے کو مزید تباہ کیا جا رہا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  ریلوے کے کرایوں میں 6 سے 7 فیصد اضافہ

    سندھ کے وزیر ٹرانسپورٹ نے سوال کیا کہ کرایوں میں اضافہ کر کے وزیر ریلوے شیخ رشید کس کو خوش کر رہے ہیں۔

    خیال رہے کہ آج وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ 3 جولائی کی شام کو مسافر ٹرین سر سید ایکسپریس کا افتتاح ہوگا، وزیر اعظم عمران خان راولپنڈی اسٹیشن پر ٹرین کا افتتاح کریں گے، میانوالی ایکسپریس کو لاہور، سرگودھا ایک ماہ میں چلایا جائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ کراچی سے مزید 3 فریٹ ٹرینیں چلائیں گے، جو ٹکٹیں فروخت ہوچکی ہیں اس میں اضافہ نہیں ہوگا۔ مختلف ٹرینوں کے کرایوں میں 3 سے 10 فیصد اضافہ کیا جا رہا ہے۔ 50 کلو میٹر کے اندر سفر کرنے والوں کے ٹکٹ پر اضافہ نہیں ہوگا۔

  • بجٹ کو منظوری سے روکنے کے لیے اپوزیشن کمیٹی بنائے گی: بلاول بھٹو کا اعلان

    بجٹ کو منظوری سے روکنے کے لیے اپوزیشن کمیٹی بنائے گی: بلاول بھٹو کا اعلان

    اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اعلان کیا ہے کہ بجٹ کو منظوری سے روکنے کے لیے اپوزیشن کمیٹی بنائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق پی پی چیئرمین نے کہا ہے کہ حکومت دھاندلی سے بجٹ منظور کرانے کی کوشش کر رہی ہے، حکومت اپوزیشن لیڈر کو تقریر کرنے تک کا موقع نہیں دے رہی، بجٹ روکنے کے لیے کمیٹی تشکیل دیں گے۔

    بلاول بھٹو نے کہا کہ آصف زرداری سمیت دیگر کے پروڈکشن آرڈر جاری نہیں کیے جا رہے، پروڈکشن آرڈر کے لیے لکھے گئے دوسرے خط میں حکومتی اتحادیوں کے بھی دستخط ہیں، مونس الہٰی نے بتایا پروڈکشن آرڈر پر ق لیگ اپوزیشن کے ساتھ ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  قومی اسمبلی: بجٹ سیشن کے تیسرے روز بھی شدید شور شرابا، شہباز شریف تقریر مکمل نہ کرسکے

    پی پی چیئرمین نے مزید کہا کہ گرفتار اراکین کو بجٹ ووٹنگ میں حصہ لینے سے روکا جا رہا ہے، دھاندلی زدہ حکومت دھاندلی سے بجٹ منظور کرانے کی کوشش کر رہی ہے، اپوزیشن حکومت کی اس دھاندلی کا مقابلہ کر رہی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ اسپیکر سے آج جو معاملات طے ہوئے اس سے بہتری کی امید ہے، شہباز شریف بھی کہہ چکے ہیں بجٹ کو منظوری سے روکنا پڑے گا، آئی ایم ایف کا بجٹ اس ملک کے لیے معاشی خود کشی ہے۔

    بلاول بھٹو نے کہا کہ ہمارے اتحادی بجٹ کو منظوری سے روکنے کے لیے کمیٹی بنا رہے ہیں، جلد اے پی سی بھی ہوگی جہاں اپوزیشن پارٹیاں لائحہ عمل طے کریں گی۔