Tag: پی پی کی خبریں

  • شیری رحمان نے گورنرسندھ کے مستعفی ہونے کا مطالبہ کر دیا

    شیری رحمان نے گورنرسندھ کے مستعفی ہونے کا مطالبہ کر دیا

    اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ سندھ کی تقسیم کی بات پر ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ گورنر سندھ مستعفی ہوں۔

    تفصیلات کے مطابق سینیٹ اجلاس میں شیری رحمان نے مطالبہ کیا کہ گورنر سندھ عمران اسماعیل نے سندھ کی تقسیم کی بات کی ہے، وہ اپنے عہدے سے مستعفی ہوں۔

    شیری رحمان کا کہنا تھا کہ حکومت کس بنیاد پر سندھ کی تقسیم اور 18 ویں ترمیم کی بات کر رہی ہے، کیا ہماری توجہ موجودہ حالات سے ہٹانے کی کوشش کی جا رہی ہے؟

    انھوں نے کہا کہ اس وقت حکومت کی میڈیا اور سوشل میڈیا پر جگ ہنسائی ہو رہی ہے، وزیر اعظم اور وزرا ایوان میں آ کر جواب دیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  رمضان میں دہشت گردی، 9 ماہ ہو گئے نیشنل سیکورٹی کا اجلاس نہیں بلایا گیا: شیری رحمان

    شیری رحمان نے کہا کہ آئی ایم ایف سے معاہدہ کیا گیا اور آئی ایم ایف کے لوگ تعینات کر دیے گئے ہیں، تحریک انصاف کی حکومت عوام اور ایوان سے بد تمیزی کر رہی ہے، پی ٹی آئی وفاق کے ڈھانچے سے کھیل رہی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ جو باقی حکومتوں سے 4 سال بعد ہوتا ہے یہاں 9 ماہ میں ہو رہا ہے، وزیر اعظم 9 ماہ میں ایک بار ایوان آئے ہیں۔

    دریں اثنا شیری رحمان نے چیئرمین سینیٹ سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ وزیر اعظم کو کہیں کہ ایوان آئیں، جس پر چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ میں وزیر اعظم کو کیسے کہہ سکتا ہوں، شیری رحمان نے کہا وزیر اعظم کو خط لکھیں کہ ہرماہ ہر سیشن میں ایوان میں آئیں۔

  • آصف زرداری نے حکومت مخالف تحریک کا عندیہ دے دیا

    آصف زرداری نے حکومت مخالف تحریک کا عندیہ دے دیا

    اسلام آباد: سابق صدر آصف علی زرداری نے حکومت مخالف تحریک چلانے کا عندیہ دے دیا، تاہم انھوں نے یہ نہیں بتایا کہ تحریک کب شروع کی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں سابق صدر آصف زرداری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کے خلاف سیاسی تحریک تو چلے گی تاہم اصل سوال یہ ہے کہ حکومت کے خلاف تحریک کب چلے گی۔

    اسلام آباد ہائی کورٹ میں جعلی ٹھیکوں کے کیس میں عبوری ضمانت حاصل کرنے کے بعد آصف زرداری نے کہا کہ خان صاحب کہیں خود کو این آر او نہ دے دیں۔

    سابق صدر کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کے ملازم کو گورنر اسٹیٹ بینک لگا کر بڑی غلطی کی گئی ہے، پاکستان کی معاشی تاریخ میں یہ بات یاد رکھی جائے گی۔

    یہ بھی پڑھیں:  گورنر اسٹیٹ بینک ڈاکٹر رضا باقر نے عہدے کا چارج سنبھال لیا

    خیال رہے کہ ڈاکٹر رضا باقر کو تین سال کے لیے گورنر اسٹیٹ بینک مقرر کیا گیا ہے، وہ 18 سال آئی ایم ایف اور 2 سال ورلڈ بینک میں کام کا تجربہ رکھتے ہیں۔

    رضا باقر 2017 سے مصر میں آئی ایم ایف آفس سربراہ اور سینئر ریزیڈنٹ نمائندے تھے، رومانیہ اور بلغاریہ میں آئی ایم ایف کے مشن چیف رہ چکے ہیں۔

    یاد رہے کہ آج اسلام آباد ہائی کورٹ میں آصف زرداری کے خلاف جعلی ٹھیکوں کے کیس کی سماعت ہوئی جس میں سابق صدر کی عبوری ضمانت 15 مئی تک منظور کر لی گئی۔

    عدالت نے حکم دیا کہ آئندہ سماعت تک نیب آصف زرداری کو گرفتار نہ کرے، عدالت نے آصف زرداری کو 5 لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کی ہدایت کی۔

  • رمضان میں دہشت گردی، 9 ماہ ہو گئے نیشنل سیکورٹی کا اجلاس نہیں بلایا گیا: شیری رحمان

    رمضان میں دہشت گردی، 9 ماہ ہو گئے نیشنل سیکورٹی کا اجلاس نہیں بلایا گیا: شیری رحمان

    اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما اور سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ رمضان میں دہشت گردی سر اٹھا رہی ہے، 9 ماہ ہو گئے نیشنل سیکورٹی کا اجلاس نہیں بلایا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سینیٹر شیری رحمان نے سینیٹ اجلاس میں قومی سلامتی کی پالیسی کے حوالے سے کہا کہ نیشنل سیکورٹی کی کمیٹی 9 ماہ بعد بنی ہے، نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد پر ایوان کو اعتماد میں نہیں لیا گیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ رمضان میں دہشت گردی سر اٹھا رہی ہے، وزیر اعظم کا ایک بیان نہیں آیا، وہ سینیٹ میں کیوں نہیں آ رہے، 9 ماہ ہو گئے نیشنل سیکورٹی کا اجلاس نہیں بلایا گیا۔

    یہ بھی پڑھیں:  داتا دربار کے باہردھماکہ، 10 افراد شہید، 25 زخمی

    سینیٹر شیری رحمان نے سینیٹ اجلاس میں مطالبہ کیا کہ وزیر اعظم عمران خان کو سینیٹ اجلاس میں آنے کے لیے پابند کیا جائے، ایوان کو کیسے چلایا جا رہا ہے، وزیر اعظم اور وزرا ایوان میں نہیں آتے۔

    شیری رحمان نے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم قومی اسمبلی میں بھی مشکل سے آتے ہیں، سینیٹ میں تو آتے ہی نہیں، وزیر اعظم کو سینیٹ میں آنے کا پابند کیا جائے۔

    انھوں نے کہ پاکستان کا مستقبل نیلام ہوتا نظر آ رہا ہے، تبدیلی سرکار کہتی ہے فکر نہ کریں سب ٹھیک ہو جائے گا، سب ٹھیک ہے کہتے کہتے کابینہ میں تبدیلی کر دی گئی، وزیر اعظم ایوان میں آکر بریفنگ دیا کریں۔

  • نیب نے شرجیل انعام میمن کی مزید جائیدادوں کا سراغ لگا لیا

    نیب نے شرجیل انعام میمن کی مزید جائیدادوں کا سراغ لگا لیا

    کراچی: قومی احتساب بیورو (نیب) نے شرجیل انعام میمن کی مزید جائیدادوں کا سراغ لگا لیا ہے، نیب ذرایع کا کہنا ہے کہ شرجیل میمن کیس کی تحقیقات آخری مراحل میں داخل ہو گئی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل میمن کی مزید پراپرٹیز کا سراغ لگا لیا گیا ہے جس کے بعد کیس کی تحقیقات آخری مراحل میں داخل ہو گئی ہیں۔

    ذرایع نے بتایا کہ چند روز قبل شرجیل میمن کے فرنٹ مین کو نیب نے تحویل میں لیا تھا، تحقیقات کے دوران اظہار حسین نے انتہائی اہم انکشافات کیے۔

    نیب ذرایع نے مزید نے بتایا کہ فرنٹ مین اظہار حسین سے تفتیش میں شرجیل میمن کی مزید جائیدادوں کا پتا چلا، دوران تفتیش گرفتار ملزم سے دیگر اہم شواہد بھی حاصل کیے گئے ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  شرجیل میمن کے خلاف کرپشن ریفرنس کی سماعت پھر ملتوی

    بتایا گیا ہے کہ نیب کراچی نے کیس میں مزید تحقیقات کے لیے چیئرمین نیب سے اجازت مانگ لی ہے۔

    خیال رہے کہ شرجیل میمن کے خلاف 5 ارب سے زائد کرپشن ریفرنس پر احتساب عدالت میں کیس جاری ہے، تاہم اس کیس میں تاخیری حربے استعمال کیے جا رہے ہیں جس کے باعث یہ کئی مہینوں سے تاخیر کا شکار ہے۔

    فروری میں سماعت کے دوران احتساب عدالت کے ریمارکس تھے کہ کبھی نیب پراسیکیوٹر تو کبھی درخواست گزار کے وکیل غائب ہو جاتے ہیں، اس طرح اگر کیس چلا تو کئی سال لگ جائیں گے۔

  • کم عمری میں شادی کا بل تین مرحلوں سے گزر چکا ہے: شیری رحمان

    کم عمری میں شادی کا بل تین مرحلوں سے گزر چکا ہے: شیری رحمان

    اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ کم عمری میں شادی پر پابندی کا بل تین مرحلوں سے گزر چکا ہے، پہلی بار ایسا ہو رہا ہے کہ قانون سازی پر کابینہ تقسیم نظر آ رہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اے آر وائی نیوز کے پروگرام سوال یہ ہے میں گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ کم عمری میں شادی پر پابندی کا بل مزید تین مرحلوں سے گزرنے کے لیے قومی اسمبلی میں جائے گا۔

    شیری رحمان کا کہنا تھا کہ قومی اسمبلی میں حکومتی ارکان رکاوٹ نہیں بنیں گے تاہم پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار کابینہ اس قسم کی قانونی سازی پر تقسیم نظر آ رہی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  کم عمری کی شادی پر پابندی کا بل: قومی اسمبلی میں اکثریت کی حمایت، بل قائمہ کمیٹی کو بھیج دیا گیا

    انھوں نے کہا کہ پاکستان میں 52 فی صد خواتین میں سے 21 فی صد خواتین کی کم عمری میں شادی کر دی جاتی ہے، ہر بیس منٹ میں ایک عورت زچگی میں دم توڑ دیتی ہے، اس لیے بلوغت کی عمر رکھنے سے بہت سے مسائل سے بچا جا سکتا ہے۔

    سینیٹر شیری رحمان کا کہنا تھا کہ کم عمر میں شادی سے متعلق شعور بیدار کرنا ریاستی ذمہ داری ہے، ریاست کو اتنا تو کرنا چاہیے کہ خواتین کو بل کے ذریعے قانون کا سہارا لینے کا موقع ملے۔

  • پٹرول قیمتوں پر احتجاج کرنے والوں پر مقدمات نے آمریت کی یاد تازہ کر دی: بلاول بھٹو

    پٹرول قیمتوں پر احتجاج کرنے والوں پر مقدمات نے آمریت کی یاد تازہ کر دی: بلاول بھٹو

    کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پیٹرول قیمتوں پر احجاج کرنے والوں پر مقدمات نے آمریت کی یاد تازہ کر دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب میں پیپلز پارٹی ورکرز پر مقدمات پر پارٹی چیئرمین نے رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ پیٹرول قیمتوں میں اضافے کے خلاف پُر امن مظاہرہ کیا جا رہا تھا۔

    بلاول بھٹو نے پنجاب میں جیالوں پر مقدمات درج کیے جانے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مظاہرہ پرامن تھا، مظاہرین پر مقدمات نے آمریت کی یاد تازہ کر دی۔

    چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ کٹھ پتلی حکمران عوامی احتجاج دبانے کے لیے تشدد پر اتر آئے ہیں، وزیر اعظم نے عوام سے پر امن احتجاج کا جمہوری حق بھی چھین لیا۔

    یہ بھی پڑھیں:  پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ، پیٹرول 9 روپے 42 پیسے مہنگا

    بلاول بھٹو نے کہا کہ ملتان، لودھراں، ڈی جی خان اور بہاولپور میں پی پی کارکنوں پر بنائے جانے والے مقدمات واپس لیے جائیں۔

    پی پی رہنما کا کہنا تھا کہ حکومت نے لودھراں کے مرحوم جیالے عاشق کو بھی مقدمے میں نامزد کر دیا ہے۔

    خیال رہے کہ آج سے پیٹرول کی قیمت میں 9 روپے 42 پیسے اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 108 روپے 31 پیسے ہو گئی ہے جب کہ مٹی کا تیل 7 روپے 46 پیسے اضافے کے بعد 96 روپے 77 پیسے فی لیٹر ہو گیا۔

    پیٹرول قیمتوں میں اضافے سے اشیاے خورد و نوش کی قیمتوں پر براہ راست اثر پڑے گا اور رمضان المبارک میں عوام کو مزید مہنگائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

  • خورشید شاہ نے پی ٹی ایم سے پوچھے گئے سوالات کی تائید کر دی

    خورشید شاہ نے پی ٹی ایم سے پوچھے گئے سوالات کی تائید کر دی

    اسلام آباد: پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ نے پی ٹی ایم سے پوچھے گئے سوالات کی تائید کر دی، انھوں نے کہا کہ کچھ لوگ 71 جیسے حالات پیدا کرنا چاہتے ہیں تو ان سے سوالات ہونے چاہئیں۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے خورشید شاہ نے پی ٹی ایم سے ڈی جی آئی ایس پی آر کے سوالات کو درست قرار دے دیا۔

    خورشید شاہ نے کہا کہ کچھ لوگ 71 جیسے حالات پیدا کرنا چاہتے ہیں تو ان سے سوالات ہونے چاہئیں، اور ان سوالات کے جواب آنے چاہئیں، بات ہو تاکہ 71 جیسے حالات نہ بنیں۔

    پی پی رہنما نے آرمی چیف کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اچھی بات ہے آرمی چیف نے اس پر خود بات کی، انھوں نے پی ٹی ایم سے متعلق جو کہا اسے اسی صورت میں دیکھنا چاہیے۔

    یہ بھی پڑھیں:  پی ٹی ایم کے چند لوگ غیروں کے ہاتھوں میں کھیل رہے ہیں: آرمی چیف

    خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ چند لوگ ہیں جن پر بات ہو سکتی ہے کہ وہ کیا ہیں، میں کہتا ہوں اگر معاشرے، سسٹم اور کسی ادارے میں سوال ہوتا ہے تو ہونے دیں، سوال ہونے دیں پھر اس کا جواب آنا چاہیے، پھر ڈائیلاگ ہوں۔

    انھوں نے مزید کہا کہ آج وہ حالات ہیں کہ ڈائیلاگ ہو سکتے ہیں، کل یہ نہیں ہوگا، مشرقی پاکستان میں ایک وقت تھا کہ ڈائیلاگ ہو سکتے تھے۔

    خورشید نے کہا پاکستان ہم سب کا ہے، فوج ہمارے ملک کی حفاظت کے لیے ہے، فوج کا بھی یہ ہی مقصد ہے کہ ملک میں امن و امان رہے، سوال ہونے دیں، ڈائیلاگ کریں ہر چیز کلیئر ہو جائے گی۔

  • خورشید شاہ نے حکومت سے مزدوروں کے لیے بڑا مطالبہ کر دیا

    خورشید شاہ نے حکومت سے مزدوروں کے لیے بڑا مطالبہ کر دیا

    اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما خورشید شاہ نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ مزدوروں کے لیے ماہانہ اُجرت 28 سے 30 ہزار مقرر کی جائے۔

    تفصیلات کے مطابق آج یوم مزدور پر پی پی رہنما خورشید شاہ نے حکومت سے مزدوروں کی ماہانہ اجرت تیس ہزار تک لے جانے کا مطالبہ کر دیا ہے۔

    خورشید شاہ نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں ڈالر 150 کا ہو گیا ہے، محنت کش کی کم سے کم تنخواہ 28 سے 30 ہزار کی جائے۔

    ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کی پالیسی مزدور دوست رہی ہے، پیپلز پارٹی نے مزدور کی اجرت 15 ہزار کی تھی، جو دوبارہ نہیں بڑھائی گئی۔

    یہ بھی پڑھیں:  ماہ رمضان سے پہلے ہی مہنگائی نے عوام کی چیخیں نکال دیں، قیمتوں میں ہوشربا اضافہ

    خورشید شاہ نے بتایا کہ پیپلز پارٹی نے منشور پیش کیا تھا تو اس میں مزدور کی تنخواہ کم سے کم 22 ہزار مقرر کی گئی تھی۔

    یاد رہے کہ آج پاکستان سمیت دنیا بھر میں مزدوروں کے حقوق کا عالمی دن منایا گیا، یہ دن شکاگو میں مزدوروں کی جانب سے کیے جانے والے احتجاج پر امریکی حکومت کی جانب سے تشدد کے نتیجے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والے مزدوروں کی یاد میں منایا جاتا ہے۔

    خیال رہے کہ ملک میں ایک عام آدمی کے لیے مہنگائی میں پریشان کن حد تک اضافہ ہو گیا ہے، ادھر رمضان کی بھی آمد ہے، جس کے ساتھ ہی اشیاے خورد و نوش کی قیمتیں مزید بڑھ گئی ہیں، اس تناظر میں مزدوروں کی اجرت میں اضافہ ناگزیر ہو چکا ہے۔

  • حکومت مخالفین کی جاسوسی کے لیے روبوٹ چوہے استعمال کر رہی ہے: نبیل گبول کا عجیب دعویٰ

    حکومت مخالفین کی جاسوسی کے لیے روبوٹ چوہے استعمال کر رہی ہے: نبیل گبول کا عجیب دعویٰ

    کراچی: پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما نبیل گبول نے عجیب و غریب دعویٰ کر دیا ہے کہ حکومت کی جانب سے مخالفین کی جاسوسی کے لیے ان کے کمروں میں روبوٹ چوہے چھوڑے جا رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق اے آر وائی نیوز کے پروگرام الیونتھ آور میں گفتگو کرتے ہوئے نبیل گبول نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے آئی بی کو روبوٹ چوہے چھوڑنے کا کہا ہے۔

    نبیل گبول نے دعویٰ کیا کہ سیکریٹری قومی اسمبلی میرا لگایا ہوا ہے، یہ بات اس نے مجھے بتائی ہے، جن پر عمران خان کو شک ہے ان کے کمروں میں روبوٹ چوہے چھوڑے گئے ہیں۔

    پیپلز پارٹی کے رہنما نے کہا کہ رہنما ن لیگ رانا ثنا اللہ پر بھی نظر رکھنے کے لیے ان کے کمرے میں روبوٹ چوہا چھوڑا گیا ہے۔ اس پر رانا ثنا اللہ نے کہا کہ عمران خان کی حکومت نے اس وقت ہر آدمی پر نظر رکھی ہوئی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  چوہے نے نجی ایئر لائن کی پرواز روک کر طیارہ گراؤنڈ کروا دیا

    دریں اثنا نبیل گبول نے کراچی کے سمندر سے تیل نکلنے کے حوالے سے بھی دعویٰ کیا، اور کہا کہ آج ایگزون کی رپورٹ آئی ہے کہ سمندر سے تیل نہیں نکلا۔

    انھوں نے کہا کہ عمران خان نے کہا تھا پاکستان کو بہت بڑی خوش خبری ملنے والی ہے، بعد میں پتا چلا کہ کراچی کے سمندر سے تیل نکالنے کے لیے ڈرلنگ ہو رہی ہے، لیکن آج معلوم ہوا ہے کہ تیل نہیں نکلا۔

    نبیل گبول کا یہ بھی کہنا تھا کہ آنے والا دور بلاول بھٹو کا ہے، 2020 الیکشن کا سال ہے، الیکشن نہیں ہوا توسیاست چھوڑ دوں گا، جنرل الیکشن نہیں بلکہ بہت بڑی تبدیلی آنے والی ہے، 2020 میں آنے والی تبدیلی ملک کے لیے اچھی ہوگی۔

  • کراچی: سندھ پولیس ایکٹ 2002 کو بحال کرنے کا فیصلہ

    کراچی: سندھ پولیس ایکٹ 2002 کو بحال کرنے کا فیصلہ

    کراچی: سندھ پولیس ایکٹ 2002 کو بحال کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے، سندھ حکومت پولیس ایکٹ 2002 میں معمولی ترامیم بھی کرے گی۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ کابینہ کا اجلاس کل شام وزیر اعلیٰ ہاؤس میں طلب کر لیا گیا، جس میں سندھ پولیس ایکٹ 2002 کا جائزہ لیا جائے گا، حکومت سندھ نے فیصلہ کیا ہے کہ اس ایکٹ کو بحال کیا جائے گا۔

    سندھ پولیس ایکٹ 2002 سابق صدر پرویز مشرف کے دور میں نافذ کیا گیا تھا، پاکستان پیپلز پارٹی نے اس پولیس ایکٹ کو قانون سازی سے ختم کر دیا تھا۔

    اب فیصلہ ہوا ہے کہ سندھ پولیس ایکٹ 2002 کے تحت پولیس حکومت کے تابع ہوگی، ایکٹ کے تحت تقرریوں و تبادلوں کا اختیار سندھ حکومت کو ہوگا۔

    یہ بھی پڑھیں:  وزیراعلیٰ سندھ نے ایک ماہ میں پولیس رولزاورایکٹ بنانے کی یقین دہانی کرا دی

    دریں اثنا، ضلع پبلک سیفٹی کمیشن کا قیام بھی عمل میں لایا جائے گا، پبلک سیفٹی کمیشن سیکریٹری کی تعیناتی سندھ حکومت کرے گی، پولیس مقدمہ درج کرنے کی منظوری سیفٹی کمیشن سے لینے کی پابند ہوگی۔

    سندھ حکومت پولیس ایکٹ 2002 میں معمولی ترامیم بھی کرے گی، کابینہ کی منظوری کے بعد ایکٹ سندھ اسمبلی میں پیش کر دیا جائے گا۔

    یہ بھی پڑھیں:  سندھ پولیس ایکٹ عجوبہ ہے، آئی جی کا عہدہ نمائشی رہ جائے گا، افضل شگری

    یاد رہے کہ چار دن قبل سندھ ہائی کورٹ کو وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ایک ماہ میں پولیس رولز اور ایکٹ بنانے کی یقین دہانی کرائی تھی۔

    دوسری طرف سابق آئی جی سندھ افضل شگری نے اتوار کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ سندھ حکومت نے پولیس ایکٹ بہت جلد بازی میں تیار کیا کیونکہ سندھ حکومت کا آئی جی سے جھگڑا چل رہا ہے، ایکٹ کے نفاذ سے پولیس کے ڈھانچے میں سنگین مسائل پیدا ہوں گے۔