Tag: پی پی کی خبریں

  • گھوٹکی الیکشن مخالفین کے لیے واضح پیغام ہے، چیئرمین سینیٹ حاصل بزنجو ہوں گے: بلاول بھٹو

    گھوٹکی الیکشن مخالفین کے لیے واضح پیغام ہے، چیئرمین سینیٹ حاصل بزنجو ہوں گے: بلاول بھٹو

    کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ گھوٹکی الیکشن مخالفین کے لیے واضح پیغام ہے، چیئرمین سینیٹ حاصل بزنجو ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق پی پی چیئرمین آج بلاول ہاؤس کراچی میں نیوز کانفرنس کر رہے تھے، انھوں نے کہا کہ حکومت کا ایک ووٹ کم اور اپوزیشن کا ایک ووٹ بڑھ گیا، فضل الرحمان اور ن لیگ کی حمایت کا شکریہ ادا کرتا ہوں، گھوٹکی الیکشن مخالف سیاست دانوں کے لیے واضح پیغام ہے۔

    بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ صاف نظر آ رہا ہے چیئرمین سینیٹ حاصل بزنجو صاحب ہی ہوں گے، حکومتی ارکان سینیٹرز سے خفیہ رابطے کر کے پیسا آفر کر رہے ہیں، میں اپوزیشن سینیٹرز سے کہتا ہوں حکومت سے پیسے لے لو مگر ووٹ ہمیں دو۔

    پی پی چیئرمین نے کہا کہ ہم ایک روپیا خرچ نہیں کریں گے اور ان کا پیسا ضایع ہونے والا ہے، حکومت کے کچھ لوگ ہم سے رابطے میں ہیں اور ہمیں ووٹ دیں گے۔

    یہ بھی پڑھیں:  گھوٹکی الیکشن میں مخالف امیدوار کی حمایت، پی پی کے ایم پی اے سے استعفیٰ لینے کا فیصلہ

    انھوں نے مزید کہا کہ سینیٹ تمام صوبوں کا ایک فورم ہے جہاں ہمیں برابری کا اختیار نہیں دیا جاتا، حکومتی سازشیں ناکام ہوں گی، اپوزیشن کا متفقہ امیدوار جیت جائے گا۔

    بلاول بھٹو نے یوم سیاہ منانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ کل 25 جولائی کو ہم یوم سیاہ منا رہے ہیں، پی پی کارکنان کراچی پہنچیں، اگر آپ بلوچستان، کوئٹہ، یا پنجاب میں کہیں ہیں تو لاہور پہنچیں۔ کارکنان اگر کے پی میں ہیں تو پشاور پہنچیں، کیوں کہ ملک بھر میں مشترکہ احتجاج ہوگا۔

    تازہ ترین خبریں پڑھیں:  سینیٹ چیئرمین کے خلاف تحریک عدم اعتماد، حکومت اور اپوزیشن میں بیک ڈور رابطے

    پی پی چیئرمین کا کہنا تھا کہ حکومت کو امریکا سمیت دیگر ممالک سے بڑھ چڑھ کر وعدے نہیں کرنے چاہئیں، حکومت کے پاس لانگ ٹرم وژن نہیں، پاکستان اور افغانستان کے بہت سے مسائل ہیں، حکومت ایسے وعدے نہ کرے جس پر عمل نہیں ہو سکتا۔

    انھوں نے کہا کہ نواز شریف ہو یا کوئی دہشت گرد انسانی حقوق سب کو ملنے چاہئیں، حکومت سے مطالبہ ہے انسانی حقوق فراہم کرو، این آر او کی باتیں عمران خان کی حکومت بچانے کی کوششیں ہیں، جمہوری طریقے اپنائیں تو پیپلز پارٹی سپورٹ کرے گی، معاشی حقوق پر حملے کریں گے تو پیپلز پارٹی آپ کے سامنے کھڑی ہوگی۔

  • گھوٹکی الیکشن میں مخالف امیدوار کی حمایت، پی پی کے ایم پی اے سے استعفیٰ لینے کا فیصلہ

    گھوٹکی الیکشن میں مخالف امیدوار کی حمایت، پی پی کے ایم پی اے سے استعفیٰ لینے کا فیصلہ

    سکھر: گھوٹکی ضمنی الیکشن میں پی پی امیدوار کی کام یابی کے بعد اہم فیصلے کیے گئے ہیں، بلاول بھٹو زرداری نے پی پی کے ایم پی اے سردار علی نواز مہر سے استعفیٰ لینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی نے گھوٹکی ضمنی انتخابات کے بعد پارٹی کی مقامی سطح پر اہم فیصلے کیے ہیں، صوبائی اسمبلی کے رکن سردار علی نواز مہر سے استعفیٰ لیا جائے گا۔

    پی پی چیئرمین بلاول بھٹو نے پارٹی رہنماؤں کو احکامات جاری کر دیے، ایم پی اے نے ضمنی الیکشن میں مخالف امیدوار کی حمایت کی تھی۔

    ڈسٹرکٹ کونسل گھوٹکی کے چیئرمین حاجی خان مہر سے بھی استعفیٰ لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، ڈی سی چیئرمین نے بھی پیپلز پارٹی کے مخالفت امیدوار کو سپورٹ کیا تھا۔

    یہ بھی پڑھیں:  گھوٹکی: این اے 205 ضمنی انتخاب، سردار محمد بخش مہر نے میدان مار لیا

    تاہم استعفوں کے بعد خالی ہونے والی نشستوں سے متعلق ابھی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔

    خیال رہے کہ سردار علی نواز خان عرف راجہ خان مہر پی ایس 21 گھوٹکی سے صوبائی اسمبلی کے لیے منتخب ہوئے تھے۔

    علی نواز خان نے سوشل میڈیا پر عل الاعلان اپنے ان دوستوں اور گھوٹکی کے عوام کا شکریہ ادا کیا ہے جنھوں نے پی پی کے مخالف آزاد امیدوار کو ووٹ دیا، ان کا کہنا تھا کہ ہار جیت مقدر سے ہوتی ہے۔

  • مولانا فضل الرحمان کا بلاول بھٹو سے رابطہ، گھوٹکی انتخابات میں کام یابی پر مبارک باد دی

    مولانا فضل الرحمان کا بلاول بھٹو سے رابطہ، گھوٹکی انتخابات میں کام یابی پر مبارک باد دی

    اسلام آباد: سربراہ جے یو آئی (ف) مولانا فضل الرحمان نے بلاول بھٹو سے رابطہ کر کے گھوٹکی میں پی پی امیدوار کی کام یابی پر مبارک باد دی۔

    تفصیلات کے مطابق جمعیت علماے اسلام ف کے سربراہ نے پی پی چیئرمین سے رابطہ کر کے کہا ہے کہ گھوٹکی انتخابات کے نتایج عوام کا اپوزیشن پر اعتماد ہے۔

    مولانا فضل الرحمان نے بلاول بھٹو سے کہا کہ پیپلز پارٹی کے امیدوار کو جے یو آئی کی بھی حمایت حاصل تھی، میں امیدوار کی کام یابی پر مبارک باد دیتا ہوں۔

    دریں اثنا، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے تعاون کرنے اور مبارک باد دینے پر مولانا فضل الرحمان کا شکریہ ادا کیا۔

    واضح رہے کہ آج اسلام آباد میں حکومتی وفد نے مولانا فضل الرحمان کے گھر جا کر چیئرمین سینیٹ کے معاملے پر ان سے تعاون کی اپیل کی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  سینیٹ کا اپنا وقار ہے اس میں کچھ دراڑیں آنا شروع ہوگئیں، شبلی فراز، جام کمال

    وفد میں شبلی فراز، وزیر اعلیٰ جام کمال اور دیگر شامل تھے، اس ملاقات میں سینیٹر مرزا آفریدی، اور سینیٹر ایوب آفریدی بھی شریک تھے۔

    مولانا نے میڈیا کے سامنے کہا کہ چیئرمین سینیٹ کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک اب آ چکی ہے، اس کا فیصلہ تمام اپوزیشن جماعتوں کے اعتماد کے ساتھ ہوا تھا، اور یہ فیصلہ میری زیر صدارت اجلاس میں ہوا۔

    جے یو آئی سربراہ کا کہنا تھا کہ حکومتی وفد کا میرے پاس آنا باعثِ اعزاز ہے، ان کی تجاویز کو تمام اپوزیشن جماعتوں کے سامنے رکھوں گا، آگے آگے دیکھیے کیا ہوتا ہے۔

    خیال رہے کہ حکومت چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے خلاف اپوزیشن کی تحریکِ عدم اعتماد ناکام بنانے کے لیے سرگرم ہو چکی ہے، اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ بلوچستان اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

  • گھوٹکی: این اے 205 ضمنی انتخاب، سردار محمد بخش مہر نے میدان مار لیا

    گھوٹکی: این اے 205 ضمنی انتخاب، سردار محمد بخش مہر نے میدان مار لیا

    گھوٹکی: این اے 205 میں ضمنی الیکشن میں غیر سرکاری، غیر حتمی نتیجے کے مطابق پی پی کے امیدوار سردار محمد بخش مہر نے نشست اپنے نام کر لی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ کے انتخابی حلقے این اے 205 گھوٹکی میں پیپلز پارٹی کے سردار محمد بخش مہر اور آزاد امیدوار احمد علی مہر مدِ مقابل تھے، یہ نشست پی ٹی آئی کے سردار علی محمد مہر کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔

    غیر سرکاری، غیر حتمی نتیجہ آ چکا ہے جس کے مطابق پیپلز پارٹی امیدوار  89359 ووٹ لے یہ نشست جیت چکے ہیں۔

    غیر حتمی نتیجے کے مطابق آزاد امیدوار سردار احمد علی مہر 70848 نے ووٹ لیے، اور یوں یہ سیٹ پی ٹی آئی کے قبضے سے نکل گئی۔

    خیال رہے کہ گھوٹکی کے اس انتخابی حلقے میں صبح سے پولنگ کا عمل آزادانہ طور پر جاری رہا، نوجوان، بوڑھے اور خواتین کی بڑی تعداد نے پولنگ میں حصہ لیا۔

    گھوٹکی میں پہلی بار مہر خاندان کے دو افراد مد مقابل ہیں، پیپلز پارٹی کے سردار محمد بخش مہر کا اپنے بھانجے آزاد امیدوار احمد علی مہر سے مقابلہ ہے۔

    سیٹ کے لیے الیکشن لڑنے والے دونوں حریف امیدوار گورنمنٹ پرائمری اسکول خان گڑھ میں ووٹ کاسٹ کرنے کے بعد گلے ملے۔

    الیکشن کمیشن کے مطابق اس انتخابی حلقے میں مرد ووٹرز کی تعداد 2 لاکھ 4980 اور خواتین ووٹرز کی تعداد 1 لاکھ 55895 ہے۔

    خیال رہے کہ پی پی چیئرمین بلاول بھٹو نے اپنے پیغام میں آج کہا تھا کہ گھوٹکی میں انتخابی مہم نے یہاں کی سیاست کو ہمیشہ کے لیے بدل دیا ہے، اب نتیجہ کچھ بھی ہو مجھے انتخابی مہم پر فخر ہے۔

    دوسری طرف پی ٹی آئی کی دعا بھٹو نے کہا ہے کہ گھوٹکی الیکشن ہارنے کا پیپلز پارٹی پر خوف ابھی سے طاری ہو گیا ہے، اس لیے وہ جھوٹے الزام لگا رہے ہیں، پی ٹی آئی کا کوئی رکن پولنگ اسٹیشن کے اندر نہیں گیا، 4 ہزار اہل کار پی پی نے تعینات کیے جو ووٹرز کو ہراساں کر رہے تھے۔

  • چیئرمین پی پی بلاول بھٹو دبئی روانہ، امریکا کے دورے پر جائیں گے

    چیئرمین پی پی بلاول بھٹو دبئی روانہ، امریکا کے دورے پر جائیں گے

    کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری دبئی روانہ ہو گئے ہیں، بلاول بھٹو کل دبئی سے امریکا کے دورے پر روانہ ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق پی پی چیئرمین بلاول بھٹو کل دبئی سے امریکا کے دورے پر روانہ ہوں گے، آج وہ کراچی ایئر پورٹ سے دبئی کے لیے روانہ ہو گئے۔

    پی پی چیئرمین 15 سے 21 جولائی تک امریکا کے دورے پر ہوں گے، جہاں وہ امریکی سینیٹرز سمیت اہم شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے۔

    واضح رہے کہ چیئرمین پی پی بلاول بھٹو نے ملک بھر میں بھی دورے کر کے عوامی جلسوں سے خطاب کیا۔

    یہ بھی پڑھیں:  عوام ساتھ دیں ظالم حکمرانوں کا مقابلہ کرنے کیلئے نکلاہوں، بلاول بھٹو زرداری

    بلاول بھٹو زرداری نے مہمند، پشاور، اسلام آباد، لوئر دیر اور سکھر کے دورے کیے، جہاں انھوں نے مختلف عوامی جلسوں سے خطاب کیا۔

    گزشتہ روز سکھر میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عوام کے معاشی حقوق کی جدوجہد کی ہے، عوام ساتھ دیں، میں ظالم حکمرانوں کا مقابلہ کرنے کے لیے نکلا ہوں۔

    بلاول بھٹو نے عوامی جلسوں میں حکومتی پالیسیوں اور ملک میں مہنگائی کے طوفان پر تنقید کی، تاہم فنکشنل لیگ کی رکن سندھ اسمبلی نصرت سحرعباسی کا کہنا تھا کہ وہ اپنے والد اور پھپھو کو بچانے نکلے ہوئے ہیں۔

  • جعلی اکاؤنٹس کیس: سندھ بینک کے گرفتار افسران اسلام آباد منتقل

    جعلی اکاؤنٹس کیس: سندھ بینک کے گرفتار افسران اسلام آباد منتقل

    اسلام آباد: جعلی اکاؤنٹس کیس میں گرفتار سندھ بینک کے صدر، ڈائریکٹر اور سینئر افسر کو آج اسلام آباد منتقل کر دیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق جعلی اکاؤنٹس کیس میں ڈائریکٹر سندھ بینک بلال شیخ، بینک کے صدر طارق احسن اور ندیم الطاف کو اسلام آباد منتقل کر دیا گیا۔

    تینوں ملزمان کو کل احتساب عدالت میں پیش کیا جائے گا جہاں نیب عدالت سے تینوں ملزمان کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کرے گا۔

    نیب نے ملزمان کو جعلی اکاؤنٹس کیس میں گرفتار کر رکھا ہے، ذرایع نیب کا کہنا ہے کہ ملزمان نے اومنی گروپ کی کمپنیوں کو ایک ارب 80 کروڑ کے غیر قانونی قرضے دلوائے۔

    یہ بھی پڑھیں:  جعلی اکاؤنٹس کیس : نیب نے کراچی اور لاہور سے تین بینکرز کو گرفتار کرلیا

    نیب ذرایع کا کہنا ہے کہ بلال شیخ جعلی بینک اکاؤنٹس کو رقوم کی فراہمی کا اہم کردار ہے، مذکورہ ملزم اس وقت سندھ بینک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز میں بھی شامل ہے۔

    ملزمان کو کراچی سے اسلام آباد منتقل کیا گیا، نیب راولپنڈی نے تینوں بینکرز کو کراچی اور لاہور میں چھاپے مار کر 10 جولائی کو گرفتار کیا تھا۔

    خیال رہے جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق صدر آصف زرداری اور فریال تالپور کی درخواست ضمانت مسترد کر دی تھی اور گرفتار کرنے کا حکم دیا تھا، جس کے بعد نیب ٹیم نے سابق صدر آصف زرداری کو بلاول ہاؤس سے گرفتار کر لیا تھا۔

  • سندھ حکومت کی لاڑکانہ میں انٹر سٹی بسیں چلانے کی تیاری

    سندھ حکومت کی لاڑکانہ میں انٹر سٹی بسیں چلانے کی تیاری

    کراچی: سندھ حکومت نے لاڑکانہ کے عوام کے لیے خوش خبری سنا دی ہے، لاڑکانہ میں انٹر سٹی بسیں چلانے کے لیے سندھ حکومت نے نجی کمپنی سے معاہدہ کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے لاڑکانہ میں انٹر سٹی بسیں چلانے کی تیاری کر لی، نجی کمپنی سے لاڑکانہ میں بسیں چلانے کا معاہدہ بھی کر لیا ہے۔

    وزیر ٹرانسپورٹ سندھ اویس شاہ کا کہنا ہے کہ نجی شعبے کی سرمایہ کاری سے لاڑکانہ، نوڈیرو اور رتو ڈیرو کے درمیان بسیں چلائی جائیں گی۔

    اویس شاہ نے کہا کہ لاڑکانہ سٹی میں پیپلز بس سروس کے نام سے 20 سے 30 بسیں مختلف روٹس پر چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کا افتتاح چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو سے کرایا جائے گا۔

    یہ بھی پڑھیں:  وزیر ٹرانسپورٹ سندھ کا طلبہ کے لیے کرائے 50 فی صد کم کرنے کا اعلان

    ذرایع کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت پہلی بار لاڑکانہ کے عوام کو ٹرانسپورٹ کا تحفہ دینے جارہی ہے، سب نے لاڑکانہ کو نظر انداز کیا مگر وزیر ٹرانسپورٹ اویس شاہ اور سیکریٹری ٹرانسپورٹ کو لاڑکانہ کا خیال آ ہی گیا۔

    بتایا گیا ہے کہ بسوں کے منصوبے کی لاگت نجی کمپنی لگائے گی، جب کہ تکنیکی مدد اور ڈپو زمین سندھ حکومت دے گی، یہ بسیں آیندہ ماہ چلنے کا امکان ہے۔

    یاد رہے کہ 29 جون کو وزیر ٹرانسپورٹ نے سندھ بھر میں طلبہ کے لیے ٹرانسپورٹ کرایوں میں پچاس فی صد کمی کا اعلان کیا تھا، انھوں نے ہدایت کی تھی کہ اس حکم کی خلاف ورزی پر روٹ پرمٹ منسوخ ہو سکتا ہے۔

  • این اے 205 گھوٹکی انتخابات، پیپلز پارٹی کا چیف جسٹس کو خط، انتخابات مؤخر ہونے کی مخالفت

    این اے 205 گھوٹکی انتخابات، پیپلز پارٹی کا چیف جسٹس کو خط، انتخابات مؤخر ہونے کی مخالفت

    گھوٹکی: پاکستان پیپلز پارٹی نے این اے 205 گھوٹکی کے ضمنی انتخابات کے سلسلے میں چیف جسٹس آف پاکستان آصف سعید کھوسہ کو خط لکھ دیا ہے، جس میں انتخابات مؤخر کیے جانے کی مخالفت کی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبائی الیکشن کمشنر نے این اے 205 گھوٹکی کے ضمنی انتخاب مؤخر کرنے کے لیے ای سی پی کو درخواست دے دی ہے، تاہم پیپلز پارٹی نے اس سلسلے میں چیف جسٹس کو خط لکھ دیا ہے۔

    خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ گھوٹکی میں اسکروٹنی کے بعد پی پی امیدوار کے کاغذات منظور ہوئے ہیں، کاغذات منظوری کے ساتھ ہی مقامی انتظامیہ پر دباؤ ڈالا جا رہا ہے، اور گھوٹکی کے 2 مختیار کاروں کو جبری لاپتا کر دیا گیا ہے۔

    متن میں مزید کہا گیا ہے کہ مختیار کاروں کو لا پتا کرنے کی ایف آئی آرز بھی درج کرائی گئی ہیں۔

    مزید تازہ خبریں پڑھیں:  گھوٹکی: صوبائی الیکشن کمشنر نے ضمنی انتخاب موخر کرنے کی درخواست دے دی

    خط میں لکھا گیا ہے کہ الیکشن ٹریبونل این اے 205 میں درخواست کو خارج کر چکا ہے، پی پی امیدوار کے خلاف جعلی دستاویزات تیار کرائی جا رہی ہیں، پی پی امیدوار کے خلاف سماعت ہوئی، اور اب فیصلہ محفوظ کر لیا گیا ہے۔

    پی پی نے خط میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ محفوظ فیصلہ انتخابات سے بالکل پہلے سنانے پر چیلنج کرنے کا وقت نہیں ہوگا، فیصلے کو بنیاد بنا کر انتخابات کو مؤخر بھی کیا جا سکتا ہے جو ہم نہیں چاہتے۔

    یہ بھی پڑھیں:  مخالفین گھوٹکی الیکشن میں اثرانداز ہونے کی کوشش کررہے ہیں، بلاول بھٹو زرداری

    خیال رہے کہ صوبائی الیکشن کمشنر کی جانب سے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ امیدواروں کے کاغذات نامزدگی سے متعلق حتمی فیصلے میں تاخیر ہوئی۔

    مزید کہا گیا کہ کاغذات نامزدگی سے متعلق عدالتی فیصلہ 16 جولائی کو سنایا جائے گا، جس کے باعث 18 جولائی کو انتخابات کرانا ممکن نہیں ہے، دو روز میں بیلٹ پیپرز کی پرنٹنگ اور ترسیل نہیں ہو سکے گی۔

    صوبائی الیکشن کشمنر نے درخواست میں استدعا کی ہے کہ ضمنی انتخابات کی پولنگ 25 جولائی کو کرائی جائے۔

  • بلاول بھٹو زرداری 3 روزہ دورے پر سکھر پہنچ گئے

    بلاول بھٹو زرداری 3 روزہ دورے پر سکھر پہنچ گئے

    سکھر: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری 3 روزہ دورے پر سکھر پہنچ گئے، بلاول بھٹو صوبائی وزیر اویس شاہ کی رہایش گاہ پر قیام کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق پی پی چیئرمین بلاول بھٹو سکھر پہنچ گئے، جہاں وہ کل ورکرز کنونشن سے خطاب کریں گے، ان کا سکھر کا دورہ تین روز پر مشتمل ہے۔

    اس دوران بلاول بھٹو سے سینئر پی پی رہنما خورشید شاہ اور دیگر رہنما ملاقاتیں کریں گے جب کہ بلاول بھٹو پریس کلب میں اہم پریس کانفرنس بھی کریں گے۔

    تین روزہ دورے کے دوران سکھر اور گھوٹکی میں مختلف پروگراموں میں پی پی چیئرمین کی شرکت بھی شیڈول کا حصہ ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  کراچی: فائرنگ کے واقعات میں نجی چینل کے اینکر سمیت پانچ افراد جاں بحق

    دریں اثنا، بلاول بھٹو زرداری نے کراچی کے علاقے ڈیفنس میں اینکر پرسن کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مرید عباس کے قتل میں ملوث ملزمان کو جلد قانون کی گرفت میں لایا جائے۔

    پی پی چیئرمین نے کہا کہ کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ بلاول بھٹو نے سوگوار خاندان سے ہم دردی و یک جہتی کا بھی اظہار کیا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز بلاول بھٹو نے قائمہ کمیٹیوں کے تمام اجلاس منسوخ کیے جانے پر کہا تھا کہ اجلاس منسوخ کرنا پارلیمنٹ پر اندر سے حملے کے مترادف ہے۔

  • آصف زرداری کی ہمشیرہ فریال تالپور اسلام آباد منتقل

    آصف زرداری کی ہمشیرہ فریال تالپور اسلام آباد منتقل

    اسلام آباد: سابق صدر آصف علی زرداری کی ہم شیرہ اور جعلی اکاؤنٹس کیس میں گرفتار فریال تالپور کو اسلام منتقل کر دیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نیب ذرایع کا کہنا ہے کہ فریال تالپور کو آج کراچی سے اسلام آباد منتقل کر دیا گیا ہے، کل فریال تالپور کو احتساب عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ احتساب عدالت سے فریال تالپور کے مزید ریمانڈ کی استدعا کی جائے گی۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ 24 جون کو فریال تالپور کو اسپیکر سندھ اسمبلی کی جانب سے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کے بعد سندھ اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے کراچی منتقل کیا گیا تھا۔

    کراچی منتقلی پر فریال تالپور کو خیابان شمشیر فیز 8 میں واقع ان کے گھر میں رکھا گیا اور گھر کو سب جیل قرار دے دیا گیا تھا، بجٹ کی منظوری تک فریال تالپور کو سندھ اسمبلی لایا جاتا رہا۔

    یہ بھی پڑھیں:  جعلی اکاؤنٹس کیس: فریال تالپور کے جسمانی ریمانڈ میں 8 جولائی تک توسیع

    چوبیس جون کو فریال تالپور کو جعلی اکاؤنٹس کیس میں احتساب عدالت میں بھی پیش کیا گیا تھا، جہاں عدالت نے ان کا 14 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے ریمانڈ میں 8 جولائی تک توسیع کر دی تھی۔

    یاد رہے 10 جون کو جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق صدر آصف زرداری اور فریال تالپور کی درخواست ضمانت مسترد کردی تھی اور گرفتار کرنے کا حکم دیا تھا، جس کے بعد 14 جون کو فریال تالپور کو جعلی اکاؤنٹس کیس میں نیب نے گرفتار کیا اور ان کی رہایش گاہ کو سب جیل قرار دے دیا۔