لاہور : پنجاب کے تین دریاؤں میں انتہائی اونچے درجے کے سیلاب کے خطرے کے پیش ںظر الرٹ جاری کردیا گیا ، جس میں لاہور ، گوجرانوالہ اور گجرات میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے.
تفصیلات کے مطابق وبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے دریائے ستلج، راوی، چناب اور ملحقہ ندی نالوں میں انتہائی اونچے درجے کے سیلاب کا الرٹ جاری کردیا۔
ترجمان پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ 5 ستمبر تک دریائے راوی، ستلج اور چناب میں انتہائی اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ ہے۔
پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ دریائے ستلج میں ہریکے ڈاؤن اسٹریم اور گنڈا سنگھ والا کے مقام پر اونچے درجے کے سیلاب کی صورتحال برقرار ہے، جبکہ دریائے چناب ہیڈ تریموں کے مقام پر بھی انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے۔
ادارے نے خبردار کیا ہے کہ 3 ستمبر تک دریاؤں کے بالائی حصوں میں شدید بارشوں کا امکان ہے جس کے باعث پانی کے بہاؤ میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے۔
مزید برآں، اگلے 72 گھنٹوں میں لاہور، گوجرانوالہ اور گجرات میں اربن فلڈنگ کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے پنجاب نے متعلقہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور کمشنرز کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کی ہے۔ ان میں لاہور، ساہیوال، ملتان، بہاولپور، ڈیرہ غازی خان، قصور، اوکاڑہ، پاکپتن، وہاڑی، بہاولنگر، لودھراں اور مظفرگڑھ شامل ہیں۔
پی ڈی ایم اے کی جانب سے لوکل گورنمنٹ، محکمہ زراعت، آبپاشی، صحت، جنگلات، لائیو اسٹاک اور ٹرانسپورٹ سمیت تمام متعلقہ محکموں کو بھی الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔
ترجمان کے مطابق حساس مقامات پر ریسکیو ٹیموں کو تعینات کرنے اور شہریوں کو موسلادھار بارش کی صورت میں بروقت آگاہ کرنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔
ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو اداروں کے ساتھ تعاون کریں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔