Tag: پی ڈی ایم اے

  • پی ڈی ایم اے کا 21 واں، جنوب مشرقی سندھ کا 8 واں الرٹ جاری

    پی ڈی ایم اے کا 21 واں، جنوب مشرقی سندھ کا 8 واں الرٹ جاری

    کراچی: پی ڈی ایم اے نے سمندری طوفان بیپر جوائے کے سلسلے میں 21 واں الرٹ، جب کہ جنوب مشرقی سندھ نے 8 واں الرٹ جاری کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق پی ڈی ایم اے کے الرٹ میں‌ کہا گیا ہے کہ انتہائی تیز طوفان جنوب کراچی سے 310 کلو میٹر فاصلے پر ہے، یہ طوفان ٹھٹھہ سے 300 کلو میٹر، اور کیٹی بندر سے 240 کلو میٹر فاصلے پر ہے۔

    پی ڈی ایم اے کے مطابق طوفن میں ہوائیں 140 سے 150، زیادہ سے زیادہ 170 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں، جب کہ سمندری سطح پر درجہ حرارت 29 سے 30 سینٹی گریڈ ہے۔

    پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ 15 جون تک طوفان بیپر جوائے شمال کی جانب ٹریک کرے گا، طوفان کے اطراف کی لہریں 30 فٹ کی بلندی سے چل رہی ہیں، طوفان کیٹی بندر اور بھارتی گجرات کے ساحل سے 15 جون کو ٹکرائے گا۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں 15 سے 17 جون تک 120 کلو میٹر کی رفتار سے ہوائیں چلیں گی، ٹھٹھہ، سجاول، بدین، تھرپارکر، میرپورخاص، عمرکوٹ اضلاع میں تیز بارش متوقع ہے، کراچی، حیدرآباد، ٹنڈومحمد خان، ٹنڈو الہٰیار، بینظیر آباد، سانگھڑ میں تیز ہوائیں اور بارش ہوگی۔ تیز ہواؤں سے کمزور، کچے مکانات، سولر پینل، اور دیگر کمزور تنصیبات کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔

    گزشتہ روز طوفان کے زیر اثر علاقوں میں ہلکی اور تیز بارش کا سلسلہ جاری رہا، کراچی، تھرپارکر 10 ملی میٹر، میرپورخاص 1 ملی میٹر، بدین 6 ملی میٹر، ٹھٹھہ 7 ملی میٹر، سجاول 17 ملی میٹر، جامشورو میں 2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

  • پختونخواہ میں طوفانی بارشوں اور آندھی سے درجنوں ہلاکتیں

    پختونخواہ میں طوفانی بارشوں اور آندھی سے درجنوں ہلاکتیں

    پشاور: صوبہ خیبر پختونخواہ میں طوفانی بارشوں اور آندھی سے اب تک 28 افراد جاں بحق اور ڈیڑھ سو زخمی ہوگئے ہیں، درجنوں گھروں کو نقصان پہنچا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے ترجمان تیمور علی کا کہنا ہے کہ صوبے میں ہفتے کے روز آنے والی آندھی سے نقصانات ہوئے۔ نقصانات بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان، لکی مروت اور کرک میں ہوئے۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ حادثات میں 28 افراد جاں بحق اور ڈیڑھ سو کے قریب زخمی ہوئے۔

    آندھی سے 158 گھروں کو نقصان پہنچا، پی ڈی ایم اے نے 4 کروڑ روپے جاری کیے ہیں جو بنوں کے متاثرین میں تقسیم ہوں گے۔

    ترجمان نے مزید کہا کہ وزیر اعظم کی خصوصی ہدایت پر پی ایم پیکج کا اعلان کیا گیا ہے، جاں بحق افراد کے ورثا اور زخمیوں کو امداد فراہم کی جائے گی۔

  • پنجاب میں بارشوں سے کتنی ہلاکتیں ہوئیں؟

    پنجاب میں بارشوں سے کتنی ہلاکتیں ہوئیں؟

    لاہور: صوبہ پنجاب میں طوفانی بارشوں کے باعث مختلف حادثات میں 5 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ 17 افراد زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب نے بارش سے نقصانات کی رپورٹ جاری کردی، پنجاب میں مجموعی طور پر 10 واقعات رپورٹ ہوئے۔

    پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ مختلف حادثات میں 3 بچیوں سمیت 5 افراد جاں بحق ہوئے، مختلف حادثات میں 17 افراد زخمی بھی ہوئے۔

    پی ڈی ایم اے کے مطابق بارش کے باعث دیوار گرنے سے 2 جانور بھی ہلاک ہوئے۔

  • خیبر پختونخواہ میں ایک بار پھر طوفانی بارشیں، کتنی ہلاکتیں ہوئیں؟

    خیبر پختونخواہ میں ایک بار پھر طوفانی بارشیں، کتنی ہلاکتیں ہوئیں؟

    پشاور: صوبہ خیبر پختونخواہ کی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کا کہنا ہے کہ طوفانی بارشوں سے اب تک 27 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں، صوبائی حکومت متاثرین کی بھرپور امداد کے لیے کوشاں ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کا کہنا ہے کہ طوفانی بارشوں سے لکی مروت، کرک اور بنوں میں 27 افراد جاں بحق اور 146 افراد زخمی ہوئے۔

    پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ 69 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا، متاثرین کے لیے امدادی سامان کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

    اتھارٹی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ صوبائی حکومت متاثرین کی بھرپور امداد کے لیے کوشاں ہے، ضلعی انتظامیہ کو نقصانات کا تخمینہ لگانے کی ہدایت کی ہے۔

    ترجمان اتھارٹی کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم اے نے بنوں کے متاثرین کے لیے 4 کروڑ روپے جاری کردیے، متاثرین کو حکومتی پالیسی کے مطابق ریلیف فراہم کیا جائے گا۔

  • پی ڈی ایم اے نے زلزلے سے نقصانات کی رپورٹ طلب کرلی

    پی ڈی ایم اے نے زلزلے سے نقصانات کی رپورٹ طلب کرلی

    لاہور: پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب میں زلزلے سے نقصانات کی رپورٹ طلب کرلی، ترجمان پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ تاحال کسی جانی و مالی نقصان کی اطلاع نہیں۔

    تفصیلات کے مطابق صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب نے صوبہ بھر کے ڈپٹی کمشنرز سے زلزلے سے نقصانات کی رپورٹ طلب کرلی۔

    پی ڈی ایم اے کے ڈائریکٹر جنرل کا کہنا ہے کہ تمام اضلاع زلزلے سے نقصانات کی رپورٹ بجھوائیں،

    ترجمان اتھارٹی کے مطابق پی ڈی ایم اے صوبہ بھر کی ضلعی انتظامیہ سے رابطے میں ہے، رپورٹس کے مطابق کسی جانی و مالی نقصان کی اطلاع نہیں۔

    ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ صوبہ بھر کے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سنٹرز کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے، شہری نقصانات کی اطلاع پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر دے سکتے ہیں۔

    خیال رہے کہ آج صبح وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور صوبہ خیبر پختونخواہ و پنجاب کے مختلف شہروں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔

    زلزلہ پیما مرکز کا کہنا ہے کہ ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 6.0 ریکارڈ کی گئی، زلزلے کا مرکز افغانستان تاجکستان بارڈر تھا اور زلزلے کی گہرائی 223 کلومیٹر زیر زمین تھی۔

  • سندھ بھر میں طوفانی بارشوں کی پیش گوئی ، پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کردیا

    سندھ بھر میں طوفانی بارشوں کی پیش گوئی ، پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کردیا

    کراچی : کراچی سمیت سندھ بھر میں بارش کا سلسلہ آج سے شروع ہوگا، پی ڈی ایم اے نے ممکنہ طوفانی بارشوں کے پیش نظر الرٹ جاری کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی سمیت سندھ بھر میں بارش کاسلسلہ آج سے شروع ہوگا، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ صبح سے سسٹم کے اثرات کے تحت مطلع ابر آلود اور موسم خوشگوار ہے.

    محکمہ موسمیات نے بتایا کہ مغربی ہواوٴں کا سسٹم آج شہر میں داخل ہوگا، سسٹم کے تحت گرج چمک کے بادل بننے کے امکان کے ساتھ تیز ہوائیں ، ہلکی سے درمیانی اور کہیں کہیں تیز بارش متوقع ہیں۔

    بارش کا سسٹم تین مئی تک سندھ کے بالائی اورمشرقی علاقوں سکھر ،گھوٹکی تھرپارکر، بدین، دادو، قمبرشہداد کوٹ ، لاڑکانہ اور میرپورخاص میں تیز بارش کے ساتھ اثر انداز ہوسکتا ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا سلسلہ شہر میں یکم مئی کی رات تک جاری رہ سکتا ہے، آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔

    دوسری جانب سندھ میں ممکنہ طوفانی بارشوں کے پیش نظر پی ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو تیار رہنے کے لیے الرٹ اور ہدایات جاری کردیں۔

    پی ڈی ایم اے نے صوبے بھر کی ضلعی انتظامیہ کو ممکنہ بارشوں سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ بھر کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز بارشوں سے متعلق ایمرجنسی پلان مرتب کرلیں۔

    محکمہ موسمیات نے 28 اپریل تا یکم مئی طوفانی بارشوں کی پیش گوئی کررکھی ہے، پیش گوئی کے مطابق میرپورخاص، لاڑکانہ، بدین، سانگھڑ، مٹیاری، عمرکوٹ، بدین، قمبر اور شہداد کوٹ میں طوفانی بارشوں سے طغیانی کا خدشہ ہے۔

    اس سلسلے میں سندھ کے تمام اضلاع میں ایمرجنسی ہیلپ لائن قائم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ ادویات سمیت عوام کے استعمال کی ضروری اشیا اسٹاک کرلی جائیں۔

    اسپتالوں کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے چوبیس گھنٹے تیار رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

  • آنیوالے دنوں میں ہیٹ ویو اور شدید گرمی، پی ڈی ایم اے نے بڑے خطرے سے خبردار کردیا

    آنیوالے دنوں میں ہیٹ ویو اور شدید گرمی، پی ڈی ایم اے نے بڑے خطرے سے خبردار کردیا

    لاہور: ڈائریکٹر پی ڈی ایم اے نے آنیوالے دنوں میں ہیٹ ویو اور گرمی کی شدت میں اضافے سے جنگلات میں آتشزدگی کے خطرے کا امکان ظاہر کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر کوآرڈی نیشن کی زیرصدارت ہیٹ ویو اورفاریسٹ فائر سےمتعلق اجلاس ہوا ، جس میں ڈائریکٹرپی ڈی ایم اے طارق محمودبخاری ہدایت کی متعلقہ ادارےہیٹ ویوسےبچاؤ ،انتظامات پرپلان جمع کروائی۔

    طارق محمود بخاری نے کہا کہ محکمہ تعلیم بچوں کا امتحانی شیڈول پی ڈی ایم اے کو آگاہ کرے کیونکہ موسمیاتی تبدیلیوں سے ہیٹ ویو اور گرمی کی شدت میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ گرمی کی شدت بڑھنے سے جنگلات میں آتشزدگی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

    ڈائریکٹرپی ڈی ایم اے نے ہیٹ ویو سےبچاؤکیلئےمحکمہ صحت سمیت دیگر متعلقہ اداروں کو خصوصی ہدایات بھی جاری کردی اور کہا ہیٹ ویو سے بزرگ شہری اور بچے زیادہ متاثر ہو سکتے ہیں،بچاؤ کے لیےشہریوں کو احتیاطی تدابیر پر عمل پیراہوناہوگا۔

  • موسلا دھار بارش جاری: لاہور، اسلام آباد میں نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ

    موسلا دھار بارش جاری: لاہور، اسلام آباد میں نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ

    لاہور / اسلام آباد: صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کا کہنا ہے کہ مختلف شہروں میں موسلا دھار بارش کے باعث وفاقی و صوبائی دارالحکومت اسلام آباد، لاہور اور راولپنڈی میں نشیبی علاقے زیر آب آ جانے کا خدشہ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پنجاب کے مختلف شہروں میں موسلا دھار بارش جاری ہے جس کے باعث لاہور، اسلام آباد اور راولپنڈی میں نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے۔

    پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ تیز ہواؤں اور ژالہ باری سے کھڑی فصلوں اور کمزور انفرا اسٹرکچر کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ مری میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بھی موجود رہے گا۔

    پی ڈی ایم اے کی جانب سے تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ تمام ڈی سیز ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مشینری اور عملے کو الرٹ رکھیں۔

    ڈی جی اتھارٹی نے ہدایت کی ہے کہ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سینٹرز کا عملہ بھی شہریوں کی مدد کے لیے تیار رہے۔

  • بلوچستان میں بارشوں سے کتنا نقصان ہوا؟

    بلوچستان میں بارشوں سے کتنا نقصان ہوا؟

    کوئٹہ: صوبہ بلوچستان میں بارشوں اور سیلاب سے ہونے والے نقصانات کی تفصیل سامنے آگئی، 3 سو سے زائد اموات اور ڈیڑھ لاکھ سے زائد گھر متاثر ہوئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کی جانب سے بلوچستان میں اموات اور تباہ کاریوں سے متعلق رپورٹ جاری کردی گئی۔

    پی ڈی ایم کا کہنا ہے کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں مزید 12 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد جاں بحق افراد کی مجموعی تعداد 322 ہوگئی ہے۔

    رپورٹ کے مطابق سیلاب سے 5 لاکھ سے زائد مویشی ہلاک ہوئے ہیں، صوبے میں مجموعی طور پر 1 لاکھ 85 ہزار گھر متاثر ہوئے۔ 65 ہزار گھر مکمل تباہ ہوئے جبکہ 1 لاکھ 20 ہزار گھروں کو جزوی طور پر نقصان پہنچا۔

    پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ سیلابی صورتحال سے بلوچستان میں مجموعی طور پر 103 ڈیمز متاثر ہوئے، 9 لاکھ ایکڑ کے زرعی رقبے کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

    بارشوں میں 2 ہزار 198 کلو میٹر پر مشتمل مختلف شاہرائیں بھی شدید متاثر ہوئیں جبکہ مختلف مقامات پر 22 پل ٹوٹ چکے ہیں۔

  • بلوچستان: بارش اور سیلاب 9 مزید جانیں لے گئے

    بلوچستان: بارش اور سیلاب 9 مزید جانیں لے گئے

    کوئٹہ: بلوچستان میں 24 گھنٹوں میں بارش اور سیلاب سے مزید 9 افراد جاں بحق ہو گئے۔

    اے آروائی نیوز براہِ راست دیکھیں live.arynews.tv پر

    پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق صوبہ بلوچستان میں بارشوں اور سیلاب کی وجہ سے مزید نو افراد جاں بحق ہو گئے ہیں، جن میں 2 خواتین بھی شامل ہیں۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بلوچستان میں جاں بحق افراد کی تعداد 225 ہو گئی، جب کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران صوبے میں بارشوں اور سیلابی صورتحال سے 2 بچے بھی زخمی ہوئے ہیں۔

    پی ڈی ایم اے کے مطابق ہلاکتوں میں بچوں کی بھی ایک بڑی تعداد شامل ہے، اب تک جاں بحق ہونے والوں میں 105 مرد، 55 خواتین، اور 65 بچے شامل ہیں۔

    اموات بولان، کوئٹہ، ژوب، دکی، خضدار، کوہلو، کیچ، مستونگ، ہرنائی، قلعہ سیف اللہ، اور سبی میں ہوئیں۔

    رپورٹ کے مطابق بارشوں کے دوران حادثات کا شکار ہو کر 95 افراد زخمی ہوئے، زخمیوں میں 52 مرد، 11 خواتین اور 32 بچے شامل ہیں۔

    سندھ میں بارشوں سے تباہی جاری، مزید 11 جاں بحق

    مجموعی طور پر 26 ہزار 567 مکانات منہدم اور جزوی نقصان کا شکار ہوئے، بارشوں میں 710 کلو میٹر پر مشتمل شاہراہیں بھی شدید متاثر ہوئیں، مختلف مقامات پر 18 پل ٹوٹ چکے ہیں۔

    پی ڈی ایم اے رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بارشوں سے 1 لاکھ 7377 مال مویشی مارے گئے ہیں، اور مجموعی طور پر 1 لاکھ 98461 ایکڑ زمین پر فصلیں، سولر پلیٹس، اور ٹیوب ویلز کو نقصان پہنچا۔