Tag: پی ڈی ایم

  • پی ڈی ایم کی صورت میں تیسرا دشمن سامنے آگیا، شبلی فراز

    پی ڈی ایم کی صورت میں تیسرا دشمن سامنے آگیا، شبلی فراز

    اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم پلیٹ فارم سے آزاد بلوچستان کے نعرے کی شدید مذمت کرتے ہیں، اویس نورانی کے بیانیےکی کڑی دشمن سےملتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اطلاعات نے پی ڈی ایم کے کوئٹہ جلسے میں حکومت مخالف تقریروں پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان چوروں نے ذاتی مفاد کے لئےاداروں کو داؤ پرلگادیا ہے، اثاثےکیسے بنائے، بیروں ملک پیسہ کیسےبھیجا، ان سوالات کےجواب کے دینے کے بجائے ملک میں ایک طوفان برپا کردیاگیا ہے، مگر ہم پاکستان کو ان چوروں سےآزاد کرائیں گے۔


    پی ڈی ایم رہنما اویس نورانی کی تقریر پر شبلی فراز نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اویس نورانی نے جلسے میں آزاد بلوچستان کا نعرہ لگایا، کوئی پاکستانی ایسی بات نہیں کرسکتا، اویس نورانی نےجو بات کی مقدمہ تو ان سب پربنتا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  پی ڈی ایم رہنما اویس نورانی بھارتی زبان بولنے لگے

    سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ فوج خلاف ہرزہ سرائی سے دشمن کے بیانیےکو سپورٹ کیا جارہا ہے،دشمن نےجو کچھ بلوچستان میں کیا ان کےبیانیےسےلگتاہے یہ شریک ہیں، ہمارےجو دشمن ہیں اس کا تیسراحصہ نہیں مل رہاتھا، اب پی ڈی ایم کی شکل میں مل گیا ہے، اب بھارت، اسرائیل اور پی ڈی ایم ہمارے دشمن ہیں۔

    وزیر اطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان نےتو پہلے ہی کہہ دیاتھا یہ چور ایک ہوجائیں گے میں اکیلا رہوں گا، عمران خان ایک اشارہ کردے آئیں بات کرتے ہیں تو یہ بھاگےآئیں گے،عمران خان ملک کو چوروں سےبچائیں گے، اور ادارے مضبوط کرینگے، ملک سے معاشی غداری کرنے والوں کو عمران خان نہیں چھوڑےگا۔

    شبلی فراز نے کہا کہ بلاول بھٹو ہماری سیاست میں ایک تفریح کاسامان پیدا ہوا ہے، بلاول والد سے کیوں نہیں پوچھتےکہ عوام سے روٹی کپڑامکان کیوں چھین لیا، ان کو عوام، ملک سے کوئی دلچسپی نہیں ان کا سب کچھ باہرہے۔

  • کوئٹہ جلسے سے نواز شریف خطا ب کریں گے؟ مریم نواز کا بیان

    کوئٹہ جلسے سے نواز شریف خطا ب کریں گے؟ مریم نواز کا بیان

    لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کوئٹہ جلسے سے میاں نواز شریف خطا ب کریں گے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پی ڈی ایم کے کل ہونے والے جلسے کے لیے کوئٹہ کے ایوب اسٹیڈیم میں تیاریاں جاری ہیں، جلسے کی سیکورٹی کے لیے 4 ہزار سے زائد اہل کار تعینات کر دیے گئے ہیں، جن میں کوئٹہ پولیس، ایف سی اور بی سی سمیت دیگر سیکورٹی اہل کار شامل ہیں۔

    مریم نواز نے آج صبح لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ نواز شریف کل کے جلسے سے خطاب کریں گے، واضح رہے کہ گوجرانوالہ جلسے میں خطاب کے دوران نواز شریف نے ملکی اداروں کو نشانہ بنایا تھا جس پر انھیں ملک بھر میں شدید تنقید کا سامنا ہے، اس وقت سابق وزیر اعظم ملک میں بدعنوانی کے کئی مقدمات میں مطلوب ہیں اور علاج کی غرض سے برطانیہ میں ہیں۔

    مریم نواز نے کہا کہ اب پی ڈی ایم کی تحریک میں عوام شامل ہو گئے ہیں، ایک طرف پاکستان میں عوام روٹی کو ترس گئے ہیں، دوسری طرف حکومت کی توجہ صرف میاں نواز شریف پر ہے، اب این آر او کی عمران خان کو ضرورت ہے، کیپٹن (ر) صفدر واقعے سے حکومت نے بہت بدنامی کمالی ہے۔

    ادھر کوئٹہ میں ہونے والے پی ڈی ایم جلسے کے لیے تیاریاں جاری ہیں، شہر بھر میں مختلف سیاسی جماعتوں کے جھنڈے اور بینرز آویزاں ہو گئے ہیں، محمود اچکزئی، ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ اور اختر مینگل کوئٹہ پہنچ گئے ہیں، مولانا فضل الرحمان گزشتہ رات ضلع قلات پہنچ چکے ہیں اور آج سہ پہر کوئٹہ پہنچیں گے۔

    مریم نواز 10 رکنی وفد کے ہم راہ آج نجی ایئر لائن کی پرواز سے کوئٹہ پہنچیں گی، وفد میں شاہد خاقان عباسی، کیپٹن (ر )صفدر، احسن اقبال و دیگر شامل ہوں گے۔ بلاول بھٹو گلگت سے خصوصی پرواز کے ذریعے کل کوئٹہ پہنچیں گے، اگر وہ کسی وجہ سے کوئٹہ نہ پہنچ سکے تو پھر ویڈیو لنک پر جلسے سے خطاب کریں گے، جب کہ نواز شریف لندن سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کریں گے۔

  • گوجرانوالہ جلسہ، ایف آئی آر درج

    گوجرانوالہ جلسہ، ایف آئی آر درج

    گوجرانوالہ: ضلعی انتظامیہ نے پی ڈی ایم کے گوجرانوالہ جلسے کی انتظامیہ کے خلاف ایف آئی آر درج کرا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق 16 اکتوبر کو پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے گوجرانوالہ جلسے کی اجازت کے سلسلے میں ضلعی انتظامیہ کے ساتھ کیے جانے والے معاہدے کی خلاف ورزی پر جلسے کی انتظامیہ کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔

    مقدمہ تھانہ سول لائن میں جلسہ انتظامیہ کے خلاف درج کیا گیا ہے، ایف آئی آر کی کاپی اے آر وائی نیوز نے حاصل کر لی، جس میں کہا گیا ہے کہ جلسہ انتظامیہ نے معاہدے کی خلاف ورزی کی۔

    ایف آئی آر کے مطابق معاہدے کے خلاف گکھڑ، کامونکی سمیت دیگر علاقوں میں کیمپ لگائے گئے، شرکا جنگلے توڑ کر اور کنٹینرز ہٹا کر ممنوعہ علاقے میں گاڑیاں لےگئے۔

    ایف آئی آر متن کے مطابق جلسے سے سزا یافتہ افراد نے بھی خطاب کیا، حکومت اور حکومتی اداروں کے خلاف تقاریر ہوئیں، نعرے لگائے گئے، جلسہ گاہ میں بڑے اسپیکر لگا کر ایمپلی فائر ایکٹ کی خلاف ورزی کی گئی۔

    جلسےکے شرکا نے سیالکوٹی دروازہ اور گوندلانوالہ اڈہ پر جی ٹی روڈ بلاک کیا، جلسے میں ایس او پیز پر بھی عمل درآمد نہیں کیا گیا۔

    گوجرانوالہ جلسہ ، ضلعی انتظامیہ اور پی ڈی ایم میں 28 نکاتی معاہدے طے

    یاد رہے کہ جلسے سے ایک دن قبل ضلعی انتظامیہ اور پی ڈی ایم میں 8 نکاتی معاہدہ طے پایا تھا، جس کے تحت پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کا جلسہ جناح اسٹیڈیم میں ہونا تھا اور جلسے کا وقت سہ پہر 3 سے رات 12 بجے تک مقرر کیا گیا۔

    معاہدے کے نکات میں کہا گیا تھا کہ پی ڈی ایم جی ٹی روڈ بند نہیں کرےگی، ملکی سلامتی کے اداروں اور خلاف آئین کوئی تقریر نہیں کی جائےگی اور خلاف ورزی پر جلسہ انتظامیہ کے خلاف مقدمات درج ہوں گے۔

  • فواد چوہدری نے اعتراف کر لیا

    فواد چوہدری نے اعتراف کر لیا

    اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے اعتراف کیا ہے کہ حکومت میں انتظامی بہتری کی گنجائش موجود ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ایک ایسے وقت میں جب کہ اپوزیشن اتحاد نے ملک کے مختلف شہروں میں حکومت کے خلاف بڑے جلسے شروع کر دیے ہیں، فواد چوہدری نے ایک ٹویٹ میں اعتراف کرتے ہوئے لکھا کہ اس بات میں کوئی شبہ نہیں کہ حکومت میں انتظامی بہتری کی گنجائش ہے۔

    وفاقی وزیر نے لکھا ’اس بات میں کوئی شبہ نہیں کہ لوگوں کی امیدوں کے لیے بڑے فیصلے کرنے ضروری ہے لیکن ہزار خامیاں صحیح مگر کیا ملک شریف، زرداری یا ان کے بچوں کے حوالے کر سکتے ہیں؟‘

    فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت میں بھی خامیاں موجود ہیں اور لوگوں کی امیدوں کے مطابق فیصلے نہیں کیے جا سکے ہیں لیکن شریف خاندان یا زرداری اور ان کی اولاد کو بھی تو یہ ملک نہیں چھوڑا جا سکتا، جو سر سے پیر تک کرپشن اور لوٹ مار میں لتھڑے ہوئے ہیں۔

    فواد چوہدری نے سوال اٹھایا کہ کیا اپوزیشن کے پاس عمران خان کے قد کا ایک بھی آدمی ہے؟ تاہم وفاقی وزیر کی اس بات سے کیا مطلب تھا، یہ انھوں نے واضح نہیں کیا، کیا ان کا اشارہ عمران خان کے سیاسی قد کی طرف تھا یا اخلاقی قد کی طرف، یا ماضی میں کھیل کے حوالے سے ان کی مقبولیت کی طرف؟

    وفاقی وزیر سائنس نے اس پس منظر میں یہ نتیجہ نکالا کہ اس لیے ’پی ڈی ایم کی ناکامی عمران خان سے زیادہ ملک کی ضرورت ہے۔‘

  • کیپٹن (ر) صفدر کی گرفتاری، مولانا فضل الرحمان کا مطالبہ سامنے آ گیا

    کیپٹن (ر) صفدر کی گرفتاری، مولانا فضل الرحمان کا مطالبہ سامنے آ گیا

    کراچی: مولانا فضل الرحمان نے مطالبہ کیا ہے کہ کیپٹن (ر) محمد صفدر کو فوری طور پر رہا کیاجائے۔

    تفصیلات کے مطابق آج کراچی میں پی ڈی ایم رہنماؤں نے کیپٹن محمد صفدر کی گرفتاری پر ردِ عمل میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ پی ڈی ایم رہنما کو فوری طور پر رہا کیا جائے۔

    جمعیت علمائے اسلام ف کے رہنما مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ صفدر کی گرفتاری کے ذریعے ن لیگ اور پیپلز پارٹی میں بد اعتمادی پیدا کرنے کی کوشش کی گئی ہے لیکن بلاول بھٹو اور آصف زرداری سے بات ہوئی تو انھوں نے اس پر افسوس اور شرمندگی کا اظہار کیا۔

    مولانا کا کہنا تھا کہ یہ صرف مریم پر نہیں بلکہ پوری پی ڈی ایم پر حملہ ہے، مریم نواز یہاں آئی ہیں تو پیپلز پارٹی اور ہم میزبان ہیں، جس کی مدعیت میں ایف آئی آر کٹی، وہ مدعی کون ہے ہم عوام کو بتائیں گے۔

    مزارقائد کے تقدس کی پامالی سے متعلق کیس :کیپٹن (ر) صفدر کوعدالت میں پیش کردیاگیا

    مولانا فضل الرحمان نے کہا پی ڈی ایم رہنما کیپٹن (ر) صفدر کو ہوٹل کے کمرے سے گرفتار کیا گیا، کمرے پر دھاوا بول کر دروازہ توڑا گیا، ان کی گرفتاری قابل مذمت اور شرم ناک ہے، گرفتاری سے متعلق وزیر اعلیٰ سندھ کو بھی لاعلم رکھا گیا۔

    انھوں نے کہا کہ یہ کہا جا رہا ہے کہ مزار قائد پر ہلڑ بازی کی گئی، پی ٹی آئی کے کارکنوں کی ہلڑ بازی کا کلپ بھی موجود ہے۔

    واضح رہے کہ مزار قائد کے تقدس کی پامالی پر کیپٹن (ر) صفدر کو کراچی پولیس نے گرفتار کر لیا ہے، آج اس کیس میں صفدر کو عدالت میں بھی پیش کیاگیا۔ مریم نواز اور ان کے شوہر کے خلاف تھانہ بریگیڈ میں مقدمہ درج ہے، جس میں مزار قائد کی بے حرمتی، املاک کو نقصان پہنچانے اور دھمکیاں دینے کی دفعات شامل کی گئی ہیں جب کہ اس مقدمے میں 200 نامعلوم افراد بھی نامزد ہیں۔

  • کیپٹن (ر) صفدر کو کراچی کے تھانے میں کیا ناشتہ پیش کیا گیا؟

    کیپٹن (ر) صفدر کو کراچی کے تھانے میں کیا ناشتہ پیش کیا گیا؟

    کراچی: ن لیگ کی نائب صدر مریم نواز کے شوہر اور پارٹی رہنما کیپٹن (ر) صفدر کو عزیز بھٹی تھانے میں شہر قائد کا خصوصی ناشتہ پیش کیا گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق گزشتہ روز مزار قائد کے تقدس کی پامالی کے الزام میں پولیس نے نجی ہوٹل سے کیپٹن (ر) صفدر کو گرفتار کر کے عزیز بھٹی تھانے منتقل کر دیا ہے۔

    آج صبح ناشتے میں پولیس کی جانب سے کیپٹن صفدر کو دودھ پتی چائے اور بیکری سے بسکٹ منگوا کر پیش کیے گئے۔ ناشتے کے وقت ان کے ساتھ ایس ایچ او عزیز بھٹی اور انویسٹی گیشن افسر بھی موجود تھے۔

    کیپٹن صفدر کو تھانے منتقل کرتے ہی پولیس نے ان سے موبائل فون بھی قبضے میں لے لیے تھے۔ انھیں آج عدالت میں ریمانڈ کے لیے پیشی کے سلسلے میں بکتر بند گاڑی بھی منگوا لی گئی ہے۔

    کراچی : کیپٹن (ر) صفدر گرفتار، تھانے منتقل

    دوسری طرف محمد صفدر کی ضمانت پر رہائی کے لیے ن لیگی وکلا نے کاغذات تیار کر لیے ہیں، ان کا کہنا ہے کہ صفدر پر مقدمہ بد نیتی پر مبنی ہے، پی ایم ایل ن لائرز ونگ کے وکلا عدالت میں پیش ہوں گے، ان کی جانب سے پولیس کو ریمانڈ لینے سے روکنے کی کوشش کی جائے گی۔

    اے این پی کراچی نے اس واقعے پر رد عمل میں کہا ہے کہ سندھ پولیس نے دھاوا بولا، کمرے کا دروازہ توڑ کر گرفتاری عمل میں لائی گئی، اس وقت سندھ میں پیپلز پارٹی کی حکومت ہے، وزیر اعلیٰ سندھ بتائیں گرفتاری کے لیے ان پر کس کا دباؤ تھا، کیوں کہ مریم صفدر اور ان کے شوہر سندھ حکومت کے مہمان تھے۔

    ادھر پیپلز پارٹی کے صوبائی وزیر سعید غنی نے بھی ہاتھ کھڑے کر دیے ہیں، انھوں نے مریم نواز کے ٹوئٹ کا جواب دیتے ہوئے الزام کراچی پولیس پر ڈال دیا، اور کہا مزار قائد پر کیپٹن صفدر نے جو کچھ کیا وہ نامناسب تھا، لیکن جس انداز میں کراچی پولیس نےگرفتاری کی وہ بھی قابل مذمت ہے۔

    انھوں نے پولیس کا اقدام پی ڈی ایم جماعتوں میں خلیج پیدا کرنے کی سازش قرار دے دیا۔

  • میں ایک نہیں دو بچوں کی نانی ہوں، مریم نواز

    میں ایک نہیں دو بچوں کی نانی ہوں، مریم نواز

    کراچی: پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز شریف نے کراچی جلسے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک نہیں بلکہ دو بچوں کی نانی ہیں۔

    کراچی میں پی ڈی ایم کے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے ایک بار پھر حکومت اور وزیراعظم عمران خان کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور اپنے دور حکومت کو شاندار قرار دیا۔

    اُن کا کہنا تھا کہ ’میں ایک نہیں بلکہ دو بچوں کی نانی ہوں، ایک نواسی کی عمر تین سال جبکہ دوسرے نواسے کی عمر ڈھائی ماہ ہے، میں اپنی بیٹی سے نواسے اور نواسی کو اپنے پاس بلوا لیتی ہوں، مجھے نواسے نواسیوں کے ساتھ بہت خوشی ہوتی ہے‘۔

    مریم نواز کا کہنا تھا کہ ’نانی ماں کی بھی ماں ہوتی ہے، یعنی ماں کی جنت اُس کے قدموں کے نیچے ہوتی ہے، آپ نےمیری  نہیں بلکہ نانی جیسےمقدس رشتےکی تضحیک کی، یہ رشتے نصیب والوں کو ملتے ہیں‘۔

    مزید پڑھیں: جلسے سے جانے والوں‌ کو کیوں‌ دکھایا؟ صحافی پر جیالوں‌ کا تشدد

    مسلم لیگ ن کی نائب صدر کا کہنا تھا کہ ’یہ رشتے نعمت اور خدا کی دین ہیں، خدا ان لوگوں یہ رشتے دیتا ہے جو نبھانا جانتے ہیں، جو خاندان کی اقدار کو جانتے ہیں اور جو رشتے نبھانا جانتے ہیں، انہیں نانی اور دادی جیسے رشتے نصیب ہوتے ہیں‘۔

    مریم نواز کا کہنا تھا کہ ’ہم آج متحد ہیں مگر کل جب انتخابات ہوں گے تو ایک دوسرے کے حریف بن کر میدان میں آئیں گے مگر کسی کی تضحیک نہیں کریں گے، ایک دوسرے کے مخالف ہوں گے مگر دشمنی نہیں کریں گے‘۔

    انہوں نے بتایا کہ مولانا فضل الرحمان میرے سر پر بیٹیوں کی طرح ہاتھ رکھتے ہیں، زرداری صاحب بیٹی کہہ کر مخاطب کرتے ہیں، اور بلاول بڑی بہن مانتا ہے۔ اس موقع پر مریم نواز نے بلاول بھٹو کو مخاطب کر کے کہا کہ ’بلاول آؤ، مل کر آج یہ وعدہ کریں کہ ہم مخالفت میں اتنی آگے نہیں جائیں گے، ہم انتخابی میدان میں سیاسی حریف ہوں گے مگر دشمن نہیں ہوں گے‘۔

    مریم کا کہنا تھا کہ بلاول کی والدہ اور میرے والد کا سیاسی مخالفت کے باوجود ایک دوسرے کے لیے احترام کا رشتہ ہے، آج ہم دونوں مل کر اس سلسلے کو آگے بڑھا رہے ہیں، بے نظیر نے بلاول کو اور مجھے نوازشریف نے یہی سکھایا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: کراچی، پی ڈی ایم کے جلسے میں بدنظمی، کارکنان آپے سے باہر

    اپنے خطاب میں مریم نواز نے کراچی کے شہریوں کو مبارک باد پیش کی جبکہ جلسے کے انتظامات پر پیپلزپارٹی کی قیادت کو بھی خراج تحسین پیش کیا، ساتھ ہی مسلم لیگ ن کی نائب صدر نے کرونا کے خلاف اقدامات کرنے پر سندھ حکومت کی کارکردگی کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔

  • کراچی میں پی ڈی ایم جلسہ، ن لیگ کی جانب سے مریم نواز کا اہم خطاب

    کراچی میں پی ڈی ایم جلسہ، ن لیگ کی جانب سے مریم نواز کا اہم خطاب

    کراچی: اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پی ڈی ایم کا دوسرا جلسہ آج کراچی میں شام 4 بجے باغ جناح میں منعقد ہو رہا ہے، جس سے ن لیگ کی طرف سے مریم نواز اہم خطاب کریں گی۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ کراچی جلسے کے لیے پیپلز پارٹی کی جانب سے مسلم لیگ ن کی قیادت سے رابطہ کیا گیا تھا یہ معلوم کرنے کے لیے کہ نواز شریف خطاب کریں گے یا نہیں۔

    ذرایع نے بتایا ہے کہ پیپلز پارٹی کی جانب سے سابق وزیر اعظم کے خطاب کا شیڈول طلب کیا گیا، تاہم ن لیگ کی جانب سے فی الحال نواز شریف کے خطاب کا کوئی شیڈول نہیں دیا جاسکا، البتہ پی ڈی ایم کے جلسے سے ن لیگ کی طرف سے اہم خطاب مریم نواز کریں گی۔

    مسلم لیگ ن سندھ کی جانب سے مریم نواز کے استقبال کا پلان بھی ترتیب دے دیا گیا ہے، مریم نواز کو ریلی کی صورت میں ایئر پورٹ سے شاہراہ فیصل اور پھر شاہراہ قائدین لایا جائے گا، شاہراہ فیصل پر استقبالیہ کیمپ بھی قائم کیا گیا ہے، شاہراہ قائدین پر مریم نواز مزار قائد پر حاضری اور پھولوں کی چادر چڑھائیں گی، وہ میڈیا سے سہ پہر تین بجے مزار قائد پر گفتگو بھی کریں گی۔

    لاہور سے روانگی

    مریم نواز نے جاتی امرا سے کراچی کے لیے روانہ ہوتے وقت میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہم پہلے بھی وی آئی پی طریقے سے جیلوں میں نہیں رہے، وزیر اعظم کی تقریر ایک ہارے ہوئے شخص کی تھی، میاں صاحب نے کہا ہے بڑوں کی لڑائی میں چھوٹوں کا کام نہیں۔

    ایک صحافی نے سوال کیا کہ کیا حکومت کو کراچی جلسہ نظر نہیں آیا؟ مریم نواز نے جواب میں کہا حکومت کو کچھ دنوں میں سب نظر آ جائے گا، عمران خان سے ہمارا مقابلہ ہے ہی نہیں، ہم خوف زدہ نہیں ہیں، وہ دھمکیاں کسی اور کو دیں، ہم تو 2 بار 6،6 مہینے جیل کاٹ آئے ہیں اب گرفتاری سے کیسا خوف، جو خوف تھا وہ بھی ختم ہوگیا ہے۔

    ٹریفک پلان

    ادھر ٹریفک پولیس نے پی ڈی ایم جلسے کے پیش نظر ٹریفک روٹ پلان جاری کر دیا ہے، جلسہ شام 4 بجے باغ جناح میں ہوگا، ٹریفک پولیس نے شہریوں کو متبادل راستے اختیارکرنے کی ہدایت کی ہے، جمشید روڈ تا نمائش سڑک عام ٹریفک کے لیے بند رہےگی، تین ہٹی سے نمائش عام شہریوں کو جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔

    شارع قائدین پر ٹریفک کو نورانی سگنل سے آگے جانے نہیں دیا جائے گا، شہری گرومندر سے سولجر بازار کا متبادل راستہ اختیار کریں، جمشید روڈ سے جیل فلائی اوور کا راستہ اختیار کیا جائے، جب کہ نیو ٹاؤن اور طارق روڈ کا متبادل راستہ اختیار کیا جائے۔

    سیکورٹی انتظامات

    باغ جناح میں پی ڈی ایم کے جلسے کی سیکورٹی جائزہ لینے کے لیے گزشتہ روز ایڈیشنل آئی جی غلام نبی میمن نے باغ جناح کا دورہ کیا تھا، ڈی آئی جی ایسٹ نعمان صدیقی، ایس ایس پی ایسٹ ساجد سدوزئی اور ڈی آئی جی امین یوسف زئی بھی ان کے ہمراہ تھے۔

    اے آئی جی غلام نبی میمن نے کہا کہ جلسے کی سیکورٹی کے لیے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں، 5 ہزار 200 اہل کار جلسے کی سیکورٹی پر مامور ہوں گے، جلسہ گاہ میں داخلے کے لیے وی آئی پی سمیت 4 داخلی گیٹ بنائے گئے ہیں۔

    مرکزی اسٹیج کے اطراف خاردار تاریں لگا کر روکاوٹ لگائی گئی ہے، ایس ایس یو کے جوان جلسہ گاہ میں پہلے ہی تعینات کر دیے گئے ہیں۔

  • مریم نواز کل کراچی پہنچیں گی

    مریم نواز کل کراچی پہنچیں گی

    کراچی: مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز کل کراچی پہنچیں گی۔

    تفصیلات کے مطابق ذرایع کا کہنا ہے کہ مریم نواز کل 12 بجے کراچی پہنچیں گی، اور شہر قائد میں منعقد ہونے والے پی ڈی ایم کے دوسرے جلسے میں شرکت کریں گی۔

    ذرایع نے بتایا ہے کہ مریم نواز کراچی پہنچنے کے بعد مزار قائد پر حاضری بھی دیں گی۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز پنجاب کے شہر گوجرانوالہ کے جناح اسٹیڈیم میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ نے حکومت کے خلاف اپنے پہلے جلسے کے ذریعے پاور شو کیا تھا۔

    جلسے کی کامیابی پر مریم نواز کی مبارک باد

    مریم نواز نے گوجرانوالہ جلسے میں خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہمیں سسلین مافیا کہا جا رہا تھا، اب پتا چلا کہ مافیا کیا ہوتا ہے؟ پہلے چیزیں غائب کرتے ہیں پھر قیمتیں بڑھا کر چیزیں واپس لے آتے ہیں، موجودہ حکومت کی کرپشن کی داستانیں سامنے آئیں گی تو لوگ کانوں کو ہاتھ لگائیں گے۔

    انھوں نے خطاب میں کہا تھا کہ وہ جلسے میں مہنگائی کے مارے عوام اور تاجروں کا مقدمہ لے کر آئی ہیں، انھوں نے کہا ووٹ کو عزت نہیں ملتی تو عوام کا وہ حال ہوتا ہے جو آج سب کا ہو رہا ہے۔

  • گوجرانوالہ جلسہ ، ضلعی انتظامیہ اور پی ڈی ایم میں 28 نکاتی معاہدے طے

    گوجرانوالہ جلسہ ، ضلعی انتظامیہ اور پی ڈی ایم میں 28 نکاتی معاہدے طے

    گوجرانوالہ: 16 اکتوبر کو جناح اسٹیڈیم میں ہونے والے جلسے کیلئے ضلعی انتظامیہ اور پی ڈی ایم میں 28 نکاتی معاہدے طے پاگیا ، جس میں تمام راستےکھولنے ، کنٹینرزہٹانے اور تمام گرفتارافرادکورہاکرنےکافیصلہ کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گوجرانوالہ جلسے کیلئے ضلعی انتظامیہ اور پی ڈی ایم میں معاہدے طے پا گیا، طویل مذاکرات کے بعد 28 نکاتی معاہدے پراتفاق ہوا ، جس کے تحت پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کا جلسہ جناح اسٹیڈیم میں ہوگا، جلسے کا وقت سہ پہر3 سے رات12 بجے تک مقرر کیا گیا۔

    معاہدے کے مطابق جلسے میں کورونا ایس اوپیزپرعملدآمدلازمی ہوگا اور بناماسک ،سینیٹائزر کے جلسہ گاہ میں داخل ہونے نہیں دیا جائےگا جبکہ پی ڈی ایم کا کوئی رہنما اسٹیڈیم کے سوا کسی جگہ تقریر نہیں کرے گا۔

    معاہدےکے نکات میں کہا گیا ہے کہ پی ڈی ایم جی ٹی روڈ بند نہیں کرےگی ، ملکی سلامتی کےاداروں اورخلاف آئین کوئی تقریرنہیں کی جائےگی اور خلاف ورزی پرجلسہ انتظامیہ کےخلاف مقدمات درج ہوں گے۔

    سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ معاہدے کے مطابق تمام راستےکھولنے ، کنٹینرزہٹانے اور تمام گرفتارافرادکورہاکرنےکافیصلہ کیا گیا ہے جبکہ کوئی چھاپہ مار کارروائی نہیں کی جائے گی۔

    خیال رہے مسلم لیگ ن کی قیادت نے جناح اسٹیڈیم میں جلسے کی اجازت حاصل کرنے کے لیے ضلعی انتظامیہ کو درخواست دی تھی، جس کے بعد ضلعی انتظامیہ کی جانب سے منتظمین کو جلسے کی مشروط اجازت دی گئی ہے، انتظامیہ نے منتظمین کو ہدایت کی کہ وہ کرونا ایس او پیز پر ہر صورت عمل کریں۔