Tag: پی ڈی ایم

  • ملک مشکل میں ہے، ملک کا مستقبل روشن دیکھنا چاہتے ہیں: بلاول بھٹو

    ملک مشکل میں ہے، ملک کا مستقبل روشن دیکھنا چاہتے ہیں: بلاول بھٹو

    مالاکنڈ: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ملک اس وقت مشکل میں ہے، ہم ملک کا مستقبل روشن دیکھنا چاہتے ہیں، پاکستان کے عوام خود مستقبل کے فیصلے کریں گے۔

    ان خیالات کا اظہار وہ خیبر پختون خوا کے ضلع مالاکنڈ میں پی ڈی ایم کے جلسے سے خطاب کے دوران کر رہے تھے، انھوں نے کہا ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل نے کہا کہ اس دور میں سب سے زیادہ کرپشن ہوئی ہے، ہم کرپشن کے ناسور کو ختم کریں گے۔

    چیئرمین پی پی نے کہا خیبر پختون خوا کو واجب الادا 160 بلین روپے نہیں دیے گئے، حکومت آپ کے حقوق پر ڈاکا ڈالنا چاہتی ہے، ہم تو چاہتے تھے کہ فاٹا خیبر پختون خوا میں ضم ہو، لیکن انھوں نے خیبر پختون خوا کو فاٹا میں ضم کر دیا۔

    بلاول بھٹو نے مزید کہا ملک میں نہ صحافت، نہ سیاست اور نہ عوام آزاد ہے، ہم آزادی کے لیے جدوجہد کرتے رہیں گے، میں اور آپ مل کر یہ جدوجہد کریں گے۔

    پیپلز پارٹی کی اے آر وائی نیوز ٹیم پر حملے پر معذرت، اے این پی کی مذمت

    انھوں نے کہا ملک کی معیشت تباہ ہوگئی، پاکستان کی معیشت کا گراف بنگلا دیش اور افغانستان سے بھی نیچے ہے، ہم پر ایسی حکومت مسلط کی گئی ہے جسے معیشت کا بھی نہیں معلوم، پاکستان میں آدھے گھر غذائی قلت کا شکار ہیں، پورے پاکستان کو اندھیرے میں دھکیلا گیا، 50 لاکھ گھر کا وعدہ کر کے غریب عوام کے سر سے چھت چھین لی گئی۔

    بلاول نے کہا مالاکنڈ کے عوام نے پورے پاکستان کو فیصلہ سنا دیا، ان کا ایک ہی مطالبہ ہے حکومت کا خاتمہ، دہشت گردوں کو امریکا افغانستان سے نہ بھگا سکا، مالاکنڈ کے عوام نے بھگایا، مالاکنڈ کے عوام نے آمروں کا مقابلہ کیا، عوام سے وعدہ کر رہا ہوں مل کر اس حکومت کا خاتمہ کریں گے۔

  • پی ڈی ایم کے غنڈوں کی اے آر وائی نیوز پر حملے کی مذمت کرتے ہیں: شوکت یوسفزئی

    پی ڈی ایم کے غنڈوں کی اے آر وائی نیوز پر حملے کی مذمت کرتے ہیں: شوکت یوسفزئی

    پشاور: اے آر وائی نیوز ٹیم پر حملہ کرنے کے واقعے پر صوبائی وزیر شوکت یوسفزئی نے ردِ عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم پی ڈی ایم کے غنڈوں کی اے آر وائی نیوز پر حملے کی مذمت کرتے ہیں۔

    شوکت یوسفزئی نے اپنے مذمتی بیان میں کہا کہ آزادی صحافت کی بات کرنے والے خود تنقید برداشت نہیں کر سکتے، پی ڈی ایم والے صحافیوں کو اپنی گندی سیاست میں نہیں گھسیٹیں، وہ حوصلہ اور ہمت پیدا کرے اور اصل حقیقت تسلیم کرے۔

    صوبائی وزیر نے کہا پی ڈی ایم کی لیڈر شپ اور جلسے بری طرح پٹ چکے ہیں، لیکن جلسوں کی حقیقت بتانے پر انھیں برا لگتا ہے، اے آر وائی نیوز سب سے زیادہ دیکھا جانے والا چینل بن چکا ہے، یہ آزادی صحافت کا علم بردار چینل ہے۔

    شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا جمہوری ممالک میں آزاد صحافت کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے، لیکن لوٹ مار کرنے والوں کی نشان دہی پر اے آر وائی نیوز کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

    مالاکنڈ جلسہ: پی ڈی ایم کارکنوں کا اے آر وائی نیوز کی ٹیم پر تشدد

    واضح رہے کہ آج خیبر پختون خوا کے ضلع مالاکنڈ کے شہر بٹ خیلہ میں پی ڈی ایم کے جلسے میں کارکنوں نے اے آر وائی نیوز کی ٹیم پر حملہ کر کے انھیں تشدد کا نشانہ بنایا، مشتعل افراد نے اے آر وائی نیوز کے عملے کو زد و کوب کیا، اور ڈی ایس این جی وین پر پتھر پھینکے اور ڈنڈے برسائے۔

    پی ڈی ایم کے مشتعل کارکنوں کے حملے میں اے آر وائی نیوز کی گاڑی کو نقصان پہنچا، اور کیمرہ مین آپریٹر کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔

  • مالاکنڈ جلسہ: پی ڈی ایم کارکنوں کا اے آر وائی نیوز کی ٹیم پر تشدد

    مالاکنڈ جلسہ: پی ڈی ایم کارکنوں کا اے آر وائی نیوز کی ٹیم پر تشدد

    مالاکنڈ: خیبر پختون خوا کے ضلع مالاکنڈ کے شہر بٹ خیلہ میں پی ڈی ایم کارکنوں نے جلسے کے دوران اے آر وائی نیوز کی ٹیم پر حملہ کر کے انھیں تشدد کا نشانہ بنایا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے مالاکنڈ جلسے کے دوران مشتعل افراد نے اے آر وائی نیوز کے عملے کو زد و کوب کیا، مشتعل افراد نے ڈی ایس این جی وین پر پتھر پھینکے اور ڈنڈے برسائے۔

    پی ڈی ایم کارکنان کے حملے اور تشدد سے بچنے کے لیے اے آر وائی ٹیم کے ارکان نے خود کو ڈی ایس این جی میں بند کر دیا، تاہم مشتعل افراد نے گاڑی پر ڈنڈے برسانا شروع کر دیا۔

    اس دوران مالا کنڈ جلسے میں اسٹیج سے کارکنوں کو عدم تشدد کی تلقین بھی ہوتی رہی، تاہم مشتعل افراد کو قابو نہ کیا جا سکا، اور انھوں نے آر وائی نیوز کی ٹیم کو زد و کوب کیا۔

    بعد ازاں اے آر وائی نیوز کی ٹیم کو جلسہ گاہ سے بھی باہر کیا گیا، مظاہرین نے اے آر وائی کے خلاف نعرے بازی بھی کی، اور کیمرہ مین آپریٹر کو تشدد کا نشانہ بنایا۔

  • پی ڈی ایم کا 19 جنوری کو الیکشن کمیشن کے سامنے دھرنے کا اعلان

    پی ڈی ایم کا 19 جنوری کو الیکشن کمیشن کے سامنے دھرنے کا اعلان

    بہاولپور: پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ نے 19 جنوری کو الیکشن کمیشن کے سامنے دھرنے کا اعلان کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے آج بہاولپور ریلی سے خطاب میں اعلان کیا کہ انیس جنوری کو فارن فنڈنگ کیس کے خلاف الیکشن کمیشن کے سامنے مظاہرہ کیا جائے گا۔

    انھوں نے کہا بہاولپور کے عوام نے حکومت پر عدم اعتماد کا اظہار کر دیا ہے، پی ڈی ایم حقیقی جمہوریت کے لیے جدوجہد کر رہی ہے، حکومت صرف عوامی نمائندہ ہی چلا سکتا ہے، عوام کے نمائندے وہی ہیں جو پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم پر اکھٹے ہیں۔

    فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کہتا ہے اسٹیبلشمنٹ میری پشت پر کھڑی ہے، اگر ایسا ہے تو اسٹیبلشمنٹ اپنی پوزیشن واضح کرے، اگر آپ اس حکومت کی پشت پر ہیں تو کیا ہم تحریک آپ کے خلاف چلائیں۔

    سربراہ پی ڈی ایم نے کہا وزیر اعظم نے بیان دیا کہ انھیں حکومت چلانی نہیں آتی، انھیں وقت چاہیے، یہ کیسی حکومت ہے، اس کے خلاف تحریک جہاد ہے اور جہاد سے پیچھا ہٹناگناہ کبیرہ ہے، یہ ملک کسی کی جاگیر نہیں، اس حکومت کو جانا ہوگا اور نئے الیکشن ہونے چاہیئں۔

    پی ڈی ایم نے استعفے دئیے تو حکومت کا کام تمام ہوجائیگا، مریم

    فضل الرحمان نے حکومتی پالیسیوں کو ناکام قرار دیتے ہوئے کہا کشمیر کو مودی کے ظلم و ستم پر چھوڑ دیا گیا ہے، کشمیر کا سودا کیا گیا ہے، کشمیر کو 3 حصوں میں تقسیم کرنے کا فارمولا عمران خان کا ہی تھا، انھوں نے کہا تھا مودی الیکشن میں کامیاب ہو تو کشمیر کا مسئلہ حل ہو جائے گا، وہی ہوا مودی نے الیکشن جیت کر کشمیر پر قبضہ کر لیا۔

    انھوں نے کہا پی ڈی ایم کی سربراہی میں ملک بھر میں کشمیریوں سے یک جہتی کے لیے مظاہرہ کریں گے، 21 جنوری کو کراچی میں اسرائیل نامنظور ریلی نکالی جائے گی۔

  • ن لیگ نے فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ ایک ماہ میں کرنے کا مطالبہ کر دیا

    ن لیگ نے فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ ایک ماہ میں کرنے کا مطالبہ کر دیا

    لاہور: سابق وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ ہمارا مطالبہ ہے فارن فنڈنگ کیس کا ایک ماہ میں فیصلہ کیا جائے، ن لیگ الیکشن کمیشن کے دفتر کے باہر مظاہرہ بھی کرے گی۔

    میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ن لیگی رہنما نے کہا کہ سپریم کورٹ کی ہدایت ہے کہ فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ میرٹ پر کیا جائے، کیس جلد نمٹانے کے لیے ہم نے چیف الیکشن کمشنر سے بھی ملاقات کی، عمران خان نے اپنے درجنوں بینک اکاؤنٹس الیکشن کمیشن سے چھپائے ہیں۔

    احسن اقبال نے کہا اوورسیز پاکستانیوں کو دھوکا دے کر کروڑوں روپے حاصل کیے گئے، ان کے پیسے پارٹی کے اکاؤنٹ میں ظاہر نہیں کیے گئے، ہمارا مطالبہ ہے فارن فنڈنگ کیس کا ایک ماہ میں فیصلہ کیا جائے۔

    نارووال اسپورٹس سٹی کیس میں احسن اقبال پر فرد جرم عائد

    انھوں نے کہا فارن فنڈنگ کیس کا میرٹ پر فیصلہ ہوا تو عمران خان کی سیاست ختم ہو جائے گی، جتنی کرپشن اس حکومت نے کی ہے اس کی مثال ملکی تاریخ میں نہیں ملتی۔

    احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ملک میں سیاسی استحکام کے قیام تک دیرپا معاشی ترقی نہیں ہو سکتی، پی ڈی ایم کے اجلاس نے حکومتی ترجمانوں کے دعوؤں پر پانی پھیر دیا، پی ڈی ایم آئین کی حکمرانی اور اداروں کو مضبوط دیکھنا اور ملک میں غیر جمہوری قوت کا داخلہ بند کرنا چاہتی ہے۔

    ن لیگی رہنما نے کہا کہ اپنی کامیابی کا اتنا یقین ہے جتنا سورج کے مشرق سے نکلنے کا، تمام حکومتی مشینری نے زور لگایا ہوا تھا لیکن پی ڈی ایم پہلے سے زیادہ مضبوط ہوگئی ہے، 2021 الیکشن کا سال ہوگا۔

  • میرے پاس ٹریک ٹو ڈائیلاگ کا سب سے بڑا مینڈیٹ ہے: محمد علی درانی

    میرے پاس ٹریک ٹو ڈائیلاگ کا سب سے بڑا مینڈیٹ ہے: محمد علی درانی

    لاہور: پاکستان مسلم لیگ (فنکشنل) کے جنرل سیکریٹری محمد علی درانی نے کہا ہے کہ ان کے پاس ٹریک ٹو ڈائیلاگ کا سب سے بڑا مینڈیٹ ہے، مولانا فضل الرحمان نے شرائط کے ساتھ ڈائیلاگ کو آگے بڑھانے کا کہا، جلد سیاسی درجہ حرارت میں کمی ہوگی۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام اعتراض ہے میں بات کرتے ہوئے محمد علی درانی نے کہا کہ کوئی بھی ڈائیلاگ اتفاق سے نہیں، اختلاف سے شروع ہوتا ہے، میرے پاس ٹریک ٹو ڈائیلاگ کا مینڈیٹ ہے، مجھے یقین ہے سب مذاکرات کی میز پر بیٹھیں گے۔

    انھوں نے کہا ملک میں اس وقت ڈائیلاگ کی ضرورت ہے، اپوزیشن کے استعفوں سے کوئی مسئلہ حل نہیں ہوگا، ملک کے بڑے اسٹیک ہولڈرز کہہ چکے ہیں کہ بات چیت ہونی چاہیے، اگر حکومت اور اپوزیشن کا ٹکراؤ بڑھتا رہا تو عوام کا ردِ عمل آئے گا۔

    محمد علی درانی نے کہا مجھے یقین ہے سب مذاکرات کی میز پر بیٹھیں گے، جب سب بیٹھیں گے تو سب کے تھوڑے تھوڑے مسئلےحل ہوں گے، ہر آدمی چاہتا ہے موجودہ حالات کا کوئی نہ کوئی حل ضرور نکلے۔

    گرینڈ مذاکرات کے لیے اپوزیشن میں اختیارات کس کے پاس ہوں گے؟

    ان کا کہنا تھا ٹریک ٹو ڈائیلاگ کی ملاقاتیں خفیہ ہی ہوتی ہیں، استعفوں کے بعد بھی بات کرنی ہوگی تو پہلے ہی کیوں نہ کر لی جائے، جب اپوزیشن اور حکومت کہے بات نہیں کرنی تو پھر ڈائیلاگ اور بھی ضروری ہو جاتے ہیں۔

    فنکشنل لیگ کے رہنما نے کہا ٹریک ٹو ڈائیلاگ کا مقصد یہ ہے کہ کوئی ایک ایجنڈا نکل آئے جس پر بات ہو سکے، پارلیمنٹ کے 2 پہیے ہوتے ہیں ایک حکومت دوسری اپوزیشن، موجودہ حالات میں آگ پر تیل ڈالنے کی بجائے پانی ڈالنے کا کام کیا جائے، حکومت اور اپوزیشن مذاکرات کی میز پر نہیں بیٹھتے تو نقصان عوام کا ہوگا۔

    انھوں نے کہا ہمیں عوام کے مسائل کے حل کے لیے آگے آنا ہوگا، کم عرصے میں سیاسی درجہ حرارت کم ہوتا ہوا نظر آ رہا ہے۔

  • گرینڈ مذاکرات کے لیے اپوزیشن میں اختیارات کس کے پاس ہوں گے؟

    گرینڈ مذاکرات کے لیے اپوزیشن میں اختیارات کس کے پاس ہوں گے؟

    لاہور: پی ڈی ایم کے سربراہی اجلاس میں نیشنل ڈائیلاگ کے لیے پی ڈی ایم جماعتوں نے اختیارات وضع کر لیے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے سربراہی اجلاس میں ایک طرف اہم اختلافات سامنے آ گئے ہیں تو دوسری طرف گرینڈ مذاکرات کے لیے اختیارات بھی وضع کر لیے گئے ہیں۔

    ذرائع ن لیگ کا کہنا ہے کہ مذاکرات کا اختیار صرف نواز شریف، شہباز شریف یا مریم نواز کے پاس ہوگا، دیگر لیگی قیادت کے پاس گرینڈ مذاکرات کا اختیار نہیں ہوگا۔

    اسی طرح پیپلز پارٹی میں بھی گرینڈ مذاکرات کا اختیار صرف آصف علی زرداری اور بلاول کے پاس ہوگا۔

    ذرائع کے مطابق پی ڈی ایم کے سربراہی اجلاس میں اہم اختلافات سامنے آگئے ہیں، جماعتوں کی ایک دوسرے کو کسی ایک مؤقف پر منانے کی کوششیں جاری رہیں۔

    جے یو آئی کا مؤقف رہا کہ تمام اسمبلیوں کے اراکین کو استعفے قیادت کو دینے چاہیے، آصف زرداری اور بلاول نے فی الفور استعفے دینے پر اختلاف رائے کا اظہار کیا جب کہ ن لیگ نے جے یو آئی کے مؤقف سے اتفاق کیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی کا مؤقف ہے کہ سینیٹ اور ضمنی الیکشن میں بھرپور حصہ لیا جائے، جب کہ ن لیگ کا مؤقف ہے کہ سینیٹ انتخابات میں حصہ لینا چاہیے مگر ضمنی انتخابات میں نہیں، ادھر مولانا فضل الرحمان کا مؤقف ہے کہ کسی بھی انتخابات میں حصہ نہیں لینا چاہیے، بلکہ استعفے دے دیں۔

    واضح رہے کہ جاتی امرا میں پی ڈی ایم سربراہی اجلاس میں نواز شریف، آصف زرداری اور بلاول نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔

    ادھر نواز شریف اور مریم نواز کے ترجمان محمد زبیر نے دعویٰ کیا ہے کہ تمام استعفے آ گئے ہیں، اگر یہ تمام استعفے ایک ساتھ استعمال کریں تو زیادہ مؤثر ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم متحد ہے اور اجلاس سے خوش خبری ملے گی۔

  • پی ڈی ایم کی وجہ سے کرونا وائرس کی وبا میں اضافہ ہوا: فردوس عاشق اعوان

    پی ڈی ایم کی وجہ سے کرونا وائرس کی وبا میں اضافہ ہوا: فردوس عاشق اعوان

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کی وجہ سے کرونا وائرس کی وبا میں اضافہ ہوا، گزشتہ 24 گھنٹے میں کرونا وائرس کے 500 سے زائد نئے کیسز سامنے آئے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ پنجاب میں 24 گھنٹے میں کرونا وائرس کے 505 نئے کیس سامنے آئے جبکہ 34 مریض جاں بحق ہوئے۔

    فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں کرونا وائرس مریضوں کی تعداد 1 لاکھ 31 ہزار 933 تک پہنچ گئی، لاہور میں مریضوں کی تعداد 64 ہزار 679 تک بڑھ چکی ہے۔ صوبے میں اب تک کرونا سے 3 ہزار 638 مریض جاں بحق ہوچکے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کا ٹولہ مکافات عمل کا شکار ہوچکا ہے، ان عناصر کی وجہ سے وبا میں اضافہ ہوا، پی ڈی ایم کی منفی سیاست سکڑ چکی۔ وہ وقت دور نہیں جب پی ڈی ایم میں جوتیوں میں دال بٹے گی۔

    معاون خصوصی کا مزید کہنا تھا کہ لٹیروں، چوروں اور بہروپیوں کا کوئی سیاسی مستقبل نہیں، عوام ایسے عناصر کے جھانسے میں نہیں آئیں گے۔ خدمت کی سیاست کے آگے تخریبی سیاست اپنی موت آپ مر چکی ہے۔

  • اب لانگ مارچ ہوگا، اسلام آباد آ رہے ہیں: بلاول بھٹو

    اب لانگ مارچ ہوگا، اسلام آباد آ رہے ہیں: بلاول بھٹو

    لاہور: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پی ڈی ایم مینار پاکستان جلسے میں خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ جمہوریت میں ہمارا خون شامل ہے، اس کا دفاع کریں گے، مذاکرات کا وقت گزر چکا اب اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کریں گے۔

    بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ہمارے درمیان دراڑ نہیں آئے گی، کوششیں بند کی جائیں، عوام نے اپنا فیصلہ سنا دیا، ہم اسلام آباد آ رہے ہیں اور پہنچ کر وزیر اعظم سے استعفیٰ چھین لیں گے۔

    انھوں نے کہا ہم اپنے سیاسی اختلافات بھلا کر پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم پر متحد ہوئے ہیں، یہ اقتدار کی نہیں عوام کی حق حکمرانی کی جنگ ہے، عوام کے خلاف ہمیشہ سازش کی گئی اب یہ سلسلہ بند ہونا چاہیے۔

    پنڈال میں لوگ اس لیے نہیں آ سکے کہ پنڈال میں جگہ باقی نہیں: مریم نواز

    بلاول نے کہا پاکستان کے سب سے بڑے صوبے کے ساتھ مذاق کیا جا رہا ہے، وزیر اعظم نے پنجاب کا تاج کٹھ پتلی کے سر پر رکھا، لاہور کے لوگ بے سہارا نہیں، پی ڈی ایم ان کے ساتھ کھڑی ہے، ان شاء اللہ حکمران گھر جانے والے ہیں۔

    انھوں نے خطاب میں کہا ہم کشتیاں جلا کر میدان میں اترے ہیں، لاہور کی گلیاں اور محلے ہماری قربانیوں کی داستانوں کےگواہ ہیں، عوام تحریک کا ساتھ دیتے ہیں تو ظلم کی زنجیریں ٹوٹ جایا کرتی ہیں۔

  • پنڈال میں لوگ اس لیے نہیں آ سکے کہ پنڈال میں جگہ باقی نہیں: مریم نواز

    پنڈال میں لوگ اس لیے نہیں آ سکے کہ پنڈال میں جگہ باقی نہیں: مریم نواز

    لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ آج زندہ دلان لاہور نے مجھے خوش کر دیا ہے، پنڈال میں لوگ اس لیے نہیں آ سکے کیوں کہ پنڈال میں جگہ باقی نہیں بچی۔

    مریم نواز آج لاہور میں مینار پاکستان پر پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے جلسے سے خطاب کر رہی تھیں، انھوں نے کہا یہ کون کہتا تھا کہ ن لیگ کو کہو گراؤنڈ بھر کر دکھائے، آج دیکھ لیں مینار پاکستان کے آس پاس کی سڑکیں بھر چکی ہیں۔

    انھوں نے کہا جلسہ منتظمین نے بتایا تھا کہ پنڈال میں ہزاروں کرسیاں لگی ہوئی ہیں، پنڈال میں مجھے ایک بھی کرسی نظر نہیں آ رہی، لوگ ہی اتنے ہیں، لاہور سگے بھائی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سندھ کا بھی ویلکم کرتا ہے، ہزاروں لوگ جگہ نہ ہونے کی وجہ سے نہیں آ سکے۔

    مریم نواز نے کہا لاہوریوں نے آج عوام دشمن حکومت کو مینار پاکستان سے نیچے پھینک دیا ہے، نواز شریف اب عوام کی روٹی چوری کرنے اور پاکستان کی ترقی روکنے والوں کو این آر او نہیں دے گا۔

    انھوں نے جلسے کے شرکا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا جلسوں میں ماسک پہن کر آئیں کیوں کہ مجھے آپ کی زندگی کی فکر ہے، لیکن کرونا سے زیادہ خطرناک کو وِڈ 18 ہے، لاہوریوں نے مینار پاکستان کے سائے میں نئی تاریخ رقم کی ہے، لاہور پاکستان کے چاروں صوبوں کو جوڑے گا۔

    مریم نواز نے کہا پاکستان میں ترقی قرنطینہ ہوگئی ہے، گندم، آٹا، چینی، بجلی قرنطینہ ہوگئی ہے، میڈیا اور عوام کا روزگار قرنطینہ میں چلا گیا ہے، لاہوریوں کو اس کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہونا ہوگا۔