Tag: چائنا کٹنگ

  • لیاقت قائم خانی کے جعلی سودوں اور چائنا کٹنگ کی تفصیلات سامنے آ گئیں

    لیاقت قائم خانی کے جعلی سودوں اور چائنا کٹنگ کی تفصیلات سامنے آ گئیں

    کراچی: کے ایم سی کے سابق ڈی جی پارکس لیاقت قائم خانی سے متعلق اہم انکشافات ہوئے ہیں، ذرایع کا کہنا ہے کہ لیاقت قائم خانی نے کراچی کے پوش علاقوں میں پارکوں پر چائنا کٹنگ کرائی۔

    تفصیلات کے مطابق سابق ڈی جی پارکس نے سرکاری زمینوں کے جعلی سودے بھی کیے، ذرایع نے کہا کہ پارکوں کی زمین کی الاٹمنٹ سے انھوں نے سیاسی رہنماؤں کے قریبی دوستوں کو نوازا۔

    زمینوں کی الاٹمنٹ کی دستاویزات سابق ڈی جی منظور قادر کاکا نے بنوائیں، لیاقت قائم خانی نے باغ ابن قاسم کے ساتھ پولو گراؤنڈ کی بارہ دری کا بھی جعلی سودا کیا، کے ایم سی کے فنڈز سے بنی بارہ دری کے نیچے پارکنگ نجی ہوٹل کو دے دی۔

    ذرایع نیب کا کہنا ہے لیاقت قائم خانی نے دستاویزات میں بارہ دری کو کے ڈی اے کی ملکیت ظاہر کیا، جب کہ کے ڈی اے نے نیب حکام کو 12 سال سے کوئی فیس یا ٹینڈرجاری کرنے کی تردید کر دی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  نیب ٹیم لیاقت قائم خانی کی تجوری کھولنے میں ناکام، ڈرل مشین کی 8 بٹیں ٹوٹ گئیں

    سوال اٹھا ہے کہ 12 سال سے فیس یا ٹینڈر جاری نہیں ہوا تو لاکھوں روپے یومیہ کہاں جا رہے ہیں، پارکنگ کی 12 سال سے فیس کس کو جاتی ہے، نیب حکام نے اس کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

    ذرایع نیب نے کہا کہ طارق روڈ جھیل پارک کی اراضی سیاسی رہنماؤں کے دوست کو الاٹ کرائی گئی، جھیل پارک کی اراضی پر کثیرالمنزلہ عمارت تعمیر ہے، جس کا نقشہ منظور قادر کاکا نے پاس کیا، ہل پارک اراضی پر بھی اربوں کے 42 بنگلوں کی زمین الاٹمنٹ میں قائم خانی ملوث ہیں۔

    شہید بے نظیر پارک پر بھی کثیرالمنزلہ عمارت کی زمین الاٹ کی گئی، اس الاٹمنٹ میں بھی لیاقت قائم خانی نے منظور قادر کاکا کے ساتھ سہولت کاری کی، نیب نے محکمہ بلدیات سے لیاقت قائم خانی کی تمام تفصیلات اور جاری فنڈز کی رپورٹ مانگ لی۔

  • اسلام آباد فٹبال گراؤنڈ میں وکلاء کی چائنا کٹنگ پرچیف جسٹس کا ازخود نوٹس

    اسلام آباد فٹبال گراؤنڈ میں وکلاء کی چائنا کٹنگ پرچیف جسٹس کا ازخود نوٹس

    اسلام آباد : چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے اسلام آباد کے سیکٹر ایف ایٹ میں واقع فٹبال گراؤنڈ پر ناجائز قبضے کا از خود نوٹس لے لیا اورسی ڈی اے سے قبضے سے متعلق تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں وکیلوں کی جانب سے سیکٹر ایف8کے فٹبال گراؤنڈ پر مبینہ چائنہ کٹنگ کا چیف جسٹس ثاقب نثار نے سختی سے نوٹس لیتے ہوئے چئیرمین سی ڈی اے سے تین دن میں رپورٹ طلب کرلی ہے۔

    اسلام آباد میں اے آر وائی نیوز کے نمائندے شاہد میتلا نے بتایا ہے کہ قانون کا بھاشن دینے والوں کی لاقانونیت انتہا کو پہنچ گئی ہے، مذکورہ فٹبال گراؤنڈ پر وکلاء کا چیمبر زیر تعمیر ہے، حد تو یہ ہے عمارت بنا کر خود بھی رہ رہے ہیں اور اسے کرائے پر بھی دی ہوئی ہے۔

    علاقہ مکینوں نے قبضے کو بچوں کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی قرار دیا ہے، علاقہ مکین وکیلوں کے عتاب سے بچنے کے باعث میڈیا پر نہیں آتے۔

    وکلاء گردی کی اس سے بڑی مثال کیا ہوگی کہ جب انتظامیہ کے لوگ کارروائی کیلئے آتے ہیں تو انہیں زدوکوب کرکے بھگا دیا جاتا ہے، اس کے علاوہ وکیلوں نے گراؤنڈ کی پارکنگ کو بھی نہ چھوڑا اور وہاں بھی قبضہ جمائے بیٹھے ہیں۔

  • چائنا کٹنگ میں ملوث پولیس افسررنگے ہاتھوں پکڑا گیا، ویڈیو منظرعام پر

    چائنا کٹنگ میں ملوث پولیس افسررنگے ہاتھوں پکڑا گیا، ویڈیو منظرعام پر

    کراچی : شہر قائد میں چائنا کٹنگ میں پولیس کے ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے، اےآروائی نیوز پولیس افسر کے اعتراف کی وڈیو منظرعام پر لےآیا، صوبائی وزیر داخلہ سہیل انورسیال نے نوٹس لے کر رپورٹ طلب کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں چائنہ کٹنگ کی بہتی گنگا میں پولیس افسر نے بھی ہاتھ صاف کیے، قانون کے رکھوالے نے دو نمبر پلاٹوں کی لین دین میں جیبیں گرم کرنے اعتراف کرلیا۔

    سندھ پولیس کی کالی بھیڑ پولیس افسر اکبر شرجو لینڈ مافیا کا سہولت کار بھی ہے، گلستان جوہر میں تعینات اس پولیس افسر اکبر شر نے عوام کو چونا لگادیا، رشوت لینے کی اعترافی وڈیو اے آر وائی نیوز نے حاصل کرلی۔

    سپریم کورٹ کے حکم پر شہرقائد میں چائنہ کٹنگ کے خلاف آپریشن ہوا تو پولیس افسر کو لینے کے دینے پڑ گئے، پولیس کو پیسے دینے والے کا گھر مسمار ہوا تو وہ اکبر شر کے گلے پڑ گیا۔

    پولیس افسر معاملہ رفع دفع کرانے متاثرہ فریق کے پاس جرگہ لے کر پہنچ گیا، پولیس والا جان چھڑانے کیلئے منت سماجت پراتر آیا، بچوں کا واسطہ دیا۔


    مزید پڑھیں: میئر کراچی کو اختیارات دے کر چائنا کٹنگ کا رواج زندہ نہیں کرسکتے، وزیراعلیٰ


    اس کا کہنا تھا کہ ہاتھ جوڑتا ہوں، پاؤں پکڑتا ہوں، ایک لاکھ روپے لے لو میری جان چھوڑدو، اے آر وائی نیوز کی خبر پر صوبائی وزیر داخلہ سہیل انورسیال نے فوری ایکشن لیتے ہوئے واقعے کی تفتیش کا حکم دے دیا، انہوں نے کہا کہ چائنا کٹنگ میں ملوث اہلکار کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔

  • چائنا سے زیادہ رشیئن اور امریکن کٹنگ ہوئی، فاروق ستار نے نیا پنڈورا بکس کھول دیا

    چائنا سے زیادہ رشیئن اور امریکن کٹنگ ہوئی، فاروق ستار نے نیا پنڈورا بکس کھول دیا

    کراچی : سربراہ ایم کیوایم پاکستان فاروق ستار نے کہا ہے کہ شہر قائد میں 10 سے 15 فیصد چائنا کٹنگ پر آخر کب تک واویلا کیا جاتا رہے گا اور 85 فیصد رشیئن اور امریکن کٹنگ سے صرفِ نظر کیا جاتا رہے.

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر ڈاکٹر فاروق ستار نے چائنا کٹنگ سے متاثر ہونے والے افراد کو سرکار کی جانب سے متبادل جگہ فراہم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے بروز ہفتے کو کراچی میں عمارتیں اور شادی ہالز گرانے کے خلاف مظاہرے کا اعلان بھی کیا.

    ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ اوکھائی میمن کمیونیٹی ہال کو محض اس وجہ سے گرا دیا گیا کیوں کہ وہاں کی میمن برادری ایم کیو ایم کو سپورٹ کر رہی تھی اسی طرح صرف مخصوص علاقوں میں کارروائی ہو رہی ہے جس سے تاثر آرہا ہے کہ کارروائی کسی ایک قوم یا کمیونیٹی کے خلاف ہے.

    انہوں نے مزید کہا کہ شہر کی 85 فیصد زمین کی بندربانٹ گوٹھ آباد اسکیم کے نام پرہوئی ہے جس میں صوبے کی حکمراں جماعت سمیت مختلف سیاسی جماعتیں اور رہنما ملوث ہیں لیکن ان کو گرانے کے بجائے التا وزارت کچی آبادی کے تحت لیز کردیا جاتا ہے.

    سربراہ ایم کیو ایم فاروق ستار کے اس بیان نے نیا پنڈوراباکس کھول دیا اور کراچی میں چائنا کٹنگ کے بعد اب پہلی مرتبہ امریکن اوررشین کٹنگ کا انکشاف سامنے آیا جس کے حوالے سے اے آر وائی نیوز کے رپورٹر رافع حسین نے بنیادی معلومات حاصل کرلی ہیں.

    اے آر وائی کے نمائندے رافع حسین کا کہنا تھا شفٹنگ کے نام پر پارک، اسکول اور پبلک پراپرٹی پرقبضہ کرنے کا نام رشین کٹنگ ہے اسی طرح گوٹھ کے نام پر 4 ایکڑ کو 40 ایکڑ اور 100 گز کے پلاٹ کو ہزار گز کا پلاٹ دکھانا امریکن کٹنگ ہے.

    اسی طرح گوٹھوں کے نام پرانڈسٹریل ایریا کی زمین پر قبضے میں سندھ کچی آبادی ملوث ہے اس حوالے سے اعلیٰ حکام کا کہنا ہے کہ محکمہ سندھ کچی آبادی ریونیو کی زمین پر قبضے میں بھی ملوث ہے جب کہ امریکن اور رشین کٹنگ کے نام پر رمضان گوٹھ اور ملاعیسیٰ گوٹھ بسائے گئے.

    ذرائع کے مطابق گلستان جوہر، گلشن اقبال ریلوے سوسائٹی، نارتھ ناظم آباد، کٹی پہاڑی، سرجانی، کورنگی سیکٹر فائیوڈی، لانڈھی، کے ڈی اے آفیسرز اسکیم فیزبی کے علاوہ تھارومینگل گوٹھ ، نور محمد گوٹھ، اللہ رکھی گوٹھ، رب نوازگوٹھ ، رحیم گوٹھ، سیف المری، مومن گوٹھ اور اجمیر گوٹھ قبضہ کر کے بسائے گئے ہیں اور یہ سب گوٹھ آباد اسکیم کے نام پر کیا گیا ہے.

  • عامر خان کے الزامات بے بنیاد ہیں، ترجمان متحدہ، عوام کی خاطر خاموش ہوں، بابر غوری

    عامر خان کے الزامات بے بنیاد ہیں، ترجمان متحدہ، عوام کی خاطر خاموش ہوں، بابر غوری

    کراچی: ایم کیو ایم کے رہنما مصطفیٰ عزیز آبادی نے عامر خان کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ عامر خان کی وجہ سے ہزاروں کارکنان شہید اور جلاوطن ہوئے جبکہ سابق سینیٹر بابر غوری نے عامر خان کی جانب سے لگائے گئے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کی خاطر خاموش ہوں ورنہ بولنے کے لیے بہت کچھ ہے۔

    مصطفیٰ عزیزآبادی نے اے آر وائی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہم آج بھی تلخی نہیں چاہتے، عامر خان کی جانب سے بے بنیاد اور گھٹیا الزامات لگائے گئے جس کی سختی سے تردید اور مذمت کرتے ہیں‘‘۔

    مصطفیٰ عزیزآبادی نے کہا کہ ’’عامر خان نے ماضی میں حقیقی بنائی جس کی وجہ سے ہزاروں کارکنان شہید ہوئے اور سینکڑوں کو جلا وطنی میں جانا پڑا، عامر خان جھوٹے الزامات لگا کر کارکنان کو ورغلانے کی ناکام کوشش کررہے ہیں‘‘۔

    بابرغوری نے چائنا کٹنگ کے حوالے سے عامرخان  کی جانب سے لگائے جانے والے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی کے عوام کےخاطرخاموش ہوں، الزامات درالزامات کی سیاست کوبندہوناچاہئے۔

    بابر غوری نے کہا وہ  بھی بہت کچھ بتاسکتے ہیں لیکن لڑائی نہیں چاہتے، سابق سینیٹر نے کہا کہ اگر وہ اتنے ہی برے ہیں تو ایم کیو ایم پاکستان  کا میئر ان سے امریکا میں کیوں ملاقات کرتاہے۔ انہوں نے ایم کیوایم پاکستان کے رہنماء کو مشورہ دیا کہ الزامات لگانےکےبجائےعوام کےمسائل کوحل کرنے پر توجہ دیں۔

    ایم کیو ایم پاکستان کے تحت نشتر پارک جلسے میں عامر خان کی جانب سے بابر غوری پر الزام عائد کیا گیا تھا کہ وہ چائنا کٹنگ سمیت دیگر معاملات میں ملوث تھے اور کٹھن حالات میں ملک سے فرار ہوگئے، جبکہ ایم کیو ایم لندن کے رہنما کارکنوں کو گرفتاری کی ہدایت کرتے ہیں اور خود مزے سے لندن میں بیٹھے ہوئے ہیں۔

  • واٹر بورڈ کا پانی کی چوری روکنے کے لیے اینٹی اینکروچمنٹ سیل کا مطالبہ

    واٹر بورڈ کا پانی کی چوری روکنے کے لیے اینٹی اینکروچمنٹ سیل کا مطالبہ

    کراچی: ملک کے سب سے بڑے شہر میں قبضہ مافیا سے جان چھڑانے کے لیے واٹر بورڈ نے بھی کمر کس لی ہے اور پہلی بار واٹر بورڈ نے اپنی زمینوں پر قبضہ چھڑانے، مستقبل میں چائنا کٹنگ سے بچنے اور پانی کی چوری روکنے کے لیے پولیس اسٹیشن اور اینٹی اینکروچمنٹ سیل کا مطالبہ کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق واٹر بورڈ نے پانی کی چوری روکنے کے لیے پولیس اسٹیشن اور اینٹی اینکروچمنٹ سیل کا مطالبہ کردیا جبکہ لوکل گورنمنٹ نے اس منصوبے کی منظوری دے دی ہے اور اب یہ سمری حتمی منظوری کے لیے وزیر اعلیٰ کے پاس بھیج دی گئی ہے اور سمری منظور ہوتے ہی شہر قائد میں واٹر بورڈ کو اپنا پولیس اسٹیشن اور اینٹی اینکروچمنٹ سیل مل جائے گا۔

    ذرائع کے مطابق اس وقت شہر قائد میں واٹر بورڈ کی کروڑوں روپے کی زمین قبضہ مافیا کے پاس ہےل، واٹر بورڈ نے اپنی زمینوں پر سے نہ صرف قبضہ چھڑانے بلکہ مستبقل میں چائنا کٹنگ سے بچنے اور شہر قائد میں پانی کی چوری روکنے کے لیے حکمت عملی مکمل کرلی ہے۔

    ذرائع کے مطابق پولیس واٹر بورڈ کی حساس تنصیبات کی حفاظت کے ساتھ ساتھ شہر میں پانی سپلائی کرنے والے جگہوں کی بھی حفاظت کرے گی۔ ماضی میں شہر میں پانی کی سپلائی متاثر کرکے کئی بار امن وامان کی صورت حال کو خراب کیا گیا ہے۔

    لیٹر کے مطابق کے الیکٹرک، کے ایم سی، ریلوے کی طرح واٹر بورڈ کو بھی پولیس فورس دی جائے تو ادارہ اپنی کارکردگی میں مزید بہتری لا سکتا ہے۔

  • چائنا کٹنگ کنگ سعید بھرم کابھائی عارفین بھی گرفتار

    چائنا کٹنگ کنگ سعید بھرم کابھائی عارفین بھی گرفتار

    کراچی : سیاسی جماعت کے عسکری ونگ کے کمانڈرسعید عرف بھرم کے بھائی عارفین کو دبئی سے حراست میں لے لیا گیا۔

    ذرائع کے مطابق عارفین کراچی میں چائنہ کٹنگ اور زمینوں پر قبضے میں ملوث ہے، سعید بھرم کو انٹر پول کے ذریعے دبئی سے گزشتہ دنوں حراست میں لیا گیا تھا.

    زیر حراست ملزمان کی نشاندہی پر کراچی کے بھی مختلف علاقوں میں چھاپہ مار کارروائیاں کی گئی ہیں، ذرائع کے مطابق ٹارگٹڈ کارروائیوں میں سیاسی جماعت کے مزید سات کارکنوں کو حراست میں لے لیا گیا ہے.

    واضح رہے کہ سعید بھرم کراچی میں چائنہ کٹنگ کا اہم ملزم ہے جس پر بم دھماکوں، ٹارگٹ کلنگ ، اغوا برائے تاوان، قتل ، اقدام قتل سمیت سنگین جرائم میں ملوث ہونے کا بھی الزام ہے .

    ملزم کراچی آپریشن شروع ہونے کے بعد ملک سے فرار ہوگیا تھا.